Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from Hong Kong.
حضروشہر گردواروں،مندروں،تاریخی عمارات اورجدید شاپنگ مالزکا شہر؛ ایک معلوماتی تحریر ( ماخوذ)
حضروشہر گردواروں،مندروں،تاریخی عمارات اورجدید شاپنگ مالزکا شہر‘تاریخ کے مطالعے سے پتہ چلتا ہے کہ 326 قبل از مسیح جب سکندر اعظم نے دریائے سندھ کو عبور کیا تو اس نے اس جگہ کو دیکھا جہاں پہلے گزرے ہوئے لشکروں کے قدموں کی چھاپ تھی تو اس نے اس علاقہ کو چھچھ کا نام دیا چھچھ یونانی زبان کا لفظ ہے جسکا معنی نامعلوم جگہ کے ہیں ، 1008 میں سلطان محمو غزنوی اور ہندو راجہ آنند پال کے درمیان جنگ چھچھ کے میدانوں میں لڑی گئی ،اس جنگ نے ہندوستان کی قسمت کا فیصلہ کرنا تھا، 1205 میں اس مقام پہ شہاد الدین غوری اور گکھڑوں کے درمیاں جنگ ہوئی ۔تیرویں صدی میں محمود غزنوی اور افغان بادشاہوں کے حملے اس علاقے پہ جاری رہے چودہویں صدی میں مغل آگئے 1519 میں بابر چنیوٹ خوشاب بھیرہ اور دریائے سوان کو عبور کرتے ہوئے یہاں پہنچا اور یہاں قیام کے بعد سیالکوٹ چلا گیا، حضرو شہر کی بنیاد سلطان محمود غزنوی کے ایک سالار حضر خان نے رکھی جسکی وجہ سے اسکا نام حضرو پڑ گیا اور یوں یہ علاقہ چھچھ کا اہم بڑا شہر اور تجارتی مرکز بن گیا، حضرو شہر کے گرد فصیل تھی اور 9 گیٹ تھے جن میں سے 4 گیٹ ختم ہو گئے ہیں جبکہ پانچ دروازے ابھی باقی ہیں جو سرے شام ہی بند کر دئیے جاتے۔ 1880 میں مقامی زمینداروں کے اجتجاج کے بعد دروازے بند کرنا چھوڑ دئیے گئے جو دروازے ابھی باقی ہیں انکے پرانے نام ڈھکی دروازہ، کشمیری دروازہ، بالم چند دروازہ، بابو دیوان دروازہ اور قیوم خان دروازہ شامل ہیں ،اب ان دروازوں کے نام خلفائے راشدین کے نام پہ رکھ دئیے گئے ۔شہر کے اندر ہندو اور سکھ تاجر کاروبار پہ چھائے ہوئے تھے اور شہر کا تمام کاروبار انکے ہاتھ میں تھا ،یہاں ہندوں اور سکھوں کی بہت اسی تاریخی عمارات اور مندر اس وقت بھی موجود ہیں جن میں ہندوں کی بالمیک قوم کا ہری مندر ہندو کی شودر قوم کا شیوا مندر شامل ہیں ،سکھ گردوارے کو مسلمانوں نے گرا دیا ہے اسکے علاوہ ہندوں سیٹھوں کی ماڑیاں بھی ہیں ۔حضرو برطانوی ادوار میں ضلع راولپنڈی کی اہم تحصیل ہوا کرتا تھا ،2004 میں عوام کے دیرینہ مطالبے پر اسکی حثیت دوبارہ بحال کر دی گئی ۔حضرو تھانے کا قیام 1905 میں عمل میں آیا اسکے علاوہ حضرو کھوسہ، زری چپل سرخ نسوار اور سفید تمباکو کی منڈی کی وجہ سے بہت مشہور تھا، حضرو کو منی یورپ بھی کہا جاتا ہے ‘یہاں کے ہر گھر کا فرد یورپ،امریکہ اور ہانگ کانگ میں روزگار کے حصول کے لیے موجود ہے ،یہ ایک امیر اور پر امن علاقہ ہے ۔ہندکو یہاں کی علاقائی زبان ہے حضرو کا کٹوہ گوشت یہاں کی خاص سوغات ہے ،ضرورت اس امر کی ہے کہ گورنمنٹ اس علاقے کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرے اور یہاں کے تمام تاریخی ورثے کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کرے۔
حضروسٹی:شیراز خان نے اپنی پوری برادری ودوست احباب سمیت قاضی احمد اکبر کی حمائیت کا اعلان کر دیا
شیراز خان نے اپنی پوری برادری ودوست احباب سمیت قاضی احمد اکبر کی حمائیت کا اعلان کر دیا ،حلقہ پی پی16میں قاضی احمد اکبرکی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ گزشتہ 10دنوں میں ساتواں بڑا شمولیتی پروگرام ،لوگ جوق در جوق پی ٹی آئی میں شامل ہونے لگے ۔تفصیلات کے مطابق ضلعی جوائنٹ سیکر ٹری پی ٹی آئی محمد علی خان اور ضلعی ترجمان عمران خان حضروی کی کاوشوں سے حضرو کی پٹھان برادری کے چشم وچراغ شیراز خان ولد شینا خان اپنے پوری برادری اور دوست احباب سمیت قاضی احمد اکبر کی بھرپور حمائیت کا اعلان کر دیا ،ڈھکی روڈٖ حضرو پر شمولیتی پروگرام کی ایک شاندار منعقد ہوئی ،اس موقع پر معروف بزرگ سماجی شخصیت عبد الحمید خان ،طارق افضل خان ،پاکستان تحریک انصاف تحصیل حضروکے عہدیداران صدر حاجی اشفاق خان ،جنر ل سیکر ٹری جاوید اقبال ،سابق صدر پی ٹی آئی جہانزیب خان ،نائب صدر رفاقت اعوان ،نور خان ،معاویہ ،مسعود میر ،سٹی صدر پرویز بابو ،ذولفقار ذلفی،زمان خان،سید اکبر عرف اپی سیٹھ کے علاوہ عمرفراز خان ،گل رحمن اخوندخیل ،گل خان گلو ،محمد بلال ،عمر نوا ز،سہیل ،طیب میر ،فرحان احمد ،محمد نوید ،علی میر اسلم چاچا ،احسن عمر اور رضوان سمیت اہلیان حضرو نکی کثیر تعداد بھی موجود تھی ،ضلعی صدر قاضی احمد اکبر نے اپنے خطا ب میں کہا کہ لیڈر بننے کیلئے کانٹوں کی راہ اختیار کر نی پڑتی ہے ،2013کے الیکشن میں ہارنے کے باوجود دوسرے دن سے ہی حلقہ میں نکل پڑا تھا حالانکہ میرے مقابل الیکشن لڑنے والے دوربین میں بھی عوام کو نظر نہیں آئے ،اللہ کے فضل وکرم سے گزشتہ10دنوں میں ساتواں بڑا شمولیتی پروگرام میں شرکت کر رہا ہوں لوگ دھڑا دھڑ پی ٹی آئی میں شمولیت سے صاف عیاں ہے کہ آنیوالا دور پاکستان تحریک انصاف کا ہے اور انشاء اللہ آنیوالے الیکشن میں پی ٹی آئی کے امیدوار بھاری مارجن سے الیکشن میں کامیابی حاصل کرینگے تقریب سے طارق افضل خان ،عمران خان نے بھی خطاب کیا ۔
اٹک سٹی:شریف برادران کی پالیسیوں سے ملک ترقی کی طرف گامزن ہے،سابقہ حکومتوں نے عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا؛ناصر محمود شیخ
شریف برادران کی پالیسیوں سے ملک ترقی کی طرف گامزن ہے،سابقہ حکومتوں نے عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا، 15 سال تک اقتدار میں رہنے کے باوجود نے کوئی کارنامہ سرانجام نہیں دیا،مسلم لیگ ن کی حکومت نے پاکستان کو ایٹمی حکومت بنایا اور پاکستان کو ایک خوشحال معاشی ملک بنا رہے ہیں،وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے ڈھوک گاماں میں سالار چوک سے ڈھوک گاماں تک لاکھوں روپے کی مالیت سے تعمیر ہونے والی سڑک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،تقریب سے چیئرمین بلدیہ اٹک ناصر محمود شیخ ،سابق ناظم یوسی سرگ سالار سردار وحید خان، ملک سہیل نے بھی خطاب کیا اس موقع پرامید وار صوبائی اسمبلی شیخ سلمان سرور، سینیئر نائب صدر مسلم لیگ ن ضلع اٹک محمد سلیم شہزاد،کونسلر محمد طارق،انچارج سوشل میڈیا مسلم لیگ ن ڈاکٹر میاں راشدمشتاق بھی موجود تھے،شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ ہم نے جو وعدے عوام سے کئے وہ پورے کر رہے ہیں،2013کے الیکشن میں عوام سے ہم نے وعدہ کیا تھا کہ اٹک اور حضروکو اسلام آباد کی طرح بنائیں گے اور دیہاتوں کو اٹک شہر کی طرح سہولیات فراہم کرینگے،ہم نے یہ وعدہ پورا کر دیا ہے ،این اے 57میں کو گاؤں نہیں جہاں سوئی گیس فراہم نہیں کی،اس کے علاوہ فتح جنگ کے دیہاتوں کو بھی گیس فراہم کی جارہی ہے،حسن ابدال کے 27دیہاتوں کو سوئی گیس کی فراہمی کے لئے کروڑوں روپے کی رقم فراہم کر دی گئی ہے،ساڑھے چار سالہ دور میں عوام کے دیرینہ مسائل حل ہوئے،کئی دفعہ بیرون ملک جانے کاموقع فراہم ہوا لیکن بیرون ملک جانے کے بجائے عوام کے مسائل حل کرنے کو ترجیح دی،وزیراعلی پنجاب کی انتھک محنتوں سے پنجاب میں ہر شعبے میں عوام کو ریلیف مل رہا ہے،نواز شریف ایک نظریہ اور عوام کے دلوں کی دھڑکن ہے،ملک کو ایٹمی قوت بنایا اب معاشی طور پر مضبوط بنا رہے ہیں مسلم لیگ ن کی حکومت نے گزشتہ ساڑھے چار سالوں میں پاکستان کی ترقی خوشحالی کیلئے انتھک محنت کی سابق وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں تونائی کے بحران کے خاتمہ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات بار آور ثابت ہوئے 10ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں آئی بڑے برے منصوبے مکمل ہوئے عوامی سہولت کیلئے موٹر وے میٹرو بس شروع کی،سابقہ حکومت نے عوام کو ئی ریلیف نہیں دیا 15سال عوام کو سبز باغ دکھائے گئے ہم نے جو وعدے کئے ہیں وہ پورے کئے ہیں۔
گاؤں بہبودی:دنیا آخرت کی کھیتی ہے جو اس دنیا میں آیا اُس نے ایک دن اللہ کے ہاں ضرور واپس جانا ہے ؛مولانا مسرورنواز جھنگوی
دنیا آخرت کی کھیتی ہے جو اس دنیا میں آیا اُس نے ایک دن اللہ کے ہاں ضرور واپس جانا ہے ‘ہمیں اس دنیا میں اس طریقے سے رہنا چاہیے کہ اللہ رب العز ت اور نبی ؐ ہم سے راضی ہوں اور اخروی زندگی میں کامیابی مل سکے ۔قرآن اور سنت کے مطابق اپنی زندگیاں گزاریں تاکہ قبر اور آخرت میں سرخرو ہو سکیں ،خدمت خلق عبادت ہے ہمیں اللہ کے احکامات اور پیارے نبی ؐ کے مبارک طریقوں کو سامنے رکھتے ہو ئے حقوق العباد خدمت خلق اور رجوع الی اللہ اور استغفار کثرت سے کرنی چاہیے تاکہ مرنے کے بعد کامیابی مل سکے ۔ان خیالات کا اظہار جے یو آئی کے رکن پنجاب اسمبلی مولانا مسرور نواز جھنگوی نے امیر جے یو آئی پنجاب ڈاکٹر قاری عتیق الرحمن کی والدہ محترمہ کے انتقال پر اُن سے اظہار تعزیت اور دعائے مغفرت کی اور بعد ازاں بہبودی گاؤں میں قاری اویس کے والد محترم کی وفات پر اظہار تعزیت کے مواقعوں پر مسجد میں عوام اور کارکنان کے کثیر تعداد میں اکٹھے ہونے پر جو اجتماع کی صورت اختیار کر گیا تھا‘ سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔انہوں نے حضرو دورے کے دوران جامعہ عربیہ اشاعت القرآن حضرو میں شیخ الحدیث مولانا قاری چن محمد ،مولانا محمد رضوان، مولانا عبدالرحمن اوردیگر علماء سے ملاقات کی اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اُن کے ہمراہ قاضی محمد عمران ، مولانا عبدالخالق رحمانی، مولانا قاری انور شاکر، شیخ عابد بھی موجود تھے۔
تحصیل حضروکے گاؤں شمس آباد میں کمرے کی گیس لیکج سے دولہادلہن بیہوش ‘دلہن ہسپتال جاتے ہوئے جاں بحق
تحصیل حضروکے گاؤں شمس آباد میں کمرے کی گیس لیکج سے دولہادلہن بیہوش ‘دلہن ہسپتال جاتے ہوئے جاں بحق ‘دولہے کی حالت تشویشناک ،دولہا دلہن کی شادی سات روز پہلے ہوئی تھی ،علاقہ چھچھ میں رات کو گیس پریشرکمی کے باعث ہیٹرکا سوئچ کھلا رہ گیا‘گیس پریشر بڑھنے سے کمرے میں گیس بھر گئی۔
گاؤں فورملی:سابق نائب ناظم فورملی زیب عالم خان اپنے دوستوں اور گروپ سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے
سابق نائب ناظم فورملی زیب عالم خان اپنے دوستوں اور گروپ سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے،اعلان زیب عالم خان نے اپنے ڈیرہ پر ایک تقریب میں کیا جس میں مرکزی رہنما تحریک انصاف ملک امین اسلم خان اور ضلعی صدر تحریک انصاف قاضی احمد اکبر خان بھی موجود تھے ۔تقریب سے خطاب میں ملک امین اسلم نے کہا کہ پورے ملک میں تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے اور پوری قوم عمران خان کے شانہ بشانہ کرپشن کے خاتمہ اور حقیقی تبدیلی کے لیے قدم سے قدم ملا کر چل رہی ہے ،ضلع اٹک میں بھی مسلم لیگ (ن) ، پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں کی شخصیات آئے روز ہمارے ساتھ شامل ہو رہی ہیں ،اس وقت تحریک انصاف ضلع اٹک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن چکی ہے اور آنے والے الیکشن میں ضلع اٹک سے تاریخی کامیابی حاصل کریں گے ضلعی صدر قاضی احمد اکبر نے کہا کہ زیب عالم خان اور ان کے دوستوں کا پی ٹی آئی میں شمولیت سے جماعت کو تقویت ملے گی اور علاقہ چھچھ میں پی ٹی آئی کی افرادی قوت میں جہاں اضافہ ہو گا یونین کونسل فورملی میں پی ٹی آئی کامیابی حاصل کر ے گی تقریب میں تحریک انصاف کے رہنما فاضل خان وردگ ، عمران خان حضروی، اشفاق خان اور دیگر بھی موجود تھے ۔
حضروسٹی:حضرو شہرکی تعمیر وترقی اور اس کی خوبصورتی کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے ؛ حاجی محمد سعید آرائیں
چیئر مین بلدیہ حضرو حاجی محمد سعید آرائیں نے کہا ہے کہ حضرو شہرکی تعمیر وترقی اور اس کی خوبصورتی کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے ، شہر کے تمام بڑے نالوں کی صفائی کا ہنگامی بنیادوں پرکام شروع کروا رہے ہیں جبکہ حضرو شہر کے باسیوں کیلئے تین عدد فلنٹریشن پلانٹس بھی لگائے جائیں گے ،جس سے شہریوں کو پینے کا صاف پانی میسر آئیگا ،ان خیالات کا اظہارانہوں نے معروف سینئر صحافی حفیظ میر سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ حضرو کے تمام وارڈوں میں خستہ حال گلیوں ونالیوں کو بھی جلد پختہ کر نے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ،اس کے علاوہ واٹر سپلائی کے نظام کو بہتر کر نے کیلئے جہاں سے جہاں سے پائپ لائین کی لیکج یا پائپ خستہ حال ہوچکے ہیں ان کی مرمت بھی کی جائیگی ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ نے حضرو شہر کیلئے 5کروڑ کی گرانٹ منظور کی ہے جس پر ان کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں تا اہم فنڈزکی تمام وارڈوں میں مساویانہ تقسیم ہونی چایئے اس موقع پر چیئر مین اتحاد گروپ نزاکت خان ،ممبر ضلع کونسل اٹک ملک انصار ،جنر ل کونسلر حاجی احسان خان ،حاجی اور نگزیب خان ،نزاکت حسین،سہراب خانزادہ ودیگر بھی موجود تھے ،چیئر مین سعید آرائیں نے کہا کہ حضرو کی عوام کی بے لوث خدمت میری زندگی کا مشن ہے ،صاف گو انسان ہوں ،منافقت اور جھوٹ سے سخت نفرت ہے ہمیشہ سچی اور کھری بات کرنے کا عادی ہوں ،اللہ تعالیٰ نے جو عزت بخشی ہے اس پر مالک کائنات کا شکر گزار ہوں۔
فقیر آباد (لارنس پور)میں لگنے والی آگ کوریڈیو سٹیشن کے عملے نے خود گھا س کو ختم کر نے کے لئے خود لگائی تھی؛ میاں محمد اشفاق
فقیر آباد (لارنس پور)ریڈیو پاکستان پر لگنے والی آگ جس پر کئی گھنٹوں بعد قابو پا یا جا سکا، یہ آگ ریڈیو سٹیشن کے عملے نے سینکڑوں کنال پر پھیلی ہو ئی خو د رو گھا س کو ختم کر نے کے لئے خود لگائی تھی جس نے ریڈیو سٹیشن کے بہت بڑے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔یہ بات ایمر جنسی آفیسر 1122ڈاکٹر میاں محمداشفاق نے بتائی ،انہوں نے کہا کہ آگ کی شدت اور اس کے شعلے آسمانوں سے بات کر رہے تھے اس سلسلے میں ریسکیو 1122کے تمام مراکز کے علاوہ حضرو ، اٹک اور دیگر علاقوں سے ریسکیو اور فا ئر بریگیڈ کے عملے کو آگ بجھا نے کے لئے بلا نا پڑا تا ہم آگ کے شعلوں سے ریڈیو سٹیشن کی عمار ت کو بچا نے کے لئے ریسکیو 1122کے عملے نے اپنی جا نیں خطرے میں ڈال کر بہت تک و دو کے بعد عمارت کو آگ سے محفوظ کیا ۔
حضروسٹی:قومی اسمبلی اور سینٹ سے منظوری کے بعد اٹک کے قومی اسمبلی کے تین حلقوں کو کم کر کے دو کر دیا گیا ہے؛رپورٹ
قومی اسمبلی اور سینٹ سے منظوری کے بعد اٹک کے قومی اسمبلی کے تین حلقوں کو کم کر کے دو کر دیا گیا ہے ۔تحصیل فتح جنگ ، حسن ابدال ، کنٹونمنٹ بور ڈ سنجوا ل کینٹ اور اٹک تحصیل کی یو نین کونسلوں اکھوڑی، گو لڑہ اور بو لیانوال پر مشتمل حلقہ این اے 59جہاں سے ممبر کو ر کمیٹی تحریک انصاف سابق ضلع ناظم میجر طا ہر صادق کے صاحبزادے محمد زین الٰہی 2013ء کے عام انتخابات میں اپنے حریف سابق وفا قی وزیر داخلہ چو ہدری نثار علی خان کے بہنو ئی امیدوار مسلم لیگ (ن) آصف علی ملک ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کو شکست دے کرآزاد حیثیت میں کا میاب ہو ئے تھے ،تیسرے نمبر پر تحریک انصاف کے امیدوار سردار محمد علی خان آف شا ہراہ سعد اللہ جو 2002ء میں رکن پنجاب اسمبلی تھے چو تھے نمبر پروفا قی وزیر داخلہ چو ہدری نثار علی خان کی بھا نجی کے شو ہر ڈویژنل صدر پی پی پی سلیم حیدر تھے جو 2008ء میں اس حلقہ سے ایم این اے منتخب ہو کر وزیر مملکت کے عہدے پر فا ئز ہو ئے اس طر ح محمد زین الٰہی نے ایک ہی خاندان کے مختلف جماعتو ں سے تعلق رکھنے والے ا فراد کو شکست سے دور چار کیا 2002میں پہلی مر تبہ اس حلقہ سے چیئر پرسن ضلع کو نسل ایمان طاہر مسلم لیگ (ق) کے ٹکٹ پر منتخب ہو ئیں بعد ازاں 2004میں انہوں نے اپنی نشست سے استعفیٰ دیا اور ضمنی انتخاب میں شو کت عزیز منتخب ہو ئے جو اسکے علاوہ تھر پار کر سے بھی ایم این اے بنے تاہم انہوں نے تھر پار کر کی نشست سے استعفیٰ دے کر حلقہ 59بر قرار رکھا اور حکو مت ختم ہو نے تک وزیر اعظم کے عہدے پر فا ئز رہے یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس حلقہ سے پہلی ایم این اے ایما ن طاہر اور آخری ایم این اے محمد زین الٰہی ہیں یہ پا کستان کی پا ر لیمانی تاریخ میں ریکارڈ ہے حلقوں کے رد و بدل اور پنجاب اسمبلی میں نو نشستیں کم ہو نے پر اٹک کے با قی دونوں حلقوں کے نمبر بھی تبدیل ہو گئے ہیں حلقہ این اے 57اب حلقہ 62جبکہ حلقہ 58اب این اے 63کہلا ئے گا اس طرح آئین پاکستان کی دفعہ 62,63 جس کا روزا نہ ذکر کیا جا تا ہے اور سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کو بھی اسی دفعہ 62,63کے تحت نا اہل کیا گیا یہ دونوں حلقے بھی حسن اتفاق ہے کہ اٹک کے حصے میں آئیں ہیں 12اکتو بر 1999کے جمہوریت پر شب خون کے بعد محمد نواز شریف کو وزیر اعظم کے عہدے سے معزول کر کے اٹک قلعہ اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو معزول کر کے اٹک جیل رکھا گیا ۔
اٹک سٹی: ڈھوک فتح اور اس کے ملحقہ علاقوں میں سوئی گیس کے پریشر میں کمی کے سبب اہل علاقہ نے اٹک فتح جنگ روڈ بلاک کردی
اٹک فتح جنگ روڈ پر واقع ڈھوک فتح اور اس کے ملحقہ علاقوں میں کافی عرصہ سے سوئی گیس کے پریشر میں کمی کے سبب اہل علاقہ نے اٹک فتح جنگ روڈ بلاک کردی ۔اس موقع پر احتجاجی مظا ہرین نے محکمہ سوئی نادرن گیس پا ئپ لا ئن لمیٹیڈ کے خلاف شدید نعرہ بازی کی اور کہا کہ مختلف علاقوں میں گیس کا پریشرکم ہونا معمول بن گیاعوام کو شدید سردی کے موسم میں مہنگی داموں لکڑیاں جلانے پر مجبور کیا جا رہا ہے اس اطلاع پر ڈی پی او اٹک عبا دت نثار نے فور ی طورپر اے ایس پی آصف بہادر ، ایس ایچ او تھا نہ سٹی اٹک سید مظہر حسین پولیس کی بھاری نفری لے کر موقع پر پہنچ گئے اس دوران امیدوار پنجاب اسمبلی حاجی محمد اکرم خان بھی آگئے ان کی کا وشوں سے احتجاجی مظاہرین نے احتجاج 26دسمبر تک کے لئے مؤ خر کر دیاگیا ہے کہ اس دوران محکمہ گیس علاقے میں گیس کے پریشر کو بحال کرے اس سلسلے میں سات رکنی کمیٹی بنا ئی گئی جس میں سابق کونسلر عبدالجبار ، امیدوار کونسلر ابرار اعوان ، محبوب الٰہی، محمد ریاض بھٹی ، شعیب ، نفیس ممبر ،ثقلین رضا شامل ہیں احتجاجی مظاہرین نے کہا کہ اگر گیس کا پریشر بحال نہ ہوا تو 26دسمبر کو صبح نو بجے امیدوار پنجاب اسمبلی حاجی محمد اکرم خان کی قیادت میں سر ور چوک سے احتجاجی ریلی نکا لی جا ئے گی جو سو ئی گیس کے دفتر کے با ہر جا کر اپنا احتجاج ریکارڈ کر وائے گی ۔
ضلع اٹک:سو دے بازی کر تے تو آپریشن ، شہا دتیں اوروفا قی وزیر قانون کا استعفیٰ نہ ہوتا ؛ خادم حسین رضوی کی آبائی گاؤں آمد پرگفتگو
قا ئد تحریک لبیک یا ر سول اللہ خا دم حسین رضوی نے کہا ہے کہ سو دے بازی کر تے تو آپریشن ، شہا دتین ، وفا قی وزیر قانون کا استعفیٰ نہ ہوتا اور نہ ہی 7B,7Cشقیں بحال ہو تیں بک جا نے والے ہوتے تو ختم نبوت دھر نا فیض آباد کے موقع پر غیبی و روحانی امداد نازل ہو تی اور نہ ہی اسم محمد ؐ آسمان پر لکھا جاتا ان خیالات کا اظہارانہو ں نے اٹک کی تحصیل پنڈی گھیب میں اپنے آبائی گاؤں نکہ کلاں میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے بڑے استقبالیہ سے خطاب کر تے ہوئے کیا اس موقع پر عاشقان رسول کی جانب ان کا آبائی علا قے میں آنے پر شاندار استقبال کیا گیاتقریب میں ضلع بھر سے علما ء کرام ، مشائخ عظام ، بڑے آستانوں کے سجادہ نشینوں کے علاوہ کثیر تعداد میں علاقے کے لوگوں نے شر کت کی اس موقع پر فضا ختم نبوت زندہ باد اور لبیک یارسول اللہ کے نعروں سے گونج اٹھی استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے علامہ خادم حسین رضوی نے کہا کہ ناموس رسالت سے بڑھ کر کچھ نہیں ہمارا جینا مرنا دین محمدی کے لیے ہے آج مجھے بہت خوشی ہے کہ میرے آبائی گاؤں کے جوانوں میں اتنا جوش بھرا ہے کہ وہ دین اسلام کے لیے اپنی گردنیں کٹوا سکتے ہیںآج یہ آواز پوری دنیا میں گونجے گی کہ جو نواز حکومت نے بویا وہ ہی کاٹاآج وہ ذلیل و خوار ہورہے ہیںآج کے بعد ایک ہی نعرہ ہوگا لبیک یارسول اللہ اور ختم نبوت زندہ باد مجھے پنڈی گھیب کے اس بیٹے پرجو ناموس رسالت کے لیے شہید ہوافخر ہے آج سے یہ عہد کرنا ہوگا کہ کسی بھی سیاسی پارٹی کو ووٹ نہیں دینا ووٹ صرف ختم نبوت کا ہو گااس کے علاوہ کسی کا بھی نہیں اس موقع پر انہوں نے شرکاء سے عہد لیا کہ پاکستان میں ایک ہی قانون ہوگا وہ محمد عربی کا قانون ہوگااس کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہوگا انہوں نے کہا کہ ختم نبوت مارچ و دھر نے سے قبل مسجد میں دعا کی تھی کہ اگر ذاتی مفاد یا دنیاوی مقصد کے لئے نکلے ہو ں تو یا اللہ ہمیں رستے ہی میں موت دے دینا قوم تحریک لبیک یارسول اللہ اور حکومت کے در میان معا ہدوں پر مکمل عمل در آمد تک مطمئن نہیں ہو گی تحریک لبیک یار سول اللہ نے ختم نبوت و نا مو س رسا لت پر حملہ نا کام بنا یاتو دین دشمن قوتوں ان کے اعلیٰ کاروں اور مخا لفین نے تہمتوں کا سلسلہ شروع کر دیا لیکن غلا ما ن رسول ؐ افواہوں اور نا جا ئز تہمتوں کی بجا ئے اپنے عزیم دینی مشن کی طرف توجہ تھے امریکی صدر ٹر مپ کا بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار د ینے کا اعلان اس سا زش کو بے نقا ب کر تا ہے جو اسرائیل کے حق میں تاہم اسے محمد عربی کے غلام انشاء اللہ کا میاب نہیں ہو نے دیں آئندہ عام انتخابات میں ووٹ کی پر چی رسول ؐ کے دین کی خا طر دینی ہو گی ۔
اٹک شہر کے گنجان آباد علاقہ اکبر یو سف زئی چوک مدینہ مسجد ،مدرسہ اشاعت الاسلام کے قریب گیس لیکج کے باعث زوردار دو دھماکے
اٹک شہر کے گنجان آباد علاقہ اکبر یو سف زئی چوک مدینہ مسجد ،مدرسہ اشاعت الاسلام کے قریب گیس لیکج کے باعث زوردار دو دھماکے پہلا دھماکا دن ایک بجے جبکہ دوسرا دھماکہ شام 4 بجے ہوا دھماکے سے علاقے کی بیشتر گلیاں ٹوٹ گئی، سوریج لائن کے لئے بناے گئے گٹر کے ڈھکن اڑ کر کئی فٹ دور جا گرے دھماکے سے کئی گھروں اور دوکانوں کی دیواروں اور شیشے ٹوٹ گئے علاقہ مکینوں کی طرف سے سوئی گیس عملے کو گیس لیکج کی اطلاع کی گئی تھی دھماکے کے بعد دوبارہ اطلاع دی گئی جس کے باوجود عملے کا فی دیر تک نہ پہنچ سکا علاقہ مکینوں کا عملہ کی عدم دلچسپی پر احتجاج پشاور پنڈی روڈ بلاک کر دی حکومت پولیس اور سوئی گیس انتظامیہ کے خلاف نعرہ بازی دو گھنٹے گزرنے کے باوجود حکومت کا کوئی نمائندہ موقع پر نہ پہنچ سکا سوئی گیس دھماکہ کی نوعیت کا پتہ چلا لیا گیادھماکہ سوئی گیس اہلکار کی غلط کھدائی کے باعث پیش آیادھماکہ سے سوئی گیس کا مزدور شدید زخمی ہوا زخمی کو فوری طورپر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، علاقہ کو دونوں اطراف سے رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیا گیا پولیس کی بھاری نفری بھی ایس ایچ او تھانہ سٹی کی مدعیت میں پہنچ گئی ریسکیو،فائر بریگیڈ اور بلدیہ کا عملہ بھی موقع پر پہنچ گیا پورے علاقہ میں خوف و ہراس موجود علاقہ مکین نقل مکانی کرنے پر مجبور، حادثہ سو ئی نا درن گیس پا ئپ لا ئن لمیٹیڈ اٹک کی نا اہلی کے سبب پیش آیا دھما کے سے راجہ صدیق والی گلی ، چھو ئی روڈ تک دراڑیں پڑ گئیں دھما کے سے شہر میں شدید خو ف وہرا س عوام کا جمع غفیر جمع ہو گیا چیئرمین بلدیہ اٹک ناصر محمود شیخ واقع کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئے صورت حال کا جا ئزہ لیا اور محکمہ سو ئی گیس اور بلدیہ حکام کو طلب کر کے موقع پر ہدا یات جاری کیں دھما کے نتیجہ میں محکمہ سوئی گیس کا اہلکار شدید زخمی ، زخمی کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال منتقل کر دیاگیا تفصیلات کے مطابق اٹک شہر کے محلہ جی بلاک ، محلہ اشاعت اسلام کے نا لہ میں گزشتہ چند روز سے گیس لیکج کی اطلاعات موصول ہو رہی تھی علاقہ مکینوں نے بار ہاسو ئی گیس حکام کو مطلع کیا کہ نا لے کے اندر سے گیس لیکج ہورہی ہے جس سے کسی بڑے حادثے کے خدشہ ہے نماز جمعہ کے وقت پہلا دھما کہ ہوا جس کے سبب نا لے کے تمام ڈھکن اکھڑ گئے اور کئی جگہوں سے ڈھکن دھما کے سبب دوسرے جگہ جا گرے جبکہ دوسرا دھما کہ شام کے وقت ہوا جب محکمہ سوئی گیس کے اہلکار کام کر رہے تھے دھما کے کے سبب روڈکے قریب نا لے میں دراڑپڑگئی اور نا لہ تبا ہ ہو گیا ہے ، سوریج لائن کے لئے بناے گئے گٹر کے ڈھکن اڑ کر کئی فٹ دور جا گرے دھماکے سے کئی گھروں اور دوکانوں کی دیواروں کو نقصان پہنچا بعض گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے ،قریب کی دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے گھروں میں دھما کے سبب دداڑیں پڑ گئی ہے علاقوں مکینوں نے احتجاج کر تے ہوئے کہا کہ ہم نے محکمہ سو ئی گیس اور اعلیٰ حکام کو با ر ہا مطلع کر نے کے باوجود نہ ہی وہ آئے اور نہ ہی ا س کے بارے میں کوئی لا ئحہ عمل طے کیا نقصا ن کے سبب مکینوں میں شدید غم و غصے کی لہر پا ئی ہے ، ایک دن میں دو دفعہ دھما کے سے اہل علاقہ شدید خوف و ہراس پا یا گیا ہے جبکہ محکمہ سوئی گیس کے ایک اہلکار بھی اس دھما کے میں شدید زخمی ہوا ہے جس کو فوری طورپر ریسکیو 1122کے عملے نے ڈسٹر کٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا ، مزید حادثہ سے بچنے کے لئے محکمہ سو ئی گیس کے عملہ نے پورے علاقے کی گیس بند کر دی تاکہ اس کا سد باب کیا جا سکے ۔
اٹک حاجی شاہ روڈپرٹریفک حادثہ ایک شخص جاں بحق 6 شدیدزخمی
اٹک حاجی شاہ روڈپرٹریفک حادثہ ایک شخص جاں بحق 6 شدیدزخمی ، حادثہ تیر رفتاری کے سبب موٹر سائیکل اور کار درمیان تصادم کے نتیجہ میں پیش آیا کارموٹرسائیکل سے ٹکرانے سے کے بعد سڑک سے ملحقہ نشیب میں جاگری .5زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال اٹک منتقل کردیاگیاجبکہ ایک زخمی کوتشویشناک حالت میں پشاورہسپتال منتقل کیاگیاہے ۔
اٹک سٹی:زمین و جائیداد سے متعلق عوام الناس کے مسائل کے حل کے لیے محکمہ مال کے دفاتر کے دوروازے کھلے ہیں؛ اکرام الحق
اے ڈی سی آر اٹک اکرام الحق نے کہا کہ زمین و جائیداد سے متعلق عوام الناس کے مسائل کے حل کے لیے محکمہ مال کے دفاتر کے دوروازے کھلے ہیں کسی بھی شکایت کی صورت میں ان سے رابطہ کی جاسکتا ہے فرد کے حصول یا رجسٹریشن کے صورت میں حکومت پنجاب کی جانب سے مقرر کردہ فیس سے زائد وصول کرنے والے محکمہ مال کے اہلکاروں کے خلاف ضابطہ کے تحت سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جائے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل گولڑہ میں محکمہ مال سے متعلق شکایات کی سماعت کے لیے منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا اے سی اٹک مرضیہ سلیم ، چیئرمین یونین کونسل گولڑہ ملک عزیز الرحمان ، نائب چیئرمین قاضی مجتبیٰ، تحصیلدار اٹک راجہ حمید اور محکمہ مال کے دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے اے ڈی سی آر اٹک اکرام الحق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات پر صوبہ پنجاب میں محکمہ مال کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے کا مقصد عوام کو اپنی جائیداد کے فردات اور دیگر کاغذات حاصل کرنے میں آسانی اور انہیں پٹواریوں کے دفاتر کے چکر لگانے سے نجات دلا نا ہے اے ڈی سی آر نے اس موقع پر محکمہ مال سے متعلق شکایات سنیں اور ان کے حل کے لیے موقع پر ہدایات جاری کیں یونین کونسل گولڑہ کے عوام نے موضع گولڑہ میں اے ڈی سی آر اٹک کی جانب سے کھلی کچہری کے انعقاد پر ضلعی انتظامیہ اٹک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے۔
اٹک سٹی:یواے ون ٹرئینگ آر ٹلر ی سنٹراٹک محمد شفیق کے والد ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر یم سی سکول عبدالطیف صدر اٹک کینٹ میں انتقال کرگئے
یواے ون ٹرئینگ آر ٹلر ی سنٹراٹک محمد شفیق کے والد ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر یم سی سکول عبدالطیف صدر اٹک کینٹ میں انتقال کرگئے، ان کی نماز جنازہ ڈھوک فتح میں ادا کی گئی ۔نماز جنازہ میں وائس چےئر مین بلدیہ اٹک ملک طاہر اعوان ،صدر پاکستان ملٹری اکاؤنٹس ایسو سی ایشن آبیٹ آبادمحمد آصف جدون خان ، اکاؤنٹس آفیسر عابد شاہ ، صدر ایسو سی ایشن اٹک محمد اسلم بھٹی ، نائب صدر ملک افتخار احمد ، جنرل سیکرٹری حاجی جاوید اخترکے علاوہ کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔
اٹک شہرمیں محلہ اعوان شریف جامع مسجدحزیفہ کے گر د ونواح میں گھروں کے چولھے ٹھنڈے پڑ گئے
اٹک شہرمیں محلہ اعوان شریف جامع مسجدحزیفہ کے گر د ونواح میں گھروں کے چولھے ٹھنڈے پڑ گئے، تفصیلات کے مطابق محلہ اعوان شریف مسجد حزیفہ کے گردونواح میں گیس کی بندش کیخلاف لوگوں کا احتجاج ،بچوں کے سکول جانے کے وقت سے لے کر رات گئے تک گیس غائب رہتی ہے کھانا پکانے میں شدید دشواری کا سامنا ہے لوگ پانچ سو روپے فی من لکڑی خریدنے پر مجبور ہیں جو کہ غریب لوگوں کی پہنچ سے باہرہے محلہ اعوان شریف میں اکثر لوگوں کے گھروں میں گیس کمپریسر لگے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے جامع مسجد حزیفہ کے گردونواح میں گیس کی سپلاء شدید متاثر ہو رہی ہے اہلیان محلہ کا ڈپٹی کمشنر اٹک سے مطالبہ ہے کہ گیس کمپریسر ختم کروا کے گیس کی سپلاء بحال کر وائی جائے۔
ڈھوک ابراھیم آباد(تحصیل حضرو) کی مختلف برادریوں کے لوگوں نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی
ڈھوک ابراھیم آباد (تحصیل حضرو)کی مختلف برادریوں کے لوگوں نے ملک امین اسلم اور قاضی احمد اکبر کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ،تفصیلات کے مطابق امجدخان اعوان گاؤں حمید کی کاوشوں سے گاؤں ملہو کی ڈھوک ابراہیم آباد کی مختلف برادریوں کے لوگ جن میں خضر حیات خان ،عقیل خان ،ریاست خان ،سجاول خان ،سعید اکرحمن UK،زمرد خان ،شعیب خان فوجی ،اختر علی ،بابو ندیم ،محمد رحیم ،حامد محمود ،ریفان اعوان ،وقاص خان ،طاہر خان بنگش ،اکرام خان ،اشتیاق خان ،توصیف خان ،ذیشان اعوان ،جہانگیر خان ،شکیل خان ،جمیل خان، سرمحمد سہیل پرنسپل آکسفورڈ ماڈل سکول حضرو نے حلقہ این اے 57سے ملک امین اسلم اور حلقہ پی پی16سے قاضی احمد اکبر کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ،اس موقع پر ملک امین اسلم اور قاضی احمد اکبر کے اعزاز میں ایک شاندار تقریب منعقد کرائی گئی جسمیں علاقہ بھر کی اہم سیاسی وسماجی شخصیات سمیت پی ٹی آئی کے عہدیداران صدر پی ٹی آئی تحصیل حضرو حاجی اشفاق خان ،نور خان سیکر ٹری انفارمیشن ،ضلعی سینئر ناء ب صدر اشفاق احمد خان غورغشتی ،امجد خان اعوان سمیت اہلیان ڈھوک ابراھیم آباد نے کثیر تعداد بھی موجود تھی ،ملک امین اسلم نے شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا پیغامِ حق چھچھ کے گھر گھر پہنچ چکا ہے اور عوام جوق در جوق پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں انشاء اللہ مستقبل پاکستان تحریک انصاف کا ہے ،سپریم کورٹ سے عمران خان صادق اور امین ثابت ہونے کے بعد پاکستانی قوم کی امیدوں کا محور بن چکے ہیں،امجد خان اعوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ختم نبوت کے منکروں کو پہلے اڈیالہ جیل میں بند کر کے سزا دینے کے بعد ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ملک بد ر کر دینگے ،آمدہ الیکشن میں (ن ) لیگ کا ملک بھر سے صفایا ہو جائیگا اور لوگ پاکستان میں حقیقی تبدیلی لانے کیلئے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوراوں کو ووٹ دینگے ،
اٹک سٹی:نواز شریف فوج اور عدلیہ پر الزا م تراشی و کیچڑ اچھال کر ملک میں انارکی پھیلانا چاہتے ہیں ؛ میجرر طاہر صادق
مرکزی رہنما تحریک انصاف و سابق ضلع ناظم میجر طاہر صادق نے کہا ہے کہ نواز شریف فوج اور عدلیہ پر الزا م تراشی و کیچڑ اچھال کر ملک میں انارکی پھیلانا چاہتے ہیں اربوں روپے لوٹ کر بیرون ملک منتقل کرنے والے کس منہ سے اپنے آپ کو بے گناہ کہہ رہے ہیں چوروں اور لٹیروں کو عدالت نے نااہل قرار دیکر عمران خان کی کرپشن سے پاک معاشرہ کے قیام کی جدو جہد کو تقویت دی ہے آنے والا دور تحریک انصاف کا ہے عمران خان مخلص ، نڈر، بے باک اور قوم کا حقیقی درد رکھنے والے رہنما ہیں جن کی آئے روز عوام میں مقبولیت اور پذیرائی میں زبردست اضافہ ہو رہا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل اٹک میں ضلع بھر سے آئے ہوئے تحریک انصاف میجر گروپ کے رہنماؤں وائس چیئرمین ضلع کونسل ملک جمشید الطاف ، نصرت خان ماجھیاو دیگر وفود سے ملاقاتوں میں کیا ہے میجر طاہر صادق نے کہا کہ عدلیہ کی طرف سے ثبوتوں کے بعد نواز شریف کے خلاف فیصلہ آنے پر مسلم لیگ (ن) بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے اور عمران خان کے حق میں فیصلہ آنے پر اب شریف برادران اور کرپٹ لیگ پاگل پن کا مظاہرہ کر کے فوج اور عدلیہ پر تنقید کے ذریعے ملکی فضاخراب کرنے میں پیش پیش ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پیسہ ملک میں لایا ہے جبکہ شریف برادران ملک کی دولت لوٹ کر باہر لے جاتے ہیں باہر سے پیسہ لانا ملکی مفاد میں ہے جبکہ وطن سے پیسہ لوٹنا اور باہر منتقل کرنا ملک اور قوم سے غداری کے مترادف ہے حکمران جماعت کی کہانی اب ختم ہو چکی ہے کرپشن ،اقرباء پروری، عدلیہ اور فوج پر ان کی تنقید سے عوام میں ان کے خلاف نفرت میں اضافہ ہو چکا ہے اور آنے والے الیکشن میں عوام ووٹ کی پرچی سے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ نفرت کا اظہار کریں گے ملک میں حقیقی تبدیلی لانے اور کرپشن سے پاک معاشرہ کے قیام کے لیے عوام کو عمران خان اور تحریک انصاف کا ساتھ دینا چاہیے ۔
گاؤں جلالیہ:سیاست کا مقصد عوام کی خدمت ہے ‘کرپشن ، لوٹ ماریا قومی مال ہڑپ کرنا قوم سے غداری کے مترادف ہے؛ یاسرخان
سیاست کا مقصد عوام کی خدمت ہے ‘کرپشن ، لوٹ ماریا قومی مال ہڑپ کرنا ملک اور قوم سے غداری کے مترادف ہے، علاقہ میں میرے والد محترم بزرگوار واثق خان اور میرے دادا مظفر خان مرحوم نے خدمت کی سیاست کو اپنایا اور عوام کی خدمت کرکے ہمارے لیے اتنا نام کمایا کہ ہماری آنے والی نسلوں میں بھی ہمارے بزرگوں کا نام اور مقام زندہ رہے گا، عوام انہی لوگوں کو یاد رکھتے ہیں جو دوسروں کے کام آتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین یونین کونسل جلالیہ یاسر خان نے میڈیا سے بات چیت میں کیا ، انہوں نے کہا کہ عوام ہم پر اعتماد کا اظہار کرتی ہے اُس کی بنیادی وجہ یہی ہے کہ خدمت کی سیاست ہمارا شعار ہے اور عوام علاقہ کے لیے ہمارے دروازے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں عوامی خدمت میں ہی حقیقی سکون پوشیدہ ہے ۔یاسر خان نے کہا کہ اپنی یونین کونسل میں روڈز ،بجلی ، سوئی گیس، سیوریج، سکولوں میں تعمیرو ترقی کی مد میں بیس کروڑ روپے کی خطیر رقم سے مذکورہ منصوبے مکمل کر رہے ہیں اس ضمن میں وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد اور صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ کا تہہ دل سے مشکور ہوں کہ انہوں نے ہمارے علاقہ کی تعمیر و ترقی میں دلچسپی لی اور مذکورہ منصوبوں کے لیے کروڑوں روپے کی گرانٹ منظور کی خدمت کا یہ سفر جاری رہے گا ۔
حضروسٹی: لودھی جی ویلفیئر حضرودکھی انسانیت کی خدمت میں ہمہ وقت کوشاں ہے؛ محمد جمیل لودھی
لودھی جی ویلفیئر حضرودکھی انسانیت کی خدمت میں ہمہ وقت کوشاں ہے ،گزشتہ 9ماہ کے دوران 9لاکھ روپے غریب ،مستحق ،یتیموں اور بیواؤں میں تقسیم کر چکے ہیں ،ہمارا اصل مقصد مخلوق خدا کی بے لوث خدمت کرنا ہے ۔ان خیالات کا اظہار لودھی جی ویلفیئر حضرو کے بانی وچیئر مین محمدجمیل لودھی نے میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ لودھی جی ویلفیئر کے اب تک 200سے زائد ممبر بنا چکے ہیں جو ویلفیئر کو ماہانہ 10روپے چندہ دیتے ہیں لیکن ہمارے سوشل کاموں کو دیکھ کر اکثر دکاندار اپنی پاکٹ سے غریب اور مستحق لوگوں کی دل کھول مدد کرتے ہیں ،اب تک 10سے زائد مستحق ،یتیم بچیوں کو جہیز فنڈز کی مد میں 25ہزارفی کس کے حساب سے تقسیم کر چکے ہیں ،جبکہ لاتعداد مستحق مریضوں کاعلاج معالجہ اور کئی افراد کو گھروں میں پینے کے صاف پانی کیلئے بورنگ بھی کروا کر دی جاچکی ہے ،میں یہاں پر بیرون ممالک میں مقیم اپنے رشتہ داروں، دوستوں اورچھاچھیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو لودھی جی ویلفیئر کو مالی سپورٹ دل کھول کر کرتے ہیں ،اللہ تعالیٰ ان کا دیا ہوا مال اپنی بارگاہ میں مقبول فرمائے اور مجھے ان کی دی ہوئی ایک ایک پائی حضرو شہر اور گردونواح کے بے آسرا اور لاچار ،مستحق افراد میں صحیح معنوں میں تقسیم کر نے کی ہمت نصیب فرمائے ، میرا مذہب اسلام اور مسلک مخلوق خدا کی خدمت ہے جس کیلئے میں مرتے دم تک اس مشن کو جاری رکھونگا اور انشاء اللہ میری خواہش ہے کہ میری اولاد بھی میرے اس نیک مشن کو اپنی ذاتی وسائل سے جاری وساری رکھیں ،اللہ تعالیٰ نے مجھے ایک بیٹی اور ایک بیٹے سے نواز رکھا ہے رب تعالیٰ نے چاہا تو بیٹی کو عالمہ جبکہ بیٹے کو ڈاکٹر بنواؤنگا جو مسیحا بن کر لوگوں کی خدمت کر سکے انہوں نے کہا کہ ایک خواہش ہے کہ رب تعالیٰ مجھے پاک مال نصیب جس سے میں صرف رب تعالیٰ کی مخلوق کی خدمت کر سکوں ،جو لوگ لودھی جی ویلفیئر حضرو کا حصہ بن کر رب کی مخلوق کی خدمت کرنا چاہتے ہیں تو وہ ہم سے ضرور رابطہ کریں اور اپنے پاک مال سے دکھی انسانیت کی خدمت کے اس مشن میں ہمارے دست وبازو بنیں ، رابطے کیلئے0307-5107719۔
تحصیل حضرو:شیخ آفتاب اورجہانگیر خانزادہ کے تعاون سے قطب بانڈی میں 22کروڑ روپے کی منظوری پر دلی مشکور ہیں؛زبیر خان
شیخ آفتاب احمد،جہانگیر خانزادہ کے تعاون سے قطب بانڈی میں 22کروڑ روپے کی بھاری گرانٹ کی منظوری پر دونوں وزراء کے دلی مشکور ہیں ،شیخ آفتاب احمد،جہانگیر خانزادہ نے وسائل کا رخ قطب بانڈی کی طرف موڑکر اہلیان قطب بانڈی کے دل جیت لیے ۔ان خیالات کا اظہار وائس چیئر مین یوسی جلالیہ ملک اصغر خان ، جنرل کونسلر ملک میر افضل خان اور معروف نوجوان سماجی شخصیت ملک زبیر خان نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ قطب بانڈی جیسے پسماندہ اور دور افتادہ دیہات کی عوام کیلئے سوئی گیس جیسی بنیادی سہولت کا تحفہ وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آٖفتاب احمد کا کارنامہ ہے ،قطب بانڈی کیلئے پہلے مرحلے میں 7کروڑ روپے کی گرانٹ سے سوئی گیس پائپ لائنیں بچھائی جاچکی ہیں ،جبکہ دیگر آبادیو ں کا بھی سروے مکمل ہوجانے کے بعد مزید 6کروڑ روپے سوئی گیس کی مد میں لگائے جائینگے ،خادم اعلیٰ دیہی پروگرام کے تحت قطب بانڈی کیلئے کارپٹ روڈ کی منظوری بھی ہو چکی ہے جس پر کم وبیش 6کروڑ روپے کی خطیر رقم لگے گی ،یہ عظیم کارنامہ بھی شیخ آفتاب احمد اور جہانگیر خانزدہ کی وساطت سے پایہ تکمیل تک پہنچے گا جبکہ صوبائی وزیر جہانگیر خانزداہ نے قطب بانڈی کی عوام سے اپنی محبتوں کا ثبوت دیتے ہوئے گاؤں کی گلیوں ونالیوں کی تعمیر کیلئے بھی 3کروڑ روپے کا فنڈز منظور کروالیا ہے جس پر ان کے دلی ممنون نہیں انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم چیئر مین یاسر خان کی قیادت میں اپنے حلقے کی عوام کی بے لوث خدمت میں ہمہ وقت کوشاں ہے اور حلقے کی عوام سے کیے تمام وعدوں کی تکمیل کیلئے دن رات جدو جہد کر رہی ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ ہم وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد او ر صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ کو قطب بانڈی کیلئے بھاری گرانٹ دینے پر دلی مشکور وممنون ہیں ۔
اٹک سٹی:پاکستان کے نوجوانوں نے جدید علوم پر سبقت حاصل کر کے دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا یاہے؛ سعدبن ہارون
پاکستان کے نوجوانوں نے جدید علوم پر سبقت حاصل کر کے دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا نہ صرف لوہا منوا یا بلکہ دنیا میں ملک اور قوم کا نام بھی روشن کر رہے ہیں، پاکستان دشمن قوتیں خصوصاََ پڑوسی ملک بھارت ہماری نوجوان نسل کو بعض میڈیا چینلز کے ذریعے ملک میں تباہ حال تعلیمی نظام اور بد حال معیشت جیسے پروپیگنڈے کے ذریعے مایوسی کی طرف راغب کرنا چاہتا ہے جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے ہمارے دشمن کو ہماری صلاحیتوں کا ادراک ہے ۔پاکستا نی نوجوان دنیا کی چوتھی ذہین ترین قوموں میں شمار ہوتے ہیں ،ان خیالات کااظہار اسلامی جمعیت طلبہ کے صوبائی ناظم اعلیٰ شمالی پنجاب سعد بن ہارون نے اسلامی جمعیت طلبہ اٹک کے زیر اہتمام سٹوڈنٹس ایکسپو پروگرام میں یونیوسٹیز ،کالجز اور سکولوں کے طلباء و طالبات کے ایک بڑے اجتماع سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے ،تقریب سے افتتاحی خطاب اسسٹنٹ کمشنر اٹک مرضیہ سلیم کے علاوہ ضلعی امیرجماعت اسلامی اٹک و چےئرمین یونین کونسل شینکہ تحصیل حضرو مولانا جابر علی خان نے بھی خطاب کیا ہے جبکہ اس موقع پر معتمد(جنرل سیکرٹری) شمالی پنجاب وقاص چغتائی ،ناظم راولپنڈی ڈویژن راجہ عمیر ،ناظم اسلامی جمعیت طلبہ اٹک منیر احمد ،معتمد(جنرل سیکرٹری ) اٹک ضیا ء الدین ،ضلعی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی میاں محمد جنید ،ایڈمنسٹریٹر آغوش شبیر احمد کاکا خیل ،چےئرمین اٹک پریس کلب رجسٹرڈ ندیم رضا خان ،جنرل سیکرٹری سید قمر الدین ،چےئرمین ڈسٹرکٹ پریس کلب اٹک ملک عطاء محمد خان اعوان ، ابھرتے ہوئے نوجوان سنےئر صحافی و چےئرمین آل پاکستان پرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا ضلع اٹک ہشام خان اعوان ،رہنماء جماعت اسلامی ملک عمر فاروق ،ضلعی انچار ج شعبہ اطلاعات عامہ اسلامی جمعیت طلبہ عامر شہزاد کے علاوہ اسلامی جمعیت طلبہ کے نوجوانوں اور معززین شہر کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ،اس تقریب میں اٹک کے تمام سکولز اورکالجز میں میٹرک اور انٹر کے امتحانات میں اعلیٰ کارکردگی حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے اس کے علاوہ اس پروگرام میں طلباء و طالبات کے مابین مختلف مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا جس میں پوزیشنیں حاصل کرنے والوں میں شیلڈز اور انعامات تقسیم کیے گئے ہیں۔
No comments:
Post a Comment