Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from Hong Kong.
اٹک سٹی:طاہر صادق اورچیئر پر سن ضلع کونسل اٹک ایمان طاہر سمیت پورا گروپ ضلع بھر میں ایک بار پھرعوام رابطہ مہم کے لیے متحرک
سابق ضلع ناظم میجر طاہر صادق اورچیئر پر سن ضلع کونسل اٹک ایمان طاہر سمیت پورا میجر طاہر صا د ق گروپ ضلع بھر میں ایک بار پھرعوام رابطہ مہم کے لیے متحرک ‘عمران خان کے اکتوبر کے آخر میں ہونے والے جلسہ کی تیاریاں شرو ع کردی گئی ہیں ،متعدد سیاسی شخصیات کا میجر گروپ میں شامل ہونا ضلع کونسل میں ورکر ز کنونشن کا انعقاد اور میجر طاہر صادق و چیئر پر سن ایمان طاہر کے ضلع بھر کے طوفانی دورے اسی سلسلہ کی کڑی ہیں۔ جنڈ ، شینکہ اور دیگر کئی جگہوں پر میجر گروپ نے پر وگرام منعقد کر کے عوام میں ایک نیا ولولہ اور جذبہ پیدا کیا وہیں تما م تحصیلوں میں میجر گروپ عوام رابطہ میں پیش پیش ہے ،موجودہ سیا سی صور تحال میں میجر گروپ ضلع بھر میں ایک نا قابل تسخیر حیثیت اختیار کر چکاہے میجر گروپ کا پی ٹی آئی سے اتحاد یاشمولیت جہا ں ان کی سیا سی پوزیشن دو چند ہوجائے گئی وہیں آنے والے الیکشن میں میجر طاہر گروپ کے الحاق سے پی ٹی آئی ناقابل تسخیر قوت ثابت ہوگی ‘وہیں مسلم لیگ (ن) کو سخت امتحان اور مقابلہ کا سامنا ہو گا بلکہ یہ اتحاد مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی ضلع اٹک سے سیا سی مید ان میں چھٹی کرانے کی پو زیشن میں ہو گا ،میجر طاہر صادق کی شبانہ روز کاوشوں اور محنت سے ہر صوبائی قومی حلقہ میں لاکھوں کی تعداد میں ووٹ بینک موجود ہے بلکہ میجر طاہر صا دق ایمان طا ہر اور گروپ کے مخلص رہنماؤں کی کو ششوں سے اس قافلے میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے ۔
کامرہ کینٹ:فوڈ کمیٹی کنٹونمنٹ بور ڈکا مرہ کی من ما نیاں عروج پر، مر ضی کے ہو ٹلو ں اور دکانوں پر چھاپے
فوڈ کمیٹی کنٹونمنٹ بور ڈکا مرہ کی من ما نیاں عروج پر، مر ضی کے ہو ٹلو ں اور دکانوں پر چھاپے، فوڈ کمیٹی کے دورہ کی اطلاع نہیں دی گئی ، کو ئی پو چھنے والا نہیں من مر ضی کا سلسلہ جاری۔ گزشتہ روز فوڈ کمیٹی کنٹونمنٹ بورڈ کا مرہ کینٹ نے وائس پریذیڈنٹ عارف محمود ملک کی سربراہی میں دیگرممبران کمیٹی کے ہمراہ مارکیٹوں ، با زاروں کا دورہ کیا لیکن یہ امر قابل ذکر ہے کہ ا پنی مرضی سے دکانیں اورہو ٹل چیک کیے گئے اور ان ہو ٹلوں اور دوکا نوں پر ایکشن بھی اپنی مر ضی سے کر تے ہیں عوامی حلقوں نے چیف ایگزیکٹو آفیسر کنٹونمنٹ بورڈ کا مرہ چودھری با بر حسین سے پر زور گزارش کر تے ہوئے کہا ہے کہ وہ فوری نو ٹس لیتے ہوئے فوڈ کمیٹی کو غیر جانبدار بنا ئیں جوسب کو اطلاع کر ے اورمرضی کے ہو ٹل، دوکانیں چیک کر نے کی بجائے سب کو برابر ایکسپرٹ کی موجودگی میں چیک کر یں ۔
گاؤں بہبودی : بیٹھکوں اور حجروں میں بیٹھنے کا ٹائم ختم ہو چکا ،میجر صاحب اور میجر گروپ پہلے بھی عوام کا آزمایا ہوا ہے؛چنگیز خان
بیٹھکوں اور حجروں میں بیٹھنے کا ٹائم ختم ہو چکا ،تمام دوست باہر نکلیں ،میجر صاحب اور میجر گروپ پہلے بھی عوام کا آزمایا ہوا ہے، آئندہ بھی عوام کی توقعات پر پورا اترے گا ،ں ان خیالات کا اظہار خادم چھچھ امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی16 چنگیز خان نے احسن بہبودی ،خان لیاقت ،لال شاہ کی کاوشوں سے حاجی علی بہادر ،چوہدری اسلم ،وحید خان ،کریم داد ،محمد آصف ،عقیل خان شاہ عالم خان ،منان خان ، چوہدری صفدر اور اکبر خان کی مسلم لیگ (ن ) چھوڑ کر اپنی برادری و دوست احباب کے ساتھ میجر گروپ و چنگیز خان کے قافلے میں شمولیت کے موقع پر غورغشتی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ میجر طاہر صادق نے اپنے دور اقتدار میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام کروائے ،ہزاروں بے روزگار نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کیں آج بھی ان پر کوئی شخص انگلی نہیں اٹھا سکتا ،انہوں نے کہا کہ ہمارے خاندان کی خدمات بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ،گزشتہ ایک صدی سے ہمارے آباؤ اجداد چھچھ کے عوام کی بے لوث خدمت کر رہے ہیں انشاء اللہ آپ لوگوں کے تعاون سے اور اللہ کی کرم نوازی سے اللہ نے ہمیں اقتدار دیا تو عوام کی سوچ سے زیادہ ان کی خدمت کر کے دکھائیں گے ،اس موقع پر میجر طاہر صادق ،ان کے سپورٹر اور معززین علاقہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔
گاؤں برہ زئی:صاحبزادہ محمد امین الحق ،قاری محمد عثمان USAکی ہمشیرہ صاحبہ طویل علالت کے بعد رضا الہٰی سے انتقال کر گئیں
حضرو شہرکے نواحی گاؤں بر زئی کی معروف سیاسی وسماجی شخصیت ،سابق کونسلر صاحبزادہ محمد امین الحق ،قاری محمد عثمان USAکی ہمشیرہ صاحبہ اور نصیر الحق کی پھوپھی صاحبہ طویل علالت کے بعد رضا الہی سے انتقال کر گئیں ،مرحومہ استاذالعلماء صاحبزادہ گل اکرام ؒ کی صاحبزادی تھیں ،ان کی نمازجنازہ برہ زئی گاؤں میں ادا کی گئی ۔جنازہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الحدیث مولانا محمد صدیق ہزاروی نے کہا کہ موت ایک اٹل حقیقت ہے ،جسکودنیا کا کوئی مذہب،کوئی انسان بھی جھٹلا نہیں سکتا لیکن موت میں بھی فرق ہے انہوں نے کہا کہ جب نیک وکار کی موت کا وقت قریب آتا ہے تو رب تعالیٰ کے فرشتے پھولوں کا گلدستہ لیے انسان کے سامنے پیش ہو تے ہیں اور اس نیک وکار کی روح کو اس کے جسم سے ایسے نکالتے ہیں جیسے مکھن سے بال نکال لیا جاتا ہے ،اس مومن یا مومنہ کو زرا بھر بھی تکلیف نہیں ہو تی ،ماء مرحومہ ایک نیک اور پاکباز خاتون تھیں اور نیکوں کی اولاد تھیں ،ان کو جمعۃ المبارک کا دن ملنا ان کی بخشش کا ذریعہ ہے اللہ تعالیٰ مرحومہ ومغفورہ کے درجات بلند نصیب فرمائے اور لواحقین کو صبر وجمیل نصیب فرمائے آمین ،نماز جنازہ میں علماء اکرام کی کثیر تعدا د سمیت علاقہ بھر کی اہم سیاسی وسماجی شخصیات نے شرکت کی ۔
اٹک سٹی:ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات نے 90دن کیلئے ضلع اٹک کی حدود میں نوے علماء کرام اور ذاکرین کے داخلہ پر پابندی عائد کردی
ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات نے پنجاب مینٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈنیس 1960کے تحت 90دن کے لیے ضلع اٹک کی حدود میں نوے علماء کرام اور ذاکرین کے داخلہ پر پابندی عائد کردی ہے ان میں مولانا عبدالعزیز، مفتی سید احمد عثمانی، سید ناصر عباس، مولانا محمد صدیق، شبیر احمد عثمانی ، مولانا قاری نوید مسعود ہاشمی، مولانا مسعود الرحمان ، مولانا عبد القدیر ، مولانا محمد اسحاق، مولانا محمد طیب، مولانا ساجد الرحمان، مولانا عبدالمجید ندیم، مولانا عبدالشکور، مولانا سید چراغ الدین، مولانا ابوبکر چشتی، مولانا محمد حنیف قریشی،علامہ عزیز الدین کوکب ، مولانامحمد حنیف چشتی، مولاناباز خان، مولوی حبیب بخش، مولوی محی الدین، محمد فیاض، قاری اسد عرفان، ذاکر غلام قمر، ذاکر ساجد حسین ساجد، ذاکر چن ساجد، مولاناعبدالغفور جھنگوی، مولانامنصور احمد جھنگوی، مولاناشہادت علی طاہر، مولانافیض بخش، مولانامعاویہ اعظم طارق، مولانا عالم طارق،مولانابشارت علی طاہر، مولاناقاری ریاض جھنگوی،ذاکر سید زرغام عباس، مولانا اسحاق ترابی، مولانا عطاء اللہ بندیالوی، مولانا محمد الیاس گھمن، مولانا ضیاء الحق ، مولانا محمد طیب ، صاحبزادہ سید عرفان شاہ مشہدی ، ذاکر سید عابد حسین شاہ، مولانا منظور حسین نقوی، ذاکر نذیر حسین ، محمد حسین ڈھکو، ضیغم عباس، ذاکر اختر عباس، مولانا اسلام الدین عثمانی، ریاض حسین ، سید سجادحسین شاہ، مولانا مفتی عمر حیدری، ذاکر محمد نواز، مولانا محمد رفیق، مولانا محمد صدیق، مولانا عبدالغفور حقانی، مولانا سلطان محمود ضیا، عصمت اللہ خان، شوکت رضا شوکت، مولانا سید تقی نقی، ڈاکٹر ناصر عباس ، مولانا اورنگ زیب فاروقی، سید عقیل رضا اظہر زیدی، مولانا ذوالفقار حیدر نقوی، جمیل حسین جعفری، ذاکر ضیغم عباس، مولانا خضر حیات، مولانا ضمیر حسین، مولانا حیدر خان، مولانا عطاحسین رانگھڑ ، علی حسین قمی، مولانا عبدالحی عابد، مولانا محمد یوسف رضوی، مولانا غلام رضا جھنڈوی، سید عباس نقوی، مولانا جعفر جتوئی، ذاکر غلام اصغر ، مولانا عبدالمتین خان، مولانا عابد رضا، ذاکر مرید حسین، ملک اعجاز حسین ، ذاکر الیاس رضا نجفی، مولانا یعقوب علوی، نذیر حسین سولنگی، غضنفر عباس تونسوی، وسیم عباس، مولانا احمد لدھیانوی، مولانا مجیب الرحمان لدھیانوی، مولانا عبدالستار تونسوی اور ذاکر علی عباس علوی شامل ہیں۔
دورداد(اٹک):کسان گندم کی بہتر اور زیادہ کاشت کے لیے زمین کی تیاری کھادوں کامناسب استعمال کریں؛سعدیہ مشتاق
کسان گندم کی بہتر اور زیادہ کاشت کے لیے زمین کی تیاری کھادوں کامناسب استعمال اور کرم کش ادویات لگا بیج استعمال کریں ‘بارانی علاقوں میں فی ایکٹر پچاس کلو گرام گندم کا بیج ڈالا جائے ،کھا د کا استعمال گندم کے ساتھ نہیں کرنا چاہیے بلکہ گندم کی بیجائی سے پہلے ہی کھا د زمین میں ڈال دینی چاہیے ۔ان خیالات کا اظہار محکمہ زراعت تو سیع اٹک کی آفیسر سعد یہ مشتا ق نے نو احی گاؤں دورداد میں عبد الوحید خان کے حجرہ میں کاشتکاروں سے گندم کی بیجائی کے حوالے سے تر بیتی پر وگرام میں خطا ب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر کاشتکاروں کی کثیر تعداد مو جو دتھی محکمہ زراعت کے محمد ارشاد نے تر بیتی پر وگرام کے انعقاد میں خصو صی دلچسپی لی، سعدیہ مشتا ق نے کہا کہ محکمہ زراعت کسانوں کو فصلو ں کی بر وقت کاشت اور زیادہ پیدا وار حاصل کرنے کے لیے ایسے پر وگراموں کا انعقاد کرتی ہے تاکہ کسان بھائی محکمہ زراعت کے مفید مشور وں پر عمل کرکے زیادہ پید اوار حاصل کر سکیں انہوں نے کہاکہ فیصل آباد 2008ء فیصل آباد 2011ء اور پاکستان 2013ء بارانی علاقوں کے لیے مفید بیج تصور کیا جارہا ہے کسان جو بیج بھی استعمال کریں اسے کرم کش ادویات لگی ہونی چاہیے تاکہ وہ بیماریوں سے بچ سکے تر بیتی پر وگرام منعقد کرنے پر کاشتکاروں نے محکمہ زراعت اور حا فظ عبد الحمید خان کا شکریہ ادا کیا ۔
اٹک شہرکے معر وف ڈاکٹر ندیم مشتاق کے والد بر یگیڈر ریٹائر ڈاکٹر مشتا ق انتقال کر گئے
اٹک شہرکے معر وف ڈاکٹر ندیم مشتاق کے والد بر یگیڈر ریٹائر ڈاکٹر مشتا ق انتقال کر گئے ،مر حوم کی نماز جنا ز ہ ملٹر ی جنا زہ گاہ راولپنڈی میں ادا کی گئی ۔نماز جنا زہ میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتا ب احمد،ضلعی سینئر نائب صد مسلم لیگ (ن) محمد سلیم شہز اد ، چیئرمین بلدیہ اٹک نا صر محمود شیخ، سٹی صدر مسلم لیگ (ن) شیخ غلام صمدانی کے علاوہ ملٹری آفسران نے شر کت کی مر حوم کو ملٹری قبرستان میں سپردے خاک کردیا گیا ۔
اٹک سٹی:شاہد خا قان عباسی نے اقوام متحدہ میں کشمیریوں کا دو ٹوک موقف پیش کر کے اُنکے جذبات کی ترجمانی کی ہے ؛ شیخ سلمان سرور
وزیر اعظم شاہد خا قان عباسی نے اقوام متحدہ کی جنر ل اسمبلی میں کشمیریوں کا دو ٹوک اور و اضح موقف پیش کر کے کشمیریوں کے جذبات کی ترجمانی کی ہے ،مسلم لیگ (ن) کی حکومت کشمیر ی بھائیوں کی حق خود ارادیت کی تحریک کا پیغام ہر فور م پر اٹھائے گی ‘بھارتی مظالم جتنے بڑھیں گے اتناہی آزادی کی تحریک میں تیز ی آئے گی ،ہر خیالات کا اظہا ر سا بق امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 15شیخ سلمان سرور نے میڈیا سے بات چیت میں کیاہے ۔اس مو قع پر سٹی صدر مسلم لیگ (ن) شیخ غلام صمدانی بھی موجود تھے شیخ سلمان سر ور نے کہا کہ بھارتی مظالم تحریک آزادی کو دبانہیں سکتے لاکھوں کشمیر ی آزادی کے لیے جان کے نذرانے پیش کیے اور کوئی بھی ظلم و ستم انہیں جھکا ء نہیں سکا ہے وہ وقت دور نہیں جب کشمیریوں کو ان کے حقوق مل کر رہیں گے عالمی ادارے اپنا کر دار اگر اس حوالے سے بہتر کر یں تو مظلوم کو حق مل سکتا ہے ۔
اٹک سٹی:محرم الحرام کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ اٹک کے تمام انتظامات مکمل ہیں ؛ رانا اکبر حیات
ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ اٹک کے تمام انتظامات مکمل ہیں اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ افسران اور منتظمین کو حکومت پنجاب کی جانب سے جاری ہونے والے ضابطہ اخلاق کے مطابق عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس اٹک میں منعقدہ خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کی موثر مانیٹرنگ کے لیے ضلعی انتظامیہ اور تحصیل انتظامیہ جلوس اور مجالس کی انتظامیہ کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں اور انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، محرم الحرام کا مہینہ ہمیں ایثار اور باہمی احترام کا درس دیتا ہے اس لیے ضروری ہے کہ ہم اسلام کے دیے ہوئے اس درس پر عمل کریں اور اپنی زندگیاں اسلامی ضابطہ حیات کے مطابق ڈھالیں، اجلاس میں محرم الحرام کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیااور اس سلسلے میں تمام متعلقہ افسران نے ڈی سی اٹک کو اپنے اپنے علاقوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، ڈی سی اٹک نے اس موقع پر عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے حساس دنوں میں مشکوک افراد پر مکمل نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کے بارے میں متعلقہ تھانے کو فوری طور پر اطلاع دیں انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ محرم کے مہینے میں ضلعی انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں۔
اٹک سٹی: طاہر صادق نے اپنے دور میں ہزاروں بے روزگار نوجوانوں کو نوکریاں دے کر روزگار فراہم کیا ؛ ایپکا منیجمنٹ (اٹک)
سابق ناظم ضلع اٹک میجر ریٹائرڈ طاہر صادق نے اپنے دور میں ہزاروں بے روزگار نوجوانوں کو نوکریاں دے کر روزگار فراہم کیا تاکہ نوجوان نسل اپنے پیروں پر کھڑی ہوکر ملک وقوم ، معاشرے اور خاندان کی بہتر خدمت کرسکے ۔ان خیا لات کا اظہار چیئرمین یونین کونسل باہتر سردار واجد علی خان نے ایپکاضلع اٹک کو اپنے فرائض انجام دینے کے لیے دفتر کی عمارت کی فراہمی کا افتتاح کرنے کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،اس موقع پر ضلعی صدر ایپکا احمد خان، چیئرمین نوید احمد ، چیئرمین ایجوکیشن یونٹ شیر بہادر، صدر آل پنجاب اکاؤنٹس ایسوسی ایشن اٹک شیخ مسعود اکرم، چیئرمین ایم اینڈ آر اٹک منظور احمد، چیئرمین بلدیہ ڈویژن اٹک راجہ ظریف کے علاوہ ضلع بھر کے سرکاری ، نیم سرکاری اور پرائیویٹ ایسوسی ایشنز کے نمائندے، شہری و سیاسی تنظیموں کے عہدیداران اور ملازمین کی کثیر تعداد اس موقع پر موجودتھی،اپنے خطبہ استقبالیہ میں ضلعی صدر ایپکا احمد خان نے کہا کہ چیئرپرسن ضلع کونسل اٹک ایمان طا ہر نے برسر اقتدار آنے کے بعد ایپکا کے دیرینہ مطالبہ کو پورا کرتے ہوئے انہیں ایسوسی ایشن کے انتظامات کی انجام دہی کے لیے دفتر فراہم کیا جس کے لیے ضلع بھر کے سرکاری ملازمین تہہ دل سے ان کے مشکور ہیں انہوں نے کہا کہ سابق ناظم میجر طاہر صادق کی بیٹی چیئر پرسن ایمان طا ہر نے مزدوروں اور ملازمین کا ساتھ دیتے ہوئے ثابت کردیا ہے کہ و ہ عظیم باپ کی بیٹی ہیں چیئرمین یونین کونسل باہتر سردار واجد علی خان نے اس موقع پر کہا کہ ہم نے جس طرح ایپکا کو بلڈنگ فراہم کی ہے اسی طرح اٹک کے صحافیوں کو بھی پریس کلب کی عمارت کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنائیں گے انہوں نے کہا کہ سابق ناظم میجر طاہر صادق نے اپنے قول و فعل سے ثابت کردیا تھا کہ وہ غریب عوام کے حقیقی خادم ہیں جس کا ثبوت ان کے دور میں محکمہ تعلیم اور محکمہ پولیس میں ہونے والی سینکڑوں بھرتیا ں ہیں اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی اپنے خطاب میں اپیکا اٹک کو دفتر کی فراہمی پر چیئرپرسن ضلع کونسل اٹک ایمان طا ہر کا شکریہ ادا کیا اور انہیں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا قبل ازیں سی ای او ایجوکیشن اٹک کے دفتر میں ضلعی دفتر ایپکا اٹک کی عمارت کا افتتاح کیا گیا۔
ضلع اٹک:ایمان طاہر نے چیئر مین یونین کونسل کوٹ سونڈکی کی خصوصی دعوت پر پوری یو سی کے ہرایک گاؤں کا تفصیلی دورہ کیا
چیئر پرسن ضلع کونسل اٹک ایمان طاہر نے چیئر مین یونین کونسل کوٹ سونڈکی چوہدری خضرحیات کی خصوصی دعوت پر پوری یو سی کے ہرایک گاؤں کا تفصیلی دورہ کیا جو علی الصبح 9 بجے شروع ہوا اور رات 10 بجے چیئر مین یو نین کونسل کے ہاں عشائیے پر اختتام پذیر ہوا، چیئر پر سن ایمان طاہر نے تمام دن انتہائی مصروف گزارہ وہ یونین کونسل کوٹ سونڈکی کے گاؤں پتھرگڑھ میں ڈیرہ بنارس خان، طلعت خان، حاجی شاہ محمد، کوٹلی گاؤں میں ملک شیرافضل خان، ملی پنڈگا ؤں میں راجہ سخاوت سابقہ کونسلر، راجہ خالد، حصارگا ؤں میں ڈیرہ نازک راجہ، منورٹھیکیدار، خضر کونسلر، چوہدری رفاقت خان، کوٹ گا ؤں میں ڈیرہ راجہ خان وائس چیئر مین یونین کونسل، سونڈکی گا ؤں میں ڈیرہ چوہدری عاشق اورکٹاریاں گا ؤں میں ڈیرہ محمد خان پر محیط اس دورہ میں ہر مقام پر چیئر پرسن ایمان طاہر کا اہل علاقہ نے والہانہ استقبال کیا اور میجرطا ہر صادق، سردار صادق مرحوم اور بیگم سردارصادق مرحومہ کے دور سیاست سے لیکر آج تک نسل درنسل جو تعلق اور لگاؤ اس علاقے کے عوام کا ان کے خاندان سے وابستہ ہے اُسکا عملی نمونہ دیکھنے میں آیا، یوسی کے مختلف دیہات میں چیئر پرسن ضلع کونسل نے خواتین کے مسائل سنے اور تمام حل طلب مسائل کے جلد اور ممکنہ حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کیئے، دس سال پہلے میجرطا ہر صادق کے دور ناظمیت سے لیکر آج تک اس علاقے کو نوازلیگ نے ایک پلاننگ کے تحت ترقیاتی کاموں سے محروم رکھا زیادہ تر مسائل کا تعلق روزگار کی فراہمی، سوئی گیس کنکشن، اسکولز کی اپ گریڈیشن اور ہیلتھ کے معاملات سے تھا اس کے علاوہ افراسٹرکچر کی بہتری اور تعمیرومرمت جیسے ایشوز بھی عوام کیلئے باعث پریشانی بنے ہوئے ہیں کیونکہ نوازلیگ نے اپنے پچھلے دس سالہ دورِ حکومت میں ایک دھیلے کا کام بھی مذکورہ یونین کونسل میں کرنے کی زحمت گوارہ نہ کی ،پوری یونین کونسل میں انفراسٹرکچر کی نہایت ناگفتہ بہ حالت زار نوازلیگ کے ایم پی اے کا منہ چڑا رہی ہے، چیئر پرسن ایمان طاہر نے عوام کو یقین دہانی کروائی کہ ضلع کونسل اٹک کے محدود وسائل اور بجٹ کے باوجود عوام کے مسائل کے حل میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا اور انکے تمام بنیادی مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن پیش رفت کی جائے گی ‘دورے کے اختتام پر ایمان طاہر کا کہنا تھا کہ جو محبت اور خلوص انہیں اس دورہ میں ملا وہ کبھی بھلا نہیں پائیں گی اور ایک نئے جذبے اور ولولے سے عوامی خدمت کی روشن مثالیں قائم کی جاتی رہیں گی۔
اکھوڑی (اٹک):سینیٹر سردار محمود خان ایڈووکیٹ کے صاحبزادے سردار طارق محمود خان حر کت قلب بند ہو نے کے سبب انتقال کر گئے
میجر گرو پ کی جا نب سے دو مرتبہ چیئر مین ضلع کونسل اٹک منتخب ہو نے والے سینیٹر سردار محمود خان ایڈووکیٹ کے جواں سال صاحبزادے سابق چیف آفیسر ضلع کونسل سردار طارق محمود خان حر کت قلب بند ہو نے کے سبب انتقال کر گئے ، مرحوم سردار امجد خان قطبال کے برادر نسبتی تھے ان کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں محمود آباد (ڈھوک مو چیاں )اکھوڑی میں ادا کی گئی نماز جنازہ معرو ف عالم دین علا مہ جہانداد نے پڑھا ئی نماز جنازہ میں سابق ضلع ناظم میجر طا ہر صادق ، سابق امیدوار قومی اسمبلی آصف علی ملک ایڈووکیٹ ، سر پر ست اعلیٰ ایم ایس ایف حا جی محمد اکرم خان ، وا ئس چیئر مین ضلع کونسل اٹک ملک جمشیدالطاف خان ، سابق تحصیل ناظمین ملک لیاقت علی خان پنڈی گھیب ، حا جی شفقت خان طا ہر خیلی ، سردار افتخار احمد خان ، سردار اکبر خان آف چکوال ،سابق امیدوار پنجاب اسمبلی شیخ سلمان سرور ، بر یگیڈیئر عاصم نواز خان ،سابق ایم پی اے محمد شفیق خان ٹیکسلا، سردار محمد علی خان آف شاہراہ سعد اللہ ، چیئر مین بلدیہ حسن ابدال ظہیر احمد بھٹیانوالہ ، سابق وا ئس چیئر مین ضلع کونسل وا ثق جلا لیہ ، سابق ممبر ضلع کونسل احسن خان غور غشتی ، حاجی اشتیا ق احمد خان آف میرا رتوال ، ضلعی صدر مسلم لیگ صداقت خان بر ہا ن ، چیئر مین یو نین کونسل ملک ممتاز علی خان ، سردار مختیار احمد خا ن ، عامر لیاقت خان ، ملک عامر افضل ، سردار وسیم افتخار خان ایڈووکیٹ ، ملک غلام حسین ،ڈاکٹر زبیر یو سف ، ملک شیر خان کو ٹ گلا ، حا جی افتخار احمد خان آف جھنگ ، عدیل افضل خان ، چیئر مین عطا حسین لنڈ ، راولپنڈی ڈویژن کے مختلف علاقوں سے آئے ہو ئے بلدیاتی اداروں کے افسران ملک وا جد علی ، سردار آفتاب احمد خان ، فضل اکرم خان ،خان با دشا ہ، محکمہ مال کے افسران ملک صفدر خان ، ملک نثار احمد بو لیا نوال ، ثاقب خان رتوال ، وا ئس چیئرمین بلدیہ اٹک ملک طاہر اعوان ، سابق صدر ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن را نا افسر علی خان ، سردار امتیاز خان ، چیئر مین اٹک پریس کلب رجسٹرڈ ندیم رضا خان ،سابق ای ڈی او سی ڈی سلطان فیا ض کیا نی ، شیخ حا مد محمود کے علاوہ راولپنڈی اور اٹک کی سر کر دہ سیاسی شخصیات ، اعلیٰ سول و فو جی حکام ، عما ئدین ضلع ، منتخب نما ئندوں ، معززین علاقہ اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شر کت کی مر حو م کو آبائی قبرستان میں سپر د خاک کر دیا گیا ۔
اٹک سٹی:ڈی پی او زا ہد نوا زمر وت کا تبادلہ بطور ڈی پی او گجرات کر دیا گیا ہے ‘انکی جگہ عبادت نثار کو نیا ڈی پی او اٹک مقرر کیا گیا ہے
ڈی پی او اٹک زا ہد نوا زمر وت کا تبادلہ اٹک سے بطور ڈی پی او گجرات کر دیا گیا ہے ‘ان کی جگہ ایس پی سیکو رٹی لا ہور عبادت نثار کو نیا ڈی پی او اٹک مقرر کیا گیا ہے ،ڈی پی او اٹک زا ہد نواز مر وت نے اپنے عرصہ تعیناتی کے دوران دہشت گر دی ، امن و امان کی صورت حال کو کنٹرول کر نے میں مؤ ثر کر دار ادا کیا انہو ں نے وزیر اعلیٰ کے پی کے پر ویز خٹک کی قیادت میں تحریک انصاف کے قافلے کو مو ٹر وے پر پتھر گڑھ حسن ابدال کے قریب مؤ ثر حکمت عملی اختیار کر کے وا پس جا نے پر مجبور کر کے ایسا کا ر نا مہ سر انجام دیا کہ جس پر حکو مت پنجاب نے انہیں تعریفی اسناد دیں اور آئی جی پنجاب نے اٹک آکر انہیں پو لیس لا ئن میں بڑی تقریب میں اعلیٰ کار کر دگی پر شا با ش دی تھی ۔
ضلع اٹک: را ولپنڈی کو ہاٹ روڈ پر ڈھوک حسو گاؤں کے قریب ٹریفک کے حادثہ میں دس ویلر ٹرک اور کار میں تصادم
را ولپنڈی کو ہاٹ روڈ پر ڈھوک حسو گاؤں کے قریب ٹریفک کے حادثہ میں دس ویلر ٹرک اور کار میں تصادم ، تصادم کے نتیجہ میں پانچ افراد زخمی ،زخمی کار ڈرائیور کو تشویش ناک حا لت میں راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا راولپنڈی کو ہاٹ روڈ پر انتہائی رش اور کرا چی تا پشا ور روڈ ہو نے کے سبب سنگل روڈ کی وجہ سے آئے روز ہو نے والے حادثات وفاقی اور صوبائی حکو مت کے ادروں کی مجرمانہ غفلت ، نا اہلی اور سڑکوں کی حا لت درست نہ ہو نے کا رو نا رو رہے ہیں ۔
گاؤں شینکہ:صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ اور منتخب نمائندوں کے تعلیمی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ؛رپورٹ
صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ اور منتخب نمائندوں کے تعلیمی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ، یونین کونسل شینکہ تحصیل حضرو کے دیہات ڈیرہ سودائی میں گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کی چار ماہ سے زمین بوس دیواریں تعمیر نہ کی جا سکیں ، بچیاں اور ٹیچرز عدم تحفظ کا شکار ، والدین نے کئی طالبات کو سکول جانے سے روک دیا، سکول کی حالت زار نے منتخب نمائندوں کو بے نقاب کر دیا، وزیر اعلیٰ پنجاب، کمشنر راولپنڈی اور ڈی جی محکمہ اینٹی کرپشن سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول ڈیرہ سودائی کی دیواریں چار ماہ قبل شدید آندھی اور طوفانی بارش کے باعث گر گئی تھیں جس بابت صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ ، چیئرمین یو سی شینکہ مولانا جابر علی خان، ڈی سی اور محکمہ تعلیم اٹک کے افسران کو آگاہ کر دیا گیا تھا مگر تاحال نہ تو سکول کی دیواریں تعمیر کی جا سکیں ہیں نہ ہی سکول کی حالت زار کو ٹھیک کیا گیا ہے جس سے سکول آنے والی طالبات کے ساتھ ساتھ استانیاں بھی عدم تحفظ کا شکار ہیں اور چار دیواری نہ ہونے کی وجہ سے بڑی بچیوں اور خواتین سٹاف کو پردے کے بھی مسائل کا سامنا ہے ، سکول کی طالبات ، ان کے والدین اور عوام علاقہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف، کمشنر راولپنڈی اور ڈی جی محکمہ اینٹی کرپشن سے اس صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔
اٹک سٹی:عمران خان کا اکتو بر کے آخر میں اٹک میں جلسہ عام اٹک کے سیاسی دھا رے کو یکسر تبدیل کر دے گا ؛ میجر ر طاہر صادق
عمران خان کا اکتو بر کے آخر میں اٹک میں جلسہ عام اٹک کے سیاسی دھا رے کو یکسر تبدیل کر دے گا ،وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف اور اٹک کے مقامی وفا قی و صوبائی وزراء اور ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کے اشاروں پر چلنے والے اٹک میں تعینات سرکاری ملازمین یہ بات مت بھو لیں کہ ضلع کونسل کے اجلاسوں میں عدم شر کت اور ہمیں نظر انداز کر نے کے نتا ئج ان کے حق میں اچھے ثابت نہیں ہو نگے ‘ان کا تبادلہ را جن پور بھی ہو گیا تو وہ اسی پنجاب حکو مت کے ماتحت ہو نگے، آنے والا دور عمران خان کا ہے اور ان افسران سے ان کی ایک ایک ظلم اور زیادتی کا حساب لیا جا ئے گا جو سیاسی بنیادوں پر غریب ملازمین کو ضلع کے ایک کونہ سے دوسرے کو نے اور آئے روز تبادلوں اور شو کاز دے کر ان ملازمین کی زندگی اجیرن بنا ئے ہو ئے ہیں ان خیالات کا اظہارسابق ضلع ناظم میجر طاہر صادق نے عمران خان کے جلسہ عام کے سلسلہ میں ضلع کونسل اٹک کے سبزہ زار پرضلعی ورکرز کنونشن کے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ اس موقع پر چیئر پرسن ضلع کونسل محترمہ ایمان طاہر ، وائس چیئرمین سردارحاجی عارف خان ،ملک جمشید الطاف، مرکزی قائدین میجر گروپ ، چیئرمین بلدیہ حسن ابدال ظہیر احمد بھٹیانوالہ،سابق تحصیل ناظمین حاجی شفقت خان طاہر خیلی، سردار افتخار احمد خان ، سر پر ست ا علیٰ ایم ایس ایف حاجی محمد اکرم خان ،سابق امیدوار پنجاب اسمبلی ملک امانت خان راول، ملک حمید اکبر خان، ضلعی صدر مسلم لیگ صداقت خان برہان،چیئر مین یو نین کونسلز سید زاہد حسین شاہ، ملک ممتاز علی خان ،سابق امیدوار چیئر مین یونین کونسل سر دار حماد اکرم خان چیف آف ملال ، سمیت یونین کونسلز کے چیئرمینوں اورضلع بھر کے 71یو نین کونسلوں اور چھ میو نسپل کمیٹیوں اور تین کنٹو نمنٹ بور ڈز سے آئے ہو ئے ورکروں کی کثیر تعداد کے علاوہ میجر طا ہر صادق کی وا لدہ کی سہیلیوں اور خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی، قبل ازیں لو گ فنکار حکمت اعوان اور دیگر فنکاروں نے تین نئے ترا نے جو میجر گروپ اور عمران خان کے حق میں تھے و ہ پیش کر کے کارکنوں کا لہو گر مایا ،سابق ضلع ناظم میجر طا ہر صادق نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ، پیپلز پارٹی سیاسی طور پر دفن ہو چکی ہے نواز شریف انتقام سے کام لے کر اداروں کو گالیاں دے رہے ہیں آصف زرداری نے قوم پر مہربانی کر کے پیپلز پارٹی کو ختم کر دیاہے اور اب وہ ہر قو می اسمبلی کے حلقہ میں قومی خزا نے سے لوٹی ہو ئی رقم میں سے بیس کروڑ رو پے دے کر ایم این اے کا امیدوار خرید رہے ہیں جو ساڑھے 19کروڑ رو پے جیب میں ڈال کر 50لا کھ روپے الیکشن میں لگا کر کہے گا کہ پی پی پی کی وجہ سے اسے ووٹ نہیں ملے جس طرح زرداری نے قومی خزا نے کو لوٹا اسی طرح پاکستان کے تمام حلقوں کے قومی اسمبلی کے امیدوار آصف زرداری کو لوٹیں گے ، سپریم کورٹ نے نواز شریف کو چور ثابت کر دیا ہے قوم کی نظریں عمران خان پر لگی ہوئی ہیں قائدا عظم کے خوابوں کی تعبیر عمران خان ہی پوری کر سکتے ہیں میجر طاہر گروپ اٹک میں بھر پور قوت رکھتا ہے پی ٹی آئی کے تعاون سے آئندہ الیکشن میں ضلع بھر میں کلین سویپ کریں گے اٹک شہر میں عمران خان کا تاریخی جلسہ ہوگا میجر طاہر صادق نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اٹک میں سب سے بڑا گرو پ ہمارا ہے مختلف جماعتوں کے لوگ ہمارے گروپ میں شامل ہو رہے ہیں بدترین حالات کے باوجود ہمارا ایم این اے منتخب ہوا ضلع کونسل کی چیئرمینی حاصل کی عمران خان کی مہربانی اور تعاون سے پی ٹی آئی اور میجر گروپ نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو ضلع کونسل کے انتخابات میں بُری طرح شکست دی ہماری کارکردگی کی بنیاد پر ممبران نے ہمارے گروپ کی چیئر پرسن منتخب کی تا ہم ضلع اٹک میں ہم بلدیہ فتح جنگ ، جنڈ اور حسن ابدال سمیت ضلع کونسل میں حکو مت بنا نے کے قابل تھے تا ہم تحریک انصاف میں چھپے آستین کے سا نپوں نے جو اندرو ن خانہ مسلم لیگ (ن) سے ملے ہو ئے تھے کی غداری اور دھو کہ دہی کے سبب انہوں نے ہماری مخالفت میں بلدیاتی انتخابات اور بعد ازاں مخصوص نشستوں اور چیئر مینی کے الیکشن میں حد درجہ مخا لفت کی جس کے سبب ہم صرف ضلع کونسل اور بلدیہ حسن ابدال میں حکو مت بنا سکے بلدیہ فتح جنگ اور بلدیہ جنڈ ہمارے اکثریت کے با وجود ہمارے ہاتھوں سے ان سازشیوں کے سبب نکل گئی ،ہماری کارکردگی منتخب نمائندوں سے بہتر ہے 2002سے لے کر 2007تک ہم نے عوام کے مسائل حل کیے لوگوں کو روزگار دیا وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور اُس کی ٹیم ہمارے راستے میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں ضلع کونسل کو فنڈز فراہم نہیں کیے جارہے ہیں نواز شریف سیاسی طور پر دفن ہو چکے ہیں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے لوگ ہمارے ساتھ تعاون کر رہے ہیں پی ٹی آئی اور ہمارے گروپ کے اتحاد سے پی ٹی آئی کے 99فیصد ورکر خوش ہیں ایک فیصد وہ لوگ ہیں جن کی حیثیت آئندہ الیکشن میں پتہ چل جائے گی میجر گروپ اٹک میں حیثیت رکھتا ہے فتح جنگ میں ہونے والا پیپلز پارٹی کا جلسہ بُری طرح ناکام ہوا۔ راولپنڈی ڈویژن سے بلانے کے باوجود بھی جلسہ ناکام ہوا پیپلز پارٹی کی یہ حالت ہے کہ حلقہNA-120سے اُس کے امیدوار نے 1404ووٹ حاصل کیے عوام کی نظریں پی ٹی آئی پر لگی ہوئی ہیں عمران خان صاف گو اور اُصول پرست لیڈر ہیں اب وقت ہے کہ عمران خان کے ہاتھ مضبوط کیے جائیں زرداری نے پیپلز پارٹی کو ختم کیا پانچ سال رقم اکٹھی کر کے بیرون ملک منتقل کی سپریم کورٹ نے نواز شریف کو چور ڈکلیئر کیا لیکن اُس کے باوجود نواز شریف کہہ رہا ہے کہ میراکیا قصور نواز شریف نے اداروں کو تباہ کیا اربوں روپے بیرون ملک منتقل کیے ملک کو بے دردی سے لوٹا جو نواز شریف کا ساتھ دے گا وہ ملک و قوم کے ساتھ مخلص نہیں ہے اقتدار میں آکر اٹک کی عوام کی قسمت بدلیں گے لوگو ں کو گھر وں میں جا کر نوکریاں دیں گے ہمارا کارکن منتخب ممبران سے بہتر کارکردگی دکھا سکتا ہے ، میجر گروپ اور ہم ایک ہو ں تو کو ئی شکست نہیں دے سکا میں عمر کے اس حصے میں ہو ں اور بیمار بھی ہوں اس کے با وجود گرو پ کو مضبوط کر نے کے لئے جھاری کس سے تراب اور ڈھوک پٹھان سے غو ر غشتی تک ضلع کے تمام علاقوں کا مسلسل دورہ کر کے گرو پ کو تا زہ دم رکھے ہو ئے ہوں مجھے زیادہ سیٹوں کی ضرورت نہیں اگلے چار پا نچ سال میں ہم تحریک انصاف کے ساتھ مل کر ضلع اٹک میں تعمیر و تر قی کا جو سلسلہ د س سال قبل رک گیا تھا وہیں سے اسے دوبارہ شروع کریں گے عمران خان کو بتا دیا ہے کہ ہم سو فیصد بچے اوربچیوں کو روزگار فراہم کریں گے اس کے لئے طریقہ میں ان کو بتا ؤں گا اور اٹک کے لو گ جا نتے ہیں کہ اٹک کے لوگوں کو کس طرح روز گار فراہم کیا انہوں نے کہاکہ اٹک میں میڈیکل کا لج اور ہر طرح کی یو نیورسٹی مزید بنا ئی جا ئیں گی، تا کہ اٹک کے لوگوں کو جس طرح ہمارے دور میں کا مسیٹس یو نیورسٹی میں مفت تعلیم دی جاتی تھی ایسی تعلیم دی جا ئے گی انہوں نے کہا کہ کارکن جو ش و جذبے کیساتھ ثابت کریں گے میجر گروپ ضلع اٹک میں ایک حیثیت رکھتا ہے ہمارا جلسہ دن میں ہو نگا پیپلزپارٹی نے رات کی تاریکی میں چوروں کی طرح جلسہ کیا جب بلا ول بھٹو تقریر کے لئے آئے تو آدھے سے زیادہ پنڈال خا لی تھا اور انہوں نے خا لی کر سیوں سے تاریخی خطاب کیا بلا ول کی تقریر کے دوران ٹینٹ سر وس وا لے کر سیاں اٹھا کر ٹر کوں میں ڈال رہے تھے تاکہ بلا ول کے پنڈال سے نکلنے سے پہلے وہ اپنی کر سیاں وہاں سے نکال کر لے جا ئیں آصف زرداری نے اپنے پا نچ سالہ اقتدار میں ایک دن میں ضا ئع نہیں اور اقتدار کی آخری رات بھی کمیشن اور مک مکا ہوتا رہا اور اب وہ اس رقم سے دوبارہ منتخب ہو نا چا ہتے ہیں ، نواز شریف کہتے ہیں کہ ان کا کیا قصور ہے تو قصور ضیاء الحق کاتھا کہ جنہو ں نے پہلے نواز شریف کو پہلے وزیر خزانہ اور پھر وزیر اعلیٰ بنا یا دو مر تبہ وزیر اعلیٰ اور تین مر تبہ وزیر اعظم منتخب ہو نے وا لے کہ رہے ہیں انہیں خفیہ ہاتھوں نے ہٹا یا ہے یہی وہ خفیہ ہاتھ تھے جنہو ں نے نواز شریف کو زمین سے اٹھا کر وزیر خزانہ ، وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم بنا یا ان کی لا لچ کی انتہا تھی آج بچے بچے کو پتا چل گیا ہے کہ نواز شریف چور ہے اور یہ سب سے بڑا چور ہے وفا قی وزیر شیخ آفتاب احمد کہتے ہیں کہ نواز شریف سب سے بڑا لیڈر ہے شیخ آفتاب احمد بھی ان چوروں کے گروہ میں شامل ہے ہمیں کو ئی ڈر اور خوف نہیں عمران خان بہت ایما ندار آدمی ہے انہوں نے کو ئی منی لانڈرنگ نہیں کی بلکہ وہ پیسہ با ہر سے لیکر آئے ہیں تحریک انصا ف وا حد جماعت ہے جو اس ملک کو تر قی دلا سکتی ہے اور کر پشن سے نکال سکتی ہے انہوں نے کہا کہ ضلع کو نسل کے الیکشن میں ہم 32،34تھے اور وہ 54تھے شیخ آفتاب کے گھر نا شتے پر بھی 54تھے تا ہم جب رزلٹ آیا توہم 58اور وہ 37تھے اللہ تعالیٰ نے انہیں اقتدار اور طاقت دی تو وہ اٹک کے لوگوں کی وہ خدمت کریں گے جو کسی نے آج تک نہیں کی انہو ں نے طا ہر صادق عمران خان کو روزگار فراہم کر نے قانونی طریقے بتا ئے گا انہوں نے کہاکہ ہمارے گرو پ اور ضلع کے عوام نے دس سال انتظار کیا ہے اب صرف چھ سات ما ہ مزید انتظا ر کریں اللہ کے فضل و کرم سے ضلع بھر میں تر قیاتی کا موں کا جال بچھا دیا جا ئے گا ہمارا چھوٹے سے چھوٹا کا رکن بھی ان وزراء اور ایم این اے ایم پی اے سے بہتر کار کر دگی دکھا سکتا ہے مسلم لیگ (ن) اور دیگر جماعتوں اور گروپوں والے ہمارے ساتھ شامل ہو نا چا ہتے ہیں انہوں نے کارکنوں کو ہدا یت کی کہ لوگوں کو گلے لگا ئیں اور انہیں اپنے گرو پ میں شامل کریں ۔
گاؤں مرزا(اٹک):قرآن و سنت سے مضبوط تعلق رکھنے کی بدولت دونوں جہانوں میں کامیابی یقینی ہے‘ ؛علامہ نصیر الدین ضیاء
قرآن و سنت سے مضبوط تعلق اور احکامات الٰہی و فرامین نبویؐ پر عمل پیرا ہونے سے دونوں جہانوں میں کامیابی یقینی ہے‘ آج مسلمان قرآن و سنت سے رشتہ تو ڑ کر دنیا کے بھنور میں پھنس چکے ہیں جو بہت خسارے کی بات ہے موجودہ دور میں بے حیائی ، فحاشی تیزی سے پھیل رہی ہے جس سے نوجوان نسل بے راہ روی کا شکار ہو کر اپنی عاقبت سنوارنے کی بجائے خراب کر رہی ہے نوجوانوں کو چاہیے کہ اس چار دن کی زندگی میں اللہ کے احکامات اور نبی ؐ کی تعلیمات پر عمل ہو ں تاکہ دنیوی اور اُخروی زندگی میں کامیابی مل سکے ان خیالات کا اظہار نامو ر عالم دین و مبلغ علامہ نصیر الدین ضیاء نے مکی مسجد مرزا گاؤں میں فکر آخرت کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس میں خطاب کر تے ہوئے کیا اس موقع پر حافظ آفتاب احمد اور حافظ محمد ناصر بھی موجود تھے علامہ نصیر الدین نے کہا کہ حاجی نور محمد مرحوم جنہوں نے ساری زندگی شیخ القرآن کی رفاقت میں گزاری اور وفاداری کی مثال قائم کی مرتے دم تک توحید و سنت کا پرچار کرتے رہے قبر او ر حشر میں یہی چیزیں اُن کی نجات کا ذریعہ ہوں گی مرحوم کے دونوں بیٹے دین سے وابستہ ہیں اور حافظ قرآن ہیں جو حاجی نور محمد کے لیے صدقہ جاریہ کا ذریعہ ہیں تمام والدین کو اپنی اولاد کی اسی طرح تربیت کر نی چاہیے تاکہ دنیا سے اُٹھ جانے پر صدقہ جاری کا سلسلہ قائم رہے ۔
ضلع اٹک:محکمہ ہائی وے نے جھنگ باہتر روڈ پر آئے روز حادثات کا نوٹس لیتے ہوئے سڑک کی تعمیر و مرمت شروع کردی
محکمہ ہائی وے نے جھنگ باہتر روڈ پر آئے روز حادثات کا نوٹس لیتے ہوئے سڑک کی تعمیر و مرمت شروع کردی، تفصیلات کے مطابق چیئرمین یونین کونسل باہتر سید زاہد حسین شاہ نے ضلع کونسل کے اجلاس میں جھنگ باہتر روڈ پر کامل پور مائیاں اور بھگوی کے قریب روڈ کی خستہ حالی اور اس پر آئے روز حادثات کے حوالے سے بتایا کہ رمضان المبارک سے لے کر اب تک چھ قیمتی جانیں روڈ کی خستہ حالی کی وجہ سے ضائع ہو چکی ہیں جس پر چیئرپرسن ضلع کونسل ایمان طاہر نے نوٹس لیتے ہوئے محکمہ ہائی وے کے حکام سے فوری طور پر اس روڈ کی تعمیر اور مرمت کا مطالبہ کیا اور آئے روز حادثات کے حوالے سے بتایا جس پر محکمہ ہائی وے نے نوٹس لیتے ہوئے اگلے روز جھنگ باہتر روڈ پر کامل پور مائیاں اور بھگوی کے قریب اس روڈ کی تعمیر اور مرمت کا کام شروع کر دیا ہے چیئرمین یونین کونسل سید زاہد حسین شاہ اور معززین علاقہ نے محکمہ ہائی وے کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا ۔
شکردرہ (اٹک): برما میں روہنگیا مسلمانوں پرہونیوالے ظلم پر عالم اسلام اوراقوام متحدہ کی نتظیموں کی خاموشی المیہ ہے؛مفتی محمد ندیم قریشی
برما میں روہنگیا مسلمانوں پرہونے والے ظلم پر عالم اسلام اقوام متحدہ اور دیگرانسانی حقوق کی نتظیموں کی خاموشی المیہ ہے، پاکستان کے دشمن اس وقت پاکستان میں شیعہ سنی کی جنگ کروانا چاہتے ہیں دنیا ئے کفر اس بات پر اتفا ق کر چکی ہے کہ مسلمانو ں کی نسل کشی کی جائے عرب ممالک ، شام ، مصر ، حلب ، عراق ، افغانستان اور اب برما میں ہونے والے مظالم اس کی کڑی ہے ۔ان خیالات کا ظہار مرکزی خطیب جامع مسجد سید ناصدیق اکبر ؓ وچیئرمین اتحاد علما ء کونسل شکردرہ اٹک مفتی محمد ندیم قریشی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت اندرونی بیرونی خطرات اور سازشوں سے گہرا ہوا ہے تمام مسالک کے علمائے کرام صبر وتحمل اور برداشت کے درس کو عام کریں اور کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی اور مذہبی نفرت سے گریز کریں کیوں کہ اس وقت پاکستا ن اس بات کا متحمل نہیں ہے امریکہ ، ایران ، اسرائیل ، انڈیا پاکستان کے دشمن ہیں اور اس وقت یہ ممالک شام، مصر کی طرز پر پاکستا ن میں شیعہ سنی فسادات کروانا چاہتے ہیں پاکستانی ہونے کے ناطے ہر مسلک کے ذمہ دارکو اس وقت سوچنا ہوگا کہ وہ کہیں ان ممالک کی پالیسی کے تحت ان کے ہاتھوں میں تو نہیں کھیل رہے ۔
اٹک سٹی: محرم الحرام کے دوران کسی بھی فرقہ کو صحابہ کرام، اہل بیت یا مقدس شخصیات کیخلاف ہر گز تقریر کرنے کی اجازت نہ ہو گی؛رپورٹ
محرم الحرام کے دوران کسی بھی فرقہ کو صحابہ کرام، اہل بیت یا مقدس شخصیات کے خلاف ہر گز تقریر کرنے کی اجازت نہ ہو گی، جلوس و مجالس کے آغاز و اختتام کے وقت کی پابندی کا خصوصی خیال رکھا جائے ان خیالات کااظہار ڈی پی او اٹک زاہد نواز مروت نے ڈی پی او آفس میں محرم الحرام کے سلسلہ میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ضلع بھر کے ایس ڈی پی ، ایس ایچ او ، چیف سیکو رٹی آفیسرمحمد نعیم خان ، پی اے ٹو ڈی پی او محمد ایوب ملک ، ایم ٹی او لا ئن آفیسر پو لیس لا ئن متفرق اسٹور انچارج ، برا نچز ، انچارج چو کیات اور قانون نافذ کر نے والے اداروں کے افسران نے شر کت کی ڈی پی او نے اجلاس میں مو جود تمام شر کاء کو اٹک پو لیس کی جا نب سے محرم الحرام کے سلسلہ میں سیکو رٹی پلان پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتا یا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقع کی آگاہی کے لئے ڈی پی او آفس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے،یکم محرم سے 10محرم تک 145جلوس نکالے جائیں گے اور 754مجالس بپا ہو نگی، کیٹگری اے کے 181، بی کے 30اورسی کے543جلو س نکالے جائیں گے،کیٹگری اے کی28، بی کی 25اور سی کی92مجالس منعقد ہونگی،تمام جلوسوں اور مجالس کے لئے 1272اہلکاروں کو تعینات کی گیا ہے،انہوں نے کہا کہ پولیس کا کام قانون کی عمل داری اور عوام الناس کے جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ مذہبی تہواروں کی سیکورٹی بھی اولین فرائض میں شامل ہے اٹک پولیس ہمیشہ محرم الحرام میں جملہ جلوس ہائے و مجالس ہائے کی بھرپور سیکورٹی اپنا اولین فرض سمجھ کر کرتی ہے اور انشاء اللہ کرتی رہے گی، محرم الحرام کے سلسلہ میں ممبرا ن ضلعی امن کمیٹی اور مقامی سطح پر مختلف مکاتب فکر کے علماء حضرات، تاجر برادری اور سیاسی قائدین کے ساتھ بھی مشاورت کی گئی جس میں انہوں نے بھی اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ محرم الحرام میں انتظامیہ کے شانہ بشانہ اپنے فرائض ادا کرینگے،انہو ں نے پو لیس افسران اور قانون نا فذ کر نے والے اداروں کو ہدایت کی محرم الحرام میں ضابطہ اخلاق اور قوانین پر عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے جس میں اسلحہ کی نمائش،نفرت انگیز تقاریر ومواد کی تشہیر،اشتعال انگیز تقاریر،وال چاکنگ اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر سختی سے پابندی کو یقینی بنایا جائے علاوہ ازیں جلوس و مجالس کے آغاز و اختتام کے وقت کی پابندی کا خصوصی خیال رکھا جائے اس ضمن میں جلوس و مجالس ہائے کے منتظمن حضرات نے بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے انہو ں نے اجلا س میں مو جود پو لیس افسران کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ سیکیورٹی اداروں میں تعاون اور ہم آہنگی کیلئے اور بروقت اطلاعات کے حصول کیلئے محرم الحرام کے آغاز میں ضلعی سطح پر کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایا جائے گا تا کہ بروقت کسی بھی نا خوشگوار واقع کی اطلاع پر فوری حالات سے نمٹا جا سکے اشتعال انگیز تقاریر کرنے والے مختلف مکاتب فکر کے علماء و فورتھ شیڈول،,s ATB، LME,s اورRAP,sپر خصوصی نگرانی ہو تا کہ کسی نا خوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
اٹک سٹی: ٹی ایم اے کے ریکارڈ روم میں عوامی سہولت کے لئے دوسراکمپیوٹر آپریٹر بھی تعینات کیاجائے
ٹی ایم اے کے ریکارڈ روم میں عوامی سہولت کے لئے دوسراکمپیوٹر آپریٹر بھی تعینات کیاجائے ،تین یونین کونسل پر مشتمل سٹی آبادی کے لئے ایک کمپیوٹر کلرک ناکافی ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا،چیئرمین ٹی ایم اے سے عوامی حلقوں کا نوٹس لینے کامطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق اٹک سٹی کی آبادی جو بلدیاتی انتخابات سے قبل تین یونین کونسل پر مشتمل تھی بلدیاتی اداروں کے قیام کے بعد میونسپل کمیٹی میں ایک کمپیوٹر آپریٹر کے لئے بچوں کی تاریخ پیدائش ،شادی وطلاق سرٹیفکیٹس،تاریخ وفات کا اندراج اور دیگر کمپیوٹر ڈیٹا کا اندراج انتہائی مشکل امر ہے اتنی بڑی شہری آبادی کوکمپیوٹر رجسٹریشن کی فراہمی کے لئے دوسراکمپیوٹر آپریٹر کا ہونا انتہائی ضروری ہے تاکہ عوام کو آسانی کے ساتھ بروقت تمام رجسٹریشن کاغذات مہیاکیے جاسکیں ۔اس وقت ٹی ایم اے کے ریکارڈ روم میں تعینات کمپیوٹر کلرک وقار انتہائی محنت اور جانفشانی سے اپنے فرائض سرانجام دے رہاہے عوامی حلقوں نے چیئرمین بلدیہ اٹک ناصرمحمود شیخ ،وائس چیئرمین ملک طاہراعوان سے دوکمپیوٹر آپریٹر تعینات کرنے کامطالبہ کیاہے تاکہ عوامی مشکلات کے حل ہونے میں مددمل سکے ۔
گاؤں ویرو(تحصیل حضرو):ہر دلعزیز شخصیت وسابق کو نسلر محمد اسلم بھٹی آف ویرو انتقال کر گئے
تحصیل حضرو کے گاؤں ویرو کے رہائشی کا روباری شخصیات امانت بھٹی ، صابر بھٹی کے بھائی ، حاجی شفیق ، لالہ رفیق ، تو فیق بھٹی ، با بر بھٹی کے والد اور واجد بھٹی شمس آباد کے ما موں ، ہر دلعزیز شخصیت وسابق کو نسلر محمد اسلم بھٹی آف ویرو انتقال کر گئے ،انہیں نمازجنازہ کے بعد مرحوم کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔نماز جنازہ میں ضلعی صدر پی ٹی آئی قاضی احمد اکبر ، مرکزی رہنما پی ٹی آئی ملک امین اسلم ، سابق تحصیل ناظم قاضی خالد محمود ، میر افضل ایڈووکیٹ ، مو لا نا حا مد رضا ، صدر میلاد کمیٹی ریا ض شاہ ، علا مہ آصف رضا ، نمبر دار سیدن ملک ثمر عباس ، حاجی عبد المالک ، سابق امیدوار برائے کو نسلر ملک عامر ،احمد تاج خانزادہ، صدر انجمن تا جران کا مرہ سید فاروق شاہ ، نمبر دار امجد بیگ سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی سابق کو نسلر محمد اسلم بھٹی مر حوم نے ہمیشہ بے لو ث خدمت خلق اور سیاست کی علاقہ عوام کی خد مت میں پیش پیش رہے ان کی وفات پر ہر آنکھ اشکبار تھی ۔
اٹک سٹی:ضلع اٹک میں قوت گویائی سے محروم بچوں کا واحد مڈل سکول آج تک ہائی کا درجہ حاصل نہ کر سکا
ضلع اٹک میں قوت گویائی سے محروم بچوں کا واحد مڈل سکول آج تک ہائی کا درجہ حاصل نہ کر سکا‘خصوصی بچوں پر مڈل کے بعد تعلیم کے دروازے بند پڑھا لکھا پنجاب کے نعرے کا تمسخر اُڑایا جار ہا ہے ،ضلع اٹک میں قائم خصوصی بچوں کا واحد ڈیف اور ڈیفیکٹیو سکول جو کہ پیپلز کالونی اٹک میں عرصہ دراز سے قائم ہے ‘باوجود منتخب حکومتی نمائندوں کے وعدوں کے آج تک ہائی کا درجہ حاصل نہیں کر سکا ہے جبکہ نارمل بچوں کے سینکڑوں سکول موجودہ حکومت میں مڈل سے ہائی کا درجہ پا چکے ہیں، سکول پرنسپل میڈم نجمہ شاہین نے کمال مہربانی کرتے ہوئے مڈل سے پاس ہونے والے خصوصی بچوں کے لیے اسی سکول میں پرائیویٹ طور پر نویں اور دسویں جماعت کا سلسلہ شروع کیا ہے خصوصی بچوں کے والدین نے میڈیا کو بتایا کہ موجودہ حکومت جو تعلیم اور صحت کو اولیت دینے کا نعر ہ لگاتی ہے عملی طور پر تعلیم کے میدان میں ان کی کارکردگی تسلی بخش نہیں ہے کیونکہ اگر تعلیم کو اولین ترجیح موجودہ حکمران دیتے تو اس جدید دور میں ضلع اٹک کا واحد مڈل سکول کب کا ہائی کا درجہ پا چکا ہوتا خصوصی بچوں کے والدین نے محکمہ تعلیم اسپیشل ایجوکیشن حکام ، چیف سیکرٹری پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے فی الفور گونگے بہرے بچوں کے اس سکول کو ہائی کا درجہ دینے کا پرزور مطالبہ کیا ہے ۔
اٹک سٹی:مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں ہمیشہ عوامی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے ریکارڈ ترقیاتی منصوبے دیے ؛شیخ آفتاب احمد
مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں ہمیشہ عوامی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے ریکارڈ ترقیاتی منصوبے دیے ‘مخالفین کے پاس عوام کے لیے کوئی بھی ایجنڈ ا نہیں ہے ،ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے والے ملک و جمہوریت کے دشمن ہیں جن کو عبرت ناک شکست ہو گی۔ NA-120الیکشن میں کلثوم نواز بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی مخالفین جو بھی کر لیں وہ عوام کے دلوں سے نواز شریف کی محبت کو ختم نہیں کر سکتے عوامی عدالت سے مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ آئے گا شریف برادران نے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کر کے صحیح معنوں میں حق کی نمائندگی کا حق ادا کیا،مخالفین نے ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالیں،باشعور عوام اب جان چکے ہیں کہ کون ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتا ہے اور کو ن رکاوٹ بن رہا ہے، شریف برادران کی ملک و قوم کی خدمات کسی سی ڈھکی چھپی نہیں ہیں،نواز شریف عوام کے دلوں میں بستے ہیں،ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے سابق چےئرمین اٹک پریس کلب رجسٹرڈڈاکٹر مہتاب منیر خان اور چےئرمین ایڈیٹرز کونسل ڈاکٹر محمد سعید خٹک کی قیادت میں ملنے والے سنےئر صحافیوں کے وفد سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا،شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ محمد نواز شریف نے چار سالہ دور میں ایسے منصوبے مکمل کیئے جس سے عوام کو ریلیف ملا،وہ ایک مخلص اور عوام کے ہمدرد لیڈر ہیں،وہ اقتدار میں ہوں یا نہ ہوں ان کو ملک و قوم کی فکر ہوتی ہے،کوئی طاقت ان کو عوام سے دور نہیں رکھ سکتی،2013جب مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے اقتدار سنبھالا اس وقت ملک میں دہشتگری عروج پر تھی کراچی شہر بد امنی کا شکار تھا ،معاشی بدحالی تھی انہوں نے اپنے چار سالہ دور میں ملک کو معاشی طور پر مضبوط کیا ،دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے دہشتگردی کو کنٹرول کیا،کراچی میں امن بحال کیا،عوام کو سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے میٹرو بس شروع کی جس سے لوگ آسانی سے سفر کر رہے ہیں،سی پیک کا منصوبہ جاری ہے جس سے پاکستان ایک خوشحال ملک بن جائے گا، لاکھوں نوجوانوں کو روزگار ملے گا،عوام کے مسائل حل ہو رہے ہیں شریف برادران جب بھی ملک میں آئے انقلابی کام کئے،محکمہ ہیلتھ اور تعلیم میں انقلابی اقدامات کی وجہ سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے،نواز شریف ملک و قوم کے مخلص لیڈر ہیں انہوں نے ہمیشہ ملک و قوم کے لئے اچھے فیصلے کئے،موجودہ حکومت دیہاتوں کو شہروں کے برابر سہولیات فراہم کر رہی ہے،اٹک میں سینکڑوں دیہاتوں کو گیس فراہم کی گئی ہے سڑکوں کو ازسرنو تعمیر کیا جارہا ہے۔
حضروسٹی:پنجاب حکومت کے زیرانتظام قائم ضلع اٹک میں واقع سترہ (17) سرکاری کالجوں میں دو سو سے زیادہ اساتذہ کی کمی
پنجاب حکومت کے زیرانتظام قائم ضلع اٹک میں واقع سترہ (17) سرکاری کالجوں میں دو سو سے زیادہ اساتذہ کی کمی‘ جسکی وجہ سے ان کالجوں میں زیرتعلیم تقریباً تیرہ ہزار (13000) طلباء وطالبات کو تدریسی مسائل کا سامنا ہے ۔محکمہ تعلیم اٹک کے اعداد وشمار کے مطابق ضلع بھر میں پھیلے مختلف تحصیلوں میں آٹھ بوائز،چھ گرلز اور تین کامرس کالجز میں پروفیسر، ایسوسی ایٹ پروفیسر،اسسٹنٹ پروفیسر اور لیکچررز کی کل چار سو آٹھ (408) نشستیں ہیں لیکن بدقسمتی سے گزشتہ دس سالوں سے نئے لیکچررز کی خاطرخواہ تعیناتی نہ ہونے کی وجہ سے آدھی سے زیادہ دو سو اٹھارہ (218) نشستیں خالی ہیں جس کی وجہ سے موجودہ اساتذہ پر کام کے اضافی بوجھ کے ساتھ ساتھ طلباء وطالبات بھی تعلیمی مسائل کا شکار ہیں لیکن اس طرف نہ تو منتخب عوامی نمائندوں کی توجہ ہے اور نہ ہی سرکاری حکام کی جبکہ اساتذہ کی کمی کی ایک اور وجہ یہ بھی ہے کہ دوسرے اضلاع کے اساتذہ سفارشیں کروا کرضلع سے باہر اپنے شہروں میں تبادلے کروا لیتے ہیں ،اس لئے ضرورت اس امر کی ہے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام اس ضمن میں مؤثر اور فوری پالیسی سازی کریں اور ھنگامی بنیادوں پر ضلع اٹک کے کالجوں میں لیکچررز کی خالی نشستوں پر ضلع کے ہی اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان خواتین و حضرات کی تعیناتی کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں ۔
حضروسٹی:برما (روہنگیا ) کے معصوم مسلمانوں کی نسل کشی انسانی حقوق کے علمبرداروں کے منہ پر طمانچہ ہے ؛ اراکین سی ایم سی
چھچھ محافظ کمیٹی تحصیل حضرو ضلع اٹک کے قائدین چےئرمین عمران خان ،مولانا مسعود اخترضیاء ،نصیر خان جدون ،حاجی عارف حسین ،قاسم وردگ اور مولانا فضل وہاب نے کہا ہے کہ برما (روہنگیا ) کے معصوم مسلمانوں کی نسل کشی انسانی حقوق کے علمبرداروں کے منہ پر طمانچہ ہے ، اقوام متحدہ امریکہ کی لونڈی ہے ،او آئی سی کی خاموشی شرمناک ہے ،امریکی صدر ٹرمپ کا حالیہ پالیسی بیان مسترد کرتے ہیں ،امریکہ ، اسرائیل اور بھارت دنیا کے سب بڑے دہشت گرد ممالک ہیں ، مسلمان ممالک بزدلی کا طوق گلے سے اتار کر برما کے مسلمان بھائیوں کی مدد کریں ان خیالات کا اظہا انہوں نے مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں پر مشتمل چھچھ محافظ کمیٹی کے زیر اہتمام فوارہ چوک حضرومیں برما کے مظلوم مسلمانوں پر ہونے والے مظالم اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستا ن کے خلاف دھمکی آمیز نازیبا پالیسی بیان کے خلاف اور برما کے مظلوم نہتے مسلمانوں کے حق میں نکالی گئی بہت بڑے احتجاجی مظاہرے اورریلی کے شرکاء سے خطاب میں کیا اس موقع پر چےئرمین بلدیہ حضرو سعید آرائیں ، سابق صوبائی امیدوار قاری محمد اسماعیل ،چےئرمین اتحاد گروپ نزاکت خان ، جاوید مجید خان ،فاضل وردگ ،واجد علی (پروانہ مجاہدجمعیت )حاجی احسان خان ، مولانا قمر اسلام ،ممتاخان، نزاکت حسین ،سعیدالرحمن ،محمد ارشدخان ،ملک اقبال ،طاہر پرویز ، ظہور الہی ،اجمل اعوان ، ڈاکٹر شعیب حمیدی ،لیاقت آرائیں ،تنویر آرائیں ،وقار احمد سمیت سیاسی کارکنوں،صحافی برادری اور علاقہ عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ،شرکاء نے بینر ز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس میں برما اور امریکہ کے خلاف زبردست احتجاجی نعرے تحریر تھے مقررین نے کہا کہ برما میں روہنگیا معصوم ،مظلوم اور بے گناہ مسلمان بچوں ،عورتوں ،جوانوں اور بوڑھوں کا قتل عام فورا بند کیا جائے ، اقوام متحدہ برما کے خلاف فوری نوٹس لے جبکہ مسلمان حکمران ان کی ہر ممکن امداد کریں ۔ریلی فوارہ چوک حضرو سے شروع ہوکر فاروق اعظم چوک میں اختتام پزیر ہوئی اس موقع پر امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ اور برما کی وزیر اعظم آنگ سانگ سوچی کے پتلوں کو پاؤں تلے روند کر ان کو نذر آتش کیا گیا ۔
حضروسٹی:مر کزی آفس میجر گروپ فوارہ چوک حضرو میں عید ملن پارٹی کی شاندار تقریب
میجر طاہر صادق ایک شخصیت کا ہی نہیں بلکہ ایک تحریک کا نام ہے ،میجر طاہر صادق جیسے لیڈر اور رہنماء صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں ،پاکستان پیپلز پارٹی کو چھوڑنے کی ایک ہی وجہ تھی کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد پیپلز پارٹی زرداری لیگ بن کر رہ گئی ہے ،اب بلاول زرداری کو بلاول بھٹو بنا کر پیش کیا جا رہاہے ،جس جماعت کیلئے جیلیں کاٹیں ،صعوبتیں اور تکالیف برداشت کیں اس جماعت کے نظریات وہ نہیں رہے ،ہم نے جب دیکھا کہ میجر طاہر صادق ضلع اٹک کی عوام کے حقیقی رہنماء ہیں جنہوں نے ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کی بات کی ، کسانوں کے حقوق کی بات کی جن کا نظریہ عوام کی بے لوث خدمت ہے تو ہم نے ایسے لیڈر کا چناؤ کیا ان خیالات کا اظہار میجر گروپ اٹک کے رہنماء ملک امداد حسین اعوان اور ملک وقار حسین اعوان نے میجر گروپ تحصیل حضرو کے مرکزی آفس میں ملک رفاقت حسین اعوان نمبرادر اور حافظ راشد محمود ڈھوک گڑھی علی زئی کی جانب سے صحافیوں اور میجر گروپ کی سرکردہ شخصیات کے اعزاز میں دی گئی عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر میجر گروپ کے رہنماؤں و عہدیداران میں سائیں دلنوا ز خان ،چیئر مین یوسی خگوانی ذاکر خان زیدی ،حاجی نسیم خان نمبردار ،سابق چیئر مین فردوس خان ،عمرفاروق خان سابق جنر ل کونسلریوسی نرتوپہ ،قاری رفاقت ،شوکت خان جنر ل کونسلرز جلالیہ ،لال حسین شاہ جنر ل کونسلر یوسی غورغشتی ،سجاد حسین شاہ ،افنان خان دلاور آباد ،حاجی شیراز فوم والے ،نعمان ریاض ،ملک سجاد خان نر توپہ اور صحافی برادری میں حفیظ میر ،نثار علی خان ،لطف الرحمن ،دلشاد جلالیہ ،ساجد علی خان ،اعجاز اکرم ،خالد محمود سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں مقررین نے برماکے مظلوم مسلمانوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑنے والوں کی شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے اپیل کی کہ وہ فی الفور برما سے اپنے سفارتی وتجارتی تعلقات کو ختم کرتے ہوئے برمی سفیر کو ملک بدر کریں اور تمام مسلم ممالک اتحاد واتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے برما کے خلاف اپنا مؤثر لائمہ عمل اختیار کریں انہوں نے مزید کہا کہ آج حضرو میں جو عزت اور محبت ہمیں میجر گروپ بالخصوص حافظ عبد الخی ،ملک رفاقت حسین اعوان نمبردار ،حافظ راشد محمود نے دی اس کو تا قیامت یاد رکھیں گے انہوں نے تحصیل حضرو کی صحافی برادری کی جرٗات مندانہ اور بے باک صحافت پر حضرو وچھچھ کی صحافی برادری کو خراج تحسین پیش کیا آخر میں میزبان حافظ عبد الخی ،ملک رفاقت حسین اعوان نمبرادر اور حافظ راشد محمود نے معزز مہمانوں اور صحافی برادری کا عید ملن پارٹی میں شرکت پر شکریہ ادا کیا ۔
No comments:
Post a Comment