Thursday, August 3, 2017

Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from Hazro (Attock).

Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from Hazro (Attock).





اٹک سٹی:ضلع اٹک میں حالیہ بارشوں کی وجہ سے ممکنہ سیلاب کے خطرہ سے نمٹنے کی تمام تر تیاریاں مکمل ہیں؛ رانا اکبر حیات
ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات نے کہا ہے ضلع اٹک میں حالیہ بارشوں کی وجہ سے ممکنہ سیلاب کے خطرہ سے نمٹنے کی تمام تر تیاریاں مکمل ہیں ‘کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں بشمول ریسکیو 1122، سول ڈیفنس پوری طرح تیار ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی کانفرنس روم میں سیلاب کے حوالے سے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز ،چیف آفیسرز، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسر ریسکیو 1122،محمد اشفاق کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی اجلاس میں موجود تھے ،اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع اٹک میں سیلاب کی صورتحال کو مانٹیر کرنے کے لیے کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے ۔علاوہ ازیں تمام متعلقہ محکمے ضلع اٹک میں موجود دریاؤں اور ندی نالوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کاروائی کرکے عوام کی جان و مال کو تحفظ فراہم کیا جاسکے ۔انہوں نے ضلع اٹک کے عوام کو ہدایت کی کہ وہ مون سون کے پیش نظر دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب رہائش اختیار کرنے سے گریز کریں تاکہ ان مقامات پر اچانک پانی آجانے کی صورت میں محفوظ رہ سکیں ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع اٹک میں تمام دریا اور ندی نالے فی الحال معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں ‘تاہم لگا تار بارشوں کی صورت میں کسی بھی ہنگامی صورتحال کو سختی سے مانیٹر کیا جارہا ہے ۔ڈی سی اٹک نے کہا کہ موجودہ صورتحال کومدنظر رکھتے ہوئے ضلع اٹک میں دریاؤں اور نہروں و ندی نالوں میں نہانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنا اپنا فوکل پرسن نامزد کریں تاکہ ان سے رابطہ کرنے میں آسانی ہوسکے۔

اٹک سٹی: ضلع میں ترقیاتی کام جاری ہیں اور ان کاموں کو جلد مکمل کیا جائے ؛ ڈی سی او اٹک رانا اکبر حیات
ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات نے کہا ہے کہ ضلع میں ترقیاتی کام جاری ہیں اور ان کاموں کو جلد مکمل کیا جائے ، انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ڈولپمنٹ بورڈ اٹک کے اجلاس میں کیا، اجلاس میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں کے متعلق تفصیلی بحث کی گئی، ضلع کے ہر محکمے نے اپنے متعلقہ ترقیاتی سکیموں کے بارے میں اجلاس کو مکمل بریفنگ دی، ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ضلع میں جاری ترقیاتی سکیموں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور اس ضمن میں روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جارہی ہے، ان ترقیاتی سکیموں میں صحت ، تعلیم ،سڑکوں کی تعمیر و بحالی اور دیگر محکموں کی ترقیاتی سکیمیں شامل ہیں، ضلعی ترقیاتی بورڈ نے ضلع بھر میں جاری سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت اٹھارہ سکیموں پر تفصیلی بحث کی اور اس امر کو یقینی بنایا گیا کہ تمام سکیموں کو بروقت مکمل کرلیا جائے گا، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ جمال طارق چودھری نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کی سکیمیں عوامی فلاح و بہبود کے لیے شروع کی گئی ہیں جن کو بروقت مکمل کرلیا جائے گا، ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات نے کہا کہ تمام افسران ، اسسٹنٹ کمشنرز اپنے علاقے کی منتخب سیاسی قیادت کے ہمراہ روزانہ کی بنیاد پر اپنے علاقوں میں جاری ترقیاتی سکیموں کا معائنہ کریں اور رپورٹ ڈی سی آفس ارسال کریں ، انہوں نے کہا کہ کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

ضلع اٹک:ایبٹ آباد موڑ پر ٹرک کے ڈرائیور کی غفلت کی وجہ سے ٹرک سٹاپ پر کھڑی ہائی ایس کیساتھ ٹکرا گیا، چھ افراد جاں بحق
تحصیل حسن ابدال ،ایبٹ آباد موڑ پر ٹرک کے ڈرائیور کی غفلت کی وجہ سے ٹرک سٹاپ پر کھڑی ہائی ایس کو 200میٹر تک گھسیٹتے ہوئے کیڈٹ کالج کی باؤنڈری کے ساتھ سوئی گیس کے والو اسمبلی کے ساتھ ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی ۔سوئی گیس کی6انچ قطر کی 2لائنیں تھیں سوئی گیس حکام نے واہ سٹیشن سے گیس بند کرائی ‘ریسکیو1122کے فائر فائٹرز نے آگ پر فوراً قابوپالیا۔5گھنٹے کے مسلسل ریسکیو آپریشن کے بعد ہائی ایس اور ٹرک سے 6ڈیڈ باڈیز کو نکال کرٹی ایچ کیو حسن ابدال شفٹ کیا،اس دوران آپریشن کی نگرانی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر اٹک ڈاکٹر میاں محمد اشفاق کر رہے تھے جل جانے کی وجہ سے نعشیں شناخت کے قابل نہ تھیں ۔ڈاکٹر میاں محمد اشفاق نے بتایا کہ نعشوں کی شناخت کے لئے انہیں پی او ایف ہسپتال واہ میں شفٹ کیااس آپریشن میں ریسکیو 1122کی 6ایمبولینسز، 3فائر وہیکلزاور48ریسکیورز نے حصہ لیااس موقع پرڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات،ایس ایس پی موٹر وے،اے ایس پی حسن ابدال عمارہ شیرازی ،ڈی ایس پی حضرو راجہ فیاض،چیف آفیسرٹی ایم اے حسن ابدال ماجد ،موٹر وہیکل ایگزامینر مجاہدخان بھی موجود تھے۔

اٹک سٹی:ڈی پی او آفس اٹک سے فوارہ چوک تک اٹک پو لیس کے شہدا ء کو خراج تحسین پیش کر نے کے لئے ریلی کا انعقاد کیا گیا
ڈی پی او اٹک زا ہد نواز مر وت نے آئی جی پنجاب کیپٹن عارف نواز خان کے حکم اور آر پی او راولپنڈی فخر سلطان راجہ کی ہدا یت پر ڈی پی او آفس اٹک سے فوارہ چوک تک اٹک پو لیس کے شہدا ء کو خراج تحسین پیش کر نے کے لئے ریلی کا انعقاد کیا جس کی قیا دت ڈی سی او را نا اکبر حیات اور دیگر نے کی ۔ریلی کے شر کا ء سے فوارہ چوک میں خطاب کر تے ہو ئے ڈی سی او را نا اکبر حیات ڈی پی او اٹک زا ہد نوا ز مروت ، چیئر مین بلدیہ اٹک نا صر محمود شیخ ، کیپٹن اسفند یار شہید کے وا لد ڈا کٹر فیاض بخاری ،ڈی ایس پی شو کت شا ہ شہید کی وا لدہ اور معروف عالم دین مو لا نا محمود الحسن تو حیدی نے کہا کہ وطن کی عظمت کے لئے اپنی جانوں کے نذرا نے پیش کر نے والے اٹک پو لیس کے شہدا ء پو لیس کے ماتھے کا جھو مر ہیں۔اٹک پو لیس کے افسران اور جوانوں نے دہشت گر دوں، دہشت گر دی اورسماج دشمن عناصر کے خلاف سینہ سپر ہو کر جس طرح وطن کی مٹی کے لئے اپنی جانیں قربان کیں و ہ ہمیشہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جا ئیں گی ۔اس موقع پر اے ڈی سی جی آفا ق احمد وزیر ، اے سی فا طمہ بشیر ، اے ایس پی عمارہ شیرازی ، ضیاء الدین ، ڈی ایس پی ملک تفسیر حسین ، فیاض الحق ، ڈی ایس پی ٹریفک فا تح عالم ، ایس ایچ او تھانہ اٹک سٹی سید مظہر حسین ، ایس ایچ او تھانہ صدر اٹک محمد رؤ ف خان ، پی آر او طا ہر اقبال ، چیف سیکو رٹی آفیسر محمد نعیم خان ، پی اے ٹو ڈی پی او ملک محمد ایوب ، وا ئس چیئر مین طا ہر اعوان ، صدر انجمن تا جران راشد الرحمن خان ، چیئر مین پنجاب بیت الما ل عطاء الرحمن ، ڈی ایس پی شو کت شاہ کی بیوہ اور کم سن بیٹی کے علا وہ کو نسلرا ن بلدیہ ، معززین علاقہ ، شہداء کے اہلخانہ ، پو لیس کے افسران اور اہلکاروں کی کثیر تعداد مو جو د تھی ریلی کے شرکاء نے پولیس شہداء کی تصاویر اُٹھائی ہوئی تھیں جبکہ فوارہ چوک میں ان شہداء کی تصاویر لگائی گئی تھیں جن کے اوپر شہریوں نے پھول نچھاور کیے شہریوں کی طرف ٹھنڈے پانی کی سبیلیں بھی لگائی گئی تھیں شر کاء نے فوارہ چوک میں شہداء کی یاد میں مو م بتیاں جلا کر انہیں خراج تحسین پیش کیا مقررین نے پولیس شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ یہ شہداء جہاں محکمہ اور ملک کے لیے قربان ہوئے ہیں وہیں ان کی یہ قربانیاں ملک سے دہشت گردی اور بدامنی ختم کرنے میں معاون ثابت ہو رہی ہیں ان شہداء کے ورثاء اپنے آپ کو اکیلا نہ سمجھیں محکمہ پولیس اور پوری قوم ان کی پشت پر ہے ان شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی پوری قوم آج پولیس کے شہداء کو دنیا بھر کی طرح خراج تحسین پیش کر رہی ہے۔

حضروسٹی: وزارت عظمٰی کی تبدیلی ‘مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آ گیا ،اشیا ئے خوردونوش کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ؛ سروے رپورٹ
وزارت عظمٰی کی تبدیلی ‘مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آ گیا ،اشیا ئے خوردونوش کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ‘لوڈ شیڈنگ اور بے روزگاری سے تنگ عوام مہنگائی کے جا ل میں جکڑی گئی ۔ایک سروے کے دوران زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد ابرار شاہ، محمد نواز ، احمد نواز ، وقاص شاہ، بلال احمد ، محمد مسکین ، سجاد احمد، وقاص ، ارسلان، محمد ریحان ،اشرف ، ارشاد، اقبال، بنی بیگم، ثریا خانم ، زویابی بی و دیگر نے بتا یا ہے کہ وزارت عظمٰی کی تبدیلی کے سا تھ ہی مہنگائی کا ایک نیاطوفان آ گیا ہے جس کی وجہ سے اشیا ئے خوردونوش سبزی فروٹ کئی گنا مہنگے کر دیئے گئے ہیں ۔عوام یہ امید لگائے بیٹھے تھے کہ نیا وزیر اعظم حلف اٹھاتے ہی پہلا حکم عوام کو اشیا ئے خوردو نوش کی قیمتوں میں واضح کمی اور ریلیف کی صورت میں ملے گا مگر نتیجہ اس کے بر عکس نکل آ یا ہے کھانے پینے کی اشیا ء سبزی و فروٹ مہنگے داموں فروخت ہو رہے ہیں 

حضروسٹی: میجر وچنگیز خان گروپ حضرو سپورٹس میلہ کے دوسرے ایونٹ 4ہزار میٹر دوڑ موسیٰ کالونی میں منعقد کرائی گئی 
میجر وچنگیز خان گروپ حضرو سپورٹس میلہ کے دوسرے ایونٹ 4ہزار میٹر دوڑ موسیٰ کالونی میں منعقد کرائی گئی ،جس میں چھچھ بھر سے بہترین اتھلیٹس نے حصہ لیا ،نوجوان کھلاڑی عطا محمد اپنی سابقہ رایات کو برقرا ر رکھتے ہوئے 4ہزار میٹر ریس کے فاتح قرار پائے ،4ہزارمیٹر ریس میں پہلی پوزیشن حاصل کر نے پر نوجوان کھلاڑی عطا محمد کو مہمان خصوصی خادم چھچھ چنگیز خان نے 10ہزار روپے کیش انعام دیا ۔دوسرے نمبرپر آنے والے کھلاڑی کو 5ہزار جبکہ تیسرے نمبرپر آنے والے کھلاڑی کو 3ہزار روپے کیش انعام دیا گیا ۔اس موقع پر تماشائیوں کی کثیر تعداد کے علاوہ چنگیز خان گروپ کی سر کر دہ شخصیات چیئر مین یوسی خگوانی ذاکر خان المعروف زیدی خان ،سابق کونسلر یوسی غورغشتی اختر زما ن خان وڈا ،جنر ل کونسلر لال شاہ ،جنر ل کونسلر یوسی نرتوپہ وترجمان چنگیز خان مسعود خان المعروف خان بھائی ،علی آرائیں ،ملک نسیم ،زاہد میر ،بابر زمان خان ،ماجد خان ،سیف محمود ،ملک صداقت ،ملک وقار صدر میلاد کمیٹی حضرو ،ملک آفتاب احمد وائس چیئر مین یوسی خگوانی ،ملک تیمور نوازاور کثیر تعداد میں اہلیان چھچھ موجود تھے ،اس موقع ہر چنگیز خان نے کہا کہ علاقہ میں نوجوان کھلاڑیوں غیر نصابی سرگرمیوں کے پیش نظر اس قسم کے ایونٹ آئندہ بھی کرائے جائیں گے ۔

اٹک سٹی:ضلعی جائزہ کمیٹی اٹک کا اجلاس برائے تعلیم ڈی سی اٹک رانا اکبر حیات کی زیر صدارت ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا
ضلعی جائزہ کمیٹی اٹک کا اجلاس برائے تعلیم ڈی سی اٹک رانا اکبر حیات کی زیر صدارت ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا،سی ای او ایجوکیشن اٹک عبدالشکور انجم ،ڈی ایم او سید نذارت علی شاہ، ضلع بھر کے ڈی اوز اور ڈپٹی ڈی اوز بھی اجلاس میں موجود تھے، جائزہ کمیٹی میں اساتذہ کی حاضری کا جائزہ لیا گیا اورغیرحاضر اساتذہ کی خلاف کاروائی کی سفارش کی گئی، ڈی سی اٹک رانا اکبر حیات نے اس موقع پر ہدایت کی کہ ضلع بھر میں قائم تعلیمی اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ان اداروں میں زیر تعلیم طلبا و طالبات کی حاضری کو یقینی بنایا جائے،علاوہ ازیں پرائمری انرولمنٹ اور سیکنڈری انرولمنٹ مہم کا بھی جائزہ لیا گیا،انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ سکولوں میں زیر تعلیم طلبہ کی تعلیم کے ساتھ ساتھ کردار سازی پر بھی بھرپور توجہ دیں تاکہ وہ حصول تعلیم کے ساتھ ساتھ اچھے انسا ن بھی ثابت ہوسکیں، انہوں نے کہا کہ ملک کا مستقبل نوجوان نسل سے وابستہ ہے، تعلیم یافتہ نوجوان ہی ترقی یافتہ پاکستان کی ضمانت ہیں، انہوں نے کہا کہ سکولوں میں ناکافی سہولیات کی فراہمی کے لیے پنجاب حکومت بھرپور توجہ دے رہی اور ان سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے،انہوں نے کہا کہ تعلیم کی ترقی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے جس کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں،انہوں نے ہدایت کی کہ سکول میں اساتذہ کی حاضری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور غیر حاضر اساتذہ کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی کی جائے تاکہ طلبا و طالبات کو تعلیم کا حصول یقینی بنایا جاسکے۔

اٹک سٹی:حکومت اساتذہ کے مسائل حل کرنے میں توجہ دے رہی ہے ‘اسٹاف کی کمی کوجلد ہی پوری کر دی جائیگا؛ عبدالشکور انجم 
حکومت اساتذہ کے مسائل حل کرنے میں خصوصی توجہ دے رہی ہے جن اسکولوں میں اسٹاف کی کمی ہے ‘جلد ہی پوری کر دی جائے گی، اساتذہ بچوں کو معیاری تعلیم دینے میں کوئی کمی نہ رکھیں تاکہ بچے معاشرے کے بہترین شہری بن سکیں۔جو اسکول اچھا نتیجہ دے گا ‘حکومت پنجاب کی طرف سے اس کو تعریفی اسناد دی جائینگی،ان خیالات کا اظہار سی او ایجوکیشن اٹک عبدالشکور انجم نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول میں میٹرک میں بہترین نتیجہ دینے والے گرلزاسکولوں کی ہیڈ مسٹریس کو تعریفی اسناددینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرڈی او امجد اقبال ،سینیئر ہیڈ ماسٹر شیخ آصف محمود صدیقی بھی موجود تھے ،انہوں نے ہیڈ مسٹریس سے کہا کہ وہ آزاد ماحول میں بچیوں کو تعلیم دیں ان پر کسی قسم کا دباؤ نہیں ڈالا جائے گا، اسکولوں میں گھر جیسا ماحول پیدا کریں،میری انتہائی کوشش رہی ہے کہ جس اسکول میں اسٹاف کی کمی ہو وہاں فوری طور پر اسٹا ف بھیجا جائے ،خاص طور پر جن اسکولوں میں سائنس کے مضمون کے اساتذہ نہیں تھے ‘وہاں پر فوری طور پر اساتذہ تعینات کئے گئے تاکہ طلباء و طالبات کا وقت کے ساتھ ساتھ مستقل بھی تاریک نہ ہو سکے ۔عنقریب ہی 2200ایجوکیٹر اور سائنس اساتذہ کے بھرتی کے احکاما ت جاری کئے جائیں گے تاکہ وہاں اسٹاف کی کمی پوری ہو سکے،جن اسکولوں میں آئی ٹی لیب نہیں ہیں ان کو جلد ہی آئی ٹی لیب فراہم کر دی جائینگی،خلوص نیت سے کام کریں تو اﷲ تعالی کامیابی دیتا ہے ،جو اسکول اچھا نتیجہ دے گا حکومت پنجاب کامیاب اسکول کے انچارج کو بہترین کار کردگی کی اسناد جاری کرے گی،وزیر اعلی کی خصوصی احکامات پر 14اگست جشن آزادی کے موقع پر ہر یونین کونسل کے ایک اسکول میں تقریب ہو گی جس میں طلباء و طالبات ملی نغمے پیش کرینگے اور اچھی پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو انعامات دیئے جائینگے۔ 

ضلع اٹک:ناڑہ اور پڑی گاؤں میں طوفانی بارشیوں نے تباہی مچادی ‘مکانات زیر آب آ گئے ،درجنوں مکانات اور دیواریں گر گئیں 
ناڑہ اور پڑی گاؤں میں طوفانی بارشیوں نے تباہی مچادی ‘سینکڑوں مکانات زیر آب آ گئے ،درجنوں مکانات اور دیواریں گر گئیں ‘سٹرکیں اور گلیاں پانی میں بہہ گئیں ،عوام چار روز سے مشکلات کا شکار ‘سرکاری سطح پر بے حسی کی انتہا کوئی پرسان حال نہیں ‘اپنی مدد آپ کے تحت نقصان کا جائز ہ لے رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین یونین کونسل ناڑہ سردار واجد علی خان نے میڈیا سے بات چیت میں کیا ہے ،انہوں نے کہا کہ شدید بارشیوں سے سیلابی صورت حال میں جہاں مکانات زیر آب آئے اور درجنوں مکانات گر گئے ‘وہیں فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے اور سیلابی پانی سے زرعی اراضی کٹاؤ کاشکار ہوکر تباہ ہوگئی ہے ۔سردار واجد نے کہا کہ سرکاری سطح پر اعلانات تو بہت کیے جارہے ہیں مگر ہماری یونین کونسل میں ضلعی انتظامیہ اور منتخب حکومتی نمائند وں نے متاثرین سے کوئی رابطہ نہیں کیا ہے ‘انہوں نے نقصان کا تخمینہ لگانے اور متاثرین کو مالی امداد دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ 

ضلع اٹک:مون سو ن کی بارشوں کے سبب سینکڑوں مقامات پر ندی نا لے اور بر ساتی گزر گاؤں میں حد سے زا ئد بارش کے سبب بھپھر گئے 
مون سو ن کی بارشوں کے سبب اٹک کے سینکڑوں مقامات پر ندی نا لے اور بر ساتی پانی کی گزر گاہیں حد سے زا ئد مو سلا دار بارش کے سبب بھپھر گئے ،ندی نا لو ں اور ا ن گزر گاؤں میں طغیا نی آنے کے سبب اربوں رو پے ما لیت کا نقصان پانی کے کنارے کھیت ، باغات ، مکانات ، اور کمر شل دکا نا ت وغیر ہ اور دیگر املاک کو شدید نقصان ‘حکو مت کی تعمیراتی شعبوں میں ناقص منصوبہ بندی کھل کر سا منے آگئی ،صرف اٹک کے نواحی گاؤں مرزا کے نا لہ ستھ میں مشر ف دور حکو مت اور بعد ازاں مو جو دہ دور حکو مت میں تعمیر ہو نیو الے میں پختہ نا لہ کی تعمیر میں سنگین نقائص کے سبب وسیع و عریض علاقے کا بارشی پا نی تعمیر کے دوران نا لہ جس کی چوڑائی سینکڑوں فٹ تھی کو چند فٹ کر نے کے سبب نا لہ میں آنے والے طوفانی پا نی نے نا لہ کو کئی مقامات سے پھاڑ دیا اور نا لہ میں کنکریٹ کی بجا ئے پتھر کی تعمیرکے سبب پتھروں کو نا لہ کے اندر سے نکال با ہر کیا۔ آئندہ اس قسم کی بار ش سے جا نی اور ما لی نقصان کا اندیشہ ، وا ئس چیئر مین مرزا یو نین کونسل ملک فیاست خان نے سابق ضلع ناظم میجر طاہر صادق کی ہدا یت پرمیڈیا کے ہمراہ متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور علاقے کے متاثرہ افراد کو اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرا تے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کے مسائل حل کر نے میں سنجیدہ نہیں اور نہ ہی اس حلقہ کے ممبران اسمبلی عوام کے دکھ در د کو سمجھتے ہیں ،مو جود ہ بارش میں بھی مرزاگا ؤں کے پا نچ سو گھروں میں بارشی پانی گھس گیا اس نا لہ کی تعمیر مشرف دور حکو مت میں اس وقت کے رکن قومی اسمبلی ملک امین اسلم جو وفا قی کا بینہ میں وزیر مملکت تھے شروع کی گئی منصوبہ پا یہ تکمیل تک نہ پہنچا تو حکو مت کی مدت پور ے ہو نے کے بعد نئے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے شیخ آفتاب احمد ایم این اے منتخب ہو ئے بقا یا نا لہ کی تعمیر ان کے دور میں شروع کی گئی جس میں دو سو فٹ نا لے کو تنگ کر کے چند فٹ کردیاگیا جس کے سبب نا لے کی پختہ تعمیر کے دونوں اطراف میں ما لکان نے اپنی زمینیں فروخت کر دی جہاں پر مکانات اور دکا نات کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے دو سو فٹ کا نا لہ تنگ ہو کر چند فٹ پر آگیا ہے تاہم کا مرہ اور سنجوال کے وسیع علاقے سے آنے والا پانی جو صدیوں سے مو سم برسات میں اسی نا لہ سے گزر تا ہے نا لہ تنگ ہو نے اور نا لے کے با لکل ساتھ تعمیرات کے سبب آنے والے دور میں کئی سو انسانی جا نوں کے ضیا ع کا سبب بننے کے علاوہ اربوں رو پے ما لیت کی قیمتی جا ئیدادوں کی تباہی کا بھی مو جب ہو گا جس کی تمام تر ذمہ داری مقا می سیا ست دانوں پر عا ئد ہو گی منگل کے روز ہو نے والی طوفانی بار ش کے نتیجہ میں نا لہ ستھ سے ملحقہ پا نچ سو سے زائد گھروں میں پانی گھس گیا پانی کی طغیا نی کا اندازہ اس بات سے لگا یا جا سکتا ہے کہ نا لہ کراس کر تے ہو ئے مو ٹر سائیکل پر سوار دو افراد پا نی میں بہہ گئے جنہیں علاقے کے لوگوں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر بڑی مشکل سے ایک میل دور سے پانی سے نکا لا تا ہم ان کا مو ٹر سائیکل پا نی میں بہہ گیا اسی طرح مقامی کسان کی گائے بھی جو وہ صبح اپنے کھیتوں کی جا نب لے جا رہا تھا پا نی کی نظرہو گئی ،اسی طرح مختلف علاقوں میں ندی نا لو ں اور آبی گزر گاؤں میں لوگوں کا مواصلاتی رابطہ گھنٹوں منقطہ رہا بارشی پا نی کم ہو نے پر میلوں گاڑیوں کی لمبی لا ئنیں اپنی منزل مقصود کی طر ف رواں دواں ہو ئی ۔

حضروسٹی:ڈھکی روڈ کو اکھاڑ کر حضرو شہر کی عوام کو خوار کر نیوالے گروپ کو حضرو شہر کی عوام سے معافی مانگنی چایئے تھی ؛ حاجی سعید آرائیں
ڈھکی روڈ کو اکھاڑ کر حضرو شہر کی عوام کو خوار کر نے والے گروپ کو بیان بازی کی بجائے حضرو شہر کی عوام سے معافی مانگنی چایئے تھی ،عوام کے مسائل کے حل کیلئے ہائی کورٹ تو کیا ہر سپریم کورٹ تک جانے کیلئے تیار ہیں،اتحاد گروپ مکمل طور پر متحد ،منظم اور چٹان کی طرح مضبوط ہے جس کا ہر فیصلہ باہمی مشاروت ،اتفاق واتحاد اور حضرو شیر کے عوام کے وسیع تر مفاد کو مد نظر رکھ کھتے ہوئے کیا جاتا ہے ،نزاکت خان کی قیادت میں اتحاد گروپ ہر وقت عوام کی خدمت کیلئے کوشاں ہے ،ان خیالات کا اظہار چیئر مین بلدیہ حضرو حاجی سعید آرائیں ،وائس چیئر مین ملک مناف خان ، ،نزاکت حسین ،اور نگزیب خان ،ملک مقصود ،احتشام بیگ نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ ڈھکی روڈ کو ڈار گروپ نے عید سے قبل اکھاڑ کر شہر کی عوام کو ذہنی کوفت میں مبتلا کیا جو تاحال اسی کیفیت سے دوچار ہے اور اسکی تمام تر ذمہ داری ڈار گروپ پر عائد ہوتی ہے،جس کو آج ڈار گروپ نے تسلیم بھی کیا کہ یہ ہائی وے کی نااہلی ہے ،محکمہ ہائی وے کی نااہلی سے زیادہ نااہلی ڈار گروپ کی ہے کہ جنہوں نے پروسیجر مکمل کیے بغیر ہائی وے والوں کو حضرو شہر کا مصروف ترین روڈ عید کے موقع پر اکھاڑنے دیا جو آج تک عوام کیلئے درد سر بنا ہواہے ۔

سٹاکٹن(امریکہ):پی ٹی آئی نارتھ کیلی فورنیا کی جانب سے ’’یوم تشکر ‘‘ اور تحریک انصاف کی جد وجہد کی کامیابی کے سلسلے میں دعوت دی گئی
پاکستان تحریک انصاف نارتھ کیلی فورنیا امریکہ کی جانب سے ’’یوم تشکر ‘‘ اور تحریک انصاف کی جد وجہد کی کامیابی کے سلسلے میں دی گئی پارٹی جس کے مہمان خصوصی عمران خان کے کزن ڈاکٹر قمر زمان خان ، شیخوپورہ سے پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی نوید اختر خان اورپاکستان تحریک انصاف نارتھ کیلی فورنیا کے وائس چیئر مین شیک خان تھے،اس پروگرام میں پاکستان تحریک انصاف کے نوجوانوں ،بزرگوں اور بچوں نے شرکت کی جن میں اکثر کا تعلق علاقہ چھچھ سے تھا ۔اس موقع پر شیک خان کا کہنا تھا کہ کہ پاکستا ن کو اللہ تعالیٰ نے دنیا کی ہر نعمت سے نواز رکھا ہے مگر کمی ہے تو صرف دیانتدار لیڈروں کی اور میں سمجھتا ہوں کہ اس پاکستان میں ایک واحد لیڈر ہیں جن پر کرپشن یا قوم کی دولت لوٹنے کے کوئی الزام نہیں جو کہ عمران خان ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ہی وطن عزیز میں تبدیلی کی کرن ہیں ،پاکستانی قوم کو الیکشن 2018 میں محب وطن لیڈر عمران خان کا ساتھ دیکر ملک سے کرپٹ لیڈروں سے اپنی جان چھڑائیں تاکہ میں ملک ترقی وخوشحالی کی طرف گامزن ہوسکے ۔

گا ؤں ملہو کی رہائشی نو را لعین نے میٹرک میں راولپنڈی بورڈ سے کل 1100نمبروں میں سے 1023نمبر حا صل کر کے ریکارڈ بنا لیا
گا ؤں ملہو کے رہائشی ما سٹر حفیظ کی صاحبزادی نو را لعین نے میٹرک میں راولپنڈی بورڈ سے کل 1100نمبروں میں سے 1023نمبر حا صل کر کے اپنے والدین اور اساتذہ کا سر فخر سے بلند کر دیا ۔اس شاندار کا میابی پر نو را لعین کا کہنا ہے کہ میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کر تی ہوں کہ مجھے میٹرک میں شاندار کا میا بی ملی اور اتنے نمبر حا صل کیے ‘میں نے اساتذہ کی محنت اور والدین کی دعاؤں سے یہ کا میا بی حا صل کی اپنے اساتذہ اور والدین کی شکر گزارہو ں ۔اس موقع پرنو را لعین کے والد محترم ما سٹر حفیظ نے کہا کہ اللہ پاک نے میری بیٹی کو اتنی بڑی کا میابی سے نوازا ہے بڑی عزت ملی ہے ‘یہ ہمارے علا قہ کے لیے بڑا اعزاز ہے ۔میری بیٹی مزید تعلیم جاری رکھے گی اور ہم اس کا بھر پور ساتھ دیں گے ہمیں یقین ہے کہ وہ آئندہ اس سے بھی زیادہ نمبر حا صل کرے گی، نو را لعین کی شاندار کا میا بی پر اس رشتہ داروں ،معززین علا قہ نے ان کے والد ما سٹر حفیظ کو دلی مبا رکباد دی ہے ۔

حضروسٹی: محلہ شہباز گڑھ ، بنی ، ڈاک بنگلہ ، افضل آباد ، غربی عید گاہ اور مسلم گنج کی عوام نکاسی آب کے مسئلے پر کافی پریشان ہے؛ رضوان الہٰی
وارڈ نمبر 1 محلہ عید گاہ کے رہائشی رضوان الہی نے کہا ہے کہ نکاسی آب ویسے تو پورے حضرو کی عوام کا دیرینہ مسئلہ بنا ہوا ہے مگر محلہ عید گاہ اور اس کے ملحقہ دیگر محلہ جات جن میں محلہ شہباز گڑھ ،محلہ بنی ،محلہ ڈاک بنگلہ ،محلہ افضل آباد محلہ شرقی غربی عید گاہ ،اور محلہ مسلم گنج کی عوام اس دیرینہ اور حل طلب مسئلے کے ہاتھوں کافی پریشان ہے ،گزشتہ ایک سال سے یہ مسئلہ انتہائی شدت اختیار کیا ہواہے ‘نکاسی آب کیلئے بنائے جانیوالا نالہ ایک سال قبل سپورٹس کمپلیکس حضرو کی راہ میں رکاوٹ کی وجہ سے تمام ممبران حضرو اورصوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ کے پرسنل سیکرٹری ملک انصار نے ہمارے محلے کی جامع مسجد میں اکٹھ کی جس میں اہلیان محلہ کے چند مطالبات سنے گئے جس میں سب سے بنیادی مسئلہ تھا وہ نکاسی آب کا تھا ملک انصار اور تمام ممبران نے دعا خیر کی کہ جس میں انہوں نے اس حل طلب مسئلے کو فوری حل کر نے کا وعدہ کیامگرآج ایک سال گزر نے کے باوجود چند ممبران کے علاوہ باقی ممبران اور ملک انصار سب اس مسئلے سے پیچھے ہٹ گئے ۔اس نالے پر 7 ،8محلے کا پانی گزرتا ہے،تمام محلہ جات کی عوام اس مسئلے کیلئے سخت پر یشان ہے ‘ان سب ممبران سے ناراض ہے اس کی وجہ یہ ہے چند لوگ اپنے پیسے کے بل بوتے اور غیر قا نونی طور پرنکاسی آب کے حل کیلئے بنایا جانیوالے نالے کی راہ میں رکاوت بنے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ ان چند بندوں نے 30ہزار عوام کو تگنی کا ناچ نچایا ہوا ہے نالے کو عارضی طور پر اپنے اپنے گھر کے پاس سے بند کیا ہوا ہے جس کی وجہ سے محلے کی گلیاں اور سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں سڑکوں پر کھڑے پانی کی وجہ عوام ڈینگی، ملیریا، کالا یرقان اور کئی موزی بیماریوں میں مبتلا ہو رہی ہیں رضوان الہی نے کہا کہ میں ایک دفعہ پھرارباب اختیار سابق وزیرشیخ آفتاب احمد ،صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ ،ضلعی کسان کونسلر ملک انصار ،چیئر مین بلدیہ حضرو حاجی سعید�آرائیں ،اسسٹنٹ کمشنر تحصیل حضرواویس منطور تارڑ سے پرزور اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس مسئلے کو جلد از جلد حل کریں ورنہ کسی وقت بھی نقصان اور لڑائی کا اندیشہ ہے جس کی تمام تر ذمہ داری آپ لوگوں پر عائد ہوگی کیونکہ یہ مسئلہ چار پانچ سال عدلیہ کے ذریعے سے T M Oحضرو A C حضرو اور با اثر لوگوں کے ذریعے سے حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن چند شر پسند عناصرلوگوں کی وجہ سے غیر قا نونی طور پرنالے کی راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ خدارا نکاسی آب کے اس مسئلے کو جلد از جلد حل کیا جائے ۔ 

اٹک سٹی:جے یو آئی نے آنیوالے جنرل الیکشن میں ضلع بھر سے قومی اور صوبائی اسمبلی کی سیٹوں پر امیدوار اُتارنے کا اصولی فیصلہ کر لیا
جمعیت علمائے اسلام ضلع اٹک نے آنے والے جنرل الیکشن میں ضلع بھر سے قومی اور صوبائی اسمبلی کی سیٹوں پر مضبوط امیدوار میدان میں اُتارنے کا اُصولی فیصلہ کر لیا اس حوالے سے ضلعی مجلس عاملہ نے تحصیلوں کو ٹاسک سونپ دیا ہے جو تحصیل وائز اپنے اپنے اجلاس بلا کر مضبوط اور عوامی رابطہ رکھنے والی شخصیات کے نام ضلعی جماعت کو بھیجیں گے اور بعد ازاں یہ نام صوبائی اور مرکزی جماعت کو بھیج دیے جائیں گے جہاں ان ناموں کی حتمی منظور ی دی جائے گی اس بات کا فیصلہ سرپرست اعلیٰ جمعیت علمائے اسلام اٹک مفتی سید امیر زمان حقانی کے مدرسہ جامعہ مسجد رحمت کائنات میں منعقدہ جمعیت علمائے اسلام کی ضلعی مجلس عاملہ اور تحصیل امراء و نظما ء کے مشترکہ اجلاس میں متفقہ طور پر کیا گیا اجلاس کی صدارت ضلعی امیر مولانا شیر زمان کی جبکہ ضلعی سرپرست قاضی خالد محمود ، قاسم خان وردگ،مولانا شہاب الدین، مفتی تاج الدین، مولانامحمد نعیم، مولانا ذکریا ، کلیم اللہ، مولانا اظہار الحق، مفتی سعید الرحمن، مفتی عبداللہ، قاری عبدالرؤف، قاری محمد اقبال، مفتی سید امیر زمان حقانی ، مولانا عبدالطیف ، مولانا عبدالوحید صدیقی، ملک شاہد، حافظ محمد عثمان اور دیگر نے شرکت کی میزبانی کے فرائض مفتی امیر زمان حقانی نے انجام دیے اجلاس میں صد سالہ تقریبات میں ضلع اٹک کی فنڈنگز سیکیورٹی انتظامات او ر دیگر مراحل میں بہترین انتظامات پر جے یوآئی پنجاب کی طرف سے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن کے ہاتھوں چھ شیلڈز ملنے پر اظہار تشکر کیا گیا جبکہ فیصلہ ہوا کہ جے یوآئی کے پیغام کو گھر گھر تک پہنچانے کے لیے ضلع تحصیل اور یونین کونسل سطح پر کام کو منظم کر کے آگے بڑھایا جائے اجلاس میں سانحہ لاہور میں شہید ہونے والوں کے لیے خصو صی دعا کرائی گئی۔

حسن ابدال:سکھ یاتری راکھی بندھن کی تین روزہ تقریبات منانے کے لیے گوردوارہ پنجہ پانچ اگست تا سات اگست2017آئیں گے 
ملک بھر سے دو ہزار سکھ یاتری راکھی بندھن فیسٹول کی تین روزہ تقریبات منانے کے لیے گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال پانچ اگست تا سات اگست2017آئیں گے ،اس سلسلے میں سکھوں کو فول پروف سیکورٹی اقدامات کی فراہمی اور دیگر انتظامات کے لیے ہدایات جاری کردی گئی ہیں ۔سکھوں کی فول پروف سیکورٹی کے فرائض ڈی پی او اٹک سرانجام دیں گے ‘طبی سہولیات کی فراہمی چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اٹک اور ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال اٹک کے ذمہ ہوں گی ۔صفائی کے انتظامات اور سٹریٹ لائٹس کی فراہمی چیف آفیسر میونسپل کمیٹی حسن ابدال کریں گے ۔سکھوں کی رہائش کے انتظامات اے ڈی سی (جنرل)اٹک، بجلی کی بلاتعطل فراہمی ایکسین آئیسکو ٹیکسلا ، اے کلاس ٹرانسپورٹ کی فراہمی ڈی آر ٹی اے ، راشن کی فراہمی ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر، عارضی پوسٹ آفس ، ڈویژنل سپرٹنڈنٹ پوسٹ آفیسر اٹک اور بم ڈسپوزل سکواڈ ، ریسکیو 1122اور فائر بریگیڈ کی فراہمی کے سلسلے میں ڈی پی او اٹک سے ضروری رابطہ کیا جائے گا گوردوارہ پنجہ صاحب میں سگریٹ، نسوار ، انڈے اور گوشت لانا سخت ممنوع ہوگا ،اسسٹنٹ کمشنر حسن ابدال کو اس سلسلہ میں فوکل پرسن نامزد کیا گیا ہے انہوں نے کہ سکھ یاتریوں کی آمد کے ایام میں پنجہ صاحب میں لوڈشیڈنگ نہی کی جائے گی یاتریوں کو فل میڈیکل کور فراہم کیائے گا جس کی تمام تر ذمہ داری ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال حسن ابدال پر ہوگی۔ پنجہ صاحب میں سٹینڈ بائی جنریٹر ز موجود ہوں گے اس کے علاوہ صفائی کے خاص انتظامات بھی کیے جائیں گے سکھ یاتریوں کو آمدورفت کے لیے اے کلاس ٹرانسپورٹ کی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔

اٹک سٹی:ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر زاہد نواز مروت کی ہدایت پرسبزی منڈی اٹک کا علی الصبح سرچ آپریشن کیا گیا
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر زاہد نواز مروت کی ہدایت پر ڈی ایس پی صدر ملک تفسیر حسین کی نگرانی میں ایس ایچ او سید مظہر شاہ اور ایس ایچ او صدر ملک عبدالرؤف کی معیت میں سبزی منڈی اٹک کا علی الصبح سرچ آپریشن کیا گیا ‘اس دوران سبزی منڈی آنے اور جانے والے راستے کو مکمل سیل کر دیا گیا ،پوری منڈی کی تلاشی لی گئی اور درجنوں افراد کو بھی چیک کیا گیا جبکہ تلاشی بھی لی گئی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر زاہد نواز مروت نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا ہے کہ موجودہ ملکی حالات میں پبلک مقامات ، لاری اڈے، ہسپتال ، ریلوے اسٹیشن اور سبزی منڈی جیسے مقامات کی نگرانی اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی حالت سے بچنے کے لیے حفاظتی اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں عوام کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے ضلع بھر میں مختلف مقامات پر اٹک پولیس رینجرز کے ہمراہ آپریشن رد الفساد میں بھی مصروف عمل ہے ملک دشمن اور جرائم پیشہ افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں شہری کسی بھی منفی سرگرمی میں ملوث فرد یا افراد کے خلاف اگر معلومات رکھتے ہوں تو فوری طور پر متعلقہ پولیس اسٹیشن یا ڈائریکٹ ڈی پی او آفس اٹک اطلاع دیں انہوں نے کہا کہ سبزی منڈی اٹک کی مکمل تلاشی لی گئی جبکہ روزانہ پولیس اہلکار سبزی منڈی میں کام کرنے والے محنت کشوں کی حفاظت کے لیے بھی موجود ہوتے ہیں ۔

اٹک سٹی:چیف ایگزیکٹو ہیلتھ اتھارٹی اٹک ڈاکٹر جاوید اقبال چوہدری کی ہدایت پر ہیپاٹائٹس کا عالمی دن منایا گیا 
چیف ایگزیکٹو ہیلتھ اتھارٹی اٹک ڈاکٹر جاوید اقبال چوہدری کی ہدایت پر ہیپاٹائٹس کا عالمی دن منایا گیا ۔اس سلسلے میں ڈی ایچ او آفس اٹک سے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اٹک ڈاکٹر سعید اختر کی قیادت میں ہیپا ٹائٹس سے بچاؤ کے حوالے سے واک اور سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس میں نیوٹریشن سپروائز ر فیلڈ سٹاف ودیگر لوگوں نے شرکت کی اس موقع پر ڈاکٹر سعید اختر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہیپاٹائٹس کے عالمی دن منانے کا مقصد لوگوں کو ہیپاٹائٹس کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے تاکہ عوام اس موزی مرض سے آگاہ ہوں اور اپنا علاج اور ٹیسٹ بروقت کرا سکیں ڈاکٹر سعید اختر نے کہا کہ لوگوں کو چاہیے کہ ہیپاٹائٹس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اپنا کر اس موذی مرض سے بچاؤممکن ہے اُنہوں نے کہا کہ لوگوں کو چاہیے کہ شیوکراتے وقت استعمال شدہ بلیڈ ، ٹوتھ برش اور سرنج ہر گز استعمال نہ کر یں انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مریض بالخصوص حاملہ خواتین خصوصی احتیاط کریں پانی کو اُبال کر استعمال کریں انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ علاج سے احتیاط بہتر ہے ۔

لندن :پوری قوم سپریم کورٹ اورجے آئی ٹی کے تما م ارکان کو خراج تحسین پیش کرتی ہے؛ افضل خان لالہ
لند ن میں مقیم گاؤں فورملی کی معروف سیاسی وسماجی شخصیت افضل خان لالہ نے کہاہے کہ پاکستان کی تاریخ میں سپریم کورٹ کا فیصلہ سنہری حروف سے لکھا جائے گا ،آئندہ کوئی بھی طاقت کے نشے میں دھت انسان قومی دولت پر ہاتھ صاف کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا ،پانامہ لیکس کا فیصلہ قائد تحریک انصاف عمرا ن خان کی بھرپور کاوششو ں کا نتیجہ ہے ‘ملکی دولت لوٹنے والوں کڑا احتساب وقت کی آواز ہے ۔پانامہ لیکس کے فیصلے سے انصاف کی جیت ہو ئی ،ان خیالا ت کااظہا رانہو ں نے یاسرامین سے اپنی ایک آن لائن گفتگو میں کیا ۔انہوں نے کہاکہ پوری قوم سپریم کورٹ اورجے آئی ٹی کے تما م ارکان کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ‘پانامہ لیکس کے فیصلے سے نئے پاکستان کی بنیاد رکھی گئی ہے ۔پوری قوم خاندانی بادشاہت کے خاتمے پر یوم تشکر منا رہی ہے ‘سپریم کورٹ نے علی بابا اور چالیس چورو ں کے ٹولے کو انجام تک پہنچا دیا ہے پانامہ لیکس کا فیصلہ سنا نے والے ججزقوم کے ہیرو ہیں ۔انہوں نے آخر میں کہاکہ 2018کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف پورے ملک سے واضع اکثر یت میں کامیا ب ہو گی درباریوں او ر حواریوں کی ضمانتیں ضبط کر ادینگے ۔

اٹک سٹی:پولیس کا قمار بازی کے اڈے پر چھاپہ‘12افراد کے خلاف قمار بازی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ،7افراد کو گرفتار کر لیا گیا
ماڈل پولیس سٹیشن اٹک سٹی کا قمار بازی کے اڈے پر چھاپہ‘12افراد کے خلاف قمار بازی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ،7افراد کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ5افراد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں ،تفصیلات کے مطابق ماڈل پولیس سٹیشن اٹک سٹی کو اطلاع ملی کی منڈی مویشیاں میں کچھ افراد قمار بازی میں مصروف ہیں پولیس نے چھاپہ مار کر قمار بازی میں مصروف افراد کو قابو کر کے ان کے قبضہ سے نقد رقم اور موبائل فونز قبضہ میں لے کر ا ن کے خلاف قمار بازی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ چند نامعلوم افراد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں ۔

گاؤں شینکہ:پی ٹی آئی ور مسلم لیگ(ن) کے دیرینہ ساتھیوں کا اپنی جماعتوں کو چھوڑ کر چنگیز خان کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے؛رپورٹ 
پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ(ن) کے دیرینہ ساتھیوں کا اپنی جماعتوں کو چھوڑ کر میجر طاہر صادق گروپ کے تحصیل رہنماء چنگیز خان کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق شینکہ گاؤں سے پاکستان تحریک انصاف کے سرگرم رہنماء الماس خان نے اپنی برادری اور دوست احباب کے ساتھ امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی16چنگیز خان کے ساتھ شمولیت کا اعلان کر دیا اسی طرح حضرو سے مسلم لیگ(ن) کے دیرینہ ساتھی محمد نعیم ،محمد بنیامین،علی اکثر ،اللہ بخش محمد ندیم اور محمد وسیم نے اپنی برادی اور دوست احباب سمیت چنگیز خان کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے،اس موقع پر شمولیت اختیار کرنے والی شخصیات کا کہنا تھا کہ خادم چھچھ چنگیز خان اور ان کے خاندان کی علاقہ کیلئے خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ، چنگیز خان نے چادر اور چھیل کو جو عزت و مقام دیا اس کے پیش نظر ہم انہیں ووٹ بھی دیں گے اور ہر جگہ سپورٹ بھی کرینگے دریں اثناء اپنے خطاب میں چنگیز خان نے کہا کہ صوبائی وزیر سے لوگ جس طرح مایوس ہو کر اور اقتدار چھوڑ کر ہمارے ساتھ شامل ہو رہے ہیں یہ عوام کا بہترین اعتماد کا مظہر ہے اور جو خدمت ہم کر سکتے ہیں وہ کوئی وڈیرہ، وزیر یا مشیر نہیں کر سکتا ، یاد رہے چنگیز خان گروپ چھچھ میں اس وقت مقبول ترین گروپ بن چکا ہے اور تمام دھڑوں و جماعتوں سے اہم شخصیات اپنے دھڑوں سمیت چنگیز خان کی حمایت کررہی ہیں جس سے ان کی پوزیشن مستحکم نظر آتی ہے۔

حضروسٹی:حضرو شہر کو نکاسی آب ،تجاوزات ،صفائی اورسٹریٹس لائیٹس کے مسائل کا سامنا ہے ‘وسائل بروئے کار لا رہے ہیں؛سعید آرائیں
چیئر مین چھچھ محافظ کمیٹی عمران خان اور چیئر مین بلدیہ حضرو سعید آرائیں نے کہا ہے کہ حضرو شہر کو نکاسی آب ،تجاوزات ،صفائی ،سٹریٹس لائیٹس اور مختلف مسائل کا سامنا ہے جن کے حل کیلئے اپنی توانائیاں اور وسائل بروئے کار لا رہے ہیں حضر شہر کے عوام کو عرصہ دراز سے درپیش ان مخصوص مسائل کے فوری حل کیلئے بلدیہ انتظامیہ اور چھچھ محافظ کمیٹی کو مل کر کام کر نا چایئے انشاء اللہ بہت جلد باہمی اتفاق واتحاد سے 
مسائل پر قابو پا لیا جائے گا ،چھچھ محافظ کمیٹی ایک خوبصورت ار بے مثل گلدستہ ہے جس کا وجود علاقہ عوام کیلئے کسی نعمت عظمیٰ سے کم نہیں کمیٹی ہذا کی علاقہ کیلئے گرانقدر سماجی خدمات کو انتہائی قدر کی ناگہ سے دیکھتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے سر براہ اتحاد گروپ سابق سٹی ناظم حضرو نزاکت خان کی طرف سے چھچھ محافظ کمیٹی تحصیل حضرو کے نو منتخب چیئر مین عمران خان ،جنر ل سیکر ٹری قاسم خان وردگ ودیگر عہدیداران وممبران کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا اس موقع پر وائس چیئر مین بلدیہ حضرو ملک عبدالمناف خان ،کونسلران اور نگزیب خان ،نزاکت حسین ،سرپرست CMCجاوید مجید خان ،مولانا قمر السلام ،حاجی عارف حسین ،مولانا مسعود اختر ضیاء ،نصیر جدون ،بابو طاہر پرویز ،خورشید آرائیں ،نثار علی خان ،محمد نسیم حضروی ،سمند ر خان اور زاہد میر بھی موجود تھے اس موقع چھچھ محاٖ فظ کمیٹی کے وفد نے پولیس اسٹیشن حضرو کے مد مقابل لنک روڈ کی سہولت مہیا کر نے پر اتحاد گروپ کے چیئر مین سعیدآرائیں اور ان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اور چھچھ محافظ کمیٹی کی جانب سے حضرو شہر کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا بعد ازاں وفد کے اعزاز پر تکلف ریفرٹمنٹ کا اہتمام کیا گیا ۔

ضلع اٹک:طوفانی بارشوں سے ضلع اٹک کے مختلف دیہات میں نقصانات اور علاقے زیر آب آنے کی خبریں ملی ہیں ؛ رپورٹ
طوفانی بارشوں سے ضلع اٹک کے مختلف دیہات میں نقصانات اور علاقے زیر آب آنے کی خبریں ملی ہیں ‘سب سے زیادہ نقصانات جنڈ ، پنڈی گھیب، فتح جنگ اور اٹک کے گاؤں مرزا میں ہوئے ہیں جہاں پر کئی مقانا ت او ر دیواریں گر گئیں جبکہ ندی نالوں میں طغیانی آنے سے آبادیوں کو نقصان پہنچا ہے ۔ان نقصانات پر سابق ضلع ناظم میجر طاہر صادق اور چیئرپرسن ضلع کونسل ایمان طاہر نے ضلع بھر میں میجر گروپ کے چیئرمینز یونین کونسل اور میجر گروپ کے رہنماؤں کی ڈیوٹیاں لگائی ہیں کہ وہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے نقصانات کی مفصل رپورٹ دیں تاکہ غریب لوگوں کی ہر ممکن مدد اور تعاون کو یقینی بنایا جا سکے اس حوالے سے وائس چیئرمین مرزا ملک فیاست خان ، وائس چیئرمین ضلع کونسل ملک جمشید الطاف، وائس چیئرمین ضلع کونسل سردار عارف خان، چیئرمین کھنڈہ ملک غلام حسین ، سردار شیر جنگ، چیئرمین ناڑہ سردار واجد علی خان، چیئرمین مٹھیال آصف علی ملک ، چیئرمین بسال انجم بشیر خان اور دیگر نے ضلع ناظم اور چیئرپرسن کی ہدایت پر متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ہے سابق ضلع ناظم میجر طاہر صادق اور چیئرپرسن ایمان طاہرنے حکومت سے بھی متاثرہ افراد کی ہر ممکن مالی مدد کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

اٹک سٹی:ریجنل ڈائریکٹرعلامہ اقبال اوپن یونیور سٹی امان اللہ ملک کی زیر صدارت داخلوں کے حوالے سے ایک اجلاس ہوا
ریجنل ڈائریکٹرعلامہ اقبال اوپن یونیور سٹی امان اللہ ملک کی زیر صدارت داخلوں کے حوالے سے ایک اجلاس ہواجس میں تمام متعلقہ حکام نے شرکت کی اجلاس میں بتایا گیا کہ یہ داخلے یکم اگست سے شروع ہونگے اور ان داخلوں کی آخری تاریخ 5ستمبر ہے یہ داخلے میٹرک تا پی ایچ ڈی اور (بی ایڈ،ایم ایڈ) لیول تک ہوں گے اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر اور کو آڑڈینیٹر بھی موجود تھے اور داخلہ فارم تحصیل سطح پر بنائے گے سیل پوائنٹس پر دستیاب ہیں اجلاس میں بتایا گیا کہ داخلوں سے متعلق تمام معلومات یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے حاصل کی جا سکتی ہیں فون پر معلومات کے لیے 057-2610610)) اس نمبر پر رابطہ کیا جا سکتاہے۔

اٹک سٹی: سابقہ روایا ت کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی ضلع اٹک میں چودہ اگست پورے ملی جوش و جزبے سے منایا جائے گا ؛ اکرام الحق
اے ڈی سی آر اٹک اکرام الحق نے کہا ہے کہ زندہ قومیں اپنا یوم آزادی پوری شان و شوکت سے مناتی ہیں اور سابقہ روایا ت کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی ضلع اٹک میں چودہ اگست پورے ملی جوش و جزبے سے منایا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے ڈی سی آفس اٹک میں جشن آزادی کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز ، چیئرمین بلدیہ اٹک شیخ ناصر ، ٹی ایم اوز، سی ای او ایجوکیشن،ڈی او سپورٹس شیخ آصف ، راہنما پاکستان مسلم لیگ شیخ اجمل اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے اجلاس کو جشن آزادی کے سلسلے میں تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یوم آزادی کے سلسلے میں ضلع اٹک میں تقریبات سات اگست سے شروع ہوجائیں گی ان تقریبات میں کھیلیں، تقاریر، مباحثے ، مضمون نویسی اور دیگر ادبی مقابلے شامل ہیں یہ مقابلے یونین کونسل سطح سے شروع ہوکر تحصیل اور ضلعی سطح تک جائیں گے جن میں ضلع بھر کی سیاسی شخصیات بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کریں گی اے ڈی سی آر اکرام الحق نے اس موقع پر ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کی تقریبات کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے تمام محکمے اور افسران اپنا کردار ادا کریں انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے سلسلے میں ضلع اٹک میں سابقہ روایات کی طرح اس سال بھی شاندار تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ 

















No comments:

Post a Comment