Tuesday, July 4, 2017

Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from Hazro.



ضلع اٹک میں 3500سے زائد مقامات پر فرزندان اسلام نے عید الفطر کی نماز ادا کی گئی 

ضلع اٹک میں 3500سے زائد مقامات پر فرزندان اسلام نے عید الفطر کی نماز ادا کی گئی ،اٹک اور گردونواح میں عید الفطر مذہبی عقیدت اور جوش و خروش سے منائی گئی اٹک شہر سمیت دو دراز دیہات میں بھی بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے اجتماعات میں فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں کرائی گئیں اور اسرائیلی بربریت اور جارحیت کی شدید مذمت کی گئی عیدالفطر کے اجتماعات کے موقع پرسخت سکیورٹی کے انتظامات، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امو ر شیخ آفتاب احمد نے نماز عید مرکزی عید گاہ میں اد اکی، ضلع اٹک کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی عید گاہ اٹک شہر میں منعقد ہوا جہاں مفتی مسعود احمد نے مسلمانوں کے حالت زار پر خطاب کیا اور اس اجتماع میں مسلمانوں کو توبہ و استغفار کرنے کی ترغیب دی جبکہ مفتی مسعود احمد نے نماز عید پڑھا ئی اسی طرح شہید ملت لیاقت علی خان ہاکی سٹیڈیم ( لالہ زار گراؤنڈ ) میں علامہ غلام محمد صدیقی ، جامع مسجد لوہاراں مولانا شیر زمان، اٹک کینٹ میں مولانا رفاقت علی حقانی، مدینہ مسجد میں قاضی اسعد الحسینی ، جامع تہفیمات اسلامیہ میں مولانا نعیم اللہ نے نماز عید کی امامت کی، مرزا ، شکردرہ ، سنجوال ، کامرہ ، حضرو، شیں باغ اور ضلع بھر کی چھ تحصیلوں سمیت دو ر دراز دیہات میں بھی عوام نے مساجد اور عید گاہوں میں نماز عید ادا کی اس موقع پر علمائے اکرام نے عید الفطر کافلسفہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے لئے عید الفطر ایک تحفہ ہے جو رمضان کی بابرکت گھڑیا ں گزارنے کے بعد مسلمانوں کو عطا کیا گیا ہے امت میں واحدت ، یکجہتی اور بھائی چارے کا درس دیا جبکہ اسرائیل کے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے مظلوم فلسطینو ں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور پچاس سے زائد اسلامی ممالک کے حکمرانو ں کی بے حسی پر کڑی تنقید کی علمائے اکرام نے کہا کہ موجودہ وقت میں مسلمانو ں کو قرآن و سنت کا دامن تھامنا چاہیے اور توبہ و استغفار کر کے روٹھے رب کو منانا چاہیے دریں اثناء عید کے اجتماعات پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ڈی پی او اٹک زاہد نواز مروت نے ضلع بھر کا دورہ کر کے سیکیورٹی معاملات چیک کیے اور کسی بھی ممکنہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے مساجد اور عید گاہوں کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کرائی جبکہ اٹک شہر سمیت ضلع بھر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی ، اسی طرح عید کے دنوں میں غیر قانونی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی بڑی تعداد میں تھانوں میں بند کیا گیا پولیس کی سخت سیکیورٹی پر عوامی ،سماجی حلقوں نے ڈی پی او اٹک کا شکریہ اد ا کیا ۔ 




ضلع اٹک کے مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے عید الفطر اپنے اپنے آبائی علاقوں اور دیہات میں ادا کی
ضلع اٹک کے مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے عید الفطر اپنے اپنے آبائی علاقوں اور دیہات میں ادا کی ۔وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد ، مرکزی رہنما پی پی پی سابق وزیر سنییٹر ملک حاکمین خان، ڈی سی او رانا اکبر حیات ،سابق امیدوار پنجاب اسمبلی شیخ سلیمان سرور ، مرکزی فوکل پرسن پاکستان جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی شیخ احسن الدین ،چیئرمین ایگزیکیٹو کمیٹی پنجا ب بار کونسل سید عظمت علی بخاری نے مرکزی عید گاہ اٹک، سابق وزیر داخلہ آزاد کشمیر حکومت ، ممبرقانون ساز اسمبلی راجہ محمد صدیق نے مدینہ مسجد ،مرکزی صدر تحریک استقلال رحمت خان وردگ نے آبائی گاؤں نعمت آباد ویسہ،وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ نے آبائی گاؤں شادی خان ، صوبائی وزیر معدنیات پنجاب چودھری شیر علی خان، سابق وزیر کرنل محمد انور ، سابق ممبران قومی و صوبائی اسمبلی ملک محمد امیر خان ، ملک خرم علی خان ، میجر ملک اعظم گھییبہ نے پنڈی گھیب ، سابق ضلع ناظم میجر طاہر صادق نے علالت کے سبب لاہور میں اور ان کے صاحبزادے محمد زین الہٰی ایم این اے نے باہتر ، رکن قومی اسمبلی کیپٹن ملک اعتبار خان ، سابق چیئرمین ضلع کونسل ملک عطا محمد، سابق وفاقی سیکرٹری ملک شہریار خان نے آبائی گاؤں کھنڈہ، رکن پنجاب اسمبلی ملک ظفر اقبال نے آبائی گاؤں گلیال، شاویز خان ایم پی اے نے حسن ابدال ، سابق وزیر مرکزی نائب صدر تحریک انصاف ملک امین اسلم نے شمس آباد، مرکزی رہنما تحریک انصاف ملک سہیل خان نے کمڑیال ، سابق وزیر مملکت ضلعی صدر پی پی پی سردار سلیم حیدرخان نے ڈھرنال ، سابق تحصیل ناظم اٹک قاضی خالد محمود نے آبائی گاؤں جتیال ، سابق تحصیل ناظم رضا خا ن اور ان کے بھائی امیدوار حلقہ پی پی 16 چنگیز خان نے بہودی ، سابق ایم پی اے پیر عباس محیی الدین نے مغلیہ دور میں تعمیر ہونے والے مکھڈ کی تاریخی مسجد میں ،امیر جے یو آئی پنجاب ڈاکٹر قاری عتیق الرحمان نے جامع اسلامیہ راولپنڈی ،سابق ضلعی امیر جماعت اسلامی اقبال خان نے اتمان آباد حسن ابدال ، ضلعی امیر جے یو آئی مولانا شیر زمان نے جامع مسجد لوہاراں اٹک میں خود امامت کرائی ، ایم پی اے سید اعجاز بخاری نے امام بار گاہ کاملپور سیداں،مرکزی نائب صدر جے یو پی صاحبزادہ سعید احمد نے آبائی گاؤں دریا ، ڈی پی او زاہد نواز مروت ، ڈی ایس پی ملک تفسیرحسین اور عید کے مختلف اجتماعات میں ڈیوٹیاں ادا کرنے والے پولیس اہلکارو ں نے پولیس لائن اٹک میں نمازعید ادا کی۔



حضروسٹی:ذاتی رنجشوں اور مفاد کی خاطر شہر کی سڑکوں کو اونچا کر نے کے بجائے اکھاڑ کر کروڑوں روپے کا نقصان کردیا گیا؛مسعود میر
حضرو شہر کو گندگی کا ڈپو بنا دیا گیا ،ذاتی رنجشوں اور اپنے اپنے مفاد کی خاطر شہر کی سڑکوں کو اونچا کر نے کے بجائے سڑک کو اکھاڑ کر کروڑوں روپے کا نقصان کردیا ،شہر میں نکاسی آب کا مسئلہ حل ہونے کے بجائے مزید خراب ہو جائے گا اور شہر کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کریں گی ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف تحصیل حضرو کے رہنماؤجوائنٹ سیکر ٹری مسعود میرنے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا حضرو شہر ضلع اٹک کا وہ واحد شہر ہے جس کے وسط میں عرصہ دراز سے فلتھ ڈپو بنا ہوا ہے ،شہر بھر کی گندگی کوڑا کرکٹ اسی فلتھ ڈپو پر پھنکا جا تا ہے جس سے شہری کئی قسم کی موزی مرضوں میں مبتلا ہو رہے ہیں حضرو شہر کے منتخب سیاسی نمائندوں نے اپنی زاتی انا اور ذاتی رنجشوں کی خاطر ایک دوسرے کے دست وگریبان ہیں انہیں شہر کی عوام کے مسائل کا کوئی پتہ ہی نہیں مسعود میر نے مزید کہا کہ نرتوپہ ٹول ٹیکس کا گندا پانی بھی حضرو شہر میں داخل ہو رہا ہے اور ان سیاسی نمائندوں کو خبر تک نہیں عوامی نمائندے ایک دوسرے کی خوشامد اور ذاتی مفاد میں لگے ہوئے ہیں انشاء اللہ پی ٹی آئی اقتدار میں آکر حضرو شہر کے پرانے نالوں کو کھلوائے گی ،نرتوپہ ٹول ٹیکس سے جو پانی شہر میں داخل ہو رہا ہے اسے چیل میں پھینکا جائے گا ،حضرو شہر سے تجاوزات کو ختم کر کے شہر بھر کی تمام سڑکیں کشادہ کی جائیںں گی اور سبزی منڈیوں کو بلدیہ حضرو کی تحویل میں دیا جائے گا ،بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے ۔



ڈی پی اواٹک زاہد نواز مروت نے ڈی پی او آفس میں اچھی کار کردگی دکھانے والے افسران میں انعامات تقسیم کیے 
ڈی پی اواٹک زاہد نواز مروت کا ڈی پی او آفس میں اچھی کار کردگی دکھانے والے افسران میں انعامات کی تقسیم مجموعی طور پر چار لاکھ روپے تقسیم کیے گئے، پولیس افسرن عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں تفصیلات کے مطابق ڈی پی او اٹک زاہد نواز مروت نے ڈی پی او آفس میں اچھی کار کردگی دکھانے والے افسران و جوانان کی حوصلہ افزائی کے لیے نقد انعامات تقسیم کیے، اس موقع پر ڈی پی او اٹک نے خطاب کرتے ہوئے پولیس ملازمین کو عوامی خدمت کو اپنا شعار بنانے کی تلقین دی اور جوانوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایک ان اپنے اعمال کا جواب دینا ہے اوور اللہ کے حضورپیش ہونا ہے کبھی بھی خود کو ضمیر کی عدالت میں شرمندہ نہ کریں، عوام کی خدمت کریں پولیس افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ماتحت عملے کا خیال کریں اور کا نسٹیبلان جو محکمہ کا بنیادی یونٹ ہیں ان کے ساتھ عزت و احترام کے ساتھ پیش آئیں اور اپنے رویے میں نرمی لیکر آئیں اس موقع پر پولیس کے بہادر افسران و جوانان کو خراج تحسین پیش کیا۔



اٹک سٹی:تیز رفتار مو ٹرسائیکل سوار کو رو کنے پر مو ٹر سائیکل سوار ٹریفک پولیس والوں سے جھگڑ پڑا ‘مقدمہ در ج 
تیز رفتار مو ٹرسائیکل سوار کو رو کنے پر مو ٹر سائیکل سوار ٹریفک پولیس والوں سے جھگڑ پڑا ‘مقدمہ در ج ،تفصیلات کے مطابق انسپکٹر ٹریفک منصب خان نے تھانہ سٹی اٹک میں ایف آئی آر درج کرائی ہے کہ وہ تین میلہ چوک کے قریب ٹریفک چیکنگ میں مصروف تھے کہ موٹر سائیکل سوار محمد نسیم ولد محمد نواز ساکن محلہ نورانی حاجی شاہ تیز رفتاری سے آیا جسے روکنے کی کوشش کی تو وہ مو ٹر سائیکل بھگا کر لے گیا اس کو سرکاری گاڑی کے ذریعے تعاقب کر کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال کے قریب رو کا گیا ہیڈ کانسٹیبل اظہر اقبال کے ساتھ گلو گیر ہو گیا جس کوبمشکل قابو کر کے پولیس کے حوا لے کیاگیا ملزم کے خلاف کا ر سرکار سمیت دیگر دفعات 279,186/99 MVOت پ کے تحت مقدمہ درج کر ادیا گیا ہے ۔



اٹک سٹی:پولیس نے دو مختلف مقامات پر چھا پے مار کر ساڑھے نو سے پتنگ اور دیگر سا ما ن بر آمد کر کے مقدمات درج کر لیے 
ڈی پی او اٹک زاہد نوا ز مروت کی ہدا یت پر پتنگ بازی کے خلاف چلا ئی گئی مہم کے دوران ڈی ایس پی اٹک ملک تفسیر حسین کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ سٹی اٹک مظہر شاہ اور سب انسپکٹر ملک خداداد خا ن نے عملے کے ہمراہ دو مختلف مقامات پر چھا پے مار کر ساڑھے نو سے پتنگ اور دیگر سا ما ن بر آمد کر کے مقدمات درج کر لیے ۔پولیس نے مخبر کی اطلاع پر ماڑی لنک روڈ کے قریب حبیب الرحمن ولد محمد طفیل اعوان ساکن محلہ فیصل آباد سے چار سو پتنگ مختلف سائز ،بیس ڈور مختلف سائز ،دوسری کاروائی میں ندیم ولد کرم دین ساکن محلہ شاہ فیصل آباد جواپنے مکان کی بیٹھک میں پتنگ بازی کی دکان کر رہا تھا پر چھا پہ مارا تو ملزم پولیس کے دیکھ کر گلی میں بھا گ گیا جبکہ اس کی دکان سے 550 پتنگ مختلف سائز ، 35چر خی ڈور کیمیکل بر آمد کر لی گئیں ملزمان پتنگ و کیمیکل ڈور سا ما ن پتنگ بازی فروخت کر نے کی خا طراپنے قبضہ میں رکھ کر انسانی جانوں کو خطرے میں ڈال کر ارتقاب جرم کے مر تکب ہو ئے تھے دونوں ملزمان کے خلاف4خطر ناک کا ئیٹ فلا ئنگ ایکٹ 2001ء کے تحت دو الگ الگ مقدمات درج کر لیئے گئے ہیں ۔



اٹک سٹی:رکشہ ڈرائیوروں نے مسافروں خصوصاً خواتین سے بد تمیزی بد اخلاقی اور زائد کرایہ وصول کرنا اپنا وطیرہ بنا لیا، پولیس بے بس
ٹریفک پولیس اور سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے رکشہ ڈرائیوروں کے خلاف مجرمانہ چپ سادھ لینے کے سبب رکشہ ڈرائیوروں نے مسافروں خصوصاً خواتین سے بد تمیزی بد اخلاقی اور زائد کرایہ وصول کرنا اپنا وطیرہ بنا لیا ۔رکشہ نمبر AKU-1196نے پیپلز کالونی سے کمیٹی چوک کا کرایہ دس روپے کی بجائے دو خواتین سے تیس روپے وصول کیے اور ان کو سر بازار رکشہ ڈرائیو ر نے بے عزت بھی کیا ۔



ضلع اٹک:تحصیل پنڈی گھیب کے علاقہ کھوڑ روڈ پر موڑکاٹتے ہوئے آئل ٹینکر الٹ گیا، ڈرائیور زخمی
تحصیل پنڈی گھیب کے علاقہ کھوڑ روڈ پر موڑکاٹتے ہوئے آئل ٹینکر الٹ گیا، ڈرائیور زخمی، پولیس نے علاقہ کو گھرے میں لے لیا، ڈپٹی کمشنر رانا اکبر حیات اور ڈی پی او زاہد نواز مروت موقع پر پہنچ گئے، دوسرے ٹینکر میں تیل شفٹ کر دیا گیا تفصیلات کے مطابق 50ہزار لیٹر آئل سے بھر ا آئل ٹینکر کوہاٹ سے کھوڑ آتے ہوئے کھوڑ موڑ پر موڑ کاٹتے ہوئے الٹ گیا جس سے تیل بہنا شروع ہو گیا، واقع کی اطلاع پر مقامی پولیس نے پورے علاقہ کو گھیرے میں لیا، ریسکیو عملہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے حادثہ پرپہنچ گئے بھاولپور حادثہ کے پیش نظر کسی فرد کو ٹینکر کے قریب جانے سے منع کر دیا گیا، این ایل سی کا آئل ٹینکرالٹنے سے ڈرائیور زخمی ہو گیا، کسی بڑے جانی نقصان سے بچنے کے لئے مقامی انتظامیہ نے فوج کی مدد مانگ لی، ڈی پی او زاہد نواز مروت کے مطابق اگرآئیل ٹینکر میں دھماکہ ہوجاتا تو بڑا مالی اورجانی نقصان ہوسکتا تھا، جاے حادثہ کے قریب آئیل ڈپو تھاجس میں ہزاروں لیٹر تیل موجودتھا، ی کمشنر رانا اکبر حیات اور ڈی پی او زاہد نواز مروت موقع پر پہنچ گئے، دوسرے ٹینکر میں تیل شفٹ کر دیاگیا ، امدادی کاروائیوں کی نگرانی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر میاں محمد اشفاق ، اے سی پنڈی گھیب ، اے ایس پی پنڈی گھیب نے کی امدادی کاروائیوں میں پولیس ، ریسکیو 1122اور دیگر سرکاری اداروں کے اہلکاروں نے حصہ لیا دریں اثنا صدر آل پاکستان آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن راولپنڈی موقع پر پہنچ گئے ہیں ۔ 



اٹک سٹی:رکن قومی اسمبلی جمشید دستی غریب عوام کی آواز ہیں‘ ہمیشہ مظلو م عوام کیلئے آواز بلندکی ہے ؛ حاجی محمد اکرم
سٹی صدر مسلم لیگ، رہنما میجر گروپ کونسلر بلدیہ اٹک حاجی محمد اکرم خان نے کہا ہے کہ رکن قومی اسمبلی جمشید دستی غریب عوام کی آواز ہیں‘ ہمیشہ مظلو م عوام کیلئے آواز بلندکی ہے ۔جمشید دستی ضمیر کا قیدی ہے ہماری تما م تر ہمدردیاں جمشید دستی کیساتھ ہیں ملک پرویز حیدرنے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ جمشید دستی پر قائم تما م جھوٹے مقدمات کو ختم کرکے باعزت رہا کیا جائے تاکہ وہ اپنے اہلخانہ اور بیمار بہن کے علاج و تیماداری کو ممکن بناسکے ،سپیکر قومی اسمبلی کا کر دار غیر جانبدار نہیں رہا وہ آئین کی پاسداری کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو آئین اور قانون کے تحت پراڈکشن آرڈر جاری کرکے رہا کرائیں ۔ 



اٹک سٹی:اٹک شہر میں غیر معیاری گوشت فروخت کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی ؛ فاطمہ بشیر
اسسٹنٹ کمشنر اٹک فاطمہ بشیر نے کہا ہے کہ اٹک شہر میں غیر معیاری گوشت فروخت کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی ،انہوں نے کہا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والے قصابوں کو وارننگ دی جاتی ہے کہ وہ حفظان صحت کے اصولوں اور ضلعی انتظامیہ کے مقررکردہ قواعدو ضوابط کے مطابق عوام کو گوشت فراہم کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت ترین قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے اٹک شہر میں غیر معیار ی گوشت فروخت کرنے والے قصابوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران کیا اس موقع پرناقص صفائی، میڈیکل سرٹیفکیٹ کی غیر موجودگی، انتظامیہ کے مقرر کردہ نرخ ناموں کے آویزاں نہ ہونے پر مجموعی طور پر 76000/-روپے کا جرمانہ بھی کیا گیا۔ 



اٹک خورد:کے پی کے سے پنجاب منشیا ت سمگل کرنے کی کوشش ناکام خوبرولیڈی سمگلر گرفتار‘ مقدمہ درج
کے پی کے سے پنجاب منشیا ت سمگل کرنے کی کوشش ناکام خوبرولیڈی سمگلر گرفتار‘ مقدمہ درج تفصیلات کے مطابق تھانہ اٹک خورد کے اے ایس آئی عرفان احمد عملہ کے ہمراہ سرچ پارک میں چیکنگ میں مصروف تھے کہ پشاور سے آنے والی ہائی ایس نمبر Z-9850میں سوار نیلم بی بی زوجہ دانش ساکن گڑھی خانہ پشاور جس کے کاندھے پر شولڈر بیگ لٹکا ہوا تھا کی تلاشی لیڈی ہیڈ کانسٹیبل رفعت جبین نے کر کے 1600گرام چرس ، کیو موبائل اور 130/-روپے برآمد کرکے لیڈی سمگلر کے خلاف9-Cمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ۔



اٹک سٹی: حکو مت جیلوں میں اسیر قیدیوں کو معاشرے میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے؛ ڈی سی او اٹک
ڈپٹی کمشنر رانا اکبر حیات نے کہا ہے کہ حکو مت جیلوں میں اسیر قیدیوں اور حوالاتیوں کو معاشرے میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے ان کی رہائی کے بعد اور جیلوں میں ان کے اسیری کے دوران تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ ڈسٹرکٹ جیل اٹک کے دوران قیدیوں اورحوالاتیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سپرٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل اشتیاق گل ، ڈپٹی سپرٹنڈنٹ محمد منشاء ،صدر انجمن بہبود اسیراں راشد الرحمان خان ،محمد اعظم خان، ظفراللہ خان، حفیظ الرحمن خان ، فیصل شکیل اور دیگر موجود تھے اس موقع پر ڈی سی رانا اکبر حیات نے جیل میں زنانہ وارڈ ، سزائے موت وارڈ ، نو عمر بچوں کے وارڈ ، جیل ہسپتال ،لنگر خانہ اور دیگر حصوں کا بھی دورہ کر کے تفصیلی جائزہ لیا اورانہوں نے قیدیوں اور حوالاتیوں کو دی جانے والی خوراک ، طبی سہولیات اور دیگر مراعات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سپرٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل اشتیاق گل کی تعریف کی اور اس موقع پر سزائے موت کے قیدیوں نے ان سے تین دن کے لیے جیل میں دوسرے قیدیوں سے ملاقات کی درخواست کی جس پر انہوں نے سپرٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل اٹک کو اس پر جیل مینول اور انسانی ہمدردی کے تحت عمل در آمد کی ہدایت کی ڈی سی نے ڈسٹرکٹ جیل ا ٹک میں قیدیوں اور حوالاتیوں اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں مریضوں اور دارالایمان میں موجود خواتین میں تحائف تقسیم کیے۔ 



تحصیل حضرو:گھر والوں کے ہمراہ عید کے موقع پر تفریح کیلئے اٹک خورد کے مقام پر جانے والے افراد میں سے 7افراد ڈوب گئے 
گھر والوں کے ہمراہ عید کے موقع پر تفریح کیلئے اٹک خورد کے مقام پر جانے والے افراد میں سے 7افراد ڈوب گئے جن میں سے ایک ہی گھر سے تعلق رکھنے والے چار افراد جو آپس میں کزن تھے جن کا تعلق نوشہرہ سے تھا کو ڈوبنے سے بچا لیا گیا جب کہ تین افراد کی نعشیں کی تلاش جاری ہے بچ جانے والے خوش قسمت افراد میں منصور خان ، مسعود خان ، جان محمد اور حماد شامل ہیں یاد رہے کہ ڈی سی رانا اکبر حیات نے ضلع بھر میں دریاؤں ، ندی نالوں اور آبی گزر گاہوں میں نہانے پر دفعہ 144 نافذ کی ہوئی ہے اس کے باوجود روزانہ کسی نہ کسی مقام سے دریا میں ڈوب جانے کی اطلاعات آ رہی ہیں تھانہ اٹک خورد پولیس نے دو روز میں دس مقدمات میں 69افراد کو دریا میں نہانے کے الزام میں گرفتار کر کے مقدمات درج کر کے جیل بجھوا دیا دریں اثنا فور ملی گاؤں کا سولہ سالہ شاہ زیب ولد دلاور خان دریائے سندھ میں ڈوب کر جان بحق ہو گیا اسکی بھی نعش کی تلاش جاری ہے ۔ 



اٹک سٹی:پانامہ زدہ حکومت ایک سیٹ رکھنے والے ایم این اے سے ڈری ہوئی ہے ؛ میجر (ر )طاہر صادق 
سابق ضلع ناظم میجر طاہر صادق نے کہا ہے کہ پانامہ زدہ حکومت ایک سیٹ رکھنے والے ایم این اے سے ڈری ہوئی ہے اور جمشید دستی پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑ رہی ہے اس ظلم وستم کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کریں گے اپنے سیاسی مخالفین کو دبانا شریف برادران کا پرانا وطیرہ ہے جمشید دستی ایک بہادر اور جرات مند سیاسی شخصیت ہے جو تن تنہا شریف برادران کے ظلم و بربریت کے سامنے ڈٹا ہوا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے بیان میں کیا ہے میجر طاہر نے کہا کہ یہ کیسی جمہوریت ہے کہ ایک منتخب رکن قومی اسمبلی کو حکومت کی مخالفت کرنے پرجھوٹے مقدمات میں پھنسا کر تشدد اور ظلم کا نشانہ بنایا جارہا ہے ان حکمرانوں کے دہرے معیار ہیں جے آئی ٹی میں نواز شریف کے بیٹے کی شاہانہ انداز میں پیشی اور کرسی پر بٹھانے کے باوجود واویلا کرنے والے (ن) لیگی ٹولے کو جمشید دستی پر مظالم نظر نہیں آتے انہوں نے کہا کہ جمشید دستی ضمیر کا قیدی ہے ہماری تمام تر ہمدردیاں جمشید دستی کے ساتھ ہیں ممکن ہے اس سے غلطی ہوئی ہو مگر اس کی یہ سزا نہیں ہے جو یہ حکمران اسے دے رہے ہیں ہر پاکستانی کو اس پر آواز بلند کرنی چاہیے۔



اٹک سٹی:ریسکیو 1122 نے عید کے تین دنوں میں150 ایمرجنسیز پر فوری رسپانس کر کے ریکارڈ قائم کر دیا 
ریسکیو 1122 نے عید کے تین دنوں میں150 ایمرجنسیز پر فوری رسپانس کر کے ریکارڈ قائم کر دیا ،ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر اٹک ڈاکٹر میاں محمد اشفاق نے ایک ملاقات کے دوران کیا انہوں نے بتایا کہ ریسکیو1122 اٹک نے 150 ایمرجنسیزپربروقت رسپانس کیا جن میں50ٹریفک حادثات،87 میڈیکل ایمرجنسیز1 فائرایمرجنسی،2 جرائم کی ایمرجنسی اور 10 دیگرمختلف ایمرجنسیز شامل ہیں مزید بتایا کہ ان دنوں میں ریسکیو کے جوان کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے ہروقت تیار تھے جس پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر اٹک نے تمام جوانوں کی کارکردگی کو سراہا اور بروقت خدمت پر تمام جوانوں کو مبارکباد دی۔



اٹک سٹی:تھانہ اٹک سٹی میں موٹر سائیکل اور کار چوری کی وارداتوں میں اضافہ 
تھانہ اٹک سٹی میں موٹر سائیکل اور کار چوری کی وارداتوں میں اضافہ ، سابق خاتون تحصیل کونسلر کے بیٹے کی گھر کے باہر کھڑی کار نا معلوم چور چرا کر لے گئے مقدمہ درج تفصیلات کے مطابق سابق خاتون تحصیل کونسلر مسز محمود حامد کے بیٹے ثاقب محمود نے تھانہ سٹی اٹک میں ایف آئی آر درج کرائی ہے کہ ان کی رہائش پیپلز کالونی میں ہے اور اس نے دن میں اپنی گاڑی نمبر LEB-6737گھر کے باہر کھڑی کی اور کپڑے بدلنے کے لیے گھر گیا واپس آیا تو گاڑی غائب تھی پولیس نے نامعلوم چوروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے یا د رہے کہ تھانہ اٹک سٹی کی حدود میں موٹر سائیکل چور ی کی کئی وار داتیں ہو چکی ہیں اب کار چوری کی وار دادت کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے ۔ 



گاؤں نرتوپہ:نامعلوم چور اہل خانہ کی غیر موجودگی میں گھر کا صفایا کر گئے 
نامعلوم چور اہل خانہ کی غیر موجودگی میں گھر کا صفایا کر گئے ،تفصیلات کے مطابق فخر زمان ولد انور خان ساکن نرتوپہ نے تھانہ حضرو میں بیان دیا ہے میں اپنے بڑے بھائی افتخار احمد اور والدہ کے ہمراہ بھابھی کو حضرو ہسپتال لے کر گئے واپس آئے تو دیکھا کہ مین گیٹ کا تالا ٹوٹا ہوا تھا کمروں میں جاکر دیکھا سامان بکھرا پڑا پڑتال کرنے پر نامعلوم چور ہمارے گھر سے 6لاکھ روپے نقد 85ہزار روپے کے طلائی زیورات چوری کر کے لے گئے،پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔



گاؤں بوٹا(اٹک):موجودہ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے اربوں روپے کی خطیر رقم خرچ کر رہی ہے؛ شیخ آفتاب احمد
موجودہ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے اربوں روپے کی خطیر رقم خرچ کر رہی ہے،عوام کے دیرینہ مسائل حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے،ملک ترقی کے دشمن ترقی کی راہ میں روڑے اٹکا رہے ہیں شریف برادران کے خلاف منظم سازش کے تحت سازشیں کی جا رہی ہیں،یہ سازشی عناصر ہر محاذ پر ناکام ہو رہے ہیں شریف برادران ہر محاذ پر سرخرو ہو رہے ہیں،ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے بوٹا گاؤں میں سوئی گیس فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے تقریب سے معروف قانون دان سید عظمت علی بخاری،ملک فخر داد ایڈووکیٹ،سید واجد بخاری،شیخ سلمان سرور نے بھی خطاب کیا اس موقع پرسینیئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) محمد سلیم شہزاد، چیئرمین بلدیہ ناصر محمود شیخ،شیخ عارف محمود ،سابق چیئرمین بلدیہ اٹک شیخ شاہد محمود شاہدی بھی موجود تھے،شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کے دیرینہ مسائل حل کرنے کے لئے بھرپور کوشاں ہے،عوام کی بنیادی سہولیات سوئی گیس،بجلی کی فراہمی کے لئے اربوں روپے خرچ کر رہی ہے،1999میں منتخب حکومت کو ختم کیا گیا،اس کے بعد آنے والی حکومتوں میں عوام کے بنیادی مسائل پر توجہ نہیں دی،1999 میں ترقی کا جو سفر ختم ہوا تھا آج وہ بھرپور طریقے سے جاری ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کے دیرینہ مسائل حل کر رہی ہے ہم نےNA-57کے ہر گاؤں کو سوئی گیس کا تحفہ دیا ہے یہ سلسلہ جاری ہے،بوٹا،ڈھوک جوندہ ،ناوہ،جبی،اکھوڑی ،ہمک،بریار کو سوئی گیس کی فراہمی کے لئے اربوں کا منصوبہ جاری ہے ،جن علاقوں میں بجلی نہیں ہے ان کا سروے کرلیا گیا ہے جلد ہی ان علاقوں کو بجلی فراہم کر دی جائے گی،نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی طرف گامزن ہے ترقی کے دشمن رکاوٹیں ڈال رہے ہیں لیکن وہ ہر محاذ پر شرمندہ ہو رہے ہیں،شریف برادران نے جے آئی ٹی میں پیش ہو کر ایک تاریخ رقم کی ہے۔



ضلع اٹک:چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جدو جہد اور کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ حکمران آج پیشیاں بھگت رہے ہیں؛ محمد زین الٰہی
رکن قومی اسمبلی و رہنماء میجر گروپ محمد زین الٰہی نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جدو جہد اور کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ حکمران آج پیشیاں بھگت رہے ہیں،کرپشن اور لوٹ مار کے خلاف عمران خان کی آواز پر پوری قوم میدان عمل میں نکل چکی ہے آنے والے الیکشن میں عوام کرپٹ نمائندوں سے چھٹکارا کے لئے عمران خان کا ساتھ دینگے،ضلع اٹک میں پی ٹی آئی میجر گروپ اتحاد تبدیلی کی نوید لے کر نکل پڑا ہے ضلع کے عوام اب دوبارہ سیاسی شعبدہ بازوں کی باتوں میں نہیں آئینگے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ NA-59کے مختلف دیہات میں میجر گروپ کے عہدیداران اور کارکنان سے ملاقاتوں کے دوران بات چیت میں کیا ہے ان کے ہمراہ ڈاکٹر ربنواز مہورا،سردار فرحت عباس عرف پھتی خان،قاضی محمد عمران،سید زاہد حسین شاہ بھی موجود تھے،زین الہی نے کہا کہ جے آئی ٹی درست سمت میں تحقیقات کو آگے بڑھا رہی ہے ،وہ وقت دور نہیں کہ جب ان حکمرانوں کی کرپشن اور لوٹ مار سپریم کورٹ کے فیصلہ کی صورت میں سامنے آئے گی اور ان کا بوریا بستر گول ہو گا،انہوں نے کہا کہ ضلع اٹک سے مسلم لیگ ن کے وزراء اور منتخب نمائندوں نے عوام کی مایوسیوں میں اضافہ کے سوا کچھ نہ کیا اس کا بدلہ ضلع اٹک کے عوام آنے والے عام انتخابات میں ووٹ کی پرچی کی صورت میں مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو مسترد کر کے دینگے۔



اٹک سٹی:میجر طاہر صادق عوامی لیڈر ہیں جنہوں نے ہمیشہ غریب عوام کے حقوق کے لیے جدو جہد کی؛ قاری محمد انور شاکر
میجر طاہر صادق عوامی لیڈر ہیں جنہوں نے ہمیشہ غریب عوام کے حقوق کے لیے جدو جہد کی اُن کی بیمار ی پر ضلع بھر کے لاکھوں عوام جھولیاں اُٹھا کر اُن کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کر رہے ہیں عوامی خدمت گار اور عوام کے حقوق کی پاسداری کر نے والے میجر طاہر صادق ضلع بھر کی عوام کی دلوں کی دھڑکن ہیں ضلع بھر میں دینی مدارس اور مساجد میں بھی اُن کی صحت یابی اور درازی عمر کی دعائیں مانگی جار ہی ہیں ان خیالات کا اظہار علماء کونسل ضلع اٹک کے جنرل سیکرٹری قاری محمد انور شاکر اور چیئرمین علماء کونسل قاضی محمد عمران نے میجر طاہر صادق کی لاہور میں بیمار پرسی کے بعد واپسی پر اٹک میں میڈیا سے گفتگو میں کیا ہے ان رہنماؤں نے کہا کہ جتنی عزت علماء کو میجر طاہر صادق نے دی ضلع اٹک میں کسی بھی سیاسی لیڈ ر نے اتنا احترام ، عزت اور مقام علماء کو نہیں دیا اُن کے دور نظامت میں باقاعدہ علماء بورڈ تشکیل دیا گیا جس میں ضلع بھر میں مذہبی رواداری،ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تمام مسالک کے علماء پر مشتمل یہ بورڈ اہم کر دار ادا کرتا تھا علاوہ ازیں انہوں نے تعلیم ، صحت ، مواصلات، پینے کے پانی، بجلی ، سوئی گیس سمیت ہزاروں کی تعداد میں غریب نوجوانوں کو ملازمتیں دلا کر لاکھوں گھرانے کے چولہے جلانے کا ذریعہ بنے وہ ایک عوامی لیڈر ہیں اور ضلع بھر کے لاکھوں عوام اُن کی عوامی خدمت پر طرز سیاست کو نہ صرف پسند کر تے ہیں بلکہ سیاست کے اس انداز میں انہیں اپنا قائد اور لیڈر تسلیم کر تے ہیں ۔



اٹک سٹی: رمضان سے حاصل کی گئی تربیت سے پورے سال استفادہ کرنے سے ہی ہم اپنے مقصد کو حاصل کرسکتے ہیں؛ راشدالرحمان خان
صدر مر کزی جا مع مسجد حنفیہ ( رجسٹرڈ )سول بازاررا شد الرحمن خان نے کہا کہ رمضان ہماری تربیت کا مہینہ تھا‘ رمضان سے حاصل کی گئی تربیت سے پورے سال استفادہ کرنے سے ہی ہم اپنے مقصد کو حاصل کرسکتے ہیں۔ان خیا لات کا اظہار انہو ں نے مسجد کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر تے ہو ئے کیا اجلاس میں عہدیداران اور ممبران نے شر کت کی انہو ں نے کہا کہ اللہ کی رسی کو تھام کر ہی ہم کامیاب ہوسکتے ہیں ضرورت اس بات کی ہے کہ اجتماعی جدوجہد میں ہر فرداپنے مقام پر اپنے دائرہ میں ذمہ داری ادا کرے ہمارا ہر وقت عبادت ہے اگر اللہ کی رضا میں لگ رہاہے ،اللہ کاپیغام اللہ کے بندوں تک پہنچانے کے لئے توازن کے ساتھ اپنی زندگیوں کو تقسیم کرنے کی ضرورت ہے ہمارے معاملات اور معمولات سے دنیا کو مثبت پیغام جانا چاہیے اللہ نے اپنے بندوں سے مغفرت اور اجر عظیم کے وعدے کیئے ہیں ہمیں اپنے اندر اللہ کے بندوں کے اوصاف پیداکرنے ہونگے۔



اٹک سٹی: ملک بھر کی تمام سیاسی جماعتیں کر پشن سے پاک اس نظام سے خوف زدہ ہیں؛ سید اعجاز بخاری
تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی سید اعجاز بخاری نے کہا ہے کہ عمران خان نے پاکستان میں صا ف ستھری کر پشن سے پا ک سیاست کا جو تصور دیا ہے وہ عوام میں دن بدن مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دے رہا ہے، ملک بھر کی تمام سیاسی جماعتیں کر پشن سے پاک اس نظام سے خوف زدہ ہیں ان خیا لات کا اظہار انہو ں نے جنرل سیکر ٹری اٹک پریس کلب رجسٹرڈ سید قمر الدین کی قیادت میں ملنے والے صحافیوں کے وفد سے بات چیت کر تے ہو ئے کیا اس موقع پر امیدوار پنجاب اسمبلی سید یاور بخاری بھی مو جو د تھے سید اعجاز بخاری نے کہا کہ سیاست میں کرپشن سب سے بڑا گنا ہ کبیرہ ہے اور اس گنا ہ میں بعض وزراء ، ممبرا ن اسمبلی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں سیاست میں کر پشن سے بہتر ہے کہ یہ سیاست دان قبحہ خانوں کی سر پر ستی کر کے وہاں سے لا کھوں رو پے روز کما لیں انہو ں نے کہا کہ سرکاری ادارے عوام کو ریلیف دینے کی بجا ئے انہیں دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں کیو نکہ سرکاری دفاتر بد عنوان سیاست دانوں کو منتلیاں دے کے عوام کی چمڑی ادھیڑ رہے ہیں انہو ں نے کہا کہ تحریک انصاف اقتدار میں آکر عا دلانہ نظام حکومت قائم کر ے گی میجر طا ہر صادق گروپ کے ساتھ تحریک انصاف کا اتحاد بر قر ار ہے ۔ 



اٹک سٹی:نواز شریف کی چار سالہ کارکردگی نے ملک کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے ؛ میجر(ر)طاہر صادق 
سابق ضلع ناظم میجر طاہر صادق نے کہا ہے کہ نواز شریف کی چار سالہ کارکردگی نے ملک کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے ‘معاشی لحاظ سے معیشت پر جون 2013 میں پاکستان پر کل بیرونی قرضہ 48.1 ارب ڈالر تھا اور جون 2017 میں پاکستان پر کل بیرونی قرضہ 78.1 ارب ڈالر ہے یعنی صرف چار سالوں میں 30 ارب ڈالر کا ریکارڈ قرضہ لیا گیا یہ اتنا زیادہ ہے کہ پاکستان پر عالمی مالیاتی اداروں کا بھروسہ ہی ختم ہوگیا اور تاریخ میں پہلی بار مزید قرضہ حاصل کرنے کے لیے پاکستان کو عالمی مالیاتی اداروں کے پاس اپنی موٹرویز،ہوائی اڈے اور ریڈیو پاکستان کی عمارات گروی رکھوانی پڑیں ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے لاہور میں بلدیہ اٹک کے اپوزیشن ممبران سے ملاقات میں کیا ملاقات کرنے والوں میں رانا افسر علی خان ، حاجی محمد اکرم خان ، شیخ نثار احمد، سجاد تنولی شامل تھے سابق ضلع ناظم میجر طاہر صادق نے کہا کہ مالی سال 2012/13 میں پاکستان کا کل تجارتی خسارہ 15 ارب ڈالر تھامالی سال 2016/17 میں کل تجارتی خسارہ 24 ارب ڈالر ہو چکا ہے یہ پاکستان کی تاریخ کا بدترین تجارتی خسارہ ہے2013 میں اندرونی قرضے 14318 ارب روپے تھے2017 تک کل اندرونی قرضے 20872 ارب روپے ہوچکے ہیںیہ اندرونی قرضوں کی بلند ترین سطح ہے2013 میں پاکستان کی کل برآمدات 21 ارب ڈالر تھیں2017 میں پاکستان کی کل برآمدات کم ہوکر 17 ارب ڈالر ہوگئی ہے برآمدات کم ہونے کا اعتراف خود اسحاق ڈار نے اپنی بجٹ کی تقریر میں کیا ہے2012/13 میں تین بڑے سرکاری اداروں پی آئی اے، پاکستان اسٹیل ملز اور پاکستان ریلوے کا کل خسارہ تقریباً 450 ارب روپے کے لگ بھگ تھا2017 میں تینوں ادارہ کا مجموعی خسارہ 705 ارب روپے سے تجاوز کر چکا ہے یہ خسارہ بھی میاں صاحب کا ایک ریکارڈ ہے اس سے قومی اداروں کی تباہی کا اندازہ کیا جا سکتا ہے2013 گردشی قرضہ 400 ارب روپیہ ،2017 گردشی قرضہ 500 ارب روپیہ ، اگر آپ کو لگتا ہے کہ گردشی قرضے میں صرف 100 ارب کا اضافہ ہوا ہے تو آپکو غلط فہمی ہوئی ہے!2013 میں نواز شریف نے قومی خزانے میں سے میاں منشاء کو نہایت خطرناک انداز میں یکمشت 480 ارب روپے کی ادائیگی کر دی تھی جس کے بعد گردشی قرضہ 0 ہو گیا تھا۔ یعنی 500 ارب کا یہ گردشی قرضہ اس کے بعد صرف ان چار سالوں میں چڑھا ہے یہ ایک اور ریکارڈ ہے روپے کی قدر ڈالر کے مقابلے میں کم ہو کر 92 سے 107 پر پہنچ چکی ہے کچھ ماہرین کے نزدیک یہ 107 پر مصنوعی طور پر روکی گئی ہے درحقیقت یہ 120 تک کم ہوچکی ہے اور اسکا پتہ اچانک چلے گا جب یہ حکومت جائیگی، نواز شریف کے موجودہ دور می عالمی منڈی میں تیل کم ترین قیمت پر دستیاب رہا لیکن اسکا ذرا سا فائدہ بھی عوام تک نہیں پہنچنے دیا گیا اور ان چار سالوں میں اشیائے ضرورت کی قیمتیں جس طرح بڑھی ہیں اس پر الگ سے مضمون لکھنے کی ضورت ہے تاریخ میں پہلی بار پاکستان میں زرعی ییدوار میں اضافے کے بجائے کمی ہوئی ہے اور پہلی بار کسانوں نے پارلیمنٹ ھاؤس کے سامنے احتجاج کیا اور منتخب جمہوری حکومت کے ڈنڈے بھی کھائے ،پرویز مشرف کے شروع کیے گئے پراجیکٹ گوادر اور سی پیک کے روٹس میں من مانی تبدیلیاں کر کے پہلے اس کو متنازع بنایا گیااب سنا ہے چین کے ساتھ ایسے معاہدات کیے جا رہے ہیں جن سے خدشہ پیدا ہوگیا ہے کہ سی پیک جیسے عظیم منصوبے سے بھی پاکستان کے ہاتھ کچھ نہیں آئیگا ان معاہدات کی تفصیلات حکومت چھپا رہی ہے بظاہر یوں معلوم ہوتا ہے کہ پاک فوج کی اس محنت پر بھی پانی پھیرنے کی تیاری کی جا رہی ہے توانائی 2013 بجلی کا شارٹ فال 5000 میگاواٹ ،2017 بجلی کا شارٹ فال 7000 میگاواٹ ،نہ صرف 2000 میگاواٹ کا شارٹ فال بڑھا ہے بلکہ 2013 میں بجلی کا بحران دور کرنے کے لیے 500 ارب روپے کی خطیر لاگت سے جن منصوبوں پر کام جاری تھا وہ بھی ایک ایک کر کے ناکام ہوگئے ان میں نندی پور، قائداعظم سولر پارک اور نیلم جہلم جیسے منصوبے شامل ہیں اور قوم کے مزید 500 ارب ڈوب گئے ،دیامیربھاشا ڈیم کے لیے ہر سال 30 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان کیا جاتا ہے لیکن پھر وہ رقم کہیں اور ایڈجسٹ کر لی جاتی ہے نتیجے میں دیا میر بھاشا ڈیم کی تعمیر تو دور کی بات اب تک اس کے لیے جگہ بھی متعین نہیں کی جا سکی ہے،نواز شریف کو یہ اعزاز حاصل رہے گا کہ اس کے دور میں پہلی بار گرمیوں میں لوڈ شیڈنگ اور پانی کی قلت کی وجہ سے صرف کراچی میں 1200 لوگ مر گئے جبکہ تھرپاکر میں غذائی قلت سے سالانہ سینکڑوں بچے الگ مررہے ہیں سفارت کاری پاک فوج نے کل بھوشن کی شکل میں جاسوسی کی تاریخ کی سب سے بڑی گرفتاری کی اور نواز حکومت کو موقع دیا کہ وہ انڈیا کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کرے لیکن نواز شریف نے نہ صرف کل بھوشن کے معاملے میں مکمل طور پر چپ رہتے ہوئے اس تاریخی کامیابی کو مٹی میں ملا دیا بلکہ مبینہ طور پر انڈینز کو کل بھوشن کا معاملہ عالمی عدالت میں لے جانے کے لیے بھی معاؤنت کی آج کل کشمیر میں انڈین ظلم اور اس کے خلاف کشمیریوں کی مزاحمت اتنی بڑھ چکی ہے کہ پوری دنیا میں اس پر بات ہونے لگی ہے سوائے ہماری پارلیمنٹ کے ، سوشل میڈیا کے ذریعے وہاں ڈھائے جانے والے مظالم کی ویڈیوز اور تصاویر روزانہ لوگوں تک پہنچ رہی ہیں خود انڈیا کے اندر سے کشمیر کو چھوڑ دینے کی آوازیں اٹھنے لگی ہیں،کشمیر کو دنیا کے سامنے اٹھانے کا اس سے بہتر موقع پاکستان کو آج تک نہیں ملا تھا لیکن آفرین ہے نواز شریف پر جس نے کشمیر پر نہ بولنے کی قسم کھا رکھی ہے سوائے اقوام متحدہ میں دئیے جانے والے ایک رسمی بیان کے اس خاموشی کا گلہ اب خود کشمیری بھی کرنے لگے ہیں ہاں البتہ کشمیر کے لیے پاکستان سے اٹھنے والی سب سے طاقتور آواز حافظ سعید کو نظر بند کر کے دبا دیا گیا ہے ،ان چار سالوں میں نہ صرف انڈیا نے ایل او سی کی سب سے زیادہ خلاف ورزیاں کیں بلکہ افغانستان نے بھی پہلی بار پاکستانی سرحدوں پر حملے کیے لیکن مجال ہے جو اس کے خلاف نواز شریف کی زبان سے ایک لفظ نکلا ہو، سفارت کاری تو دور کی بات ہے اور تو اور ایران تک نے پاکستانی سرحدوں کے اندر کاروائی کرنے کی دھمکی دے ڈالی،ڈان لیکس میں پاکستان پر دہشت گردوں کی معاؤنت اور دنیا میں دہشت گردی کرنے کا الزام لگایا گیاپاکستان کے خلاف انڈین موقف کو دنیا بھر میں تقویت دی گئی جب تحقیقات ہوئیں تو خبریں آئیں کہ اس نیشنل سیکیورٹی بریچ میں خود وزیراعظم کی اپنی بیٹی مریم نواز اور ایک دو وزراء ملوث ہیں ان چار سالوں میں پاکستان میں وزیرخارجہ تک کا تقرر نہیں کیا گیا جس نے پاکستان کوسفارتی محاذ پر وہ نقصان پہنچایا جسکی تلافی کسی صورت ممکن نہیں اسلام اور نظریہ پاکستان ،نواز شریف نے اقتدار میں آکر لبرل پاکستان بنانے کا اعلان کیا جس کے بعد پاکستان کی تاریخ میں پہلی بارقبول اسلام پر پابندی کا بل منظور کیا گیا صدر پاکستان نے علماء سے سود کو حلال کرنے درخواست کی کچھ اداروں میں حجاب پر پابندی کی خبریں آئیں،سوشل میڈیا پر اللہ اور رسولﷺ کی شان میں وہ گستاخیاں کی گئیں جو پاکستان تو کیا اسلام کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئیں تھیں اورجب یہ گستاخ پکڑے گئے تو ان کو بازیاب کروا کر پاکستان سے باہر بھیجا گیا ان کے اکاؤنٹس اور پیجز تک بلاک نہیں کیے گئے،مبینہ گستاخ رسول کے قاتل ممتاز قادری کو پھانسی دی گئی لیکن گستاخی کے جرم میں عدالت سے سزائے موت پانے والی آسیہ ملعونہ کی سزا پر عمل درآمد روک دیا گیا، ملک بھر میں مختلف نصابی کتابوں سے اسلامی مواد ہٹانے کی خبریں اب روز آنے لگی ہیں کالجرز اور یونیورسٹیز میں تبلیغی جماعت کے جانے پر پابندی لگا دی گئی اور ان سب سے بڑھ کر پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پاکستانی میڈیا نے مادرزاد ننگے، عورتوں کے آپس میں ناجائز تعلقات اور انتہائی غلیظ فحش گوئی اور گھٹیا قسم کے ذو معنی جملوں پر مشتمل پروگرام دکھانے شروع کر دئیے، پیمرا کا چیئرمین ایک ایسے شخص کو بنایا گیا ہے جو پاکستان میں ہم جنس پرستی کو فروغ دینے والی این جی او چلاتا رہا ہے،یہ بات مسلمہ ہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی کمر توڑ دینے والے آپریشن ضرب عضب کا ٖفیصلہ نواز شریف کی مرضی اور اجازت کے بغیر کیا گیا جس کے نتیجے میں کے پی کے، بلوچستان اور کراچی سے بڑی حد تک دہشت گردوں کا صفایا کر دیا گیاتاہم دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کے نام سے پاک فوج نے نواز شریف کے ساتھ ملکر 20 نقاط پر مشتمل ایک منصوبہ بنایا ان میں سے 3 نقاط پر پاک فوج نے کام کرنا تھا جبکہ 17 سول حکومت کی ذمہ داری تھی پاک فوج نے اپنے ذمے کا کام بہترین طریقے سے سرانجام دیا لیکن نواز شریف کے ذمے جو 17 نقاط تھے ان میں سے کسی ایک پر بھی کام نہیں کیا گیااور تو اور پاک فوج کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے دہشت گردوں کے تقریباً تمام سہولت کاراس وقت ضمانتوں پر رہا ہو چکے ہیں تجزیہ نگاروں کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کو نواز حکومت دفن کر چکی ہے ،دہشت گردی کے 11000 سے زائد مقدمات میں سے صرف 300 کے قریب مقدمات آرمی کورٹس میں بھیجے گئے آرمی کورٹس نے نہایت تیزی سے انکا فیصلہ کرتے ہوئے 161 دہشت گردوں کو سزائے موت سنائی جبکہ 113 کو قید کی سزائیں سنائیں حکومت نے ان 161 میں سے صرف دو درجن کے قریب دہشت گردوں کی سزاوؤں پر عمل دارآمد کرویا ہے باقیوں پر روک دیا گیا اور پھر اعلان فرمایا کہ ’’ آرمی کورٹس غیر موثر ثابت ہو رہی ہیں پاکستان کے وجو د کو تسلیم نہ کرنے والے قوم پرستوں کو طاقت ور ترین پوزیشنوں پر رکھا اور اُن کو پاکستان، نظریہ پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں پر تنقید کرنے کی کھلی چھٹی دے دی جس کے بعد محمود خان اچکزئی اور اسفندیار ولی نے پچھلے چار سالوں میں پاکستان کے خلاف تواتر سے انتہائی خطرناک بیانا ت جاری کیے ذوالفقار علی بھٹو کے بعد پہلی بار مظاہرین پر گولیاں چلائی گئیں جس کے نتیجہ میں لاہور اسلام آباد میں عورتوں اوربچوں سمیت کم از کم تیس افراد اپنی جانو ں سے گئے صرف اسلام آباد میں مظاہرین پر ایک ہی وقت میں 12ہزار شیل فائر کیے گئے جو کے ایک ریکارڈ ہے اگر پاک فوج اس وقت مداخلت نہ کرتی تو ہلاکتوں کے تعداد اس سے کئی زیادہ ہوتیں نواز شریف پچھلے چار سال سے پاکستان کے اہم ترین اداروں کے ساتھ مسلسل حالت جنگ میں ہے جن میں پاک فوج اور سپریم کورٹ سر فہرست ہیں عوام کے خون اور پسینے سے کروڑوں روپے کی مراعات لینے والے وفاقی وزراء کا سارا دن ان اداروں کو گالیاں دیتے گزرتا ہے جو کے کسی بھی ملک کو کسی خطرناک صورت حال سے دو چار کر سکتے ہیں نواز شریف کی نادرا اور نیب سے بھی جھڑپ ہو چکی ہے انہوں نے کہا کہ یہ نواز شریف کی چار سالہ کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے اور محمد نواز شریف نے ان چار سالوں میں پاکستان کو جتنا نقصان پہنچا دیا ہے اس کا ازالہ اگلے چالیس سال میں بھی ممکن نہیں ۔ 



اٹک سٹی:مولانا محمد یعقوب نے ساری زندگی قرآن اور سنت کی ترویج و اشاعت میں گزاری ؛حافظ محمد صدیق
مولانا محمد یعقوب نے ساری زندگی قرآن اور سنت کی ترویج و اشاعت میں گزاری ہے‘ ان کی دینی خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی ،مرحوم ملنسار شریف النفس اور درویش صفت شخصیت کے مالک تھے ان کی توحید وسنت کے حوالے سے کاوشیں اور دینی خدمات ان کے لئے صدقہ جاریہ ہیں مرحوم نے نا مساعد حالات اور مشکل دور میں اپنی اراضی وقف کرکے مسجد اور مدرسہ بنایا جہاں آج قرآن و سنت کی بہاریں لگی ہوئی ہیں اور سینکڑوں بچے زیور تعلیم سے آراستہ ہورہے ہیں ان خیالات کا اظہار صدر علما کونسل ضلع اٹک حافظ محمد صدیق ،چیئرمین قاضی محمد عمران اور جنرل سیکرٹری قاری انور شاکر نے مشترکہ بیان میں کیا ہے ان رہنماؤں نے کہا کہ مولانا یعقوب نے اپنی زندگی قرآن وسنت کے لئے وقف کی ہوئی تھی اور ہمیشہ توحید و سنت کی اشاعت میں پیش پیش رہے جبکہ شرک اور بدعت کے خاتمہ کے لئے خدمات انجام دیں ان خدمات کا دنیاوی صلہ یہ ہے کہ ان کے بیٹے اور پوتے پوتیاں علما حفاظ ہیں اور دینی خدمت میں لگے ہیں حافظ محمد صدیق نے مزید کہا کہ مولانا یعقوب بہت خوبیوں کے مالک تھے ہم نے اکٹھے ایک مسجد میں دینی خدمات انجام دیں وہ اخلاص کے پیکر تھے اور قرآن و سنت کی بے لوث خدمت کی ان جیسی شخصیات صدیوں بعد پیدا ہوتی ہیں



اٹک سٹی:روز مرہ زندگی کی سہولیات کی فراہمی کے لیے صحت ، تعلیم، پانی، سڑکوں کی تعمیر کے سینکڑوں منصوبے زیر تعمیر ہیں ؛ شیخ آفتاب احمد
وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ عوام الناس کو روز مرہ زندگی کی سہولیات کی فراہمی کے لیے ضلع اٹک میں صحت ، تعلیم، پانی، سڑکوں کی تعمیر اور مرمت کے سینکڑوں منصوبے زیر تعمیر ہیں ۔ان منصوبہ جات کی تکمیل سے ضلع بھر کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن ہوگی ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس اٹک میں ضلعی ترقیاتی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیامسلم لیگ (ن) کی منتخب قیادت، ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات ، ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران بھی اجلاس میں موجود تھے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ جمال طارق چوہدری نے کہا کہ ضلع بھرمیں صوبائی اے ڈی پی پروگرام کے تحت صوبائی بلڈنگز کی 35سکیمیں جاری ہیں جن پر ایک ارب 22کروڑ 18لاکھ 20ہزار روپے لاگت آئے گی اس کے علاوہ سڑکوں کی بحالی اور مرمت کی بارہ سکیمیں جاری ہیں جن پر 4ارب 49کروڑ 64لاکھ 46ہزار روپے لاگت آئے گی فزیکل ہیلتھ کے تحت 18سکیمیں جاری ہیں جن پر 1ارب 34کروڑ34لاکھ 44ہزار روپے لاگت آئے گی لوکل گورنمنٹ و کمیونٹی ڈولپمنٹ کے تحت جاری دو سکیموں پف 11کروڑ 45لاکھ 24ہزا رروپے لاگت آئے گی جبکہ ایجوکیشن کی ایک سکیم پر1کروڑ14لاکھ 15ہزار روپے لاگت کا تخمینہ ہے اس کے علاوہ دیگر سکیموں میں صحت اورتعلیم بھی شامل ہیں، خادم اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے پنجاب دیہی روڈ پروگرام کی سکیمیں بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں اس پروگرام کے تحت ضلع بھر میں سڑکوں کا جال بچھا دیا گیا ہے وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے جاری ترقیاتی سکیموں کے مطابقNA-57 میں 235سکیمیں جاری ہیں جن پر55کروڑ 97لاکھ 39ہزار روپے لاگت آئی ہے، NA-58 میں347سکیمیں جاری ہیں جن پر 40کروڑ 1لاکھ 51ہزار روپے ،NA-59کی 189سکیموں پر41کروڑ 70لاکھ 87ہزا روپے لاگت آئے گی وزیر اعلیٰ ترقیاتی پیکج کے تحت سات سکیمیں جاری ہیں جن پر 4کروڑ 30لاکھ 17ہزار روپے لاگت آئے گی ضلعی ترقیاتی پروگرام کے تحت 27سکیمیں مکمل کرلی گئی ہیں جن پر 12کروڑ 50لاکھ روپے لاگت آئی ہے کمیونٹی ڈولپمنٹ پروگرام کے تحت 40سکیمیں مکمل کر لی گئی ہیں جن پر 17کروڑ 13لاکھ 88ہزار روپے لاگت آئی ہے، کمیونٹی پروگرام 2016-17کے تحت 12سکیمیں جاری ہیں جن پر15کروڑ 43لاکھ 1ہزار روپے لاگت آئی ہے پنجاب ایجوکیشن سیکٹر ریفارمز پروگرام کے تحت 228سکیمیں جاری ہیں جن پر 40کروڑ 80لاکھ روپے لاگت آئی ہے ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ نے کہا کہ تمام سکیموں کو بروقت مکمل کرلیا جائے گاوفاقی وزیر پارلیمانی امورشیخ آفتاب احمد نے کہا کہ ضلع بھر کے ایم این ایز اور ایم پی ایز ، صوبائی وزراء اور دیگر تمام متعلقہ افسران ان ترقیاتی سکیموں کا ذاتی طور پر معائینہ کریں اور انہیں بروقت مکمل کریں اس کے علاوہ کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کریں وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ضلع اٹک کے ترقیاتی کاموں کے لیے خطیر رقوم مہیا کی ہیں جو عوامی ترقی و فلاح و بہبود کے لیے خرچ کی جارہی ہیں انہوں نے تمام متعلقہ افسرا ن کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تحصیلوں کی منتخب سیاسی قیادت کے ساتھ ان ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل کے لیے رابطے میں رہیں اور اعلیٰ افسران کو روزانہ کی بنیاد پر ان ترقیاتی سکیموں کے متعلق رپورٹ فراہم کریں۔



اٹک خورد :دریائے سندھ پر پکنک منانے اور نہانے کے لیے آنے والے 95افراد پولیس نے گرفتار کر لیے
قانون شکنی کی سزا‘عید الفطر کے موقع پر کشتی ڈوبنے سے 6افراد کی جانوں کے ضیا ع کے بعد اٹک پولیس ان ایکشن، دریائے سندھ پر پکنک منانے اور نہانے کے لیے آنے والے 95افراد پولیس نے گرفتار کر لیے ۔مقدمات درج تفصیلات کے مطابق اٹک خورد پولیس نے عید کے روز کے پی کے سے تعلق رکھنے والے95افراد کو دریا سندھ میں نہانے پر گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا پولیس نے مذکورہ افراد کو ڈیوٹی مجسٹریٹ سول جج کی عدالت میں پیش کیا عدالت نے تمام افرادکو شخصی ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کیاہے دریں اثنا گرفتار ہونے والے شہریوں کے لواحقین جن کا تعلق مردان ،صوابی ،نوشہرہ سے تھا نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ ہم عرصہ دراز سے ہر سال عید کے موقع پر پکنک منانے کے لئے اپنی فیملیوں کے ہمراہ آتے ہیں اس دفعہ بھی ہم دریا سندھ پر اٹک خورد کے مقام پر پکنک منانے کے لئے آئے ہمارے ساتھ خواتین اور بچے بھی تھے ہم کھانے پکانے میں مصروف تھے کہ اسی اثناء میں پولیس کی بھاری نفری آگئی اور لوگوں کو گرفتار کرنا شروع کیا ہم نے پوچھا تو پولیس نے بتایا کہ اٹک میں دفعہ144کا نفاذ ہے لواحقین نے بتایا کہ پولیس نے بغیر اطلاع کے ہمارے عزیز و اقارب کو گرفتار کر کے جہاں ہماری عید کی خوشیاں خراب کی ہیں وہیں ہمارے خاندانوں خواتین اور بچوں میں بھی پریشانی بنی ہے لواحقین نے پولیس رویہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اس سلسلہ میں جب پولیس حکام سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا 6قیمتیں جانیں ضائع ہونے کے بعد اس کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا کہ ہم دریا پر نہانے آنے والوں کو گرفتار کریں کیونکہ شہری پولیس کے اہلکاروں کی طرف سے ممانعت کے باوجود کشتیوں میں سوار ہو رہے تھے اور کھلے دریا میں نہا رہے تھے۔



اٹک سٹی: ٹی ایم اے ہال اٹک میں رائل نیوز کے تعاون سے اٹک آرٹس کونسل کی جنرل میٹنگ اور عید ملن پارٹی کا انعقاد کیا گیا
ٹی ایم اے ہال اٹک میں رائل نیوز کے تعاون سے اٹک آرٹس کونسل کی جنرل میٹنگ اور عید ملن پارٹی کا انعقاد کیا گیا جسکی صدارت چیئرمین اٹک آرٹس کونسل محمد سلیم راجو نے کی، تقریب کے مقاصد میں تمام فنکاروں کو متحد کر نا، رنجشیں اور گلے شکوے مٹا کر اٹک آرٹس کونسل کو ایک مضبوط اور با اثر ادارہ بنانا اور اٹک آرٹس کونسل کی جنرل باڈی کے حوالے سے مشاورت تھی،چیئرمین محمد سلیم راجو اور وائس چیئرمین ناصر عباس نے خطاب کے دوران اٹک آرٹس کونسل کے باقاعدہ قیام کے حوالے سے نوجوان آرٹسٹ شیخ فرخ ذوہیب، شہریار بٹ اور فرحان اسلم نمائندہ رائل نیوز کی خدمات کو سراہا جنہوں نے تمام آرٹسٹوں کو گلے شکوے بھلا کر ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر کام کرنے کے لیئے آمادہ کیا، چیئرمین محمد سلیم راجو اور ناصر عباس، فوک گلوکارہ مس نرگس، گلوکار عطا امداد، شاکرکشمیری، اداکارجاوید شاہ، ناصر شیخ ، راجہ زاہد حسین ٹی ایم اے،توصیف شاہ، میوزیشن کمپوزرسلیم صدیقی نے اٹک آرٹس کونسل اور فنکاروں کے مستقبل کے حوالے سے لائحہ عمل پر تفصیلی گفتگو کی اورکہا کہ میڈیا چاہے وہ پرنٹ میڈیا ہو یا الیکٹرانک میڈیا کے تعاون سے حکومتی ادادورں سے اٹک آرٹس کونسل کے لیئے فنڈز اور سرپرستی کے لئے اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیا تاکہ فن اور فنکار کی فلاح و بہبود کے لیئے اٹک آرٹس کونسل اپنی پوری جانفشانی سے کام کر سکے، اس موقع پر فنکاروں کے علاوہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور متحد ہوکر ایک پلیٹ فارم سے فن کی ترویج کیلیئے کام کرنے کا عہد کیا اٹک آرٹس کونسل نے چیئرمین پریس فوٹو گرافرز ایسوسی ایشن حاجی سلیم خان اور لیاقت عمر کی اجلاس میں شرکت پہ ان کا شکریہ ادا کیا ، لیاقت عمر نے اپنے خطاب کے دوران اٹک آرٹس کونسل کے لئے اپنی خدمات فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔



تحصیل حضرو:یونیورسٹی سے واپس آنیوالے طالب علم کو ڈرائیور سمیت گاڑی سے نیچے اُتارنے کے بعد ملزمان گاڑی لے اُڑے 
یونیورسٹی سے واپس آنے والے طالب علم کو ڈرائیور سمیت گاڑی سے نیچے اُتارکر ہاتھ پاؤں باندھنے کے بعد ملزمان گاڑی لے اُڑے ، ڈکیتی کا مقدمہ درج تفصیلات کے مطابق محمد رضوان ولد محمد اشرف نے تھانہ حضرو میں ایف آئی آر درج کرائی کہ وہ رائیونڈ اور سروس انڈسٹریز لاہو ر میں ڈرائیور ہے، کنڑی منیجر محمد اعجاز کا بیٹا ابو بکر اعجاز جی آئی کے انسٹٹیویٹ ٹوپی میں زیر تعلیم ہے اسے لے کر جب غازی بروٹھہ نہر سے آگے سپیڈ بریکر پر پہنچا تو پیچھے سے ایک گاڑی آئی جس میں چار افراد سوار تھے اور ہماری گاڑی کے آگے اپنی گاڑی کھڑی کر دی ، ہماری گاڑی ہم سے چھین لی اور اپنی گاڑی میں لے گھومتے رہے اس دوران میری شلوار کا آزار بند نکال کر ہمارے ہاتھ باندھ دیئے ابو بکر اعجاز سے موبائل ، لیپ ٹاپ اور ڈگریاں بھی چھین لیں اور گاڑی لے کر فرار ہو گئے پولیس تھانہ حضرو نے زیر دفعہ 382ت پ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔



اٹک سٹی:2018کا الیکشن جیتنے کے بعدضلع اٹک کے طلبہ و طالبات کو پنجاب یونیورسٹی کیمپس کا قیام پہلا تحفہ دینگے؛ شیخ آفتاب احمد
وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ2018کا الیکشن جیتنے کے بعدضلع اٹک کے طلبہ و طالبات کو پنجاب یونیورسٹی کیمپس کا قیام پہلا تحفہ دینگے، اٹک کیلئے زرعی یونیورسٹی کے بعد میڈیکل کالج کی منظوری حکومت پنجاب کے علم و عوام دوستی کے ثبوت ہیں،صرف حضرو کے صحافی شعبہ صحافت میں اپنی خدمات بہترین انداز میں سرانجام دے رہے ہیں ، میں اسلام آباد ہوتا ہوں اور میری خبریں حضرو سے شائع ہوتی ہیں میں نے انہیں اپنے بیان لگانے کی کھلی چھٹی دی ہوئی ہے صحافی علاقہ کے مسائل کے حل کیلئے ہماری رہنمائی کریں،گاؤں ڈھوک شاہڈھیر کی کارپٹ سڑک کیلئے ٹینڈر ہو چکا ہے اگلے دو دنوں میں کام شروع ہو جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈار گروپ حضرو کے سابق امیدوار چیئرمین بلدیہ حضرورئیس ڈار کی طرف سے صحافیوں کے اعزاز میں دی گئی عید ملن پارٹی کے موقع پر گفتگو کے دوران کیا، اس موقع ڈاکٹر اشرف بٹ ،حاجی شیراز خان ،حاجی احسان خان ،حاجی اجمل ،سٹی صدر سیٹھ رفیق بھولا ، سعید الرحمان ،سکھراج ، مظہرشاہ ،طلال بٹ بھی موجود تھے،شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ حالیہ بجٹ میں حضرو شہر کیلئے بڑی گرانٹ منظور ہوئی ہے بہت جلد تمام منتخب نمائندوں کو اس حوالے سے اعتماد میں لیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ تحصیل حضرو کے 126دیہاتوں کو سوئی گیس کی فراہمی مکمل ہوچکی ہے چھچھ بھر میں کارپیٹ سڑکوں کے جال پیچھائے جارہے ہیں ، وفاقی وزیر نے کہا کہ گاؤں ڈھوک شاہڈھیر سمیت تمام باقی ماندہ سڑکوں کو بھی کارپٹ کیا جائے گا،ہٹیاں سے حضرو تک کارپیٹ روٹ کیلئے حکومت نے22کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کروائی ہے جس پر کام بہت جلد شروع ہوگا عید ملن پارٹی دینے پر صحافیوں نے ڈار گروپ کا شکریہ ادا کیا ۔
















No comments:

Post a Comment