Friday, April 21, 2017

Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from Hong Kong.

Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from Hong Kong.



اٹک سٹی:پاناما لیکس پر فیصلہ نواز شریف کے خلاف چارج شیٹ ہے‘ وزیراعظم کو فی الفور عہدہ سے استعفی دے دینا چاہیے؛طاہر صادق
سابق ضلع ناظم میجر طاہر صادق نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا پاناما لیکس پر فیصلہ نواز شریف کے خلاف چارج شیٹ ہے‘ وزیراعظم کو فی الفور عہدہ سے استعفی دے دینا چاہیے ،دو سینئر ججز نے کرپشن چوری اور لوٹ مار میں ملوث ہونے پرنااہل قرار دیاہے ‘سارا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے جس نے کرپشن سے چھٹکارے اور بڑوں سے احتساب شروع کرنے کے لئے وزیراعظم کو کٹہرے میں لا کھڑا کیا ،مسلم لیگ (ن) کے لئے یہ وقت مٹھائی تقسیم کرنے کانہیں بلکہ ڈوب مرنے اور سوچنے کا ہے کہ دو ججز نے وزیراعظم کو چور ڈکلیئر کیا ہے جبکہ تین دیگر ججز نے بھی چھوڑا نہیں ہے بلکہ مزید تفتیش کے لئے جے آئی ٹی بنانے کا حکم دیاہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل اٹک میں پاناما فیصلہ کے بعدمیڈیا سے بات چیت میں کیا ہے ‘میجر طاہر صادق نے کہا کہ وزیراعظم مشکل میں پھنس چکے ہیں ،آدھی سپریم کورٹ نے انہیں چور اور لوٹ مار کرنے والا ثابت کیا ہے وہ اس فیصلہ سے رگڑے گئے ہیں کسی صورت وہ بچ نہیں سکتے انہیں اور ان کے بیٹوں کو جے آئی ٹی میں پیش ہو کر پیسہ باہر لے جانے کے ثبوت دینے ہوں گے ‘قطری خط کا مسترد ہونا بھی چوری ثابت ہونے کے مترادف ہے ،انہوں نے کہا کہ عمران خان کرپشن اور لوٹ مار کے خلاف جنگ جیت چکا ہے اور پوری قوم نے یہ بات تسلیم کرلی ہے کہ عمران خان ہی وہ واحد لیڈرہے جو کرپشن میں ملوث شخصیات کا احتساب کرکے ملک کو کرپشن اور لوٹ مار سے چھٹکارا دلانا چاہتا ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو کرپشن الزامات پر عدالت میں لے آنا عمران خان کی اخلاقی فتح اور جیت ہے اس کا سارا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے جس نے تن تنہا یہ جنگ لڑی ہے نواز شریف اس فیصلے کے بعد مزید مشکل میں پھنس چکے ہیں میجر طاہر نے کہا کہ نیب کی نااہلی بھی موجودہ حکومت پر سوالیہ نشان ہے کیونکہ ان کے ماتحت کوئی بھی ادارہ ٹھیک کام نہیں کر رہاوزیراعظم اس منصب پر رہنے کا اخلاقی جواز کھوچکے ہیں انہیں چاہیے کہ جے آئی ٹی کو میرٹ اور صحیح سمت تفتیش کرنے کے لئے عہدے سے الگ ہو جائیں۔

اٹک سٹی:چار سال گزرنے کے باوجود عوام ایکسپریس عوام کو سفری سہولیات دینے میں ناکام ،مسافر ذلیل وخوارہوگئے
چار سال گزرنے کے باوجود عوام ایکسپریس عوام کو سفری سہولیات دینے میں ناکام ،نہ باتھ رومز کے لیے پانی اور نہ ہی واش بیسن میں ہاتھ منہ دھونے کے لیے پانی ،ہم لوگ ذلیل و خوار ہو کر رہ گئے ہیں ،خواجہ سعد رفیق کو ان چار سالوں میں کرایہ بڑھانے کے علاوہ عوام کو سفری سہولیات فراہم کرنے کے بارے بھی سوچنا چاہیے تھا،عوام ایکسپریس میں لگے ہوئے پنکھوں میں سے کوئی چل رہے ہیں تو کوئی خراب حالت میں جوں کے توں خراب جھول رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار عوام ایکسپریس میں لاہور سے سفر کرنے والے مبین احمد،یاسین،احمد نواز،امین شاہ،شفیق گلزار،امان اللہ،نجابت الہی،مشتاق انور اور دیگر مسافروں نے اٹک پہنچ کر عوام ایکسپریس کے بارے ایک سروے رپورٹ میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ لاہور سے اٹک تک متعدد بار گاڑی سرنگ سے گزری لیکن عوام ایکسپریس کا کوئی بلب روشن دکھائی نہیں دیا اور سرنگ کی وجہ سے بوگیوں میں گہرا اندھرا چھا گیا ‘اس دوران اگر کوئی حادثہ رونماء ہو جاتا تو اس کا ذمہ دار کون ہوتا؟فرش پر تین تین جگہ پنکچر لگے ہوئے ہیں ،بوگیوں کے دروازے ،ہینڈل،سیٹیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ‘پانی نہ ہونے کی وجہ سے باتھ رومز گندگی سے اٹے پڑے ہیں کھڑکیوں کی بری حالت ہو کر رہ گئی ہے ،صفائی ستھرائی کا کوئی موثر بندوبست نہ کیا گیا ہے ۔بوگیوں میں جابجا گندگی کے ڈھیر لگے ہیں جنہیں مسافر خود صاف کرتے ہوئے نظر آتے ہیں ‘انتظامیہ نام کی کوئی چیز نہیں ،باتھ رومز کی دیواریں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ایک باتھ روم سے دوسرے باتھ روم میں دیکھا بھی جا سکتا ہے،انشورنس کے نام پر فی مسافر سے ٹکٹ کی مد میں پیسے بٹورے جا رہے ہیں ،انہوں نے بتایا کہ اس تمام تر صورتحال سے اس بات کا اندازہ یقینی لگایا جا سکتا ہے کہ موجودہ حکومت نے ان چار سالوں میں ریلوے کے لیے کیا خدمات سرانجام دیں ،ریلوے وزیر خواجہ سعد رفیق کو اب استعفیٰ دے دینا چاہیے کیونکہ یہ وزارت ان کے بس کی بات نہیں۔

ہانگ کانگ:پانامہ لیکس کے فیصلے سے اپو زیشن کے غبارے سے ہوا نکل گئی ہے؛ سجاد خان نمبر ون 
پانامہ لیکس کے فیصلے سے اپو زیشن کے غبارے سے ہوا نکل گئی ہے‘ عمران خان کو چا ہیے کہ وہ کے پی کے کے عوام کی خدمت کریں جہاں سے انہیں عوام نے منتخب کیا ہے ،مسلم لیگ( ن) ضلع اٹک میں متحد ہے‘ انشا ء اللہ 2018میں مسلم لیگ (ن) پو رے ملک کی طرح ضلع اٹک سے بھی بھر پور کا میابی حاصل کر ے گی ‘توانائی بحران سمیت تمام منصوبے مکمل کیے جا ئیں گے ،ان خیالات کا اظہار سجاد نمبر ون (نیو سٹار HKلمیٹڈ)نے پانامہ لیکس کے فیصلے کے بعد یاسرامین سے بات چیت کر تے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ عوام با شعور ہیں ‘اچھے بر ے کی پہچان رکھتے ہیں عمران خان اور ان کی ٹیم نے ملک و قوم کا وقت ضائع کیا ہے ،سپر یم کورٹ کے فیصلے کے بعد اب انہیں سمجھ آجا نی چا ہیے ‘پاکستان میاں نواز شریف کی قیادت میں دنیا کا ٹائیگر بنے گا اور ترقی کے منا زل طے کر ے گا ،عمران خان کو چا ہیے کہ وہ ملک کی تر قی میں مسلم لیگ ن کا ساتھ دے ۔

اٹک شہراورگردونواح میں پرس چھیننے کے واقعات میں اضافہ ‘ایک ہفتہ کے دوران متعددوارداتیں شہریوں میں تشویش کی لہردوڑ گئی 
اٹک شہراورگردونواح میں پرس چھیننے کے واقعات میں اضافہ ‘ایک ہفتہ کے دوران متعددوارداتیں شہریوں میں تشویش کی لہردوڑ گئی ،گزشتہ روز شہر کے گنجان ایریاسے ایک تاجر کی بیوی سے پرس چھن گیا ۔پرس میں اڑھائی تولہ سونانقد رقم اور قیمتی موبائل بھی تھا‘واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ سٹی مظہرحسین موقع پر پہنچ گئے اورپرس چھیننے والے نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دیں‘ دریں اثنا ڈی پی او اٹک زاہدنواز مروت نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہو ئے ایس ایچ او سٹی کو ان وارداتوں میں ملوث گروہ کو فی الفور گرفتار کرنے اور شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

حضروشہر اور گرد و نواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ،حکومت کا ظالمانہ اقدام ہے
حضروشہر اور گرد و نواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ،حکومت کا ظالمانہ اقدام ہے ،حکومت ایک طرف دعوہ کر رہی ہے کہ ہم بجلی کی لوڈ شیڈنگ کم کر رہے ہیں اور دوسری طرف 18سے 20گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کر رہی ہے ‘ان خیالات کا اظہار مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے تاجروں،دوکانداروں ،بجلی کی دوکانوں کے مالکان نے ایک سروے کے دوران کیا ۔دوکانداروں اور تاجروں نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت جب سے اقتدار میں آئی ہے عوام کو بتا رہی ہے کہ ہم عوام کو ریلیف دیں گے اور بجلی کا بحران حل کرینگے لیکن تین سال گزرنے کے باوجود بھی بجلی کا مسئلہ اسی طرح ہے ‘پچھلی گرمیوں میں بھی 18 سے 20گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی گئی جس سے تاجر طبقہ اور گھریلوں خواتین اور معصوم بچے اور بیمار افراد انتہائی متاثر ہوئے ،اب گرمیوں کی آمد سے قبل ہی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے حکومتی وزراء بڑے دعوے کر رہے ہیں کہ ہم نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر قابو پالیا ہے لیکن ہمیں دیکھنے میں کوئی چیز نہیں آرہی ہے اب تو پیپلز پارٹی دور سے بھی بد تر نظر آرہی ہے لوگوں کا کاروبار متاثر ہو رہا ہے مذکورہ افراد نے وزیر اعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ شیڈول کے مطابق کی جائے تاکہ ہم اپنے روزمرہ کے معاملات احسن طریقے سے انجام دے سکیں ۔

حضروسٹی:میونسپل کمیٹی حضرو کی چیئر مینی کے الیکشن میں سعید آرائیں نے فتح حاصل کرکے چیئر مینی کا تاج اپنے سر سجا لیا
میونسپل کمیٹی حضرو کی چیئر مینی کے الیکشن میں اتحاد گروپ کے نامزد چیئر مین سعید آرائیں نے فتح حاصل کرکے چیئر مینی کا تاج اپنے سر سجا لیا ،ڈار گروپ کے نامزد چیئر مین رئیس احمد ڈار کو 2ووٹوں سے شکست کا سامنا،تفصیلات کے مطابق 18اپریل کو بلدیہ حضرو کی چیئر مینی کے الیکشن کیلئے اتحاد گروپ اور ڈار گروپ کے مابین مقابلہ ہوا ،اتحاد گروپ کی طرف سے حاجی سعید آرائیں اور ملک مناف بکری کے نشان پر الیکشن لڑ رہے تھے جبکہ ڈار گروپ کی طرف سے چیئر مین کی سیٹ پر رئیس ڈار اور وائس چیئر مین کیلئے حاجی شیراز خان نے انتخابی نشان گلدان پر الیکشن میں حصہ لیا ،دونوں گروپوں کے 9،9ممبران کی تعداد برابر تھی مگر جب رزلٹ آؤٹ ہوا تو اتحاد گروپ نے 18ووٹوں میں سے 10جبکہ ڈار گروپ نے 8ووٹ لیے ،اتحاد گروپ کی جیت کے اعلان کے ساتھ ہی بلدیہ حضرو میں اتحاد گروپ کے حامیوں کا جشن اورڈھولک کی تھاپ پر رقص بعد ازاں ریلی کی شکل میں سعید آرائیں کو ان کے ڈیرے پرحامیوں نے نعروں کی گونج میں لیکر گئے جہاں پر صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ،میجر گروپ کے سربراہ میجر طاہر صادق اور سینکڑوں کی تعداد میں سیاسی وسماجی شخصیات اور اہلیان حضرو مبارکباد دینے کیلئے پہنچ گئے نوجوانوں نے ڈھولک کی تھاپ پرلڈی ڈالی، بھنگڑے اور رقص کیا اور مٹھائیاں تقسیم ،اس موقع پر وائس چیئر مین ملک مناف ،اتحاد گروپ کے جنر ل کونسلرز ملک مقصود ،اور نگزیب خان ،احتشام بیگ ،نزاکت حسین ،حاجی مسعود آرائیں ،افتاب احمد آرائیں ،طارق منی چینجر ،خور شید آرائیں ،جمریز خان،ملک انصار ،ملک جمیل ،حبیب الرحمن قریشی ،عمران حضروی ،طارق دین ،سلیمان ٹیلر ،ملک رفیق آرائیں اور کثیر تعداد میں اہلیان حضرو وچھچھ بھی موجود تھے ،نومنتخب چیئر مین بلدیہ حضرو سعید آرائیں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اتحاد گروپ اور تمام دوستوں اور حضرو شہر کی عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انشاء اللہ حضرو شہر کی ترقی کیلئے سب کو ساتھ لیکر چلیں گے اور حضرو کی تعمیر وترقی کیلئے اپنی تما م تر صلاحیتیں بروئے کا لائیں گے ۔

اٹک سٹی:ہمارا تعلیمی سال مکمل ہونے کو ہے لیکن ابھی تک ہمارے کالج میں لیبارٹریاں قائم نہیں کی گئیں؛ طلبا کا میڈیا سے اظہارِ خیال 
ہمارا تعلیمی سال مکمل ہونے کو ہے لیکن ابھی تک ہمارے کالج میں لیبارٹریاں قائم نہیں کی گئی ہیں جس کی وجہ سے ہمیں مشکلات اور مختلف مسائل کا سامنا ہے ‘لیبارٹریاں نہ ہونے سے پریکٹیکل متاثر ہورہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج اٹک کے ایم ایس سی فزکس اور کیمسٹری کے طلباء نے صحافیوں سے ملاقات میں کیا ہے ‘طلباء نے بتایا کہ حکومت نے اس کالج میں ایم ایس سی کلاسز کا اجراء کر کے اچھا اقدام کیا مگر ابھی تک لیبارٹریاں قائم نہیں ہوئیں۔ اس سلسلہ میں ہم نے پرنسپل غلام مصطفی کیانی کی قیادت میں گزشتہ ماہ وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد سے ملاقات کی جس میں پرنسپل نے انہیں ہماری مشکلا ت سے آگاہ کیا وفاقی وزیر نے اس مسئلہ کے حل کے لیے 20لاکھ روپے منظور کرانے کا وعدہ کیا لیکن ابھی تک اُن کا یہ وعدہ وفا نہیں ہوا اس بارے میں ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ جمال طارق سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ لیبارٹریاں قائم کرنے کے لیے فنڈز اسی ماہ موصول ہو جائیں گے انہوں نے بتایا کہ پریکٹیکل کے لیے طلباء کو کسی دوسرے شہر نہیں جانا پڑے گا یہیں پر پریکٹیکل امتحان لیا جائے گا اور بہت جلد یہ مسئلہ حل ہو گا۔

کامرہ کلاں: ‘لگتا ہے 2018ء کے الیکشن تک یہ( ن) لیگ والے ٹرانسفارمر بھی اتار کر لے جائیں گے؛ اراکین پی ٹی آئی ضلع اٹک
مسلم لیگ (ن) نے 2013کے جنرل الیکشن میں عوام سے وعدہ کیا تھا کہ 6ماہ میں لوڈ شیڈنگ سے عوام کی جان چھڑا دیں گے لیکن (ن) لیگ کی حکومت کو 4سال ہو گئے لوڈ شیڈنگ پہلے سے بھی زیادہ ہے ‘عوام لیڈروں سے ما یوس ہو چکے ہیں ‘لگتا ہے 2018ء کے الیکشن تک یہ( ن) لیگ والے ٹرانسفارمر بھی اتار کر لے جائیں گے ،عوام ان چکر لیگیوں کے چکر سے نکل آئے اور آئندہ الیکشن میں صرف پی ٹی آئی کوکا میاب کریں ۔پی ٹی آئی میں اوپر سے نیچے تک لیڈر صاف ہیں عمران خان ایک سائیڈ پر ہے جبکہ دوسری طرف ساری پا رٹیاں ہیں ‘انشاء اللہ کا میابی عمران خان کی ہو گی کیو نکہ عمران خان حق پر ہے ہم چا ہتے ہیں کہ پا نا مہ کا فیصلہ جلد آئے تا کہ کر پٹ حکمرا نو ں سے عوام کی جان چھو ٹ جائے آج یہ جو سوئی گیس کے پائپ لے کر پھر تے ہیں ہم نے 65گا ؤں میں سوئی گیس لگوائی تھی اور یہ 65گلیوں میں نہیں لگوا سکے ۔ان خیالات کا اظہارمرکزی رہنما پی ٹی آئی ملک امین اسلم ، ضلعی صدر قاضی احمد اکبر ، سید یاور بخاری ، ملک طاہر اور ملک آصف سیدن نے ڈیرہ حاجی شیر افضل کا مرہ کلاں میں ایک پروقار بڑی کا ر نر میٹنگ کے شرکا ء سے خطاب کر تے ہو ئے کیااس سے قبل تقریب کے میزبان معروف سیاسی و سماجی شخصیت حاجی شیر افضل نے اپنے دوستوں اور برادری سمیت تحریک انصاف میں با قاعدہ شمولیت کا اعلان کیا انہو ں نے کہا کہ ہم 15سال مسلم لیگ( ن)کے ساتھ لیکن انہو ں نے عوام کو ما یو سی کے سوا کچھ نہیں دیا جس کی وجہ سے آج ان کو چھو ڑ کر پی ٹی آئی میں شا مل ہو گئے ہیں اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما ملک اعجاز ، تقریب کے میز بان کے صاحبزادے ملک عثمان ، حبیب الر حمان ، عبد الروف ، حا فظ اختر ، حاجی فا ضل ،چو دھری اعجاز ، عثمان سلیم، ملک آفتاب احمد نمبر دار ہٹیاں سیدن،فاضل خان وردگ ، ملک افراز، ملک ثمر عباس ، ذوا لفقار خان ، ڈاکٹر عالم زیب سمیت بڑی تعداد میں اہلیان علا قہ نے شر کت کی آخر میں تمام شرکاء کی کٹوا گوشت اور مکھڈی حلوہ سے تواضع کی گئی ۔
گاؤں سلیم خان:تحصیل حضرو کے کونے کونے میں سوئی گیس فراہم کرینگے ،حکومت عملی کاموں پر یقین رکھتی ہے؛ شیخ آفتاب احمد
تحصیل حضرو کے کونے کونے میں سوئی گیس فراہم کرینگے ،مسلم لیگ (ن ) کی حکومت وعدوں نہیں بلکہ عملی کاموں پر یقین رکھتی ہے ، محمد نواز شریف اورمحمد شہباز شریف ہی پاکستانی قوم کے حقیقی لیڈر ہیں ،حلقے این اے 57میں ترقیاتی کاموں کے جال بچھادینگے ۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے نواحی گاؤں سلیم خان میں سوئی گیس فراہمی کی شاندار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ ،چیئر مین بلدیہ اٹک شیخ ناصر محمود ،چیئر مین یوسی جلالیہ یاسر خان ،چیئر مین یوسی غورغشتی خالد زمان خالقی ،طلال بٹ ،رئیس ڈار ،رفیق بھولا ،حاجی احسان خان ،حاجی شیراز خان ،حاجی علی بہادر ،حاجی میر احمد خان ،منصف خان ،ملک صفدر اور کثیر تعداد میں یوسیز چیئر مینز ،منتخب عوامی نمائندے اور کثیر تعداد میں معززین چھچھ موجود تھے ،جلسہ منتظمین میں بشارت خان ،حاجی علی بہادر ،حاجی میر احمد خان نے زبر دست انتظامات کر رکھے تھے ۔جلسہ سے قبل بشارت خان اور ان کے ساتھیوں نے وفاقی وزیر اور صوبائی وزیر کا موٹر وے کے قریب شاندار استقبال کیا گیا اور انہیں شاندار موٹر سائیکل ریلی کی شکل میں سلیم خان جلسہ گاہ لایا گیا ‘جلسہ سے خطاب کر تے ہوئے شیخ آفتاب احمد ،جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ ہمارا مقصد علاقے میں شرافت اور عزت کی سیاست کو فروغ دینا ہے ‘جو لوگ بد معاشی کی سیاست نعرہ لگا رہے ہیں انہیں پتہ ہونا چایئے کہ چھچھ کی غیور عوام نے ہمیشہ بد معاشوں نہیں بلکہ شریف لوگوں کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی دینگے مخالفین سوئے شیر کو جگانے کی کوشش نہ کریں ‘وگرنہ جب شیر اٹھ گیا تو انہیں نگل جائے گا ،جلسہ سے شیخ ناصر ،بشارت خان ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔ 

گاؤں غورغشتی:نامعلوم چوراہل خانہ کی غیر موجودگی میں نقدی لاکھوں روپے کے مالیت کے طلائی زیورات اورکپڑے لے کر فرار ہوگئے
نامعلوم چوراہل خانہ کی غیر موجودگی میں نقدی لاکھوں روپے کے مالیت کے طلائی زیورات اورکپڑے لے کر فرار ہوگئے، تفصیلات کے مطابق ریاست علی ولد صوبہ خان ساکن غورغشتی نے تھانہ حضرو میں بیان دیا کہ میں مسکین آباد میں بیٹریوں کی دوکان کرتا ہوں ‘میرے گھر والے شادی پرراولپنڈ ی گئے ہوئے تھے ،مجھے اطلاع ملی کہ میرے گھر کے تالے ٹوٹے ہوئے ہیں جب میں گھر گیا تو دیکھا کمروں میں سامان بکھرا پڑا تھا ‘پڑتال کرنے پر نامعلوم چور میرے گھر سے نقد رقم ،لاکھوں روپے مالیت کے زیورات چوری کر کے لے گئے پولیس نے نامعلوم چوروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ۔

اٹک سٹی:ٹیکس ڈے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا 
ٹیکس ڈے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا ،اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات نے کی اجلاس میں ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز، ایجوکیشن، ہیلتھ ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ، اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔اجلاس میں حکومت پنجاب کی ہدایت پر منائے جانے والے ٹیکس ڈے کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر اٹک کو تفصیلی بریفنگ دی گئی ‘اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی اٹک رانا اکبر حیات نے کہا کہ ٹیکس ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور تمام لوگوں پر فرض ہے کہ وہ اپنے ذمہ واجب الادا ٹیکس ادا کریں تاکہ ٹیکس نیٹ کا دائرہ بڑھایا جاسکے انہوں نے کہا کہ عوام کا ادا کیا ہوا ٹیکس عوامی ترقی کے منصوبوں پر خرچ ہوتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح کے کئی منصوبے شروع کیے جاتے ہیں جن سے ملک میں ترقی ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ جس ملک میں عوام ٹیکس نیٹ میں آتے ہیں اور اپنے ذمہ واجب الادا ٹیکس ادا کرتے ہیں وہ ملک ترقی کرتا ہے اور عوامی خوشحالی کا راستہ ہموار ہوتا ہے اجلاس میں ای ٹی او تنویر الحق نے ضلع اٹک میں جاری ٹیکس مہم کے حوالے سے بریفنگ دی اور کہا کہ ٹیکس کی وصولی کے اہداف حاصل کرلیے گئے ہیں اور عوام میں ٹیکس ادا کرنے کی آگاہی مہم کا آغاز بھی کیا گیا ہے جس سے ٹیکس وصولی کی مہم میں عوام نے بھرپور تعاون کیا ڈی سی اٹک رانا اکبر حیات نے کہا کہ عوام الناس میں ٹیکس ادا کرنے کی مہم جاری رہنی چاہیے جو ہماری علاقائی اور ملکی ترقی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ 

اٹک سٹی:کمسن بغیر ڈرائیونگ لائسنس اور قانون سے بے خبر چنگ چی رکشہ ڈرائیورعوام کے لئے وبال جان بن گئے
کمسن بغیر ڈرائیونگ لائسنس اور قانون سے بے خبر چنگ چی رکشہ ڈرائیورعوام کے لئے وبال جان بن گئے ،رات کو چلنے والے اکثر بغیر لائٹ چنگ چی رکشہ حادثات کا سبب بننے لگے ‘ڈی ایس پی ٹریفک نوٹس لے،اٹک شہر اور گرد نواح میں قانون سے بے خبر چنگ چی رکشہ ڈرائیور سڑکوں پر موت بانٹنے میں مصروف ہیں،اکثر کم عمر اور بغیر لائسنس چنگ چی رکشہ ڈرائیورسڑکوں پر سوار یاں بٹھا کر ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش کرتے ہوئے حادثات کا موجب بن رہے ہیں ،تفصیلات کے مطابق اٹک شہر میں چنگ چی رکشہ کی تعداد میں روز بروز اضافہ انتظامیہ کے لئے لمحہ فکریہ ہے،چنگ چی رکشوں نے اٹک شہر کی تمام سڑکوں کو یرغمال بنا رکھاہے،شہر کی ہر گلی سے باہر بلکہ پورے سول بازار کو رکشہ اسٹینڈ میں تبدیل کر دیا ہے، سودا سلف خریدنے کے لئے آنے والے شہریوں کو اپنی گاڑی پارک کرنے کے لئے جگہ تک میسر نہیں ہوتی،آئے روز بازار میں چنگ چی ڈرائیوروں اور عوام میں تو تکرار معمول بن چکا ہے ،شہریوں کا پیدل چلنا بھی محال ہے،چیک اینڈ بیلنس کا کوئی انتظام نہ ہے ٹریفک اہلکار چوراہوں پر کھڑے اپنے فرائض سرانجام دینے سے قاصر ہیں ،سول بازار میں ٹریفک کا کوئی اہلکار ڈیوٹی پر معمور ہی نہیں ہوتا متعدد بار اخبارات میں اشاعت کے باوجود کوئی شنوائی نہ کی گئی،شہری حلقوں نے ٹریفک کے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ قانون سے بے خبر رکشہ ڈرائیوروں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے

حضروسٹی:مدارس کے بارے میں جو کچھ میڈیا دکھاتا اور بتاتاہے وہ کچھ اورہے ؛ مولانا عبدالرشید (اولڈھم ‘ برطانیہ)
دینی مدارس کے مطالعاتی دورہ کے دوران تقریباََ ایک درجن کے قریب مدارس کے سالانہ جلسوں میں شرکت کا موقع ملا‘ میں نے طلباء کے سروں پر پگڑی سجاتے ہاتھوں میں تسبیح پڑھتے اور انعامات میں حاصل ہونے والی کتابیں ان کو اٹھاتے تو دیکھا ہے لیکن کسی ایک مدرسے میں ایک طالب علم کو بھی اسلحہ لہراتے ،بندوق اٹھاتے اور لوگوں میں دہشت پھیلاتے نہیں دیکھا۔ان خیالات کا اظہار جمعیت العلماء برطانیہ کے مرکزی رہنما مولانا قاری عبدالرشید نے دارالعلوم تعلیم القرآن راجہ بازار راولپنڈی کے سالانہ جلسہ تقسیم اسناد و انعامات اور ختم بخاری شریف کی تقریب میں شرکت کے بعد مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مدارس کے بارے میں جو کچھ میڈیا دکھاتا اور بتاتاہے وہ کچھ اورہے اور مدارس کے مطالعاتی دورہ میں آنکھوں سے جو دیکھا اور کانوں سے جو کچھ سنا وہ بالکل ہی مختلف ہے نتیجہ یہ نکلا کہ میڈیا مدارس دشمنی پرہے اور ان کے خلاف اقوام عالم کو گمراہ اور مسلمانوں کو مدارس سے بد ظن کر رہاہے جس میں وہ کبھی بھی کامیاب نہیں ہو سکے گا۔بعد ازیں جامعہ صدیقیہ بستی لالہ رخ واہ کینٹ، کے سالانہ جلسہ ختم مشکوہ و تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے قاری عبدالرشید نے کہا کہ دینی مدارس سے ہر سال علماء حفاظ و قرآء ہزاروں کی تعداد میں تیار ہو کر جب معاشرے میں پھیلتے ہیں تودین اسلام کے خادموں کی اس پیداوار میں مدارس دینیہ کے ان مخلص معاونین اہل خیر مسلمانوں کا بھی بہت بڑا حصہ شامل ہوتا ہے جو سارا سال کبھی زکوہ وصدقہ اور کبھی عشر و خیرات اور کبھی قربانی کی کھالوں اور دیگر مدات سے مدارس دینیہ میں پڑھنے پڑھانے والوں کو معاشی طور پر بے غم رکھتے ہیں اور طلباء و علماء پورے اطمینان کے ساتھ شوال تا شعبان قرآن کے حافظوں قاریوں اور نوجوان علماء کرام کی تازہ کھیپ تیار کرنے میں لگ جاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مدارس والے ،وفاق المدارس العربیہ، کے سالانہ امتحانات سے پہلے رجب میں ہی قوم اور طلباء کے والدین کو اپنے پورے سال کی کار کردگی مدارس کے سالانہ جلسوں میں دکھا اور بتا کر نئے تعلیمی سال کی پلاننگ کرنے اور وسائل جمع کرنے کے لیئے اپنے منصوبے بنا کر پھر اہل خیر مسلمانوں کے سامنے رکھ دیتے ہیں قاری عبدالرشید کا یہ بھی کہنا تھا کہ حساب و احتساب کا شاندار نظام دینی مدارس والوں کے پاس ہے لاکھوں طلباء کو مفت میں جو تعلیم و تربیت مدارس میں دی جاتی ہے یہ اہل خیر مسلمانوں کے مالی تعاون کے بغیر ناممکن ہے واہ کینٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے قاری عبدالرشید نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ دنیا کی باقی این جی اوز انسانوں کی خدمت کرتی ہیں رہائش دیں تو کھانے کے لیئے کسی دوسری طرف کی دیکھتی ہیں جبکہ مدارس نہ صرف رہائش ،کھا نا پینا اور دیگر تمام ضروریات پوری کر تی ہیں ۔ 

اٹک سٹی: وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر ڈی ایچ کیو اٹک میں مریضوں کی سہولت کے لیے ریسکیو1122اٹک نے انفارمیشن ڈیسک قائم کیا 
وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر ڈی ایچ کیو اٹک میں مریضوں کی سہولت کے لیے ریسکیو1122اٹک نے انفارمیشن ڈیسک قائم کیا جہاں ریسکیو 1122کا نمائندہ لوگوں کو معلومات دینے کے لیے موجود ہوگا،اس کا مقصد مریضوں کو ایک گورنمنٹ ہسپتال سے دوسرے گورنمنٹ ہسپتال اور بڑے ضلع کی گورنمنٹ ہسپتال بلامعاوضہ بروقت طبی امداد کے ساتھ منتقلی ہے اٹک میں پیشنٹ ٹرانسفر سروس کا آغاز یکم فروری2017کو کیا گیا تھا۔ڈیسک کا افتتاح اے ڈی سی اٹک ملک طارق رحیم نے کیا ‘افتتاح میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر میاں محمداشفاق، ایم ایس ڈی ایچ کیو اور ریسکیو1122اٹک کا عملہ موجود تھا۔

جامعہ عربیہ اشاعت القران ‘ حضرو: ناموس رسالت ﷺہمارے ایمان اور نظریہ میں شامل ہے ‘سودے بازی نہیں ہو سکتی؛علمائے کرام 
ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے ایمان اور نظریہ میں شامل ہے ‘نظریہ پر سودے بازی نہیں ہو سکتی ،پاکستان اور ناموس رسالت لازم و ملزوم ہیں پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کی آنکھیں نکال دیں گے ‘وطن پر جان قربان کرنا سعادت سمجھتے ہیں ۔جمعیت علمائے اسلام اتحاد امت کے فروغ کے لئے کوشاں ہے صد سالہ اجتماع میں امام کعبہ اور اکابر علماء نے اسی پیغام کو لاکھوں لوگوں تک پہنچایا ‘دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں جو قرآن اور سنت کی ترویج و اشاعت میں سرگرم عمل ہیں پاکستان بھی قائم رہے گا اور دینی مدارس بھی قائم رہیں گے ۔جامعہ عربیہ اشاعت القرآن جامعہ صدیقیہ اور سینکڑوں مدارس مولانا محمد صابر اور مولانا عبدالسلام رحمتہ اللہ علیہ کی یادگار اور صدقہ جاریہ ہیں ‘ان خیالات کا اظہار مرکزی رہنما جے یو آئی مولانا محمد امجد خان، جانشین سید عبدالمجید ندیم شاہ، مولانا فیصل ندیم ،شیخ الحدیث مولانا ظہورالحق ،شیخ الحدیث مولانا محمد امتیاز خان، حافظ محمد صدیق، مولانا قاری چن، محمد مولانا عبدالخالق، مفتی تاج الدین ،مولانا عمر فاروق صدیقی ،مولانا ضیا الاسلام نے جامعہ صدیقیہ میں ختم مشکوہ شریف کی تقریب اور اجتماع سے خطاب میں کیا ۔اس موقع پر مولانا عبدالرؤف صدیقی ،مولانا قمر السلام قمولانا، فتح محمد، مولانا لیاقت علی، قاری اکثیر احمد، مولانا محمد انصر ،ملک سفیر احمد قاری، عبدالشکور ،محمد اقبال اعوان، ملک شاہد ،مولانا رضوان احمد، الحاج قاری لالہ محمد رفیق سمیت علما ء کرام کی کثیر تعداد موجود تھی علمائے کرام نے کہا کہ دینی مدارس ملک کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں دینی مدارس مسلمانوں کا تعلق قرآن و سنت سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ملک دشن عناصر دین اسلام اور وطن عزیز کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں مگر علمائے کرام ان کی سازشوں کا مقابلہ کریں گے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں گے سوشل میڈیا پر گستاخ بلاکرز کے خلاف کاروائی کو جاری رکھتے ہوئے گرفتار کر کے انجام تک پہنچایا جائے تقریب میں مشکوہ کی آخری حدیث شیخ الحدیث مولانا ظہورالحق نے پڑ ھائی اور ملکی سلامتی خوشحالی اور دینی مدارس کے لئے خصوصی دعا کرائی مولانا ضیاء الحق، مولانا سعید الرحمان دینی مدارس عوام کے تعاون سے اس گئے گزرے دور میں دین کی اشاعت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں فارغ التحصیل ہونے والے علماء کرام جب تک دینی خدمت انجام دیں گے اور دینی مدارس قائم رہیں گے معاونین جو برابر ثواب ملتا رہے گا ۔

حضروسٹی:تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حضرو کا ایمرجنسی میں تعینات عملہ اپنے فرائض سے غفلت برتنے لگا 
تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حضرو کا ایمرجنسی میں تعینات عملہ اپنے فرائض سے غفلت برتنے لگا ‘ایمر جنسی میں لائے جانے والے مریضوں کی ٹریٹمنٹ کی بجائے انہیں ٹرخادیا جانے لگا ،عوام عملہ کے غیر اخلاقی رویہ سے پریشان ہو کر پرائیویٹ ہسپتالوں کا رُخ کرنے لگے ،تحصیل حضرو کے گاؤں عدلزئی چوتھائی کے رہائشی کاشف نے اٹک میں میڈیا نمائندوں کو بتایا ہے کہ میری والدہ کو کتے نے کاٹ لیا جسے میں لے کر ہنگامی طور پر ٹی ایچ کیو ہسپتال حضرو آیا ‘اس وقت رات کے 9بج رہے تھے ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر نے چیک اپ کرنے کے بعد ٹیکے لگوانے اور زخم صاف کر کے پٹی کرانے کے لیے نچلے سٹاف کی طرف بھیجا تو ایمرجنسی میں موجود ڈسپنسروں نے مرہم پٹی کی بجائے ٹال مٹول کرتے ہوئے کہا کہ آپ صبح آجائیں میں والدہ کو لے کر گھر چلا گیا اور صبح دوبارہ ایمر جنسی میں آیا اور ڈیوٹی پر موجود لڑکوں کو والدہ کی پرچی دکھائی تو انہوں نے کہا کہ سائیڈ پر بیٹھ جائیں ‘مرہم پٹی کر کے ٹیکہ لگاتے ہیں ،تین گھنٹے کا طویل وقت گزرنے پر جب اُن سے ٹیکہ لگانے اور مرہم پٹی کو کہا تو اُن لڑکوں نے کہا کہ کتے کے کاٹنے کی پٹی اور مرہم ہم نہیں لگا سکتے ‘جراثیم کا خطرہ ہے جبکہ ٹیکہ لگانے سے بھی ٹال مٹول کر تے رہے ،مجبور ہو کر میں نے انہیں منت سماجت کی تو انہوں نے کہا کہ ہمارا جو کچھ کرنا ہے کر لو ہم تمہاری والدہ کی مرہم پٹی اور کتے کے کاٹنے کی ویکسین کا ٹیکہ نہیں لگا سکتے ،مجبوراََ مجھے والدہ کو پرائیویٹ ہسپتال سے یہ ٹیکے لگوانے پڑ رہے ہیں کاشف نے میڈیا کو بتایا کہ کروڑوں روپے صحت کے نام پر خرچ کر کے بھی اگر عوام کو بنیادی طبی امداد نہ ملے تو ہمیں اس حکومت کا کیا فائدہ کاشف نے وزیر اعلیٰ پنجاب ، سیکرٹری ہیلتھ پنجاب، کمشنر راولپنڈی ڈویژن ، ڈپٹی کمشنر اٹک اور چیئرمین ہیلتھ ایگزیکٹو کمیٹی سے اس سٹاف کے خلاف کاروائی کرنے اور اصلاح و احوال کا پرزور مطالبہ کیا ہے ۔

اٹک پولیس نے ضلع بھر میں جاری کاروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی 
اٹک پولیس نے ضلع بھر میں جاری کاروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی ،تفصیلات کے مطابق پولیس نے اسلحہ کے 91مقدمات درج کر کے94ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 57پستول، 26 رائفل،4 کلاشنکوف، 7ریپٹر،11چاقو اور2809روند برآمد کر لئے منشیات کے 53مقدمات درج کر کے53 ملزمان کو گرفتار کر کے 25کلو791گرام چرس،3کلو330 گرام افیون اور306کپیاں شراب برآمد کر لی قمار بازی کے 7مقدمات درج کر کے40ملزمان کو گرفتار کر کے 19لاکھ 23ہزار روپے معہ14عدد موٹر سائیکل برآمد کر لئے گئے پولیس نے دو گینگ کے 7ملزمان کو گرفتار کر کے 5پستول16روند اور نقد رقم 6لاکھ30ہزار 800برآمد کر لی پولیس نے کرایہ داری ایکٹ کے 9مقدمات درج کر کے 19ملزمان،فارن ایکٹ کے 12مقدمات درج کر کے13ملزمان اور ون ویلنگ کے ایک مقدمہ درج کر کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔


















No comments:

Post a Comment