Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from Hong Kong.
اٹک سٹی:تعلیم اور صحت کے شعبے کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کی جائیں تاکہ صحت مند معاشرے کی بنیاد رکھی جاسکے؛ شیخ آفتا ب احمد
وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ اس ملک کی تعلیم اور صحت کے شعبے کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کی جائیں تاکہ صحت مند معاشرے کی بنیاد رکھی جاسکے،انہوں نے کہا کہ معاشرے میں استاد اور ڈاکٹر کا خاص مقام ہے اور یہ مقام اس وجہ سے اہمیت کا حامل ہے کہ اس میں دکھی انسانیت کی خدمت کی جاتی ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع اٹک میں ہیلتھ کنونش کے سلسلے میں میونسپل کمیٹی ہال اٹک میں ایک سیمینار کی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے ،اس موقع پر اے ڈی سی آر اکرام الحق، اے سی اٹک مرضیہ سلیم ، چیئرمین بلدیہ اٹک شیخ ناصر محمود ، وائس چیئر مین ملک طاہر اعوان ، سی ای او اٹک ڈاکٹرملک عبادت،شیخ اجمل محمود، محمد سلیم شہزاد ،شیخ نعمان سرور ،شیخ غلام صمدانی، مقامی این جی اوز اور شہریوں کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی، سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں اور اس سلسلے میں صوبہ بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ادویات، میڈیکل مشینری ، آلات، پیرا میڈیکل سٹاف، ایمبولینسز اور ڈاکٹرز کی تعیناتی کو یقینی بنایا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں دنیا کے جدید ترین میڈیکل اداروں کی ہم پلہ سہولیات میسر ہوں گی،انہوں نے کہا کہ عوام کو ان اداروں میں فراہم کی جانے والی سہولیات کو فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مکمل مانیٹرنگ بھی کی جاتی ہے، شکایت کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جاتی ہے،وفاقی وزیر نے کہا کہ صحت بنیادی حیثیت کی حامل ہے اور یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو صحت کے شعبے میں بہترین سہولیات فراہم کرے ،انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے ساتھ ساتھ وفاقی حکومت بھی عوام کے لیے صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کررہی ہے، اس سلسلے میں ہیلتھ کیئر کارڈ کا اجراء ، حکومت کی طرف سے مریضوں کے علاج کے لیے رقم کی بروقت فراہمی اور دیگر اقدامات شامل ہیں ، انہوں نے کہا کہ پاکستان بیت المال مریضوں کو 10 لاکھ تک امداد دے رہا ہے اور اس سے زیادہ کی امداد وزیر اعظم کی منظوری سے 2 دن کے اندر عوام تک پہنچ رہی ہے لیکن ابھی صحت کے شعبے میں بہت کچھ کرنا باقی ہے ، وفاقی وزیر نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صوبے کی ترقی کے لیے جانفشانی سے کام کیا ہے جس کی بدولت صوبے کے عوام کو بے پناہ سہولیا ت میسر آئی ہیں، خاص طور پر انہوں نے صحت اور تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ دی ہے جس کی وجہ سے صوبہ پنجاب دنیا بھر میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے،تقریب سے ڈاکٹر عبادت ، ڈاکٹر محسن اشرف، ڈاکٹر آصف نیازی اور آصف رضا نے بھی خطاب کیا اور حاضرین کو ضلع اٹک میں محکمہ صحت کی طرف سے مختلف شعبوں میں کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جس کو حاضرین نے بے حد سراہااور حکومت پنجاب کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیاہے ۔
اٹک سٹی:حکومت پنجاب کی ہدایات پر محکمہ صحت دو دسمبر تا گیار ہ دسمبر تک ہیلتھ کنونشن منعقد کرے گا
حکومت پنجاب کی ہدایات پر محکمہ صحت دو دسمبر تا گیار ہ دسمبر تک ہیلتھ کنونشن منعقد کرے گا ،اس سلسلہ میں ضلع بھر کے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ، بنیادی مراکز صحت ، دیہی مراکز صحت اور اسفند یار بخاری ڈسٹرکٹ ہسپتال اٹک میں حکومت پنجاب کی جانب سے عوام الناس کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے گی ہیلتھ کنونشن کے سلسلے میں آج ڈی سی آفس اٹک میں ڈپٹی کمشنر اٹک کی جانب سے اٹک کے صحافیوں کو حکومت پنجاب کی جانب سے صحت کے میدان میں کیے جانے والے اقدامات سے آگاہی اور ضلع اٹک میں ہیلتھ کنونشن کے سلسلے میں معلومات کی فراہمی کے لیے ایک پریس کانفرنس بھی منعقدکی گئی اے ڈی سی آر اکرام الحق ، سی ای او ڈاکٹر ملک عبادت ، ایم ایس ڈاکٹرسلطان ، ڈاکٹر آصف نیازی، ڈاکٹر سعید ، ڈاکٹر محسن اشرف ، اے سی اٹک مرزیہ سلیم بھی اس موقع پر موجود تھیں پریس کانفرنس میں ڈی سی اٹک رانا اکبر حیات نے صحافیوں کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ صوبہ پنجاب میں صحت کے شعبہ میں کارکردگی کے حوالے سے محکمہ صحت اٹک کو صوبے کا بہترین ضلع اوراسفند یار بخاری ڈسٹرکٹ اٹک ہسپتال کو دوسرا بہترین ہسپتال ڈیکلیئر کیا گیا ہے پورے صوبہ میں بارہ ارب روپے کی مفت ادیات فراہمی کی گئی ہیں جن میں سے اٹھارہ کروڑ روپے کی ادویات ضلع اٹک کو دی گئی ہیںیہ تمام ادویات ملٹی نیشنل کمپنیوں کی تیار کردہ تھیں صوبہ بھر میں فری ایمبولینس سروس متعارف کروائی گئی ہے جو 1122اور 1034کی ہیلپ لائن پر موجود ہیں حاملہ خواتین کے لیے فری ڈیلوری سروس متعارف کی گئی ہے جس کے تحت اب تک چھ سو خواتین کو گھروں سے ہسپتال بذریعہ ایمبولینس مفت شفٹ کیا گیا ہے انہوں نے بتایا کہ ISO-9200 کے مطابق اسفند یار بخاری ڈسٹرکٹ ہسپتال اٹک اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال حضرو کو بہترین ہسپتال قرار دیا گیا ہے ڈی سی اٹک نے بتایا کہ تحصیل اور ضلع کے ہسپتالوں میں سات نان کلینکل سروس آؤٹ سورسز کا انعقاد کیا جارہا ہے، پنجاب ہیپاٹائٹس آرڈنینس 2017کا اجراء اور فوری اطلاق ، ہیپا ٹائٹس بی ، سی کی ادویات گھر گھر بذریعہ کورئیر سروس فراہم کی جارہی ہیں۔ ایس ایم یو اور پی ایم یو تمام تحصیل اور ضلع ہسپتالوں میں قائم کیے جارہے ہیں۔ محنتی اور قابل افراد کے لیے صحت خدمت ایوارڈ کا اجراء کیا گیا ہے۔ ڈویژنل اور ہیڈ کوارٹر سطح میں ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کی جارہی ہیں۔ہیلتھ ویک برائے عوام،محکمہ صحت، اور پولیس سروسز کا انعقاد ، دیہی اور بنیادی مراکز صحت میں بریسٹ فیڈنگ کارنر کا قیام ، متعدی امراض مثلاًٹی بی، ملیریا، ڈینگی کے خاتمے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات ، پروفیشنل اور ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول کی از سر نو تشکیل ، پروفیشنل ڈرگ کنٹرول آفس کا قیام ، چیف ڈرگ کنٹرول کمیٹی کی تشکیل نو ، سینٹرل ڈرگ لائسنس سسٹم کا قیام ، سپیشل پے سکیلز پر سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی بھرتی ، ڈاکٹر ز ، لیڈی ڈاکٹر ز اور ڈینٹل سرجنز کی سیٹوں میں اضافہ ، چیف منسٹر روڈ میپ فار ہیلتھ کا اجراء ، پنجاب کے ہیلتھ مراکز کی انفراسٹکچر کی بہتری کے لیے ہیلتھ کونسل کا قیام ، ملکی اور بین الاقوامی ادویات کی خریداری کے علاوہ ضلعی اور تحصیل ہسپتالوں کی بحالی کے لیے پروگرام کی تشکیل وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے محکمہ صحت کی بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات میں شامل ہیں۔
اٹک سٹی:اپنے ضلع کی عوام کے وسیع تر مفاد میں سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت ڈی سی آفس میں کی؛ ایمان طاہر
چیئر پرسن ضلع کونسل اٹک ایمان طاہر نے کہا ہے کہ اپنے ضلع کی عوام کے وسیع تر مفاد میں سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت ڈی سی آفس میں کی‘ حالانکہ اخلاقی اور قانونی طور پر اس اجلاس کے انعقاد کی ذمہ داری ہماری ہی تھی اور ضلع کونسل میں ہونا تھا مگر مسلم لیگ (ن) کے ارکان ضلع کونسل آنے سے ہچکچا رہے تھے ۔ڈی سی رانا اکبر حیات کی درخواست اور ضلع کے عوام کے مفاد میں ڈی سی آفس میں اجلاس کی صدارت کی میجر طاہر صادق نے ہمیں یہی سکھایا ہے کہ عوام کے مفاد کے لیے کسی بھی جگہ اور کسی بھی شخص سے ملا جا سکتا ہے عنقریب ضلع بھر میں چیئرمینز یونین کونسل کو اپنے علاقوں میں تعمیر و ترقی کے لیے بڑا پیکج دیں گے ہم عوام سے ہیں انشاء اللہ عوام میں ہی رہیں گے مسلم لیگ(ن) کی کہانی ختم ہو چکی مہنگائی ، بے روزگاری ، کرپشن اور ختم نبوت کے معاملہ پر آئینی ترمیم سے اُن کی رہی سہی ساکھ بھی ختم ہو کر رہ گئی ہے آنے والا دور تحریک انصاف کا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل اٹک کے ہنگامی اجلاس سے خطاب میا کیا ہے اجلاس کی صدارت وائس چیئرمین ملک جمشید الطاف نے کی اجلاس سے چن حسن فردوس ، سید زاہد حسین شاہ ، چوہدری عبدالسلام، سید تنویر شاہ، آصف علی خان ، سردار مختیار احمد خان، مولانا جابر علی اور ملک انصار نے بھی خطاب کیا مسلم لیگ (ن) کے ایک رکن نے اپنے علاقہ میں فنڈز نہ ملنے کی شکایت کی تو اُس پر چیئرپرسن نے جواب دیا کہ یہ روایت آپ کے لیڈروں نے ڈالی ہے زین الٰہی منتخب ایم این اے ہیں مگر آپ کے لیڈران اُن کے فنڈز غیر منتخب لوگوں کے ذریعے خرچ کرا رہے ہیں اجلاس میں چن حسن فردوس اور سید زاہد حسین شاہ نے این اے 59میں منتخب رکن قومی اسمبلی زین الٰہی کو فنڈز نہ دینے پر قرارداد مذمت پیش کی ایمان طاہر نے ارکان ضلع کونسل کو خادم اعلیٰ پنجاب صاف دیہات پروگرام اور لوکل گورنمنٹ ڈویلپمنٹ پیکج پر مکمل بریفنگ دی تاکہ ارکان ضلع کونسل اس پیکج اور پروگرام سے بہتر طور پر مستفید ہو ں سکیں ایمان طاہر نے کہا کہ ہم اصولی لوگ ہیں اور ہم نے اصول اپنے والد میجر طاہر صادق سے سیکھے ہیں ضلع کونسل کا چیئرمین تمام ممبران قومی و صوبائی اسمبلی سے عہدے میں بڑا ہوتا ہے ہمیں پورے ضلع سے ووٹ ملے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم نے بلا تفریق ہر یونین کونسل کو فنڈز دیے ہیں انہوں نے ارکان ضلع کونسل کو تاکیدکی کہ اپنے اپنے علاقے میں ہونے والے تعمیراتی کاموں کی خود نگرانی کریں تعمیراتی کاموں کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا میں خود بھی پورے ضلع کے دورے کر کے کام چیک کر وں گی ۔
اٹک سٹی:ڈی پی او اٹک عبادت نثار نے محکمانہ امتحان پا س کر نے والے 18کا نسٹیبلان کو تر قی دے کر ہیڈ کا نسٹیبل بنا دیا
ڈی پی او اٹک عبادت نثار نے محکمانہ امتحان پا س کر نے والے 18کا نسٹیبلان کو تر قی دے کر ہیڈ کا نسٹیبل بنا دیا ،دریں اثناء اس سلسلے میں ایک تقریب پو لیس لا ئن اٹک میں منعقد ہو ئی جس میں ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر حفیظ احمد او لکھ مو جود تھے ڈی پی او اور ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر نے تر قی پا نے والے 18کانسٹیبلان کو ہیڈ کا نسٹیبل کے رینک لگا ئے اور انہیں مبار ک باد دیتے ہو ئے کہا کہ ان کی تر قی کا سفر شروع ہو چکا ہے اور آئندہ بھی اسی محنت ایمانداری ،لگن اور محکما نہ قوا عدو ضوابط کو مد نظر رکھ کر اٹک پو لیس کا نام روشن کریں انہو ں نے کہا کہ اس وقت پو لیس پر بھاری ذمے داریاں عا ئد ہو چکی ہیں اٹک پو لیس کے معیار کو نہ صرف بر قر ار رکھے بلکہ اس کو بلند کر نے کے لئے اپنے تما م وسائل برو ئے کا ر لائیں اور معاشرے میں سما ج دشمن عنا صر اور قانون شکن افراد کی سرکو بی کے لئے کو ئی خا طر جمع نہ رکھیں اٹک پو لیس نہ ہمیشہ ضلع میں امن و امان کی صورت حال کو برقرا ر رکھنے کے لئے جا نی قر بانی سے بھی دریغ نہیں کیا اٹک پو لیس کے شہداء پو لیس کے ما تھے کا جھو مر ہیں آپ بھی انہی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے انہی روایات کو مد نظر رکھیں ۔
حضروسٹی:سردی بڑھتے ہی مضر صحت و غیر معیاری سوپ کی فروخت شروع ہو گئی
سردی بڑھتے ہی مضر صحت و غیر معیاری سوپ کی فروخت شروع ہو گئی،اٹک شہر اور حضروسٹی میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی مضر صحت اور غیر معیاری سوپ کی فروخت شروع ہوگئی،دن ڈھلتے ہی شام کو اٹک شہر کے مختلف بازارو ں میں ریڑھی اور ٹھیلوں پر دلفریب ناموں کے ساتھ سوپ اور یخنی جو کہ مضر صحت اور غیر معیاری ہوتی ہے ‘عوام کو سرعام فروخت کی جارہی ہے،برتن دھنے کا نظام نہایت ہی ناقص،چمچ اور پیالے ایک ہی پانی کے ساتھ دھوئے جارہے ہیں، یخنی اور سوپ میں مختلف ملاوٹی اشیاء ملانے سے شہر پیٹ کی مختلف بیماریوں کاشکار ہونے لگے،چیک اینڈ بیلنس کا کو ئی انتظام نظر نہیں آتا‘شہریوں نے اعلی حکام سے اصلاح و احوال کا مطالبہ کیا ہے۔
حضروسٹی: موبائل فون کمپنیاں اپنے ٹاورز کی حفاظت کیلئے چوکیدار وں کو پینتیس سو روپے ماہانہ دے رہی ہیں جوکہ سراسرزیادتی ہے؛رپورٹ
سرکاری سطح پر مزدور کی کم از کم ماہانہ اجرت پندرہ ہزار مقرر ہونے کے باوجود موبائل فون کمپنیاں اپنے ٹاورز کی حفاظت کیلئے چوکیدار ملازمین کو پینتیس سو روپے ماہانہ کی قلیل رقم دے رہی ہیں جو سراسر ملکی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی اور غریب ملازمین کے ساتھ زیادتی ہے جبکہ یہ کمپنیاں صارفین سے کروڑوں روپے منافع کما رہی ہیں لیکن حکومت کی عدم توجہی اور عوامی نمائندوں کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے یہ کمپنیاں سردی،گرمی،بارش اور طوفان میں ٹاور پر حفاظت کے لئے مامور غریب چوکیداروں کو مناسب تنخواہ تک دینا گوارہ نہیں کرتیں ،مقامی سماجی شخصیت اور آواز فاؤنڈیشن کے سربراہ امجد اقبال ملک آف شمس آباد نے سوشل میڈیا پر ان بیچارے ملازمین کے حق میں آواز اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وزیر مواصلات کی مداخلت اور ایک ہدایت لاکھوں غریب ملازمین کی تکلیف کا ازالہ کر سکتی ہے اور یہ پیسہ حکومت نے نہیں بلکہ موبائل فون کمپنیوں نے دینا ہے جو مختلف حیلے بہانوں سے اپنے صارفین کی جیب سے کروڑوں اربوں روپے نکلوا رہی ہیں۔
اٹک سٹی:تنظیم اساتذہ پاکستان ضلع اٹک کی تنظیم نو،پرویز اقبال صدر اور محمد ریاض ضلعی سیکرٹری جنرل منتخب ہو گئے
تنظیم اساتذہ پاکستان ضلع اٹک کی تنظیم نو،پرویز اقبال صدر اور محمد ریاض ضلعی سیکرٹری جنرل منتخب ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق تنظیم اساتذہ ضلع اٹک کے انتخابات ہوئے ناظم انتخاب کے فرائض حبیب الرحمن نے اداکیے جس کے نتیجے میں پرویز اقبال تنظیم اساتذہ ضلع اٹک کے بلا مقابلہ صدر منتخب ہوگئے نائب صدر ماسٹر عابد حسین ،جوائنٹ سیکرٹری ماسٹر حیدر زمان سیکرٹری نشرو اشاعت ماسٹر سیف الرحمن اور سیکرٹری مالیات پروفیسر عبد الجباربن گئے اس موقع پر حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی حبیب الرحمن نے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا حلف برداری کی تقریب میں سید ثناء اللہ بخاری بھی موجود تھے اور اختتامی دعا بھی کروائی۔
ضلع اٹک:مو ٹر سائیکل ایکسیڈنٹ میں شکر درہ کا نوجوان جلیل احمد کئی روز تک موت وحیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد انتقال کر گیا
مو ٹر سائیکل ایکسیڈنٹ میں شکر درہ کا نوجوان جلیل احمد کئی روز تک موت وحیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد انتقال کر گیا ،مرحوم کا چند روز قبل ایکسیڈنٹ ہو ا تھا جس میں ان کی دونوں لاتیں کاٹنا پڑی تھی ‘انہیں کٹی ہو ئی لاتوں کے ساتھ شکر درہ میں نماز جنازہ کے بعد سپر د خا ک کر دیاگیا مرحوم خور شید احمد کے بیٹے اور محکمہ ذراعت کے محمد اشرف کے نواسے تھے ان کے ہمراہ عرفان ولد محمد اشرف المعروف اشرف نا ئیک جو تیز رفتار ہائی ایس کی ٹکر سے موقع پر ہی جان بحق ہو گئے تھے‘ انہیں دس روز قبل مقا می قبرستا ن میں سپر د خا ک کر دیاگیا تھا۔ دونوں نوجوانوں کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شر کت کی ‘مرحوم عرفان کے والد حادثہ کے موقع پر تبلیغ کے سلسلے میں گئے ہو ئے تھے ۔
حضروسٹی: حکومت پنجاب کی ہدایات پر محکمہ صحت تحصیل حضرو کے زیر اہتمام ٹی ایم اے ہال حضرو میں ہیلتھ کنونشن منعقد ہوا
حکومت پنجاب کی ہدایات پر محکمہ صحت تحصیل حضرو کے زیر اہتمام ٹی ایم اے ہال حضرو میں ہیلتھ کنونشن منعقد ہوا جس کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر حضرو شکیل احمد تھے جبکہ صدارت ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر عظمیٰ ممتاز نے کی ، کنونشن میں سیاسی، سماجی، عوامی اور صحافتی شخصیات سمیت عوام علاقہ اور محکمہ ہیلتھ کے افسران نے شرکت کی، اس موقع پر اے سی حضرو شکیل احمد اور ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر عظمیٰ ممتاز نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں فری ایمبولینس سروس متعارف کروائی ہے جو 1122اور 1034کی ہیلپ لائن پر موجود ہیں، حاملہ خواتین کے لیے فری ڈیلوری سروس متعارف کی گئی ہے جس کے تحت اب تک چھ سو خواتین کو گھروں سے ہسپتال بذریعہ ایمبولینس مفت شفٹ کیا گیا ہے،انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے حضرو میں بھی عوام الناس کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ، ISO-2009کے مطابق تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال حضرو کو بہترین ہسپتال قرار دیا گیا ہے ، پنجاب ہیپاٹائٹس آرڈنینس 2017کا اجراء اور فوری اطلاق ، ہیپا ٹائٹس بی ، سی کی ادویات گھر گھر بذریعہ کورئیر سروس فراہم کی جارہی ہیں،محنتی اور قابل افراد کے لیے صحت خدمت ایوارڈ کا اجراء کیا گیا ہے ، ڈاکٹر عظمیٰ ممتاز نے حاضرین کو تحصیل حضرو میں محکمہ صحت کی طرف سے مختلف شعبوں میں کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جس کو حاضرین نے بے حد سراہااور حکومت پنجاب کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
وادی چھچھ :کے پی کے سے پنجاب لا کھوں رو پے ما لیتی کی اعلیٰ کوالٹی کی چرس کار کے خفیہ خانوں کے ذریعے سمگل کر نے کی کوشش ناکام
کے پی کے سے پنجاب لا کھوں رو پے ما لیتی کی اعلیٰ کوالٹی کی چرس کار کے خفیہ خانوں کے ذریعے سمگل کر نے کی کوشش ناکام ‘ملزم گرفتار، مقدمہ در ج، تفصیلات کے مطا بق ڈی پی او اٹک عبادت نثار کی ہدا یت پر ایس ایچ او تھانہ حضرو ممتاز خان نے مخبر کی اطلاع پر غازی انٹر چینج پر دوران نا کہ بندی پشاو ر کی جا نب سے آنے والی کار نمبر BD-8786 کے خفنیہ خانوں سے چھ کلو چرس بر آمد کر کے پشاور کے رہا ئشی ملزم کو گرفتار کر کے 9Cایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ۔
اٹک سٹی:شہری سے موٹر سائیکل چھین کر فرار ہونے والے دو ڈاکو ؤں میں سے ایک پولیس کے ہتھے چڑھ گیا جبکہ ایک فرار ہو گیا
شہری سے موٹر سائیکل چھین کر فرار ہونے والے دو ڈاکو ؤں میں سے ایک پولیس کے ہتھے چڑھ گیا جبکہ ایک فرار ہو گیا، تفصیلات کے مطابق داؤد شاہ ولد محمد گل نے پولیس اٹک خورد کو بیان دیا ہے کہ وہ چن شیر افسر کے کنواں کے راستے حاجی شاہ لنک روڈ میاں موٹر والے پر جا رہا تھا کہ راستہ میں دو مسلح نامعلوم اشخاص نے مجھے زبردستی روک کر موٹر سائیکل نمبرAKK-8151چھین لیا ۔پولیس نے فوری طور پر کاروائی کرتے ہوئے ناکہ بندی کر لی جوں ہی موٹر سائیکل چور سامنے آئے تو پولیس کو دیکھ کر موٹر سائیکل چھوڑ کر بھاگ پڑے ‘پولیس نے آدھا میل کے فاصلہ پر شیر خان کو گرفتارکر کے اُس کے قبضہ سے تیس بور پسٹل اور پانچ ضرب روند برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ ایک موٹر سائیکل چور بھاگنے میں کامیاب ہو گیا ۔
گاؤں سلیم خان:بشارت خان نے ختم نبوت قانون میں ترمیم کرنے کے بعد مسلم لیگ( ن) کو چھوڑنے کا اعلان کردیا؛رپورٹ
وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ کے چیف سپورٹراور امریکن پلٹ معروف سیاسی و سماجی شخصیت بشارت خان نے ختم نبوت قانون میں ترمیم کرنے اور وزیر قانون زاہد حامد کے استعفیٰ کے بعد مسلم لیگ( ن) کو چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک لبیک یا رسول اﷲ علاقہ میں اپنے امیدوار سامنے لائے گی تو انہیں سپورٹ کرونگا، تحصیل حضرو میں نوکریاں فروخت ہو تی ہیں ،ہر سرکاری دفتر میں لوٹ مار کا بازار گرم ہے، نا جانے کب تک چھچھ کے بچوں سے ظلم ہو تا رہے گا، میر ا جینا مرنا چھچھ کے عوام کے سنگ ہے ،آج میڈیا پر آکر اپنی زند گی میں جتنا بھی سچ بولا اللہ اور اسکے رسول سے دلی دعا ہے کہ وہ مجھے اس پر مزید قوت دے، اس وقت تک پاکستان میں اپنا ووٹ پول نہیں کرونگا جب تک ملک میں اسلامی قانون نافذ نہیں ہو جا تا،تحریک لبیک یا رسول اللہ اسلامی نفاذکے حوالے سے 22کروڑ عوام کیلئے امید کی کرن ہے ، چھچھ محافظ کمیٹی صرف ڈھکوسلہ اورفوٹو سیشن کے سوا کچھ نہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے کامرہ کینٹ میں پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا اس موقع انکے قریبی ساتھی زاہدقریشی ، شاہد خان ، طارق خان ، حافظ زکریا حافظ وقاص ، دلشاد خان ، حافظ عباس خان و دیگر بھی موجود تھے ، میڈیا کے سوالات کے جواب میں بشارت خان آف سلیم خان نے کہاکہ اگر مسلم لیگ کے وزیر کھیل
جہانگیر خانزادہ مسلم لیگ ن چھوڑ کر عشق رسول سے لبریز جماعت میں شمولیت اختیار کریں تو انکی سپورٹ کیلئے 30کنال اراضی فروخت کر کے انکی الیکشن مہم پر چھچھ عوام کے مفادات کی خاطر قربان کر دونگا ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اگر تحریک لبیک یا رسول اللہ حلقہ پی پی 16سے اپنے امیدوار سامنے لائے گی تو اسکی حمایت کر نے میں کوئی عار محسوس نہیں کرونگا، بشارت خان نے دوران پریس کانفرنس نم آنکھوں سے کہا کہ مجھے آج انتہائی دکھ اور افسوس کے ساتھ یہ بات کہنا پڑرہی ہے کہ ایم این اے اور ایم پی اے سمیت سب کو اس بات کا علم ہے کہ کون کون عوام کے خون پسینے کی کمائی کو بے دردی سے لوٹ رہا ہے، نہ جانے کیوں کوئی اس کا نوٹس نہیں لیتا ،لگتا ہے سب ہی بے حس اور بہتی گنگا میں ہاتھ دھو رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ چھچھ میں نوجوانوں کی نوکریاں فروخت کی جا رہی ہیں، سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو سہولیات میسر نہیں، سول ہسپتال حضرو ریفرل سنٹر بن چکا ہے غرض تمام سرکاری محکمے کرپشن کے گڑھ بن چکے ہیں ، انہوں نے کہا کہ حضرو میں موجود تین سبزی منڈیوں کے بااثر مالکان کی وجہ سے ٹریفک جام رہتی ہے اور سیاسی رہنما ان کی پشت پناہی کرتے ہیں جبکہ مینا بازار میں خواتین کی پوشیدہ اشیاء مرد سر عام فروخت کرکے غیرت اور حیا کا جنازہ نکال رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ چھچھ کے کس گاؤں میں منشیات فروخت نہیں ہوتی اور اس سے کون واقف نہیں مگر حکمران طبقہ کے لوگوں کی خاموشی معنی خیز ہے ، بشارت خان نے مزید کہا کہ میں اﷲ کی قسم کھا کر کہتا میں ناموس رسالت کی خاطر سب کچھ قربان کر سکتا ہوں یہ تو سیاست یا وزراء ہیں ، اگر کسی نے کوئی تعمیراتی کام کئے ہیں تو ہم پر احسان نہیں کیا ، ہمارے ٹیکس کے پیسہ سے کام ہوتے ہیں اور ووٹیں کس لئے لیتے ہیں ، انہوں نے کہا چھچھ کے نوجوانوں سے اپیل کی کہ اپنے حقوق کیلئے باہر نکلیں اور حق و سچ کا ساتھ دیں ۔
حضروسٹی:مر کزی تحصیل آفس میجر گروپ فوارہ چوک حضرو پی ٹی آئی آفس میں جلد تبدیل ہوجائیگا ،ملک رفاقت اعوان
مر کزی تحصیل آفس میجر گروپ فوارہ چوک حضرو پی ٹی آئی آفس میں جلد تبدیل ہوجائیگا ،میجر گروپ کے سر براہ میجر طاہر صادق کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے بعد باہمی مشاورت کے بعد پی ٹی آئی کی مر کزی قیادت کو اعتماد میں لینے کے بعد یہ فیصلہ انشاء اللہ جلد کر ینگے ،اور پارٹی کو مزید فعال اور مضبوط بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرینگے۔ ان خیالات کا اظہارمیجر گروپ اور پی ٹی آئی تحصیل حضرو کے رہنماء ملک رفاقت اعوان نے اپنے آفس میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہو ں نے کہا کہ یہ آفس پی ٹی آئی کی قیادت سمیت تمام کارکنوں اور ورکروں کیلئے اپنا کردارادا کریگا اور کسی قسم کے اختلافات سے بالا تر ہو کر اپنی قیادت کو عزت وتکریم دی جائیگی انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں جو عزت دیگا ہم انہیں اپنے سے بڑھ کر عزت دینگے تا اہم پارٹی کے ہر فیصلے اور قائدین کے حکم کی تعمیل کرینگے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میجر طاہر صادق ہمارے قائد ہیں اور انشاء اللہ رہے گے مگر جو ہمیں نظر انداز کرینگے پھر ہمیں بھی آنکھیں دکھانی آتی ہیں ۔
حضروسٹی؛مسعود احمدصراف شادی کے حسین بندھن میں منسلک ہوگئے
صراف برادری حضرو کے چشم وچراغ اور معروف شماجی شخصیت مسعود احمد المعروف پیر مسعود شادی کے حسین بندھن میں منسلک ہوگئے ،ان کی شادی نرتوپہ گاؤں کی ایک معزز فیملی میں ہو ئی ۔دعوت ولیمہ محلہ اشاعت القرآن حضرو میں دی گئی جسمیں صوبائی وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ ،پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر قاضی احمد اکبر ،امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 16چنگیز خان ،چیئر مین حاجی سعید آرائیں ،شاہد امین، سیکر ٹری انفارمیشن پی ٹی آئی تحصیل حضرو نور خان ،ملک نسیم ،زاہد میر ،ملک انصار ،خان بشارت خان ،زبور خان ،سیف محمود سیفی ،شوکت آرائیں ،محمد نعمان اٹکی ،حافظ وجاہت ،حافظ وجاہت ،حافظ وحید ،فیصل محمود ،حاجی احسان خان ،نثار احمد صدیقی ،جاوید جیولرز ،نصیر جدون ،ذیشان احمد صدیقی ،دلشاد جلالیہ اور صحافی حفیظ میر سمیت علاقہ بھر کی اہم سیاسی وسماجی ومذہبی وصحافتی شخصیات اور صراف باردری نے کثیر تعداد میں شرکت کی ،دعوت ولیمہ کے موقع پر معزز مہمانوں کیلئے چھچھ کے روائتی کھانوں کٹوا گوشت اور مکھڈی حلوہ سے خوب تواضع کی گئی ،علاقہ بھر کی اہم سیاسی وسماجی شخصیات نے دولہا مسعود احمد کو زندگی کے نئے سفر کے آغاز پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اٹک سٹی:حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع بھر میں ہیلتھ کنونشن جاری ہے ،اس سلسلے میں ضلع بھر میں مختلف سرگرمیاں کا انعقاد کیا گیا
حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع بھر میں ہیلتھ کنونشن جاری ہے ،اس سلسلے میں ضلع بھر میں مختلف سرگرمیاں کا انعقاد کیا گیا ہے ۔مختلف تحصیلوں میں واک اور سیمنار منعقد کیے جا رہے ہیں ہیلتھ کنونشن11دسمبر تک جاری رہے گا،اس کنونشن کا مقصد حکومت پنجاب کی طرف سے صحت کے شعبے میں کیے جانے والے اقدامات سے عوام الناس کو آگاہ کرنا ہے۔ حکومت پنجاب نے صحت کے شعبے میں مثالی خدمات انجام دی ہیں اور ان خدمات کی آگا ہی عوام الناس تک پہچانے کے لیے اس کنونشن کا اہتمام کیا گیا ہے یہ کنونشن ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات کی نگرانی میں ہو رہا ہے اور اس کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر اعلیٰ حکام کو ارسال کی جا رہی ہے محکمہ صحت اٹک نے اس سلسلے میں تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے بھر پور شرکت کی اپیل کی ہے تا کہ اس کنونشن کو کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکے۔
شکردرہ (اٹک):ساراقرآن حضور پاک کی سیرت ہے‘ہمیں حضوراقد س ﷺکی سیرت اپنانی چاہیے ؛ علامہ عطااللہ بندیالوی
ساراقرآن حضور پاک کی سیرت ہے‘ سورتیں،آیتیں ،رکوع، اول سے آخرتک ایک ایک ادا وایک ایک حرکت قرآن نے محفوظ کردی ہے، مشرکین مکہ خود توان پڑھ تھے ‘مدینہ کے یہودیوں سے پوچھ پوچھ کر آپ پر سوال کرتے تاکہ آپ عاجزآجائیں اور کسی سوال کا جواب نہ دیں سکیں تو ہم آپ کے خلاف محاذ کھڑاکرسکیں لیکن وہ بر طرح ناکام ہوئے ۔ان خیالات کا اظہار علامہ عطاء اللہ بندیالوی نے مرکزی جامع مسجد (پیرغلام عباس) ابوبکرصدیق محلہ ملیاراں شکردرہ میں سالانہ سیرت ہادی انسانیت کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔ اس موقع پر جانشین شیخ القرآن حضرت مولانا اشرف علی مہتمم تعلیم القرآن ، قاری انوار الحسن ، سید عزیزالرحمن شاہ ،ذیشان وزیر ، پروفیسر مطیع الرحمن ، نعت خواں قاری صفی اللہ بٹ ، قاری حمید انور نقشبندی ، میزبان محفل صدر اتحاد العلماء کونسل و مرکزی خطیب مفتی محمد ندیم قریشی و دیگر نے بھی خطاب کیا ، علامہ عطاء اللہ بندیالوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار مشرکوں نے یہودیوں کے کہنے پر سوال کیا کہ روم کیاچیز ہے، ذوالقرنین کون تھا آ پ نے فرمایا کل آنا میں جواب دوں گا اس طرح کرتے کرتے پندرہ دن گزر گئے اور مشرکین مکہ گلی گلی پروپیگنڈہ کررہے تھے کہ نعوذباللہ وحی نہیں آئی خدا نے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کاساتھ چھوڑدیا پندرہ دن کے بعد جبرئیل آئے توآپ نے پوچھا جبرائیل کدھر تھے جبرئیل نے عرض کیا حضور میں اپنی مرضی سے اپنا پربھی ہلانہیں سکتا آپ کے رب کی اجازت سے آتا ہوں رب کہتا ہے کہ جب بھی بات کریں انشاء اللہ کہاکریں مرضی رب کی چلتی ہے حکم رب کا چلتا ہے جبرائیل بھی رب کے حکم کا پابند نبی بھی رب کے حکم کا پابند،ا نہوں نے کہا کہ علامہ انورشاہ کا شمیری سیدعطاء اللہ شاہ بخاری،مفتی محمود قادیانیوں کوکافرقراردلوانے میں علمائے دیوبندی کابنیادی کردار ہے اس تحریک کے میزان راولپنڈی تعلیم القرآن راجہ بازار کے شیخ، شیخ القرآن مولاناغلام اللہ خان ہوا کرتے تھے۔
اٹک سٹی:سابق ضلعی امیر مرحوم برکت علی خان آف برہان گو ناگوں صفات کے مالک تھے
سابق ضلعی امیر مرحوم برکت علی خان آف برہان گو ناگوں صفات کے مالک تھے ،مرحوم نے اپنی پوری زندگی دین اسلام کی سربلندی کے لیے جدو جہد میں گزاردی ۔جماعت اسلامی ضلع اٹک ایک مدبر اور کہنہ مشق راہنماسے محروم ہوگی ہے اللہ ان کی دینی ،سماجی اور معاشرتی خدمات کو قبول فرمائے ان خیالات کا اظہار نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم ،سابق نائب مرکزی امیر ڈاکٹر محمد کمال اور ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی ضلع اسلام آباد سید تنویر حسین شاہ نے برہان میں سابق امیر ضلع برکت علی خان مرحوم کے بیٹوں واجد علی خان ایڈووکیٹ ،واثق خان،اویس خان، ثاقب خان ،عاقب خان اور ان کے بھائی لیاقت علی خان برہانی سے ان کے ڈیرے پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر نائب امیر ضلع اقبال خان ضلعی سیکرٹری حافظ میاں محمد جنید ،سید ثناء اللہ بخاری کے علاوہ ارکان و کارکنانِ جماعت اسلامی بھی موجود تھے میاں محمد اسلم نے مرحوم برکت علی خان کی کاوشوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں قابل تقلید قرار دیا آخر میں مرحوم کی مغفرت ،جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور تمام لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
اٹک سٹی: مہریہ ٹاؤن کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ضلع اٹک میں یہ پہلی سوسائٹی ہے جو انڈر گراؤنڈ بجلی متعارف کرا رہی ہے ؛ شیخ آفتا ب احمد
وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ اٹک میں بھی عوام کو جدید سہولتیں میسر آرہی ہیں‘ مہریہ ٹاؤن کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ضلع اٹک میں یہ پہلی ہاؤسنگ سوسائٹی ہے جو انڈر گراؤنڈ بجلی سپلائی سسٹم متعارف کرا رہی ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مہریہ ٹاؤن اٹک میں انڈر گراؤنڈ بجلی سپلائی سسٹم اور فیز IVمیں ڈیویلپمنٹ منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر مہریہ ٹاؤن ملک جاوید اختر ، چیئر مین بلدیہ ناصر محمود شیخ ، شیخ محمد اجمل ، شیخ سہیل تاجک ، سابق کونسلر شیخ خالد محمود خالدی ،ایس ڈی او واپڈا شیخ محمد صفدر، الیکٹرک کاشف اینڈ کمپنی کے چیف ایگریگٹیو نور زمان بھی موجود تھے شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ مہریہ ٹاؤن کے ذمہ داران اٹک شہر کے رہائشیوں کو اپنے شہرمیں جدید سہولتوں سے مزین اراضی فراہم کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ جوں جوں وقت گزرتا جا رہا ہے انسان اپنے رہنے سہنے کی جدید سہولتیں ڈھونڈ رہا ہے جو لوگوں کو بڑے شہروں میں رہائش کیلئے سہولتیں ملتی ہیں وہی سہولتیں مہریہ ٹاؤن اٹک میں عوام کو مناسب ریٹ پر دے رہا ہے ملک جاوید اختر اس حوالے سے مبارک کے مستحق ہیں کہ انہوں نے بہت قلیل عرصہ میں اپنی اس سوسائٹی کو بام عروج تک پہنچایا اور آج اس سوسائٹی کے مکینوں کو انڈر گراؤنڈ بجلی سپلائی مہیا ہو گئی ہے جو کہ اٹک میں کسی بھی سوسائٹی کی طرف سے پہلی سہولت ہے ۔
ضلع اٹک:سی پیک کو ناکام کرنے اور قومی وحدت کو ختم کرنے کیلئے منصوبہ بندی اور سازششیں کی جارہی ہیں؛ مولانا عبدالغفور حیدری
ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ سی پیک کو ناکام کرنے اور قومی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر منصوبہ بندی کی سازششیں کی جارہی ہیں جتنی قومی یک جہتی کی اس وقت ملک کو ضرورت ہے اس سے قبل نہیں تھی عقیدہ ختم نبوت پر دینی قوتیں خاموش تماشائی نہیں بن سکتیں۔ جمعیت علماء اسلام،عقیدہ ختم نبوت اور دینی مدارس اور مساجد کی حفاظت کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جے یو آئی (ف)پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات چوہدری عبدالجبار کے ہمراہ جامعہ بیت السلام سگھر تلہ گنگ کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ایم این اے حاجی عثمان بادینی ،ڈاکٹر محبوب حسین جراح،مفتی وقار احمد بھی موجود تھے۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری جامعہ بیت السلام کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی جائزہ لیااورجامعہ کے آڈیٹوریم میں بیت السلام ویلفیئر ٹرسٹ کی تعلیمی خدمات کے ساتھ ساتھ ملک وبیرون ملک پیش کی جانیوالی رفاہی خدمات پر مبنی پریزینٹیشن کا بھی مشاہدہ کیا۔اور جامعہ کے نظم وضبط کو سراہتے ہوئے اعلی تعلیم اور معیاری تربیت کو دیکھ کرخوشی کا اظہار کیابعدازاں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پاکستا ن کے تشخص کو مٹانے اورمغربی تہذیب وکلچر کو فروغ دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔دینی جماعتوں کے اتحاد سے قوم کو ایسی قیادت دینا چاہتے ہیں جو دیانتداری کے ساتھ پاکستان کو اس کے قیام سے ہم آہنگ کر سکتی ہو۔ دینی مدارس جو اسلام کے قلعے پاکستان کے آئین اور دستور کے مطابق اپنا دینی فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔جمعیت علماء اسلام ہر ایسی سازش جو قومی یک جہتی کو سبوتاڑ کرتی ہو یا عقیدہ ختم نبوت اوردینی مدارس و مساجد کیخلاف سازشوں میں مصروف ہو ان کا ہر مقام پر ڈٹ کر مقابلہ کرے گی مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاکہ ملک جن حالات سے گزر رہا ہے یہ بیرونی قوتوں کی پیدا کردہ ہیں پہلی بار پاکستان نے تعمیر و ترقی کے سفر پر چلنے کا آغاز کیا ان حالات میں جمعیت علماء اسلام نے ملک کو بچانے تعمیر و ترقی کے سفر کو جاری رکھنے کیلئے سی پیک منصوبہ کو کامیاب بنانے کیلئے وفاقی حکومت کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا۔مزید انہوں نے کہا کہ اسلامی مدارس حفاظتِ دین کے قلعے اور علوم اسلامیہ کے سرچشمے ہیں۔ان کا بنیادی مقصد ایسے افراد تیار کرنا ہے جو ایک طرف اسلامی علوم کے ماہر،دینی کردار کے حامل اور فکری اعتبار سے صراطِ مستقیم پر گامزن ہوں، دوسری طرف وہ مسلمانوں کی دینی و اجتماعی قیادت کی صلاحیت سے بہرہ ور ہوں۔مدارس میں تہذیب و ثقافت،غیرت و حمیت،ایما ن داری ،وفاشعاری اور ان تمام اخلاقی و معاشرتی قدروں کی تعلیم و تربیت دی جاتی ہے ،جن سے دنیا میں بسنے والے ایک امن پسند شخص کو آراستہ ہونا چاہیے۔
No comments:
Post a Comment