Monday, September 11, 2017

Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from Hazro (Attock).

Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from Hazro (Attock).






حسن ابدال:حکومت پنجاب ہمیں ترقیاتی فنڈز فراہم نہیں کر رہی جس کے لئے ہم بہت جلد کورٹ سے رجوع کریں گے ؛ ایمان طاہر

چےئرپرسن ضلع کونسل اٹک ایمان طاہر نے کہا کہ حکومت پنجاب ہمیں ترقیاتی فنڈز فراہم نہیں کر رہی جس کے لئے ہم بہت جلد کورٹ سے رجوع کریں گے ‘حکومت اور مقامی ایم پی اے شاویز خان کو عوام کے مسائل کا احساس ہے لیکن انکی ترجیحات کچھ اور ہیں نواز لیگ کا وطیرہ ہے کہ وہ کمیشن والا کام کرنے کو ترجیح دیتے ہیں جس میں سٹرکیں،موٹروے، اورنج ٹرین شامل ہے ان کا نظریہ کرپشن ہے اس لئے یہ لوگ عوامی منصوبے بنانے کو ترجیح نہیں دیتے یہ بات انہوں نے بلدیہ حسن ابدال میں چےئرمین ظہیر احمد بھٹیوالا کی طرف سے دی گئی دعوت کے موقع پر ایک بڑے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس وسائل کی کمی ہے لیکن ہم محدود وسائل میں رہتے ہوئے اپنی مدد آپ کے تحت آپکے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کرائیں گے نواز لیگ جمہوریت کا راگ بہت الاپتے ہیں لیکن ان کے طرز عمل میں جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں یہاں کے منتخب ایم این اے محمد زین الٰہی کے ترقیاتی فنڈز مسلم لیگ(ن) کا ہارا ہوا ایک شخص استعمال کر رہا ہے کیا یہ انصافی نہیں کہ جس شخص کو آپ لوگوں نے اپنا ووٹ دیا ہے اسکو فنڈز سے محروم رکھا جارہا ہے اس ناانصافی کا بدلہ عوام اپنی پرچی سے ذریعے اگلے الیکشن میں لیں گے، میجر گروپ10سال اقتدار میں نہ ہونے کے باوجود بھی سیسہ پلائی دیوار کی ماند کھڑا ہے ترقی کا جو سفر10سال قبل روکا تھا 2018کے الیکشن میں میجر گروپ کی کامیابی کے ساتھ دوبارہ شروع ہوجائے گا اس وقت بھی تمام مونسپل کمٹیوں میں ہماری بلدیہ حسن ابدال نمبر ون ہے، آپ لوگ اپنی قیمتی ووٹ دیکر ہمیں کامیاب کریں میجر صاحب کی کامیابی آپ لوگوں کی کامیابی ہے آپکے بچوں کو باعزت روزگار،مفت ادویات،سکولوں میں معیار تعلیم ہماری اولین ترجیح ہو گی آپ میجر طاہر صادق کو کامیاب کرائیں انکی کامیابی ضلع اٹک کے عوام کی کامیابی اور تعمیر وترقی کی ضمانت ہوگی انھوں نے کہا کہ جس طرح (ن) لیگ کا لیڈر نواز شریف ذلیل اور رسوا ہوکر گیا ہے یہ بھی اس سے زیادہ رسوا ہوکر جائیں گے ہمارے مخالفین جیبیں بھرنے کیلئے آئے ہیں جب میدان سجے گا تو مزا آئے گا میں ضلع کونسل کے درواز ے آپ لوگوں کے لئے کھلے ہیں میں میجر طاہر کی نہیں آپ لوگوں کی بیٹی اور بہن ہوں جس طرح زین الٰہی میرا بھائی ہے اسی طرح یوتھ کے لوگ جنہوں نے میرا شاندار استقبال کیا میرے بھائی ہیں۔



عیدالاضحی کی آمد سے پہلے تمام ملازمین کو تنخواہیں مل گئیں مگر محکمہ لائیو سٹاک کے 100سے زائد پنشنرزسات ماہ سے پنشن سے محروم 
عیدالاضحی کی آمد سے پہلے تمام ملازمین کو تنخواہیں مل گئیں مگر محکمہ لائیو سٹاک کے 100سے زائد پنشنرزسات ماہ سے پنشن سے محروم ‘حکومت ٹس سے مس نہیں ضعیف العمر پنشنر زٹھوکریں کھانے پر مجبور ہو گئے ۔محکمہ لائیو سٹاک کے پنشنر ز نے میڈیا کو بتایا ہے کہ انہیں سات ماہ سے پنشن کی ادائیگی نہیں ہو سکی ہے‘ ضعیف العمر ہونے کے باوجود دفاترکے چکر لگا لگاکر تھک چکے ہیں مگر کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ہے عید کی کے آنے سے پہلے تمام محکموں کے پنشنرز کو پنشن مل چکی ہے مگر ہمیں پنشن کی ادائیگی ابھی تک نہیں ہو سکی پنشنرز نے بتایا کہ اب ہمارے گھروں میں نوبت فاقوں تک پہنچ چکی ہے پنشن سے تھوڑا بہت خرچہ اور دوائی دارو خریدتے ہیں مگر حکومت نے ہمیں اس سے بھی محروم کر دیا ہے پورے ضلع میں ایک سو سے زائد پنشنرز اس صورتحال سے دوچار ہیں محکمہ لائیو سٹاک کے پنشنرز نے حکومت پنجاب اور محکمہ کے اعلیٰ حکام سے اصلاح و احوال کا پرزور مطالبہ کیا ہے ۔



حضروسٹی:پرائمری نصاب سے اسلامی مضامین نکالنا سازش ہے ‘ ایسے اقدامات کی مذمت اورمسترد کرتے ہیں؛ علمائے کرام کا اظہارِ خیال
پرائمری نصاب سے اسلامی مضامین نکالنا ایک سازش ہے ‘ہم ایسے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے انہیں مسترد کرتے ہیں‘ حکومت پنجاب غیر ملکی ایما پر دینی مدارس کو کنٹرول کرنے کی روش سے باز رہے ،دینی مدارس مخیر حضرات اور دین دار لوگوں کے تعاون سے ہی چلتے ہیں مدارس کا باقاعدہ آڈٹ ہوتا ہے ‘اپنی مدد آپ کے تحت لاکھوں طلباء کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا دینی مدارس کی خدمات کا صلہ ہے ان خیالات کا اظہار شیخ الحدیث مولانا محمد امتیاز خان ،پروانہ ختم نبوت مولانا محمد اسحاق، استاد الحدیث مولانا فتح محمد ،مولانا عبدالرؤف صدیقی، قاری عبدالجلیل، مولانا لیاقت علی، قاری محمد رفیق نے دینی مدارس کا دین اور ملک کی خدمت میں کردار کے حوالے سے منعقدہ ایک سیمینار سے مکی مسجد کوٹ سونڈکی میں خطاب کرتے ہوئے کیا سیمینار میں مولانا محمد انصر، قاری محمد اکثیر، مولانا ممتاز علی، مفتی محبوب الرحمن، قاضی امجد، مفتی عبدالرؤف سمیت کثیر تعداد میں علمائے کرام موجود تھے مقررین نے کہا کہ حکومت پنجاب غیر ملکی قوتوں کی خوشنودی کے لیے جہاں دینی مدارس کو کنٹرول کرنے کی روش اپنائے ہوئے ہے وہیں محکمہ تعلیم پرائمری نصاب سے ایک سازش کے تحت اسلامی مضامین ختم کر رہا ہے ہم حکومت کے ایسے ہر اقدام کی نہ صرف مذمت کرتے ہیں بلکہ ملک کو سیکولر بنانے کی ہر پالیسی کی ڈٹ کر مخالفت کر یں گے دینی مدارس محض اللہ رضا کے لیے اپنی مدد آپ کے تحت دینی خدمات انجام دے رہے ہیں اور دینی خدمات کا یہ تسلسل وفاق المدارس اور جمعیت علمائے اسلام کی مشاورت اور سرپرستی میں جاری رہے گا۔



اٹک سٹی:مسیحی خاندان نے اسلام سے متاثر ہو کر اسلام قبول کر لیا 
مسیحی خاندان نے اسلام سے متاثر ہو کر اسلام قبول کر لیا ‘معروف عالم دین شیخ الحد یث وشیخ التفسیر مولانا غلام حبیب نے سا ت رکنی مسیحی خاندان کو کلمہ پڑھا کر حلقہ بگوش اسلام کیا اوران کے اسلامی نام رکھ دئیے اسلام قبول کر نے والے میں محمد جا بر اس کی اہلیہ دو بچے بھتیجی اس کی دو بیٹیاں شامل ہیں ،اس حوالہ سے ایک تقریب جامعہ حسینیہ عبدااللہ ابن زبیر مر زا میں منعقد ہوئی تقر یب میں مسیحی خاند ان کے علاوہ علما ئے کرام قاری فتح محمد ، مولانا عمران ،قاری محمد طیب ،مولانا غلام الرحمن ،مفتی عرفان مفتی حلیل احمد ، حا جی نز اکت ،حا فظ ریا ست فاروقی ،قاری سمع اللہ ،مفتی عمر خطاب ،قاری عزیز الرحمن وائس چےئر مین ملک فیاست خان ،مفتی سمع الحق حا فظ عبد الرشید چےئرمین پریس فو ٹو گرافر زا یسو سی ایشن حا جی سیلم خان،نصیر احمد ، عقیل احمد حا فظ شبیر احمد ،سید سیلم شاہ سمیت ۔اہل محلہ نے کثیر تعداد میں شر کت کی ، مولانا غلام حبیب نے اس خاند ان کو کلمہ پڑھا یا او ر ان کے اسلامی نام جابر مسیح سے محمد جابر ، ریحا نہ مسیح سے ریحانہ بی بی ، روید سے شیر علی ، علیشہ کائنات سے عائشہ کائنا ت ،چندہ سے مریم بی بی ، کرن سے حفصہ بی بی اور جائقہ سے صفیہ بی بی رکھ دیے اسلام قبول کرنے پر علماء کرام اور اہل محلہ نے محمد جابر اور اس کے خاند ان کو مبارک باد دی ہے ۔



حضروسٹی:بس اڈہ حضرو میں شیڈول سے زائد فیس کی وصولی کے خلاف ٹرانسپورٹرز شکایت لیکر چنگیز خان کے پاس پہنچ گئے
بس اڈہ حضرو میں شیڈول سے زائد فیس کی وصولی کے خلاف ٹرانسپورٹرز شکایت لیکر چنگیز خان کے پاس پہنچ گئے ، صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ کے چہیتے ٹھیکیدار اور میونسپل کمیٹی کے چیف آفیسر کی کرپشن کے خلاف آواز بلند کرنے کا مطالبہ، ٹرانسپورٹرز پریشان نہ ہوں میری وارننگ کے بعد ٹھیکیدار اور انتظامیہ نے روش نہ بدلی تو ان کے شانہ بشانہ ہونگا اور عوامی احتجاج و اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج کرانے جیسے اقدامات اٹھاؤنگا ، چنگیز خان کی ٹرانسپورٹرز کے وفد کو یقین دہانی، تفصیلات کے مطابق بس سٹینڈ حضرو اور دیگر چھوٹے بڑے اڈوں پر یکم اگست سے ٹرانسپورٹرز سے مبینہ طور پر سات روپے والی پرچی کے 20روپے ، 9روپے والی پرچی کے 30روپے ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے جس سے تنگ آ کر چھچھ کے ٹرانسپورٹرز کے وفد نے معروف سیاسی شخصیت چنگیز خان سے ملاقات کی اور انہیں ٹھیکیدار و انتظامیہ کے مظالم سے آگاہ کیا جس پر چنگیز خان نے چیف آفیسر اور جہانگیر خانزادہ کے لاڈلے ٹھیکیدار کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ آج زائد پیسے لینا آسان ہے مگر کل واپس کرنا مشکل ہو جائے گا ، میں اس معاملے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہوں اگر کرپشن ختم نہ کی گئی تو عوامی احتجاج کے ساتھ ساتھ اینٹی کرپشن سے بھی رجوع کیا جائے گا اور جب اینٹی کرپشن کسی پر چھاپہ مارتی ہے تو اسے معلوم نہیں ہوتا کہ اس کے ساتھ کیا ہو گیا ہے ، چنگیز خان نے مزید کہا کہ صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ اس کرپشن میں اگر ڈائریکٹ نہیں تو اِن ڈائریکٹ ضرور ملوث ہیں، ہم ٹرانسپورٹر بھائیوں کے ساتھ یہ ظلم اور کرپشن ہر گز نہیں ہونے دینگے۔



اٹک سٹی:برما میں روہنگیامسلمانوں پر ہندوؤں اور بھکشوؤں کے مظالم نے انتہا کر دی؛ جماعت اسلامی
برما میں روہنگیامسلمانوں پر ہندوؤں اور بھکشوؤں کے مظالم نے انتہا کر دی ،امت مسلمہ کے نام نہاد حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی نے ظالموں کو دیدہ دلیری کی راہ دکھا دی ترک صدر طیب اردوان اور مالدیپ کی جرائتمندانہ حمایت کو سلام پیش کرتے ہے ‘جہا دکا اعلان ریاست کا آئینی حق ہے ،انہیں اسے اس طرح استعمال کرنا چاہیے ۔ان خیالات کا اظہار اٹک میں جماعت اسلامی پی پی 15کے زیر اہتمام روہینگیا مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ہندوؤں کے مظالم مذمت میں نکالی گئی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیاریلی کی قیادت امیر زون شہاب رفیق ملک، گروپ لیڈر پی پی 15 محمد اقبال ملک اور ضلعی سیکرٹری جنرل میاں محمد جنید نے کی جبکہ اس موقع پر سٹی صدرجے آئی یو تھ حافظ عبدالوحید ، مولانا نعیم اللہ ، ڈپٹی سیکرٹری خالد محمود نے بھی خطاب کیا مقررین نے کہا کہ بلیوں اور چوہوں سے ڈرنے اور گائے کا پیشاب پینے والے بدھ بھکشوؤں نے ہزاروں معصوم مسلمانوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹ کر رکھ دیا خواتین کی عصمت تار تار کر دی گئی سب سے بڑا ظلم امت مسلمہ کے نام نہاد حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی ہے حالانکہ مسلمانوں کی بستی میں موجود چند ہندوؤں کے گھر بھی آگ کی لپٹ میں آکر جل گئے جس پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی فوری طور پر برما پہنچا اور بھر پور احتجاج کیا جبکہ ترکی اور مالدیپ کے سوا کوئی مسلم حکمران نہیں بولادنیا کی قیادت دہشت گردی کے خاتمے پر متفق ہو چکی ہے لیکن میانمار اور روہینگیا مسلمانوں پر زندگی تنگ کردی گئی اس پر مغرب حکمران خاموش اور میڈیا نے بھی آنکھیں بند کی ہوئی ہیں ہم مسلم حکمرانوں بالخصوص پاکستانی حکومت اور حکمرانوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس ظلم عظیم کے خلاف عملی اقدام اٹھائیں ۔



اٹک سٹی:ہانگ کانگ سے واپسی پرسابق ضلع ناظم میجر طاہر صادق کی عوام رابطہ مہم ‘اٹک اور دیگر تحصیلو ں کے طوفانی دورے 
سابق ضلع ناظم میجر طاہر صادق کی عوام رابطہ مہم اٹک اور دیگر تحصیلو ں کے طوفانی دورے ‘گزشتہ روز شیں باغ سروالہ ، شکردرہ اور اٹک شہر میں میجر طاہر صادق نے مصروف دن گزارا ،عوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں میجر گروپ اور دیگر جماعتوں کے کئی لوگوں سے ملاقاتیں کیں اور باہمی امور کے مسائل پر مشاورت کی اس موقع پر میجر طاہر صادق نے معززین دیگر سیاسی جماعتوں کے افراد کو ضلع اٹک میں پی ٹی آئی اور میجر گرو پ کا ساتھ دینے کی دعوت دی اور کہا کہ اس وقت پاکستان مشکل حالا ت سے دو چار ہیں حکمران کرپشن میں ملوث ہیں خارجہ پالیسی نہ ہونے کی وجہ سے عالمی طور پر پاکستان تنہائی کا شکار ہوتا جا رہا ہے ایسی صورت میں عمران خان ہی وہ واحد شخصیت ہیں جو ملک کو صحیح راہ پر گامزن کر سکتے ہیں میجر طاہرصادق نے کہا کہ عوام جس ولولے اور جذبہ کے ساتھ ہمارے ساتھ شامل ہو رہی ہے ہم کبھی بھی عوام کومایوس نہیں کریں گے عوام کا ہم پر اعتماد ہماری خدمات کااعتراف ہے ۔



اٹک سٹی: برما کے مسئلے پر حکومت نے اقدامات اٹھائے ہیں ‘برما کے سفیر کوطلب کر کے جہاں احتجاج ریکارڈ کرایا گیا؛ شیخ آفتاب احمد
وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ برما کے مسئلے پر حکومت نے اقدامات اٹھائے ہیں ‘برما کے سفیر کوطلب کر کے جہاں احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ،وہی مظلوم مسلمانوں کو انصا ف فراہمی کیلئے سفارتی سطح پر کاوشیں کی جار ہی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ ایجوکیشن کے ملازم محمد یوسف اعوا ن کے صاحبزادے مقامی صحافی کمال احمد کی دعوت ولیمہ میں شرکت کے موقع پر سینئر صحافیوں لیا قت عمر اور جاوید کشمیری سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر چیئر مین بلدیہ شیخ ناصر محمود ،سینئر ہیڈ ماسٹر شیخ آصف محمود صدیقی ، کونسلر بلدیہ اٹک شیخ عبد الوحید بھی موجود تھے شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ ضلع اٹک میں محکمہ ہیلتھ محکمہ تعلیم پر خصو صی توجہ دی گئی جس کی وجہ سے آج نہ صرف ہسپتالوں کی حالت بہتر ہوئی ہے بلکہ تعلیمی میدان میں بڑی تعداد میں پڑھے لکھے لوگ لوگوں کو روز گار مہیا ہوا ہے اس کے علاوہ ضلع بھر میں پنجاب حکومت کے تعاون سے بجلی ، گیس ، اور دیگر ترقیاتی کامو ں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پوری قوم فوج کے پشت پر کھڑی ہے پاکستان کے طرف اٹھنے والی کسی بھی میلی آنکھ کو پھوڑ دیا جائے گا۔



اٹک سٹی:محرم الحرام کے سلسلے میں ضلعی امن کمیٹی اٹک کا ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا
محرم الحرام کے سلسلے میں ضلعی امن کمیٹی اٹک کا ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا،اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات نے کی اجلاس میں ڈی پی او اٹک زاہد نواز مروت ، چیئرمین بلدیہ اٹک ناصر محمودشیخ کے علاوہ ضلعی امن کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات نے کہا کہ اسلام ہمیں امن وپیار کا درس دیتا ہے اور اسی درس کی روشنی میں ہمیں چاہیے کہ ہم محرم الحرام کے مقدس ایام میں بھرپور اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کریں انہوں نے کہا کہ باہمی اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے جس کے لیے تمام مسالک کا تعاون بے حد ضروری ہے ،ڈپٹی کمشنر اٹک نے کہا کہ محرم الحرام کے مہینے میں حکومت پنجاب کی جانب سے جاری ہونے والے ضابطہ اخلاق کی پابندی کی جائے گی اور تمام علماء کرام کو اس بات کی یقین دہانی کروانی ہوگی کہ وہ ضلعی انتطامیہ اور پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے اس کے علاوہ فورتھ شیڈول میں شامل افراد اور شر انگیزی پھیلانے والے مقررین پر ضلع اٹک کی حدود میں دفعہ 144کے تحت داخلہ ممنوع ہوگا ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات نے اس موقع پر تمام مکاتب فکر سے اپیل کی کہ وہ ایسے افراد کو اپنی محافل اور مجالس میں مدعو نہ کریں، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او اٹک زاہد نواز مروت نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر ضلع بھر میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے اور تمام محافل اور مجالس کو بھرپور سیکورٹی فراہم کی جائے گی محرم الحرام میں کسی بھی نئے جلوس یا مجلس کی اجازت نہیں ہوگی صرف وہی منتظمین جلوس برآمد کرسکیں گے یا مجلس منعقد کرواسکیں گے جن کے پاس حکومت کی جانب سے جاری کردہ لائسنس یا اجازت نامہ موجود ہوگامحرم الحرام کا مقدس مہینہ ہمیں ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے اور موجودہ حالات میں اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ اس مہینے میں تمام مکاتب فکر بھرپور اتحاد کا مظاہرہ کریں ،اجلاس میں ضلعی امن کمیٹی کے ممبران نے اپنی تجاویز پیش کیں اور ضلعی انتظامیہ کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ 



اٹک سٹی: 2018کے عا م انتخابات کو آزا دا نہ اور غیر جا نب دا رانہ بنا نے کیلئے انتخابات کے عمل کو شفا ف بنا یا جا ئے گا؛ چوہدی عبدالرشید
2018کے عا م انتخابات کو آزا دا نہ ، منصفا نہ اور غیر جا نب دا رانہ بنا نے کے لئے انتخابات کے عمل کو ہر صورت شفا ف بنا یا جا ئے گا ڈسٹر کٹ الیکشن کمشنر کی سر براہی میں آٹھ محکموں پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جس کے چیئر مین ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ہیں ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر چودھری عبدا لرشیدنے میڈیا بریفنگ کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیااس موقع پر الیکشن آفیسر تنویر احمد ہمایوں بھی مو جو د تھے ڈسٹر کٹ الیکشن کمشنر چو ہدری عبدالر شید نے کہا کہ عام انتخابات میں عوام کی زیاد ہ سے زیادہ شمو لیت کو یقینی بنا نے کے لئے آگاہی مہم کے سلسلہ میں سیمینار اور میڈیا کمپین چلا ئی جا ئے گی لوگوں کو زیادہ سے زیادہ انتخابی عمل میں شامل کرنے کیلئے ضلع اٹک کے تین قومی اور پانچ صوبائی حلقوں میں لوگو ں میں شعو ر اجاگر کیا جا رہا ہے ا س سلسلے میں مختلف سکولوں میں ووٹ اندراج کے حوالے سے واک اور سیمینار کا انعقاد کر ا رہے ہیں ضلع اٹک میں کل ووٹوں کی تعداد 11لا کھ 46ہزار ،1998کی مر دم شماری کے مطابق آبادی 13لا کھ اٹک کے حلقہ این اے 57میں کل ووٹروں کی تعداد 3لا کھ 95ہزار ، این اے 58میں چار لا کھ سے زائد ،این اے 59 میں تین لاکھ پچاس ہزار سے زائد ،حلقہ پی پی 15میں کل ووٹروں کی تعداد 2لا کھ 21ہزار ، حلقہ پی پی 16میں 2لا کھ 14ہزار، حلقہ پی پی 17میں 2لا کھ 45ہزار ، حلقہ پی پی 18میں 2لا کھ 47ہزار ،حلقہ پی پی 19میں 2لا کھ 16ہزار ہیں عام انتخابات سے قبل ہی الیکشن کمیشن کی ہدا یت پر عا م انتخابات کو شفا ف بنا نے کے لئے عملہ خصوصی توجہ دے رہا ہے وہاں مردم شماری کے بعد نئے ووٹروں کو بھی انتخابی عمل میں شامل کرنے کے لئے پروگرام شروع کیے جارہے ہیں ۔



گاؤں دامان:مفادات کے لیے آئے روز پارٹیاں بدلنے والے قوم کی نمائندگی کے حقدار نہیں ؛ ڈاکٹر قاری عتیق الرحمان
جمعیت علماء اسلام پنجاب کے امیر ڈاکٹرقاری عتیق الرحمان نے کہا ہے کہ مفادات کے لیے آئے روز پارٹیاں بدلنے والے قوم کی نمائندگی کے حقدار نہیں ،نظریاتی لوگوں کے ہاتھو ں میں جب تک قیادت نہیں آتی اس وقت تک ملک وقوم کی بہتری ممکن نہیں ،برماء کے مسلمانوں کے خلاف نسل کشی کی جارہی ہے اورنام نہاد انسانی حقوق کی تنظیمیں خاموش رہ کر ثابت کرہی ہیں کہ وہ انسانی حقوق کی نہیں مسلمانوں کی دشمنی پر مبنی تنظیمیں ہیں ،امت مسلمہ کو متحد ہوکر اس کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخ الحدیث مولانا ظہور الحق آف دامان سے ملاقات اور زاہد خان وائس چیرمین یونین کونسل ہارون ،واجد علی ودیگرسے اظہار تعزیت اور کارکنوں سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ضلعی سیکرٹری اطلاعات حافظ ہارون الرشیدقاری محمد ابراہیم دستوری ،ڈاکٹر فہیم ،مولانا لقمان ،مولانا فرقان ،ڈاکٹر یاسر پروانہ جمعیت بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ اقتدار کی بو سونگھ کر آئے روز پارٹیاں بدلتے رہتے ہیں اور ہر دفعہ نیا نعرہ لگاکر قوم کو دھوکہ یتے ہیں مگر حقیقت میں یہ وہی لوگ اور انکی اولادیں ہیں جنہوں نے کل سامراج کا ساتھ دیکر قوم کا استحصال کیا تھا آج امریکہ انڈیا اور اسرائیل کی شہ پر پاکستان کی سیاست کو خراب کرکے ملک کی فضاء مکدر بناناچاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ قوم کی ضرورت نظریاتی لوگ ہیں جنکی ملک وقوم کے ساتھ کمنٹ منٹ ہے اور جن کے آباؤ اجداد ملک وملت کے لیے قربان ہوئے اور آج بھی انہی محاذوں پر ڈٹے ہوئے ہیں ڈاکٹر قاری عتیق الرحمان نے برماء کے مسلمانوں کی نسل کشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کے اس دور میں جب حیوانوں کے تحفظ کے لیے این جی اوز موجود ہیں انسانوں کے ساتھ اتنے بڑے پیمانے پر ہونے والے مظالم پر خاموشی اس بات کی عکاسی ہے کہ پوری دنیا اس ظلم میں برابر کی شریک ہوچکی اور مسلمانوں کا خون ارزاں ہوچکا انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں صرف قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان نے اس پر آواز اٹھائی ہے باقی سب لوگ اس ظلم پر گنگ ہیں ،انہوں نے اسلامی ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر برمی مسلمانوں کی مدد کے لیے ٹھوس اقدامات آٹھائیں ۔



ضلع اٹک:محکمہ داخلہ ‘حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں سکینڈری سکول سر ٹیفکیٹ سپلیمنٹری امتحانات پر دفعہ 144نافذ کردی ہے 
محکمہ داخلہ ‘حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں سکینڈری سکول سر ٹیفکیٹ سپلیمنٹری امتحانات پر دفعہ 144نافذ کردی ہے جس کے تحت کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو امتحانی مرکز کی سو گز کی حدود میں داخلہ کی اجازت نہیں ہوگی ،صرف وہی امیدوار امتحانی مراکز میں داخل ہوسکتے ہیں جن کے پاس رولنمبر سلپ موجود ہے یا و ہ افراد جو امتحانی ڈیوٹی پر متعین کیے گئے ہیں اس کے علاوہ کسی بھی شخص کو امتحانی مرکز کی حدود میں کسی قسم کا مظاہر ہ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی اس کے علاوہ امتحانی مرکز میں کسی قسم کی کتاب ، گائیڈ ، حل شدہ پرچہ جات ،اس سے متعلقہ مواد ، ڈیجیٹل ڈائری، موبائل فون اور اسلحہ لانے کی اجازت نہ ہوگی کسی بھی شخص کو امتحانی مرکز میں ناجائز ذرائع استعمال کرنے کی اجازت نہ ہوگی یہ حکم نامہ فوری طور پر نافذ العمل ہوکر 27ستمبرتک موثر رہے گا۔ 



اٹک سٹی:نوجوان حافظ قرآ ن محمد وقاص دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ،مرحوم جامعہ علوم الشرعیہ اٹک کے طالب علم تھے 
نوجوان حافظ قرآ ن محمد وقاص دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ،مرحوم جامعہ علوم الشرعیہ اٹک کے طالب علم تھے اُن کی نماز جنازہ آبائی گاؤں زیندی میں ادا کی گئی نماز جنازہ ضلعی امیر جے یو آئی مولانا شیر زمان نے پڑھائی ۔نماز جنازہ میں سر پرست جے یو آئی قاضی خالد محمود معروف صحافی و علاقہ نلہ کی سیاسی سماجی شخصیت حافظ عبدالحمید خان ، رکن قومی اسمبلی محمد زین الٰہی ، چیئرمین یوسی دھریک رفعت حیات خان بالڑہ، کونسلر یوسی جبی ملک علی شان ، ملک سمیع اللہ خان، مولانا محمد انصر ، مولانا ممتاز علی، قاری محمد اکثیر عثمانی سمیت اٹک ، واہ کینٹ اور گردو نواح سے عوام نے جنازہ میں شرکت کی اس موقع پر ہر آنکھ اشک بار تھی مرحوم محمد وقاص بااخلاق شریف النفس اور ملنسار شخصیت کا حامل نوجوان تھا مولانا شیر زمان نے مرحوم کی بخشش اور درجات کی بلندی کے لیے آخر میں اجتماعی دعاکرائی ۔



حضروسٹی: مخلوق خدا کی خدمت اصل عبادت ہے ‘ہمیں اللہ کے بندوں سے پیار کر نا چایئے؛ محمد جمیل لودھی
حضرو شہر کی معرو ف نوجوان سماجی شخصیت اور لودھی جی ویلفیئر کے بانی وایم ڈی محمد جمیل لودھی نے کہا ہے کہ مخلوق خدا کی خدمت اصل عبادت ہے جس انسان کے دل میں انسانیت کا درد نہیں وہ انسان نہیں ،ہمیں اللہ کے بندوں سے پیار کر نا چایئے،اپنے لیے تو سبھی لوگ جیتے ہیں مگر دوسروں کیلئے بہت کم لوگ جیتے ہیں ہم نے 8ماہ قبل حضرو شہر میں لودھی جی ویلفیئر کا آغاز کیا تو سب سے پہلے حضرو شہر کے دوکانداروں سے ماہانہ کی بنیاد پر صرف 10روپے لینا شروع کیے ،اس طرح دیکھتے دیکھتے ہمارے کئی ممبر بن گئے جو ہر ماہ باقاعدگی سے 10روپے دیتے ہیں اور ہم وہ پیسہ غریب لوگوں کی امانت سمجھ کر حضرو اور گردونواح کے دیہاتوں کے کئی غرباء ،مساکین ،یتیموں ،بے آسرا افراد میں تقسیم کرتے ہیں اب تک اللہ کے فضل وکرم سے 7ماہ میں ساڑھے پانچ سے 6لاکھ روپے تقسیم کر چکے ہیں جن میں کئی مستحق بچیوں کو جہیز کی مد میں ،کئی غریب مریضوں کو ادویات کی صورت میں اور کئی مستحق لوگوں کو مستقل بنیادوں پر ہر ماہ راشن کی صورت میں تقسیم کرچکے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمیں اللہ کی ذات پر بھروسہ ہے اور اس نیک کام میں ہمیں اللہ کی مدد ہی درکار ہے ،حضرو شہر میں آئے روز ہمارے اس نیک مشن میں کئی دوست شامل ہو رہے ہیں اور اپنی نیک کمائی میں سے غریب لوگوں کی مدد کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک میں مقیم چھاچھی اور علاقہ چھچھ کے مخیر حضرات ہمارے دست وبازو بن کر انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت ہماری تنظیم کو سپورٹ کر سکتے ہیں جن کے پاک مال کو راہ خدا میں مستحق لوگوں تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے انشاء اللہ ہم اس نیک مقصد اور نیک مشن کیلئے اپنی زندگی وقف کر چکے ہیں اور جب تک جسم میں سانس باقی ہے مخلوق خدا کی خدمت کرتے رہیں گے ۔



حضرو شہرکے نواحی گاؤں سروانہ کے محلہ دگڑا کا 38سالہ نوجوان حاجی محمد علی کراچی میں دل کا دروہ سے پڑنے جاں بحق 
حضرو شہرکے نواحی گاؤں سروانہ کے محلہ دگڑا کا 38سالہ نوجوان حاجی محمد علی کراچی میں دل کا دروہ سے پڑنے جاں بحق ، میت گاؤں پہنچنے پر ہر آنکھ اشکبار تفصیلات کے مطابق حاجی عبد المجید مرحوم کا پوتا حاجی محمد داؤد کا جوان سالہ بیٹا حاجی محمد علی جو کئی سالوں سے کراچی میں بسلسلہ روزگار مقیم تھے کوا چانک دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا مرحوم کی میت کراچی سے بذریعہ ہوائی جہاز لائی گئی نما زجنازہ سروانہ گاؤں میں ادا کی گئی جسمیں علاقہ بھر کی اہم سیاسی وسماجی شخصیات ،منتخب عوامی نمائندوں اور معززین علاقہ نے شرکت کی مرحوم حافظ اشرف علی ،احمد علی کا بھائی اور حاجی خاکی جان کا بھتیجا تھا ،تعزیت کا سلسلہ جاری ہے ،دعا کیلئے مسجد صدیق اکبر دگڑا میں لواحقین سے تعزیت اور دعائے فاتحہ کی جا سکتی ہے ،اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مرحوم حاجی محمد علی کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔



حضروسٹی:ہار جیت کھیل کا حصہ ہے ،ہارنے پر کوئی افسوس نہیں ،دلی مشکور ہوں اپنے سپورٹرز کا جنہوں نے ہر موڑ پر ہمارا ساتھ دیا؛ زبور خان
ہار جیت کھیل کا حصہ ہے ،ہارنے پر کوئی افسوس نہیں ،دلی مشکور ہوں اپنے تما م سپورٹرز کا جنہوں نے ہر موڑ پر ہمارا ساتھ دیا ،جہاں پر ایمپائر کے فیصلوں کا احترام نہ کیا جائے وہاں جیت ممکن نہیں ،ہر غلط فیصلے کو صرف اس لیے تسلیم کیا کہ یہ ہمارے قائد شہید شجاع خانزداہ کے نام کا ٹورنامنٹ تھا ہم ٹورنامنٹ میں کوئی بد نظمی پیدا نہیں کر نا چاہتے تھے ۔ان خیالات کا اظہار جہانگیرخانزادہ الیون کے کیپٹن زبور خان نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ آل سٹار الیون اٹک نے اچھی گیم کی ،مبارکباد کے مستحق ہیں ،دلی مشکور ہوں کہ سیف محمود سیفی ،علی آرائیں کا جنہوں نے سیاسی مخالفت کے باوجود میری وجہ سے جہانگیر خانزادہ کو سپورٹ کیا ،چیئر مین اتحاد گروپ نزاکت خان ،خورشید آرائیں ،ملک جمیل ،ملک انصار ،حبیب قریشی ،ملک رفیق آرائیں (شوقین گروپ )عمران حضروی ،حاجی ارشد ،نیازی گل نیو خان موبائل ،پیر مسعود ،نعمان ،فیصل مون ،زوہیر عباس ،توقیر قریشی ،نوید خان پی ٹی آئی ،اور اپنے تمام سپورٹر کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہمارا مکمل ساتھ دیا ،میں اور میری تمام ٹیم شہید چھچھ الیون (ملک انصار )اور شہید شجاع خانزادہ الیون (حبیب قریشی ) کو بھر پور سپورٹ کریگی ۔



اٹک سٹی:برما کے مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم کیخلاف جمعیت علماء پاکستان کی کال پر ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے کئے گئے
برما کے مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم کے خلاف جمعیت علماء پاکستان کی کال پر ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے کئے گئے ،اٹک شہر میں مرکز ی جامع مسجد حنفیہ سے فوارہ چوک اٹک شہر تک احتجاجی ریلی نکالی گئی اور فوارہ چوک میں برمی مسلمانوں کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں میں مرکزی رہنما جے یو پی علامہ ابوطیب رفاقت علی حقانی، ڈسٹرکٹ خطیب علامہ غلام محمد صدیقی، صدر انجمن تاجران راشد الرحمن ،حاجی الماس خان،ایس اے چشتی و دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ برما کے مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم قابل مذمت اور ظالم قابل مرمت ہیں،کشمیر،فلسطین ،میانمار(برما)میں مسلمانوں پر انسانیت سوزوحشیانہ مظالم اورمسلمانوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے مگر افسوس انسانی حقوق کے اداروں اور اقوام متحدہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ، اسلامی ممالک کے سربراہان ، عسکری اتحاد، او آئی سی دوٹوک موقف اختیار کرے اور برما کے مسلمانوں کی مدد کو پہنچے،مظاہرے میں قرار داد پیش کی گئی ’’ حکومت پاکستان برما کے سفیر کو احتجاجاً ملک بدر کردے اور برما سے تمام سفارتی و تجارتی تعلقات ختم کردے‘‘جسے مظاہرین نے ہاتھ اٹھا کر منظور کیا ، مظاہرے میں ضلعی جنرل سیکرٹری جے یو پی علامہ نیاز حسین اعوان، ڈاکٹر ضیاء الرحمن نورانی، علامہ لعل محمد فاروقی،چیئرمین اے این آئی انجینئر محمد طیب میلادی ،وحید مراد، تیمور اسلم، صاحبزادہ اکرام علوی ، علامہ نذیرقادری،صبغۃ اللہ بابر، رانا غلام صفدرکے علاوہ جے یو پی ، اے این آئی، اے ٹی آئی ،مرکزی جماعت اہلسنت، سنی سپریم کونسل سمیت دیگر تنظیمات اہلسنت و عوام کثیر تعداد میں موجود تھے ،مقررین نے کہاکہ جب تک مسلم حکمراں کفر کی استعماریت کے خلاف کلمہ حق بلند نہیں کریں گے کفر کے ظلم وستم کا سلسلہ بند نہیں ہوگا ،مسلم حکمرانوں کی بے حسی کی وجہ سے آج کشمیر میں بھارتی درندے کشمیری مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کئے ہوئے ہیں،فلسطین میں اسرائیلی فوج ظلم اور بربریت کا بازار گرم کئے ہوئے ہیں اور برما میں بدمت روہنگیاں کے مظلوم مسلمانوں کی نسل کشی کر رہے ہیں اس ظلم اور بربریت پر اقوام عالم کی خاموشی انسانی حقوق کے اداروں کے دامن پر بدنما داغ ہے۔



اٹک سٹی: حکومت عوامی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور اس کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں ؛ شیخ آفتاب احمد
وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ حکومت عوامی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور اس کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس اٹک میں ضلعی ترقیاتی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں اے ڈی سی جی اٹک آفاق وزیر ، چیئرمین بلدیہ اٹک ناصر محمود شیخ، ضلعی سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) محمد سلیم شہزاد ، سی ای او ایجوکیشن عبدالشکور انجم ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر جاوید چودھری کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی اجلاس میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ جمال طارق چودھری نے کہا کہ ضلع بھر میں عوامی فلاح وبہبود کے لیے ترقیاتی کام بھرپور طریقے سے جاری ہیں اور ان کاموں کو مقرر ہ مدت میں پورا کرلیا جائے گا ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبائی بلڈنگز کے تحت ستائیس ترقیاتی سکیمیں جاری ہیں جن پر 1758.127ملین روپے لاگت آئے گی، اس کے علاوہ نئی سڑکوں کی تعمیر اور پرانی سڑکوں کی بحالی اور مرمت کی سات سکیمیں جاری ہیں جن پر 2650ملین روپے لاگت آئے گی، پبلک ہیلتھ کی اٹھارہ سکیمیں جاری ہیں جن پر 702.332ملین روپے لاگت آئے گی جبکہ لوکل گورنمنٹ کی دو سکیموں پر 63.817ملین روپے لاگت کا تخمینہ ہے، وزیر اعظم ترقیاتی پروگرام کے تحت اڑتالیس سکیموں پر دو سو ملین روپے لاگت آئے گی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ضلع بھر میں انقلابی ترقیاتی پروگرام جاری ہیں اور ان پروگراموں میں صف اول میڈیکل کالج کا قیام ہے اٹک میں میڈیکل کالج کے قیام کے لیے پندرہ سو کنال زمین کے حصول کے لیے کوشش کی جارہی ہے جو بہت جلد حاصل کرلی جائے گی اور محکمہ صحت اٹک نے ان کی ہدایات کی روشنی میں میڈیکل کالج کے قیام کے لیے کوششیں شروع کردی ہیں اور یہ کالج موجودہ حکومت کی طرف سے عوام الناس کے لیے تحفہ ہے، میڈیکل کالج کے قیام کے بعد اٹک کی عوام کے لیے کینسر ہسپتال کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گاتمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی کاموں کی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنائیں اس کے علاوہ روزانہ کی بنیاد پر ترقیاتی سکیموں کا دورہ کریں اور اس سلسلے میں اپنے ہمراہ مسلم لیگ ( ن) کی مقامی قیادت کو بھی یقینی بنایا جائے انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں سوئی گیس کی فراہمی کو یقینی بنا دیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود کے دیگر ترقیاتی کام بھی ضلع بھر میں جاری ہیں۔ 



اٹک سٹی:نیشنل لٹریسی ڈے کے حوالے سے ایک سیمینار گورنمنٹ پائیلٹ سکینڈری سکول اٹک میں منعقد ہوا 
نیشنل لٹریسی ڈے کے حوالے سے ایک سیمینار گورنمنٹ پائیلٹ سکینڈری سکول اٹک میں منعقد ہوا ‘سیمینار کے مہمان خصوصی ڈی او سکینڈری راجہ امجد اقبال تھے ۔سیمینار میں ڈی او لٹریسی اٹک ہما انجم کے علاوہ دیگر سیاسی ، سماجی افراد اور ماہرین تعلیم نے شرکت کی سیمینار میں مختلف سکولوں کے بچوں نے نیشنل لٹریسی ڈے کے حوالے سے تقاریر ، ٹیبلوز اور خاکے پیش کیے جس کو حاضرین نے بے حد سراہاڈی او سکینڈری راجہ امجد اقبال نے کہا کہ شرح خواندگی کسی بھی معاشرے کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہے ‘تعلیم یافتہ اقوام ہی ترقی کی دوڑ میں اپنا وجود برقرار رکھ سکتی ہیں انہوں نے کہا کہ تعلیم نہ صرف انسان کے شعور کی ترقی کے لیے ضروری ہے بلکہ ملکی اور معاشرتی ترقی کے لیے بھی اس کا وجود مسلمہ ہے انہوں نے ضلع بھر کے اساتذہ کو ہدایت کی کہ وہ تعلیم کے فروغ کے لیے اپنی کاوشوں میں مزید بہتری لائیں اور نوجوان نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے اپنے بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے ڈی او لٹریسی اٹک ہما انجم نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب لٹریسی او ر نان فارمل بیسک ایجوکیشن کے حوالے سے بھرپور اقدامات کررہی ہے اور اس بات کو یقینی بنایاجارہا ہے کہ اگلے سال کے اختتام تک تعلیم کا حصول ان بچوں کے لیے ممکن بنایا جائے جو سکول جانے کی عمر رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ ضلع اٹک میں لٹریسی اور نان فارمل ایجوکیشن کے حوالے سے موثر اقدامات کیے جارہے ہیں اور ضلع بھر میں قائم لٹریسی اور نان فارمل ایجوکیشن کے سنٹرز میں تعلیم کے حصول کے لیے طلبا اور طالبات کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ ان سنٹرز پر طلبا اور طالبات کو معیاری تعلیم فراہم کی جارہی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ جدید تعلیم کا حصول بھی ممکن بنایا جارہا ہے سیمینار کے اختتام پر واک کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔



اٹک سٹی: ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں اسیر 20سالہ نوجوان محسن پرویز کی پر اسرارہلاکت ، نوجوان کے ورثاء کا17 گھنٹے احتجاج 
ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں اسیر 20سالہ نوجوان محسن پرویز کی پر اسرارہلاکت ، جاں بحق ہو نے والے نوجوان کے ورثاء کا17 گھنٹے تک ڈسٹرکٹ جیل اٹک ،اسفند یار بخاری ڈسٹرکٹ ہسپتال کے باہر احتجاج ،5گھنٹے تک اٹک کامرہ روڈ ہسپتال کے مین گیٹ کے سامنے احتجاج کر کے روڈ بند کر دی،والدہ اور بہنوں پر غشی کے دورے ،خاندان کی دیگر خواتین کا واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف شدید احتجاج ،لواحقین نے متوفی کی لاش سڑک کے درمیان رکھ دی ، اٹک اور حضرو کے ڈی ایس پی کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اورحالات کو کنٹرول کیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر رانا اکبر حیات کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر اٹک فاطمہ بشیر بھی مو قع پر پہنچ گئیں اور انہوں نے مظاہرین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہا رکیا ، ممبر ضلع کونسل ملک حمید اکبر ،چیئر مین یونین کونسل شیں باغ ملک شمیم محمد خان آف ماڑی کنجور ، چیئرمین یونین کونسل سروالہ ملک شوکت زمرد خان ، وائس چیئرمین ملک محمد فیاض خان ، متوفی کے قریبی عزیز سابق امیدوار وائس چیئرمین یوسی بریار ندیم احمد خان ، ملک صفدر خان آف ماڑی ، ملک حامدمحمود کے علاوہ کثیر تعداد میں عوام اور عزیز و اقارب بھی اس موقع پر موجود تھے ،احتجاج کے باعث اٹک کامرہ روڈکئی گھنٹوں سے بندرہی جس سے ہسپتال آنے والے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کر ناپڑا، ہسپتال انتظامیہ نے امن عامہ کی بگڑتی صورتحا ل کو دیکھ کر ہسپتال کا مرکزی دروازہ بند کرادیا جس پرمظاہرین کیساتھ ساتھ ہسپتال آئے مریضوں کے لواحقین نے بھر پور احتجاج کیا، پوسٹمارٹم رپورٹ نہ ملنے پرڈی ایچ کیو ہسپتال کے ایم ایس کے خلاف نعرہ بازی کر تے رہے ورثاء کا کہنا تھا کہ اے این ایف کے عملے نے ایک لاکھ رشوت لینے کے باوجود محسن پر تشدد کیاگیا،متوفی محسن کو چند روز قبل اے این ایف نے منشیات کے کیس میں گرفتار کیا تھاورثاء کے مطابق مطلوبہ رشوت نہ دینے پر محسن پر بہیمانہ تشدد کیاگیا جس سے اسکی ہلاکت ہوئی ہے، متوفی محسن کی والدہ نے میڈیا کو بتایا کہ میرے بیٹے کو گھر سے بلایا گیا اور پکڑ کر لے گئے ، میرا بیٹا بے گنا ہ تھا، گرفتار ی کے بعد اینٹی نارکوٹکس فورس والے ہم کو مبارک باد دیتے رہے کہ ہم نے تمھارا بیٹا اٹھا لیا ہے اب دو لاکھ روپے دو اور اپنا بیٹا لے جاؤ جس پر ہم نے ایک ضامن کے ذریعہ ایک لاکھ روپیہ دیا اور طے ہوا کہ ایک لاکھ محسن کے چھوڑنے کے بعد دیں گے اس کے باجوومیرے بیٹے پر 150گرام ہیئروئین ڈال دی گئی اور اس پر بہیمانہ تشدد کیا گیا جس سے اس کی موت واقع ہو گئی ، آخری اطلاع آنے تک عدالت سے پوسٹمارٹم رپورٹ ملنے پر ورثاء نے احتجاج ختم کر دیااور لاش لے کر گھر رخصت ہو گئے بعد ازاں بڑے نمازہ جنازہ کے بعد محسن پرویز کو آہو ں اور سسکیوں کے درمیان آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔



میڈیکل سپریٹنڈنٹ اسفند یار بخاری ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈاکٹر سلطان محمود نے میڈیا کو بتایا کہ لواحقین کا احتجاج اپنی جگہ لیکن ہم نے قانونی تقاضوں کے مطابق میڈیکل رپورٹ جوڈیشل مجسٹریٹ کو پیش کرنا ہے ، متوفی اور پولیس جب چاہیں سادہ کاغذ پر درخواست دے کر پوسٹمارٹم کی کاپی حاصل کر سکتے ہیں، ڈاکٹر سلطان کا کہنا تھا کہ پولیس کسٹڈی میں ہلاک ہونے والے کسی بھی شخص کا پوسٹمارٹم میڈیکل بورڈ کرتا ہے جس کی تعیناتی جوڈیشل مجسٹریٹ کرتا ہے اور بورڈ میں موجود تمام ڈاکٹرز اپنی رپورٹ دیتے ہیں ۔



اٹک سٹی:عیدالاضحی کے 3 دنوں میں ریسکیو1122 اٹک نے 96 ایمرجنسیز پر ریسپانس کر کے لوگوں کی مدد کی؛ڈاکٹر میاں محمد اشفاق
عیدالاضحی کے 3 دنوں میں ریسکیو1122 اٹک نے 96 ایمرجنسیز پر ریسپانس کر کے لوگوں کی مدد کی ،ڈی ای او اٹک ڈاکٹر میاں محمد اشفاق نے بتایا کہ عیدالاضحی کے تین دنوں میں اٹک کے کنٹرول روم میں 2025 کالز موصول ہوئیں جن میں ٹوٹل 96 ایمرجنسی کالز تھیں ان میں 24 روڈ ٹریفک ایکسیڈنٹ،53 میڈیکل ایمرجنسی، 2 آگ لگنے کے واقعات اور 17 مختلف ایمرجنسیز تھیں جن پر ریسکیو اہلکاروں نے بروقت ریسپانس کر کے لوگوں کو ہسپتال منتقل کیا اس دوران تمام عملہ کی چھٹیاں منسوخ تھیں اور ریسکیو عملہ کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار تھاڈی ای او اٹک نے ریسکیو اہلکاروں کی محنت پر ان کی حوصلہ افزائی کی۔





اٹک سٹی:اگر اشتمال میں کوئی خرابی ہو ئی تو وہ دورکر کے کاشتکاروں کو اُن کے حقوق قانون کے مطابق دیے جائیں گے؛رانا اکبر حیات
ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات نے کہا ہے کہ کسی بھی زمیندار اور کاشتکار سے زیادتی نہیں ہو گی ،اگر اشتمال میں کوئی خرابی ہو ئی تو وہ دورکر کے کاشتکاروں کو اُن کے حقوق قانون کے مطابق دیے جائیں گے ‘آنے والے سائلین کو انصاف فراہم کرنا اور اُن کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کر نا ہمارے فرائض میں شامل ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے میجر گروپ بولیانوال کی سیاسی و سماجی شخصیت حاجی ملک منظور حسین اورحاجی عجب خان کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو میں کیا ہے وفد نے انہیں بولیانوال کے رقبہ میں ہونے والے اشتمال میں خرابیوں اور زمینداروں سے ہونے والی زیادتیوں سے متعلق بتایا رانا اکبر حیات نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ محکمہ مال کی طرف سے جاری اشتمال پر تبادلہ خیال چھوٹے سے چھوٹے زمیندار سے بھی زیادتی نہیں ہونے دیں گے حاجی منظور حسین اور حاجی عجب خان نے ڈپٹی کمشنر کا وقت دینے اور بات خندہ پیشانی سے سننے پر شکریہ ادا کیا ۔



حضروسٹی:پاکستان میں ذیباطیس کے مریضوں کی شرح میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے؛سروے رپورٹ
پاکستان میں ذیباطیس کے مریضوں کی شرح میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے اور ایک تازہ ترین سروے کے مطابق پاکستان کی 26فیصد آبادی زیابطیس جیسے مہلک مرض کا شکار ہے ، سروے کے مطابق پاکستان کی 14اعشاریہ 47فیصدآبادی مستقبل میں زیابطیس کا شکار ہو سکتی ہے ، یہ سروے بقائی انسٹیٹیوٹ آف ڈائیابٹالوجی نے وفاقی وزارت صحت، پاکستان ہیلتھ ریسرچ کونسل اور پاکستان زیابطیس فیڈریشن کے تعاون سے کیا،سروے کے نتائج کا اعلان بقائی انسٹیٹیوٹ آف ڈائیابٹالوجی کے ڈائریکٹر پروفیسر عبد الباسط نے تین روزہ قومی زیابطیس کانفرنس 2017کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پاکستان ڈاکر اسد حفیظ ، چیئرپرسن پاکستان ہیلتھ ریسرچ کونسل ڈاکٹر ہما قریشی ، اعزازی سربراہ عالمی زیابطیس فیڈریشن پروفیسر عبد الصمد شیرا ،کانفرنس کے آرگنائزنگ سیکرٹری ڈاکٹر زاہد میاں اورڈائریکٹر ٹیلی میڈیسن پروجیکٹ ڈاکٹرذکی الدین احمد نے بھی خطاب کیا، تین روزہ کانفرنس میں آسٹریلیا ، یورپ اور امریکہ سمیت پاکستان بھر سے زیابطیس کے ماہرین شریک ہیں اور زیابطیس سے ہونے والء مختلف طبی نقصانات پر اپنی تحقیقات اور مقالے پیش کئے، کانفرنس میں دنیا بھر اور پاکستان سے ماہرین نے ٹیلی کانفرنس کے ذ ریعے شرکاء سے خطاب کیا،قومی زیابطیس سروے 2017کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے پروفیسر عبد الباسط نے بتایا کہ اس سروے کے مطابق پاکستان میں زیابطیس کے مریضوں کی تعداد ساڑھے تین کروڑ سے پونے چار کروڑ افراد کے درمیان ہے جو ملک میں انتہائی تشویش ناک بات ہے اور مستبقل زیابطیس ہولناک صورتحال اختیار کر سکتی ہے ، ان کا کہنا تھا کہ زیابطیس کے مریضوں کی اتنی بڑی تعداد کا اندازہ پاکستان میں 2040تک لگایا جا رہا تھا اور یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ پاکستان میں زیابطیس کے مریضوں کی تعدا د 70سے 80لاکھ کے درمیان ہو سکتی ہے مگر اس سروے نے ان تمام خوش فہمیوں کو غلط ثابت کر دیا ہے اور یہ سروے ایک پریشان کن صورتحال سامنے لے کر آیاہے ، انہوں نے بتاا کہ اس سروے کے دوران 200سے زائد ماہرین پر مشتمل 17ٹیموں نے پاکستان کے طول و عرض میں تقریبا 11 ہزار مریضوں کے ٹیسٹ کیے جن میں زیابطیس، بلڈ پریشر ، کولیسٹرول اور موٹاپے کے ٹیسٹ شامل ہیں ، یہ پاکستان میں ہونے والا اپنی نوعیت کا پہلا سروے ہے جس میں عالمی ادارہ صحت کی گائیڈ لائنز کے مطابق نمونے اکھٹے کیے گئے اور مریضوں کے ٹیسٹ کیے گئے ، ان کا کہنا تھا کہ اس سروے کے نتائج کے مطابق پاکستان میں کروڑوں کی تعداد میں زیابطیس کے مریضوں کی موجودگی اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ ملک میں ہیلتھ پالیسی کو از سر نو تشکیل دیا جائے اور اسکولوں کی سطح پر زیابطیس سے بچاؤ کے پروگرامات شروع کیے جائیں ، انہوں نے بتایا کہ سروے کے نتائج کا مکمل جائزہ لینے میں 6 ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے جس کے بعد پاکستان میں زیابطیس ہونے کی بنیادی وجوہات سامنے آسکیں گی ، انہوں نے کہا کہ یہ سروے پاکستان میں بلڈ پریشر ، کولیسٹرول اور موٹاپے کے شکار افراد کی تعداد جاننے میں بھی انتہائی معاون ثابت ہوا ہے جس کے نتائج اگلے چند ہفتوں میں جاری کر دیے جائیں گے،ان کا کہنا تھا کہ قومی ذیباطیس سروے اپنی نوعیت کا واحد سروے ہے جو کسی بھی کم آمدنی والے ملک میں گزشتہ پانچ برس کے دوران منعقد کیا گیا ہے ، پروفیسر عبد الباسط نے اس موقع پر وفاقی ہیلتھ سیکرٹری ایوب شیخ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مدد اور معاونت کے بغیر قومی زیابطیس سروے جیسا کام ناممکن تھا ، جسے انہوں نے اپنی رہنمائی اور معاونت سے ممکن بنایا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعزازی سربراہ عالمی زیابطیس فیڈریشن پروفیسر عبد الصمد شیرا نے بقائی انسٹیٹیوٹ کی ٹیم کو سروے مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ صرف اس طرح کے لوگ جو ملک سے بیماری ختم کرنے کا جنون رکھتے ہوں یہ کام وہی کرسکتے ہیں ، سربراہ پاکستان ہیلتھ ریسرچ کونسل ڈاکٹر ہما قریشی کا کہنا تھا کہ ان کے ادارے نے بقائی انسٹی ٹیوٹ کو تکنیکی اور مالی معاونت فراہم کی ہے جس کے نتیجے میں یہ سروے مکمل ہو سکا ، مگر اس کریڈٹ بقائی انسٹیٹیوٹ کو جاتا ہے جس نے اس نا مکمن کام کو ایک سال کے قلیل عرصے میں ممکن بنا دیا، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر اسد حفیظ نے قومی زیابطیس سروے کو ملک میں صحت اور علاج کی پالیسی متعین کرنے کی نئی راہ قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ صحت کے دوسرے شعبوں کے ماہرین بھی اس طرح کے سروے منعقد کرنے چاہیے ۔



اٹک سٹی:ضلع کے سات داخلی و خارجی مقامات سمیت چودہ تھانوں کی مانیٹرنگ کیلئے کیمرے نصب کردئیے ہیں؛ فخرسلطان راجہ
آرپی اوراولپنڈی فخر سلطان راجہ نے کہاہے کہ اٹک پولیس نے ضلع کے سات داخلی اور خارجی مقامات سمیت چودہ تھانوں اور اہم تنصیبات کی مانیٹرنگ کے لئے آن لائن کیمرے نصب کردئیے ہیں ‘اٹک پولیس کی 109گاڑیوں کو ٹریکر لگا کر ان کا تمام ریکارڈ کمپیوٹرائز ڈ کرنے کے علاوہ اٹک کے 9 ہوٹلوں اور گیسٹ ہاؤسوں کو بھی آ ن لائن نظام سے منسلک کر دیا ہے جس کے سبب علاقہ میں پاکستان کے کسی بھی علاقہ کا فرد رہائش اختیار کرے گا ‘فوراً اس کا مکمل ڈیٹا موجود ہو گا ، اس نظام کے تحت صرف تین ماہ میں50سے زائد مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ان خیا لات کا ا ظہار انہو ں نے ڈی پی او آفس میں سٹیبلشمنٹ برانچ، کنٹرو ل روم، شکایات سیل اور ویلفیئر برانچ کے افتتاح کے بعد ڈی پی او آفس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا تقریب سے ڈپٹی کمشنر رانا اکبر حیات،ڈی پی او اٹک زاہد نواز مروت اورچیئرمین بلدیہ ناصر محمود شیخ نے بھی خطاب کیا سٹیج سیکر ٹری کے فرائض پی آر او طا ہر اقبال نے ادا کیئے اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملک اسرار احمد،صدر انجمن تا جران اٹک را شد الر حمن خان ، صدر انجمن تا جران فتح جنگ ذوالفقار بلو چ ، ممبران ضلعی امن کمیٹی پیر سعادت علی چورہ شریف ، ڈسٹرکٹ خطیب علا مہ غلام محمد صدیقی ، مو لانا محمود الحسن تو حیدی ، ضلعی صدر جے یو آئی مو لانا شیر زمان ، خادم حسین کر بلا ئی ، علا مہ عار ف و احدی ، قار ی حافظ محمد الطاف ، خطیب پو لیس لا ئن مو لا نا اشفاق اویسی کے علا وہ ضلع بھر کے پو لیس افسران ، ایس ڈی پی او ز ،ڈی ایس پی ٹریفک فتح عا لم ، پی اے ٹو آر پی او جا وید اختر ملک ، پی اے ٹو ڈی پی او اٹک ملک محمد ایوب ، چیف سیکو رٹی آفیسر ملک نعیم خان ، انچارج آئی ٹی برا نچ جہا نزیب خان ، ایس ایچ او ز ، انچارج چو کیات ،انچارج برا نچز ، شہدا ء کے اہلخانہ ، اٹک کے بڑے سکولوں کے سر براہا ن ،وکلا ء اور صحافیوں کی کثیر تعداد مو جو د تھی ، آر پی او نے مختلف برا نچز کا دورہ کیا اس موقع پر ڈی پی او اٹک زاہد نواز مروت نے انہیں اٹک پو لیس کی جا نب سے جدید کمپیو ٹر ائز پو لیس نظام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ،تقریب کے اختتام پر آر پی او نے شہداء کے اہلخانہ کو عید گفٹ اورپھولوں کے تحائف دئیے، بعد ازاں آر پی او نے پو لیس لائن اٹک میں در بار سے بھی خطاب کیااس موقع پر پو لیس افسران اور جوانوں کے مسائل فر داً فرداً سنے اور موقع پر ہی احکامات جاری کیئے ، آر پی او نے ان تقریبات سے خطاب کر تے ہوئے پولیس افسران پر زور دیا کہ وہ نیشنل ایکشن پلان سمیت حکومت کی جانب سے آنے والے تمام احکامات پر سختی سے عمل کرائیں انہوں نے اٹک پولیس کی جانب سے گزشتہ تین سالوں کے تھانوں کا ریکارڈکمپیوٹرائزڈ کرنے ، شہدا کے گھرانوں کے لئے مختلف امورکی سرانجام دہی ، اٹک پولیس میں تمام شکایات کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے کے نظام کو آئیڈیل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے دیگر تین اضلاع میں اس کو لاگو کیا جائے گا، اس موقع پر ڈی پی او زاہد نواز مروت نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ شہدا ء کے اہل خانہ کی ملازمت کے لئے مختلف اداروں کی مدد سے انہیں ملازمتوں کی فراہمی ، تعلیمی وظائف مہیا کئے جارہے ہیں ،بعض بڑی بیماریوں جن کے علاج پر لاکھوں روپے خرچ ہوتے ہیں اس کے تحت علاج کی سہولت میسر آئے گی ، اب تک 18افراد کا علاج کیا جا چکا ہے جبکہ30زیر علاج ہیں ، تمام ملازمین کی بچیون کی شادی کے لئے 50ہزار آئی جی آفس اور 50ہزار روپے ڈسٹرکٹ پولیس کی جانب سے فراہم کئے جاتے ہیں اس پروگرام کے تحت 13بچیوں کی شادیاں کرائی جا چکی ہیں، انہوں نے ڈی ایس پی اور ایس ایچ او ز صاحبان کو سختی سے ہدایت کی کہ ضلع اٹک میں زیر تعمیر سی پیک جسے انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے اس کا ڈی ایس پی24گھنٹوں میں ایک مرتبہ اور ایس ایچ او دو مرتبہ دورہ کرے گا، اے کلاس سکولوں کا بھی ایس ایچ او روزانہ کی بنیاد پر دورہ کرے گا جبکہ اس کی مصروفیت کے سبب ایڈیشنل ایس ایچ او یہ تمام فرائض سرانجام د ے گا،انہو ں نے کہا کہ ہیو من انٹیلی جنس سے بہتر کو ئی نظام نہیں جیسے ہی کو ئی معلو مات حاصل ہو اسے فوری طور پر چیک کیا جا ئے تمام علاقوں کو فر داً فراً چیک کر نے کی پا لیسی پر عمل در آمد کرا یا جا ئے پو لیس افسران سو مکا نات کی بجا ئے صرف بیس چیک کریں تا ہم جو بیس چیک کیئے جا ئیں ان میں کو ئی جرا ئم پیشہ فرد سزا سے اور پو لیس کی گر فت سے نہ بچ سکے سٹی اور دیگر ایریا میں ایسے مکا نات جو خا لی ہیں یا جن میں کرائے دار مو جود ہیں ان کے اندراج کی پا لیسی پر سختی سے عمل در آمد کر ا یا جا ئے عید پر خصوصی سر چ آپریشن کیئے جا ئیں عید کے حوا لے سے مکمل ایس او پی مو جود ہے ڈی ایس پی اور ایس ایچ او ان سے بخوبی وا قف ہیں عید کے موقع کی چیکنگ کی ویڈیو بھی بنا ئیں جا ئے پا ر کنگ سو اور دو سو گز دو ر ہو نی چا ہیے جرائم پیشہ کا سابقہ ریکارڈ مکمل رکھا جا ئے اور ان کی مکمل چھا ن بین کی جا ئے اشتہاریوں کی لسٹیں مر تب کی جا ئیں فور شیڈول کے گھروں میں جا کر چیکنگ کی جا ئے لا ل مسجد سانحہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی خصوصی چیک کیا جا ئے عید کے موقع پر شا پنگ ما ل میں چیکنگ کا نظام اور ان علاقوں میں مسلسل گشت اور پٹرولنگ کی جا ئے انہو ں نے کہا کہ میری ان تمام باتوں کو ایس ایچ او شام کو پو ری نفری بلا کر انہیں آگا ہ کریں اور میری ہدا یات ان تک پہنچا ئیں ۔



حضرو شہرکے مصروف بازار کے قریب نالے میں ایک بھینس گر کر پھنس گئی ، ریسکیو ۱۱۲۲ نے محفوظ طریقے سے نکال لیا
حضرو شہرکے مصروف بازار کے قریب نالے میں ایک بھینس گر کر پھنس گئی ‘علاقہ مکینوں نے بھینس کو نکالنے کی بہت کوشش کی ،بالاآخر ریسکیو1122 حضرو کو کال کی گئی بروقت اطلاع ملنے پر ریسکیوکے جوان فوراً موقع پر پہنچ گئے اور بھینس کو نالے سے نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہو گئے ،مسلسل ایک گھنٹے کے ریسکیوآپریشن کے بعد نہایت مہارت سے بھینس کو محفوظ طریقے سے نالے سے نکال لیا۔اہل علاقہ نے ریسکیو1122 کی کارروائی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور اس بات کا اظہار کیا کہ ریسکیو1122 کا عملہ اسی طرح عوام کی خدمت کرتا رہے گا۔



































No comments:

Post a Comment