Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from Hazro (Attock).
اٹک سٹی:حکومت پنجاب کی جانب سے عیدا لاضحی کے موقع پر صفائی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ضابطہ اخلاق مقرر کردیا گیا ہے
حکومت پنجاب کی جانب سے عیدا لاضحی کے موقع پر صفائی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ضابطہ اخلاق مقرر کردیا گیا ہے اور صوبہ بھر کے چیئرمین ضلع کونسلزاور میونسپل کمیٹیز اور چیف افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقرر کردہ ضابطہ اخلاق کو ہر صورت یقینی بنائیں۔حکومت کی جانب سے جاری کردی ضابطہ اخلاق کے مطابق صفائی کے بارے میں شعور کی بیداری کے لیے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر تشہیری مہم چلائی جائے اور اس سلسلے میں شکایت سیل قائم کیا جائے گا عید کی تعطیلات میں صفائی پر مامور سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی جائیں۔صفائی پر مامور ریگولر سٹاف عید کے پہلے ، دوسرے اور تیسرے روز متعلقہ یونین کونسلز اور مرکزی شاہراہوں پر اپنی ڈیوٹی سرانجام دے گا سینٹری انسپکٹر اور سینٹری سپروائزر اپنے متعلقہ علاقے کی صفائی کا ذمہ دار ہوگا قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے اضافی ٹرانسپورٹ کے علاوہ ، ہتھ ریڑھی، گدھا گاڑی، چنگ چی رکشہ اور پک اپ کا بندوبست کرنا ہوگاتاکہ ہر کونے اور علاقے سے جانوروں کی باقیات کو اٹھا کر ٹھکانے لگایا جاسکے جانوروں کی آلائشوں کو ایک جگہ پر اکھٹا کرنے کے لیے پوائنٹس مقرر کیے جائیں گے متعلقہ علاقے کے ڈپٹی کمشنرز ، میئرز، چیئر مین اور ڈپٹی چیئرمین اچانک دورہ کرکے صفائی کے معاملات کی نگرانی کریں گے صفائی سے متعلقہ کارگزاری رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر مرتب کی جائے گی جانوروں کی باقیات سٹور کرنے کے مقامات کی نشاندہی کی جائے گی محکمہ ماحولیات اور محکمہ لائیو سٹاک کے مابین قریبی رابطہ ضروری قرار دیا گیا ہے قربانی کے جانورں کے سری پائے جلانے پر پابندی عائد کی جائے گی۔
*******************
حکومت پنجاب کی جانب سے عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں اور متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنر زاور دیگر متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے علاقے میں ماضی کی طرح سیلز پوائنٹس مقرر کریں ان سیلز پوائنٹس پر قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت پر کسی قسم کی فیس وصول نہیں کی جائے گی کسی شخص کو قربانی کے جانور کی خرید و فروخت کرنے والوں سے کسی قسم کی فیس کی وصولی کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی اس سلسلہ میں کسی قسم کی ہراساں کرنے کی کسی قسم کی کاروائی کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی قربانی کے جانوروں کی خریدوفروخت کے شہری اور دیہی مراکز میں متعلقہ میونسپل کمیٹیز کی جانب سے صفائی، پینے کے پانی، لائٹ، ٹینٹ وغیرہ کا انتظام کیا جائے گا۔
اٹک سٹی:عید الاضحیٰ پر کانگو وائرس سے بچاؤ کے لئے لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ اٹک نے بھر پور تیاری کر رکھی ہے ؛ رپورٹ
عید الاضحیٰ پر کانگو وائرس سے بچاؤ کے لئے لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ اٹک نے بھر پور تیاری کر رکھی ہے اور سیکرٹر ی لائیو سٹاک کی ہدایات کے مطابق ضلع اٹک کے پانچ داخلی راستوں پر چیک پوسٹیں قائم کر دی ہیں اور ان پر عملہ تعنیات کر دیا ہے جو کہ دوسرے صوبوں اور دوسرے اضلاع سے منتقل کیے جانے والے تمام جانوروں کا تفصیلی معائنہ کرتے ہیں اور چیچڑوں کی موجودگی کی صورت میں ان پر سپرے کرتے ہیں کیونکہ کانگو وائرس ان ہی چیچڑوں کی وجہ سے پھیلتا ہے، اس کے علاوہ ضلع بھرمیں منعقد ہونے والی تمام منڈیوں اور میونسپل کمیٹی اٹک کی طرف سے عارضی طور پر قائم کیے گے قربانی کے جانوروں کے لئے سیل پوائنٹس پر بھی عملہ تعینا ت کیا گیا ہے جو کہ تمام ضروری سازو سامان بشمول سپرے پمپ اور ادویات سے لیس ہے چیک پوسٹ اور سیل پوائنٹس پر تعینات شدہ عملے کی کارکردگی کو مانیٹر کرنے کے لیے ہر تحصیل میں الگ الگ مانیٹرنگ آفیسر مقرر کیے گئے ہیں اس کے علاوہ ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک اٹک ڈاکٹر عبدالحمید بذات خود ضلع بھر میں اس مہم کی نگرانی کررہے ہیں ان اقدامات کے علاوہ بڑے پیمانے پر ایک آگاہی مہم کا آغاز کیا گیا ہے جس میں اس وائرس سے بچاؤ کی احتیا طی تدابیر کے متعلق تفصیلاً آگاہ کیا جاتا ہے عام پبلک کے علاوہ قصاب حضرات کے لئے ہر تحصیل سطح پر تربیتی پروگرام ترتیب دیے گئے جن میں تمام قصاب حضرات نے شرکت کی اور انہیں احتیاطی تدابیر کے حوالے سے تربیت دی گئی تمام شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی معلومات یا خدمات کے سلسلے میں لائیو سٹاک کے متعلقہ عملے یا دفتر ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک اٹک سے رابطہ کریں۔
نادرا سنٹرز کے سٹاف کی من مانیاں ‘لوگوں کو ارجنٹ کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ بنانے پر مجبور کرنے لگے ،لوگوں کا شدیداحتجاج
نادرا سنٹرز کے سٹاف کی من مانیاں ‘لوگوں کو ارجنٹ کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ بنانے پر مجبور کرنے لگے ،لوگوں کا شدیداحتجاج ‘تفصیلات کے مطابق گزشتہ ایک طویل عرصہ سے جنڈ ، اٹک ،پنڈی گھیب اور دیگر تحصیلوں میں قائم نادرا سنٹرز میں تعینات سٹاف شناختی کارڈ بنوانے کے لیے جانے والے مرد اور خواتین حضرات کو ایگزیکٹو کارڈ جسکی فیس 1600 روپے ہے اور ارجنٹ کارڈ جس کی فیس 800روپے ہے بنوانے پر مجبور کرتا ہے لوگوں کو بتایا جاتا ہے کہ اس سے کم فیس میں کوئی شناختی کارڈ نہیں بنتا حالانکہ 400روپے فیس میں بھی شناختی کارڈ بنوایا جا سکتا ہے لیکن یہاں یہ سہولت کسی کو نہیں دی جارہی کیونکہ جتنی زیادہ رقم اکٹھی ہوتی ہے اتنا زیادہ کمیشن ملتا ہے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے عوام جن میں محمد صابرین ، جاوید اختر، محمد سلیم ، خورشید بیگم ، نصرت فاطمہ، محمد بلال، عبداللہ خان، سلیم احمداور دیگر شامل ہیں نے میڈیا کو بتایا ہے کہ ہم شناختی کارڈ بنانے آئے تو کاؤنٹر پر موجود سٹاف نے شناختی کارڈ بنانے کی فیس 1600روپے اور 800روپے بتائی اور کہا کہ اس سے کم میں شناختی کارڈ نہیں بن سکتا جب اس بارے میں نادرا اسلام آباد کے ترجمان سے فون پر رابطہ کیاتو انہوں نے بتایا کہ ہر سنٹر میں شناختی کارڈ فیس کے بارے میں معلومات آویزاں ہونی چاہییں شناختی کارڈ کی فیس بالترتیب 1600,800اور 400روپے ہے ترجمان نے کہا کہ اس حوالے سے باقاعدہ انکوائری کرائی جائے گی اور ذمہ داران کے خلاف کاروائی ہو گی ۔
اٹک سٹی:تھانہ سٹی اور تھانہ صدراٹک کی حدود میں جرائم پیشہ افراداور منشیات فروشی کے اڈوں کے خلا ف مہم جاری رہے گی؛ ملک تفسیر حسین
ڈی ایس پی صدر سر کل اٹک ملک تفسیرحسین نے کہا ہے کہ تھانہ سٹی اور تھانہ صدراٹک کی حدود میں جرائم پیشہ افراد، فحاشی اور منشیات فروشی کے اڈوں کے خلا ف مہم جاری رہے گی ۔سٹریٹ کرائمز ،قمار بازی ، فحاشی کے اڈے اور نو سر بازی کے ٹھکانو ں کا خا تمہ تر جیحات میں شا مل ہے ‘سماج دشمن عناصر اور جرائم پیشہ افراد کے گینگ کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا ئے گا ،انہوں نے مزیدکہا کہ پر امن اور قانون پسند شہریوں کے لئے تھا نے دارالا من اور جرائم پیشہ ٹا ؤٹ افراد کو تھانوں میں عزت و احترام نہیں دیا جا ئے گا،ان کے دروازے ہر وقت شہریوں اور پو لیس سے امداد طلب کر نے والوں کے لئے کھلے ہیں و ہ رشوت، سفارش، سیاسی دباؤ کبھی قبول نہ کیا اور نہ کریں گے انہوں نے کہا کہ صدر سر کل میں مو جود چو کیوں میں ہر ہفتے اچا نک دورے کر کے وہاں کے عوام کے مسائل موقع پر ہی حل کر نے کی کوشش کر تے ہیں انہو ں نے کہاکہ اٹک انتہا ئی پر امن اور قانو ن پسند لو گوں کا علاقہ ہے جو لوگ پو لیس کے ساتھ بہت تعا ون کر تے ہیں اس وجہ سے اٹک میں جرائم کی شرع دیگرعلاقوں کی نسبت کم ہے انہوں نے کہا کہ اٹک پسما ندہ علاقہ کے تاہم یہاں کے لوگ انتہائی پیار محبت کر نے والے ہیں ۔
اٹک سٹی:اسلام میں احتساب سے کوئی بالا تر نہیں‘ خلفائے راشدین بھری مجلس میں اپنے اوپر تنقید کا جواب دے سکتے ہیں ؛ جماعت اسلامی
اسلام میں احتساب سے کوئی بالا تر نہیں‘ خلفائے راشدین بھری مجلس میں اپنے اوپر تنقید کا جواب خوش دلی سے دے سکتے ہیں تو کلمہ طیبہ کے نام پر بننے والے ملک وطن عزیز میں سبھی کا احتساب ہونا چاہیے خواہ کوئی جج ہو یاجنرل بیوکریٹس ہر ایک کا احتساب ضروری ہے حکومت ہو یا حکمران کسی مائی کے لعل میں یہ جرأت نہیں کہ وہ آئین کی اسلامی دفعات 62/63کو تبدیل کر سکے اسلامیانِ پاکستان وطن عزیز کی اسلامی شناخت کو کسی صورت تبدیل نہیں کرنے دیں گے ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ضلع اٹک کی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں متفقہ طور پر منظور کردہ مذمتی قراداد میں کیا گیا جس کی صدارت امیر جماعت اسلامی ضلع اٹک وچیئر مین یوسی شینکہ مولانا جابر علی خان نے کی قراداد میں کہا گیا کہ آئین کی دفعات میں تبدیلی کی باتیں انتہائی خطرناک ہیں انہیں منہ کی کھانا پڑے گی عوام انہیں قبول نہیں کرے گی یہ گہری عالمی سازش ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے بلکہ حکمرانوں کو چاہیے تھا کہ وہ 70ویں یوم آزادی کے موقع پر علامہ اقبال اور قائد اعظم کے خوابوں کی تعبیر کو عملاً یقینی بنائے چہ جائیکہ وہ قائد اعظم کی مثبت او ر اسلامی فکر کی نفی کرنے پر تلے نظر آرہے ہیں انشاء اللہ کامیاب نہیں ہوں گے ۔
ضلع اٹک میں نا بینا ،لنگڑے ، لو لے بن کر بھیک ما نگنے کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا
ضلع اٹک میں نا بینا ،لنگڑے ، لو لے بن کر بھیک ما نگنے کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا ‘گلی محلوں میں یہ خو د ساختہ معذور اپنی معذوری ظاہر کر کے ہزاروں رو پے روزانہ کما رہے ہیں، اٹک کے فوارہ چو ک اور دیگر تجارتی مراکز میں روزانہ چار پا نچ سال کے بچوں سے لیکر نو جوان اور بڑی عمر کے افراد بھیک ما نگنے کا دھندہ دھڑلے سے کر رہے ہیں اور انہیں کو ئی رو کنے وا لا نہیں‘ بھیک ما نگنے سے رو کنے کے ادارے صرف اسلام آباد کی حد تک محدود ہیں ،اٹک اور دیگر علاقوں میں قانون نا فذ کر نے والوں اداروں کی مجرما نہ خاموشی نے ان بھیک ما نگنے والوں کو بے مہار کر رکھا ہے ۔
ضلع اٹک میں مو ٹر سائیکل سوار قانون سے با لا تر ہو گئے ہیں ؛ رپورٹ
ضلع اٹک میں مو ٹر سائیکل سوار قانون سے با لا تر ہو گئے ہیں ‘نو عمر اور نوجوان مو ٹر سائیکل سواروں نے گلی محلوں اور بازاروں میں تیز رفتار موٹر سا ئیکل چلا نا اپنا حق سمجھ لیا ہے، روزانہ ان تیز رفتار موٹر سائیکلو ں کی زد میں آکر درجنوں خواتین ،بزرگ شخصیات اور بچے بری طرح زخمی ہو نے کے بعد ہسپتالوں سے مر ہم پٹی کر وا کر اٹک میں قانون کی حکمرانی نہ ہو نے کے سبب چپ سا دہ لیتے ہیں کیو نکہ ان منہ زور مو ٹر سائیکل سواروں کا آج تک قانون کچھ نہیں بگاڑ سکا، جشن آزادی ، عید ،بکرا عید ،جشن عید میلاد النبی ؐ اور دیگر عوامی تہواروں پر سیلنسر نکال کر مو ٹر سائیکل چلا نے والے مو ت کے کنوئیں میں مو ٹر سائیکل چلا نے کی طرز پر مو ٹر سائیکل چلا کر شہریوں کو ہراساں کر تے ہیں اور قانون مجرما نہ چپ سا دہ لینے پر مجبور ہے عوامی ، سیاسی ، سما جی حلقوں نے چیف جسٹس ، وزیر اعلیٰ ، آئی جی پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطا لبہ کیا ہے کہ اٹک میں تیز رفتار موٹر سائیکل چلا نے والوں کے خلاف با قا ئدہ مہم چلا ئی جا ئے حکو مت مسا جد ، مدارس ، باریش افراد اور مذہبی تنظیموں سے تعلق ہو نے والوں کو جس طرح قانون با لا ئے طاق رکھ کر ان پر قا نون کا عمل در آمد کر اتی ہے اسی طرح مو ٹر سائیکل سواروں کے خلاف بھی مسلسل با قائدہ مہم چلا ئی جا ئے دنیا بھر میں لا ئسنس کے بغیر افراد کو مو ٹر سائیکل اور کار چلا نے کی اجازت نہیں تا ہم پاکستان میں اس کے بر عکس 95فیصد لو گ کاراور موٹر سائیکل بغیر لا ئسنس کے چلا رہے ہیں جن کے خلاف قا نون نافذ کر نے والے اداروں نے آنکھیں بند کی ہو ئی ہیں ۔
برمنگھم‘برطانیہ: سسٹر روتھ فاء نے اپنی ساری زندگی جزام کے مریضوں کے علاج اور خدمت کے لئے وقف کر دی؛ سیٹھ محمد پرویز
سیٹھ محمد پرویز آف جلالیہ مقیم برمنگھم نے کہا ہے کہ جزام ایک ایسا مرض ہے کہ اس مرض میں مبتلا مریضوں کو انکے گھر والے بھی ہاتھ لگانا پسند نہیں کرتے لیکن سسٹر روتھ فاء نے اپنی ساری زندگی انہی مریضوں کے علاج اور خدمت کے لئے وقف کر دی ،انہوں نے کہا کہ سسٹر روتھ فاء نے اپنی خدمات کو کسی خاص طبقے، مذہب یا فرقے تک محدود نہیں رکھا بلکہ بلا تفریق انسانیت کی خدمت کرتی رہیں، انہوں نے اپنی خدمات سے یہ ثابت کردیا کہ انسانیت کا رشتہ سب سے بڑا رشتہ ہے اور سب سے پہلے ایک اچھا انسان ہونا ضروری ہے ۔ آن لائن گفتگو کرتے ہوئے سیٹھ محمد پرویز نے کہا کہ سسٹر روتھ نے عورت ہوتے ہوئے بھی تن تنہا وہ کر دکھایا جو مرد بھی نہ کرسکے، خدا پاکستان کو سسٹر روتھ فاء جیسی بیٹیوں سے نوازے ،سسٹر روتھ فاء کی بے غرض ز ندگی ہم سب کے لئے ایک روشن اور عمدہ مثال ہے ‘سسٹر روتھ فاء نے ساری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا، جزام کے مریضوں کے لئے انکی بے لوث خدمات صدیوں تک یاد رکھی جائیں گی۔
اٹک سٹی:ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی اٹک کا ایک اہم اجلاس اکرام الحق کی زیر صدارت ڈی سی کانفرنس روم اٹک میں منعقد ہوا
ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی اٹک کا ایک اہم اجلاس اے ڈی سی آر اکرام الحق کی زیر صدارت ڈی سی کانفرنس روم اٹک میں منعقد ہواجس میں ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز ، صدر انجمن تاجران راشد الرحمن خان ،صارفین کے نمائندے اور دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے ۔اجلاس میں باہمی مشاورت سے سپرکرنل پرانا کی قیمت 130روپے فی کلو، سپرکرنل نیا100 روپے، مٹن 650روپے ، بڑا گوشت 300 روپے، چینی ہول سیل سے 3روپے زائد، دال چنا موٹی 110 روپے، دال چنا باریک 100 روپے ، دال مسور باریک 95روپے، دال مسور موٹی 90 روپے، دال ماش ایس کیو145روپے، دال مونگ وھلی ہوئی 100 روپے ، سفید چنا باریک 150روپے ، سفید چنا میڈیم 160روپے، بیسن110 روپے ،سرخ مرچ پسی ہوئی200 روپے فی کلو گرام سے نئے نرخ مقرر کیے گئے اے ڈی سی آر اکرام الحق نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ ضلع اٹک میں انتظامیہ کے مقرر کردہ نرخوں کو یقینی بنائیں۔
اٹک سٹی:ضلعی ترقیاتی بور ڈ کا ایک اہم اجلاس زیر صدارت صوبائی وزیر امور نوجوانان و کھیل جہانگیر خانزادہ کی زیر صدارت منعقد ہوا
ضلعی ترقیاتی بور ڈ کا ایک اہم اجلاس زیر صدارت صوبائی وزیر امور نوجوانان و کھیل جہانگیر خانزادہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر جاوید اقبال چودھری ، سی ای او ایجوکیشن عبدالشکور انجم کے علاوہ ضلع بھر کے متعلقہ افسران شریک تھے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ جمال طارق چودھری نے بتایا کہ پی پی 16میں ترقیاتی کام جاری ہیں جن میں صوبائی بلڈنگز کی11 سکیمیں شامل ہیں جن پر53کروڑ 31لا کھ 41ہزار رو پے لاگت آئے گی، اس کے علاوہ سڑکوں اور پبلک ہیلتھ کی سترہ سکیمیں جاری ہیں جن پر 66کروڑ 99لا کھ 38ہزار روپے لاگت آئے گی، اس کے علاوہ لوکل گورنمنٹ اور کمیونٹی ڈولپمنٹ کی ایک سکیم جاری ہے جس پر2کروڈ 6لا کھ 84ہزا ر روپے لاگت آئے گی صوبائی وزیر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ جاری منصوبوں کا باقاعدگی سے معائینہ کریں او کام کے معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ہر صورت ممکن بنائی جائے تاکہ عوام کو اس کے ثمرات سے بہرہ مند کیا جاسکے۔
اٹک سٹی:کسی بھی جماعت میں ورکرز ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ؛ ایمان طاہر
چیئر پرسن ضلع کونسل اٹک ایمان طاہر نے کہا ہے کہ کسی بھی جماعت میں ورکرز ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ‘میجر طاہر صادق اور اُن کے گروپ نے ہمیشہ ورکرز کو عزت دی ہے اور مشکل وقت میں کارکنوں کے ساتھ کھڑے رہے دیگر سیاسی جماعتوں کے ورکرز اُن جماعتوں میں کام کرنے کے باوجود مقام اور عزت نہ ملنے پر مایوس ہوچکے ہیں ہمارے ساتھ شامل ہونے والے کبھی مایوس نہیں ہوں گے ورکرز ہمارا سرمایہ اور دست و بازو ہیں جنہیں ہم ساتھ لے کر چلیں گے ملک امداد اعوان جیسے ورکرز قیمتی سرمایہ ہیں اپنے گروپ میں انہیں خوش آمدید کہتے ہیں اب یہ اپنی صلاحیتیں میجر گروپ کے پیغام کو نوجوانوں تک پہنچانے اور میجر گروپ کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کر یں گے ملک احسن خان اور کونسلر مبشر علی خان کی کاوشیں لائق تحسین ہیں ان تمام کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی چھوڑ کر میجر گروپ میں شامل ہونے والے ملک امداد اعوان کے ہمراہ کارکنوں کے ایک وفد سے اپنے دفتر میں گفتگو میں کیا ہے اس موقع پر ملک احسن علی خان ،کونسلر سقہ آباد ملک مبشر علی خان،ڈاکٹر رب نواز ،سردار فرحت عباس پتھی خان اور ملک خضر حیات بھی موجود تھے ایمان طاہر نے کہا کہ ہم ملک امداد اعوان کو خوش آمدید کہتے ہیں میجر گروپ کے تمام کارکنان ہمہ تن میجر گروپ کی عزت ، وقاربڑھانے کا نہ صرف ذریعہ ہیں بلکہ سوشل میڈیا کے علاوہ بھی میجر طاہر صادق کا پیغا م گھر گھر پہنچانے کے لیے تمام صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں ہم اپنے تمام کارکنوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کر تے ہیں۔
حضروسٹی:پلاسٹک شاپنگ بیگ کا بے تحاشا استعمال ماحولیاتی آلودگی کا باعث بنتے ہیں ،اس سے نکاسی آب کے مسائل جنم لیتے ہیں
پلاسٹک شاپنگ بیگ کا بے تحاشا استعمال ماحولیاتی آلودگی کا باعث بنتے ہیں ،اس سے نکاسی آب کے مسائل جنم لیتے ہیں ‘انتظامیہ کو چاہیے کہ پلاسٹک شاپنگ بیگ کے استعمال پر پابندی عائد کرے جس سے ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ممکن ہوسکے عوام شاپنگ بیگ کا کثرت سے استعمال کرتے ہیں ،خصوصاََ بارشوں کے موسم میں ان شاپنگ بیگوں کے منفی اثرات زیادہ نظر آتے ہیں جس سے شہر،دیہات کی گلیاں اورنالیوں میں ڈھیر لگے ہوئے ہوتے ہیں جس سے پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے اور تعفن کی فضا سے ڈینگی مچھر اور موذی امراض جنم لیتے ہیں محکمہ صحت ،محکمہ ماحولیات اور ٹی ایم اے کی طرف سے صفائی کا کوئی خاطر خواہ نظام موجود نہ ہے جس سے موذی امراض میں اضافہ ہورہا ہے ۔
ضلع اٹک میں70ویں یوم آزادی پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوئی ؛رپورٹ
ضلع اٹک میں70ویں یوم آزادی پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوئی ‘تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد تھے ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات ، ڈی پی او اٹک زاہد نواز مروت، اے ڈی سی آر اکرام الحق، چیئر مین بلدیہ شیخ ناصرمحمود ، وائس چیئرمین بلدیہ ملک طاہر اعوان، سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) کے علاوہ دیگر سرکاری محکموں کے افسران ، سیاسی و سماجی تنظیموں کے نمائندہ افراد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان ایشیاء کے مسلمانوں کے لیے قدرت کا انمول تحفہ ہے آج سے ستر سال قبل ہندوستان کے مسلمانوں نے اپنے عظیم قائد محمد علی جناح کی فقید المثال قیادت میں جان ومال کی انمٹ قربانیاں دے کر یہ ملک حاصل کیا اس مملکت کے قیام کا مقصد اللہ اور اس کے آخری رسول حضرت محمدؐ کے بتائے ہوئے طریقوں پر کاربند رہ کر آزادی سے زندگی بسر کرنا تھا آج کی نوجوان نسل کو اس امر سے آگاہ کرنا اشد ضروری ہے کہ ان کے آباؤاجداد نے پاکستان کے حصول کے لیے لاوزال قربانیاں پیش کیں انہوں نے اپنا کاروبار، گھر بار ،دھن دولت حتیٰ کہ اپنے بزرگوں کی قبروں سے دوری اختیار کرکے آزاد وطن حاصل کیا آج کا پاکستان ترقی کی منازل کی جانب برق رفتاری سے بڑھتا ہوا ملک ہے سی پیک اور ون بیلٹ روڈ کی بدولت آج دنیا بھر کی نگائیں پاکستان پر ٹکی ہوئی ہیں گوادر پورٹ اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی بنا ء پر پاکستان کو بین الاقوامی دنیا میں مستقبل کے ترقی یافتہ ممالک کی صفوں میں لاکھڑا کیا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کے نوجوان وقت کی اہمیت کے پیش نظر اپنی صلاحیتوں کو ملک کی ترقی کے لیے صرف کریں پاکستان میں کسی بھی شعبے میں ترقی کے ان گنت مواقع ہیں زراعت ، کمپیوٹر ، صنعت ، صحت ، سپورٹس اور تعلیم کے میدان نوجوانوں کو اس امر کی ترغیب دے رہے ہیں کہ آؤ اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا کر نہ صرف دنیا میں اپنا نام بناؤ بلکہ اپنے ملک پاکستان کا نام بھی روشن کروانہوں نے اس امر کا بھی اظہار کیا کہ ملک پاکستان کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے بھرپور مواقع دیے جائیں گے ملک کی تقدیر اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ہنرمند نوجوان نسل کے ہاتھوں میں ہوتی ہے اور یہی نوجوان قیادت ملک کو درپیش چیلجنز کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں پرچم کشائی کی تقریب کے بعد وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے پولیس لائن اٹک میں یاد گار شہداء پر حاضری دی جہاں انہوں نے یاد گار شہداء پر پھول چڑھائے اور دعا کی بعد ازاں انہوں نے بلدیہ اٹک میں جشن آزادی کے سلسلے میں منعقد ہ تقریب کی بھی صدارت کی اس کے بعد اسفند یار شہیدڈسٹرکٹ ہسپتال ، سویٹ ہوم اور آغوش میں مریضوں ، بچوں اور خواتین میں مٹھائی ، اور پھل تقسیم کیے گئے اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈی سی اٹک رانا اکبر حیات، چیئرمین بلدیہ ناصرمحمودشیخ اوروائس چیئر مین ملک طاہر اعوان اور ضلعی سینئرنائب صدر مسلم لیگ (ن)محمد سلیم شہزاد بھی موجود تھے۔
اٹک سٹی:ستر ویں یومِ آزادی کے پر مسرت موقع پر ریسکیو1122 اٹک کی جانب سے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا
70 ویں یومِ آزادی کے پر مسرت موقع پر ریسکیو1122 اٹک کی جانب سے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں صبح 8 بجے سنٹرل اسٹیشن اٹک پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی جس میں تمام افسران اور ریسکیو رزکی طرف سے قومی پرچم کو سلامی دی گئی بعد ازاں ڈی سی آفس میں بھی وفاقی وزیر شیخ آفتاب کے ساتھ بھی پرچم کشائی کی گئی ۔ جزبہ حب الوطنی سے سرچار ہوتے ہوئے پورے شہر میں فلیگ مارچ کیا گیااس دوران ریسکیو کی گاڑیوں سے ملی نغمے بجھائے گئے جنہیں سن کر عوام میں اپنے وطن سے محبت کا جزبہ مزید بڑھ گیا اس کے بعد ٹی ایم ہال اور ہائی سکول نمبر2 فار بوائز میں جشن آزادی کی تقریبات میں شریک ہوئے اس موقع پر ڈاکٹر اشفاق کا کہنا تھا کہ ریسکیو1122 اٹک پوری دلجمعی سے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا اور دعا کی اللہ پاک رہتی دنیا تک پاکستان کو قائم دائم رکھے اور مزید ترقیاں دے۔
اٹک سٹی:پاکستان تحریک انصاف گزشتہ21برسوں سے کرپشن اور کرپٹ مافیا کے خلاف بر سر پیکار ہے ؛ ملک امین اسلم وقاضی احمد اکبر
ممبر سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی وضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف قاضی احمد اکبر خان اور مرکزی رہنماء ملک امین اسلم خان نے کہا ہے کہ عمران خان وہ واحد مرد مجاہد اور مرد قلندر ہے جس نے پاکستان کی سیاسی تاریخ میں پہلی بار قومی چوروں اور لٹیروں کو عدالت عظمیٰ سے نا اہل قرار دلوایا ہے ،پاکستان تحریک انصاف گزشتہ21برسوں سے کرپشن اور کرپٹ مافیا کے خلاف بر سر پیکار ہے ،(ن ) لیگ ناکا م لیگ بن چکی ہے ،ماڈل ٹاؤن کے شہداء کا خون رنگ لا رہا ہے ہمارا کوئی گروپ نہیں ،ہم پی ٹی آئی کے نظریاتی لوگ ہیں کسی کو بھی پارٹی یا نظریے کو ہائی جیک نہیں ہونے دینگے نا اہل وزیر اعظم سڑکوں پر در بدر پھر رہا ہے ،سیاسی یتیموں اور لاوارثوں کا کوئی مستقبل نہیں ،پی ٹی آئی میں شامل ہونے والوں کو جائز عزت اور مقام دینگے ان خیالات کا اظہار قاضی احمد اکبر اور ملک امین اسلم کی بیحثیت مہمان خصوصی وارڈ نمبر7محلہ اشرف پورہ سے پاکستان تحریک انصاف حضرو سٹی کے عہدیدارن محمد زمان ،ذولفقار ذلفی ،محمد سعید ،حفیظ الراحمن اور سٹی صدر طاہر پرویز خان کی کاوشوں سے 26خاندانوں کی سرکردہ شخصیات کی شمولیتی تقریب سے خطاب کے دروان کیا اس موقع پر پی ٹی آئی ضلع اٹک کے ترجمان عمران خان ،نائب صدر اشفاق احمد خان ،ملک اعجاز سمیت کثیر تعداد میں پی ٹی آئی کارکنان اوراہلیان محلہ اشرف پورہ نے شرکت کی اس سے قبل محلہ عید گاہ میں مسلم لیگ (ن ) کو چھوڑ کر قاضی احمد اکبر کی قیادت میں پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے رحیم شاہ ،محمد مبین ،عالم خان ،جان محمد ،روائیت خان ،حضرت عالم ،موسیٰ خان ،محمد شیرین ،سردار خان ،گل محمد ،محمد کامران ،محمد بشارت ،محمد عارف ،غلام محمد ،محمد قسم ،محمد صالخین خان ،محمد رمضان ،جان محمد ،مرسلین اور عادل خان ودیگر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انشا ء اللہ چھچھ وپاکستان کے عوام اللہ کی مدد اور ایمان کی طاقت سے آمد ہ الیکشن میں نام نہاد سیاسی بتوں کو پاش پاش کردینگے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکن حافظ ابراھیم کی کاوش سے مسلم لیگ (ن ) کے کارکنوں کو پارٹی میں جائز مقام ملے گا ۔
گاؤں ویسہ:علی بابا چالیس چوروں کا ٹولہ قومی اداروں کیخلاف سازشیں کررہا ہے ؛ فاضل خان وردگ
ضلعی رابطہ سیکر ٹری تحریک انصاف فاضل خان ور دگ نے کہاکہ علی بابا چالیس چوروں کا ٹولہ قومی اداروں کیخلاف سازشیں کررہا ہے ،20 کروڑ عوام قائد تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں اداروں کیخلاف سازشوں میں مصروف چوروں لیٹروں کو نشان عبرت بنا دینگے تحریک انصاف عدل و انصاف آئین و قانو ن کی بالادستی کی جنگ لڑرہی ہے لچھے دار تقرریوں اور بلند و بانگ وعدے کر نے والے سیاسی اداکاروں کو عوام پہچان چکے ہیں ان خیالات کا اظہار انہو ں نے عوام رابطہ مہم کے دوران کیا انہوں نے کہاکہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کا وژن لئے تحریک انصاف منز ل کی جانب گامزن ہیں عام انتخابات کی کامیابی کے بعد نئے پاکستان کی بنیاد رکھی جائے گی ۔
اٹک سٹی:امریکی انتظامیہ افغانستان میں اپنی ناکامیوں کا نزلہ ایک بارپھرپاکستان پر گرانا چاہتی ہے ؛ افتخاراحمد چوہدری
سر براہ پاکستان جسٹس و ڈیموکریٹک پارٹی، سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ امریکی انتظامیہ افغانستان میں اپنی ناکامیوں کا نزلہ ایک بارپھرپاکستان پر گرانا چاہتی ہے ‘امریکہ کو یہ بات سمجھ لینی چاہئے کہ ہم اس کی گیدڑ بھبکیوں میں نہیں آئیں گے ،ان خیا لات کا اظہار انہو ں نے پارٹی کے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔اس موقع پر مر کزی فو کل پر سن شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ ، مر کزی سیکر ٹری اطلاعات فہمیدہ بٹ ، مر کزی رہنما صالح محمد ایڈووکیٹ ، عامر مغل ایڈووکیٹ اور دیگر عہدیداران اور کارکنان بھی مو جود تھے اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے انہو ں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ دھمکی آمیز بیان پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی انتظامیہ افغانستان میں اپنی ناکامیوں کا نزلہ ایک بارپھرپاکستان پر گرانا چاہتی ہے امریکہ افغانستان میں بری طرح پھنس چکا ہے اور اب اپنی عوام کو مطمئن کرنے کے لیے پاکستان پر جھوٹے الزامات لگا رہا ہے پاکستان ایک ایٹمی طاقت اور غیرت مند سپوتوں کا ملک ہے امریکہ کو یہ بات سمجھ لینی چاہئے کہ ہم اس کی گیدڑ بھبکیوں میں نہیں آئیں گے ان کہنا تھا کہ امریکی صدر کی دھمکیاں ثابت کرتی ہیں کہ امریکی انتظامیہ افغان پالیسی پر فرسٹریشن کا شکار ہے اسی لیے وہ پاکستان پر افغانستان میں دہشت گردی کی سپورٹ جیسے الزامات لگا رہی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ دہشت گردی افغانستان سے پاکستان میں ہو رہی ہے ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستانی قوم نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں اور ہزاروں فوجی اور سویلین نے اپنی جانیں قربان کی ہیں ہماری معیشت کو اس جنگ نے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے اس کے باوجود پاکستان پر الزام تراشی سمجھ سے بالا تر ہے، اس خطے میں امن کے لیے پاکستان کا مضبوط ہونا ضروری ہے اور پاکستان کو نظرانداز کرکے خطے میں بھارتی کردار کو بڑھانا امریکی کے لیے کسی طور بہتر نہیں پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کو سپورٹ کیا ہے اور ایک توانا افغانستان خود پاکستان کے لیے بہت ضروری ہے امریکہ کو چاہیے کہ وہ پرانی غلطی پھر نہ دہرائے اور پاکستان کو دھمکیاں دینے سے گریز کرے پاکستان کو اکیلا کرنے کی امریکی پالیسی کے خطرناک نتائج نکل سکتے ہیں انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹرمپ کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی جانی چاہئے اور امریکہ کے ڈومور کے مطالبے کو مسترد کر دینا چاہئے۔
اٹک سٹی:حکومت پنجاب کی طرف سے دینی مدارس کے حوالے سے لایا جانے والا بل مسترد کرتے ہیں ؛ وفاق المدارس اٹک
حکومت پنجاب کی طرف سے دینی مدارس کے حوالے سے لایا جانے والا بل مسترد کرتے ہیں ‘حکومت کی طرف سے دینی مدارس کو کنٹرول کرنے اور ناجائز پابندیاں لگانے کے برے اثرات مرتب ہوں گے اور عوام میں حکومت کے خلاف نفرت میں اضافہ ہو گا۔ جمعیت علمائے اسلام دینی مدارس کا تحفظ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر کرنا اپنا فرض اولین سمجھتی ہے ،حکومت کوئی بھی بل لانے یا دینی مدارس کے حوالے سے قانون بنانے سے پہلے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن اور وفاق المدارس کو اعتماد میں لے آنے والے جنرل الیکشن میں جے یوآئی ضلع بھر سے مضبوط امیدوار میدان میں اُتارے گی ۔ان خیالات کا اظہار ضلعی امیر جے یو آئی مولانا شیر زمان، سرپرست قاضی خالد محمود، مفتی سید امیر زمان حقانی ، قاسم خان وردگ، قاری محمد اقبال، قاری عبدالرؤف، مولانا محمد نعیم، مولانا شہاب الدین، حافظ ہارون الرشید، مولانا ذکریاکلیم اللہ، مولانا سید بادشاہ، مولانا سید بلال بادشاہ، مفتی تاج الدین، مفتی محمد عبداللہ، مولانا محمد انصر، خالد خورشیداورپروانہ واجد علی و دیگر علمائے کرام نے جامعہ اسلامیہ قطبہ موڑ کامرہ کینٹ میں جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کیا ۔اجلاس کی میزبانی اور صدارت مولانا محمد جان نے کی اجلاس میں مولانا قمر الاسلام، مولانا ضیاء المحسن ، حافظ محمد زبیر، مولانا نثار احمد، قاری محمد طیب، شاہدملک، عبدالوحید صدیقی، علی رحمان ، قاری فخرالدین راضی سمیت کثیر تعداد میں علمائے کرام نے شرکت کی اجلاس میں ضلع بھر سے ڈیڑھ سو کے قریب علمائے کرام نے شرکت کی علمائے کرام نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام ملک بھر میں پر امن آئین اور قانون کے مطابق نفاذ اسلام کی جدوجہد میں مصروف عمل ہے جمعیت کسی بھی دور میں اپنے احداف سے پیچھے نہیں ہٹی ہمارا جینا مرنا اسی جماعت کے ساتھ ہے اجلاس میں تحصیل امراء اور دیگر عہدیداروں نے مختلف تجاویز پیش کیں اجلاس میں ضلع اٹک میں جے یو آئی کے زیر اہتمام ایک بڑی کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا جس کا اعلان مرکزی قائدین سے وقت لے کر کیا جائے گا، اجلاس میں ملکی سلامتی کے لیے دعاکرائی گئی ۔
اٹک سٹی:کمیٹی برائے داد رسی نابینا افراد ضلع اٹک کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا
کمیٹی برائے داد رسی نابینا افراد ضلع اٹک کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہواجس میں فوکل پرسن نابینا افراد محمد نیاز ، محمد سہیل ، ڈپٹی کمشنر رانا اکبر حیات ،ڈی ڈی سوشل ویلفیئر ، سی او ایجوکیشن کے علاوہ دیگر اراکین بھی موجود تھے اجلا س میں محمد نیاز نے نابینا افراد کے مسائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ نابینا افراد کو مزید بے روزگاری سے بچا کر ان کو فعال شہری بنانے میں ہماری مدد فرمائیں جس پر ڈپٹی کمشنر نے پندرہ نابینا افراد کومحکمہ سپیشل ایجوکیشن اور جنرل ایجوکیشن میں اجرتی ملازم رکھنے کی سفارشات دیں اور سیکرٹری آر ٹی سے کہا گیا کہ وہ فوکل پرسن نابینا افراد سے گاڑیوں کے کرایہ جات کم کرنے کے لیے ایک اجلاس بلایا جائے، محکمہ تعلیم کو ہدایت جاری کی گئی کہ خالی آسامیوں کی تفصیل جلد از جلد محکمہ سوشل ویلفیئر کو فراہم کی جائیں ،تمام محکمہ جات کے سربراہان نابینا افراد کے ساتھ نرم گوشہ اور خوش اخلاقی کا مظاہر کریں اس موقع پر محمد نیازنے ڈی سی رانا اکبر حیات ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اور دیگر ممبران کا شکریہ ادا کیا کہ وہ ہماری رہنمائی کرتے ہیں۔
گاؤں فورملی:علاقہ چھچھ کی عوام کو ملک امین اسلم جیسے ایماندار ،مخلص ،محب وطن ،اعلیٰ تعلیم یافتہ لیڈر پر فخر ہے؛افضل خان لالہ
ملک امین اسلم تحصیل حضرو کا ہونہار اور قابل فخر بیٹا ہے ،حضرو کی عوام کو ملک امین اسلم جیسے ایماندار ،مخلص ،محب وطن ،اعلیٰ تعلیم یافتہ لیڈر پر فخر ہے ،کے پی کے میں گرین گروتھ پروگرام کے تحت ایک بلین ٹری کاکامیاب منصوبہ تحصیل حضرو کے اس بہادر کے بیٹے کا اعزاز ہے، ان خیالات کا اظہارافضل خان لالہ آف فورملی مقیم لندن نے یاسرامین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ آئی سی یو این میں ملک امین اسلم کا دوسری مرتبہ بلامقابلہ نائب صد ر منتخب ہو نااس بات کی دلیل ہے کہ ملک امین اسلم اپنے علاقے کا نہیں بلکہ عالمی سطح کے رہنما ہیں وہ دنیا بھر میں پا کستان کا نام روشن کر رہے ہیں ،کے پی کے بلین ٹری سونامی کی بدولت بین الاقوامی سطح پر ماحولیات کے شعبے میں 45ممالک اور صوبوں میں پہلے نمبر پر آگیا ہے ،کے پی کے کو سر سبز وشاداب بنانے کا کریڈ ٹ بھی ملک امین اسلم کو جاتا ہے ،تحصیل حضرو کی غیور عوام کو چایئے کہ آئندہ عام انتخابات میں ملک امین اسلم جیسے قابل فخر بیٹے کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں، تحریک انصاف اس وقت ملک کی سب سے بڑی اور مقبول ترین جماعت بن کر سامنے آگئی ہے ‘ہم عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے پاکستان کے سب سے بڑے چور کو عدالت کے کٹہرے میں لا کر نا اہل قرار دلوایا ۔
اٹک سٹی:پٹواریوں کا اپنے حقوق کے حصول کے لئے احتجاج ،ضلع بھر کے پٹواریوں کی انجمن پٹواریان اور گرداوران نے احتجاجی ریلی نکالی
پٹواریوں کا اپنے حقوق کے حصول کے لئے احتجاج ،ضلع بھر کے پٹواریوں کی انجمن پٹواریان اور گرداوران نے ایک احتجاجی ریلی نکالی جو کہ ضلع کونسل ہال سے شروع ہوکر کچہری چوک اٹک پر اختتام پذیر ہوئی، جس میں ضلع بھر کے تمام پٹواریان اور گرداوران نے شرکت کی جس میں انہوں نے اپنے حقوق نہ ملنے پر حکومت پنجاب کو شدید تنقید کا نشانہ بنایاریلی سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر انجمن پٹواریان نے کہا کہ ہم اپنے حقوق کے حصول کیلئے کسی بھی فورم تک جانے سے گریز نہیں کریں گے گزشتہ دو ماہ سے جاری احتجاج پر حکومت پنجاب نے اپنے جاری نوٹیفیکیشن 2015 پر عمل درآمد نہ کیا تو یہ احتجاج جاری رہے گاہمارا اس احتجاج سے کوئی نقصان نہیں ہوا اس سے صرف اور صرف زمینداروں کا نقصان ہوگاہمیں گریڈ 9سے گریڈ11میں ترقی دی جائیں، پٹواریوں کے دفاتر آج تک نجی عمارتوں میں موجود ہیں ہمیں سرکاری دفاترمہیا کئے جائیں احتجاجی پٹواریوں اور گر داوروں نے احتجاج کے دوران پنجاب حکو مت سمیت سابق وزیر اعظم اور ا ن کے خا ندان کے خلاف بھی نعرہ بازی کی ۔
اٹک سٹی:میونسپل کمیٹی اٹک کا اجلاس زیر صدارت وائس چیئرمین بلدیہ ملک طاہر اعوان منعقد ہوا
میونسپل کمیٹی اٹک کا اجلاس زیر صدارت وائس چیئرمین بلدیہ ملک طاہر اعوان منعقد ہوا ،اجلاس میں چیئرمین ناصر محمود شیخ اور کونسلران نے شرکت کی اجلاس میں مختلف قراردادیں او ر کونسلرز کی طرف سے دی جانے والی ترقیاتی سکیمیں منظور کی گئیں ،اجلاس سے چیئرمین شیخ ناصر محمود ، شیخ غلام صمدانی، راناافسر علی خان، حاجی محمدا کرم خان، شیخ نثار احمد، نوید خٹک، شیخ ظہور الٰہی ، حاجی اسلم اعوان، شیخ محمد عارف، ملک شاہنواز عرف شانی، ملک جاوید اخترنے اظہار خیال کیا اور شہر میں صحت و صفائی ، تجاوزات ، سٹریٹ لائٹس، گلیوں اور نالیوں کی ٹو ٹ پھوٹ سمیت دیگر مسائل پیش کیے اجلاس سے خطاب میں چیئرمین بلدیہ ناصر محمود شیخ نے کہا کہ میں اپنے تمام کونسلر ز اور بلدیہ اٹک کے سٹا ف سمیت صحافیوں کا بھی مشکور ہوں جن کے تعاون سے ہم نے پہلی مرتبہ بلدیہ اٹک میں جشن آزادی کے پروگرام شایان و شان طریقے سے منائے اور 7اگست سے 14اگست تک یوم آزادی کے حوالے سے مختلف پروگرام جاری رہے اٹک کی تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ ان پروگرامات کے انعقاد پر ہمیں دلی خوشی ہوئی ہے کہ ہم نے پاکستان کے حوالے سے یوم آزادی پر پورا ایک ہفتہ روزانہ تقاریب منعقد کیں اس میں میرے بڑے بھائی وائس چیئرمین ملک طاہر اعوان سمیت اپوزیشن اور حکومتی کونسلرز کا مکمل تعاون رہا ان تقاریب کی کامیابی پر میں پورے ہاؤس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں شیخ ناصر محمود نے کونسلر ز بلدیہ سٹاف اور صحافیوں کے لیے ان پروگراموں کی کامیابی پر تالیاں بجوائیں شیخ ناصر محمود نے کہا کہ عوام نے ہمیں خدمت کے لیے منتخب کیا ہے اس ہاؤس میں تمام ممبران کونسلرز میرے لیے قابل احترام ہیں ہم ایک گھر کی مانند عوامی مسائل کے حل کے لیے باہم اتفاق اور اتحاد سے آگے بڑھ رہے ہیں اجلاس کے اختتام پر چیئرمین بلدیہ اٹک ناصر محمود شیخ کی طرف سے کونسلرز ، صحافیوں اور بلدیہ سٹاف کو پر تکلف ظہرانہ دیا گیا جبکہ مختلف اقسام کا فروٹ کونسلر بلدیہ و رہنما میجر گروپ حاجی محمدا کرم خان کی طرف سے پیش کیا گیا ۔
اٹک سٹی:26اگست کو ضلع اٹک سے پیپلز پارٹی کے بانی ارکان سے عقیدت رکھنے والے بلاول بھٹو کی جھلک دیکھنے فتح جنگ جائیں گے
26اگست کو ضلع اٹک سے پیپلز پارٹی کے بانی ارکان اور بھٹو شہید و بی بی شہید سے عقیدت رکھنے والے بلاول بھٹو کی ایک جھلک دیکھنے فتح جنگ جائیں گے ،بلاول بھٹو پارٹی کو بے نظیر شہید اور ذوالفقارعلی بھٹوکے ویژن پر آگے بڑھا رہے ہیں ‘انہیں دن بدن عوام میں پذیرائی مل رہی ہے ۔پیپلز پارٹی کے پرانے جیالے اور بانی اراکین جو ایک عرصہ سے پارٹی سے الگ ہو گئے تھے وہ بھی بھٹو کے نواسے کو دیکھنے اور اُن کا خطاب سننے فتح جنگ پہنچیں گے ،ان خیالات کا اظہار بانی رکن پاکستان پیپلز پارٹی و معروف قانون دان محمد اشفاق احمد ایڈووکیٹ ہائی کورٹ نے ہمارے نمائندہ سے بات چیت میں کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کے دورہ اٹک سے پیپلز پارٹی میں جان پڑ گئی ہے اور اُن کے کامیاب جلسہ سے ایک بار پھر پیپلز پارٹی ضلع بھر میں اپنی شناخت قائم رکھنے میں کامیاب ہوجائے گی محمد اشفاق نے مزید کہا کہ پی پی پی کے پرانے جیالے اور بانی اراکین جو اب ساٹھ ستر کے پیٹے میں ہیں اور ایک عرصہ سے پارٹی سے الگ ہیں وہ بھی بلاول بھٹو کے نام پر فتح جنگ جارہے ہیں اپنے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کی بنیادوں میں ہمارا خون اور قربانیاں شامل ہیں مگر پارٹی پالیسیوں سے اختلاف پر ایک عرصہ سے الگ ہو چکے ہیں مگر اُس کے باوجود ذوالفقار علی بھٹو شہید کے نواسے اور بی بی بے نظیر کے بیٹے بلاول بھٹو کی ایک جھلک دیکھنے اور اُس کا خطاب سننے میرے جیسے سینکڑوں ایسے کارکنا ن بھی 26تاریخ کو فتح جنگ جائیں گے انہوں نے کہا کہ اگر یہ جلسہ اٹک شہر میں ہوتا تو اس کے سٹی اور تحصیل لیول پر بہتر اثرات مرتب ہوتے۔
اٹک سٹی: 26اگست کو فتح جنگ کے مقام پر بلاول بھٹو زرداری جلسہ عام سے خطاب کریں گے ، پولیس نے بینرز اُتاروا کر تھانہ پہنچا دئیے
26اگست کو فتح جنگ کے مقام پر بلاول بھٹو زرداری جلسہ عام سے خطاب کریں گے ‘اس جلسہ کی تشہیری مہم ضلع بھر میں عروج پر ہے تا ہم اٹک شہر میں لگے بینر ز پولیس کے ذریعے اتار دئیے گئے اور بینر تھانہ میں پہنچا دیئے گئے ہیں ‘بینر ز اتار نے کے دوران پی پی پی کے مقامی رہنما اور جیا لے بھی فوارہ چوک جہا ں یہ بینر ز اتار ے جا رہے تھے ‘پہنچ گئے انہوں نے اس پر احتجاج کیا کہ ہمارے بینر کیوں اتارے جا رہے ہیں اس پر پو لیس اہلکاروں نے کہا کہ وہ تھانہ آ جائیں وہاں آپ کو تمام معلو مات فراہم کر دی جا ئیں گی کہ بینر ز کیوں اتارے ہیں ۔اس موقع پر داؤد غیور ، خان افسر ودیگر پی پی پی کے جیالوں نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ وفا قی وزیر شیخ آفتاب احمد اور مسلم لیگ( ن) کے دیگر رہنما ؤں کے بینر زفوارہ چوک سمیت مختلف مقا ما ت پرسر کاری اور بلدیہ کے ملاز مین خود لگاتے رہے اور 14اگست کے حوا لے سے سر کاری وسا ئل کا بے دریغ استعمال ہوا تا ہم ہمارے بینر ز پو لیس اہلکاروں کے ذریعے اتارنا زیادتی کے مترادف ہے ،ضلعی انتظامیہ اور دیگر سرکاری ادارے مسلم لیگ (ن) کے اعلیٰ کار بنے ہو ئے ہیں اس موقع پر اپنا نا م نہ ظا ہر کر تے ہوئے بعض سرکاری اہلکاروں نے بتا یا کہ ہمیں او پر سے حکم ہے اور ہم مجبور ہیں ۔
اٹک سٹی:عیدالاضحٰی کے دوران عوام کو قربانی کی جانوروں کی محفوظ خریداری فراہم کرنے کے لیے ڈی سی آفس اٹک میں اجلاس منعقد ہوا
عیدالاضحٰی کے دوران عوام کو قربانی کی جانوروں کی محفوظ خریداری اور کانگو وائرس سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے ڈی سی آفس اٹک میں اجلاس منعقد ہوا ،ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات نے اجلاس کی صدارت کی اجلاس میں ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز، چیف افسران اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ ضلع اٹک میں قائم مویشی منڈیوں میں روزانہ کی بنیاد پر سپرے کریں اور وہ تمام حفاظتی اقدامات بروئے کار لائیں جن کی ہدایات حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ہیں انہوں نے عوام الناس کو ہدایت کی کہ وہ پوری آستینوں کے لباس استعمال کریں موزے پہنیں اور خریداری کے وقت پاؤں میں محفوظ جوتے کا استعمال کریں کانگو وائرس سے بچاؤ کیلئے ویٹرنری عملہ اور محکمہ لائیوسٹاک کا عملہ مویشی منڈیوں میں جانوروں پر سپرے کرے گا مزید برآں محکمہ ہیلتھ کی ٹیمیں بھی مویشی منڈیوں میں موجود ہوں گی۔
اٹک سٹی:کسانوں کوپھلوں کی فصلات کو فروٹ فلائی سے ہونیوالے نقصانات کے تدارک کے لیے محکمہ زراعت نے سیمینار کا انعقاد کیا
حکومت پنجاب کی جانب سے کسانوں کوپھلوں کی فصلات کو فروٹ فلائی سے ہونے والے نقصانات کے تدارک سے محفوظ رکھنے کے لیے محکمہ زراعت توسیع اٹک میں ایک ورکشاپ اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا،ورکشاپ میں معززین علاقہ ، متعلقہ افسران اور کسانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر توسیع اٹک ڈاکٹر محمد اقبال نے کسانوں کو بتایا کہ گزشتہ سال امرود اور ترشاوہ پھلوں کے علاوہ آم کی فصل پر کیڑے مار ادویات کے سپرے کی وجہ سے بین الاقوامی قوانین کے تحت بیرون ممالک ان پھلوں کو برآمد نہیں کیا جاسکا ۔انہوں نے کسانوں کو آگاہ کیا کہ پھلوں کو نقصان پہنچانے والی مکھی کے انسداد کے لیے کیمیائی طریقہ کار کی بجائے روایتی طریقے استعمال کیے جائیں انہوں نے ہدایت کی کہ پھل کی نر مکھی کے تدارک کے لیے میتھائل یوجینائل کے جنسی پھندے لگائے جائیں اور اس طریق کار کی بدولت پھلوں کی قیمتی فصلات کو نقصان دہ کیڑوں سے محفوظ رکھا جاسکتا ہے ،بعد ازاں کسانوں کو آگاہی فراہم کرنے کے لیے واک کا انعقاد بھی کیا گیا۔
اٹک سٹی:پنجاب میڈیکل کالج کے داخلہ ٹیسٹ نے پنجاب کے بچوں کا مستقبل تاریک کر دیا ؛رپورٹ
پنجاب میڈیکل کالج کے داخلہ ٹیسٹ نے پنجاب کے بچوں کا مستقبل تاریک کر دیا ‘امتحان کی تاریخ میں سخت پیپر بنایا گیا،ایسے سوالات دیئے گئے جو کسی بھی صورت ڈیڑھ گھنٹہ میں حل طلب نہیں تھے،وزیر اعلی پنجاب اس بات کا از خود نوٹس لیں ،والدین کا میڈیا سے گفتگو، بچوں کے والدین نے کہا کہ لائق طلباء و طالبات جن کے نمبر 1037ہونے کے باوجود بھی وہ 60فیصد سے زائد نمبر حاصل نہیں کر سکے انہوں نے کہا کہ ان بچوں کا دوبارہ امتحان لیا جائے اور لاہور میں جو امتحانی پرچے آؤٹ ہوئے ہیں ان کی انکوائری کرائی جائے،والدین نے بتایا کہ فی پرچہ 50ہزار روپے میں فروخت ہوا،وزیر اعلی پنجاب اس بات کا ازخود نوٹس لیں نہیں تو اس ظلم کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کرینگے۔
ضلع اٹک میں شدید گر می کے بعد مو سلا دھار بارش ندی نا لے اُبل پڑے ‘گر می کا زور کم ہو گیا
ضلع اٹک میں شدید گر می کے بعد مو سلا دھار بارش ندی نا لے اُبل پڑے ‘گر می کا زور کم ہو گیا ،شہریوں نے بار ش ہو نے پر بار ش لطف اندوز ہو نے کا بھر پور مزا اٹھا یا بچے اور جوان بارش ہو نے پر اپنے گھروں کی چھتوں اور گلی محلوں میں نکل آئے اور مسلسل گر می سے تنگ آنے کے سبب بار ش سے صحیح انداز میں لطف اندوز ہو ئے ۔ہفتہ کے روز صبح سے اٹک میں بجلی کی آنکھ مچو لی جاری تھی بجلی کے بار بار آنے جا نے کے سبب کئی گھروں میں الیکٹرونکس کی قیمتی چیزیں خراب ہو گئی خواتین بجلی کی اشیاء خراب ہو نے پر حکو مت کو بد دعائیں دیتی اور کو ستی رہیں ۔
اٹک سٹی:ادبی مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے طلباو طالبات میں تقسیم انعامات کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیاگیا
وزیر اعلیٰ پنجاب ادبی مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباو طالبات میں تقسیم انعامات کے سلسلے میں گورنمنٹ پائلٹ سکینڈری سکول اٹک میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد تھے ضلعی سینئر نا ئب صدر مسلم لیگ (ن) محمد سلیم شہزاد ، چیئرمین بلدیہ اٹک ناصر محمودشیخ ، وائس چیئر مین ملک طاہر اعوان، سی ای او ایجوکیشن عبدالشکور انجم، پرنسپل گورنمنٹ پائلٹ سکینڈری سکول آصف محمود صدیقی بھی اس موقع پر موجود تھے شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے پڑھے لکھے پنجاب کے وژن کے تحت صوبہ بھر کے ہونہار طلباوطالبات کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ادبی مقابلوں کا انعقاد عمل میں لایا گیا ان مقابلوں سے طلباوطالبات کے صلاحیتوں کے نکھار میں نمایاں مدد ملی ہے نوجوان اس ملک سرمایہ ہیں اور انہوں نے ہی آگے چل کر اس ملک کی باگ ڈور سنبھا لنی ہے نوجوانوں کو حصول تعلیم کے لیے جتنے وسائل موجودہ حکومت نے فراہم کیے ہیں ان کی مثال ملکی تاریخ میں ملنا مشکل ہے ملک میں تعلیم کو عام کرنے کے لیے ضلعی سطح پر کالجز اور یونیورسٹیوں کا قیام عمل میں لایا گیا سرکاری تعلیمی اداروں میں کمپیوٹر کی تعلیم کی فراہمی کے لیے اربوں روپے کی لاگت سے کمپیوٹر لیبز قائم کی گئیں ان لیبز میں کمپیوٹر کی تعلیم فراہم کرنے کے لیے اساتذہ کی بھرتی عمل میں لائی گئی نوجوان طلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے اربوں روپے کے تعلمی وظائف مختص کیے گئے تاکہ وہ اعلیٰ تعلیم کا بلا رکاوٹ حاصل کرسکیں سرکاری سکولوں کی اپ گریڈیشن، فرنیچر کی فراہمی ، اضافی کلاس رومز کی تعمیر، ناکافی سہولیات کی دستیابی ،سکولوں میں خالی پوسٹوں پر اساتذہ کی تعیناتی اور جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کروانے کے لیے ٹاپ کرنے والے سٹوڈنٹس میں لیپ ٹاپس کی تقسیم موجودہ حکومت کے وہ شاندار کارنامے ہیں جو ملکی تاریخ میں سنہر ے حروف سے لکھے جائیں گے اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب ادبی مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات میں اسناد اور انعامات تقسیم کی گئیں۔
No comments:
Post a Comment