Sunday, February 10, 2019

News from Hazro City, Chhachh Valley and District Attock, Updated from Hong Kong.

News from Hazro City, Chhachh Valley and District Attock, Updated from Hong Kong.

                              


اٹک سٹی:ضلع بھر سے جرائم کا خاتمہ کر کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے ،کمیونٹی واچ سسٹم بھی متعارف کرا رہے ہیں؛ ڈی پی او 
ضلع بھر سے جرائم کا خاتمہ کر کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے ،کمیونٹی واچ سسٹم بھی متعارف کرا رہے ہیں‘ کریمینل واچ ونگ بنا کر ضلع بھر کے جرائم پیشہ افراد کی مانیٹرنگ کی جائے گی ۔ان خیالات کا اظہار ڈی پی او سید شہزاد ندیم بخاری نے ڈی پی او آفس میں ہفتہ وار کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں اٹک پولیس کے افسران اور عملہ کے علاوہ شہریوں و درخواست دینے والوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ شہریوں نے پولیس کے ناروا سلوک سے متعلقہ مسائل بھی اجاگر کیے ، ڈی پی او نے لوگوں کی شکایات سن کر بعض پر موقع پر احکامات جاری کیے اور بعض درخواستیں انکوائری کیلئے بھجوا دیں انہوں نے مختلف شکایات کے نتیجہ میں مسائل کے تدارک کی یقین دہانی کراتے ہوئے ضلعی صدر مقام اٹک میں بے ہنگم ٹریفک پر خصوصی احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام تحصیلوں میں ہر جمعہ کھلی کچہری کا انعقاد کیا جائے گا ،وہ رات اڑھائی بجے تک خود گشت کرتے ہیں جس کے سبب ضلع بھر کی پولیس گشت میں کوتاہی سے اجتناب کرتی ہے عوام کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے جرائم پیشہ افراد کیلئے کسی قسم کی کوئی گنجائش نہیں جرائم کے خاتمہ تک میں اور میری ٹیم چین سے نہیں بیٹھیں گے عوام کے لیے ایمرجنسی کی صورت میں اتوار کے دن بھی اسٹیشن پر موجود رہوں گا غریب اور مستحق افراد کو انصاف ان کی دہلیز پر ملے گا اٹک کو جرائم سے پاک مثالی ضلع بنائیں گے ۔ 

اٹک سٹی:پٹرول پمپس، سی این جی سٹیشن، پلازے، اونچی عمارات، ایل پی گیس دوکانداروں کوآگ بجھانے کے آلات نہ رکھنے پر وارننگ
محکمہ سول ڈیفنس کا مختلف پٹرول پمپس، سی این جی سٹیشن، پلازے، اونچی عمارات، ایل پی گیس دوکانداروں کوآگ بجھانے کے آلات نہ رکھنے پر وارننگ، سات دن کے اندر آلات کی تنصیب کی ہدایت، عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں کاروائی عمل لاء جائے گی اور سول ڈیفنس ایکٹ 1951کے تحت مقدمات درج ہونے کے ساتھ ساتھ بھاری جرمانے اور چھ ماہ تک قیدکی سزا بھی سنائی جاسکتی ہے محکمہ سول ڈیفنس کا مختلف پٹرول پمپس، سی این جی سٹیشن۔ پلازے، اونچی عمارات، ایل پی گیس دوکانداروں کوآگ بجھانے کے آلات نہ رکھنے پر وارننگ، سات دن کے اندر آلات کی تنصیب کی ہدایت، عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں کاروائی عمل لاء جائے گی اور سول ڈیفنس ایکٹ 1951کے تحت مقدمات درج ہونے کے ساتھ ساتھ بھاری جرمانے اور چھ ماہ تک قیدکی سزا بھی سنائی جاسکتی ہے۔

ضلع اٹک:قصابوں کی من مانیاں عروج پر ،نرخوں میں از خود اضافہ کر کے بکرے کا گوشت 900 روپے تا 1000فی کلودستیاب ہونے لگا 
قصابوں کی من مانیاں عروج پر ،قصابوں نے گوشت کے نرخوں میں از خود اضافہ کر کے بکرے کا گوشت 900 روپے تا ایک ہزار روپے فی کلو ، گائے کا گوشت 400 روپے تا 450 روپے فی کلو ، گائے کا قیمہ 500 روپے فی کلو فروخت کر کے عوام کی چمڑی ادھیڑ رہے ہیں ،انتظامیہ کی ریٹ لسٹ کو ردی کی نظر کر دیا گیا ، انتظامیہ خاموش تماشائی بن گئی ، ویٹر نری ڈاکٹرز کو دفتروں سے باہر آکر قصابوں کو چیک کرنے کا کوئی وقت نہ ہے ،ویٹر نری ڈاکٹرز چیکنگ کرنے کیلئے بازار آنے کی زحمت ہی گوارہ نہیں کرتے ہیں اور نہ ہی پرائس ریٹس کنٹرول مجسٹریٹ نے قصابوں سے پوچھ گچھ کی ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کی پرائس لسٹ کے مطابق بکرے کے گوشت کی قیمت 600روپے فی کلو اور گائے کے گوشت کی قیمت250روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے حکومت کی بنائی گئی پرائس ریٹ لسٹ پر شہریوں کو گوشت مہیا نہیں کیا جاتا اگر کوئی ریٹ لسٹ کا مطالبہ کرتا ہے تو اس حیلے بہانے بنا کر گوشت مہیا نہیں کیا جاتا بلکہ توں تکرار بھی ہو جاتی ہے اکثر قصابوں نے سرکاری ذبح خانوں کے علاوہ اپنے گھروں اور دکانوں کے اندر ہی ذبح خانے بنا رکھے ہیں جن میں بیمار اور مادہ جانوروں کو ذبح کیا جاتا ہے ان جانوروں پر بلدیہ کا ٹھیکیدار فی جانور 50 روپے وصول کر کے مہریں لگا دیتا ہے اوروہی مضر صحت جانوروں کا گوشت عوام کو مہنگے داموں فروخت کیا جاتا ہے ،سماجی و فلاحی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ اپنا سرپرستانہ کردار ادا کرتے ہوئے گوشت کا معیار اور سرکاری پرائس کنٹرول لسٹ پر عملدرآمد نہ کرانے والے افسران سے پوچھ گچھ کی جائے اور انہیں ہدایات دی جائیں کہ عوام کو معیاری گوشت پرائس کنٹرول لسٹ کے مطابق مہیا کرنے کا قصابوں کو پابند کیا جائے ۔ 

اٹک سٹی:ضلع کونسل کے ترقیاتی فنڈ میں تحصیل پنڈی گھیب کی پانچ یونین کونسلز مسلسل نظر انداز ؛رپورٹ
ضلع کونسل کے ترقیاتی فنڈ میں تحصیل پنڈی گھیب کی پانچ یونین کونسلز مسلسل نظر انداز ‘جب سے حلف اُٹھایا ہے ہماری یونین کونسلوں میں تعمیرو ترقی کے حوالے سے ضلع کونسل اٹک کی طرف سے ہمیں ایک پائی فنڈ بھی مہیا نہیں کیا گیا ہے، ہم عوام کی ووٹوں سے منتخب ہو کر آئے ہیں۔ ضلع کونسل اٹک کی طرف سے ہمارے علاقوں کو نظر انداز کرنا عوام کا استحصال ہے ،ان خیالا ت کا اظہار تحصیل پنڈی گھیب کی پانچ یونین کونسلوں کے چیئر مین حضرات چیئرمین یونین کونسل کھوڑ ملک امیر محمد خان ،چیئرمین یونین کونسل احمدال قاضی افضال حسین ، چیئرمین یونین کونسل اخلاص ممتاز علی بھٹی ، چیئرمین یونین کونسل دندی محمد علی اور چیئرمین یونین کونسل میر ا شریف ملک محمد عاطف نے ضلع کونسل اجلاس میں شرکت کے بعد پریس کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ہے ۔مذکور ہ یونین کونسلز کے چیئرمین نے بتایا کہ وہ جب سے چیئرمین یونین کونسل منتخب ہو ئے ہیں دو سال سے اوپر کا عرصہ ہو چکا ہے‘ ہمیں آج تک ایک روپے کا فنڈ ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے ضلع کونسل کی طرف سے نہیں دیا گیا ہے ان پانچ یونین کونسلوں کے ساتھ ضلع کونسل اٹک سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہی ہے جو کہ منتخب نمائندوں کے ساتھ زیادتی اور عوام کا استحصال کرنے کے مترادف ہے ان چیئرمینوں نے فوری طور پر پانچ یونین کونسلوں کودیگر یونین کونسلوں کی طرح فنڈز مہیا کرنے اور مذکورہ یونین کونسلوں کی ترقیاتی سکیمیں منظور کر کے برابری کی سطح پر فنڈ مہیا کرنے کا مطالبہ کیا ہے ان چیئرمینوں نے کہا کہ عوام نے ہمیں علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے منتخب کیا ہے مگر ہم ضلع کونسل کی طرف سے ترقیاتی فنڈ نہ ملنے پر کوئی خدمت انجام نہیں دے سکیں ہیں عوام کو بھی بخوبی پتہ ہے کہ ا ن یونین کونسلوں کو کیوں محروم رکھا جا رہا ہے اگر یہی صورتحال رہی اور یہ سلوک بند نہ ہو ا تو شدید احتجاج پر مجبور ہوں گے ۔

اٹک سٹی:تھانہ اٹک سٹی میں موٹر سائیکل چوری کی 2 انوکھی وارداتیں ، چور موٹر سائیکل ایک جگہ سے چرا کر دوسری جگہ کھڑے کر گئے
تھانہ اٹک سٹی میں موٹر سائیکل چوری کی 2 انوکھی وارداتیں ، چور موٹر سائیکل ایک جگہ سے چرا کر دوسری جگہ کھڑے کر گئے ، ڈی پی او سید شہزاد ندیم بخاری کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ اٹک سٹی ثاقب عباسی کی نگرانی میں اے ایس آئی محمد سجاد اور ان کے ہمراہ کانسٹیبلان وسیم خٹک ، محمد آصف ، محمد عدنان اور محمد عمران نے 2 گھنٹوں میں دونوں موٹر سائیکل دوسری جگہ سے برآمد کر لیے ، پہلا موٹر سائیکل ملک قیصر ولد ملک دوست محمد خان ساکن محلہ محمد نگر نے جے ایس بینک کے سامنے کھڑا کیا واپس آیا تو موٹر سائیکل غائب تھا جو انہوں نے فنکا بینک کے سامنے سے برآمد کر لیا ، دوسرا اپلائیڈ فار موٹر سائیکل ابرار حسین شاہ ولد سجاد حسین شاہ ساکن چونگی نمبر 7 ماڑی موڑ کا موٹر سائیکل چوری ہوا جو جے ایس بینک کے قریب سے برآمد ہوا ،دونوں افراد نے پولیس کی فرض شناسی اور فوری کاروائی کر کے ان کے چوری شدہ موٹر سائیکل بازیاب کرانے پر اٹک پولیس کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ 

اٹک سٹی:ضلع اٹک کے تمام شادی ہالز کو ون ڈش کی پابندی کرنے اور شادی ہال رات 10 بجے تک بند کر نے کا حکم دے دیاگیا
حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کر دہ پنجاب میرج فنکشن ایکٹ مجریہ 2016 ء کے تحت ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ خان نیازی نے ضلع اٹک کے تمام شادی ہالز کو ون ڈش کی پابندی کرنے اور شادی ہال رات 10 بجے تک بند کر نے کا حکم دیا ہے ،خلاف ورزی کر نے والے شادی ہالز کے خلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔حکم نامہ کے تحت دو لہا اور اس کے والد کو حراست میں لے کر ان کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا جائے گا ۔ 

اٹک سٹی:ضلعی اوور سیز کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا،ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ خان نیازی نے اجلاس کی 
ضلعی اوور سیز کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا،ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ خان نیازی نے اجلاس کی ۔صدارت کی اجلاس میں ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز ، پولیس اور دیگر افسران نے شر کت کی اجلاس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس بات کے عزم کا اظہار کیا گیا کہ ان شکایات کو ترجیح بنیادوں پر دور کیا جائے گا اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت میں اہم حیثیت رکھتے ہیں اور ملکی معیشت کو استحکام دینے کیلئے انہوں نے گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں اس لیے ہمارا فر ض ہے کہ اندورن ملک ان کی شکایات کو دور کر نے کیلئے بھر پور اقدامات کیے جائیں انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ تمام شکایات کا جائزہ لے کر انہیں حل کر نے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر یں ۔ 

اٹک سٹی:اسسٹنٹ کمشنر حرا رضون نے غیر قانونی پیٹرولیم ایجنسیوں کے خلاف آپریشن کیا 
اسسٹنٹ کمشنر حرا رضون نے غیر قانونی پیٹرولیم ایجنسیوں کے خلاف آپریشن کیا ،اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈی او سول ڈیفنس عقیل عالم خٹک بھی موجود تھے ۔آپریشن کے دوران 2 ایجنسیوں پر 60 ہزار روپے جرمانہ اور ایک ایجنسی کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی گئی اس موقع پر بات چیت کر تے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر حرا رضون نے کہا کہ یہ آپریشن غیر قانونی پیٹرولیم ایجنسیوں کے خلاف کیا جارہا ہے اور اپنے مکمل انجام تک جاری رہے گا ۔ 

ضلع اٹک:راولپنڈی کے رہائشی تنویر مسیح نے دربار عالیہ خودہ شریف کے سجادہ نشین پیر سید کرامت حسین شاہ کے ہاتھ پر اسلام قبول کر لیا 
راولپنڈی کے رہائشی تنویر مسیح نے دربار عالیہ خودہ شریف کے سجادہ نشین پیر سید کرامت حسین شاہ کے ہاتھ پر اسلام قبول کر لیا ہے ‘نیا نام غلام رسول رکھا گیا ۔تفصیلا ت کے مطابق کھنہ پل راولپنڈی الشرکت اینڈ کو میں تنویر بطور الیکٹریشن کام کرتا ہے اس کے دل میں اسلام قبول کرنے کی خواہش پیدا ہوئی وہ اپنے دوست کے ساتھ سجادہ نشین دربار عالیہ خودہ شریف پیر سید کرامت حسین شاہ کی خدمت میں حاضر ہوئے وہاں پر اسلام سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے بعد پیر کرامت حسین شاہ کے ہاتھ پر اسلام قبول کرلیا ۔اس موقع پر وہاں مدیرین اور عقیدت مندوں کی کثیر تعداد موجود تھی تنویر مسیح کا اسلامی نام غلام رسول رکھا گیا ،لوگوں نے غلام رسول کو اسلام قبول کرنے پر مبارکباد دی غلام رسول نے کہا کہ میں نے اپنی خوشی سے اسلام قبول کیا ہے جس کی مجھے بہت خوشی ہے میری کوشش ہے کہ میں اپنی فیملی کے دیگر افراد کو بھی اسلام کی دعوت دوں اور انہیں بھی کلمہ شریف پڑھا کر اسلام کی دولت سے مالا مال کروں ،پیر کرامت حسین شاہ نے تمام مدیرین اور عالم اسلام کے لیے دعا کی۔

دورداد(اٹک):سگریٹ بستر پر گرنے سے سلگنے والی آگ سے کمرے میں دھواں بھر جانے کے باعث پولیس کانسٹیبل جاں بحق
سگریٹ بستر پر گرنے سے سلگنے والی آگ سے کمرے میں دھواں بھر جانے کے باعث پولیس کانسٹیبل جاں بحق، تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس اٹک میں کانسٹیبل توقیر نوازش جو کہ نواحی گاوں دوردداد کا رہائشی تھا اور گاوں میں اپنی بیٹھک میں رات کو سویا ‘سگریٹ پینے کے بعد بے احتیاطی سے بستر پر گر گیا جس سے آگ سلگ پڑی اور کمرہ دھواں سے بھر گیا جس کے باعث نوجوان کی موت واقع ہو گئی ۔صبح گھر والوں نے اٹھانے کے لئے دروازہ کھٹکھٹایا مگر کوئی جواب نہ آنے پر کھڑکی توڑ کر دیکھا تو کمرے میں دھواں بھرا ہوا تھا جبکہ توقیر نوازش کی موت واقع ہو چکی تھی اور بستر وغیرہ جلے ہوئے تھے پولیس کانسٹیبل کی جھلس اور دم گھٹنے سے مرنے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او صدر عاطف موقع پر پہنچ گیا ،نعش پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی گئی بعد ازاں آبائی گاوں دورداد میں نماز جنازہ ادائیگی کے بعد تدفین کر دی گئی ہے ۔

غورغشتی میں موجود غازی بھروٹہ نہر کے قریب سے 3دن قبل گھر سے لاپتہ ہونے والے بابر خان کی نعش مل گئی، لاش ورثاء کے حوالے
غورغشتی میں موجود غازی بھروٹہ نہر کے قریب سے 3دن قبل گھر سے لاپتہ ہونے والے بابر خان کی نعش ملی جسکو کسی نے سر پر پسٹل سے فائر کے کے قتل کر دیاتھا۔ مقتول بابر خان ولد ملک سردار بہادر سکنہ محلہ سری بانڈہ غورغشتی تحصیل حضرو ضلع اٹک کی گمشدگی کی رپورٹ اسکی بیوی کی طرف سے چوکی غورغشتی میں درج کی گئی تھی ،ایس ایچ او تھانہ حضرو محمد اعظم، انچارج ایچ آئی یو سرکل حضرو اور دیگر ملازمین موقع پر پہنچ گئے،لاش تحویل میں لے کر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حضرو میں پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد لاش ورثاء کے حوالہ کر کے مقدمہ قتل درج کر لیا ۔ 

اٹک سٹی:محکمہ سوئی گیس اٹک نے اٹک شہراور گردونواح میں نئے سال کے پہلے ماہ کے ہزاروں روپے کے بل بھیجوا دئیے
محکمہ سوئی گیس اٹک نے اٹک شہراور گردونواح میں نئے سال کے پہلے ماہ کے ہزاروں روپے کے بل بھیجوا دئیے جس سے صارفین شدید پریشان ، ملازمین ، دیہاڑی دار اور متوسط طبقہ کے ہوش اڑگئے ، گھریلو بجٹ متاثر ، صارفین نے محکمہ سوئی گیس کے اعلیٰ حکام سے اصلاح و احوال کا مطالبہ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق اٹک شہر ، سروالہ ، شین باغ ، مرزا ، شکردرہ ، ڈھوک حاجی احمد کے صارفین محمد افضال ، عامر شہزاد ، بشارت ، محمد خان ، اجمل خان اور دیگر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے سوئی گیس کی قیمتوں میں جو اضافہ کیا ہے اس اضافہ کے باعث گھریلو صارفین بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں اور وہ سخت پریشانی کاشکار ہو گئے ہیں ، محمد افضال نے کہا کہ میرا سوئی گیس کا بل 31 ہزار روپے سے زائد آیا ہے جس سے میرا گھریلو بجٹ بہت زیادہ متاثر ہو اہے سروے کے دوران محمد بشارت نے کہا کہ میں ایک دیہاڑی دار مزدور ہوں اور تل کے مرنڈے بیچ کر گھر کا خرچہ چلاتا ہوں میراسوئی گیس کا بل 11 ہزار ورپے سے زائد آیا ہے جس سے میں سخت پریشان ہوں صارفین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حالیہ سوئی گیس کی قیمتوں میں جو اضافہ کیا ہے اس میں فی الفور کمی کی جائے اور عوام کو ریلیف دیاجائے تاکہ عوام اپنے گھریلو بجٹ کے مطابق زندگی بسر کر سکیں صارفین نے محکمہ سوئی گیس کے اعلیٰ حکام سے اصلاح و احوال کامطالبہ کیا ہے ۔ 

اٹک سٹی:کشمیر کاز کے لئے پوری پاکستانی قوم متحد اور یکجان ہے ،کشمیر میں بھارت نے ظلم کی انتہا کر دی ؛ جماعت اسلامی 
کشمیر کاز کے لئے پوری پاکستانی قوم متحد اور یکجان ہے ،کشمیر میں بھارت نے ظلم کی انتہا کر دی ۔انسانیت کا درس دینے والے کشمیریوں پر مظالم پہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں ‘تقسیم ہند کے موقع پر طے شدہ اور اعلان کردہ منصوبے کی خلاف ورزی کی گئی جس کی وجہ سے مسئلہ کشمیر پیدا ہوا ،کشمیر جہاد ہی سے آزاد ہو گا حق و باطل کی کشمکش ازل سے ابد تک جاری رہے گی ۔جو قوم موت سے نہ ڈرے اسے دنیا کی کوئی طاقت شکست سے دوچار نہیں کر سکتی ہم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ضلع اٹک کے زیر اہتمام چوک فوارہ میںیوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ضلع اٹک سردار امجد علی خان،سابق وفاقی وزیر مسلم لیگ ( ن ) شیخ آفتاب احمد ، مرکزی سینئر نائب صدر ، فوکل پرسن پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ سپریم کورٹ ، ایم پی اے یاور بخاری، رہنما تحریک انصاف میجر گروپ حاجی محمد اکرم خان ، ضلعی امیر جے یو آئی مولانا شیر زمان ، ڈویژنل جنرل سیکرٹری جے یو پی علامہ رفاقت علی حقانی ، مرکزی رہنما جماعت الدعوہ ابو محمد سلفی ، چیئرمین یونین کونسل شینکہ مولانا جابر علی خان ، کونسلر بلدیہ اٹک شہاب رفیق ملک ، خالد محمود ، قاری گل محمد اور سعید الرحمن نے کیا قبل ازیں لالہ زار گراؤنڈ سے چوک فوارہ تک جماعت اسلامی ضلع اٹک نے یکجہتی کشمیر ریلی نکالی جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی ضلع اٹک سردار امجد علی خان ، شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ ، مولانا جابر علی خان،شہاب رفیق ملک، وائس چیئرمین بلدیہ اٹک ملک طاہر اعوان ، ابو محمد سلفی اور دیگر نے کی ریلی مختلف مقامات سے ہوتی ہوئی چوک فوارہ میں پہنچ کر جلسہ کی شکل اختیار کر گئی ۔راستہ بھر شرکاء نے بھر پور نعرہ بازی کی یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر حلقہ خواتین جماعت اسلامی نے اپنی ضلعی ناظمہ رخسانہ جبیں کی قیادت میں ریلی نکالی جو چوک فوارہ میں اختتام پذیر ہوئی تقریب کا اہتمام جماعت اسلامی ضلع اٹک نے کیا جس میں باقی پارٹیوں نے شرکت کی تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے سردار امجد علی خان نے کہا جو قوم گولی بندوق سے نہیں ڈرتی دنیا کی کوئی طاقت اسے شکست نہیں دے سکتی کشمیریوں کی لازواک قربانیوں کے نتیجے میں انہیں ان شاء اللہ جلدہی آزادی ملے گی 70سال سے زائد عرصہ بیت گیا کشمیر کو آزادی نہیں ملی جس جکی بڑی وجہ حکمرانوں کی غفلت ہے اسے ہم نے پس پشت ڈال رکھا ہے جب تک ہم اسے ترجیح اول قرار نہیں دیں گے اس کا حل مشکل ہے سید علی گیلانی 80سالہ بوڑھا نوجوانوں کی طرح ہندوستانی مظالم کے سامنے پہاڑ کی مانند ڈٹے ہوئے ظلم سہ رہے ہیں ان کی قوت ایمان کی دولت ہے جسے کوئی طاقت مٹا نہیں سکتی سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا عالمی طاقتوں کی سازش کی وجہ سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو رہا ہے ہم مسلمان متحد ہوجائیں تو امریکہ سپر پاور نہیں رہے گا شیخ احسن الدین ایدووکیٹ نے کہا قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ ویسے قرار نہیں دے دیا بلکہ حقیقت بھی یہی ہے ہماری شہ رگ ہندو کے قبضہ میں ہے اس کو ہر صورت آزاد کرانا ہو گا ایم پی اے یاور بخاری نے کہا ہمیں حسینیت کا راستہ اختیار کرنا ہو گا متحد ہو کر اور 24گھنٹے مسئلہ کشمیر کو سامنے رکھنا ہو گافلسطین اور کشمیر دو انتہائی اہم مسئلے ہیں انہیں ہم نے حل کرنا ہے تقریب میں ننھے مجاہد حسان ندیم نے انگریزی میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے شرکاء کے جذبات کو گرما دیا مولانا شیر زمان نے کہا کشمیر کی آزادی جہاد ہی سے ممکن ہے کشمیریوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا علامہ رفاقت علی حقانی نے کہا یو این او کا کردار انتہائی منفی رہا ہے وہ سفید ہاتھی کا کردار ادا کررہا ہے کشمیر کی آزادی کے لئے ہم کشمیریوں کی بھر پور حمایت کرتے ہیں ابو محمد سلفی نے کہا کہ سندھ باب الاسلام بنا اور اب کشمیر باب الاسلام بنے گا کشمیر کی آزادی ہندو کی بربادی سے منسلک ہے ۔ 

اٹک شہر میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا؛رپورٹ 
اٹک میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا ،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عشر ت اللہ خان نیازی مہمان خصوصی تھے ‘تقر یب میں اسسٹنٹ کمشنر اٹک حرا رضوان، چےئرمین بلدیہ ناصر محمودشیخ ، ڈپٹی ڈائر یکٹر لوکل گورنمنٹ جاوید اقبا ل بھٹی،ڈپٹی ڈائر یکٹر سوشل ویلفےئر مر زا اکرم ، سوشل ورکرخالدہ رانا اور چیف آفیسر بلدیہ اٹک خلیل احمد نےئر کے علاوہ سیاسی ، سماجی و مذہبی ارکان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عشر ت اللہ خان نیازی نے کہا کہ آزادی کشمیریوں کابنیادی حق ہے جو انہیں ہر صورت ملنا چائیے کشمیریوں کو آزادی نہ دے کر انکا بنیادی حق پا مال کیا جا رہا ہے جو انتہائی زیادتی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ اقوام عالم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہوں اور بھارت کو مجبور کریں کہ وہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا احترام کرے اور انہیں ان کی مرضی کے مطابق فیصلہ کرنے کا اختیار دے ڈی سی اٹک نے کہا کہ کشمیری عوام ڈوگرہ راج کے وقت سے آزادی کے لیےء کو شاں ہیں اور آج بھارت ان پر ظلم وستم ڈھا کر ان کی آواز کو دبانا چاہتا ہے جو ممکن نہیں ہے ظلم وستم کے ذریعے کشمیریوں کے حق خود ارادیت اور آزادی کی آواز کو نہیں دبایا جا سکتا انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور پاکستان کی عوام کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے اب وقت آگیا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے ،جس کا ان سے وعدہ کیا گیا ہے اور بھارت کو مجبور کیا جائے کہ وہ اپنی ریاستی دہشت گردی بند کرے اور کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا اختیار دے چےئرمین بلدیہ ناصر محمود شیخ نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام کو بھارت کے ناجائز تسلط سے آزادی حاصل ہوگی اور وہ آزاد فضاء میں سانس لیں گے اور آزاد زندگی بسر کریں گے تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بھر پو ر حمایت کا اعلان کیا تقریب میں طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی انہوں نے ہا تھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر کی آزادی کے نعرے درج تھے تقریب میں ملی نغمے ،تقاریر اور ٹیبلوز بھی پیش کیے گئے ،جس کو حاضرین نے بے حد سراہا بعد ازاں کشمیر ڈے کے حوالہ سے واک میونسپل کمیٹی اٹک سے شروع ہو کر فوارہ چوک پر اختتام پذیر ہوئی واک کی قیادت ڈپٹی کمشنر اٹک عشر ت اللہ خان نیازی نے کی واک کے دوران شرکاء نے کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے اور کشمیریوں سے بھر پور یکجہتی کا اظہار کیا ۔ 

اٹک سٹی:ہانگ کانگ میں رہائش پذیر یاسر خان ولد حاجی قاسم خان مرحوم کی شادی خانہ آبادی بخیر و خوبی سر انجام پائی 
ہانگ کانگ میں رہائش پذیر یاسر خان ولد حاجی قاسم خان مرحوم کی شادی خانہ آبادی بخیر و خوبی سر انجام پائی ،دعوت ولیمہ کا اہتمام ان کے بھائی حاجی حسن خان نے مہریہ ویڈنگ مارقی میں کیا جس میں حاجی عبداللہ خان ، حاجی ریاض خان ، بازی خان ، سید محمد حسنین ، وفا عباس ، نعیم خان ، حاجی نسیم اور دیگر نے آنے والے تمام معزز مہمانوں کا پر تپاک طریقہ سے استقبال کیا ۔دعوت ولیمہ میں چیئرمین اٹک پریس کلب رجسٹرڈ ندیم رضا خان ، سرپرست اعلیٰ سینٹرل یونین آف جنرنلسٹس پاکستان حاجی پرویز خان ، دولہا کے دوست احباب اور عزیز و اقارب نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ 

اٹک سٹی:ہیلتھ پروگرام سے لاکھوں غریب اور مستحق افراد بروقت مہنگے علاج کی سہولت سے مستفید ہوسکیں گے ؛ آفتاب احمد قریشی 
رہنما تحریک انصاف میجر لورز آفتاب احمد قریشی نے ہیلتھ کارڈ پروگرام کے انعقاد پر کہاکہ ہیلتھ پروگرام سے لاکھوں غریب اور مستحق افراد بروقت مہنگے علاج کی سہولت سے مستفید ہوسکیں گے ،ہیلتھ کارڈ پالیسی کو کامیاب بنا نے کیلئے ضلعی سطح پر انتظامات کرنے چاہیے ۔پوری قوم وزیر اعظم عمران خا ن عوام دوست اقدمات کو قد ر کی نگا ہ سے دیکھ رہی ہے، پاکستان کو لوٹنے اور بیر ون ممالک میں جاائیدوں کے بنانے والے احتساب کے شکنجے سے نہیں بچ سکتے ۔پاکستان کا سنہر ا مستقبل کیلئے وزیر اعظم عمران خان امیدکی آخر ی کرن ہیں ‘نئے بلدیاتی نظا م سے عوام کے دیرینہ مسائل انکی دہلیز پر حل ہونگے پاکستان کو پھلتا پھولتا دیکھ کر مخالفین کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں ،آنیوالاد ور خوشحالی اور ترقی یافتہ ہوگا رکن قومی اسمبلی میجر طاہر صادق کو وفاقی کابینہ میں شامل کر کے ہی وزیر اعظم عمران خان مطلوبہ نتائج حاصل کر سکتے ہیں کیونکہ میجر طاہر صادق نے نہ صرف پاکستان بھر میں قومی اسمبلی کی 2 اور پنجاب اسمبلی کی 1 نشست پر بیک وقت کامیابی حاصل کی تھی بلکہ پاکستان میں ایک ضلع میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی قائم کیا ہے جو پاکستان کی پارلیمانی تاریخ میں سب سے بڑا ریکارڈ ہے ۔ 

اٹک سٹی:حکومت نے قومی سطح پر اس مرتبہ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا ہے ؛ ایمان طاہر
چیئرپرسن ضلع کونسل اٹک ایمان طاہر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے قومی سطح پر اس مرتبہ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا ہے جو نہایت خوش آئین امر ہے ‘یقیناًساری سرگرمیوں کے نتیجہ میں ایک مرتبہ پھر قومی سطح پر کشمیر کاز کے ساتھ تجدید عہد ہو گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ اہل کشمیر مشکلات کے باوجود منزل کے حصول کے لیے پر عزم ہیں اور بھارتی استبداد اور ظلم و ستم کا بے جگری سے مقابلہ کر رہے ہیں کشمیری بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا جارحانہ تسلط تقسیم برصغیر کے اصولوں کیساتھ ساتھ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق بھی غیر آئینی اور غیرقانونی ہے 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر اس حوالہ سے نہایت اہمیت کا حامل ہے کہ اس دن کو بھرپور طریقہ سے منانے سے پورے پاکستان میں تحریک آزادی کشمیر کے حوالہ سے بیداری اور یکجہتی کی ایک فضا پیدا ہوتی ہے جس کے نتیجہ میں ملک کا ہر فر د،خیبر سے کراچی تک،تحریک آزادی کشمیر کے جذبے سے پوری طرح سرشار ہو جاتا ہے ہمارا قومی مطالبہ ہے اس خطے اور دنیا کے امن کو کسی بڑے حادثہ سے بچانے کے لیے کشمیر جیسے دیرینہ مسئلہ کو حل کرنے کے لیے عالمی برادری کا بھارتی حکومت پر دباؤ بڑھایا جائے ۔ 

اٹک سٹی:ضلع اٹک میں جاری ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے ایک اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا 
ضلع اٹک میں جاری ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے ایک اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا ،ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ خان نیازی نے اجلاس کی صدارت کی اجلاس میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیا گیا ۔مختلف متعلقہ محکموں نے ڈی سی کو اپنے محکموں کے ترقیاتی کاموں کے متعلق بریف کیا ڈی سی اٹک نے کہا کہ ترقیاتی سکیمیں حکومت پنجاب کی ہدایت پر جاری ہیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کی جاسکیں انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی ترقیاتی سکیموں کی نگرانی کر رہے ہیں اور اس سلسلہ میں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ حاصل کر رہے ہیں ڈی سی عشرت اللہ خان نیازی نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی کاموں کے اعلیٰ معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کر یں اور یہ کام جلد از جلد مکمل کروائیں تاکہ ان کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں پنشن کیسز کے حوالہ سے ایک اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ خان نیازی نے اجلاس کی صدارت کی اجلاس میں ضلع بھرکے محکموں کے سربراہان اور ان کے نمائندوں نے شر کت کی اجلاس میں 2019ء میں ریٹائر ہو نے والے ملازمین کے پنشن کیسز کا جائزہ لیا گیا ڈی سی اٹک نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے محکموں سے ریٹائر ہو نے والے ملازمین کے کیسز جلد از جلد مکمل کر کے متعلقہ دفتر پہنچائیں تاکہ انہیں پنشن کا اجراء کیا جاسکے پنشنرز کی سہولت کے لیے ایک ڈیسک بھی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( فنانس ) کے دفتر میں قائم کیا گیا ہے جس کے فوکل پرسن ڈی او آئی پی ڈبلیوایم ظہیر احمد خان ہیں ۔ 

حضروسٹی:کشمیری عوام کو انکا حق خود ارادیت دیا جائے اور ان پر ہونیوالے مظالم کو فی الفور بند کیا جائے ؛ یوم یکجہتی کشمیر سے مقررین کا خطاب
کشمیری عوام کو ان کا حق خود ارادیت دیا جائے اور ان پر ہونے والے مظالم کو فی الفور بند کیا جائے ،ان خیالات کا اظہار میونسپل کمیٹی حضرو کے چیئرمین نزاکت خان کی زیر صدارت اور چیف آفیسر سردار آفتاب خان کی نگرانی میں میونسپل ہال حضرو میں یوم یکجہتی کشمیر سیمینار اور بعد ازاں ہاتھوں کی زنجیر و اظہار یکجہتی ریلی کے موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سردار آفتاب خان، محمد خالد خان ، مولانا مسعود اختر ضیاء ، نصیر خان جدون ، ملک امجد خان ، محمد عمران خان حضروی نے خطاب کیا جبکہ ان تقاریب میں نزاکت حسین وائس چےئرمین ،کونسلران شیراز خان ، ملک محمد مناف خان ، حاجی احسان احمد خان ، سیٹھ افتخار ڈار ، سعید الرحمان ، ملک مقصود ، محمد رفیق اور سابق چےئرمین ملک اقبال خان ، نسیم خان ، ملک محمد فیاض ، آفتاب احمد تابی ، عبد القیوم پاپا،بابو پرویز ، ملک محمد تاج، طارق ٹوانہ سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی ۔اس موقع پر مقررین نے کشمیری مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کا مطالبہ کیا کہ کشمیری نہتے مسلمانوں پر ہونے والے ظالمانہ سلوک کو فی الفور بند کیا جائے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دیا جائے اور مصوم بچوں اور آزادی کی جد وجہد کرنے والے نوجوانوں اور خواتین پر بہیمانہ تشدد کو بند کیا جائے اور عالمی برادری سمیت اقوام متحدہ کو انسانی حقوق کی پامالی کا سختی سے نوٹس لینا چاہئے ،میونسپل کمیٹی حضرو کے زیر اہتمام ہونے والے اس سیمینار کے بعد میونسپل کمیٹی حضرو کے لان میں شرکاء نے ہاتھوں کی ز نجیر بنائی اور بعد ازاں فوارہ چوک تک اظہار یکجہتی ریلی بھی نکالی گئی جس میں ممتاز سیاسی و سماجی راہنماؤں اور شہریوں نے شرکت کی چیئرمین نزاکت خان اور چیف آفیسر سردار آفتاب خان نے اس موقع پر تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔ 

گاؤں مرزا:جنرل سیکرٹری الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن لیاقت عمر کی پھوپھی انتقال کر گئیں 
مرزا گاؤں کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت ساجد اقبال کی والدہ ، جنرل سیکرٹری الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن لیاقت عمر کی پھوپھی انتقال کر گئیں ۔مرحومہ کی نماز جنازہ مرزا گاؤں میں ادا کی گئی جس میں امیر جماعت اسلامی ضلع اٹک امجد علی خان کے علاوہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی ،مرحومہ کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔ 

اٹک سٹی:ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ خان نیازی کا اچانک دورہ اسفند یار بخاری ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال 
ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ خان نیازی کا اچانک دورہ اسفند یار بخاری ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ، ڈی سی ایک گھنٹہ ہسپتال میں رہے ۔انہوں نے وہاں تمام شعبۂ جات بشمول ایمرجنسی روم ، ایکسرے ڈیپارٹمنٹ ، بلڈ بنک ، ایمرجنسی وارڈ ، میل / فی میل سرجیکل و میڈیکل وارڈ کا دورہ کیا ہسپتال میں صفائی کے نظام پر براہمی کا اظہار کیا ۔اس موقع پر ہسپتال کے میڈیکل سپرٹنڈنٹ ڈاکٹر کاشف حسین نے ان کو ایم ایس آفس میں ہسپتال سے متعلق بریفنگ بھی دی ،ایمرجنسی میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عرفان شاہ بھی موقع پر موجود تھے جبکہ ایمرجنسی میں حادثہ کے زخمیوں کو بہترین مرہم پٹی پر ڈپٹی کمشنر نے ڈسپنسر عبدالواحد کی تعریف کرتے ہوئے انہیں شاباش بھی دی مریضوں سے ان کے مسائل علاج معالجہ اور ادویات کی فراہمی سے متعلق بھی تفصیلی معلومات حاصل کیں ۔ 

ضلع اٹک:راولپنڈی سے آنیوالی ہائی ایس وین میں وائرنگ شارٹ ہونے کے سبب سے آگ بھڑک اُٹھی
راولپنڈی سے آنے والی ہائی ایس وین میں سکھوال سٹاپ تحصیل فتح جنگ میں وائرنگ شارٹ ہونے کے سبب سے آگ بھڑک اٹھی جس نے پلک جھپکتے ہی پوری گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ڈرائیور تنویر احمد کی حاضر دماغی اور ریسکیو اہلکاروں کی بروقت کارروائی سے بہت بڑا سانحہ ہونے سے بچ گیا ،ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی بہترین حکمت عملی سے آگ پر مکمل قابو پا لیا گیا البتہ ہائی ایس پوری طرح سے اندر اور باہر سے جل گئی اور تمام مسافروں کو بچا لیا گیا حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ 

اٹک سٹی:پلانٹ فار پاکستان ڈے کے حوالہ سے ریلوے گراؤ نڈ اٹک میں تقریب کا انعقاد
پلانٹ فار پاکستان ڈے کے حوالہ سے ریلوے گراؤ نڈ اٹک میں تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ خان نیازی تھے ۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( ریو نیو ) شاہد عمران مارتھ ، ڈی ایف او کامران کاظمی ، ڈی او آئی پی ڈبلیو ایم ظہیر احمد خان کے علاوہ دیگر افراد بھی موجود تھے ،ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ خان نیازی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( ریو نیو ) شاہد عمران مارتھ نے ریلوے گراؤنڈ میں مختلف اقسام کے پودے لگائے ۔اس موقع پر بات چیت کر تے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آج پورے ملک میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر پلانٹ فار پاکستان ڈے منایا جارہا ہے جس میں بہار کی شجر کاری مہم کے دوران ملک بھر میں 15 کروڑ پودے لگائے جائیں گے اور اس ضمن میں خصوصی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے اٹک میں اسی حوالہ سے شجر کاری کی جارہی ہے جس میں 17 ہزار پودے ایک دن میں لگائے جائیں گے جن میں سٹیٹ فاریسٹ کے ایک ہزار 400 ، فری ڈسٹری بیوشن کے 8 ہزار 800 ، ماس پلانٹیشن کے 2 ہزار اور دوسرے محکموں کے 4 ہزار 800 پودے شامل ہیں انہوں نے کہا مختلف ڈونرز نے اس مہم میں ایک لاکھ پودے دینے کا وعدہ کیا ہے اس کے علاوہ حالیہ شجر کاری مہم میں 4 لاکھ 75 ہزار پودے لگائے جائیں گے ڈی سی اٹک نے کہا کہ اس مہم کا سب سے اہم مقصد ارض پاک کو سر سبز و شاداب بنانا ہے تاکہ ملک سے ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ کیا جاسکے اس اہم موقع پر عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ حکومت کے ساتھ اس مہم میں تعاون کر یں تاکہ ملک پاکستان کو خوب صور ت بنایا جاسکے ۔ 

اٹک سٹی:ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک سید شہزاد ندیم بخاری نے ڈی پی او آفس اٹک میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا 
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک سید شہزاد ندیم بخاری نے ڈی پی او آفس اٹک میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا ،اس موقع پر سکول و کالج کے طلباء اور سول سوسائٹی کے نمائندگان بھی موجود تھے۔اس موقع پر ڈی پی او اٹک کا کہنا تھا کہ کلین اینڈ گرین پروگرام حکومت پاکستان کی ایک بہترین کاوش ہے جس سے ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے اور ماحول کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔درخت ہماری ضرورت ہیں اور شجر کاری مہم وقت کی پکار تھی جس پر عمل درآمد ایک احسن اقدام ہے اور اٹک پولیس ایسی تمام سرگرمیوں کی بھر پور حمایت کرتی ہے اور ان میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جائے گا۔

























No comments:

Post a Comment