Saturday, February 2, 2019

News from Hazro City, Chhachh Valley and District Attock, Updated from Hong Kong.

News from Hazro City, Chhachh Valley and District Attock, Updated from Hong Kong.



اٹک سٹی: ڈیفنس ہیومن رائٹس اور میڈیا کی کاوشیں رنگ لے آئیں ،9 ماہ قبل لاپتہ ہونے والا امام مسجد واپس اپنے گھر پہنچ گئے
ڈیفنس ہیومن رائٹس اور میڈیا کی کاوشیں رنگ لے آئیں ،9 ماہ قبل لاپتہ ہونے والا امام مسجد واپس اپنے گھر پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق جامع مسجد ابراہیم اٹک شہر کے خطیب و امام مسجد مولانا راج ولی کو 9 ماہ قبل رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں سادہ کپڑوں میں ملبوس نامعلوم افراد اپنے ساتھ لے گئے تھے ،ان کی عدم موجودگی میں ان کی اہلیہ جو اپنے والدین کی اکلوتی بیٹی تھی ‘اپنے خاوند کا اپنی معصوم بیٹی کے ہمراہ مسجد انتظامیہ کی طرف سے ملنے والے گھر میں انتظار کرتی رہی اور والدین کے ساتھ جانے سے انکار کردیا ۔گزشتہ ہفتہ چیئرمین اٹک پریس کلب ( رجسٹرڈ ) ندیم رضا خان اور ان کی ٹیم نے راج ولی کی رہائی کے حوالے سے آواز اٹھائی اور راج ولی کی ننھی بیٹی کی تصویر کے ہمراہ رہائی کی اپیل شائع کی جبکہ گزشتہ دنوں ڈیفنس ہیومن رائٹس کی چیئر پرسن محترمہ آمنہ مسعود جنجوعہ کی قیادت میں کچہری چوک اٹک میں لاپتہ افراد کی رہائی کے لئے احتجاج کیا اور ریلی نکالنے کے علاوہ راج ولی،عبدالجبار،اور عبدالغفار سمیت دیگر لاپتہ افراد کے لواحقین کے ہمراہ پریس کانفرنس بھی کی اور اٹک بار میں مرکزی سینئر نائب صدر ، فوکل پرسن پاکستان جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کی موجودگی میں وکلاء سے بھی ملاقات کی اور لاپتہ افراد کی رہائی کے حوالہ سے تعاون مانگا اٹک سے لاپتہ افراد کی رہائی کے لئے موثر آواز اٹھائی گئی جس پر مولانا راج ولی گزشتہ رات اپنے گھر واپس پہنچ گئے ضلع چیئرمین ڈیفنس ہیومن رائٹس ڈاکٹر انعام اللہ نے بتایا ہے کہ راج ولی خیریت گھر پہنچ گئے ہیں انہیں نامعلوم افراد نے اغوا ء کر کے قید تنہائی میں رکھا راج ولی کی رہائی پر ان کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب نے انسانی حقوق کی تنظیم آمنہ مسعود جنجوعہ اور میڈیا کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ 

اٹک سٹی:2 معصوم بچوں کے اغواء کے بعد 24 گھنٹے کے اندر باز یابی ، اٹک پولیس کی زبر دست کار کر دگی 
2 معصوم بچوں کے اغواء کے بعد 24 گھنٹے کے اندر باز یابی ، اٹک پولیس کی زبر دست کار کر دگی ، باز یابی کے بعد مغوی بچوں کی ماں کا اٹک پولیس خصوصاً ڈی پی او سید شہزاد ندیم بخاری کو خراج تحسین تفصیلات کے مطابق 28 جنوری کو 2 معصوم بچوں کے اغواء کے بعد غم کی ماری ماں روتی پیٹتی پو لیس کے پاس جب پہنچی تو ڈی پی او سید شہزاد ندیم بخاری نے ایس ایچ او تھانہ صدر اٹک کو خصوصی ہدایت جاری کی کہ تمام تر وسائل اور جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کرکے مغوی بچوں کو باز یاب کرائیں جس پر اٹک پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے 24 گھنٹے کے اندر مغوی بچوں کو بازیاب کرا کے ان کی ماں کے حوالہ کر دیا اس سارے عمل کی نگرانی ڈی پی او سید شہزاد ندیم بخاری لمحہ بہ لمحہ خود کر رہے تھے اور ہر سیکنڈ کی کار کردگی کو مانیٹر کر تے رہے اٹک پولیس کی اس کا رکرد گی پر عوامی حلقوں ، سول سوسائٹی فورم رجسٹرڈ ڈسٹرکٹ اٹک کے چیئرمین منصب دار خان نمبر دار ، سر پرست اعلیٰ سمندر خان ، چیئرمین اٹک پریس کلب رجسٹرڈ ندیم رضا خان ، صوفی فیصل بٹ ، سعید آفریدی ، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مسکین بٹ ، جنرل کونسلر پہتی محمد صدیق اعوان ، جنرل کونسلر کالو کلاں محمد ارشد ، محمد ناصر آرائیں ، ریاست خان ، چیئرمین یونین کونسل شمس آباد محمد سعید اعوان ، حافظ نصرت علی خان ، آصف محمود بھٹی ایڈووکیٹ ہائی کورٹ ، حاجی احسان خان نمبر دار ، چیئرمین بلدیہ حضرو نزاکت خان ، ملک انصار ، خواجہ شکیل ، خان آصف خان نمبر دارحضرو ، اویس اٹک کے علاوہ دیگر ضلع اٹک کی عوام نے بھر پور خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ڈی پی او سید شہزاد ندیم بخاری نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ اگر پولیس جاگ کر کام کرے تو عوام سکھ کی نیند سوتے ہیں ہم امید کرتے ہیں کہ اٹک پولیس آئندہ بھی اسی کمٹمنٹ سے اپنے فرائض سر انجام دے گی، بچوں کی باز یابی کے بعد بچوں کی ماں نے اٹک پولیس با لخصوص ڈی پی او سید شہزاد ندیم بخاری کو جھولیاں اٹھا کر دعائیں دیں اور کہا کہ ڈی پی او کی ذاتی توجہ کی وجہ سے 24 گھنٹے کے اندر میرے بچے واپس آگئے جس کیلئے میں تمام عمر دعا گو رہوں گی ۔ 

اٹک سٹی:دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان خصوصاً پاک آرمی نے بے شمار قربانیاں دی ہیں ؛ صدر مملکت ڈاکٹر علوی
صدر مملکت ڈاکٹر علوی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان خصوصاً پاک آرمی نے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور پاک آرمی کی قربانیوں کا ثمر ہے کہ آج ملک بھر میں ہر طرف امن و امان کا دور دورہ ہے ، کیپٹن اسفند یار بخاری نے 18 ستمبر 2015 ء کو بڈھ بیر ایئربیس پشاور پر دہشت گردی کے حملہ کو نہایت مہارت اور بہادری کے ساتھ پسپا کیا تھا، ان کی کمانڈ میں تمام کے تمام دہشت گرد مارے گئے تھے کہ شہادت فقط اسفندیار کے حصہ میں آئی تھی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صدر اسلام آباد میں کیپٹن اسفندیار بخاری شہید کے والد ڈاکٹر سید فیاض بخاری سے خصوصی ملاقات کے دوران کیا صدر مملکت نے کیپٹن اسفند یار بخاری شہید کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وطن عزیز کیلئے بے مثل قربانی نوجوان نسل کیلئے مشعل راہ ہے انہوں نے جو جرأت و دلیری کی تاریخ رقم کی ہے وہ ناقابل فراموش ہے بڈھ بیر ایئربیس پشاور پر حملہ دہشت گردی کی بڑی واردات تھی جس میں سینکڑوں معصوم ، بے گناہ افراد کی شہادت کا اندیشہ تھا جس پر اپنی جان دے کر کیپٹن اسفندیار بخاری شہید نے جو قربانی دی ہے وہ تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائے گی ۔ون ٹو ون ملاقات میں ڈاکٹر سید فیاض بخاری نے صدر مملکت سے کہا کہ ضلع اٹک کے 22 لاکھ لوگوں کیلئے صرف ایک کیپٹن اسفندیار بخاری ڈسٹرکٹ ہسپتال ہے اس ہسپتال کو اپ گریڈ کر کے یہاں جدید سہولیتں بھی مہیا کی جائیں تاکہ اٹک کے غریب مریضوں کو راولپنڈی ہسپتالوں کی راہ نہ دیکھنی پڑے اٹک کے عوام کا یہ نہایت ہی جائز مطالبہ ہے اس پر صدر مملکت نے ہر ممکن کاوش کرنے کی یقین دھانی کرائی ۔ 

موضع ویسہ:گھر سے کراچی جانے والا شادی شدہ نوجوان پر اسرار طریقہ سے راستہ سے لا پتہ ہو گیا، مقدمہ درج
گھر سے کراچی جانے والا شادی شدہ نوجوان پر اسرار طریقہ سے راستہ سے لا پتہ ہو گیا‘ مقدمہ درج ، تفصیلات کے مطابق ح زوجہ نیئر فضل دختر شیخ عنایت اللہ سکنہ حال محلہ صمدخانی حضرو نے تھانہ رنگو میں ایف آئی آر درج کرائی ہے کہ اس کی شادی 14 سال قبل نیئر فضل سے ہوئی اس کا خاوند کراچی جانے کیلئے 8 جنوری کو صبح گھر سے نکلا اور ویسہ گاؤں سے صنوبر کوچ میں سوار ہو کر کراچی جانا تھا تاہم اس کا 2 دن بعد کراچی رابطہ ہوا تو اطلاع ملی کہ اس کا شوہر اپنے گھر کراچی نہیں پہنچا ،آج تک تلاش کرنے پر نہ مل سکا ہے جو کہ لاپتہ ہو گیا ہے سب انسپکٹر عبدالواعظ نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔

اٹک سٹی:حکومت پنجاب کی ہدایت پر اٹک میں کھلی کچہریوں کا اہتمام کیا گیا؛رپورٹ
حکومت پنجاب کی ہدایت پر اٹک میں کھلی کچہریوں کا اہتمام کیا گیا،ڈی پی او سید ندیم بخاری نے پولیس لائن میں عوام کے مسائل سنے،ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ نیازی نے ڈی سی آفس کے کانفرنس روم میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ضلع کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے افراد نے زبانی اور تحریری درخواستیں جمع کرائیں،ڈی پی او اٹک سید شہزاد ندیم بخاری نے پولیس لائن اٹک میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جن میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل ڈی پی او اٹک کو پیش کئے جن کو فوری حل کرنے کیلئے مناسب احکامات جاری کئے گئے ڈی پی او اٹک کا کہنا تھا کہ اٹک پولیس 24 گھنٹے عوام کی خدمت میں پیش پیش ہے اور وہ خود بطور ڈسٹرکٹ کمانڈر ان ذمہ داریوں کا ادراک رکھتے ہیں جو انکے کندھوں پر ہیں اور وہ رات کو بھی ضلع کے مختلف سرکلز میں گشت کی نگرانی کرتے ہیں انکا کہنا تھا کہ انکے دفتر کے دروازے عوام الناس کیلئے ہمہ وقت کھلے ہیں اور عوام ان سے انکے موبائل نمبر پر بھی کوئی بھی مسئلہ ڈسکس کر سکتے ہیں کیمونٹی واچ ونگ اور پولیس لائزون کمیٹیوں کی مدد سے جرائم کی بیخ کنی کو ممکن بنایا جائے گا اور کمپیوٹر کے ایک کلک پر ضلع بھر کے جرائم پیشہ افراد کی مکمل تفصیل موجود ہو گی جسکی مدد سے ضلع کو امن و آشتی کا گہوارہ بنایا جائے گا عوام اور پولیس یک جان ہو کر ہی اس مشن کی تکمیل کر سکتے ہیں بسال روڈ اور فتح جنگ میں ہونے والی ڈکیتیوں کے حوالہ سے صحافی کے سوال پر جواب دیتے ہوئے ڈی پی او اٹک نے کہا کہ میں آج ڈکیتی کے فورا بعد فتح جنگ پہنچا تھا اور متعلقہ تھانہ کے ایس ایچ او کو ملزمان کی گرفتاری کے لیے احکامات جاری کئے ہیں، تاہم پوسٹ آفس عملہ کی نا اہلی ہے کہ اتنی بڑی رقم ایک رکشہ پر رکھ کر لے جا رہی تھی اور اتنا بڑا واقعہ رونما ہو گیا،ڈاکو موٹرسائیکل پر تھے اور انہوں نے عملہ کا پیچھا کرتے ہوئے گن پوائنٹ پر پانچ لاکھ کی رقم لوٹ کر فرار ہوگئے ہیں، ایسی صورتحال میں متعلقہ تھانہ سے نفری مانگی جاسکتی ہے، ڈی پی او نے کہا رات کو بسال روڈ پر واقعہ کا سخت نوٹس لے رہے ہیں اور جو فتح جنگ میں واقعہ پیش آیا ہے اس پر بھی پولیس پوری طرح تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان تک پہنچے گی اور ایسے افراد کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دلوائیں گے ڈی پی او نے کہا کہ آئندہ جمعۃ المبارک کو کھلی کچہری کا انعقاد میرے دفترکے باہر لان میں ہوگا ۔ 

ضلع اٹک کے مختلف علاقوں سے تحریک لبیک کے 32 کارکن گرفتار کر لیے گئے
ضلع اٹک کے مختلف علاقوں سے تحریک لبیک کے 32 کارکن گرفتار ، گرفتارتمام افراد کو ڈسٹرکٹ جیل منتقل کر دیاگیا۔ متعدد افراد کو بے گناہ گھروں سے اٹھا لیا گیا ، دھرنوں میں ملوث بعض کارکن روپوش ہونے میں کامیاب ، شبہ میں گرفتار افراد میں سے متعدد مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں ، حکومت ایسے افراد کو فوری چھوڑنے کے احکامات جاری کریں ۔ 

گاؤں تاجک:تھانہ رنگو کی حدود میں نامعلوم ملزمان نے نوجوان لڑکی کا گلہ کاٹ کر جھاڑیوں میں پھینک دیا 
تھانہ رنگو کی حدود میں نامعلوم ملزمان نے نوجوان لڑکی کا گلہ کاٹ کر اسے علاقہ گڑھی متنی میں روڈ کے قریب جھاڑیوں میں قتل کر کے پھینک دیا ،پولیس نے مقدمہ درج کر کے نامعلوم ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے ۔اگر کسی کو اس لڑکی کے لواحقین کے بارے میں علم ہو تو ڈی ایس پی حضرو سرکل دفتر کے نمبر 057-2311825 پر رابطہ کریں ۔ 

اٹک سٹی:پولیس کی ملازمت ، عوام کی خدمت اور جرائم پیشہ افراد کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے؛ ڈی پی او سید شہزاد ندیم بخاری
پولیس کی ملازمت ، عوام کی خدمت اور جرائم پیشہ افراد کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کے علاوہ اللہ کی بارگاہ میں بخشش کا ایک ذریعہ بھی ہے کیونکہ معاشرے میں انصاف کی فراہمی کیلئے پولیس کا کردار سب سے اہم ہوتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار ڈی پی او سید شہزاد ندیم بخاری نے پولیس لائن اٹک میں اٹک پولیس سے ریٹائر ہونے والے ملازمین کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی کی حیثیت سے کیا ۔اس موقع پر ریٹائرڈ ملازمین کے علاوہ حاضر سروس ملازمین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ڈی پی او نے ریٹائرڈ ہونے والے افسران و ملازمین میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیں اور انہیں تقریب کے بعد باوقار طریقہ سے رخصت کیا گیا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او نے کہا کہ ان کے دفتر کے دروازے ہمہ وقت سب کیلئے کھلے ہیں اور ریٹائرڈ ہونے والے پولیس ملازمین نے جس محنت ، کوشش اور لگن سے اپنی نوکری باعزت طریقہ سے مکمل کی ہے اس پر اٹک پولیس کو نہ صرف آپ پر فخر ہے بلکہ بطور ڈی پی او وہ ضلع بھر کی پولیس کی جانب سے ان پولیس ملازمین کا شکریہ بھی ادا کرتے ہیں پولیس کی ملازمت محض ملازمت نہیں بلکہ عوامی خدمت کا بہترین ذریعہ ہے انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ضلع اٹک کو جرائم سے پاک کر دینگے کیمونٹی پروفائلنگ ونگ کا قیام ان کا ویژن ہے جس پر کام شروع ہو چکا ہے ہر شہر گاؤں اور بستی کے تمام باسیوں کا ریکارڈ پولیس کے پاس موجود ہو گا اور جرائم پیشہ افراد کی نشاندہی بذریعہ سوفٹ وئیرز کی جائے گی پولیس کے ملازمین اور افسران کی کارکردگی کو جانچنے کیلئے پرفارمنس ایویلویشن ونگ کا بھی قیام کیا جا رہا ہے اور ایک کلک سے تمام افسران اور ملازمین کی کارکردگی کو پرکھا جا سکے گا ہر ماہ کے آخر میں کارکردگی کے حساب سے جزا و سزا کا عمل کیا جائے گا ۔ 

ضلع اٹک: روڈ یوزرکی اطلاع پر موٹروے پولیس کی بروقت مدد‘ 3 دن سے لا پتہ افراد جسکا ذہنی توازن درست نہیں ‘کو گھر والوں سے ملا دیا 
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی ایک اور کاوش ، روڈ یوزرکی اطلاع پر موٹروے پولیس کی بروقت مدد 3 دن سے لا پتہ افراد جس کا ذہنی توازن درست نہیں ‘کو اس کے گھر والوں سے ملا دیا ، تفصیلات کے مطابق بیٹ 7 میں ایس پی او توصیف محمد اور پی او کاشف عدنان پیٹرولنگ ڈیوٹی پر معمور تھے کہ روڈ یوزر نے اطلاع دی کہ ایک شخص سڑک کے کنارے زخمی حالت میں پڑا ہے ،اطلاع موصول ہوتے ہی وہ موقع پر پہنچ گئے جہاں 28 سالہ حفیظ جاوید جس کا ذہنی توازن درست نہ ہے کی بروقت مدد کرتے ہوئے اسے پانی پلایا ابتدائی تحقیقات اور اس کی تلاشی کے بعد اس کی جیب سے کاغذ ملا جس پر اس کے عزیز و اقارب کے فون نمبر درج تھے اس کے ماموں سے رابطہ کرنے پر معلوم ہواکہ وہ پچھلے 3 دنوں سے لا پتہ ہے کو گواہوں کے ہمراہ اس کے ماموں محمد اشرف کے حوالہ کیا ڈی آئی جی محمد عالم شنواری نے افسران کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ افسران اسی طرح اپنی ڈیوٹی الرٹ اور احسن طریقہ سے انجام دیتے رہیں تاکہ عوام کی برقت مدد کی جا سکے ۔ 

اٹک سٹی:گیس لیکج کے باعث جھلس کر شدید زخمی ہونے والا اٹک کے نواحی گاؤں شکردرہ کا رہائشی نوجوان غلام مصطفی جان کی بازی ہار گیا
گیس لیکج کے باعث دھماکہ میں آگ میں جھلس کر شدید زخمی ہونے والا اٹک کے نواحی گاؤں شکردرہ کا رہائشی نوجوان غلام مصطفی جو 8 روز قبل راولپنڈی ہسپتال میں زیر علاج ہوا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اپنی جان کی بازی ہار گیا ، دھماکہ ہونے کے باعث آگ میں جھلس کر باپ بیٹا شدید زخمی ہوئے تھے جبکہ غلام مصطفی کا باپ جہانداد موقع پر ہی دم توڑ گیا تھا گیس لیکج دھماکہ نے دونوں باپ بیٹاکی جان لے لی ۔ 

اٹک سٹی:ضلع اٹک کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنا میر ا مشن ہے؛ ڈی پی او سید شہزاد ندیم بخاری 
ضلع اٹک کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنا میر ا مشن ہے، کرمینل واچ ونگ اور دیگر جدید سوفٹ ویئرز کی مدد سے جرائم کی بیخ کنی کو ممکن بنایا جائے گا ۔تفصیلات کے مطابق ڈی پی او سید شہزاد ندیم بخاری نے میڈیا کے نمائندگان سے ملاقات کی اس موقع پر صحافیوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ جرائم کے خاتمہ کو اپنا مشن سمجھتے ہیں ،اٹک کے باسیوں کو جرائم پیشہ عناصر سے محفوظ رکھنا ان کی اولین ترجیح ہے آئی ٹی اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے وہ جرائم کے خاتمہ کو ممکن بنائی گے ۔اس سلسلہ میں کریمنل واچ ونگ اور دیگر سوفٹ وئیرز کو ڈیزائن کیا جا رہا ہے اور وہ اٹک پولیس کو ایک ایسا جدید نظام دینا چاہتے ہیں جو آنے والے ادوار میں بھی کار آمد ثابت ہو سکے ضلع بھر میں مصالحتی کمیٹیوں کو بھی از سر نو ترتیب دیا جا رہا ہے جن کی مدد سے مقامی مسائل کو بہتر طریقہ سے حل کیا جا سکے گا انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ عوام پولیس کے ساتھ مل کر ایک پر امن اور صحت مند معاشرے کی تعمیر و ترقی میں بھر پور کردار ادا کریں گے کیمونٹی پولیسنگ ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ان کے دفتر کے دروازے ہمہ وقت عوام کیلئے کھلے ہیں ۔ 

اٹک سٹی:کھلی کچہریوں میں پبلک ٹرانسپورٹ میں اوور لوڈنگ سے متعلق عوامی شکایات پر ڈی سی آفس میں اجلاس طلب کر لیا
کھلی کچہریوں میں پبلک ٹرانسپورٹ میں اوور لوڈنگ سے متعلق عوامی شکایات پر ایکشن لیتے ہو ئے ڈپٹی کمشنر عشر ت اللہ خان نیازی نے ضلع بھر کے ٹرانسپوٹرز کا اجلاس ڈی سی آفس طلب کر لیا ۔اجلاس میں ضلع بھر کے ٹرانسپورٹران نے شر کت کی ڈی سی اٹک نے اجلاس میں پبلک ٹرانسپورٹ میں اوور لوڈنگ پر شدید تشویش کا اظہار کیا ،ٹرانسپورٹران نے اس موقع پر ڈی سی اٹک کو یقین دلایا کہ رضاکارانہ طور پر پبلک ٹرانسپورٹ میں اوو ر لوڈنگ نہیں کی جائے گی اور فرنٹ سیٹ پر 2 سے زیادہ لوگ نہیں بٹھائے جائیں گے ۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں طے کیے گئے معاملات کے معائنہ اور بہتر نتائج کے حصول کیلئے ڈی ایس پی ٹریفک ، سیکرٹری ڈی آر ٹی اے اور ایم وی ای پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی جو پبلک ٹرانسپوٹ میں اوور لوڈنگ کو مانیڑ کرے گی اور اجلاس میں طے کیے گئے ضابطہ اخلاق پر عملدر آمد یقینی بنائے گی ۔ 

اٹک سٹی:مظلوم کشمیر یوں سے اظہاریکجہتی کیلئے 5 فروری کو بھر پو ر انداز سے منانے کیلئے تیاریاں زور و شور سے جاری 
مظلوم کشمیر یوں سے اظہاریکجہتی کیلئے 5 فروری کو بھر پو ر انداز سے منانے کیلئے تیاریاں زور و شور سے جاری ، جماعت اسلامی اٹک کے وفد کی مختلف دینی وسیاسی جماعتو ں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں ، کشمیر ریلی میں شرکت کی دعوت پہنچائی ، تمام رہنماؤ ں کی جانب سے جماعت اسلامی کے زیر اہتمام نکا لی جانے والی کشمیر ریلی میں شر کت کی یقین دہانی ان خیالات کا اظہار صد ر یکجہتی کشمیر پر وگرام جماعت اسلامی کونسلر بلدیہ اٹک شہاب رفیق ملک نے ڈپٹی سیکر ٹری جنرل حافظ عمر وقاص اور امیر زون پی پی ون خالد محمود نے میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے کیا شہاب رفیق ملک نے کہا کہ انہو ں نے سابق وفاقی وزیر شیح آفتا ب احمد ، سابق ایم پی اے سید اعجاز بخاری ، میجر طاہرصادق ، ضلعی رہنما میجر گروپ اپوزیشن لیڈر بلدیہ اٹک کونسلر حاجی محمد اکرم خان ، چیئرمین بلدیہ ناصر محمود شیخ ، وائس چیئرمین ملک طاہر اعوان ، صدر متحدہ مجلس عمل حافظ رفاقت علی حقانی ، ضلعی امیر جے یوآئی مولانا شیر زمان ، امیر جماعت الد عوہ ابو عمار ، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن ملک اسرار احمد ایڈووکیٹ اور فوکل پر سن پاکستان جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی شیخ احسن الد ین ایڈووکیٹ سپریم کورٹ سے ملاقات کی اورانہیں یوم یکجہتی کشمیر کے پر وگرام میں شرکت کی خصوصی دعوت دی ہے انہوں نے کہاکہ ریلی کا آغاز صبح 10 بجے لالہ زار اسٹیڈیم سے ہو گا ریلی شہر کے مختلف راستو ں سے ہوتی ہوئی اٹک کے تاریخی چوک فوارہ پہنچے گی جہا ں بڑے جلسہ عام کاانعقاد ہوگا اور دینی و سیاسی جماعتوں کے رہنماخطاب کریں گے ۔ 

برہان انٹرچینج :پشاور سے آنے والی تیز رفتار کار کھائی میں گر گئی ؛رپورٹ
پشاور سے آنے والی تیز رفتار کار کھائی میں گر گئی ، تفصیلات کے مطابق برہان انٹر چینج کے قریب موٹر وے پر تیز رفتار سے آنے والی کار بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری ۔حادثہ کے نتیجہ میں 3 افراد شدید زخمی ہو گئے جبکہ ایک کی حالت تشویشناک ہے ،پولیس نے موقع پر پہنچ کر امدادی کاروائیاں شروع کر دیں اطلاع ملنے پر ریسکیو1122 کا عملہ بھی موقع پر پہنچ گیا اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا ۔ 

اٹک سٹی:انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کا کام جاری
انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کا کام جاری ‘ کوئی بھی ووٹر اپنے ووٹ کے اندراج کو اپین شناختی کار ڈ پر دیے گئے مستقل یا عارضی پتوں کے مطابق یقینی بنائیں ،الیکشن کمیشن آف پاکستان 28 فروری 2019ء تک فارم نمبر 21 برائے اندارج و منتقلی ووٹ الیکشن کمیشن آفس میں جمع کروایا جا سکتا ہے ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشنر محمد آصف نے میڈیا سے با ت چیت کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ضلعی آفیسر الیکشن کمیشن سید ضیغم الطاف بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے عمل میں ایسے تمام ووٹ جو شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے علاوہ کسی دوسرے پتہ پر درج ہیں کی نشاندہی کی جائے تاکہ ان کو شناختی کارڈ پر درج پتوں کے مطابق منتقل کیا جائے راہ دہندگان کسی بھی معلومات کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ www.ecp.gov.pk اور دفتر ضلعی الیکشن کمیشن سے رابطہ کر سکتے ہیں ۔ 

اٹک سٹی: وزیر اعظم عمران خان اور ان کے وزراء نے مسلسل جھوٹ کا راگ الاپ رکھا ہے ؛شیخ آفتاب احمد 
مرکزی رہنما مسلم لیگ ( ن ) سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور ان کے وزراء نے مسلسل جھوٹ کا راگ الاپ رکھا ہے ،اس جھوٹ کے سبب لوگ رزق حلال سے محروم ہورہے ہیں کیونکہ جھوٹ رزق کو کھاجاتا ہے اور حکمرانوں کے جھوٹ کی سزا عام شہری بھگت رہا ہے ۔شیخ آفتاب احمد نے حکومت کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور ان کے وزراء کہتے ہیں کہ ہم 70 سالوں کا گند صاف کر رہے ہیں ،آپ اس بات پر ریفرنڈم کرا لیں کہ 70 سالوں میں آنے والی حکومتوں نے زیادہ گند کیا ہے یا آپ کی حکومت نے 6 ماہ میں کیا ہے، دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنرل سیکرٹری اٹک پریس کلب (رجسٹرڈ)ضلعی نامہ نگار روزنامہ نوائے وقت سید قمرالدین (ایم اے جرنلزم گولڈمیڈلسٹ پنجاب یونیورسٹی) کی رہائشگاہ اندرون محلہ حسن ابدال میں ان کے بھائی سید ظہیر الدین کی وفات پراظہار تعزیت میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پررہنما مسلم لیگ(ن) طلال بٹ ، سٹی صدر مسلم لیگ ( ن ) حسن ابدال شیخ اشتیاق صدیقی ، سینئر نائب صدرتیمور ساجد خان۔ کونسلر یونین کونسل جلو فخری خان ، سینئر صحافی اسلام آباد شہزاد سید ، چیئرمین اٹک پریس کلب ( رجسٹرڈ ) ندیم رضا خان ، رہنما مسلم لیگ ( ن ) شیخ حامد قدوس اور دیگر موجود تھے شیخ آفتاب احمد نے حمید گاوں میں ریٹائرڈ ایس پی جاوید خان سے ان کے بھائی محمد سجاول خان ایڈووکیٹ کی وفات پر ان کے گھر جاکر تعزیت کی حسن ابدال میں مسلم لیگ ( ن ) کے واحدکونسلر بلدیہ حسن ابدال خالد سیٹھ کے گھر جاکر ان کی عیادت بھی کی ۔ 

اٹک سٹی:پنجاب حکومت تعلیم کے میدان میں انقلابی اقدامات کر رہی ہے تاکہ پنجاب میں معیار تعلیم کو بہتر بنایا جاسکے ؛ راجہ راشد حفیظ 
صوبائی وزیر برائے لٹریسی او ر غیر رسمی بنیادی تعلیم پنجاب راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت تعلیم کے میدان میں انقلابی اقدامات کر رہی ہے تاکہ پنجاب میں معیار تعلیم کو بہتر سے بہتر بنایا جاسکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اٹک کے سرکاری دورے کے موقع پر کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ ایم پی اے یاور بخاری ، ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ خان نیازی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( ریونیو ) اٹک شاہد عمران مارتھ ، سی ای او ایجوکیشن اٹک ڈاکٹر جاوید اقبال اعوان ، ڈی او لٹریسی میمونہ انجم اور دیگر افسران بھی موجود تھے صوبائی وزیر برائے لٹریسی او ر غیر رسمی بنیادی تعلیم پنجاب راجہ راشد حفیظ نے اٹک کے مختلف لٹریسی اور غیر رسمی بنیادی تعلیمی سنٹرز کا دورہ کیا اور وہاں پر موجود طلبہ و طالبات سے تفصیلی بات جیت کی طلبہ و طالبات سے سوالات کیے اور ان کے سوالوں کے جوابات بھی دئیے اس موقع پر طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت غیر رسمی تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ جو بچے سکول سے باہر ہیں انہیں ان غیر رسمی تعلیمی سنٹرز کے ذریعہ زیور تعلیم سے آراستہ کیا سکے اور اس کے ساتھ ساتھ انہیں تعلیمی دھارے میں اہم کردار ادا کرنے کا موقع دیا جاسکے راجہ راشد حفیظ نے ڈی او لٹریسی میمونہ انجم سے اٹک میں قائم لٹریسی سنٹرز سے متعلق تفصیلی بریفنگ لی بریفنگ دیتے ہوئے ڈی او لٹریسی میمونہ انجم نے کہا کہ ضلع اٹک میں اس وقت مجموعی طور پر غیررسمی تعلیم کے 335 لٹریسی سنٹرز کام کر رہے ہیں جن میں سے 5 سنٹرز تعلیم بالغاں کیلئے ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں کام کر رہے ہیں ان 335 سنٹرز میں تقریباَ9 ہزار کے قریب طلبہ و طلبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں جن کی عمریں تقریبا 4 سال سے لے کر 16 سال تک ہیں اور ان تمام طلبہ و طالبات کو ان سنٹرز میں معیاری تعلیم دی جارہی ہے جو جدید تقاضوں کے مطابق ہے صوبائی وزیر برائے لٹریسی او ر غیر رسمی بنیادی تعلیم پنجاب نے ڈسٹرکٹ جیل اٹک کا دورہ بھی کیا اور وہاں پر قائم تعلیم بالغاں کے سنٹرز کا معائنہ کیا ۔انہوں نے اسیران سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر رسمی تعلیم کے جو سنٹرز اسیران جیل کے لیے قائم کیے گیے ہیں ان سے بہت فائدہ اٹھایا جارہا ہے اور وہ اسیران کی تعلیم و تربیت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں حکومت زندگی کے ہر شعبۂ کے افراد کی بہتری کیلئے انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ وہ پاکستان کے معاون شہری ثابت ہوں اور معاشرے میں مثبت اور تعمیری کردار اداکرسکیں صوبائی وزیر برائے لٹریسی او ر غیر رسمی بنیادی تعلیم پنجاب نے اٹک کے دیگر لٹریسی سنٹرزکا دورہ بھی کیاا ور وہاں موجود طلبہ و طالبات کو بھرپور محنت کرنے کی ہدایت کی تاکہ وہ زندگی میں کامیابیاں ، کامرانیاں حاصل کرسکیں اور پاکستان کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں لٹریسی سنٹرز کے یہ دورے وہ صوبہ بھر میں کر رہے ہیں تاکہ غیررسمی تعلیمی سنٹرز کا جائزہ لیا جاسکے اور انہیں بہتر سے بہتر بنایا جاسکے انہوں نے محکمہ لٹریسی اٹک کی کارکردگی کو سراہااور امید ظاہر کی کہ محکمہ لٹریسی اٹک پورے ضلع میں معیاری تعلیم بلند کرنے کیلئے کوشاں رہے گا ۔ 

اٹک سٹی:گیس لیکج کے باعث دھماکہ ، نوجوان جھلس کر شدید زخمی 
گیس لیکج کے باعث دھماکہ ، نوجوان جھلس کر شدید زخمی ‘تفصیلات کے مطابق اٹک کے گنجان آباد علاقہ پیپلز کالونی نزد مسجد عائشہ کے قریب گھر میں گیس لیکج کے سبب روز دار دھماکہ ہونے کی وجہ سے 45 سالہ محمد اشرف ولد فیروز دین آگ میں جھلس کر شدید زخمی ہو گیا اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ایمبولینس اور فائر ٹیم نے فوراً موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا اور زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک منتقل کر دیا گیا ۔

اٹک سٹی:موجودہ حکومت کی کرپشن کے خلاف نعرے کے باوجود کرپشن میں کمی کی بجائے اضافہ ہوا ہے ؛حاجی محمد افضل 
موجودہ حکومت کی کرپشن کے خلاف نعرے کے باوجود کرپشن میں کمی کی بجائے اضافہ ہوا ہے ،وزیر اعظم کے مشیر موسمیاتی تبدیلی اور ڈپٹی کمشنر کی طرف سے لگائی جانے والی کھلی کچہریوں سے عوام کا کوئی مسئلہ حل نہیں ہوا ،ڈپٹی کمشنر آفس میں گزشتہ ماہ لگائی جانے والی کھلی کچہری 70 ہزار روپے میں پڑی ۔ان خیالات کا اظہار سماجی شخصیت حاجی محمد افضل نے میڈیا سے ملاقات میں کی ہے ،انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کا نعرہ کرپشن ختم کرنے اور کرپٹ لوگوں کے خلاف کاروائی کرنا ہے مگر ابھی تک یہ نعرہ سچ ثابت نہ ہو سکا البتہ کرپشن پہلے سے بڑھ چکی ہے ،تمام محکموں میں باقاعدہ ریٹ مقرر کر دئیے گئے ہیں تجاوزات کے خلاف اے سی محمد عاطف نے بلا تفریق کاروائی کی مگر اب دوبارہ ان کے جانے بعد شہر بھر میں ایک بار پھر تجاوزات دوبارہ شروع کر دی گئیں ہیں اور تجاوزات مافیا کو کوئی پوچھنے والا بھی نہیں ہے ،انہوں نے کہا کہ حکومت کرپشن کے خاتمہ اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کو یقینی بنائے ۔ 

اٹک سٹی:ضلع اٹک کے تمام شادی ہالو ں کو ون ڈش کی پابندی کرنے اور شادی ہال رات 10 بجے تک بند کر نے کا حکم صادر کر دیا گیا
حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کر دہ پنجاب میرج فنکشن ایکٹ مجریہ 2016ء کے تحت ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ خان نیازی نے ضلع اٹک کے تمام شادی ہالو ں کو ون ڈش کی پابندی کرنے اور شادی ہال رات 10 بجے تک بند کر نے کا حکم صادر کر دیا ہے، خلاف ورزی کر نے والے شادی ہالز کے خلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔اس ضمن میں باقاعدہ احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں ڈپٹی کمشنر نے ضلع اٹک کی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سلسلہ میں آگاہ رہیں اور کسی بھی قسم کی قانونی کاروائی سے بچنے کیلئے جاری کیے گئے احکامات کی سختی سے پابندی کر یں ۔ 

اٹک سٹی: انتظامیہ نے ضلع اٹک میں قائم منظور شدہ 26 میرج ہالز کی فہرست جاری کر دی 
حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کر دہ پنجاب میرج فنکشن ایکٹ مجریہ 2016ء کے تحت ضلعی انتظامیہ نے ضلع اٹک میں قائم 26 میرج ہالز کی فہرست جاری کر دی ہے۔ فہرست میں منظور شدہ 14 اور غیر منظور شدہ 12 شادی ہالز شامل ہیں ۔منظور شدہ 14شادی ہالز میں ٹیولپ مارکی اٹک ، شاہ پور ہلز فتح جنگ ، ماشاء اللہ شادی ہال اٹک ، مہریہ مارقی اٹک ، رمضان میرج ہال حسن ابدال ، اسلم میرج ہال حسن ابدال ، روز میرج ہال حسن ابدال ، واصف میرج ہال حسن ابدال ، پیراڈایز میرج ہال فتح جنگ ، ڈی ایونٹ مارکی پنڈی گھیب ، شیخ جی فوڈ مارکی پنڈی گھیب،تار خان شادی ہال پنڈی گھیب ، پیراڈایز میرج ہال پنڈی گھیب،راحت ہوٹل اینڈ میرج ہال پنڈی گھیب شامل ہیں غیر منظور شدہ 12 شادی ہالز میں شیخ جی فوڈز تین میلہ چوک اٹک ، شیش محل مارکی گوندل ، مشل شادی ہال قطبال، حبیب شادی ہال پلیڈر لائن اٹک ، مغل اعظم شادی ہال اٹک ، چھچھ میرج ہال حضرو، تاج محل میر ج ہال فتح جنگ،البرکہ مارکی فتح جنگ ،ا لحفیظ پلازہ میرج ہال پنڈی گھیب ، قصر نور مارکی پنڈی گھیب ، الرحمن شادی ہال گوندل اور ہلٹن مارکی فقیر آباد شامل ہیں ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ خان نیازی نے غیر منظور شدہ شادی ہالز کے مالکان کو ان کی گزارش پر رجسٹریشن کے لیے 7 یوم کی مہلت دی ہے اور 7 یوم کے بعد ایسے شادی ہال جو غیر منظور شدہ ہوں گے ان کے خلاف سخت ترین قانو نی کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ 

حضروسٹی:لاکھوں روپے مالیت کا آتش بازی کا سامان برآمد ‘مقدمہ درج 
لاکھوں روپے مالیت کا آتش بازی کا سامان برآمد ‘مقدمہ درج ، تفصیلات کے مطابق انچارج سٹی چوکی حضرو سب انسپکٹر زبیر حیات نے بینک روڈ سبزی منڈی کے قریب واقع دوکان پر چھاپہ مار کر بھاری مقدار میں آتش بازی کا سامان برآمد کر لیا جس میں 100 گولے ، 34 انار فوارہ ، 8 شرشری بکس معہ 166 شرشریاں ، 60 پھلجڑی سٹکس برآمد کر کے ملزم کے خلاف تھانہ حضرو میں مقدمہ درج کرا دیا ہے ۔ 

اٹک سٹی:تیز رفتار ویگن چلا کر مسافروں کی زندگیاں داؤ پر لگانے والے ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج 
تیز رفتار ویگن چلا کر مسافروں کی زندگیاں داؤ پر لگانے والے ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج ، گاڑی تھانہ میں بند ، تفصیلات کے مطابق ٹریفک وارڈن سٹاف اٹک سب انسپکٹر جواد ملک نے عملہ کے ہمراہ لاری اڈہ پر موجود تھے کہ تین میلہ چوک کی جانب سے تیز رفتار ویگن آئی جسے ڈرائیور وقار احمد ولد اعتبار خان ساکن ملاں منصور تیز رفتاری ، غفلت اور لاپرواہی سے چلا رہا تھا ‘کو گرفتار کر کے اس کے خلاف تھانہ اٹک سٹی میں مقدمہ درج کر کے گاڑی بھی تھانہ میں بند کر دی گئی ہے ۔ 

اٹک سٹی:ضلعی ہیلتھ کونسل اٹک کا اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا 
ضلعی ہیلتھ کونسل اٹک کا اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا ،اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر عشر ت اللہ خان نیازی نے کی، اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سہیل اعجاز کے علاوہ محکمہ صحت کے افسران نے شرکت کی اجلاس میں ضلع بھر میں جاری صحت کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا محکمہ صحت کے افسران نے ڈپٹی کمشنر اٹک کو محکمہ کے متعلق بر یفنگ دی ڈی سی اٹک نے اس موقع پر کہا کہ صوبائی حکومت ضلع اٹک کو صحت کے شعبہ میں ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے اس کے علاوہ ضلع بھر کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور مراکزصحت میں ڈاکٹرز کی کمی اور دیگر ضروریات کو پو را کر نے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ اسفندیا ر بخاری ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک میں اسپیشلسٹ ڈاکٹرز کی کمی کو بھی ہنگامی بنیادوں پر پورا کیا جا رہا ہے ڈی سی نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک اور ضلع بھر کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور مراکزصحت میںآنے والے مر یضوں کا خاص خیال رکھیں اور انہیں ہر ممکن طبی سہولت فراہم کی جائے ۔ 

اٹک سٹی:حکومت عام آدمی کے مسائل اس کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے کوشاں ہے ؛ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ خان نیازی 
ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ خان نیازی نے کہا ہے کہ حکومت عام آدمی کے مسائل اس کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے کوشاں ہے ،وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب کے 36 اضلاع کی طرح اٹک میں بھی ہر جمعۃ المبارک کو ان کی سر براہی میں لگائی جانے والی کھلی کچہری کے انعقاد سے نہ صرف سرکاری محکموں کی کارکردگی میں اضافہ ، عوامی ، سماجی مسائل سے آگاہی کے علاوہ افسران اور عوام کے درمیان حائل خلیج بھی دور کرنے میں مدد ملے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے فاطمہ جناح ہال بلدیہ اٹک میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ضلع بھر کے صوبائی اور وفاقی محکموں کے سربراہان کی کثیر تعداد موجود تھی کھلی کچہری میں شہریوں نے اپنے مسائل زبانی اور تحریری طور پر پیش کیے جنہیں ڈپٹی کمشنر نے بہت توجہ اور خندہ پیشانی سے سن کر بعض پر موقع پر احکامات جاری کیے کھلی کچہری میں محکمہ سوئی گیس ، سی او ہیلتھ اتھارٹی ، ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک غیر حاضر تھے کھلی کچہری میں محمد رمضان ساکن محلہ محمود آباد نے اپنی دوسری بیوی کے بارے میں طویل شکایت کرتے ہوئے کہا کہ اٹک پولیس نے ان کے ساتھ ظلم اور زیادتی کی انتہاء کر دی ان کی دوسری بیوی نے ان کی جانب سے دیا گیا 30 لاکھ روپے کا مکان اپنی بہن کو 4 لاکھ روپے میں فروخت کر دیا نادرا میں جھوٹ بولا کہ وہ کنواری ہے ان کی پہلی بیوی معذور ہے اور دوسری بیوی انہیں 6 مرتبہ جیل بھجوا چکی ہے اور پولیس نے ان کے خلاف 3 مرتبہ مقدمات درج کیے ہیں ان کے مقدمات ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں زیر التوأ ہیں اپنی شکایت بیان کرنے کے دوران کی آنکھوں سے آنسوؤں کی لڑی جاری ہو گئی ڈی سی اٹک نے ان کی تمام باتیں ہمدردی سے سننے کے بعد انہیں اپنے دفتر بلایا ، عبداللہ ساکن محمود آباد نے بھی جو محمد رمضان کے داماد ہیں نے اٹک پولیس کے خلاف شکایت کے انبار لگاتے ہوئے کہا کہ پولیس سفارش کی بنیاد پر ان کے ساتھ ظلم اور زیادتی کر رہی ہے ڈی پی او آفس میں موجود سب انسپکٹر محمد نیاز ان کی ڈی پی او آفس میں آمد پر ان کے ساتھ انتہائی تضحیک آمیز سلوک کرنے کے علاوہ ان کے جانے سے پہلے ڈی پی او کے کان بھی ہمارے خلاف بھر آتے اور ہمیں ڈی پی او بھی اپنے دفتر میں ڈانٹ پیٹ کے نکال دیتے عدالت کے احکامات کے باوجود بھی پولیس ہماری داد رسی کرنے سے معذرت خواہ رہتی اور تھانہ والے واضح کہتے کہ ڈی پی او آپ کے خلاف ہے لہٰذا ہم آپ کی کوئی مدد نہیں کر سکتے اس پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وہ ان کے دفتر آ جائیں وہ انہیں تحریری چھٹی دیں گے اس کی روشنی میں وہ ڈی پی او سے ملاقات کریں کسی کی جرأت نہیں کہ وہ کسی شہری کو دفتر میں ڈانٹ پیٹ کا نشانہ بنا سکے ، ریٹائرڈ ونگ کمانڈر ایم ایم خان نے ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ خان نیازی کے عوام دوست رویہ اور اپنے دروازے ہر خاص و عام کیلئے کھولنے پر ان کا اپنی اور شہریوں کی جانب سے خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ اٹک سے انہوں نے 37 سال مقدمہ لڑ کے سپریم کورٹ سے اس کو کنٹونمنٹ کی حدود سے باہر نکلوا دیا ہے کنٹونمنٹ بورڈ اٹک ایک قبضہ مافیا ہے جس کا مقصد صرف مختلف علاقوں میں سڑکوں کو اپنی حدود میں شامل کر کے بلا وجہ اور ناجائز ٹیکس وصول کرنا ہے ، محلہ محمد نگر موڑ پر جمپ تعمیر کیے جائیں جمپ نہ ہونے کے سبب کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں اور کئی نوجوان معذوری کی زندگی گزار رہے ہیں ، گولڑہ گاؤں کے افتخار احمد نے بتایا کہ ان کا گاؤں اٹک سنجوال روڈ پر واقع ہے جہاں سے لنک روڈ گاؤں 3 کلو میٹر ہے علاقہ میں ریت کی کانیں ہیں اور ہماری روڈ پر ٹنوں کے حساب سے ریت گری ہوئی ہے اصل روڈ چھپ گئی ہے موٹر سائیکل اور چھوٹی گاڑی اس روڈ پر چلانا انتہائی دشوار گزار اور خطرناک ہو چکا ہے 10 ہزار کی آبادی میں سکول کی سہولت موجود نہیں گاؤں کے لوگ جگہ دینے کیلئے تیار ہیں ، جنرل سیکرٹری اٹک پریس کلب رجسٹرڈ ، ایم اے جنرنلزم گولڈ میڈلسٹ پنجاب یونیورسٹی سید قمر الدین اور دیگر شہریوں نے سوئی گیس کے پریشر کے کم ہونے اور سردی کی شدت کے اس موسم میں شہریوں کی تکلیف سے آگاہ کیا تاہم سوئی گیس کا نمائندہ موجود نہیں تھا اسی طرح سماجی کارکن ملک محمد انیس نے شکایت کی کہ ان کا تعلق شکردرہ گاؤں سے ہے جہاں 90 فیصد افراد ’’ ہیپاٹائٹس سی ‘‘ کے مریض بن چکے ہیں گاؤں کی ہر گلی میں 2 سے 3 عطائی ڈاکٹر انسانی جانوں سے کھیلنے میں مصروف ہیں ایک سرنج درجنوں مریضوں کو لگائی جاتی ہے زیر زمین پانی انتہائی آلودہ ہو چکا ہے ہر گھر میں ہیپاٹائٹس کے سبب موت کے سائے منڈلا رہے ہیں حکومتی سطح پر آج تک کوئی توجہ نہیں دی گئی ، سابق سیکٹر ہیڈ اسٹیٹ لائف انشورنس پاکستان ، معروف کالم نگار ملک ممریز خان نے بعض اہم مسائل کی نشاندہی کی جس پر ڈپٹی کمشنر نے فوری عملدرآمد کی یقین دھانی کرائی بعدازاں محکمہ ہیلتھ کے نمائندہ ڈاکٹر محسن اشرف نے کھلی کچہری کے بعد ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ شکردرہ گاؤں میں ہیپاٹائٹس کی مرض اور عطائی ڈاکٹروں کے تدارک کیلئے جلد ہی کاروائی عمل میں لائی جائے گی ، چیئرمین اٹک پریس کلب رجسٹرڈ ندیم رضا خان نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ پریس کلب کی بلڈنگ صحافیوں نے مشترکہ طور پر ضلعی انتظامیہ کے حوالہ کی تھی کسی غیر متعلقہ شخص کو پریس کلب کی بلڈنگ کے حصول کیلئے سیاست چمکانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور وہ وفد کی صورت میں ڈپٹی کمشنر کو ان کے دفتر میں تمام ثبوتوں کے ساتھ حقائق سے بھی آگاہ کریں گے ، ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ خان نیازی نے بتایا کہ یہ دوسری کھلی کچہری ہے پہلی جنڈ میں لگائی گئی اس کے بعد ہر جمعۃ المبارک کو نماز جمعۃ المبارک کے بعد تحصیل صدر مقام یا بڑے دیہات میں کمروں کی بجائے کھلے مقام پر کھلی کچہری لگائی جائے گی تاہم اس میں افسران کی عزت و تکریم کا خیال رکھا جائے گا اور کھلی کچہری میں ان مسائل کو ترجیح بنیادوں پر سنا جائے گا جن میں درخواست دہندہ پہلے سے درخواست دے چکا ہو اور سرکاری محکمہ ان درخواستوں پر عملدرآمد سے گریزاں ہوں ۔ 



















No comments:

Post a Comment