News from Hazro City, Chhachh Valley and District Attock, Updated from Hong Kong.
اٹک سٹی:وزارت داخلہ سینیٹر عبدالرحمن ملک نے ملک حاکمین خان مرحوم کی وفات پر انکے گاؤں شیں باغ آ کر دعائے مغفرت اور تعزیت کی
چیئرمین پی پی پی بلاول زرداری بھٹو اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی خصوصی ہدایت پر سابق وفاقی وزیر داخلہ ، سینٹ میں چیئرمین قائمہ کمیٹی وزارت داخلہ سینیٹر عبدالرحمن ملک نے مرکزی رہنما پی پی پی ، سابق وزیر سینیٹر ملک حاکمین خان مرحوم کی وفات پر ان کے آبائی گاؤں شیں باغ آ کر ان کے بیٹے سابق رکن پنجاب اسمبلی ملک شاہان حاکمین خان سے مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعائے مغفرت اور تعزیت کی سینیٹر عبدالرحمن ملک ، ملک حاکمین خان کی قبر پر گئے اور بلاول بھٹو زرداری ، آصف علی زرداری کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی ، ملک حاکمین خان کے دیگر اہل خانہ اور پارٹی کارکنان سے انتہائی دکھ اور افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے ملک حاکمین خان کی وفات کو پارٹی کا بہت بڑا نقصان قرار دیا ۔اس موقع پر مرکزی سینئر نائب صدر ، فوکل پرسن پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ سپریم کورٹ ، سابق امیدوار قومی و صوبائی اسمبلی ذوالفقار حیات خان اور سردار عرفان جعفر خان ، ضلعی عہدیداران شیخ اشتیاق احمد صدیقی ، محمد فاروق راجپوت ، سابق کونسلر محمد نوید ، ملک ربنواز خان ، اسلام آباد ٹیکسلا کے سینئر صحافی سید رضوان شاہ ، چیئرمین اٹک پریس کلب رجسٹرڈ ندیم رضا خان اور دیگر بھی موجود تھے ۔سینیٹر عبدالرحمن ملک نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آج میں اس عظیم لیڈرکے گھر آیا ہوں جن کو دنیا ملک حاکمین خان کے نام سے جانتی تھی ملک حاکمین خان نے ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے ساتھ نہ صرف وفاداری کی بلکہ ان کی قبروں کے ساتھ بھی وفا کا ناطہ برقرار رکھا اور زندگی بھر پارٹی کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ان کی ثابت قدمی نہ صرف پیپلز پارٹی بلکہ دیگر جماعتوں کیلئے بھی ہمیشہ مشعل راہ رہے گی ۔پیپلز پارٹی کی تاریخ جب بھی رقم کی جائے گی اس میں ملک حاکمین خان کا نام ہمیشہ سنہرے حروف سے لکھا جائے گا اس پر ان کو سلا م پیش کرتے ہیں ا ن کے بیٹے ملک شاہا ن حاکمین خان اسی طرح پارٹی کی خدمت کرتے رہیں گے جس طرح ملک حاکمین خان کیا کرتے تھے رحمن ملک نے کہا کہ پاکستان اس بلیمستان بن چکا ہے حکومت ، اپوزیشن اور سارے لیڈر اس کشتی میں سوار ہو چکے ہیں جب قومیں اس بھنور میں پھنستی ہیں تو نقصان قوم کا ہوتا ہے پاکستان کو مستقبل میں اس بھنور سے نکالنا ہے ہماری اکانومی ڈاؤن ہوتی جا رہی ہے سیاسی حالات اچھے نظر نہیں آرہے قوم کو متحد ہونا پڑے گا انڈیا ، افغانستان اورامریکہ ہمارے در پر کھڑے ہیں ، ہماری حکومت ، اداروں اور پارٹیوں کو مل کر چلنا ہوگا ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی رہنما کی وفات پر صوبائی اور مرکزی قیادت ان کی تعزیت کیلئے نہیں آئی جواب دیتے ہوئے رحمن ملک نے کہا کہ میں یہ پیغام آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو تک پہنچا دوں گا انہوں نے پارٹی قیادت کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے سوال کا جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ تعزیت کے موقع پر سیاسی باتیں مناسب نہیں ہیں ۔
اٹک سٹی:ریلوے حکام نے ضلعی انتظامیہ اٹک کی مدد سے ریلوے کی حدود میں عارضی قائم 100سے زائدجھگیوں کو گرا دیا گیا
سپریم کورٹ اور وزیر اعظم عمران خان کے احکامات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ریلوے حکام نے ضلعی انتظامیہ اٹک کی مدد سے اٹک میں ریلوے کی حدود میں عارضی قائم 100سے زائدخانہ بدوشوں کی جھگیوں کو گرا دیا گیا ،خانہ بدوش اور ان کے معصوم بچے اور بزرگ مرد و خواتین جاڑے کی سرد ترین سخت سردی کی رات میں کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے خانہ بدوشوں کوکوئی متبادل جگہ فراہم نہیں کی گئی،جھگیوں کوگرانے کی نگرانی اسسٹنٹ انجینئر ریلوے میڈم ارسا نے کی اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر اٹک حرا رضوان بھی موجود تھیں ، ریلوے ملازمین ہاتھوں میں ہتھوڑے، کدالیں اور گینتیاں اٹھائے،ساتھ پولیس والے گلے میں مہلک ہتھیار اٹھائے پہنچے ان جھگیوں کو گرانے جہاں مظفر گڑھ، میانوالی، کندیاں، ڈیرہ غازی خان، بھکر اور دیگر علاقوں سے مزدوری کی غرض سے خانہ بدوش آبادہیں او ر دیکھتے ہی دیکھتے خانہ بدوشوں کی جھگیوں کو گرا دیا گیا، ریلوے ملازمین اور پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی انتظامیہ کی جانب سے خانہ بدوشوں کے انخلاء تک آپریشن جاری رکھنے کا اعلان ، خانہ بدوشوں نے وزیر اعظم عمران خان سے متبادل جگہ فراہم کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے خانہ بدوشوں کا تعلق مظفر گڑھ، میانوالی، کندیاں، ڈیرہ غازی خان، بھکر اور دیگر علاقوں سے ہے ، انتظامیہ کی جانب سے کوئی متبادل جگہ فراہم نہیں کی گئی ، قبیلے کے افراد نے مطالبہ کیا کہ ہم کو کچھ مہلت دی جائے تاکہ و ہ اپناسامان او ربچے دوسری جگہ منتقل کرسکیں خواتین نے بتایا کہ انہوں نے تبدیلی کے نام پر عمران خان کو ووٹ دیا مگر ہمارے ساتھ انصاف نہیں ہورہا ۔
اٹک سٹی: امن و امان کے حوالے سے سال 2018 اٹک ضلع کے لیے بہت بہتر ثابت ہوا ، سالانہ رپورٹ
ضلع اٹک پولیس کی 2018 میں شاندار کارکردگی ‘ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف خصوصی مہم اور امن و امان کے حوالے سے سال 2018 اٹک ضلع کے لیے بہت بہتر ثابت ہوا ،گزشتہ سال میں ناجائز اسلحہ کے 622 مقدمات درج کئے جن میں 623 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جنکے قبضہ سے 577 پسٹل 27 ریوالور ، 10 رپیٹر 12 بور ، 22 رائفلز ، 25 کلاشنکوف ، 36 چھریاں / چاقو دیگر اسلحہ میں 62 کاربین و مختلف ناجائز اسلحہ کے علاوہ 43 ہزار 865 گولیاں برآمد ہوئیں ، منشیات کے 552 مقدمات میں 584 ملزمان کو پابند سلاسل کر کے انکے قبضہ سے 475 کلو گرام سے زائد چرس گردہ، 3 کلو گرام سے زائد ہیروئن، 9 کلو افیون، 4567 بوتل شراب کے علاوہ 10 شرابیوں کو پکڑا گیا اسی طرح قمار بازی ایکٹ کے تحت 98 مقدمات درج ہوئے جن میں 756 ملزمان سے ایک کروڑ 35 لاکھ 17 ہزار 790 روپے برآمد کر کے ملزمان کو چالان عدالت کیا گیا مجرمان اشتہاریوں کی گرفتاری کی خصوصی مہم میں 213 گرفتار کئے گئے جن میں کیٹیگری A کے 81 اور کیٹیگری B کے 132 مجرم ا شتہاری شامل ہیں دوسری جانب مقدمات مال کے گینگز ٹوٹل 41 گرفتار کئے جن میں متعدد بیب الصوبائی گینگ بھی شامل ہیں جو ٹوٹل 132 ارکان پر شامل تھے جنکے قبضے سے 74 لاکھ 65 ہزار 500 روپے نقد رقوم، 198 موبائل فونز، 61 موٹر سائیکلز سرقہ شدہ، 03 گاڑیاں سرقہ شدہ، 49 پسٹل، 9 رائفلز، 412 ٹوٹل روند، 8 راس گائے و بھینسیں اور 5 راس بکریوں کے علاوہ طلائی زیورات لیپ ٹاپ و گھریلو استعمال کی بے شمار اشیاء شامل ہیں آئی جی پنجاب پولیس کی طرف سے چلائی گئی خصوصی مہم کے تحت سابقہ ریکارڈ یافتگان کے خلاف کاروائیوں میں 316 سابقہ ریکارڈ یافتگان کو شامل تفتیش کیا گیا 02 ملزمان کیخلاف غنڈا ایکٹ،23 ملزمان کو دفعہ54 ض ف کے تحت اور 38 ملزمان کے خلاف مختلف کلندرہ جات کے تحت کاروائی عمل میں لائی گئی اٹک پولیس کی اس شاندار کاکردگی پر اٹک کی عوام نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک نے بھی اچھی کارکردگی پر افسران و ملازمان کو تعریفی اسناد و نقد رقوم سے نوازا جن سے افسران و ملازمان کے حوصلے مزید بلند ہوئے اور انہوں نے سال رواں میں بھی انہی ہدایات پر عمل پیرا ہو کر اٹک کی عوام کی خدمت کرنے اور انکی جان مال و عزت کی حفاظت کرنے کا عہد کیا ۔
اٹک سٹی:ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی نے ڈسٹرکٹ ہسپتال اٹک کا دورہ کیا
ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی نے ڈسٹرکٹ ہسپتال اٹک کا دورہ کیا ،اس موقع پر ان کے ہمراہ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محسن اشرف ،ایم ایس ڈاکٹراعجاز کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ڈی سی اٹک نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر اعجاز نے انہیں ہسپتال کے آپریشنل امور پر بریفنگ دی ،انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں زیادہ سے زیادہ مریضوں کو مفت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور اس ضمن مریضوں کو کسی بھی قسم کی شکایت کا موقع نہ دیا جائے انہوں نے مختلف وارڈز کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود مریضوں سے ان کو دی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں سوالات کیے اپنے دورے کے دوران انہوں نے کہا کہ حکومت ضلع اٹک کے ہسپتالوں کی حالت بہتر کر نے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اس سلسلہ میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے صحت کے شعبے میں خصوصی اقدامات کا اعلان بھی کیا گیا ہے جس میں ملک بھر کے ہسپتالوں میں ہنگامی بنیادوں پر ترقیاتی کام اور علاج معالجہ کی بہترین سہولیات مہیا کر نے کے اقدامات کیے جائیں گے اس موقع پرڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی نے ہسپتال انتظامیہ کو اپنی کارکر دگی مزید بہتر کر نے کی ہدایات جاری کیں ۔
اٹک سٹی:وزیر اعظم پاکستان عمران خان دنیا بھر میں مقیم تارکین وطن پاکستانیوں کے دلوں کی دھڑکن ہیں ؛ ظاہر خان HK
وزیر اعظم پاکستان عمران خان دنیا بھر میں مقیم تارکین وطن پاکستانیوں کے دلوں کی دھڑکن ہیں ،پاکستان جلد موجودہ معاشی ، اقتصادی اور تجارتی بحران سے نکل آئے گا اور پاک چین دوستی کے سبب دنیا کے سب سے مضبوط معاشی ممالک میں شامل ہو گا ۔رکن قومی اسمبلی میجر طاہر صادق کی وفاقی کابینہ میں شمولیت سے عمران خان کی کابینہ کی کارکردگی کو چار چاند لگ جائیں گے میجر طاہر صادق پاکستان کی وہ سب سے بڑی سیاسی شخصیت ہیں جنہوں نے ایک ہی ضلع میں پونے 4 لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کر کے پاکستان کی 72 سالہ تاریخ میں ریکارڈ قائم کیا ہے ان خیالات کا اظہار ہانگ کانگ میں ڈائریکٹر دانیال گروپ آف کمپنیز ظاہر خان آف فورملی حضرو اور سابق امیدوار پنجاب اسمبلی زبیر خان ایڈووکیٹ ہائی کورٹ نے ڈویژنل سینئر نائب صدر ریجنل یونین آف جنرنلسٹس آف پاکستان راولپنڈی ڈویژن سعید آفریدی کی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ عمران خان جنہیں دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے جس کا ثبوت ان کا دورہ ملائشیا ہے وہاں پاکستانیوں کیلئے ویزہ کی بجائے ایئر پورٹ پر صرف انٹری کا نظام رائج کر دیا گیا ہے اسی طرح سعودی عرب نے 2 ارب ڈالر کی امداد دے کر پاکستان کی معیشت کو مضبوط کیا ہے ترکی میں عمران خان کو غیر معمولی پروٹوکول دیا گیا اسی طرح متحدہ امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کا دورہ پاکستان اور ان کی جانب سے اربوں ڈالر تیل ادھار دینے سے پاکستان کی لڑکھڑاتی معیشت مضبوط اور توانا ہو جائے گی عمران خان نے کرپشن ، بدعنوانی ، قومی خزانے کی لوٹ مار اور سرکاری فنڈز کو شیر مادر کی طرح لوٹنے والوں کو نشان عبرت بنا دیا ہے عمران خان پر ایجنسیوں کے اعلیٰ کار ہونے کے دعویدار اس بات کی وضاحت کریں کہ پاکستان میں جمہوریت کے چیمپیئن ذوالفقار علی بھٹو کس کی گود میں پل کر اقتدار کے ایوانوں میں پہنچے محمد نواز شریف ، بے نظیر بھٹو ، آصف علی زرداری ، مولانا فضل الرحمان سمیت تمام قیادت انہی طاقتوں کی اعلیٰ کار اور منظور نظر رہی ہیں آج یہ کس منہ سے عمران خان کو ہدف تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔
اٹک سٹی:ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی نے پرانے اور مینول اسلحہ لائسنس فوری طور پر معطل کر دئیے ہیں؛ رپورٹ
محکمہ داخلہ حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی نے پرانے اور مینول اسلحہ لائسنس فوری طور پر معطل کر دئیے ہیں اور اب ان کی جگہ نادرا کی جانب سے جاری کر دہ سمارٹ کارڈ رائج کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایسے افراد جنہوں نے اسلحہ لائسنس کے لیے درخواست دی تھی ،ان کو سماعت اور صفائی کا آخری موقع بھی دیا جائے گا اس ضمن میں باقاعدہ احکامات جاری کر دیے گئے ہیں ۔
حضروسٹی:گورنمنٹ گرلز ہائی سکول میں 9th کلاس کیلئے عرصہ دراز سے لیڈی سائنس ٹیچر نہ ہونے کی وجہ سے بچیوں کا مستقبل خطرے میں
ہر سال کئی ارب روپیہ زر مبادلہ بھیجنے والے تارکین وطن کی تحصیل حضرو بنیادی سہولیات کی فراہمی سے محروم شہر کے وسط میں واقع گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر 2 حضرو ( پرانا نواز شریف سکول ) میں 9th کلاس کیلئے عرصہ دراز سے لیڈی سائنس ٹیچر نہ ہونے کی وجہ سے بچیوں کا مستقبل خطرے میں ہے ،امتحان سر پر ہیں اور ان بچیوں کا کوئی پرسان حال نہیں ، ضلعی رہنما تحریک انصاف عمران خان حضروی اور دیگر سیاسی ، سماجی و فلاحی شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے وزیر اعلیٰ ، وزیر تعلیم اور دیگر ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ اس انتہائی اہم مۂلہ کو فوری طور پر حل کیا جائے ۔
اٹک سٹی:ملک حاکمین خان ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ تھے ،ملک حاکمین خان نے سیاست میں بردباری اور رواداری کا ثبوت دیا ؛ لیاقت بلوچ
سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ملک حاکمین خان ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ تھے ،ملک حاکمین خان نے سیاست میں بردباری اور رواداری کا ثبوت دیا ۔انہوں نے ہمارے ساتھ عدلیہ کی بحالی کی تحریک میں اہم کردار ادا کیا ۔وہ مختلف مواقع پر ہمارے ساتھ جیلوں میں بھی اسیر رہے جمہوریت کے لیے ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ملک کا سیاست میں ان کا کردار مثالی رہا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی رہنما پی پی پی سابق وزیر سینیٹر ملک حاکمین خان کی وفات کے سلسلہ میں ان کی رہائش گاہ بلاول سیکرٹریٹ شیں باغ ہاؤس میں ان کے صاحبزادے سابق رکن پنجاب اسمبلی ملک شاہان حاکمین خان سے اظہار تعزیت کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ضلعی امیر جماعت اسلامی سردار امجد علی خان ، ضلعی جنرل سیکرٹری حافظ محمد جنید اور دیگر رہنما بھی موجود تھے لیاقت بلوچ نے مرحوم کے بیٹے ملک شاہان حاکمین خان کو جماعت اسلامی میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ انہیں جماعت اسلامی میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہیں گے ۔
اٹک شہرکے نواحی علاقہ محلہ شیڈ میں امریکن نیشنلنٹی ہولڈر18سال فماس طاہر کی واش روم میں دم گھٹنے سے ہلاک ہو گئی
اٹک شہرکے نواحی علاقہ محلہ شیڈ میں امریکن نیشنلنٹی ہولڈر18سال فماس طاہر کی واش روم میں دم گھٹنے سے ہلاکت ، دروازہ توڑکرلاش ہسپتال منتقل کردی گئی ۔فماس طاہر2 روزقبل اپنی فیملی کیساتھ امریکہ سے پاکستان پہنچیں اور چکوال میں اپنے عزیز کی شادی پر خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ کی شرکت کیلئے آئی تھیں ،شادی کی تقریب کل منعقد ہورہی تھی ، شادی سے قبل فماس طاہر نانا کے گھر پہنچی اور واپس چکوال جانے کے لیے تیار ہونے کے لیے غسل خانے گئی جہاں انسٹنٹ گیزر کی گیس کی وجہ سے بے ہوش ہو کر گرپڑی ،کافی دیر بعد غسل خانے کادروازہ توڑا گیاتو فماس طاہر کی سانس چل رہی تھا،اسے فوری طور پر ریسکیو 1122 کے ذریعہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک منتقل کیا گیا جہاں پہنچ کر وہ دم توڑ گئیں مرحومہ امریکہ میں میڈیکل کی سٹوڈنٹ اور والدین کی اکلوتی بیٹی تھیں ،اطلاع پر ایس ایچ او ماڈل پولیس اسٹیشن اٹک سٹی سب انسپکٹر مظہر حسین موقع پر پہنچے اور تفتیش شروع کردی اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ فماس طاہر نہانے کے غسل خانہ گئی تھیں جس سے اس کی موت واقع ہوئی ہے ۔مرحومہ کے اہل خانہ نے ہسپتال پہنچ کر لڑکی کا پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کر دیا ،قانونی کاروائی مکمل کر کے پولیس نے لاش ورثاء کے حوالہ کر دی جس پر مرحومہ کی میت لے کر ان کے اہل خانہ چکوال کی تحصیل چوآ سیدن شاہ کے گاؤں آرأ بشارت روانہ ہو گئے اور وہاں شادی کی خوشیوں کا گھر ماتم میں تبدیل ہو گیا ۔
ضلع اٹک:ریسکیو 1122 اٹک کی کمیونٹی ٹیم نے فقیر آباد آئل ڈپو میں آگ سے بچاؤ کی فرضی مشق کرائی
ریسکیو 1122 اٹک کی کمیونٹی ٹیم نے فقیر آباد آئل ڈپو میں آگ سے بچاؤ کی فرضی مشق کرائی ،ریسکیو1122 نے ہمیشہ کی طرح محفوظ معاشرے کے قیام کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے ۔اسی سلسلہ میں فقیر آباد میں آئل ڈپو کے ملازمین کو آگ سے بچاؤ کی تربیت دی ،بعد ازاں فرضی ہنگامی صورتحال پیدا کر کے ملازمین کو اپنی مدد آپ کے تحت کی تربیت دی آئل ڈپو کے افسران اور ملازمین نے ریسکیو 1122 کی اس تربیت کو اپنے لئے فائدہ مند قرار دیا ۔
اٹک شہر کے تین میلہ روڈ پر خالد سعید ہسپتال کے سامنے خطرناک ٹریفک حادثہ
اٹک شہر کے تین میلہ روڈ پر خالد سعید ہسپتال کے سامنے خطرناک ٹریفک حادثہ ، راولپنڈی سے آنے والی ہائی ایس نے تیزرفتاری کے باعث آگے جاتی کار کو ٹکر مار دی ، مسافر وین دوسرے روڈ پر سامنے سے آتی ہوئی کیری وین سے جا ٹکرائی ، 2 رکشے اور ایک موٹر سائیکل بھی حادثے کی زد میں آگئے جس کے نتیجے میں کیری وین کا ڈرائیور گاڑی میں پھنس گیا ، اطلاع ملنے پر ریسکیو1122اٹک کی ٹیم فوراً موقع پر پہنچ گئی ۔ ریسکیو اہلکاروں نے ڈرائیور کو انتہائی احتیاط سے گاڑی سے نکال لیا ، حادثے میں 3 افراد زخمی ہوئے جنہیں ریسکیو 1122 نے طبی امداد دینے کے بعد سول ہسپتال اٹک منتقل کر دیا ، زخمیوں میں رکشہ ڈرائیور امتیاز خان ولد جہانداد، موٹرسائیکل سوار نوید ولد سعید اور کیری وین ڈرائیور دانش ولد حسین بیگ شامل ہیں ۔
اٹک شہر میں آئے روز گیس لیکیج کے سبب ہونے والے دھماکوں پر قابو نہ پایا جا سکا
اٹک شہر میں آئے روز گیس لیکیج کے سبب ہونے والے دھماکوں پر قابو نہ پایا جا سکا ،نواحی علاقہ میں گیس لیکج سے دھماکہ خاتون سمیت 2 افراد زخمی خاتون کی حالت تشویشناک ، تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر اٹک علاقہ جمیل ٹاؤن میں واقع گھر میں گیس لیکج کے سبب دھماکہ ہوا جس میں خاتون سمیت 2 افرد زخمی ہو گئے ۔ریسکیو 1122 نے عدنان اور اس کی بیوی پلوشہ کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا زخمیوں کو طبی امداد دی گئی خاتون کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ۔
اٹک سٹی:مشیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کی 24 نومبر کو کھلی کچہری میں عوامی شکایات پر 45 روز بعد اے سی عدالت میں تعینات
مشیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کی 24 نومبر کو کھلی کچہری میں عوامی شکایات پر 45 روز بعد اے سی عدالت میں تعینات ‘دونوں رجسٹری محرر تبدیل ،نوٹیفکیشن جاری ، محمد آصف اور محمد یونس عرصہ دراز سے اے سی عدالت میں بطور جونیئر کلرک تعینات تھے ، فوری طور پر اے ڈی سی ریونیو کو رپورٹ کرنے حکم ، تاحکم ثانی دونوں اہلکار اے ڈی سی ریونیو کے ماتحت کام کریں گے ، ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ نیازی نے تبدیلی کے احکامات جاری کیے ، جونیئر کلرک اے ڈی سی آر راولپنڈی کیمپس فقیر حسین کو چارج دے دیا گیا ، تبدیل ہونے والے دونوں رجسٹری محرر کے خلاف اینٹی کرپشن کیس دائر ہیں ، ان کے خلاف شہریوں نے وزیر پارلیمانی امور کی کھلی کچہری میں بھی شکایت کی تھی ۔
حضروسٹی:چھچھ انٹر چینج کے قریب یاسین چوک لنک کے قریب کارکی تلاشی پر پولیس نے تین کلو چرس برآمد کرلی ‘ دو پٹھان گرفتار
انچارج سٹی چوکی تھانہ حضرو سب انسپکٹر محمد زبیر حیات نے چھچھ انٹر چینج کے قریب یاسین چوک لنک کے قریب کار کو روک کر اس کی جانچ پڑتال کی تو گاڑی کے خفیہ خانوں سے 3 کلو چرس برآمد ہوئی ،کار میں سوار 2 پٹھانوں عاطف اور نوید ساکن نوشہرہ کو گرفتار کر کے ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 9-C ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے انہیں جیل بھجوا دیا گیا ہے ،یاد رہے کہ مذکورہ منشیات سمگر عرصہ دراز سے حضرو کے مختلف علاقوں میں منشیات سپلائی کرتے تھے ۔
اٹک خورد:کے پی کے سے پنجاب پتنگیں اور ڈوریں سمگل کرنے کی کوشش ناکام ، بھاری مقدار میں پتنگیں اور ڈوریں برآمد
کے پی کے سے پنجاب پتنگیں اور ڈوریں سمگل کرنے کی کوشش ناکام ، بھاری مقدار میں پتنگیں اور ڈوریں برآمد ‘ملزم گرفتار مقدمہ درج ، تفصیلات کے مطابق سب انسپکٹر انٹری ایگزٹ پوسٹ تھانہ اٹک خورد اظہار احمد نے عملہ کے ہمراہ پشاور کی جانب سے آنے والی ہائی ایس کی دوران تلاشی 650 پتنگ اور 120 مختلف سائز کی چھوٹی بڑی ڈوریں برآمد کر کے محمد یعقوب میانوالی حال واہ کینٹ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ۔
موضع ہارون(حضرو):موٹر وے سے ملحقہ ہیلی پیڈ پر نامعلوم سفاک قاتل نوجوان کو قتل کر کے فرار ہونے میں کامیاب
موٹر وے سے ملحقہ ہیلی پیڈ پر نامعلوم سفاک قاتل نوجوان کو قتل کر کے فرار ہونے میں کامیاب ‘پولیس نے لاش قبضہ میں لے کر مقتول کے ورثاء کی تلاش کیلئے اشتہار شور و غوغا جاری کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق سب انسپکٹر موٹر وے پولیس محمدصابر نے تھانہ حضرو میں ایف آئی آر درج کرائی ہے کہ دوران گشت وہ صوابی سے چھچھ انٹرچینج آرہے تھے جو ہارون پل کراس کرکے ہیلی پیڈ موٹروے پر انہیں گاڑی کی فرنٹ لائٹ سے لاش پڑی ہوئی نظر آئی نامعلوم مقتول کو کوئی نامعلوم سفاک قاتل فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتارنے کے بعد یہاں پھینک گئے تھے ۔اطلاع پر انچارج ایچ آئی یو سرکل حضرو سب انسپکٹر انجم سہیل نے لاش قبضہ میں لیکر اسے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حضرو سے پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد امانتاً دفن کرنے کے بعد نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ قتل درج اور نامعلوم لاش کی شناخت کیلئے اشتہار شورو غوغا جاری کروایا گیا ہے اس کے ورثاء کی تلاش جاری ہے ۔
اٹک سٹی:شکایات سیل کے حوالہ سے ایک اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا
شکایات سیل کے حوالہ سے ایک اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا،ڈپٹی کمشنر عشر ت اللہ خان نیازی نے اجلاس کی صدارت کی ۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( ریونیو ) شاہد عمران مارتھ ، ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز ، چیف افسران ، سرکاری محکموں کے سربراہان اور دیگر افراد نے شر کت کی ڈپٹی کمشنر ( ریونیو ) شاہد عمران مارتھ نے ڈپٹی کمشنر کو ضلع اٹک کے ہر سرکاری محکموں سے متعلق شکایات پر بریف کیا ڈپٹی کمشنر عشر ت اللہ خان نیازی نے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ حکومت کی ہدایت پر عوامی شکایات کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر اعظم کے دفتر میں سٹیزن پورٹل قائم کیا گیا جس کے ذریعہ عوامی شکایات کا مؤثر ازالہ کیا جارہا ہے ،انہوں نے کہا کہ ضلع اٹک میں قائم شکایات سیل بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے جس کے ذریعہ عوامی شکایات کا جائزہ لے کر انہیں حل کیا جارہا ہے ڈی سی اٹک نے اس موقع پر ضلع بھر کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے محکموں سے متعلق شکایات ترجیح بنیادوں پر حل کر یں اور اس ضمن میں ایک رپورٹ ڈی سی آفس میں بھی ارسال کی جائے ۔
اٹک سٹی:محکمہ مال سے متعلق ایک اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا ‘ڈپٹی کمشنر عشر ت اللہ خان نیازی نے اجلاس کی صدارت کی
محکمہ مال سے متعلق ایک اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا ‘ڈپٹی کمشنر عشر ت اللہ خان نیازی نے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) شاہد عمران مارتھ ، ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز ، اراضی ریکارڈ سنٹرز کے انچارج اور محکمہ مال کے دیگر افسران نے شر کت کی اجلاس میں ضلع اٹک کی ہر تحصیل کے ریونیو معاملات کا جائزہ لیا گیا اس موقع پرڈ پٹی کمشنر عشر ت اللہ خان نیازی نے محکمہ مال کے افسران سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ وہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت دینے کی کو شش کیا کریں تاکہ عوام کا محکمہ مال پر اعتماد بحال ہو اراضی ریکارڈ سنٹرز کے انچارج عوامی خد مت کے لیے کو شاں رہیں اور انہیں چاہیے کہ کم سے کم وقت میں ہر شخص کا مسئلہ حل کیا جائے اور انہیں ہر ممکن سہولت دی جائے انہوں نے کہا کہ وہ ضلع بھر کے اراضی ریکارڈ سنٹرز کی کارکر دگی مانیٹر کر رہے ہیں اور اس کے ساتھ اچانک دورے بھی کر رہے ہیں تاکہ محکمہ مال اور اراضی ریکارڈ سنٹرز سے متعلق عوامی شکایات کا بخوبی جائزہ لیا جاسکے اس موقع پر انہوں نے محکمہ مال کو اپنی کا رکردگی مزید بہتر کر نے کی ہدایت کی ۔
اٹک سٹی:ملک حاکمین خان مرحوم ایک مدبر سیاسی رہنما تھے ،ضلع اٹک کی سیاست میں ان کی وفات سے ایک خلا پیدا ہو گیا ؛جماعت اسلامی
ملک حاکمین خان مرحوم ایک مدبر سیاسی رہنما تھے ،ضلع اٹک کی سیاست میں ان کی وفات سے ایک خلا پیدا ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی ضلع اٹک سر دار امجد علی خان ، نائب امیر ضلع و چےئر مین یونین کونسل شینکہ مولاناجابر علی خان اور ڈپٹی سیکرٹری ضلع و جنرل کونسلر ایم سی اٹک شہاب رفیق ملک کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے شین باغ ہاؤ س میں ضلع اٹک کے نامور سیاستدان اور پیپلز پارٹی کے سابق مر کز ی رہنما سینیٹر ملک حاکمین خان کی وفات پر ان کے بیٹوں سابق ایم پی اے ملک شا ہان خان اور ملک آصف خا ن اور دیگر لواحقین سے اظہا ر تعز یت کیلئے گئے وفد میں ضلعی سیکرٹری جنرل میاں محمد جنید ، امیر جماعت اسلامی پی پی 1 خالد محمو د اور سید ثناء اللہ بخاری بھی شامل تھے امیر ضلع سرادار امجد علی خان نے کہا ملک حاکمین خان مرحوم ایک حقیقی نظریاتی سیاسی رہنما اور علاقہ کے بڑے زمیندار تھے انہوں نے اپنی پوری زندگی نظر یاتی جدوجہد میں گزار دی لوٹا کریسی کو نہیں اپنایا اپنی نظر یاتی جدو جہد میں مشکلات کا بھی سامنا کیا لیکن وہ اپنے موقف پر ڈٹے رہے آخر میں مر حوم کیلئے دعا ئے مغفرت اور لوا حقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔
اٹک سٹی:پنشن کیسز کے حوالہ سے ایک اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( فنانس ) کے دفتر میں منعقد ہوا
پنشن کیسز کے حوالہ سے ایک اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( فنانس ) کے دفتر میں منعقد ہوا ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( فنانس ) و ڈپٹی ڈائریکٹر ( پلاننگ ) جما ل طارق چوہدری نے اجلاس کی صدارت کی ۔اجلاس میں ضلع بھر کے سرکاری افسران اور دیگر متعلقہ افراد نے شر کت کی اجلاس میں سال 2019 ء میں ریٹائرڈ ہو نے والے ملازمین کے پنشن کیسز کا جائزہ لیا گیا اور اس ضمن میں تمام محکموں کو ہدایت کی گئی کہ وہ ان ملازمین کے کیسز جلد از جلد متعلقہ افسران کو ارسال کریں تاکہ ان ملازمین کو ریٹائر منٹ کے وقت کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کر نا پڑے اور ان کو ان کی پنشن بر وقت ملنا شروع ہو جائے ۔اس سلسلہ میں اجلاس کو بتایا گیا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( فنانس ) کے دفتر میں خصوصی ڈیسک بھی قائم کیا گیا ہے اگر کسی بھی پنشنر کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا ہے تو وہ اس ڈیسک سے رابطہ کر سکتے ہیں اس پنشنر ڈیسک کے فوکل پرسن ڈی او آئی پی ڈبلیو ایم ظہیر احمد خان ہیں ۔
اٹک سٹی:بچوں میں غذائیت کی کمی کے حوالہ سے ایک اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا
بچوں میں غذائیت کی کمی کے حوالہ سے ایک اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا،ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ خان نیازی نے اجلاس کی صدارت کی ۔اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محسن اشرف ، ڈی ڈی ایچ اوز اور دیگر متعلقہ افسران نے شر کت کی اجلاس میں شرکاء کو بچوں میں غذائیت کی کمی کے حوالہ سے تفصیلی بر یفنگ دی گئی اور انہیں بتایا گیا کہ خوراک میں غذائیت کی کمی بے حد خطر ناک ہے ، اس ضمن میں حکومت پنجاب خصوصی اقدامات اٹھا رہی ہے ۔اس کے ساتھ والدین کو اس حوالہ سے آگاہ بھی کیا جارہا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو غذائیت سے بھر پو ر خوراک کھلائیں اور انہیں صحت مند بنائیں، اس سلسلہ میں محکمہ صحت خصوصی کردار ادا کر رہا ہے ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ خان نیازی نے اس موقع پر اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ بچوں میں غذائیت کی کمی کے حوالہ سے ضروری ہے کہ محکمہ صحت اور دیگر سٹیک ہولدرز اپنا بھر پور کر دار ادا کر یں اور معاشر ے کو صحت مند بنائیں ۔
اٹک سٹی:تجاوزات اور سرکاری زمینوں پر قبضہ کے حوالہ سے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا
تجاوزات اور سرکاری زمینوں پر قبضہ کے حوالہ سے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا ،ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ خان نیازی نے اجلاس کی صدارت کی ۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ جاوید بھٹی ، ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز،چیف افسران اور دیگر متعلقہ افراد نے شر کت کی اجلاس میں ڈی سی کو تجاوزات اور سرکاری زمینوں پر قبضہ کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ خان نیازی نے کہا کہ ضلع بھر میں تجاوزات اور سرکاری زمینوں کو واگزار کر وانے کیلئے آپریشن جاری ہے اور یہ آپریشن مکمل اہداف کے حصول تک جاری رہے گا اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے ضلع بھر افسران کو ہدایت کی کہ وہ کلین اینڈ گرین پنجاب کے تحت آپریشن جاری رکھیں اور اس ضمن میں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ اعلیٰ حکام کو ارسال کریں ۔
حضرو شہر میں عطائیوں کا راج ، ذمہ دار کون ‘ محکمہ صحت تحصیل حضرو کے افسران کا تحریری شکایات کے باوجود کا رروائی سے گریز
حضرو شہر میں عطائیوں کا راج ، ذمہ دار کون ‘ محکمہ صحت تحصیل حضرو کے افسران کا تحریری شکایات کے باوجود کا رروائی سے گریز ،تفصیلا ت کے مطابق حضرو میں ہر طرف عطائی انسانی جا نوں سے کھیل رہے ہیں اور اس سا رے چکر میں ما ہا نہ کروڑوں رو پے کا ہیر پھیر ہو تا ہے ۔عطائیوں کو کنٹرول کر نے کی ذمہ دا ری سی ای او ہیلتھ اٹک اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر حضرو کی بنتی ہے لیکن مجال ہے کہیں حکومتی رٹ نظر آتی ہو، حضروشہر سمیت ہر گا ؤں میں شام کے وقت عطائی دیدہ دلیری سے انسا نی جا نوں سے کھیلتے ہیں علاقہ کے بچہ بچہ کو معلوم ہے کہ عطائی ڈاکٹر کب آتے ہیں لیکن افسوس کا مقام ہے کہ محکمہ صحت اس سے لا علم ہے یہاں تک تو با ت ٹھیک تھی ۔
اٹک سٹی:ضلع اٹک کے بے سہارا ، غریب اور نادار بچوں کا معاشی و سماجی تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے؛ایمان طاہر
چیئر پرسن ضلع کونسل محترمہ ایمان طاہر نے کہا ہے کہ ضلع اٹک کے بے سہارا ، غریب اور نادار بچوں کا معاشی و سماجی تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ہمارے بچے معاشرے پر بوجھ نہیں بلکہ انہیں تعلیمی و تکنیکی معاونت فراہم کرکے معاشرے کا کارآمد شہری بنایا جا سکتا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس ضلع کونسل میں محکمہ لٹریسی کے زیراہتمام چلنے والے اسکولز میں زیرتعلیم نادار اور مستحق بچوں میں 1500 مفت کاپیاں تقسیم کرنے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے یہ کاپیاں چیف ایگزیکٹو آفیسر محکمہ ایجوکیشن محمد کاشف طاہر اور ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی میمونہ انجم کے حوالہ کیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور محفوظ مستقبل کیلئے تعلیم کا کردار اولین ہے حکومت اس سلسلہ میں اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے سیاست سے ہٹ کر تمام صاحب حیثیت افراد کا فرض ہے کہ آگے بڑھیں اور اس ضمن میں اپنا فعال کردار ادا کریں فلاحی و رفاعی منصوبہ جات سے انشاء اللہ اٹک کے مستحق لوگوں اور عوام الناس کی فلاح و بہود کو یقینی بنایا جائے گا ان کے والد رکن قومی اسمبلی میجر طاہر صادق نے ہمیشہ ضلع کے طول و عرض میں تعلیم ، صحت اور فلاح عام میں گراں قدر رفاعی خدمات سرانجام دی ہیں انہی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ضلع کی عوام کی بھرپور خدمت جاری رکھے ہوئے ہیں اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن کاشف طاہر نے چیئر پرسن ایمان طاہر کی محکمہ تعلیم کیلئے اس مخلصانہ کاوش کو بے حد سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ معاشرے میں تعلیم کو عام کرنے کیلئے سب کو اپنا کردار نبھانا ہوگا ۔
ضلع اٹک:تیز رفتاری کے باعث 52 ہزار لیٹر کروڈ آئل سے بھرا آئل ٹینکر الٹ گیا ؛رپورٹ
تیز رفتاری کے باعث 52 ہزار لیٹر کروڈ آئل سے بھرا آئل ٹینکر الٹ گیا ، ریسکیو 1122 نے مشینری منگوا کر ٹینکر کو سیدھا کیا ، تفصیلات کے مطابق اٹک کی تحصیل فتح جنگ کے علاقہ مگھیاں کے قریب کھوڑ روڈ پر 52 ہزار لیٹر کروڈ آئل سے بھرا ٹینکر ڈرائیور کی غفلت ، لاپرواہی اور تیز رفتاری کے سبب بے قابو ہو کر کھوڑ روڈ سڑک پر الٹ گیا جس کے نتیجہ میں روڈ کے دونوں اطراف میں گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کا عملہ ضلعی انچارج ڈاکٹرمیاں محمد اشفاق کی سربراہی میں فوری طور پر موقع پر پہنچ گیا اور مقامی پولیس بھی آ گئی روڈ کو دونوں اطراف سے بند کرکے پی او ایل کھوڑ سے مشینری منگوا کر آئل ٹینکر کو سیدھا کر کے باہر نکال لیا گیا ۔
اٹک ، حضرو ، حسن ابدال اور کامرہ میںDSLکی شکایات موصول ہونے کے باوجود پی ٹی سی ایل حکام ٹس سے مس نہیں ہوئے ؛رپورٹ
اٹک ، حضرو ، حسن ابدال اور کامرہ میں ڈی ایس ایل کی شکایات موصول ہونے کے باوجود پی ٹی سی ایل حکام ٹس سے مس نہیں ہوئے ، آئے روز ڈی ایس ایل لمٹیڈ سروس کی شکایات نے صارفین کا جینا حرام کر رکھا ہے ۔بھاری بلوں کے عوض سروس نام کی رہ چکی ہے فوری طور پر محکمہ پی ٹی سی ایل کے اعلی حکام اس بارے نوٹس لیں ،تفصیلات کے مطابق اٹک اور گردو نواح کے علاقوں میں ڈی یس سروس کے نام پر عوام کو ذلیل و خوار کیا جانے لگا ۔عرصہ دراز سے پی ٹی سی ایل کے صارفین نے ہمارے نمائندے کو بتایا کہ ہم نے پی ٹی سی ایل ڈی ایس ایل کی وجہ سے لگوا رکھا ہے لیکن ڈی ایس ایل کی سروس مہینے میں دس سے پندرہ مرتبہ خراب ہی رہتی ہے اور پی ٹی سی ایل کے ٹیکنیشن آ کر وقت طور پر ڈی ایس ایل سروس کو بحال تو کر جاتے ہیں لیکن کوئی مستقل بندو بست نہیں کیا جاتا اور ہر ماہ بل بھیج دیا جاتا ہے اوپر سے ستم یہ کہ اگربل جمع کروانے میں دیر ہو جائے تو ڈی ایس ایل سروس بھی معطل کر دی جاتی ہے یہ کہاں کا انصاف ہے ہمارے معمولات کے تمام کام ادھورے رہ جاتے ہیں ،صارفین نے پی ٹی سی ایل کے اعلی حکام سے اس بارے سختی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے کہ ڈی ایس ایل کی لیٹیڈ سروس کا کوئی مستقل بندو بست کیا جائے تا کہ صارفین سکھ کا سانس لے سکیں ۔
اٹک سٹی:اٹک پولیس نے سال 2018 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 41 خطرناک گینگ گرفتار کئے ؛ڈی پی او
ڈی پی او اٹک نے کہا ہے کہ اٹک پولیس جرائم پیشہ افراد کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہو گی ،اٹک پولیس نے سال 2018 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 41 خطرناک گینگ گرفتار کئے ، نیشنل ایکشن پلان،جرائم پیشہ عناصر اور ٹاؤٹ مافیا کیخلاف جہادمسلسل جاری ہے، انہوں نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی اٹک پولیس کو اپنے پہلے پیغام میں واضح ہدایات جاری کیں تھیں کہ کسی جرائم پیشہ کے ساتھ کسی قسم کی کوئی رعائیت نہ کی جائے ۔تھانہ کلچر سے ٹاؤٹ مافیا کو جڑ سے ختم کرکے عوام کو ریلیف دینے، نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک و سماج دشمن عناصر کا قلع قمع کرنے اور عوام الناس کے مسائل کو فوری انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے ہی ہم اپنا فرض ادا کر سکتے ہیں، اسکے ساتھ ساتھ پولیس ڈیپارٹمنٹ و عوام کی ویلفئیر کیلئے ممکنہ حد تک کام کئے جائیں کیونکہ اسی سے ہم اس دنیا میں سرخرو اور آخرت میں اجر پا سکیں گے ۔ڈسٹرکٹ کمانڈر کی ان ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈسٹرکٹ اٹک کی 6 تحصیلوں کے ایس ڈی پی اوز، 14 تھانوں کے ایس ایچ اوز،30 انچارج چوکیات و نفری نے سال 2018 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس سے عوام کو ریلیف اور تحفظ کا احساس ہوا ۔
اٹک سٹی:زراعت کا شعبۂ ایک صنعت کی حیثیت اختیار کر گیا ہے، زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے؛ سید ثمر حسنین
زراعت کا شعبۂ ایک صنعت کی حیثیت اختیار کر گیا ہے، پاکستان میں زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ،زراعت کی صنعت کو ترقی دے کر پاکستان کے جی ڈی پی میں اضافہ کیا جا سکتا ہے اسٹیٹ بینک آف پاکستان زراعت کے شعبۂ کی ترقی کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گا تاہم بینکوں کو بھی چاہیے کہ وہ زراعت ،چھوٹے اور درمیانے درجہ کے کاروباروں کیلئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی موجودہ خصوصی سکیموں کے متعلق عام آدمی تک آگاہی پہنچائیں ۔ان خیالات کا اظہار ایگزیکٹو ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک آف پاکستان سید ثمر حسنین نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زیر اہتمام ملک گیر آگاہی مہم کے سلسلہ میں 22 ویں پروگرام جس کیلئے اٹک کا انتخاب کیا گیا تھا اٹک کے خوبصورت شادی ہال مہریہ مارقی میں منعقدہ آگاہی سیمینار کی صدارت کرتے ہوئے کیا سیمینار کا مقصد عوام بلخصوص چھوٹے اور درمیانہ درجہ کے کاروباری خواتین و حضرات ، زراعت سے منسلک کاروباری حضرات اور کسانوں میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مختلف سکیموں سے متعلق آگاہی پیدا کرنا تھا ایگزیکٹو ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اسٹیٹ بینک کے کردار اور مختلف سکیموں پر تفصیلی روشنی ڈالی تقریب سے سینئر جوائنٹ ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک آف پاکستان محمد ندیم خانزادہ ، جوائنٹ اسٹیٹ بینک محمد اعظم ، اسسٹنٹ چیف منیجر اسٹیٹ بینک آف پاکستان عماد قاصر ، ریجنل ہیڈ نیشنل بینک آف پاکستان مردان سید وسیم اختر ، امریکہ میں مقیم اٹک سے تعلق رکھنے والے بینکار سید عارف نقوی ، ترقی پسند زمیندار سابق ممبر ضلع کونسل احسن خان آف غورغشتی ، چیئرمین اٹک پریس کلب رجسٹرڈ ندیم رضا خان ، شیخ اکرم پیپلز کالونی سید معظم شاہ ، سابق بینکار عبدالغفور بھٹی ، کرم داد آف مرزا ، منیجر الفیصل بینک آصف نذیر اور دیگر نے خطاب کیا اور تجاویز پیش کیں اس موقع پر چیمبر آف کامرس ، مختلف بینکوں کی ریجنل اور مقامی انتظامیہ ، تجارت اور زراعت کے شعبۂ سے منسلک افراد ، میڈیا اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی تقریب میں موجود شرکاء نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی اس احسن اقدام کو سراہتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ مزید ایسے پروگراموں کی فوری ضرورت ہے تاکہ پاکستان کی معیشت مضبوط اور مستحکم ہو سکے اس موقع پر چیئرمین اٹک پریس کلب رجسٹرڈ ندیم رضا خان نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی زراعت کی ترقی کیلئے اس کاوش کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں گراس روٹ لیول تک یہ مفید اور دور رس نتائج کی حامل سکیمیں جو پاکستان کی معیشت کو نہ صرف مضبوط بلکہ توانا بنانے کی ضامن بنیں گی اس کیلئے پہلے مرحلہ میں ضلع کونسل اور دوسرے مرحلہ میں یونین کونسل تک انہیں پہنچانا ہو گا انہوں نے اس مفید اور اہم تقریب میں خواتین کی نمائندگی نہ ہونے پر کہا کہ اٹک میں اٹک وومن چیمبر آف کامرس ، اٹک چیمبر آف کامرس کے مقابلہ میں فعال اور مؤثر کردار ادا کر رہا ہے خواتین کو شامل کیے بغیر اس طرح کی سکیمیں اور زراعت کی ترقی ممکن نہیں انہوں مزید تجویز دی کہ دوسرے مرحلہ میں اس طرح کی تقریبات مرجال فارم کھنڈہ میں 3 تحصیلوں جنڈ ، پنڈی گھیب ، فتح جنگ اور غورغشتی میں احسن خان کے مہجور فارم پر 3 تحصیلوں اٹک ، حضرو اور حسن ابدال کے زراعت اور کاشتکاری سے متعلق افراد کو بلا کر دور رس نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں ۔
اٹک سٹی: عوام کو ریلیف دینا بھی عبادت سے کم نہیں ، تھانوں میں عوام کے ساتھ اچھے اخلاق کا مظاہرہ ہمارا ولین فرض ہے ؛ ڈی پی او
عوام کو ریلیف دینا بھی عبادت سے کم نہیں ، تھانوں میں عوام کے ساتھ اچھے اخلاق کا مظاہرہ ہمارا ولین فرض ہے ۔ان خیالات کا اظہار ڈی پی او اٹک نے اپنے آفس میں طویل عرصہ بعد کھلی کچہری کے انعقاد کے موقع پر کیا ،کھلی کچہری میں انہوں نے عوام کے مسائل سنے اور انہیں موقع پر حل کرنے کے احکامات جاری کئے ۔کھلی کچہری میں پیش ہونے والے افراد نے اپنے اپنے مسائل انہیں بتائے موقع پر ڈی ایس پی سی آئی اے راجہ فیض الحق ، پی ایس او ٹو ڈی پی او سب انسپکٹر عمیر عباس ، او ایس آئی سب انسپکٹر نیاز احمد ، پی آر او ٹو ڈی پی او ، نائب او ایس آئی احمد فہیم خان بھی موجود تھے ۔ڈی پی او نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے تھانہ کلچر کا مکمل خاتمہ کر کے عوام دوست پولیسنگ کو فروغ دینا ہے تا کہ عوام بلا کسی ہچکچاہٹ اور ڈر خوف کے تھانوں کا رخ کریں،کسی پولیس آفیسر کو ہرگز اجازت نہیں ہے کہ کسی بھی آنے والے شخص سے بدتمیزی کرے تھانوں میں اچھے اخلاق کا مظاہرہ کرنا ہمارا اولین فرض ہے آئندہ بھی ایسی کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رہے گا تا کہ عوام اور میرے درمیان کوئی فاصلہ نہ رہے میرے دفتر کے دروازے 24 گھنٹے کھلے ہیں کسی کو کوئی تکلیف پریشانی ہو تو کسی وقت بھی آ کر اپنے مسائل بتا سکتے ہیں ۔
No comments:
Post a Comment