Thursday, January 3, 2019

News from Hazro City, Chhachh Valley and District Attock, Updated from Hong Kong.

News from Hazro City, Chhachh Valley and District Attock, Updated from Hong Kong.


اٹک سٹی:موجودہ حکومت عوامی مسائل حل کر نے کے لیے کو شاں ہے؛ علی محمد خان (وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور )
وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل حل کر نے کے لیے کو شاں ہے، اس ضمن میں تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور ان مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس میں عوامی شکایات سے متعلق اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا ،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ خان نیازی ، ڈی پی او حسن اسد علوی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( ریونیو ) شاہد عمران مارتھ ، ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز اور محکموں کے سر براہان نے شر کت کی ۔اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے علی محمد خان نے کہا کہ ضلع بھر کے تمام افسران کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوامی مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کر یں اور اس سلسلہ میں سائلین کو مکمل سہولت فراہم کر یں افسران کو چاہیے کہ وہ انہیں وی وی آئی پی کی اہمیت دیں تمام محکمہ جات اس سلسلہ میں اپنے دفاتر میں خصوصی ڈیسک قائم کریں اور اس کے ساتھ فوکل پرسن بھی مقرر کر یں جو ان مسائل کو سنے اور ارباب اختیار تک پہنچائے اس کے علاوہ فوکل پرسن متعلقہ اعلیٰ حکام کے ساتھ بھی رابطہ میں رہے اور سائلین کے مسائل حل کر نے کی کوشش کرے عوامی مسائل حل کر نے کے سلسلہ میں تمام محکمہ آگاہی مہم بھی چلائے تاکہ ضلع بھر کی عوام ان سے فوری رابطہ کرے اس ضمن میں مقامی ایم پی اے اور ایم این اے سے بھی مدد حاصل کی جائے اور انہیں بھی اس عمل کا حصہ بنایا جائے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پرعوامی شکایات کے ازالہ کیلئے وزیر اعظم آفس اور وزیر اعلیٰ آفس میں سٹیزن پورٹل قائم کیا گیا ہے جہاں پر روزانہ کی بنیاد پر عوامی شکایات کا جائزہ لیا جاتا ہے اور ان کے حل کیلئے اقدامات کیے جاتے ہیں ضلع بھر کے تمام افسران کو چاہیے کہ وہ روزانہ کم از کم ایک گھنٹہ عوامی شکایات کو سننے اور ان کے ازالہ کیلئے وقف کریں تاکہ عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کی جاسکے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت صرف اور صرف عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور تمام افسران سے امید کر تی ہے کہ وہ اس عظیم مقصد میں حکومت سے بھر پور تعاون کریں گے کیونکہ عوامی مسائل کے حل کے ذریعہ ہی ہمارا ملک پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے عوامی خد مت ہمارے منشور کا بنیادی حصہ ہے اور اس ضمن میں وزیر اعظم عمران خان اور ان کے ساتھی دن رات محنت کر رہے ہیں وزیر مملکت نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ سائلین کے مسائل کم سے کم وقت اور ترجیح بنیادوں پر حل کریں بعد ازاں انہوں نے سائلین کے مسائل توجہ سے سنے اور متعلقہ حکام کو موقع پر ان شکایات کے جلد ازالہ کی ہدایات جاری کیں سائلین سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے کہاعوامی شکایات سیل کی نگرانی وزیر اعظم عمران خان خود کر رہے ہیں انہوں نے اس ضمن میں انہیں ہدایات جاری کر رکھی ہیں کہ وہ خود ملک بھر میں ڈویژنل اور ضلعی سطح پر جاکر عوامی شکا یات سنیں اور ان کے حل کیلئے موقع پر ہر ممکن اقدامات کیے جائیں اس کے ساتھ اس ضمن میں رپورٹ وزیر اعظم آفس میں ارسال کی جائے ۔ 

اٹک سٹی:قتل اور سنگین وارداتوں میں ملوث راولپنڈی پولیس کی حراست سے 5 خطرناک قیدیوں کی فرار ہونیکی کوشش ‘ قتل کا ایک ملزم فرار
قتل اور سنگین وارداتوں میں ملوث راولپنڈی پولیس کی حراست سے 5 خطرناک قیدیوں کی فرار کی کوشش ، تفصیلات کے مطابق پولیس راولپنڈی عدالتوں میں پیشی کے بعد قیدیوں کو واپس اٹک جیل لارہی تھی کہ اٹک واپس آتے وقت جھلا خان چوک کے قریب قیدی آپس میں لڑ پڑے ۔قیدیوں کو چھڑانے کیلئے جوں ہی دروازہ کھولا گیا تو اسی اثناء میں 5 قیدیوں نے پولیس ملازمین کی آنکھوں میں دھول جھونک کر بھاگنے کی کوشش کی ،آر پی او راولپنڈی فیاض احمد دیو کی ہدایت پر ڈی پی او کی زیر نگرانی تھانہ صدر اٹک ایس ایچ او عاطف ستار نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ تمام علاقہ کی ناکہ بندی کر کے 4 قیدی جو سنگین وارداتوں میں ملوث تھے کو ‘جھلا چوک کے قریب سے دوبارہ گرفتار کر لیا گیا جبکہ محسن قتل کے الزام میں زیر دفعہ 302 میں ملوث تھا ،فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ۔فرار ہونے والے مجرم کی تلاش کیلئے تمام علاقہ کی ناکہ بندی کر کے سختی سے ہر آنے جانے والے کی چیکنگ کی جا رہی ہے ۔

اٹک سٹی:ٹریفک قوانین سے آگاہ کرنے کے سلسلہ میں ’’ محتاط ڈرائیونگ ہم سب کی سلامتی ‘‘ کے عنوان سے آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا 
سب انسپکٹر ٹریفک پولیس عابد محمود نے کہا ہے کہ اٹک میں اعلیٰ پولیس افسران کی ہدایت پر ٹریفک قوانین سے آگاہ کرنے کے سلسلہ میں ’’ محتاط ڈرائیونگ ہم سب کی سلامتی ‘‘ کے عنوان سے آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے ،انہوں نے بتایا کہ اس مہم کے سلسلہ میں ٹریفک پولیس عملہ اور گورنمنٹ پائلٹ سکول کے طالب علموں پر مشتمل رضا کاروں نے بلدیہ اٹک سے لے کر مدنی چوک تک نو پارکنگ ایریا میں گاڑی اور دیگر ٹرانسپورٹ کھڑی کرنے پر یہ گاڑیاں کھڑی کرنے والے ڈرائیوروں کی آگاہی کے سلسلہ میں باقاعدہ مہم کا آغاز کر دیا ہے ۔اس سلسلہ میں درجنوں ڈرائیوروں کو جرمانہ کی بجائے انہیں آگاہی دی جا رہی ہے، ڈرائیوروں میں ٹریفک پولیس اور رضاکاروں نے آگاہی پمفلٹ تقسیم کیے جس کی صبح سے شام تک نگرانی ڈی ایس پی ٹریفک چوہدری مسرت عباس نے کی ۔اس موقع پر فوارہ چوک،مدنی چوک،کمیٹی چوک اور سول بازار میں پمفلٹ تقسیم کیے گئے ، پمفلٹس میں ڈرائیونگ کے دوران احتیاطی تدابیر درج تھیں پمفلٹ میں اشاروں کی مدد سے عام شہریوں کو ٹریفک کے اصولوں کی پابندی بھی بتائی گئی جبکہ حد سے زیادہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے سینہ زور اور خود سر ڈرائیوروں کی گاڑیاں غلط پارکنگ پر لفٹر کے ذریعے بھی اٹھائی گئیں اور انہیں جرمانہ ادا کر کے گاڑیاں واپس کی گئیں ۔ 

ضلع اٹک:دوران سفر گہرے نیلے رنگ کی ہائی ایس میں سوار نوسربازوں نے 2 تارکین وطن کو برھان انٹر چینج کے قریب لاکر لوٹ لیا
دوران سفر گہرے نیلے رنگ کی ہائی ایس میں سوار ڈرائیور ، کنڈیکٹر اور ان کے 5 ساتھیوں نے سعودی عرب سے آنے والے 2 تارکین وطن کو گوجرانوالہ ، گجرات کے بجائے گاڑی برھان انٹر چینج کے قریب لا کر تارکین وطن کی سالوں کی محنت پر مشتمل لاکھوں روپے کی اشیاء لوٹ کر فرار ، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ۔تفصیلات کے مطابق محمد افضل ولد نذیر احمد سکنہ خاص دھارووال تحصیل وزیر آباد ضلع گوجرانوالہ نے تھانہ صدر حسن ابدال میں تحریری درخواست دی کہ وہ 1 سال بعد سعودی عرب سے چھٹی لیکر اپنے ساتھی علی حسن ولد غلام حسین سکنہ کوٹلہ قاسم لالہ موسیٰ ضلع گجرات کے ساتھ سعودی عرب سے راولپنڈی پہنچا اور منڈی موڑ سے گجرات گوجرانوالہ جانے کیلئے گہرے نیلے رنگ کی ہائی ایس میں بیٹھے اور ہائی ایس میں پہلے سے 7 افراد بیٹھے ہوئے تھے ،ہمیں راستوں سے واقفیت نہ تھی جسکی وجہ سے گاڑی والا ہمیں جی ٹی روڈ سے لیکر حسن ابدال کی طرف آگیا اور موٹر وے پل انٹرچینج برہان پہنچ کر ہماری سیٹ سے پیچھے بیٹھے 3افراد نے ہم دونوں کے سروں پر کپڑے ڈال لیا اور ہماری ساتھ بیٹھے کنڈیکٹر نے میری جیب سے اور علی حسن کی جیب سے رقم اور میرے 4 عدد قیمتی موبائل اور علی حسن سے 3 قیمتی موبائل زبردستی چھین لئے ، ہمارے 4 عدد قیمتی سامان کے بیگ بھی چھین لئے اور ہمیں گاڑی سے نیچے اتار دیا اور گاڑی بھگا کر لے گئے ۔ڈکیتی کی اس واردات کی اطلاع انچارج چوکی برہان کو دی گئی پولیس تھانہ صدر حسن ابدال نے نامعلوم ہائی ایس ڈرائیور کنڈیکٹر اور 5 دیگر نامعلوم ملزمان جو ہائی ایس میں سوار تھے ‘کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے ۔مقدمہ کے اندراج کے بعد اے ایس پی /ایس ڈی پی او سرکل حسن ابدال اظہر خان نے فوری ایس ایچ او تھانہ صدر حسن ابدال کی زیر نگرانی ٹیم تشکیل دیکر انکو ٹاسک دیا کہ وہ نا معلوم ملزمان کو ٹریس کر کے انکے قبضہ سے مال مسروقہ برآمد کریں ۔ 

اٹک سٹی: نامعلوم کنواری ماں اپنا گناہ کچرے کے ڈھیر میں پھینک گئی ، مردہ حالت میں کچرے کے ڈھیر سے ملنے والے بچے کو دفن کر دیا گیا 
نامعلوم کنواری ماں اپنا گناہ کچرے کے ڈھیر میں پھینک گئی ، مردہ حالت میں کچرے کے ڈھیر سے ملنے والے بچے کو مقامی قبرستان میں دفن کر دیا گیا ۔پولیس تھانہ اٹک سٹی نے رپٹ درج کر لی ، تفصیلات کے مطابق اٹک کے گنجان آباد رہائشی علاقہ محلہ بجلی گھر کے خالی پلاٹ کے کچرا کے ڈھیر سے نومولود بچے کی لاش ملی جسے کوئی نامعلوم کنواری ماں پھینک گئی تھی ،جاڑے کی سرد راتوں میں زندہ نومولود بچہ سردی کی شدت برداشت نہ کر سکا اور جان کی بازی ہار گیا ۔اس کی لاش رات بھر کچرے کے ڈھیر پر پڑی رہی ‘صبح لوگوں نے دیکھا تو اسے اٹھا کر پولیس کو اطلاع کرنے کے بعد بجلی گھر محلہ کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ،پولیس تھانہ اٹک سٹی نے رپٹ درج کر کے نامعلوم کنواری ماں کی تلاش شروع کر دی ہے ۔ 

حضروسٹی: تحریک انصاف کی حکو مت میں کسان کا برا حال ، کھا د اور اسپرے کی قیمتوں میں 50 فیصد اضا فہ ،بیج کی قیمتوں میں بھی اضا فہ
تحریک انصاف کی حکو مت میں کسان کا برا حال ، کھا د اور اسپرے کی قیمتوں میں 50 فیصد اضا فہ ، سبزی کے بیج کی قیمتوں میں بھی اضا فہ ، کسا نوں کی عمران خان سے قیمتوں پر مؤثر کنٹرول کی اپیل ‘تفصیلا ت کے مطابق جو لا ئی میں سو نا یو ریا کی بو ری کا ریٹ 1300 رو پے تھا جو اب 50 فیصد اضا فہ کے سا تھ 1850 رو پے کا ہو گیا ہے اور اسی طرح 8 کنال زمین پر سپرے کر نے کا خرچہ 400 رو پے آتا تھا جو اب 800 رو پے کا ہو گیا ہے ،یہ 100 فیصد اضا فہ ہے۔ یہی حال سبزی کے بیج کی قیمتوں کا ہے جس کی وجہ سے عام کسان بے چا رہ پس کر رہ گیا ہے ،اگر یہی حال رہاتو کسان تباہ وبربادہو جا ئے گا ۔لو گ کا شتکا ر ی سے تنگ آگئے ہیں اگر کاشتکار نے یہ کام چھوڑ دیا تو ملک کی زراعت کا کیا ہوگا، اس با رے میں حکو مت کو سو چناچا ہیے قیمتوں میں جو ہو شربا اضافہ ہوا ہے ،اس سے مالدارطبقے کو تو فرق نہیں پڑتا لیکن پا کستان کے 80 فیصد غریب طبقہ کا برا حال ہے ۔عام کسان مہنگائی کے ہا تھوں بے بس ہو گیا ہے ،کسانوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے اپیل کی ہے کہ قیمتوں پر حکومت مؤثر کنٹرول کرے اور حکومت اس چیلنج کیلئے اپنی پو ری توانا ئی صرف کر ے ۔ 

حضروسٹی:گیس اور بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ‘گیس کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے گھروں کے چولہے بند 
گیس اور بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ‘گیس کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے گھروں کے چولہے بند ،خواتین کو امور خانہ داری میں مشکلات کا سامنا ‘دس دس گھنٹے بجلی بھی بند عوام کی مشکلات میں دن بدن اضافہ ۔ اٹک، حضرواور گردونواح میں بجلی غیراعلانیہ بدترین لوڈشیڈنگ ہرآدھے گھنٹے بعد بجلی کے بریک ڈاؤن سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے ،بجلی کی بندش سے عوام کوپانی کی قلت کا بھی سامنا ہے ۔ 

حضرو شہرکے میڈیکل سٹوروں سے کوالیفا ئیڈ پر سن غائب ، عطائیوں کا راج ، محکمہ صحت کی مجر ما نہ خا مو شی ؛رپورٹ
حضرو شہرکے میڈیکل سٹوروں سے کوالیفا ئیڈ پر سن غائب ، عطائیوں کا راج ، محکمہ صحت کی مجر ما نہ خا مو شی ، میڈیکل سٹور کی آڑ میں عطائیت ، سٹور کے سا تھ والی دکان عطائیت کا اڈہ ، در میان میں الما ری کی شکل میں دروازے ‘تفصیلا ت کے مطابق حضرو شہر اور گردونواح میں اکثر میڈیکل سٹوروں سے کوالیفائیڈ پر سن غا ئب ہیں ،صرف خا نہ پُری کیلئے کوالیفا ئیڈ پر سن کا نام کا غذات میں ہو تا ہے جبکہ کوالیفا ئیڈ پر سن سٹوروں پر آتے ہی نہیں ‘صرف نام استعمال کر نے کا معاوضہ لیتے ہیں اور محکمہ صحت کے افسران کو اس کامکمل علم ہو تاہے لیکن اس معاملہ میں انہوں نے مجر ما نہ خاموشی اختیا ر کر رکھی ہے جو افسر اس با ت کو رد کر تا ہے ‘ہم اس کو چیلنج کرتے ہیں کہ آپ ہما رے سا تھ وزٹ کر یں ہم آپ کو بتا ئیں گے کہ ما رکیٹ میں اصل پو زیشن کیا ہے ،اس کے علاوہ عطا ئیوں نے میڈیکل سٹور کے سا تھ ایک اور دکان کرایہ پر لے رکھی ہو تی ہے جہاں کلینک میں عطائیت جا ری ہو تی ہے اور میڈیکل سٹور اور دو سری دکان کے بیچ میں در وازہ بھی ہو تا ہے جس کو الما ری کی شکل دے رکھی ہو تی ہے اور اسی الما ری نما دروازے سے عطائیت کا دھنداجاری رہتا ہے ،اس کے علاوہ حضرو کے ہر دیہا ت میں سینکڑوں عطائی شام کو کھلے عام دھندا کر تے ہیں جس کا محکمہ صحت کے افسران کو بخو بی علم ہے ،اگر کو ئی انکا ر کر ے تو ہم بتائیں گے کہ کہاں کہاں عطائیت ہو رہی ہے ،اصل مسئلہ یہ ہے کہ محکمہ صحت کے افسران کی ملی بھگت سے یہ کھیل جار ی ہے ‘ورنہ یہ کیسے ممکن ہے کہ گاؤں میں ایک دس سال کے بچے کوبھی جعلی ڈاکٹروں کاعلم ہو تا ہے لیکن لاعلم ہیں تو محکمہ صحت کے افسران لاعلم ہیں جن کی ڈیوٹی ہے کہ وہ با خبر بھی رہیں اور کارروائی بھی کریں ،اس سا ری صو رتحال کا افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ عطائی سر عام انسانی جا نو ں سے کھیل رہے ہیں اور الٹی سیدھی دوائیاں دے کر مریضوں کی صحت بر باد کر رہے ہیں ۔ 

اٹک سٹی:ریسکیو 1122 اٹک کو 2018 میں کل 2 لاکھ 94 ہزار 800 کالز موصول ہوئیں جن میں 14 ہزار کے ایمرجنسی کی اطلات تھیں 
ریسکیو 1122 اٹک کو 2018 میں کل 2 لاکھ 94 ہزار 800 کالز موصول ہوئیں جن میں 14 ہزار کے ایمرجنسی کی اطلات تھیں جن پر ریسکیو 1122 کے عملہ نے بروقت کاروائی کی ۔ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر میاں محمد اشفاق نے ریسکیو 1122 اٹک کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے بتایا کہ سال 2018 ء میں ریسکیو 1122 اٹک کو 2 لاکھ 94 ہزار 800 کالز موصول ہوئیں جن میں 14 ہزار ایمرجنسی کالز تھیں ایمرجنسی کالز میں 2 ہزار 437 روڈ ٹریفک حادثات ، 9 ہزار 90 میڈیکل ایمرجنسی ، 196 آگ لگنے ، 184 کرائم ، 43 ڈوبنے اور 1 ہزار 476 مختلف نوعیت کی ایمرجنسی تھیں ،ڈاکٹر میاں محمد اشفاق نے کہا کہ ریسکیو 1122 نے اپنی بروقت جائے حادثہ پر پہنچنے کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ہر ایمرجنسی پر اوسطاً 5 منٹ 36 سیکنڈ میں رسپانس دیا ریسکیو 1122 نے کل 14 ہزار 435 مریضوں کو مدد فراہم کی جن میں 1 ہزار 732 مریضوں کو موقع پر طبی امداد دی گئی اور 12 ہزار 565 مریضوں کو طبی امداد دے کر ہسپتالوں میں منتقل کیا جن میں 138 افراد جاں بحق ہوئے انہوں نے کہا کہ مریضوں کی ہسپتال منتقلی سروس میں 
ریسکیو 1122 نے کل 4 ہزار 917 مریضوں کو راولپنڈی کے مختلف سرکاری ہسپتالوں میں شفٹ کیا ۔ کمیونٹی سیفٹی ونگ میں ریسکیو کے اہلکاروں نے ضلع اٹک کی 66 یونین کونسلوں میں فرسٹ ایڈ کی تربیت کرائی جن میں 2 ہزار 486 افراد نے حصہ لیا ریسکیو 1122 نے ضلع بھر کے 100 سے زائد سکولوں میں سیفٹی پروگرام کا انعقاد کیا اس موقع پر ڈاکٹر میاں محمد اشفاق نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریسکیو 1122 کے اہلکار ہمیشہ کی طرح کسی بھی سانحہ ، حادثہ اور آفات سے نمٹنے کیلئے ہر وقت تیار ہیں ۔ 

اٹک سٹی:ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن نے ضلعی انتظامیہ کی ناقص ایڈمنسٹریشن اور بلدیہ اٹک کی مس مینجمنٹ کا پول کھول دیا
ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن نے ضلعی انتظامیہ کی ناقص ایڈمنسٹریشن اور بلدیہ اٹک کی مس مینجمنٹ کا پول کھول دیا، تفصیلات کے مطابق چند سال قبل اقتدار کی نچلی سطح تک منتقلی کے نظام میں اس وقت کے ضلع ناظم میجر طاہر صادق کی ہدایت پر تحصیل ناظم قاضی خالد محمود نے موجودہ بلدیہ اٹک کے عقب میں وسیع و عریض پلاٹ جو لالہ زار گراؤنڈ سے متصل ہے میں سستا بازار لگوایا اور یہاں تمام تاجروں کو بلا معاوضہ جگہ فراہم کی گئی چند تاجر یہاں سے اپنی دکانیں سب لیٹ کر کے ماہانہ غیر قانونی طور پر 15 سے 20 ہزار روپے کما رہے تھے سپریم کے احکامات کے تحت کیے گئے آپریشن کا سب سے بڑا نزلہ یہاں اور لیڈیز پلازہ کے ساتھ سبزی فروٹ کی دکانوں پر پڑا اور ان دونوں جگہوں کو ضلعی انتظامیہ اٹک جس میں افسران اپنے دفاتر سے باہر نکلنا اپنی شان کے خلاف تصور کرتے ہیں تمام انتظامی فیصلے دفاتر میں بیٹھ کر کرنے کی دیرینہ روایت افسر تبدیل ہونے کے باوجود تبدیل نہیں ہوتی اور انہی طور طریقوں اور افسرانہ ٹھاٹ باٹھ کا مظاہرہ بھی آپریشن میں کیا گیا جو صرف غریب ریڑی بانوں کے خلاف مؤثر ثابت ہوا اور با اثر تاجر اس سے بری الزمہ ٹھرے جبکہ شہر کی تقریباً تمام مساجد جو اپنی حدود سے آگے ہیں میں کاروائی صرف جامع مسجد حنفیہ سول بازار اٹک کے زینوں اور سامنے موجود دکانوں پر کی گئی انہیں توڑنے کے بعد مدنی چوک کے قریب امام بارگاہ پنجتنی جانے والے اسسٹنٹ کمشنر کو منہ توڑ جواب دیا گیا اور کہا گیا کہ امام بارگاہ پنجتنی کا یہ بلڈنگ لائن سے 15 فٹ آگے تھڑا برقرار رہے گا اور آپ اٹک نہیں رہو گے اور رکن پنجاب اسمبلی سید یاور بخاری نے ان کا تبادلہ لاہور کرا دیا غریب سبزی فروٹ اور مرغ فروشوں نے آپریشن کے بعد اپنی دکانیں سڑک کی دونوں جانب سجا لی ہیں جس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے بلکہ پیدل چلنا بھی محال ہو گیا ہے ریڑی بانوں اور شہریوں نے کہا کہ ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن مؤثر طریقہ سے نہ کرنا ضلعی انتظامیہ اٹک کی ناقص ، گڈ گورنس کا منہ بولتا ثبوت ہے سپریم کورٹ ، ضلعی انتظامیہ اٹک سے اس سلسلہ میں جواب طلب کرے ۔ 

اٹک سٹی:مہر یہ ٹاؤن کے ایک گھر میں شارٹ سرکٹ کے باعث آتشزدگی 52 سالہ خاتون جھلس کر جابحق
مہر یہ ٹاؤن کے ایک گھر میں شارٹ سرکٹ کے باعث آتشزدگی 52 سالہ خاتون جھلس کر جابحق ‘ریسکو 1122 کا عملہ موقع پر پہنچ گیا ۔تفصیلات کے مطابق 52 سالہ سلوت جان زوجہ احسان شارٹ سرکٹ کے باعث گھر میں لگنے والی آگ میں شدید بری طرح جھلس کر جان کی بازی ہار گئی جبکہ اس کا بیٹا اپنی ماں کو بچاتے ہوئے خود بھی جل کر شدید زخمی ہو گیا ریسکو 1122 کو اطلاع ملی کہ مہریہ ٹاؤن پرائیویٹ لمیٹڈ میں شارٹ سرکٹ کے باعث گھر میں آگ لگ گئی جس پر ریسکیو 1122 کا عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گیا اور عملہ نے آدھے گھنٹے کے آپریشن کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا آگ میں جھلسی ہوئی لاش کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک منتقل کر دیا گیا اور زخمی کو سی ایم ایچ اٹک منتقل کر دیا گیا ۔ 

اٹک سٹی:53 سالہ شخص کی لاش برآمد ریسکیو 1122 نے پوسٹ مارٹم کیلئے لاش ہسپتال منتقل کر دی گئی
53 سالہ شخص کی لاش برآمد ریسکیو 1122 نے پوسٹ مارٹم کیلئے لاش ہسپتال منتقل کر دی ، تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر اٹک کے علاقہ محلہ مسکین آباد شیں باغ سے 53 سالہ سکندر حیات ولد کرم شیر ساکن نزد ناز سینما محلہ کاملپور سیدان اٹک کینٹ جو ملتان خورد ، تلہ گنگ ضلع چکوال کا مستقل رہائشی ہے کی لاش برآمد ہوئی ۔اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ایمبولینس فوراً موقع پر پہنچ گئی ،جامہ تلاشی پر اس کی شناخت جیب میں موجود شناختی کارڈ سے ہوئی ۔لاش کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا اور ریسکیو 1122 کے عملہ نے اس کے لواحقین کو بھی اطلاع دی جو ہسپتال پہنچ گئے پولیس نے رپٹ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔ 

ضلع اٹک: انچارج پٹرولنگ پوسٹ مٹھیال سب انسپکٹر محمدسعید نے عملہ کے ہمراہ دسمبر کے دوران متعدد ڈرائیورز پر جرمانہ عائد کیا؛رپورٹ
ایس ایس پی پٹرولنگ راولپنڈی ریجن راجہ شاہد نذیر کی خصوصی ہدایت پر ڈی ایس پی پٹرولنگ اٹک بابر ممتاز کی زیر نگرانی انچارج پٹرولنگ پوسٹ مٹھیال سب انسپکٹر محمدسعید نے عملہ کے ہمراہ دسمبر کے دوران تیز رفتاری و غفلت برتنے ، سرخ رنگ کی غیر نمبر پلیٹ لگانے ، غیر معیاری و ناقص سی این جی سلینڈر نصب کرنے پر 6 ملزمان کو گرفتار ، 23 مسافروں کو دوران سفر مدد ، سست رفتار چلنے والی 12 گاڑیوں پر لفیکٹر چسپاں کیے 262 بغیر کاغذات موٹر سائیکلوں کو 115 ایم وی او اور 44 بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکلوں کو آرٹیکل 134 پولیس آرڈر کے تحت اور 2 کاریں 550 ضابطہ فوجداری کے تحت قبضہ میں لیں 2 ناجائز تجاوزات ہٹائیں ، 12 کم عمر ڈرائیوروں ،38 دھواں چھوڑنے والی اور 35 گاڑیوں کو سنگل لائٹس کے استعمال پر بھاری جرمانہ کیا ۔

کامرہ کینٹ: گھر کے باہر کھڑی کار نامعلوم چور چرا کر لے گئے 
گھر کے باہر کھڑی کار نامعلوم چور چرا کر لے گئے ،تفصیلات کے مطابق محمد نعیم ولد محمد داؤد ساکن برٹش ہومز اسلام آباد نے تھانہ حضرو میں ایف آئی آر درج کرائی ہے کہ وہ کامرہ قطبہ مارکیٹ میں کاروبار کرتا ہے اور اس کی رہائش بھی وہیں ہے ،انہوں نے اپنے ذاتی استعمال کیلئے کار گھر کے سامنے کھڑی کی تھی جسے 9 دسمبر کو نامعلوم چور چرا کر لے گئے ۔گاڑی میں 2 موبائل فون بھی پڑے تھے ،پولیس نے زیر دفعہ 381-A ت پ کے تحت مقدمہ درج کر لیاہے، تفتیش اے ایس آئی عارف جہانگیر کر رہے ہیں ۔ 

اٹک سٹی:پنجاب حکومت کی محکمہ تعلیم سے بے حسی‘ ذہین طالبات کو تاحال وظائف نہ مل سکے 
پنجاب حکومت کی محکمہ تعلیم سے بے حسی‘ ذہین طالبات کو تاحال وظائف نہ مل سکے ،تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ( ن ) کی حکومت کے جاری کردہ پیف فنڈز منظور ہوئے تاہم عملاً چیک جاری نہ ہو سکے ۔گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج اٹک کی طالبات کے منظور شدہ وظیفہ کی رقم تاحال جاری نہ ہو سکی ،پیف کے دفتر سے معلوم ہوا کہ فنڈز نہیں آئے ہیں جب آئیں گے تو وظیفے کے چیک فوری طور پر جاری کر دیئے جائیں گے ۔طالبات کے والدین نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے مطالبہ کیا ہے کہ تعلیمی سال ختم ہونے والا ہے لہٰذا ذہین طالبات کے قوائد کے تحت چیک فوری جاری کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں ۔ 

اٹک سٹی:نوجوان ہی اسلامی تحریک اورپاکستان کامستقبل ہیں ،عوام حکومتی کارکاردگی کے حوالے سے مایوسی کا شکا ر ہیں ؛ ڈاکٹر طارق سلیم
امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ نوجوان ہی اسلامی تحریک اورپاکستان کامستقبل ہیں ،عوام دن بدن حکومتی کارکاردگی کے حوالے سے مایوسی کا شکا ر ہوتے جارہے ہیں ۔کرپشن نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کرکے رکھ دیا ہے احتساب سب کا اور بلا امتیاز ہونا چاہیے ،جماعت اسلامی ملک میں قرآن وسنت کے نظام کو عملانافذ کرنے کی جدوجہد جاری رکھے گی ،کارکنان کو چاہیے کہ وہ اپنی اصلاح کے ساتھ ساتھ ’’اصلاح معاشرہ ‘‘پربھی گہری نظر رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ضلع اٹک اجتماع امیدوارن وکارکنان سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا، صدارت امیرجماعت اسلامی ضلع اٹک سردار امجد علی خان نے کی اجتماع سے سابق ناظم اعلی اسلامی جمعیت طلبہ زبیر صفدرنائب امیرضلع و چےئر مین یوسی شینکہ مولاناجابرعلی خان ضلعی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی گجرات ڈاکٹرخالدمحمود ثاقب میا ں محمد جنید، مولاناعمروقاص اور مولانامحمد اسلم ہاشمی نے بھی خطاب کیا اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پنجاب اقبال خان ، سابق امیدوار پی پی ون محمداقبال ملک ،ڈپٹی سیکرٹری ضلع و جنرل کونسلرایم سی اٹک شہاب رفیق ملک ،خالدمحمود ،محمد بشیرچغتا ئی اورسید ثناء اللہ بخاری بھی موجود تھے امیر پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا جماعت اسلامی ایک دینی سیاسی جماعت ہے ہمیں ایسے افراد کی ضرورت ہے جو اللہ کے دین کی سربلندی کے لےئے ہمہ وقت مصروف عمل ہوں اور زہدوتقوٰی ان کا خاصہ اوروہ اپنی ذمہ داری کومحسوس ، تنظیم کومضبوط اور استحکام بخشنے والے ہوں انہوں نے کہا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کی جانے والی پہلی مملکت ہے موجودہ حکمران نے پاکستان کومدینہ کے طرزپر ماڈلی ریاست بنانے کا اعلان توخوش آئندبات ہے لیکن عملااس طرف کوئی قدم نہ اٹھانا تشویشناک ہے احتسا ب صرف اپوزیشن کا نہیں بلا امتیا ز سبھی کا ہونا چا ہیے اسے محدود کرکے حکومتی رویہ غیر منصفانہ ہی نہیں بلکہ غیرجمہوری بن گیا ہے عوام ریلیف کے لیے حکومت کی طرف دیکھ رہے ہیں انہیں مہنگائی ، بے رو ز گاری اور حقوق کی پامالی کے سوا کچھ نہیں ملا سیکولرزم اور فحاشی کو بے لگام کر دیاگیا ہے پاکستان کلمہ طیبہ نام پر بنا تھا اسی کے نام پرقائم رہے گا فحاشی وعریانی اورسیکولرزم کی یہاں کوئی گنجائش نہیں پاکستانی آئین میں مقدس شقوں کی تبدیلی کسی صورت برداشت نہیں ہوگی کارکنان کو چاہیے کہ وہ اپنے روابط بڑھائیں اورتیز کر دیں ۔ 

اٹک سٹی:پی ایس ٹی اور ای ایس ٹی اساتذہ کو فوری طور پر اپ گریڈ کیا جائے ،اساتذہ کیساتھ امتیازی سلوک رکھا جارہا ہے ؛شاہ رفیع الد ین 
پی ایس ٹی اور ای ایس ٹی اساتذہ کو فوری طور پر اپ گریڈ کیا جائے ،عرصہ دراز سے پی ایس ٹی اور ای ایس ٹی اساتذہ سے امتیازی سلوک روا رکھا جارہا ہے ۔پرائمری ایلیمنٹری ٹیچرز ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر شاہ رفیع الدین اور صوبائی سیکرٹری جنرل وقاص خان کی میڈیا سے گفتگو شاہ رفیع الدین نے بتایا کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ پی ایس ٹی اور ای ایس ٹی اساتذہ عرصہ دراز سے اپ گریڈیشن کا مطالبہ کر رہے ہیں مگر ان کی شنوائی نہ ہورہی ہے ۔حکومت پنجاب فوری طور پر ان اساتذہ کی اپ گریڈیشن کے احکامات جاری کرے وقاص خان نے کہا کہ اگر حکومت نے اساتذہ کے مطالبات پر کان نہ دھرے تو ہم احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیں گے ۔ 

اٹک سٹی:تحریک انصاف کی حکومت کا کوئی ایجنڈہ نہیں ‘محمد نواز شریف ، شہباز شریف محسن پاکستان ہے ؛ شیخ سلمان سرور
تحریک انصاف کی حکومت کا کوئی ایجنڈہ نہیں ‘محمد نواز شریف ، شہباز شریف محسن پاکستان ہے ،غریب عوام کے دکھ درد کو سمجھتے ہے ،مہنگائی میں عام آدمی کا جینا حرام کردیا ہے مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ہر سطح مہنگائی پر کنٹرول رکھا ان خیالات کا اظہار سابق امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 1شیخ سلمان سرور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا لوگ آج بھی نواز شریف، شہباز شریف کو یاد کرتے ہے موجودہ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات دینے کے بجائے عوام سے بنیادی سہولیات چھین رہی ہے بجلی کی لوڈشیڈنگ ، گیس کی بندش سے عوام پریشان حال ہے آئے روز مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے کھاد کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے جس کی وجہ کاشتکار پریشان ہے حکومت نے کسی بھی شعبہ میں عوام کو ریلیف نہیں دیا مسلم لیگ (ن) کے قائدین نے ملک اور قوم کی جو خدمت کی ہے اس کی مثال نہیں ملتی محمد نواز شریف قوم کے دلوں میں بس چکے ہے انہوں نے کہ تحریک انصاف کی حکومت ناکام ہوچکی ہے مسلم لیگ ( ن ) کے دور میں گیس کی فراوانی تھی جبکہ تحریک انصاف کے حکومت سنبھالتے ہی گیس اور بجلی نا یاب ہوچکی ہے اٹک شہراور دیہاتوں میں بھی گیس نایاب ہوچکی ہے گیس کی کئی کئی گھنٹوں لوڈشیڈنگ حکومت کی نااہلی کا ثبوت ہے ۔ 

اٹک سٹی:پیپلز کالونی میں مسجد اقصٰی کے نزدیک گھر میں گیس دھماکہ‘ 18 سالہ محمد دانش اور 11سالہ نمرہ جھلس گئے 
پیپلز کالونی میں مسجد اقصٰی کے نزدیک گھر میں گیس دھماکہ ، دھماکہ کچن میں گیس کا والو کھلا رہ جانے کی وجہ سے ہوا، 18 سالہ محمد دانش اور 11سالہ نمرہ جھلس گئے ،ریسکیو1122اٹک کی فائر ٹیم اور ایمبولینس فوراً موقع پر پہنچ گئی ۔زخمیوں کو طبی امداد دینے کے بعد سول ہسپتال اٹک منتقل کر دیا ،ہسپتال میں برن یونٹ نہ ہونے کی وجہ سے زخمیوں کو راولپنڈی ریفر کردیا گیا ،اب تک ایسے زخمی درجنوں افراد کو راولپنڈی کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے ‘کئی زخمی مریض راستہ میں ہی دم توڑ گئے ۔

اٹک سٹی:تحصیل اٹک کی صفائی کے حوالے سے ایک خصوصی اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا
تحصیل اٹک کی صفائی کے حوالے سے ایک خصوصی اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا،ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)شاہد عمران مارتھ،اسسٹنٹ کمشنر اٹک مہرین فہیم عباسی ،چیف آفیسر بلد یہ اٹک خلیل احمد نیئر ، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ جاوید اقبال بھٹی اور صدرا نجمن تاجران راشدالرحمان خان نے شرکت کی چیف آفیسر بلد یہ اٹک خلیل احمد نیئر نے ڈی سی اٹک کو تحصیل میں صفائی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تحصیل اٹک کی صفائی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں ،اس سلسلہ میں عوام الناس،این جی اوز ،انجمن تاجران اور دیگر سٹیک ہولڈرزبھی اپنا بھر پور کردار ادا کریں ۔انہوں نے کہا کہ وہ تحصیل اٹک کی صفائی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کریں گے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کو تائی برداشت نہیں کی جائے گی ،اس کے بعد دیگر تحصیلوں کی صفائی کے معاملا ت کا بھی جائزہ لیا جائے گا اور وہاں بھی ایسا لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا جس سے ضلع بھر کی صفائی بہتر کر نے میں مدد ملے ۔ڈی سی اٹک نے کہا کہ تحصیل اٹک سمیت ضلع بھر کی صفائی مہم گرین اینڈ کلین پنجاب کا حصہ ہے ۔ 

اٹک سٹی:محکمہ صحت کی ضلعی جائزہ کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا ،ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ خان نیازی نے اجلا س کی صدار ت کی
محکمہ صحت کی ضلعی جائزہ کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا ،ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ خان نیازی نے اجلا س کی صدار ت کی ۔اجلاس میں ڈی ایچ او اٹک ڈاکٹر محسن اشرف ،ضلع بھر کے ڈی ڈی ایچ اوز ایم ایس اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ،اجلاس میں ڈی ایچ او اٹک نے ڈپٹی کمشنر کو محکمہ صحت کی کارکر دگی کے حوالے سے بریفنگ دی بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت نے پنجاب حکومت کی جانب سے دئیے گئے بیشتر اہداف حاصل کر لیے ہیں جب کہ باقی اہداف کے حصول کے لیے کوششیں جاری ہیں ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر خطاب کر تے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت ضلع کے مجموعی نظام میں اہم ترین حیثیت کا حامل ہے جس سے عوامی فلا ح وابستہ ہے ،اس لیے ضروری ہے کہ محکمہ صحت کہ تمام ذمہ داران اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے بہترین طریقے سے عوا م کی خدمت کریں اور اس ضمن میں کسی قسم کی کو تاہی کا مظاہرہ نہ کریں انہوں نے ضلع بھر کے ہسپتالوں کے ہنگامی دورے شروع کیے ہوئے ہیں اور وہ تمام ہسپتالوں کی کارکردگی کا باریکی سے جائزہ لے رہے ہیں ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کو اپنی مجموعی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔ 

اٹک سٹی:پولیو کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا ،ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ خان نیازی نے اجلاس کی صدار ت کی 
پولیو کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا ،ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ خان نیازی نے اجلاس کی صدار ت کی ۔اجلاس میں محکمہ صحت ،تعلیم اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔اجلاس میں ڈی سی کوآمدہ پولیو مہم کے سلسلے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ،یہ مہم 21 جنوری سے 25 جنوری تک جار ی رہے گی جس میں 2 لاکھ 82 ہزار 850 بچوں کو پولیو کے قطرے پلا ئے جائیں گے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اس مہم میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ،اس سلسلے میں ضلع بھرمیں بھر پور انتظامات کیے جا رہے ہیں پولیو مہم میں 863 ٹیمیں حصہ لیں گی ضلع بھر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر پولیو ٹیمیں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے 
پلائیں گی ۔اس کے علاوہ رومنگ ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں جو گھرگھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی قطرے پلانے والی تمام ٹیموں کو فول پروف سیکورٹی مہیا کی جائے گی ،ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پرضلع کے عوام سے اپیل کی کہ وہ محکمہ صحت اٹک کے ساتھ اس مہم میں بھرپور تعاون کریں ۔ 

اٹک سٹی:ضلع بھر کے سرکاری اساتذہ اِن سروس پروموشن کے سلسلہ میں اپنے متعلقہ دفاتر کے عملہ سے رابطہ کریں؛رپورٹ 
ضلع بھر کے سرکاری اساتذہ اِن سروس پروموشن کے سلسلہ میں اپنے متعلقہ دفاتر کے عملہ سے رابطہ کریں ،پی ایس ٹی سے ای ایس ٹی اور ای ایس ٹی سے ایس ایس ٹی اِن سروس پروموشن کا سلسلہ جاری رہے گا ،ان خیالات کا اظہار نمائندہ پی ٹی یو علی اصغر نے اساتذہ کے ایک مشاورتی اجلاس سے خطاب میں کیا ہے ۔علی اصغر نے اساتذہ کو بتایا کہ پی ایس ٹی سے ای ایس ٹی ان سروس پروموشن کے حقدار اساتذہ جن کی تاریخ تقرری 15 فروری 1997 تک ہے وہ اپنے متعلقہ دفاتر سے رجوع کریں ۔ 

اٹک سٹی: ٹریفک کی صورتحال کو مؤثر بنانے میں بلدیہ اٹک ٹریفک پولیس کی ہر طرح سے مدد اور معاونت کرے گی ؛ملک طاہر اعوان
وائس چیئرمین بلدیہ ملک طاہر اعوان نے کہا ہے کہ اٹک شہر کی خوبصورتی اور ٹریفک کی صورتحال کو مؤثر بنانے اور ٹریفک کے بہاؤ کو رواں دواں رکھنے میں بلدیہ اٹک ٹریفک پولیس کی ہر طرح سے مدد اور معاونت کرے گی تاہم ٹریفک پولیس کو بھی چاہیے کہ وہ اس سلسلہ میں خصوصی مہم کے علاوہ مسلسل ٹریفک قوانین پر کڑی نظر رکھنے کیلئے اپنے فرائض مکمل طور پر انجام دیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ڈی ایس پی ٹریفک اٹک چوہدری مسرت عباس سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر چیف آفیسر بلدیہ خلیل احمد نیئر اعوان ، چیئرمین اٹک پریس کلب رجسٹرڈ ندیم رضا خان ، سرپرست اعلیٰ حاجی محمد فیضیاب خان ، ڈپٹی چیئرمین طاہر نقاش ، سرپرست اعلیٰ سینٹرل یونین آف جنرنلسٹس پاکستان الحاج پرویز خان اور دیگر بھی موجود تھے ڈی ایس پی ٹریفک اٹک چوہدری مسرت عباس نے بتایا کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا اور خلاف ورزی پر بلا تفریق نہ صرف جرمانہ بلکہ سنگین غلطی پر مقدمہ بھی درج کرایا جائے گا ضلع اٹک میں ٹریفک پولیس کی نفری میں 100 کانسٹیبل کم ہیں 6 تحصیلیں ہیں جن میں سے بعض تحصیلوں میں صرف 2 پر مشتمل عملہ تعینات کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے سلسلہ میں ٹیسٹ کینسل کرنے کے رجحان کی بھی سختی سے نفی کی جائے گی دور دراز سے آنے والے ڈرائیونگ لائسنس کے امیدواروں کو میرٹ کی بنیاد پر ٹیسٹ لے کر مطلوبہ معیار ہونے پر پاس کیا جائے گا اور اس سلسلہ میں کسی سفارش کو قبول نہیں کیا جائے گا ضلع اٹک میں ہر ماہ 3 ٹیسٹ جبکہ پنجاب کے دیگر اضلاع میں 4 ٹیسٹ ہوتے ہیں اٹک میں ہر ماہ 96 موٹر کار اور 48 ایل ٹی وی لائسنس بنائے جاتے ہیں شہر میں قائم چنگ چی رکشہ کے اڈوں کو بھی جو ٹریفک قوانین کے متصادم ہوں گے 
بند کر کے ان کے ذمہ داران کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی ۔ 

جسیاں‘ اٹک:ملک امین اسلم این اے 55 کی ہر دلعزیز شخصیت ہیں ،وہ اپنے اعلیٰ کردار کی وجہ سے کسی تعارف کے محتاج نہیں ؛ ملک شوکت 
سماجی کارکن ملک شوکت آف جسیاں نے اپنے تحریری بیان میں کہا ہے کہ ملک امین اسلم این اے 55 کی ہر دلعزیز شخصیت ہیں ،وہ اپنے اعلیٰ کردار کی وجہ سے کسی تعارف کے محتاج نہیں ‘ان کے گھرانے کی اٹک کیلئے خدمات ہمیشہ تاریخ میں یاد رکھی جائیں گی ،وہ اٹک کے نامور سیاسی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کے خاندان کی شرافت اٹک میں ایک الگ شناخت رکھتی ہے ،وہ مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی وزیر اعظم پاکستان کی حیثیت سے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں ،اٹک کی عوام کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں ملک امین اسلم جیسا مخلص رہنما میسر آیا ہے ۔ 

اٹک سٹی: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے ٹرانسفر ہونے والے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جناب سہیل اکرام کے اعزاز میں پر تکلف ظہرانہ دیا 
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے ٹرانسفر ہونے والے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جناب سہیل اکرام کے اعزاز میں پر تکلف ظہرانہ دیا جس میں ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ نیازی ، ایڈیشنل سیشن ججز ، سینئرسول ججز ، اسسٹنٹ کمشنرز اور ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز نے شرکت کی اس موقع پر ڈی پی او نے خطاب کرتے ہوئے سیشن جج سہیل اکرام کی اٹک میں گراں قدر خدمات کو سراہا اور کہا کہ آپ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا تقریب سے ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ نیازی نے بھی خطاب کیا آخر میں سیشن جج کی خدمات پر ان کو اٹک پولیس کی جانب سے یادگاری شیلڈ بھی گفٹ کی گئی ۔ 



















No comments:

Post a Comment