Tuesday, July 10, 2018

Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from Hong Kong.

Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from Hong Kong.




اٹک سٹی:ضلع بھر میں قومی اسمبلی کی 2 اور صوبائی اسمبلی کی 5 نشستوں کیلئے الیکشن کمیشن نے 1069 پولنگ اسٹیشن بنائے ہیں؛ڈی پی او 
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک حسن اسد علوی نے کہا کہ ضلع بھر میں قومی اسمبلی کی 2 اور صوبائی اسمبلی کی 5 نشستوں کیلئے الیکشن کمیشن نے 1069 پولنگ اسٹیشن بنائے ہیں جن پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جا رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ،ڈی پی او حسن اسد علوی نے کہا کہ ضلع میں الیکشن کمیشن کی طرف سے قائم کئے گئے1069 پولنگ اسٹیشنز میں سے 301 کو حساس ترین، 530 کو کیٹیگری B اور 238 کو کیٹیگری C میں رکھا گیا ہے ۔الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق پولنگ اسٹیشنز کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں ،ضلع بھر کے پولنگ اسٹیشنز کی دوران الیکشن 2018 سپرویژن ڈی پی او اٹک خود کریں گے جبکہ انکے ہمراہ سیکورٹی کے سلسلہ میں ایس پی انوسٹی گیشن احمد محی الدین کے علاوہ 7 ڈی ایس پیز، 14 انسپکٹرز /ایس ایچ اوز، 260 اپر سپارڈینیٹ ، 300 ہیڈ کنسٹیبلان ، 1206کنسٹیبلان ، 15 لیڈی کنسٹیبلان ، 23 ایلیٹ سیکشنز جن میں 123 ایلیٹ کے تازہ دم جوان اور 10 ریزورز پولیس شامل ہیں جبکہ انکے ہمراہ 3050 پی کیو آرز اور 1030 سپیشل پولیس بھی ڈیوٹی سر انجام دینگے ۔انہوں نے مزیدکہا کہ الیکشن تک ضلع اٹک میں پولیس افسران اور ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں چھٹی پر جانے والے افسران و ملازمین کو ہیڈ کواٹر پر واپس رپورٹ کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں انہوں نے کہا کہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کروانا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے جس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ڈی پی او نے کہا کہ قانون کی حکمرانی اور عملداری کے حوالہ سے زیرو tolerance ہے قانون سب سے طاقتور ہے جبکہ قانون سے طاقتور کوئی بھی نہیں جو کوئی قانون شکنی کرے گا اسکے خلاف قانون فوری حرکت میں آئے گا انہوں نے کہا کہ ڈی پی او آفس میں انتخابات کے حوالہ سے ایک کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جو 24 گھنٹے فعال رہے گا ضلع بھر میں کسی بھی جگہ پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی اطلاع براہ راست اسی کنٹرول روم میں دی جا سکتی ہے ۔ 

اٹک سٹی:ضلعی انتظامیہ اٹک نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں عام انتخابات 2018 ء کیلئے پلان جاری کردیا 
ضلعی انتظامیہ اٹک نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں عام انتخابات 2018 ء کیلئے ضلعی سپورٹ پلان جاری کردیا ہے جس کے مطابق عام انتخابات کے دوران سیکورٹی کے انتظامات ڈی پی او اور قانون نافذ کرنے والی متعلقہ ایجنسیاں کریں گی پولنگ سٹیشنز کی سکینگ ڈی ا وسپیشل برانچ کی ذمہ داری ہوگی ضلع بھر میں ضلعی اور تحصیل سطح پر کنڑول رومز قائم کیے جائیں گے ضلعی کنٹرول روم ڈی سی آفس اٹک میں قائم کیا جائے گا جس کا نمبر 057-9316024 ہوگا۔ ضابطہ اخلاق کو نافذ کرنے کیلئے ڈی پی او ، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ، اے ڈی سی ، ایف اینڈ پی ، ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز ، ضلع بھر کے چیف افسران ، ڈی ڈی ایل جی اور مانیٹرنگ افسران ذمہ دار ہوں گے اس کے علاوہ ضابطہ اخلاق کے مطابق بینرز ، ہولڈنگز وغیرہ نہ ہونے کی صورت میں انہیں ہٹانے کی ذمہ داری تمام اسسٹنٹ کمشنرز ، چیف افسران اور ڈی ڈی ایل جی کی ہوگی ،شہری دفاع سے متعلق سرگرمیاں ڈی پی اواور سول ڈیفنس آفیسر کے ذمہ ہوں گی ٹرانسپورٹ مہیا کرنے کی ذمہ داری اے ڈی سی آر تمام اے سیز ، سیکرٹری آر ٹی اے اور ڈی ایس پی ٹریفک کی ہوگی پولنگ سٹیشنز پر تمام سہولیات کی فراہمی متعلقہ اے سی کی ذمہ داری ہوگی صحت سے متعلق سہولیات کی فراہمی سی ای او ہیلتھ اور ریسکیو 1122 کی ذمہ داری ہوگی ہنگامی حالات سے نمٹنے کی ذمہ داری ریسکیو 1122 ، آرمی کے جوانوں کی رہائش کی فراہمی متعلقہ اے سی ، پولنگ سٹیشنز کا معائینہ ، متعلقہ اے سی ، سی ای او آئیسکو اسلام آباد سے گزارش کی جائے گی کہ وہ چوبیس ، پچیس اور چھبیس جولائی کو ضلع اٹک کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیں بجلی کی متبادل فراہمی تمام متعلقہ اے سیز اور چیف افسران کے ذمہ ہوگی ڈی ڈی ایل جی عام انتخابات 2018 ء کیلئے ڈسٹرکٹ فوکل پرسن ہوں گے جو تمام محکموں کیساتھ رابطہ میں رہیں گے ۔ 

اٹک سٹی:امتحانی عملہ اور کالجز عملہ کی ملی بھگت ‘ایم ایس سی کا امتحان دینے والی طالبات موبائل ، نقدی اور برقعوں سے محروم 
امتحانی عملہ اور کالجز عملہ کی ملی بھگت ‘ایم ایس سی کا امتحان دینے والی طالبات موبائل ، نقدی اور برقعوں سے محروم ‘والدین کا عملہ کی ملی بھگت اور بچیوں کی اشیاء چوری ہونے پر شدید احتجاج ،ڈائریکٹر کالجز کی طرف سے اس واقعہ پر انکوائری کے احکامات ،تفصیلات کیمطابق گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین اور ڈگری کالج برائے طلبا ء میں ان دنوں ایم ایس سی کے امتحانات کے سلسلہ میں پرچے ہو رہے ہیں ۔طالبات کے والدین نے میڈیا کو بتایا ہے کہ بچیوں کو موبائل ، پرس اور برقعے اندر لے جانے کی اجازت نہیں ہے جس وجہ سے بچیاں اپنے پرس اور برقعے باہر ہی رکھ جاتی ہیں جو امتحانی اور کالجز عملہ کی نگرانی میں ہوتا ہے ،گزشتہ روز دونوں کالجز میں جب بچیاں پرچہ حل کر کے باہر نکلیں تو پرسوں میں سے نقدی ، قیمتی موبائل اور بچیوں کے برقعے بھی غائب تھے ۔دوردراز کی بچیاں بازار سے خریداری کے لئے خطیر رقم لائی تھیں جوکہ چوری ہو گئی ہے موبائل ، نقدی اور برقعے چوری سے بچیوں کو شدید ذہنی کوفت اور پریشانی اٹھانا پڑی ،اس حوالہ سے جب ڈائریکٹر کالجز عثمان صدیقی سے میڈیا نمائندوں نے بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ میرے علم میں یہ بات آئی ہے اور اس حوالہ سے انکوئری احکامات جاری کئے گئے جو بھی ملوٹ ہوا اسے معاف نہیں کریں گے ۔ 

اٹک سٹی:الیکشن کمیشن کی جانب سے ہونے والے عام انتخابا ت میں الیکشن پبلسٹی کا ضابطہ اخلاق کر دیا گیا 
الیکشن کمیشن کی جانب سے ہونے والے عام انتخابا ت میں الیکشن پبلسٹی کا ضابطہ اخلاق کر دیا گیا ہے جس کے مطابق سیاسی جماعت ، امیدوار ، الیکشن ایجنٹ / سپوٹر کی طرف سے درج ذیل سائز سے بڑے پوسٹر ، پمفلٹ ، بینرز اور پوٹریٹ پر پابندی ہو گی ، پوسٹر سائز 23x18 انچ ، پمفلٹ 9x6 انچ ، بینر 9x3 فٹ ، پوٹریٹ سائز 3x2 فٹ ہو گا ، سیاسی جماعت ، امیدوار ، الیکشن ایجنٹ / سپوٹر کی طرف سے دیوار یا کسی عمارت پر پوسٹر ، پمفلٹ یا کوئی میٹریل چسپاں کرنے پر پابندی ہوگی ، کسی سیاسی جماعت ، امیدوار، الیکشن ایجنٹ / سپوٹر کی طرف سے کسی انتخابی میٹریل پوسٹر ، پمفلٹ یا بینر پر کسی سرکاری ملازم کی تصویر لگانا منع ہے ، پرنٹنگ صرف ٹیکس رجسٹر پرنٹر سے کروائی جائے گی اور میٹریل پر پرنٹنگ کمپنی کا نام واضح درج ہونا چاہیے ، پبلسٹی میٹریل پر تصویر صرف اور صرف امیدوار کی ہوگی ، فلیکس میٹریل کا استعمال کسی بھی طرح سے منع ہے بینر یا دیگر میٹریل صرف کپڑے کا بنا ہو سکتا ہے ، امیدوار کے حق میں کوئی بھی بینر ، پوسٹر یا پمفلٹ کسی ورکر کی طرف سے ہو وہ بھی امیدوار کے انتخابی کھاتے / بجٹ میں شمار ہوگا ان تمام ہدایات پر سختی سے عمل کریں ہر پارٹی سوموار تک تمام لوگوں کو بریفننگ دے گی ۔ 

اٹک سٹی: الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری ضابطہ اخلاق کی پاسداری کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے ؛ حسن اسد علوی
الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری ضابطہ اخلاق کی پاسداری کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے ،ان خیالات کا اظہار ڈی پی او اٹک حسن اسد علوی نے میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ اسلحہ کی نمائش و استعمال ، ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کرنے والوں کیساتھ ہرگز رعائیت نہ کی جائے ، انتخابات کے دوران امن و امان کی صوتحال کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں جائیں الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری ضابطہ اخلاق کی پاسداری کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے اسلحہ کی نمائش و استعمال ، ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کرنے والوں کیساتھ ہرگز رعائیت نہ کی جائے ، ٹاؤٹ مافیا کے خلاف بھرپور کاروائی کرتے ہوئے انکی حوصلہ شکنی کی جائے ، کسی بھی اہلکار کو کوئی مسئلہ ہو وہ مجھ سے براہ راست آ کر ملے اسکا مسئلہ حل کیا جائے گا تھانہ جات میں آنے والے سائلین سے خوش اخلاقی اور ملنساری سے پیش آئیں تا کہ عوام کا پولیس پر اعتماد بحال ہو سکے بعدازاں انہوں نے تھانہ پنڈی گھیب کی عمارت کا دورہ کر کے موقع پر موجود ایس ایچ او کو بلڈنگ کی صفائی کے متعلق ہدایات دیں ۔ 

اٹک سٹی:ڈینگی سے متعلق ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر عمران قریشی کی صدارت میں منعقد ہوا 
ڈینگی سے متعلق ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر عمران قریشی کی صدارت میں منعقد ہوا ،اجلاس میں تمام محکموں کے متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمران قریشی نے کہا کہ ہمیں موجودہ موسم میں ڈینگی کے خطرے سے آگاہ رہتے ہوئے اس کی منصوبہ بندی کرنی چاہیے تاکہ ہم اس سے مستقل طور پر محفوظ رہ سکیں ،انہو ں نے کہا کہ اس جان لیوا موذی مرض نے اس سے قبل بھی ملک کے بہت سے علاقو ں میں جانی نقصان کیا ہے ۔اس لئے ہمیں اس سے ہوشیار رہنا ضروری ہے ‘عوام الناس کی آگاہی کے لئے تمام تر ذرائع کو استعمال کیا جائے ۔انہو ں نے تمام متعلقہ محکموں کو ڈینگی کے تدارک کے لئے حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں اور محکمہ صحت کو اس بارے میں ہفتہ وار رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا وبائی امراض کو صرف عوامی شرکت سے ہی کنٹرول کیا جاسکتا ہے ،اس لئے ضروری ہے کہ عوام الناس کو اس بارے میں مکمل آگاہی دی جائے تاکہ وہ اس متعلق حکومت کا ہاتھ بٹا سکیں محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکمے ڈینگی سے بچاؤ کے متعلق تمام اپنی تیاریاں بھرپور رکھیں اور مانیٹرنگ کی ذریعے تمام علاقوں میں جہاں کہیں بھی پانی کھڑا ہے ،وہاں سے اس کی نکاسی کریں او ر شہریوں کو بھی اس بارے میں بتائیں کہ وہ جہاں کہیں بھی اپنے علاقوں میں پانی کے گھڑوں وغیرہ کو دیکھیں فوری طور پر وہاں سے نکاسی کا اہتمام کریں اور متعلقہ محکموں کو فوری آگاہ کریں ۔عوام خود اور اپنے بچوں کو اس جان لیوا بیماری سے بچانے کے لئے تمام تر حفاظتی انتظامات کو عمل میں لائیں ،اس معتدل موسم میں پوری آستینوں والے کپڑے پہنیں اور مچھر کی صورت میں مچھر مار لوشن کا استعمال کریں،شام کے اوقات میں خصوصی طور پر احتیاط کی جائے جہاں مچھروں کا خطرہ وہاں سے دور رہیں ۔اپنے گھروں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور ماحول کو صاف اور خشک رکھیں گھروں میں موجود گملوں اور دیگر ایسی اشیاء جہاں پانی کھڑا ہونے کا احتمال ہو ،ان کو فوری خشک کریں،انہو ں نے اس موقع پر تمام متعلقہ محکموں کو اپنے فرائض دیانداری اور ایمانداری سے سرانجام دینے کی ہدایت کی ۔ 

اٹک سٹی: نگران حکومت کی نااہلی سامنے آ گئی ‘ملک بھر کی طرح اٹک میں بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا 
نگران حکومت کی نااہلی سامنے آ گئی ‘ملک بھر کی طرح اٹک میں بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا ، شہر اور گردو نواح میں لوڈ شیڈنگ کا نہ رکنے والا ظالمانہ غیر اعلانیہ سلسلہ جاری ہے ، غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 16 گھنٹے سے تجاوز کر گیا ہے ، شہری حبس اور گرمی کی شدت سے نڈھال ، بجلی سے چلنے والی گھریلو اشیاء کم ولٹیج سے خراب ہو رہی ہیں ۔ شہریوں کو لاکھوں کا نقصان ، طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے متعدد علاقوں میں پانی کی سپلائی متاثر ہوئی ،شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں ،شہریوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ 

اٹک سٹی:سرکاری ملازمت میں تبادلہ اور ملازمت کے اختتام پر ریٹائرمنٹ ملازمت کا حصہ ہے ؛ ڈی پی او اٹک کا تقریب سے خطاب 
سرکاری ملازمت میں تبادلہ اور ملازمت کے اختتام پر ریٹائرمنٹ سرکاری ملازمت کا حصہ ہے اور سرکاری ملازم کے محکمہ میں کام کی بدولت اسے ہمیشہ یاد رکھا جاتا ہے۔ محکمہ پولیس سے ریٹائرڈ ہونے والے اپنے تجربہ ،پیشہ وارانہ مہارت ، کام سے لگن ، دکھی انسانیت کی خدمت ، جرائم پیشہ سماج دشمن عناصر کے خلاف سینہ سپر ہو کر جس میں بعض اوقات انہیں اپنی جانوں کے نذرانے دینے پڑتے ہیں ‘محکمہ پولیس سے ریٹائر ہونے والے کبھی بھی ریٹائر نہیں ہوتے ۔ان خیالات کا اظہار ڈی پی او اٹک حسن اسد علوی نے ڈی پی او آفس میں محکمہ پولیس سے ریٹائرڈ ہونے والے انسپکٹر ملک احسان الہٰی آف جلو ، انسپکٹر مشتاق احمد ، ہیڈ کانسٹیبل محمد عارف ، کانسٹیبل عبدالرحمن ، کانسٹیبل سجاد لطیف شامل ہیں ‘کے اعزاز میں دی گئی فیئر ویل پارٹی کے موقع پر کیاجس میں ایس پی انوسٹی گیشن اٹک احمد محی الدین نے بھی شرکت کی ۔ڈی پی او حسن اسد علوی نے کہا کہ ریٹائرڈ ہونے والے افسران اور ملازمین نے اپنی پوری زندگی اس محکمہ کیلئے وقف کر دی اور آج وہ باعزت طریقہ سے ریٹائرڈ ہو کر گھر جا رہے ہیں ان کی قربانیاں اور محنت ناقابل فراموش ہیں، وہ اپنے آپ کو بدستور اسی محکمہ کا حصہ سمجھیں اور مستقبل میں بھی محکمہ پولیس کیلئے اپنی خدمات سر انجام دیں اور معاشرہ کی بہتری کیلئے اسی طرح اپنا کردار ادا کرتے رہیں ۔انہوں نے کہا کہ وہ معاشرے میں عام آدمی کے مسائل لے کر ہمہ وقت میرے دفتر میں مجھ سے ملاقات کر سکتے ہیں آپکے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔

گاؤں گڑیالہ:تندور میں روٹیاں پکانے کیلئے جلائی جانے والی تیز آگ ہوا سے بھڑک اٹھی ‘ ستر سالہ خاتون جان بحق 
تندور میں روٹیاں پکانے کیلئے جلائی جانے والی تیز آگ ہوا سے بھڑک اٹھی ، آگ کے شعلے آسمان سے باتیں کرنے لگے ،آگ کے نتیجہ میں 70 سالہ خاتون اور 2 گائیں جھلس کر جاں بحق ، تفصیلات کے مطابق اٹک سے 20 کلو میٹر دور دریائے سندھ اور غازی بروٹھہ پروجیکٹ کے قریب واقع گاؤں گڑیالہ گاؤ ں میں تندور میں روٹیاں پکانے کے لیے جلائی جانے والی آگ تیز ہوا سے بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے تندور کے ساتھ جانوروں کے باڑے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجہ میں 2 گائیں اور 70 سالہ بزرگ خاتون نعمت جان جھلس کر جاں بحق ہو گئیں ۔اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے فورآ آگ پر قابو پالیا جھلس کر جاں بحق ہونے والی عورت کی نعش کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک منتقل کر دیا گیا ۔ 

اٹک سٹی: کنٹونمنٹ بورڈ اٹک کی حدود میں ٹیکس ادائیگی کے بغیر تشہیری مہم کے لیے لگائے جانے والے پینا فلیکس اتار دیئے گئے 
کنٹونمنٹ بورڈ اٹک کی حدود میں ٹیکس ادائیگی کے بغیر تشہیری مہم کے لیے لگائے جانے والے پینا فلیکس اتار دیئے گئے ہیں ،اس سلسلہ میں کنٹونمنٹ بورڈ کے ایگزیکٹیو آفیسر عبدالطیف سے رابطہ کیا گیاتو انہوں نے بتایا کہ کینٹ ایریا میں کسی بھی قسم کی تشہیر کے لیے لگائے جانے والے ہولڈنگ بورڈز پر سائز کے مناسبت سے ٹیکس لاگو ہوتا ہے جن کمپنیوں یا الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں نے ٹیکس ادا کر دیا ہے ،وہ اپنے تشہیری ہولڈنگ بورڈز یا پینا فلیکس کینٹ ایریا کی حدود میں آویزاں کر سکتے ہیں بصورت دیگر کسی کو بھی کینٹ ایریا کی حدود میں تشہیر کے لیے پینا فلیکس لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اٹک سٹی: ملک شدید بحران کا شکار ہے اور وطن عزیز کو ایک ایماندار قیادت کی ضرورت ہے ؛محمد اقبال ملک کا مختلف مقامات پر خطاب
ملک شدید بحران کا شکار ہے اور وطن عزیز کو ایک ایماندار قیادت کی ضرورت ہے اور یہ قیادت صرف ایم ایم اے کے پاس ہے ، متحدہ مجلس عمل کے قیام نے مخالفین کی نیندیں حرام کر دی ہیں ، ایم ایم اے کے کارکن ڈور ٹو دور مہم میں مزید تیزی لاکر زیادہ سے زیادہ کتاب کے نشان کو لوگوں تک پہنچارہے ہیں عوا م کا استقبال اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ عوام تبدیلی چاہتے ہیں ، ان خیالات کا اظہار امیدوار وبائی اسمبلی حلقہ پی پی ون محمد اقبال ملک نے دارالسلام کالونی میں کارکنان اور حاجی شاہ گاؤں میں برے عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر حاجی شاہ گاؤں کی نامور شخصیت مولانا خلیل احمد نے اپنے گروپ سمیت محمد اقبال ملک اور متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کیا جس میں مولانا خلیل احمد کی برادری اور حلقہ احباب کی کثیر تعداد موجود تھی ، محمد اقبال ملک نے اپنی حمایت پر حاجی شاہ کے عوام کے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم اپنے سیاسی حریفوں کو شکست سے دوچار کر کے اپنے چاہنے والوں کا سر فخر سے بلند کریں گے ، گلے سڑے نظام جس میں غریب غریب سے غریب تر اور امیر امیر سے امیر تر ہو رہا ہے بدلیں گے ، سستا انصاف، یکساں معیاری تعلیم اور مہنگائی کو کم کریں گے ، عام آدمی کو ریلیف ملے گا ، صحت کی سہولتوں پر خاص توجہ دی جائے گی ۔ 

ضلع اٹک:ڈی پی او اٹک حسن اسد علوی نے ضلع بھر میں سنیپ چیکنگ اور خصوصی پکٹس لگائے جانے کے احکامات جاری کئے ہیں 
ڈی پی او اٹک حسن اسد علوی نے ضلع بھر میں سنیپ چیکنگ اور خصوصی پکٹس لگائے جانے کے احکامات جاری کئے ہیں تا کہ شرپسند اور ملک دشمن عناصر کے نا پاک عزائم کو خاک میں ملایا جا سکے ۔اسی سلسلہ میں تھانہ بسال کی خصوصی ٹیم نے کاروائی کرتے ہوئے سنیپ چیکنگ کے دوران بس نمبر LES-690 کو روکا تو دوران چیکنگ ایک مشکوک مسافر عاطف ولد عبدالمالک قوم پٹھان سکنہ جنگل خیل کوہاٹ سے پسٹل 30 بور معہ ایمونیشن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر کے پابند سلاسل کر دیا ،اس موقع پر ڈی پی او اٹک نے کہا کہ آمدہ الیکشن 2018 کے پیش نظر ضلع بھر میں سیکورٹی انتظامات سخت ترین کر دئیے گئے ہیں ضلع میں انٹری ایگزٹ پوائنٹس پر چیکنگ کے عمل کو براہ راست کنٹرول روم کے ذریعے چیک کیا جا رہا ہے ۔ 

ہٹیاں(حضرو):پاکستانی عوام کیلئے موٹروے پولیس کی جانب سے ایک خا مو ش پیغام 
پاکستانی عوام کیلئے موٹروے پولیس کی جانب سے ایک خا مو ش پیغام ، تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس محمد عامر ذوالفقار خان نے دوٹوک اعلان کیا ہے کہ موٹروے پولیس کے افسران کی عزت نفس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور پاک شاہراہوں کے محافظوں کو ہر طرح کا قانونی تحفظ فراہم کیا جائے گا ،عوام سے خوش اخلاقی سے بات کرنا موٹروے پولیس کی پہچان ہے ‘بلا تفریق قوانین کا نفاذ اس ادارے کی روایت ہے ۔پولیس کا پاکستانی معاشرے میں نر می سے بات کر نا ایک خواب تھا جو مو ٹروے پولیس نے سچ ثابت کیا نرمی اور خوش اخلاقی کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ اس ادارے کے اہلکاروں سے بد تمیزی کی جائے یا قانون شکنی عناصر من مانی اور سینہ زوری کرتے پھریں ، آئندہ ایسے افراد کو سخت ترین قانونی کاروائی کا سامنا کرنا پڑے گا ،قانون کا نفاذ حسب روایت بلا تفریق خاص و عام جاری رہے گا ۔ 

اٹک سٹی:ناموس رسالت ؐ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ،کینیڈا اور اس کے حواری کان کھول کر سن لیں ؛ حفیظ اللہ علوی
تحریک لبیک پاکستان کے نامزد امیدوار حلقہ این اے 55 انجینئر حفیظ اللہ علوی نے کہا ہے کہ ناموس رسالت ؐ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ،کینیڈا اور اس کے حواری کان کھول کر سن لیں امت مسلمہ نبی کریم ؐ کی ناموس کی خاطر گردنیں کٹانیں کو تیار بیٹھے ہیں ،ہالینڈ میں خاکوں کی اشاعت کو ہر صورت رکوایا جائے اس سے مسلمانوں کی نہ صرف دل آزاری ہو رہی ہے بلکہ مسلم ممالک میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فوارہ چوک اٹک شہر میں تحریک لبیک پاکستان کی ہالینڈ کے خلاف نکالی گئی ،ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا تحریک لبیک پاکستان کے زیر اہتمام ڈھوک فتح سے بہت بڑی ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت تحریک لبیک پاکستان کے نامزد امیدوار حلقہ این اے 55 انجینئر حفیظ اللہ علوی ، امیدوار پنجاب اسمبلی حلقہ پی پی 1 ملک عمر ارشد ایڈووکیٹ ، علامہ اکرام علوی ، شکردرہ سیرت کمیٹی کے روح رواں شیر خان ، حماد خان ، فیصل قادری نے کی ریلی فتح جنگ چوک ، سیشن چوک ، کچہری چوک ، کمیٹی چوک ، پلیڈر لائن گیڈر چوک ، مدنی چوک اور ستار چوک سے ہوتی ہوئی فوارہ چوک میں اختتام پذیر ہوئی ریلی میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی ریلی کے شرکاء نے ہالینڈ اور امریکہ کے خلاف لکھے گئے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے ریلی سے تحریک لبیک پاکستان کے نامزد امیدوار حلقہ این اے 55 انجینئر حفیظ اللہ علوی اور امیدوار پنجاب اسمبلی ملک عمر ارشد ایڈووکیٹ اور مولانا محمد فاروق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 17 جولائی کو لالہ زار گراؤنڈ ( ہاکی سٹیڈیم ) میں سربراہ تحریک لبیک پاکستان مولانا خادم حسین رضوی تاریخ خطاب کریں گے 25 جولائی کو کرین پر مہر لگا کر اللہ کے دین اور حضور پاک ؐ کی ناموس کی خاطر جیت کو یقینی بنائیں ۔ 

حضروسٹی:صحافیوں نے کرپشن کو بے نقاب کرکے حقیقی اور جرأت مندانہ صحافت کا ثبوت دیا ہے ؛ عمران حضروی
تحریک انصاف ضلع اٹک کے سیکرٹری اطلاعات عمران خان نے کہا ہے کہ سرکاری اہلکاروں اور ملازمین کو ننگی گالیاں دینا اور ان پر دوران ڈیوٹی سیاسی منتخب نمائندوں کے تشدد کی روش انتہائی شرمناک اور قابل مذمت ہے ،سپورٹس کمپلیکس میں ناقص میٹریل کے باعث بلڈنگ کی دیواروں اور برآمدے کے ستون ( پلر ) جہانگیر خانزادہ اور انکے حواریوں کی کرپشن کا تازہ ثبوت ہیں ،حضرو والے ہوشیار رہیں اور جب مسلم لیگ ( ن ) یا جہانگیر خانزادہ کیلئے کوئی ووٹ مانگے تو ان کو کرپشن کے یہ ثبوت ضرور دکھائیں ۔صحافیوں نے کرپشن کو بے نقاب کرکے حقیقی اور جرأت مندانہ صحافت کا ثبوت دیا ہے ،انہوں نے کہا کہ جہانگیر خانزادہ کی کارکردگی کا یہ عالم ہے کہ ان کے پاس والد کے گزشتہ 15 سالہ دور اقتدار ( وزارت ) میں کئے گئے چند منصوبوں کے علاوہ کچھ بھی نہیں ،الیکشن میں کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ لینے کے دعویدار کے پاس ذاتی کوئی میگا پروجیکٹ نہیں ہے جو عوام کے سامنے لا سکے ۔سرکاری ملازمین کو جہانگیر خانزادہ گروپ سے تعلق رکھنے والے منتخب اراکین کی طرف سے گالیاں دینا اور ان پر تشدد کرنا ایک غلط روش ہے جس کی ہم بھر پور مذمت کرتے ہیں اگر یہ سلسلہ بند نہ ہوا تو ہم متاثرین کے ساتھ مل کر یہ راستہ روکیں گے ، انہوں نے ایک مرتبہ پھر اس چیلنج کو دہرایا کہ اگر آج بھی ملک انصار ، ملک جمیل یا خانزادہ گروپ کا کوئی بندہ قرآن پر ہاتھ رکھ کر حلف دیدیں کہ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں میں لوٹ مار نہیں کی اور نوکریاں نہیں بیچیں تو میں سیاست کو خیرباد کہہ دونگا انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آکر میجر طاہر صادق اور قاضی احمد اکبر ان سے ایک ایک پائی کا حساب لیں گے ۔ 

اٹک سٹی:احتساب عدالت کا فیصلہ انصاف کا قتل اور سمجھ سے بالا تر ہے ؛ میڈم خالدہ رانا
احتساب عدالت کا فیصلہ انصاف کا قتل اور سمجھ سے بالا تر ہے ،پانامہ لیکس میں 500 افراد کے نام آنے کے باوجود مخصوص فیصلہ کرنے والی عدالتوں نے پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کو خاص اشارے پر پانامہ لیکس کی بجائے اقامہ کی بنیاد پر نشانہ بنایا جسے قیامت تک قوم قبول نہیں کرے گی اور نہ ہی اس ظالمانہ اور جابرانہ فیصلہ کے سبب عوام کے دلوں سے محمد نواز شریف کی محبت کو کم نہیں کیا جا سکتاہے ۔ ان خیالات کا اظہار ضلعی صدر مسلم لیگ ( ن ) شعبۂ خواتین کونسلر بلدیہ میڈم خالدہ رانا نے ایک ملاقات کے دوران کیا ،انہوں نے کہا کہ 25 جولائی کو شیر کی دھاڑ سے رن کانپ جائے گا ،سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور ان کے داماد کیپٹن محمد صفدر کے خلاف آنے والے نیب کے فیصلہ کو قوم نے مسترد کر دیا ہے جس کا ثبوت قوم کا ہر باشعور فرد شیر کے نشان پر مہر لگا کر دے گا ۔شریف خاندان اور مسلم لیگ ( ن ) کو پاکستان کی ترقی اور عوامی خوشحالی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی سزا دی گئی ہے ‘سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف وطن عزیز کی تعمیر و ترقی کا استمارہ ہیں ان کے بیعانے کو پوری قوم نے تقویت دی ہے ،آنے والا دور مسلم لیگ ( ن ) کا ہے محمد نواز شریف کا سب سے بڑا جرم سی پیک ہے جو عالمی طاقتوں کو کھٹک رہا ہے ۔حلقہ این اے 55 سے مسلم لیگ ( ن ) کے شیخ آفتاب احمد اور پی پی 1 سے ان کے صاحبزادے شیخ سلمان سرور سمیت پورے ملک میں مسلم لیگ ( ن ) بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گئی عام انتخابات میں انتخابی مہم اور انتخابات سے 2 ہفتے قبل ایسے جانبدارانہ فیصلے مسلم لیگ ( ن ) کے کارکنان کے پایہ استقلال میں لرزش نہیں لا سکتے ہیں ۔ 

حضروسٹی:پاکستان موجودہ حالات میں تجربات کا متحمل نہیں ہوسکتا ‘خاندانی سیاست کو ختم کرنا ہی پاکستان کی کامیابی ہے ؛ رپورٹ
پاکستان موجودہ حالات میں تجربات کا متحمل نہیں ہوسکتا ‘خاندانی سیاست کو ختم کرنا ہی پاکستان کی کامیابی ہے اور عمران خان نے پاکستان کی تاریخ بدل دی ہے یہ سال تبدیلی کا سال ہے الحمدللہ اب پاکستان بہت مضبوط ہوچکا ہے ہم نے 8 سال پاکستان کی بہت خدمت کی اور فورتھ جنریشن وار کو کمزور کرنے کے بعد ففتھ جنریشن وار کو بھی 3 مہینوں میں ناکام بنایا بہت سے محب وطن پاکستانی اس جنگ کا حصہ رہے اور پاکستان کا دفاع کرتے رہے ہم نے گروانڈ سے سوشل میڈیا تک کام کیا الحمداللہ آج پاکستان بہت مضبوط ریاست ہے عمران خان نے اس کرپٹ مافیا کا صفایا کیا جو پاکستان کو کھا چکے تھے جو شخص اب تک وزیراعظم نہیں اس نے آنے سے پہلے ہی کرپٹ چوڑوں سے وصولی شروع کروائی امید ہے کہ ایسا شخص پاکستان کے لیے اچھا حکمران ثابت ہوگا ہم نے پاک فوج کو سپورٹ کیا اور دہشت گردی کی جنگ جیت گے آج عمران خان کو سپورٹ کریں گے صرف اس لیے کہ وہ پاکستان کا مستقبل روشن دیکھنا چاہتے ہیں انہوں نے پوری قوم کو ایک سوچ دے دی جو قوم تقسیم تھی آج ایک ساتھ کھڑی ہے اس سے بڑی اور کامیابی کیا ہوگی پی پی سی آئی ایچ آر پاکستان اپنے مشن میں بہت کامیاب رہی بس سندھ میں ہم کامیاب نہ ہوسکے تو صرف سندھ پولیس کی وجہ سے جو لسانی فسادات کروانے میں اپنا کردار ادا کرتی رہی اب ہمیں ایک اچھے حکمران کی ضرورت ہے جو پاکستان کو مضبوط کر سکے میں تمام ممبران کو تحریک انصاف کو سپورٹ کرنے کی اپیل کرتا ہوں اور اس امید کے ساتھ کہ انشاء اللہ اگر عمران خان حکومت میں آئے تو پاکستان بہت آگے نکل جائے گا اور یہ ہی ہمارا مقصد اور خواہش ہے میں پاکستان کی تمام سائبر ٹیموں کو بھی اپیل کرتا ہوں کہ اس وقت صرف پاکستان کے لیے عمران خان بہت بہتر حکمران ہے ہم اپنے مشن کے آخری مرحلہ میں داخل ہوچکے ہیں لیکن روکاوٹیں کرپٹ سیاستدانوں کی طرف سے کھڑی ہوئی ہیں اب وہ مشن ہم تحریک انصاف کے ساتھ مل کر پورا کریں گے پاکستان ایک قوم بن کر سامنے آئے گی پی پی سی آئی ایچ آر پاکستان کی تمام ٹیمیں اپنے اپنے علاقہ کے ضلعی رہنماؤں کے ساتھ دعا خیر کریں اور تحریک انصاف کو کامیابی کی طرف لے جائیں سندھ ٹیم یہ آپ کے پاس بہت اچھا موقع ہے کہ آپ جاگیرداروں اور وڈیروں سے تنگ ہیں صرف اور صرف عمران خان واحد شخص ہے جو آپ کے ساتھ کھڑا ہوگا اور میرا وعدہ ہے کہ اگر تحریک انصاف حکومت میں آئے گی تو انشاء اللہ میں سندھ کی پروفائل عمران خان کے حوالہ کردوں گا جو وہاں مسئلے مسائل ہیں وہ ضرور حل ہونگے اور وہاں کا سب سے بڑا مسئلہ صرف اور صرف سندھ پولیس ہے میرا وعدہ ہے اس پولیس کو درست کروائیں گے میں پی پی سی آئی ایچ آر پاکستان کے مرکزی رہمناؤں کے لیے ایک ہی پیغام دے رہا ہوں کہ آپ اپنی ٹیموں کے ہمراہ تحریک انصاف میں شمولیت کریں مرکزی رہنما بشیر احمد چناں ، اکرم مسیحی گل ، ایم ڈی احسان ، غوری ، پرویز شاکر اور تمام صوبائی و ضلعی رہنماؤں کو بھی تحریک انصاف میں شامل ہونے کی دعوت دیتا ہوں پی پی سی آئی ایچ آر پاکستان کا پلیٹ فارم مکمل طور پر آف کردیا گیا ہے اس وقت ہم جو قدم اٹھائیں گے وہ بھی پاکستان کے لیے ہی ہے ۔ 

ضلع اٹک:بجلی کا کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والے اٹک پولیس کے فرض شناس اہلکار کانسٹیبل اشفاق احمد کا نمازِ جنازہ اداکردیا گیا
بجلی کا کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والے اٹک پولیس کے فرض شناس اہلکار کانسٹیبل اشفاق احمد کے جنازہ میں ڈی پی او اٹک حسن اسد علوی کی خصوصی ہدایت پر ایس ڈی پی او پنڈی گھیب شاہد ، ایس ایچ او تھانہ پنڈی گھیب اعجاز بٹ ، انچارج چوکی سٹی پنڈی گھیب عامر شاہ ، سب انسپکٹر حیات خان نیازی ، انچارج ویلفیئر برانچ اٹک سب انسپکٹر شہروز نے مرحوم کنسٹیبل اشفاق احمد کی نماز جنازہ میں شرکت کی ، کانسٹیبل اشفاق احمد گزشتہ روز بجلی کے کرنٹ لگنے سے فوت ہو گئے تھے کانسٹیبل اشفاق احمد کا شمار اٹک پولیس کے ڈیوٹی کے پابند اور فرض شناس اہلکار کی حیثیت سے ہوتا تھا ۔اس موقع پر ایس ڈی پی او پنڈی گھیب شاہد نے اٹک پولیس کی جانب سے مرحوم کے اہلخانہ کو 50 ہزار روپے کفن دفن کے سلسلہ میں دئیے اور کہا کہ اٹک پولیس کا ہر جوان انکی فیملی کا بازو ہے ان کو مستقبل میں کوئی بھی کسی بھی قسم کا مسئلہ ہو تو فوری ہم سے رابطہ کر سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ ڈی پی او نے کانسٹیبل اشفاق احمد کی اچانک وفات پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اشفاق احمد مرحوم کا خاندان اٹک پولیس کا حصہ ہے اور ان کے خاندان کیلئے اٹک پولیس کی جانب سے تعلیم اور صحت کی تمام سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی ۔ 

اٹک سٹی: عبدالستار ایدھی نے وہ کام کیے جو پہلے کسی ادارے نے نہیں کیئے تھے ،ایدھی کی خدمات کو ہمیشہ یا درکھا جائے گا ؛ سید امداد حسین
عبدالستار ایدھی نے وہ کام کیے جو پہلے کسی ادارے نے نہیں کیئے تھے ،ایدھی کی خدمات کو ہمیشہ یا درکھا جائے گا ‘وہ اپنی ذات میں ایک ادارہ تھے ،پاکستان کا ہر طبقہ ان کی خدمات کوخراج تحسین پیش کرتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار سرکل انچارج ایدھی سنٹر سیدامداد حسین شاہ نے عبدالستار ایدھی کی دوسری برسی کے موقع پر ختم قران کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر محمد حنیف عرف پیر پھلائی، محمد شہزاد اور دیگر ایدھی سنٹر کے ملازمین بھی موجود تھے امداد حسین شاہ نے کہا کہ عبدالستارایدھی 1928 میں پیدا ہوئے انہوں نے خدمت کا آغاز 1948 میں ایک محلہ اور ایک گاڑی سے شروع کیا رفتہ رفتہ وہ خدمات پورے پاکستان میں پھیل گئیں عبدالستار ایدھی نے وہ کام کیے جو پہلے کسی ادارے نہیں کیئے تھے نو مولود بچوں کی نگہداشت ، لاوارث افراد کے لیے کفن ، بے سہارا بچوں اور بوڑھوں کے ایدھی ہوم جس میں ہزاروں بچے پرورش پارہے ہیں ان بچوں کو تعلیم کی تمام سہولیتں مہیا کی جاتی ہیں انہیں نوکریاں بھی دی جاتی ہیں عبدالستار ایدھی نے لاوارث افراد کی لاشوں کو ندی نالوں سے نکال کر خود غسل دیا اور انہیں اپنے ہاتھوں سے دفنانا شروع کیا۔ 

اٹک سٹی:آرمی پبلک کی ہونہار طالبہ عمارہ ارشد کا اعزاز فیڈرل بورڈ کے میٹرک امتحانات میں کالج میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی
آرمی پبلک کی ہونہار طالبہ عمارہ ارشد کا اعزاز فیڈرل بورڈ کے میٹرک امتحانات میں کالج میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی، تفصیلات کے مطابق آرمی کے محکمہ ایف پی او میں تعینات ایڈیٹر ڈاکٹر ارشد اقبال کی بیٹی اور کالم نگار و صحافی ارشاد علی کی بھتیجی عمارہ ارشد نے فیڈرل بورڈ کے میٹرک امتحانات میں 1100میں سے 1072نمبر لے کر اپنے کالج میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے ۔ان کے حاصل کردہ نمبر 97.45 فیصد ہیں عمارہ ارشد نے اپنی کامیابی کو اساتذہ کی محنت اور والدین کی دعاؤں کا نتیجہ قرار دیا ہے ڈاکٹر ارشد اور ارشاد علی کو بچی کی اس شاندار کامیابی پر دوست و احباب نے مبارک باد دی ہے ۔ 

اٹک سٹی:اندھیر نگری چوپٹ راج ،محکمہ سوئی گیس کی پھرتیاں ‘ غریب رکشہ ڈرائیور کو چند یونٹ کا گھر کا بل 29480روپے بھجوادیا گیا
اندھیر نگری چوپٹ راج ،محکمہ سوئی گیس اٹک کے عملہ کی پھرتیاں یا پھر کمپویٹر کی غلطی ، غریب رکشہ ڈرائیور کو چند یونٹ کا گھر کا بل 29480روپے بھجوادیا گیا، دفتر رابطہ کرنے پر گیس کا بل آدھا کرکے ہاتھ میں تھما دیا ،ایک دن کی تاخیر پر میٹر بھی اتارلیا گیا، التجا اور منت سماجت کرنے کے باوجود عملہ کا غریب شہری سے ناروا سلوک ، کہا جو کرنا ہے جا ؤ کر لوبل جمع کراؤ گے تو میٹر واپس ملے گا ، تفصیلات کے مطابق طفیل اقبال ولد سرورالٰہی نے ہمارے نمائندے کو بتایا کہ میں رکشہ ڈرائیور ہوں اور بمشکل گزر اوقات ہوتی ہے ،ہمارا میٹر والد کے نام پر ہے، محکمہ گیس کی طرف سے بل مبلغ 29480 روپے بھجوا دیا گیا ہے جبکہ میرے پچھلے تمام بل اد اشدہ ہیں ، میرے گھر میں ماسوارئے ایک چولہے کے کوئی چیز نہیں جلتی ، بل کی کمپلینٹ متعلقہ دفتر جاکر کرائی تو انہوں نے میٹر کو چیک کئے بغیر میرا بل آدھا کر کے مجھے تھما دیا اور کہا کہ اس سے زیادہ ہم کچھ نہیں کر سکتے ، جس پر میں نے احتجاج کیا جس پر محکمہ گیس کے عملہ نے دھمکی دی اورکہا جاؤجو کچھ کرنا ہے کر لو، جس پر میں دل برداشتہ ہو کر واپس آگیا ، ایک دم سے اتنا بھاری بھرکم بل آنے سے ادائیگی میں ایک د ن کی تاخیر ہوگئی جس پر محکمہ کے عملہ نے راتوں رات میٹر اتار لیا ، رابطہ کرنے پر کہا گیا کہ میٹر اسلام آباد چلا گیا ہے ، پوری رقم جمع کراؤ گے تو میٹر واپس ملے گا ، مایوس ہو کر میڈیا کا دروازہ کھٹکھٹا رہا ہوں ، محکمہ گیس کی سنگین غلطی کا خمیازہ ایک غریب بھگت رہا ہے میں نگران وزیر اعظم ، وزیر اعلیٰ ، چیف جسٹس آف پاکستان ، سیشن جج اٹک ، ڈی پی او اٹک اور ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کرتا ہوں کہ میری داد رسی کی جائے اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کاروائی کرکے میرا حق دلوایا جائے۔

اٹک سٹی: پاکستان کا شمار دنیا کے سب سے کم جنگلات رکھنے والے ممالک کی صف میں ہے ؛ سید کامران کاظمی
پاکستان کا شمار دنیا کے سب سے کم جنگلات رکھنے والے ممالک کی صف میں ہے ‘ماحول کی آلودگی کو کم کرنے میں درخت اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر اٹک عمران قریشی نے ضلع کونسل اسٹیڈیم اٹک میں ڈویژنل فاریسٹ آفیسرسید کامران کاظمی اور سماجی تنظیم گرین ٹری کی مشترکہ کاوشوں سے پودے لگانے کی مہم کے آغاز کے سلسلہ میں پودا لگا کر کیا ۔اس موقع پر وائس چیئرمین بلدیہ ملک طاہر اعوان، چیئرمین ڈسٹرکٹ پریس کلب ، سینئر وائس چیئرمین عمران سیفی ، طاہر نقاش کے علاوہ کامسیٹ یونیورسٹی اور کالجز کے طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اٹک عمران قریشی نے کہا کہ ماحولیات میں تبدیلی کے سبب پاکستان بھر میں درخت لگانا انتہائی ضروری ہے ہمیں اجتماعی سطح پر پودے لگانا اور درختوں کی حفاطت کرنے کی ذمیداری لینا ہو گی ملک میں پانی کی کمی کا سنگین مسئلہ درپیش ہے پانی ذخیرہ کرنے کے ساتھ درخت لگانے سے ماحول کو بہتر بنایا جا سکتا ہے اور اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کا ہر ممکن تعاون آپ کے ساتھ ہوگا درخت لگانا سنت نبوی ہے اور ہم نے اٹک کو سرسبز و شاداب بنانے کا عزم کر رکھا ہے اس موقع پر میڈیا کے بات چیت کرتے ہوئے ڈویژنل فاریسٹ آفیسر سید کامران کاظمی نے کہا کہ بلدیہ اٹک کی سرپرستی میں گرین ٹری کے نوجوانوں کے ساتھ درخت اگاو مہم میں مکمل تعاون کریں گے اور ہم نے اٹک کے مختلف علاقوں میں ہزاروں پودے لگا کر گرین اٹک کی بنیاد رکھ دی ہے اٹک کے لوگ باشعور ہیں اور درخت لگانے کی اہمیت سے آگاہ ہیں ٹمبر مافیا کے خاتمہ کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ درختوں کی حفاطت کریں گے اور بہت جلد ضلع اٹک کو سرسبز و شاداب بنا دیں گے ۔ 

حضروسٹی:ڈاکٹر نعیم اعوان نے حلقہ پی پی 2سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار قاضی احمد اکبر کی حمائیت کا اعلان کر دیا
ڈاکٹر نعیم اعوان نے حلقہ پی پی 2سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار قاضی احمد اکبر کی حمائیت کا اعلان کر دیا ،قاضی احمد اکبر نے ضمنی الیکشن میں مجھے سپورٹ کیا تھا ،آمدہ الیکشن میں ہم انہیں بھر پور سپورٹ کر ان کی جیت میں اپنا کردار ادا کرینگے ۔تفصیلات کے مطابق سابق ناظم حضرو سٹی ڈاکٹر نعیم اعوان کے ڈیرے پر قاضی احمد اکبر کے اعزز میں منعقدہ ایک شمولیتی تقریب میں ڈاکٹر نعیم اعوان نے سب کے سامنے کھل کر حلقہ پی پی2سے پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار قاضی احمد اکبر کی حمائیت اور بھر پور سپورٹ کر نے کا اعلان کر دیا ۔اس موقع پر خان گروپ حضرو کے سربراہ خالد خان ،طارق افضل خان ،سٹی صدر بابو پرویز ،علی خان ،شوکت خان چھاچھی ودیگر نے بھی خطاب کیا ،تقریب میں ،نور خان ،عمران خان ،مسعود بھٹی ،معاویہ خان ،شہزاد حسین شاہ ، ممتاز خان ،فیصل محمود ،شہزاد خان UKاور کثیر تعداد میں اہلیان حضرواور پی ٹی آئی کے کارکنان نے شرکت کی ۔ 

حضروسٹی:25 جولائی کا سورج تحریک انصاف کی کامرانی لے کر طلوع ہو گا ؛ طاہر صادق
امیدوار تحریک انصاف حلقہ این اے 55/56 ، پی پی 3 میجر طاہر صادق نے کہا ہے کہ 25 جولائی کا سورج تحریک انصاف کی کامرانی لے کر طلوع ہو گا ،اب عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے مضبوط جماعت تحریک انصاف کے نشان بلے پر مہریں لگا ثابت کریں گے کہ اب وہ تبدیلی چاہتے ہیں ایسی تبدیلی جس میں غریب عوام کیساتھ انصاف کیا جائے گا ، ان کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب این اے 55/56 ، پی پی 3 کے دوروں کے موقع پر حلقہ این اے 55 کی تحصیل حضرو میں کونسلر بلدیہ حضرو حاجی محمد اجمل خان ، نثار خان ، سعید احمد ، عارف خان ، طارق جاوید ، طارق ، بابا عبدالوحید ، ریاض خان ، گلزار مسیح ، صابر حسین ، اسد خان اور بلال خان اپنی برادری اور دوستوں سمیت ، اسی تحصیل کی یونین کونسل غورغشتی میں چیئرمین یونین کونسل غورغشتی خالد زمان خالقی ، وائس چیئرمین ملک انور خان اور کونسلر صاحبان اپنی برادری اور دوستوں سمیت مسلم لیگ ( ن ) چھوڑ کر میجر طاہر صادق کی قیادت میں تحریک انصاف میں شامل ہو گئے ، اسی حلقہ کی یونین کونسل ملک مالہ بہبودی میں کونسلر صوفی اکرم ، یوتھ کونسلر ندیم ، سابق کونسلر بنارس اور علی گوہر نے اپنی برادری اور دوستوں سمیت ، اسی حلقہ این اے 55 اور پی پی 1 سے سابق چیئرمین بلدیہ اٹک ملک امجد اقبال ، ملک عامر اقبال خان ، ملک چنگیز اقبال ، نومی خان ، ملک عدنان ، سابق ضلع کونسل اٹک ملک ارشد آف شمس آباد نے برادری اور دوستوں سمیت تحریک انصاف میں میجر طاہر صادق اور یاور بخاری کی حمایت کا اعلان کر دیا ، اسی طرح تحصیل حضرو کی یونین کونسل فورملی میں غنی اور مسکین نے اپنی برادری اور دوستوں سمیت تحریک انصاف میں میجر طاہر صادق کی حمایت کا اعلان کر دیا ، اسی طرح حلقہ این اے 56 تحصیل پنڈی گھیب کی یونین کونسل میانوالہ میں بابا شیر زمان ، رانا محمد جمیل ، سردار ممتاز زمان ، حافظ محمد عاقب ، ملک نواز خان ، زبیر بھٹی ، ملک سجاد خان ، ملک نواب خان ، سردار ریاض ، بشارت خان ، امانت خان ، عنصر ،سابق کونسلر میانوالہ حاجی نظر خان ، اسلم راجپوت اپنے دوستوں اور برداری سمیت ، اسی حلقہ کی یونین کونسل ڈھوک دندی میں عنایت سورگ ، عاشق حسین ، شیر خان ، محمد خان ، میاں محمد ، نور زمان ، محمد سخاوت اعوان ، مبشر امیر ، محمد ندیم ، محمد اقبال ، محمد رضوان ، محمد افضال ، محمد اسحاق ، ابرار خان ، شاکر علی ، جابر اعوان شہزاد ، عاجز خان ، آصف پرانہ تھٹی ، نور احمد شاہ سے ظہیر ، سردار امیر خان اپنے دوستوں اور برادری سمیت ، اسی حلقہ کی یونین کونسل اخلاص ، ڈھوک ڈیڑا میں قاری فیاض ، شوکت خان ، خضر خان ، حاجی سلیم ، ندیم خان ، اسی حلقہ کی یونین کونسل غریب وال میں فیروزولی ، حاجی نیاز ، حاجی مشتاق ، صوبیدار حیات ، سابق کونسلر فتح خان ، ملک مظہر اپنے دوستوں اور برادری سمیت ، اسی حلقہ میں تحصیل جنڈ کی یونین کونسل جلوال میں بھنڈر ، ملک طالب اپنے دوستوں اور برادری سمیت مسلم لیگ ( ن ) چھوڑ کر میجر طاہر صادق کی قیادت میں تحریک انصاف میں شامل ہو گئے ، اسی حلقہ میں تحصیل فتح جنگ شہر میں سابق چیئرمین بلدیہ فتح جنگ شیخ غلام فاروق ، شیخ عابد حسین ، شیخ جہانزیب ، شیخ عمران نے برادری اور دوستوں سمیت میجر طاہر صادق کی قیادت میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ، اسی طرح تحصیل پنڈی گھیب میں مجلس وحدت المسلمین نے ضلع بھر میں میجر طاہر صادق کی قیادت میں تحریک انصاف کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ، اسی حلقہ کی یونین کونسل دھریک گاؤں صاحب خان میں مظہر خان ، عظمت خان اور ظہیراحمد خان اپنی برادری سمیت پیپلز پارٹی چھوڑ کر میجر طاہر صادق کی قیادت میں تحریک انصاف میں شامل ہو گئے ۔ 

اٹک سٹی:تحریک لبیک پاکستان قومی اسمبلی کے 180 حلقوں اور پنجاب اسمبلی کی 265 نشستوں پر انتخابات میں حصہ لے گی ؛رپورٹ 
تحریک لبیک پاکستان اٹک سے قومی اسمبلی کی 2 اور پنجاب اسمبلی کی 5 نشستوں کے علاوہ قومی اسمبلی کے 180 حلقوں اور پنجاب اسمبلی کی 297 نشستوں میں سے 265 نشستوں پر عام انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں جبکہ پنجاب میں تحریک انصاف 285 اور مسلم لیگ ( ن ) نے 238 امیدوار کھڑے کیے ہیں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات جمہوریت اور جمہوری طرز عمل کے منہ پر طمانچہ کے مترادف ہے یہ الیکشن نہیں بلکہ سلیکشن ہے اور ایجنسیاں جو کھیل کھیل رہی ہیں اس کے نتائج پاکستان کی بقاء اور سلامتی کیلئے تباہ کن ثابت ہوں گے ان خیالات کا اظہار تحریک لبیک یا رسول اللہ ؐ کے اٹک سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 55 سے امیدوار انجینئر حفیظ اللہ علوی نے پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر امیدوار پنجاب اسمبلی حلقہ پی پی 1 ملک عمر ارشد ایڈووکیٹ ، رہنما تحریک لبیک پاکستان اٹک عبدالقیوم ، محمد شفیق ، علامہ سید ممتاز شاہ ، راجہ فیصل ، ساجد مجید حقانی ، ارشد قادری اور دیگر رہنماؤں اور کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی ۔امیدوار قومی اسمبلی انجینئر حفیظ اللہ علوی نے کہا کہ ان کے مد مقابل حلقہ میں ان کا مقابلہ ایک غداران ناموس رسالت ؐ کے اہم کردار سے ہے تو دوسری جماعت کا امیدوار طاقت کے نشے میں چور بدمست ہاتھی ہے ان کا مقابلہ معرکہ فیض آباد کے ماسٹر مائینڈ پلانر اور چیف کنٹرولر انجینئر حفیظ اللہ علوی سے ہے ضلع اٹک سے ہمارے امیدواروں میں 2 وکیل 3 سید زادے ، پیر صاحبان ، ایک انجینئر اور ایک بزنس مین کا امتزاج بنایا گیا ہے اس طرح ختم نبوتؐ کے ڈاکو کو ووٹر کبھی قبول نہیں کرے گا اور اپنے آقاؤں آل شریف کی طرح رسوا ہو گا کپتان کا امیدوار بھی ان سے کچھ مختلف نہیں جس نے مرزائیوں سے پیمان کر رکھا ہے کہ جب ہم حکومت میں آئیں گے تو قادیانیوں کے کافر قرار دینے والے قانون کو ختم کر دیں گے سکھ مر جائے تو اس کی فاتحہ کیلئے جانے والا غازی اسلام ملک ممتاز قادری کو دہشت گرد کہتا ہے اپنی ہمدردیاں مرزائیوں کو فراہم کرتا ہے اس کو سامنے رکھ کر اسلا میان اٹک ان کو یکسر مسترد کر چکے ہیں اور 25 جولائی کو کرین پر مہر لگا کر اپنے شافع محشر نبی ؐ کے امتی ہونے کا ثبوت دیں گے جہاں تک تحریک کا نام استعمال کرنے والے سیاسی بونے کا معاملہ ہے وہ تحریک کیساتھ اپنے تعلق کا اظہار کر کے اپنے قد میں اضافہ نہیں کر سکتے کیونکہ یہ تحریک قربانی مانگتی ہے یہ الیکشن خالصتاً نظرئیے کا ووٹ ہو گا ایک وہ لوگ جو بہن بیٹیوں کو چوکوں میں نچا کر ، قادیانیوں اور یہودی لابی کو خوش کر نے والے ایک ختم نبوتؐ پر پہرہ دینے والوں کا انشاء اللہ عوام اٹک کرین پر مہر لگا کر اپنی قوت ایمانی کا اظہار کریں گے جہاں ہمارے نڈ ر، بے لوث کارکن دین کی سر بلندی کیلئے کوشاں ہیں ہماری دعوت ہے کہ اس دفعہ ووٹ کی پرچی کرین کے نشان کو دے کر اپنا فریضہ ادا کریں تحریک لبیک پاکستان دنیائے سیاست کے افق پر ابھرنے والا نیا ستارہ جس کا نور شہدائے ختم نبوتؐ کے خون سے جاذب نظر ہے 2018 کے الیکشن میں یہ ستارہ ایک کہکشاں بن کر توجہ کا مرکز بن چکا ہے جو تحریک ملک ممتاز حسین شہید کے فرعون گورنر سلیمان تاثیر کو انجام تک پہچانے کے بعد کے حالات سے وجود میں آئی اور اپنے نبی آخر الزمان کی ختم نبوتؐ پر پہرہ داری کا فیض آباد پل پر قربانیاں دے کر لوہا منوایا امیرالمجاہدین حافظ خادم حسین رضوی کی بے خوف قیادت 295-C کی شق میں رد و بدل کرنے والے ٹولے کو بے نقاب کر کے وقت کے وزیر قانون کو چلتا کیا آج الیکشن میں بھرپور حصہ لینے کے لئے میدان میں آئی ہے ، یہ تحریک ایک غیر مسلح اور جد و جہد میں یقین رکھتی ہے اس لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں رجسٹرڈ کرائی گئی اور رائج الوقت نظام اور آئینی و قانونی تقاضوں کے مطابق انتخابی عمل سے گزر کر نظام حکومت کا حصہ بنے گی یہ اس تحریک اور اس کے کارکنان کا بنیادی حق ہے اس سے قبل تمام طالع آزما سیاسی جماعتیں جو مقننہ کا حصہ ہیں وہ بجائے قانون سازی کے اپنے لیڈروں کی پالش اور مالش کرنے میں مصروف کار ہیں جس کے بدلہ ان کو مراعات کا لالچ ہوتا ہے جب کہ تحریک اس کے بر عکس پاکستان کے قیام کے اصلی مقصد اور نظریہ کا تحفظ چاہتی ہے انتخابات میں حصہ لینے والی نصف صدی سے زیادہ عمر والی جماعتیں ورطہ حیرت میں مبتلا ہیں کہ اتنے قلیل وقت میں پنجاب اسمبلی کے لئے 89.22 فیصد امیدوار کیسے الیکشن میں لے آئی جب کہ حکمران مسلم لیگ ( ن ) 80.13 فیصد تک محدود رہی ۔ 

اٹک سٹی:کھوڑ روڈ ڈھرنال کے قریب تیل سے بھراآئل ٹینکرالٹ گیا ، ٹینکر میں 54 ہزار لیٹر پٹرول موجود تھا ؛رپورٹ
کھوڑ روڈ ڈھرنال کے قریب تیل سے بھراآئل ٹینکرالٹ گیا ، ٹینکر میں 54 ہزار لیٹر پٹرول موجود تھا ، ٹینکر کے الٹنے سے تیل زمین پر بہنا شروع ہو گیا ، ٹینکر کے الٹنے سے راولپنڈی کوہاٹ روڈ دونوں اطراف سے بند ہو گئی۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور فائربریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 اٹک کی ایمبولینس اور 2 فائر وہیکل جائے حادثہ پر پہنچ گئیں جنہوں نے امدادی کاروائیاں شروع کر دیں ٹینکر کے الٹنے سے آئل زمین پر رسنا شروع ہو گیا پولیس نے روڈ کو عام ٹریفک کیلئے بند کر دیا تھا بعدازاں امدادی کاروائیوں کے بعد سڑک کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ۔

حضروسٹی:ملکی خزانہ لوٹنے والوں کا 25جولائی کو یوم احتساب ہو گا،طفیل خان ممبریوکے
طفیل خان ممبر نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے خون سے ہولی کھیلنے والے ،ممتاز قادری شہید کو پھانسی پر لٹکانے والے ،ختم نبوت کے قانون میں ترمیم کر نے والے ،عدلیہ اور پاک فوج کے خلاف غلیظ زبان استعمال کر نے والے (ن ) لیگیوں کو ووٹ دینا حرام اورگناہ کبیرہ ہے ،کل بروز قیامت اس بارے میں ضرور پوچھ گچھ ہو گی۔مسلم لیگ (ن ) کی حکومت نے اس ملک کو دونوں سے لوٹا اور اپنی تجوریاں بھریں ،ملکی خزانہ لوٹنے والوں کا 25جولائی کو یوم احتساب ہو گا ،پاکستانی عوا م کی انشاء اللہ اس بار ’’بلے ‘‘ کے نشان پر مہر لگا کر عمران خان کو وزیر اعظم بنانا ہو گا ،یہ آخری اور گولڈن چانس کسی صورت مس نہ کیا جائے ،انہوں نے مزید کہا کہ حلقہ این 55سے میجر طاہر صادق اور حلقہ پی پی2سے اپنے محسن قاضی احمد اکبر کی جیت کیلئے اپنا تن من دھن لگا دینگے ،ایک سوال کے جواب مین انہوں نے کہا کہ عنقریب عمران خان کی طویل جدو وجہد رنگ لانے والی ہے ۔

گاؤں مراڑیہ:تحریک لبیک پاکستان جلسوں میں شرکت کرنا باعث ثواب ہے،قاری اظہر محمود 
تحریک لبیک پاکستان کے جلسوں اور ریلیوں میں ناچ گانا اور ڈانس نہیں بلکہ محمد عربی ؐ کے دین کا پرچار ہوتا ہے اور ،ان جلسوں میں شرکت کرنا باعث ثواب ہے ،25 جولائی کوتحریک لبیک کے نامزد امیدواروں انجینئر حفیظ اللہ علوی ،سید طاہر علی شاہ کے انتخابی نشان کرین پر مہر لگا کر اللہ کے دین اور حضور پاک ؐ کی ناموس کی خاطر جیت کو یقینی بنائیں ،ان خیالا ت کا اظہارتحریک لبیک پاکستان حلقہ پی پی2سے نامزد امیدوار سید طاہر شاہ ،مناظر اہلسنت قاری اظہر محمود اظہری اور مولانا احسان الحق جامی اور مولانا مہدی شاہ زمان نے مراڑیہ گاؤں میں سید مہر علی شاہ کے ڈیرے پر منعقدہ عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،جلسہ کا اہتمام مولا نا احسان الحق جامی،سید ذولفقار علی شاہ ،حبیب احمد ،بلال احمد رحموں ،محمد اعظم خان ،مسعود خان ،سید دلدار حسین شاہ نے کیا ،مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ گزشتہ 70سالوں سے ہم ان نام نہاد سیاسیوں کو ووٹ دیتے چلے آرہے ہیں لیکن اب ایسا ممکن نہیں انشاء اللہ اس بار اسمبلیوں میں علماء حق کی نمائندگی کیلئے تحریک لبیک پاکستان میدان میں اتر آئی ہے اور اب علاقہ عوام کو چایئے کہ وہ ان تحریک لبیک پاکستان کے نامزد امیداروں کے حق میں اپنا ووٹ پول کریں کیونکہ آپکی ووٹوں سے جب علماء اکرام اسمبلیوں میں جائیں گے تو تحفظ ناموس رسالتؐ کا دفاع کرینگے اگر اس بار بھی قادیانیوں کو خوش کر نے کیلئے جن سیاستدانوں نے تحفظ ناموس رسالت قانون میں ترمیم کی کوشش کی انہیں ووٹ دیا گیا تو کل یہی لوگ ایک بار پھر تحفظ ناموس رسالت ؐ کے قانون میں ترمیم کرنے کو شش کرینگے ،اس موقع پرمولانا مشتاق چشتی، سید یاسر علی شاہ ،مولانا شعیب ،شکیل احمد ،حافظ محمد اجمل ،حافظ غالب اور اہلیان رحموں ،مراڑیہ کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

گاؤں جلالیہ :چوہدری برادری نے پی ٹی آئی کو خیر آباد کہہ کر جہانگیر خانزادہ کے قافلے میں شمولیت اختیار کر لی
گاؤں جلالیہ میں جہانگیر خانزادہ ناقابل شکست ،بڑی کامیابی مل گئی ،محلہ عبد الرحمان گڑھی کی چوہدری برادری نے پی ٹی آئی کو خیر آباد کہہ کر جہانگیر خانزادہ کے قافلے میں شمولیت اختیار کر لی ،تفصیلات کے مطابق چیئر مین یوسی فورملی یاسر زمان خان ، شاہد زمان خان ،چیئر مین غورغشتی خالد زمان خالقی اور فیصل خان کی کاوشوں سے جلالیہ کی چوہدری برادری نے پاکستان تحریک انصاف کو چھوڑ کرمسلم لیگ (ن ) حلقہ پی پی2کے نامزد امیدوار جہانگیر خانزادہ کی حمائیت کا اعلان کر دیا ،ایک بڑی شمولیتی تقریب میں چوہدری شیر بہادر خان ،طفیل چوہدری ،چوہدری زمرد ،چوہدری نوید ،چویدری اجمل ،چوہدری حشتم ،چوہدری نزاکت ،چوہدری نزاکت ،چوہدری فدا حسین ،چوہدری مشتاق ،چوہدری زبیر ،چوہدری ارشد ،چوہدری امجد ،چوہدری ساجد اور ان کے پورے خاندان نے جہانگیر خانزادہ پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کر لیا اور آمدہ الیکشن میں جلالیہ میں بھر پور کمپین چلانے کا عندیہ دیدیا ،شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ ہماری سیاست اخلاق ،کردار ،خلوص ،محبت ،بھائی چارے اور عوام کی خدمت کی سیاست ہے ،انتقامی سیاست ہمارے خاندان کا شیوہ نہیں ،چھچھ کا ہر شخص ہمارے لیے قابل احترام ہے ،میرے والد محترم کر نل ( ر ) شجاع خانزادہ شہیدنے ملک وقوم کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ،انہوں نے ہمیشہ دشمنوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مردانہ وار مقابلہ کیا ،پشاور سے کراچی تک جب دہشتگردی کے بادل منڈلا رہے تھے ،روزانہ بم دھماکے اور قتل وغارت کا دور دورہ تھا ان حالات میں کر نل (ر ) شجاع خانزادہ ؒ شہید نے اپنے ملک ،اپنے علاقے اور اپنی قوم کی خاطر دشمنوں کا للکارا اور دشمنوں کا اس ہاک دھرتی سے صفایا کر نے میں اہم کردار ادا کیا ،انہوں نے اپنی جان کا نذرانہ تو پیش کر دیا مگر اس پر آنچ نہیں آنے دی ،آج سے دو سال قبل میرے لیے بہت مشکل ٹائم تھا ،ایک طرف والد کی شہادت کا صدمہ ،دوسری طرف اپنے علاقے کی لوگوں کی خدمت اور تیسری طرف یورپ کی نیشنلٹی اور عیش وعشرت والی زندگی مگر میں نے اپنے علاقہ کے لوگوں کیلئے اپنا سب کچھ قربان کر دیا اور ان کی خدمت کا مشن اپنے لیے چنا ،تو میرے بھائیو اگر میں آپکی خدمت کا اہل ہوں تو مجھے ضرور کامیاب کریں اگر نہیں ہوں تو ضرور اس امیدوار کو ووٹ دیں جسے آپ اہل سمجھتے ہیں ،اس موقع پرچوہدری برادری کی کثیر تعداد کے علاوہ اہلیان جلالیہ نے شرکت کی ،آخر میں چوہدری زمرد اور ان کے دیگر رفقاء نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ 25جولائی کو جہانگیر خانزادہ جلالیہ سے تاریخی کامیابی حاصل کرینگے ۔

گاؤں ملہو:مسعود خان بنگش اور ملک سبز علی کی قیادت میں 16جولائی کو ملہو میں بڑا جلسہ منعقد کروائیں گے ؛تبریز شاہ 
پاکستان تحریک انصاف یوتھ ونگ ضلع اٹک کے سینئر نائب صدر تبریز شاہ آف ملہو نے کہا ہے کہ ملہو،ڈھوک افغان اور ڈھوک ابراھیم آباد سے میجر طاہر صادق اور قاضی احمد اکبر کوبھاری مینڈ یٹ سے کامیاب کرینگے ،مسعود خان بنگش اور ملک سبز علی کی قیادت میں 16جولائی کو پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیداروں میجر طاہر صادق اور قاضی احمد اکبر کے اعزاز میں ملہو گاؤں میں مثالی جلسہ منعقد کروائیں گے ،خضر حیات ،مشتاق خان اور صفدر لالہ اور پی ٹی آئی کی پوری ٹیم کے ہمراہ ڈور ٹو ڈور الیکشن کمپین چلا کر پاکستان تحریک انصاف کو یونین کونسل کاملپور موسیٰ سے تاریخی فتح سے ہمکنار کرینگے ،انہوں نے کہا کہ ملکی سطح پر اس وقت پی ٹی آئی واحد جماعت بن گئی ہے جس میں لوگ دھڑا دھڑ شامل ہو رہے ہیں ،اس میں کوئی شک نہیں کہ آئندہ ملک کی بھاگ دوڑ پاکستان تحریک انصاف کے ہاتھوں میں ہو گی اور عمران خان اس ملک کے وزیر اعظم ہونگے ،انہوں نے کہا کہ ہم اپنا تن من دھن پی ٹی آئی کی جیت کیلئے لگا دینگے ۔

حضروسٹی: قاضی احمد اکبر اور میجر طاہر صادق کی برق رفتار اور ریکار ڈ ساز دعا خیروں نے مخالفین کی نیندیں اڑادیں؛ نورخان
تحریک انصاف تحصیل حضرو کے سیکر ٹری انفارمیشن نور خان نے کہاہے کہ حلقہ پی پی 2سے پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار قاضی احمد اکبر اور این اے 55سے نامزد امیدوار میجر طاہر صادق کی برق رفتار اور ریکار ڈ ساز دعا خیروں نے مخالفین کی نیندیں اڑادیں ، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 25سے زائد کونسلرز ، 6 سے زائد چیئر مین ، وائس چیئر مین اور صوبائی اسمبلی کے 2 امیدوار قاضی احمد اکبر کے قافلے میں شامل ہوئے انشاء اللہ رواں ہفتے چھچھ کی متعدداہم شخصیات پی ٹی آئی میں شامل ہو نے کیلئے بے تاب ہیں عوام مزید خوشخبریوں کا انتظار کریں انہوں نے کہا کہ میجر طاہر صادق کی قائدانہ صلاحیتیوں کی بدولت لوگ دھڑا دھڑ پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فرزند چھچھ ملک امین اسلم کی پارٹی کیلئے دی گئی قربانی سنہری حروف میں لکھی جائے گی ملک امین اسلم پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں ، نور خا ن نے کہا کہ تحصیل حضرو میں تحصیل صدر حاجی اشفاق خان کی قیادت میں پی ٹی آئی متحد ومنظم طریقہ سے کام کر رہی ہے انشاء اللہ آمدہ الیکشن میں مسلم لیگ ( ن ) کو چھچھ واٹک میں عبرتناک شکست دیں گے اور اللہ نے چاہا تو پی ٹی آئی ضلع اٹک میں قومی وصوبائی اسمبلیوں کی تمام سیٹوں پر کلین سویپ کرے گی ۔ 

حضروسٹی:دنیا کے کسی بھی ملک کے مہذب ہونے کا ثبوت اس کا ٹریفک کا نظام ہے ؛رپورٹ
دنیا کے کسی بھی ملک کے مہذب ہونے کا ثبوت اس کا ٹریفک کا نظام ہے ،اگرہم اپنے ملک کے ٹریفک کے نظام کو دیکھ لیں تو ہم بخوبی اندازہ لگاسکتے ہیں کہ ہم کتنے مہذب ہیں ،آئیے دیکھتے ہیں کہ ہماراٹریفک کا نظام کیسا چل رہا ہے ، آپ کے پاس گاڑی جس حالت میں بھی ہے آپ اسے بڑی بے فکری کے ساتھ سڑک پر لا سکتے ہیں چاہے آپ کوئی 5 پہیوں والی گاڑی سڑک پر لے آئیں یا کسی گدھا گاڑی میں گدھے کی جگہ کوئی موٹرسائیکل فٹ کرلیں یا اس قسم کی کوئی اور گاڑی سڑک پر لے آئیں وطن عزیز میں سب چلتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار موٹروے کے پولیس افسران نے کیا ،انہوں نے کہا کہ اگر آپ کا لائسنس نہیں ہے تو آپ بغیر لائسنس کے بھی گاڑی چلاسکتے ہیں ،اگر آپ نے لائسنس لیناہی ہے تو آپ کوگھر بیٹھے بٹھائے نہ صرف ایک لائسنس کی سہولت مل سکتی ہے بلکہ تین تین چارچار لائسنس اکھٹے بھی مل سکتے ہیں آپ بغیرنمبرپلیٹ کے بھی گاڑی چلاسکتے ہیں نہیں تو اپنی مرضی کی کوئی بھی نمبر پلیٹ اپنی گا ڑی پر لگا لیں اس کے علاوہ گاڑی کے اگر سائیڈ شیشے نہیں ہیں یا کوئی لائٹ نہیں ہے تو یہ بھی کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے موٹرسائیکل یا کسی اور گاڑی میں اپنی مرضی کی کوئی بھی تبدیلی کرسکتے ہیں سڑک پر جہاں آپ کادل چاہے گاڑی کھڑی کرسکتے ہیں ہسپتال کے گیٹ کے عین سامنے یا نوپارکنگ زون میں کہیں پربھی آپ گاڑی کھڑی کرسکتے ہیں یہاں سب چلتا ہے ، اس کے بعد آپ سڑک پربھی اپنی مرضی سے گاڑی چلا سکتے ہیں آپ ون ویلنگ کرناچاہیں یا سڑک کی رانگ سائیڈ پر چلنا چاہیں آپ کرسکتے ہیں آپ کی جہاں سے مرضی ہو آپ وہاں سے اوورٹیک کرسکتے ہیں ٹریفک سگنل پربھی آپ کی اپنی مرضی ہے رکناچاہیں تورک سکتے ہیں زیبراکراسنگ کس مقصد کے لئے ہیں یہ جاننے کی بالکل ضرورت نہیں ہے سڑکوں کے کنارے کسی ہسپتال یا سکول کی نشان دہی کرتے بورڈہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتے ہارن ہماری اپنی گاڑی کاہے جیسے چاہیں جب چاہیں بجاسکتے ہیں آپ اپنی موٹرسائیکل یاگاڑی میں پریشر ہارن بھی لگواسکتے ہیں اس کے علاوہ آپ گاڑی پر جیسا چاہیں اور جتنا چاہیں وزن لاد سکتے ہیں سواریوں والی گاڑیاں جہاں سے مرضی چاہیں سواریاں چڑھااوراتارسکتی ہیں سواریاں جیسے چاہیں گاڑی میں بٹھائی جاسکتی ہیں کسی کو دروازے میں کھڑاکرلیا یا چھت پر بٹھا لیا سب چلتا ہے اگر ڈرائیوروں کاگاڑیوں کی ریس لگانے کا دل کررہا ہے تووہ بخوشی اپنے اس ارادے کوعملی جامہ پہنا سکتے ہیں بڑی گاڑیوں والے جس لین میں ان کادل چاہے اپنی گاڑی چلاسکتے ہیں آپ نے اگر دائیں مڑناہو توبھی آپ سڑک کے انتہائی بائیں جانب سے اچانک کٹ مار کر دائیں طرف مڑسکتے ہیں لین مارکنگ کے اوپرکھڑاہونا توکوئی بات ہی نہیں ہے سڑک پر الٹاسیدھا آڑھے ترچھے کسی بھی طریقے سے آپ کھڑے ہوسکتے ہیں اگرآپ ٹرن کے لئے ٹریفک کے رکنے کے انتظار میں کھڑے ہیں تو یہ آپ کی بے وقوفی ہے آپ قیامت تک بھی کھڑے رہیں گے توکوئی بھی اپنی گاڑی روک کر گزرنے کارستہ نہیں دے گا آپ کو خودٹریفک میں گھس کر زبردستی اپنا راستہ لینا پڑے گا ہر ایسا فٹ پاتھ جس پر گاڑی چڑھ سکتی ہے وہ بھی فٹ پاتھ کی جگہ سڑک کاہی کام دیتا ہے ہماری قوم اب بہت آگے کاسوچنے لگی ہے وہ ان فرسودہ اشاروں کو جو کبھی ٹریفک کورواں رکھنے کے لئے کئے جاتے تھے ان اشاروں کو اب اس قابل ہی نہیں سمجھتی کہ ان پرعمل کیا جائے ان اشاروں سے آپ گاڑی روک ہی نہیں سکتے گاڑی روکنے کے لئے آپ کو گاڑی کے بالکل سامنے آکر اسے روکنا پڑتا ہے اگر ٹریفک کہیں پھنس جائے تو آپ مخالف سمت سے آنے والی گاڑیوں کاراستہ بلاک کرکے ٹریفک مکمل جام بھی کرسکتے ہیں اور روڈ کے اوپر ہر کوئی اتنی جلدی میں نظر اتا ہے کی جسے آگے جا کر اس نے کسی مریض کی جان کو بچانا ہے حلانکہ بالکل ایسا نہیں ہے بس اس کو جلدی صرف اس بات کی ہے کہ وہ اپنے دوستوں کی محفل میں پہنچے ہمیں میں رات کو سونے کی کوئی جلدی نہیں ہمیں کسی کے فنکشن میں جانے کی کو ئی جلدی نہیں ہم نے کسی کے جنازے میں اس وقت جانا ہے جب تک مولوی دو رقعات پڑھ نہیں لیتا بس جلدی ہے تو صرف اس وقت جب یم گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھ جاتے ہیں اور مجال ہے کے گاڑی چلانے والے سے کوئی پوچھ سکے کہ آپ اایسا کیوں کر رہے ہیں ایک بس میں 50 لوگوں کا مطلب 50 خاندان ہوتے ہیں ڈرائیور سارے راستے میں موبائل پر باتیں کر رہا ہوتا ہے مجال ہے کے کوئی مسافر صرف پولیس کی ہیلپ لائن پر کوئی کال کر کے بتائے ہم بے حس ہیں اور ہم ایسا نہیں کر سکتے کیونکہ ہمیں ٹریفک رولز کا پتہ ہی نہیں اب ایسا بھی نہیں ہے کہ صرف ہماراٹریفک کا نظام بگڑا ہوا ہے اور ہم باقی شعبوں میں ٹھیک ہیں جس طرح ہمارا بگاڑ ہر شعبے میں نظرآتا ہے اسی طرح کے بگاڑ کا مظاہرہ ہم سڑک پر کرتے ہیں ہمارے لوگوں میں ٹریفک کے شعور کی اشد کمی ہے بیشک ہمارے کچھ ادارے جیسے اسلام آباد ٹریفک پولیس اور خاص طورپر نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس لوگوں میں ٹریفک کاشعوراجاگر کرنے کے لئے اپنی سی کوشش میں لگے ہوئے ہیں موبائل ایجوکیشن یونٹ ، روڈ سیفٹی سیمینار اور واک وغیرہ کا اہتمام اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے لیکن جب تک ٹریفک کامضمون سائنس ، انگلش اور دوسرے مضامین کی طرح نصاب میں شامل نہیں کیاجاتا اور اسے بھی سائنس اور انگلش کی طرح اہمیت نہیں دی جاتی اس وقت تک ہم اپنے ٹریفک کے بارے میں لوگوں میں شعور اجاگر نہیں کرسکتے ہماری بدقسمتی ہے کہ ٹریفک کے قوانین ہوتے ہوئے بھی ہم ان پر عملدرآمد کروانے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں اگر ان پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے توٹریفک کے نظام میں بہتری لائی جا سکتی ہے آج کل میڈیا کے ذریعے بھی ٹریفک کے بارے شعور اجاگر کیاجاسکتاہے لیکن بچے کی اصل تربیت اس کے گھرسے شروع ہوتی ہے اگر باپ اپنے بچے کو موٹرسائیکل پر بٹھاکر خودبغیرہیلمٹ کے موٹرسائیکل چلائے گایاوہ ون وے کی خلاف ورزی کرتا ہوا جائے گاتو اس کا بچہ بھی بڑا ہوکراسی طرح ٹریفک قوانین کی دھجیاں اڑائے گا اگرہم اپنا ٹریفک کا نظام صحیح کرنے میں کامیاب ہو گئے تویہ ہمارا مہذب قوم بننے کی سمت پہلا قدم ہو گا۔

















No comments:

Post a Comment