Wednesday, July 4, 2018

Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from Hong Kong.

Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from Hong Kong.


اٹک سٹی:الیکشن 2018 ء کے ضابطہ اخلاق کے حوالہ سے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا 
الیکشن 2018 ء کے ضابطہ اخلاق کے حوالہ سے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا ،ڈپٹی کمشنر اٹک عمران قریشی نے اجلاس کی صدارت کی ۔اجلاس میں ضلع بھر کے امیدواران برائے قومی و صوبائی اسمبلی ، ڈی پی او اٹک حسن اسد علوی ، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اٹک عبدالرشید ، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ جہانگیر مرزا ، ضلع بھر کی میونسپل کمیٹیوں کے چیف افسران اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی اجلاس میں امیدواران برائے قومی و صوبائی اسمبلی کو ا لیکشن 2018 ء کے ضابطہ اخلاق کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور الیکشن کمیشن کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی کے وہ اس ضابطہ اخلاق کی اس کی روح کے مطابق پیروی کریں تاکہ عام انتخابات بر وقت ، شفاف اور مکمل پرامن ماحول میں ممکن ہو سکیں اجلاس میں ضابطہ اخلاق کے حوالہ سے تفصیلی بحث بھی عمل میں لائی گئی امیدواران کی جانب سے مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں جن پر الیکشن کمیشن کی ہدایات کی روشنی میں عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی گئی ڈپٹی کمشنر اٹک عمران قریشی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات ایک اہم فریضہ ہے جس میں تمام سٹیک ہولڈرز کا تعاون اشد ضروری ہے انہوں نے اس موقع پرتمام امیدواران سے اپیل کی کہ وہ اپنے حلقوں میں ووٹرز کو الیکشن 2018 ء کے ضابطہ اخلاق کے حوالہ سے مکمل آگاہی فراہم کریں اور انہیں اس بات کی طرف راغب کریں کہ وہ انتخابی مہم کے دوران اور انتخابات والے دن اس ضابطہ اخلاق کا مکمل احترام کریں ڈی پی او اٹک حسن اسد علوی نے اس موقع پر خطاب کر تے ہوئے کہا کہ عام انتخابات کہ موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں تما م ووٹرز ، انتخابی عملہ اور امیدواران کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے گی الیکشن کی مانیٹرنگ کیلئے ضلعی اور تحصیل سطح پر کنٹرول رومز قائم کیے جائیں گے جن کے ذریعے تمام سٹیک ہولڈرز کیساتھ رابطہ رکھا جائے گااجلاس میں تمام امیدواران نے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عمل کرنے اور انتظامیہ کیساتھ بھر پور تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔ 

اٹک سٹی: الیکشن 2018 ء کو شفاف بنانے کے لیے پریذائڈنگ افسران سے حلف لینے کا عمل شروع 
الیکشن 2018 ء کو شفاف بنانے کے لیے پریذائڈنگ افسران سے حلف لینے کا عمل شروع ، حلف برداری کا عمل 6 جولائی تک جاری رہے گا این اے 55 اور پی پی 3 کی حلف برداری مکمل ، ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر سہیل اکرام حلف برداری کی تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔حلف برداری کی تقریب میں ریٹرنگ آفیسر اشفاق احمدرانا، راجہ شاہد ضمیر سینئر سول ججز ملک شاہد اعوان ، عمر رشید اور شفقت شہباز راجہ بھی موجود تھے ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آر او اٹک نے پریذائڈنگ افسران سے خطاب پولنگ کا عمل شفاف بنانے کے لیے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، پولنگ کا عمل کسی صورت نہیں رکنا چاہیے، پولنگ کواپنا قومی فریضہ سمجھ کر ادا کرنا ہو گا، ضابطہ اخلاق کے قانون کی پابندی کروانا ہمارا فرض ہے ، تمام سیاسی پارٹیوں کے امیدوار ہمارے لیے برابر اور قابل احترام ہیں انہوں نے اس موقع پر کہا کہ پولنگ کے دوران آنے والی مشکلات کے حل کے لیے ان سے رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔ 

اٹک سٹی:چیئرمین بلدیہ اٹک ناصر محمود شیخ نے 2018-19 ء کا 43 کروڑ 25 لاکھ 7 ہزار 258 روپے کا مالی بجٹ پیش کر دیا
چیئرمین بلدیہ اٹک ناصر محمود شیخ نے 2018-19 ء کا 43 کروڑ 25 لاکھ 7 ہزار 258 روپے کا مالی بجٹ پیش کر دیا۔ گزشتہ سال کی نسبت 7 کروڑ روپے کا زیادہ تخمینہ لگایاگیا ہے اس حوالے سے بلدیہ اٹک میں ایک اجلاس زیر صدارت وائس چیئرمین ملک طاہر اعوان منعقد ہوا جس میں ناصر محمود شیخ نے بجٹ پیش کیا ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں 19کروڑ 75لاکھ 83ہزار 14روپے سائر اخراجات کی مد میں 10کروڑ90ہزار ،ترقیاتی اخراجات کی مد میں 7کروڑ 98لاکھ 72ہزار 3سو روپے ، پنشن ملازمین کی مد میں 3کروڑ روپے ، سپورٹس اخراجات کی مد میں 20لاکھ ، سول ڈیفنس کی مد میں 9لاکھ 55ہزار روپے، نئی ترقیاتی سکیموں میں فی وارڈ 20لاکھ روپے اور مخصوص نشستوں کے لیے فی وارڈ10لاکھ روپے ، مشینری خریدار ی ، صفائی اور سٹریٹ لائٹس کے لیے 1کروڑ70لاکھ90ہزار روپے، سابقہ سکیموں کی بحالی کے لیے 99لاکھ10ہزار روپے،جاری شدہ سکیموں کی بقایا جات کی مد میں 67لاکھ 72ہزار 3سو روپے اور پیچ ور ک اور مین ہول کور کے لیے 31لاکھ روپے رکھے گئے ہیں چیئرمین بلدیہ ناصر محمود شیخ نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو خزانہ خالی تھا ملازمین کی تنخواہوں کے لیے بھی پیسے نہیں تھے ہم نے لگن اور خلوص سے کام کیا تو بلدیہ کی حالت سدھاری اب تمام معاملات خوش اسلوبی سے چل رہے ہیں 6کروڑ75لاکھ روپے کے ترقیاتی کام کروائے اس بار 8کروڑ اس مد میں رکھے پیارے حبیب ؐ کے صدقے تمام اہدا ف حاصل کریں گے انہوں نے کہا کہ اٹک شہر کو خوبصورت اور ترقی یافتہ بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے مختصر مد ت میں بہترین بجٹ کی تیاری میں انہوں نے وائس چیئرمین ملک طاہر اعوان ، کونسلران اور افسران کا شکریہ ادا کیا اجلاس میں کونسلران شیخ عبدالوحید، ملک جاوید اقبال، شہاب رفیق ملک، حاجی سیف الرحمن، مس خالدہ رانا، ظہور الٰہی، ملک جاوید اختر، طارق ولیم نے بہترین بجٹ پیش کرنے پر چیئرمین بلدیہ کا شکریہ ادا کیا۔

بلدیہ اٹک کے بجٹ اجلاس کا اپوزیشن ارکان نے بائیکاٹ کر دیا جبکہ حکومتی کونسلران بھی شریک نہیں ہوئے ۔تفصیلات کے مطابق بلدیہ اٹک کے بجٹ اجلاس میں اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے اراکین کونسلران حاجی اکرم خان، رانا افسر علی خان ایڈووکیٹ، شیخ نثار احمد ، سجاد تنولی اور مسز جعفری نے بائیکاٹ کیا جبکہ مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے کونسلران شیخ غلام صمدانی، نوید احمد، محمد اسلم بھی شریک نہیں ہوئے اجلاس میں موجودچیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلران نے اپوزیشن کے بائیکاٹ کو مسترد کر دیا اور کہا کہ ہم نے آج تک انہیں اپوزیشن نہیں سمجھا مگر انہوں نے اجلاس میں شرکت نہ کر کے اپوزیشن ہونے کا ثبوت دیا ہے انہیں چاہیے تھا کہ عوامی مفاد میں بجٹ اجلاس میں شریک ہو تے اور اپنی تجاویز پیش کرتے ۔

اٹک سے قومی اسمبلی کی 2 اور پنجاب اسمبلی کی 5 نشستوں پر 106 امیدواروں کے کاغذات منظور ہوئے 
اٹک سے قومی اسمبلی کی 2 اور پنجاب اسمبلی کی 5 نشستوں پر 106 امیدواروں کے کاغذات منظور ہوئے تھے جن میں سے 54 امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے اور 52 امیدواروں کو نشانات بھی الاٹ کر دیئے گئے ہیں ،ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر / ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سہیل اکرام اور الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام اٹک میں عام انتخابات کو شفاف بنانے کے اقدامات کے سلسلہ میں نشانات الاٹ کرنے کا مرحلہ خوش اسلوبی سے طے پا گیا ہے عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کے تیسرے مرحلے میں کاغذات نامزدگی کی واپسی پر حلقہ این اے 55اٹک 1 جو تحصیل اٹک ، حضرو اور حسن ابدال پر مشتمل ہے میں ریٹرننگ آفیسر / ایڈیشنل سیشن جج محمد اشفاق رانا کے پاس 15 امیدواروں میں سے 7 نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے جن میں ملک امین اسلم ، محمد زین الہٰی ، محمد سلمان سرور ، جمیل احمد ملک ، ڈاکٹر محمد نعیم اعوان ، سراج گل اور سلیم حیدر شامل ہیں اب 8 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے جن کو نشانات الاٹ کر دیئے گئے ہیں ان میں تحریک انصاف کے میجر طاہر صادق ( بلا ) ، سابق وفاقی وزیر مسلم لیگ ( ن ) شیخ آفتاب احمد ( شیر ) ، ایم ایم اے کے صاحبزادہ حافظ سعید احمد دریا شریف ( کتاب ) ، تحریک لبیک پاکستان کے محمد حفیظ اللہ خان علوی ( کرین ) ، پی پی پی کے ذوالفقار حیات حسن ابدال ( تیر ) ، اللہ ھو اکبر تحریک کے آصف اقبال پنڈ تریڑ ( کرسی ) ، پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے تیمور اسلم ( بلے باز ) ، پاکستان ہیومین رائٹس پارٹی کے ملک امیر افضل غورغشتی ( چھتری ) شامل ہیں ۔

اٹک سٹی:HTV کی بہتری اور تاحال کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ڈی آئی جی این فائیو نارتھ کی زیر نگرانی آپریشنل میٹنگ کا انعقاد کیا گیا
HTV کے خلاف جاری مہم کی بہتری اور تاحال کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ڈی آئی جی این فائیو نارتھ محبوب اسلم کی زیر نگرانی آپریشنل میٹنگ کا انعقاد کیا گیا ، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کے خلاف مہم کے ساتھ ساتھ جی ٹی روڈ پر چلنے والیHTV گاڑیوں کے خلاف سخت چیکنگ کا آغا زکر دیا ڈی آئی جی این فائیو نارتھ محبوب اسلم ، مسلسل سیکنڈ لین کا استعمال ، اوور لوڈنگ اور ڈرائیونگ کے دوران غفلت لا پرواہی برتنے والے ڈرائیورز کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ، تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس این فائیو نارتھ محبوب اسلم کے زیر نگرانی آپریشنل میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں این فائیو نارتھ زون جوکہ پشاور تا لاہور جی ٹی روڈ اور مری ایکسپریس وے پر محیط ہے پر بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں اور HTVsکے خلاف جاری مہم کی تاحال کارکردگی اور مزید بہتر بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔مذکورہ آپریشنل میٹنگ میں تمام سیکٹر کمانڈرز اور بیٹ کمانڈرز نے شرکت کی اس موقع پر ڈی آ ئی جی محبوب اسلم نے بتایا کہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کامیاب مہم میں 01-04-2018سے26-06-2018 تک 437104 موٹرسائیکل سواروں کو چالان جاری کرنے کے ساتھ ساتھ 87625482 روپے کا بھا ری جرمانہ کیا گیا ڈی آئی جی نے مزید بتایا کہ اس مہم کے دوران 36381موٹر سائیکلز کو تحویل میں لیا گیا اور 12244موٹرسائیکل سواروں کے کاغذات کی ضبطگی عمل میں لائی گئی ڈی آئی جی نے کہا کہ موجودہ مرحلے میں جی ٹی روڈ این فائیو نارتھ پرٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی مال بردارگاڑیوں(HTVs) کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ اس مہم کے دوران مال بردار گاڑیوں کے ڈرائیورزکیطرف سے اوور لوڈنگ ، اوور سپیڈنگ ،لین وائیلیشن ، اور غفلت و لاپرواہی سے گاڑی چلانے والی بے ضابطگیوں کو خصوصی طور پر مد نظر رکھا جا رہا ہے اور اس مد میں یکم مئی 2018سے 145819مال بردار گاڑیوں کے ڈرائیور حضرات کو 78659508روپے کا بھاری جرمانہ کیا جا چُکا ہے آخر میں ڈی ائی جی محبوب اسلم نے تمام آفیسرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس مہم میں مزید بہتری لانے کا پر عزم اعادہ کیا تاکہ بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کے انسداد اور سڑک استعمال کرنے والوں کو محفوظ سفر کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔ 

اٹک سٹی:الیکشن کمیشن کی طرف سے اعلان الیکشن پبلسٹی کا ضابطہ اخلاق جاری کر دیا گیا 
الیکشن کمیشن کی طرف سے اعلان الیکشن پبلسٹی کا ضابطہ اخلاق جاری کر دیا گیا ہے جس کے تحت سیاسی جماعت، امیدوار، الیکشن ایجنٹ/سپوٹر کی طرف سے درج ذیل سائز سے بڑے پوسٹر، پمفلیٹ، بینر اور پوٹریٹ پر پابندی ہو گی ، پوسٹر سائز: 18 انچ 235 23 انچ ، پمفلٹ سائز: 9 انچ 235 6 انچ ، بینرسائز: 3 فٹ 235 9 فٹ ، پوٹریٹ سائز: 2 فٹ 235 3 فٹ ، سیاسی جماعت، امیدوار، الیکشن ایجنٹ/سپوٹر کی طرف سے دیوار، یا کسی عمارت پر پوسٹر، پمفلٹ یا کوئی مٹیریل چسپاں کرنے پر پابندی ہوگی ، کسی سیاسی جماعت، امیدوار، الیکشن ایجنٹ/سپوٹر کی طرف سے کسی انتخابی مٹیریل پوسٹر، پمفلٹ بینر پر کسی سرکاری ملازم کی تصویر لگانا منع ہے ، پرنٹنگ صرف ٹیکس رجسٹر پرنٹر سے کروائی جائے گی اور مٹیریل پر پرنٹنگ کمپنی کا نام واضح درج ہونا چاہیے ، پبلسٹی مٹیریل پر تصویر صرف اور صرف امیدوار کی ہوگی ، فلیکس مٹیریل کا استعمال کسی بھی طرح سے منع ہے۔ بینر یا دیگر میٹیریل صرف کپڑے کا بنا ہو سکتا ہے ، امیدوار کے حق میں کوئی بھی بینر، پوسٹر یا پمفلٹ کسی ورکر کی طرف سے ہو وہ بھی امیدوار کے انتخابی کھاتے/بجٹ میں شمار ہوگا ان تمام ہدایات پر سختی سے عمل کریں ہر پارٹی سوموار تک تمام لوگوں کو بریفننگ دے گی ۔ 

اٹک سٹی:اٹک میں ملکی ہم آہنگی کیلئے پولیس امن کمیٹی کیساتھ مل کر کام جاری رکھے گی ؛حسن اسد علوی (ڈی پی او اٹک)
امن و امان کے قیام کیلئے علماء کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے ،اٹک میں ملکی ہم آہنگی کیلئے پولیس امن کمیٹی کیساتھ مل کر کام جاری رکھے گی ،ان خیالات کا اظہار حال ہی میں ڈی پی او اٹک کا چارج سنبھالنے والے حسن اسد علوی نے ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ایس پی انوسٹی گیشن اٹک احمد محی الدین بھی موجود تھے ڈی پی او نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے قیام کیلئے کلیدی کردار پر زور دیا علماء معاشرے کا ایک اہم حصہ ہونے کے ساتھ ساتھ عوام میں پذیرائی رکھتے ہیں اور بحیثیت پاکستانی ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ امن جو اسلام کا بنیادی مقصد ہے کے قیام کیلئے عوام الناس میں محبتیں بانٹی جائیں اور ہم آہنگی کا درس دیا جائے ملک دشمن قوتیں پاکستان کے خلاف سرگرم عمل ہیں اور ملکی سلامتی کو سبوتار کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے عام انتخابات میں بھی ملک دشمن اور سماج دشمن عناصر سازشیں کرینگے جنکا مقابلہ کرنے کیلئے پوری قوم کو یکجا ہونا ہو گا ضلع اٹک میں علماء کے تعاون سے پر امن فضا کو یقینی بنایا جائے گا یہ ملک بڑی قربانیوں سے حاصل کیا گیا ہے اور قوم حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہے اور اسی جذبے کی بنیاد پر ہم دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر کو شکست دے کر کامیابی کی منازل طے کرینگے تاہم اس مقصد کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا امن کمیٹی کے ممبران نے آخر میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور تمام مسالک کے علامء نے بیک زبان امن کے پیغام کی تائید کی ۔ 

گاؤں شینکہ:چنگیز خان کو 25جولائی کو بھاری اکثریت سے جتوائیں گے ‘ چنگیز خان ہماری اُمیدوں کا محور ہے ؛ فیصل خان USA
شینکہ گاؤں کی معروف سیاسی شخصیت فیصل خان USAنے کہا ہے کہ حلقہ پی پی 2سے ایم ایم اے کے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی چنگیز خان کو 25جولائی کو بھاری اکثریت سے جتوائیں گے ،میں اور میری برادری ان کی بھرپور حمایت کرتے ہیں ‘وہ وقت دور نہیں جب چنگیز خان کامیاب ہو کر عوام کے درینہ مسائل کے حل کے لیئے جدو جہد کریں گے اور غریب عوام کے حقوق ان کی دہلیز پر پہنچائیں گے ۔چنگیز خان کی علاقہ چھچھ کے لیئے خدمات سب کے سامنے ہیں وہ ایک نڈر اور صاف گو لیڈر ہیں 25جولائی کو انشاء اللہ چھچھ کی عوام کتاب کے نشان پر مہر لگا کر چنگیز خان کو کامیاب کریں گے ،چھچھ کی عوام کی چنگیز خان نے خدمت کی ہے چھچھ کی عوام اس کی لاج رکھتے ہوئے چنگیز خان کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں گے ۔چنگیز خان چھچھ کا فخر ہے جس نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے ہم ان کے شانہ بشانہ انتخابی مہم چلائیں گے ،چنگیز خان غریبوں کے دوست ہیں انہوں نے ہمیشہ عوام کے حقوق کے لیئے ہر محاذ پر آواز بلند کی و ظلم کے خلاف بھر پور طریقے سے جدو جہد کر رہے ہیں وہ ہمارے لیڈر ہیں 25جولائی کا سورج ان کے حق میں طلوع ہو گا ۔ 

اٹک سٹی:امیدوار تحریک انصاف حلقہ این اے 55/56 ، پی پی 3 میجر طاہر صادق کو اٹک میں بڑی کامیابی ‘ رپورٹ
امیدوار تحریک انصاف حلقہ این اے 55/56 ، پی پی 3 میجر طاہر صادق کو اٹک میں بڑی کامیابی ‘سابق چیئرمین بلدیہ ملک اعجاز امجد ، سابق ناظم ملک غضنفر جاوید عرف نومی خان ، سابق کونسلر ملک چنگیز اقبال اور ملک عامر اقبال خان اپنی برادری اور دوستوں سمیت میجر طاہر صادق کے قافلے میں شامل ہو گئے ۔تحریک انصاف کے امیدواروں کی غیر مشروط حمایت کا اعلان اس حوالے سے ایک شمولیتی پروگرام ملک عامر اقبال خان کی رہائش گا ہ پر منعقد ہو ا جس میں امیدوار این اے 55/56 اور پی پی 3 میجر طاہر صادق اور امیدوار صوبائی اسمبلی پی پی 1 یاور بخاری مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے ۔اس موقع پر واجد بخاری ، ملک عدنان ، شیخ قیصر ، علامہ غلام محمد صدیقی ، سردار کیفی خان ، ملک اسلم دکھنیر، شیخ صدام علی ، سابق ناظم یونین کونسل سروالہ ڈاکٹر صفدر مغل ، رانا اکرم ، جمریز خان ، بالی خان اکھوڑی ، ساجد خان اکھوڑی ، طارق خان پنڈوال ، ملک عدنان سروالہ ، سردار فاروق خان ، چیئرمین ڈسٹرکٹ پریس کلب ملک عطا محمد خان ، وائس چیئرمین عمران علی سیفی ، حرعباس ، عمران بخاری، شمولیتی پروگرام میں مرزا اٹک کینٹ اور قرب و جوار سے سینکڑوں کی تعداد میں عوام اور کارکنان نے شرکت کی شمولیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے میجر طاہر صادق نے کہا کہ انشاء اللہ 25جولائی کا سورج تحریک انصاف کے امید واروں کیلئے کامیابی کی امید لے کر طلوع ہو گا اور ملک بھر میں تحریک انصاف کامیاب ہو کر تبدیلی کی بنیادرکھے گی عوام کی دعائیں ان کی طرف سے محبت اور خلوص ایسا ہے کہ ضلع بھر کی عوام کی نظریں ہم پر ہیں جس طرح عوام نے بے پنا ہ اعتماد کیا ہے ہم اس پر ہر صورت پورا اترنے کی بھر پور کوشش کریں گے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ( ن ) کو اسلامی شعائر ختم نبوتؐ کے قانون میں ترمیم اور عوام سے کیے وعدے ایفا نہ کرنے کی سزا مل رہی ہے یہ جماعت اب صفر کی حدکو بھی کراس کر گئی ہے ملک اعجاز امجد ، ملک غضنفر جاوید عرف نومی خان ، ملک عامر اقبال اور ملک چنگیز اقبال نے بہت ہی اچھا فیصلہ کیا ہے ہمارے ساتھ شامل ہونے والوں کو کبھی مایوسی نہیں ہو گی ملک اعجاز ، ملک عامر اقبال ملک ، چنگیز خان ، سابق سٹی ناظم ملک غضنفر جاوید کی شمولیت سے تحریک انصاف کو ضلع بھر میں مزید تقویت ملے گی شمولیتی پروگرا م سے امیدوار صوبائی اسمبلی یاور بخاری نے کہا کہ میجر طاہر صادق کی شمولیت سے تحریک انصاف ایک مضبوط قوت کے طور پر سامنے آئی ہے پورے ضلع میں تحریک انصاف کے امیدوار کامیابی کی پوزیشن میں ہیں ضلع بھر سے تحریک انصاف میجر طاہر صادق اور تحریک انصاف کے امیدوارالیکشن جیت کر کلین سویپ کریں گے ملک اعجاز امجد نے کہا کہ ہم غیر مشروط طور پر تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں میجر طاہر صادق اور تحریک انصاف کے امیدواروں کی کامیابی کیلئے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے ۔ 

ضلع اٹک: لوہے کا پائپ کرین کے ذریعے اٹھانے پر پائپ بجلی کی ہیوی وولٹیج ، تاروں سے ٹکرانے کے سبب محنت کش موقع پر جاں بحق 
واٹر سپلائی کی مین لائن ڈالنے کے دوران لوہے کا پائپ کرین کے ذریعے اٹھانے پر پائپ بجلی کی ہیوی وولٹیج ، تاروں سے ٹکرانے کے سبب محنت کش موقع پر جاں بحق ‘کرین ڈرائیور کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔محنت کش کے عزیز و اقارب نے پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کرتے ہوئے پولیس کو تحریر لکھ دی ، تفصیلات کے مطابق تحصیل جنڈ کے گاؤں واٹر سپلائی کی مین پائپ لائن ڈھوک شکر پڑی کے پاس سے گزر رہی ہے جس پر او جی ڈی سی ایل کا عملہ کام کر رہا تھا اس دوران او جی ڈی سی ایل کے کرین آپریٹر حفیظ الرحمن ولد ظریف خان سکنہ مرجان چکوال و دیگر عملہ کے ہمراہ پائپ اکھاڑ پچھاڑ کر کے لوڈنگ کرنے میں مصروف تھے جس میں علاقہ کا 36 سالہ نوجوان غلام اصغر بھی ان کے ہمراہ کام کر رہا تھا کرین ڈرائیور نے ایک پائپ کو اکھاڑ کر زمین سے اونچا کر کے لوڈ کرنے کی کوشش کی تو اچانک کرین لیور بجلی کی تاروں سے ٹچ ہو گیا جس سے بجلی کا کرنٹ کرین میں بھی آ گیا کرین ڈرائیور حفیظ الرحمن بجلی کے جھٹکوں سے شدید زخمی ہو گیا بجلی کی ہیوی وولٹیج کرنٹ کی وجہ سے غلام اصغر جو کرین پر پائپ لوڈنگ میں مصروف تھا موقع پر جاں بحق ہو گیا موقع پر موجود عملہ نے اپنی مدد آپ کے تحت فوری طور پر کرنٹ ختم کرنے کے اقدامات کیے تاہم بدقسمتی سے غلام اصغر موقع پر جاں بحق ہو گیا تاہم متوفی کے 75 سالہ والد میاں محمد ولد غلام اکبر اعوان سکنہ بیلہ تحصیل جنڈ نے پولیس کو تحریری طور پر لکھ کر دیا کہ وہ پوسٹ مارٹم نہیں کرانا چاہتے اس تحریر پر متوفی کے دادا غلام اکبر ولد غلام محمد اعوان سکنہ ڈھوک شکرپڑی ، متوفی کی بیوہ مسماۃ وحید بیگم ، اس کی والدہ بشیراں بیگم ، 13 سالہ بیٹا عدیل اصغر ، چچا محمد اکرم ، عبدالخالق ، محمد ارشد ، سابقہ کونسلر شوکت علی خان ، نمبرار ملک عظمت نواز کے دستخط ہیں اس پر اے ایس آئی تھانہ جنڈ محمد جہانگیر نے لاش ورثاء کے حوالے کر دی جسے بعدازاں نماز جنازہ کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔ 

اٹک شہر کا محلہ اعوان شریف مسائل کی آماجگاہ بن گیا، 25جولائی کو اس امید وار کو ووٹ دیں گے جو ان مسائل کو حل کریگا؛ اہلیان محلہ
اٹک شہر کا محلہ اعوان شریف مسائل کی آماجگاہ بن گیا، 25جولائی کو اس امید وار کو ووٹ دیں گے جو ان مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائے گا ۔ان خیالات کا اظہار ملک اقبال اعوان، مشتاق شاہ اور دلاور خان نے میڈیا کے نمائندوں بات چیت کرتے ہوئے کیا اس محلہ کے رہائشیوں نے بتایا کہ یہاں گیس کا پریشر انتہائی کم ہے جو کہ سردیوں میں تو گیس ہوتی ہی نہیں اس محلہ کو شہر اور بس اسٹینڈ سے ملانے والی سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں لگے ہوئے جیمر سے محلہ کی اکثریتی آبادی اس جدید دور میں موبائل فون کے سگنل نہ ہونے کی وجہ سے شدید مشکلات سے دوچار ہے کوئی سرکاری سکول نہیں ہے جبکہ اس محلہ میں کئی کنال سرکاری اراضی بھی موجود ہے قبرستان اور جناز گاہ بھی نہیں ہے صفائی کی انتہائی ناقص صورتحال ہے جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر ہیں ملک اقبال اعوان، مشتاق شاہ اور دلاور خان نے بتایا کہ 2 جولائی کو تحریک انصاف کے امیدوار میجر طاہر صادق کو اس محلہ میں دعوت دی گئی ہے ان کے سامنے محلہ کے مسائل رکھے جائیں گے ان کی یقین دہانی پر پورا محلہ ان کیساتھ ہو گا انہوں نے بتایا کہ اس سے پہلے کئی بار شیخ آفتاب احمد کے پاس اس محلہ کے مسائل کے سلسلہ میں جا چکے ہیں جنہوں نے ہر دفعہ لالی پوپ ہی دیا حالانکہ مرکز اور پنجاب میں ان کی حکوت تھی اور پنجاب گورنمنٹ کی سرکاری اراضی بھی اس محلہ میں موجود ہے جس پر ڈسپنسری، سکول، پبلک پارک کچھ بھی نہ بن سکا واضع رہے کہ یہ محلہ شیخ آفتاب احمد کی رہائش سے چند سو قدم کے فاصلہ پر ہے اس کے باوجود اس محلہ سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا ان رہائشیوں کا کہنا ہے کہ یہی وجہ ہے کہ اب اس محلہ سے شیخ آفتاب احمد کو چند خوشامدیوں کے سوا کوئی ووٹ نہیں ملے گا ۔

اٹک سٹی:25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کی کیلئے اپنے پریس کارڈ بنوا لیں ؛ شہزاد نیاز کھوکھر
ضلعی افسر تعلقات عامہ حکومت پنجاب شہزاد نیاز کھوکھر نے ضلع بھر کے صحافیوں سے کہا ہے کہ وہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کی کیلئے اپنے پریس کارڈ بنوا لیں ،اس سلسلہ میں اپنی دو عدد تصاویر،شناختی کارڈ کی کاپی ،پریس کارڈ کی کاپی اور ڈی آر اواٹک کے نام درخواست، ضلعی دفتر اطلاعات پیپلز کالونی ،اٹک میں دفتری اوقات کار میں جمع کروائیں اس ضمن میں صرف فعال صحافی ہی پریس کارڈ کے حصول کے لیے رابطہ کریں مزید معلومات کیلئے 057-2541314 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔ 

ضلع اٹک:موٹروے پولیس ، این ایچ اے کے افسران اور عملہ نے جی ٹی روڈ پر مختلف مقامات پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا 
موٹروے پولیس ، این ایچ اے کے افسران اور عملہ نے دیگر سرکاری محکموں اور مقامی پولیس کے ہمراہ جی ٹی روڈ پر مختلف مقامات پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا اور ان تجاوزات کو ختم کیا ۔تجاوزات کے خلاف مہم ڈی آئی جی این فائیو نارتھ محبوب اسلم کی خصوصی ہدایت پر سیکٹر کمانڈر این فائیو نارتھ ون وحید الرحمن خٹک کی زیر نگرانی ڈی ایس پی محمد ایوب خان ، ایڈمن آفیسر اسدااللہ ، آپریشن آفیسر محمد اقبال نے مقامی پولیس ، این ایچ اے اور دیگر سرکاری محکموں کیساتھ مل کر جی ٹی روڈ پر مختلف جگہوں پر ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا موٹروے پولیس کے اس اقدام کو عوامی حلقوں نے سراہاکیونکہ ناجائز تجاوزات مافیا نے باقاعدہ پبلک کی سہولت کیلئے مختص جگہ پر قبضہ کر رکھا تھا آپریشن سے قبل باقاعدہ بریفنگ کمپین چلائی گئی اور سختی سے تنبیہ بھی کی گئی تھی جس پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں آپریشن کیا گیا عوامی حلقوں نے موٹروے پولیس کے اس اقدام کی بھر پور تائید کی اگر عوامی حلقوں کاموٹروے پولیس کیساتھ ااسی طرح تعاون جاری رہا تو انشاء اللہ موٹروے پولیس پہلے سے مزید بہتر کارکردگی دکھائے گی ۔ 

حضروسٹی اور اٹک شہر و گردونواح میں تیز بارش ، بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ، بارش کی رفتار240ملی میٹر ریکارڈ کی گئی بارش کے باعث گلیاں اور نالیاں بھر گئے ۔ 

اٹک سٹی:سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لا کھڑا کیا ہے؛ شیخ آفتاب احمد
امیدوار حلقہ این اے 55 مسلم لیگ ( ن ) شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ( ن ) کو اقتدار میں آنے سے کوئی سازش نہیں روک سکتی ،سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لا کھڑا کیا ہے مسلم لیگ ( ن ) سمندر ہے چند قطروں کے چلے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر چیئرمین یونین کونسل ملاں منصور حاجی ملک محمد نسیم ، سابق وائس چیئرمین یونین کونسل زمان شاہ ، شیخ جواد ، چیئرمین ڈسٹرکٹ پریس کلب اٹک ملک عطاء محمد خان اعوان ، وائس چیئرمین عمران علی سیفی ، بانی مرکزی صدر پاکستان فیڈریشن آف میڈیا جنرنلسٹس ڈاکٹر سردار مہتاب منیر خان ، سرپرست اعلیٰ سینٹرل یونین آف جنرنلسٹس حاجی پرویز خان اور چیف فوٹو گرافر اٹک پریس کلب رجسٹرڈ صوفی فیصل بٹ کے علاوہ صحافیوں کی کثیر تعداد موجود تھی شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ بین الاقوامی اور قومی سطح پر غیر جانبدارانہ سروے اس بات کا بین ثبوت ہے کہ محمد نواز شریف پہلے سے بڑے قومی لیڈر بن کے ابھرے ہیں 10 لوگوں کو اپنے ساتھ بٹھا کر تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل کرنے سے رائے عامہ کو نہیں بدلہ جا سکتا ہے مسلم لیگ ( ن ) اٹک سے قومی اسمبلی کی 2 اور پنجاب اسمبلی کی 5 نشستوں پر کلین سویپ کرے گی حلقہ این اے 55 سے 30 ہزار سے زائد ووٹوں کی لیڈ سے جیتیں گے ، 4 لاکھ ووٹر وں میں سے حلقہ کے 40 افراد کے چلے جانے سے جماعت کو کوئی نقصان نہیں پہنچتا ہے مسلم لیگ ( ن ) میں بلا ناغہ درجنوں دھڑوں کی شمولیت ہماری خدمات کا مظہر ہے ہم نے بلا امتیاز و تفریق حلقہ کے 256 سے زائد دیہاتوں میں سوئی گیس جیسی بنیادی ضرورت اور نعمت کی فراہمی کو ممکن بنانے کے ساتھ ساتھ دیگر میگا پروجیکٹس بھی مکمل کیے ہیں حلقہ این اے 55 تین سو سے زائد دیہات کے 3 بڑے شہروں اٹک ، حضرو اور حسن ابدال پر مشتمل ہے ہمیں عام انتخابات میں جانے سے کوئی ڈر یا خوف نہیں ہے حسن ابدال میں 1999 ء میں جب یہ میرے حلقہ انتخاب میں شامل تھا ہماری حکومت کی برطرفی سے جو منصوبے جہاں چھوڑے تھے وہیں سے اقتدار میں آ کر انہیں شروع کیا جائے گا ہمارے دروازے 24 گھنٹے عوام کی خدمت کیلئے کھلے ہیں ہم صحت اور تعلیم کے شعبۂ میں بہتری لائے ہیں عوام نے 5 دفعہ ایم این اے اور ایک دفعہ ایم پی اے منتخب کیا ہے عوام کیساتھ جینا مرنا ہے خوشی غمی میں عوام کیساتھ رہا ہوں 25 جولائی کی شام کو فیصلہ ہو جائے گا کہ عوام کس کے ساتھ ہے ۔ 

اٹک سٹی:اٹک کے حلقہ پی پی 1 سے متحدہ مجلس عمل کے امیدار محمد اقبال ملک بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے ؛ ایم ایم اے
اٹک کے حلقہ پی پی 1 سے متحدہ مجلس عمل کے امیدار محمد اقبال ملک بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے ،25 جولائی اقبال ملک کی فتح کی نوید لے کر طلوع ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار متحدہ مجلس عمل کے جائزہ اجلاس میں کیا گیا جس میں ایم ایم اے کے امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 55 صاحبزادہ حافظ سعید احمد ، ضلعی صدر ایم ایم اے علامہ رفاقت علی حقانی اور ایم ایم اے کے دیگر رہنماؤں نے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ایم ایم اے کے عہدیداردان ، کارکنان اور معززین علاقہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی مقررین نے کہا کہ سرکاری اداروں کی کاردگردگی بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے عوام ذلیل و خوار ہو رہے ہیں عوام نے ان ڈاکوں اور لٹیروں کو پہچان لیا ہے جھوٹ بولنے والوں کی سیاست کو عوام نے رد کر دیا ہے عوام ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے اٹک کی 2 لاکھ سے زائد عوام حقیقی تبدیلی کے لیے تیار ہے عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے مضبوط جماعت ایم ایم اے کے انتخابی نشان کتاب پہ مہر لگا کر ثابت کریں گے کہ وہ تبدیلی چاہتے ہیں ایم ایم اے کے امیدواران قومی و صوبائی اسمبلی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ منتخب ہو کر عوام کی عزت کا خیال رکھتے ہوئے عوام کو ان کے بنیادی حقوق فراہم کریں گے اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے وطن عزیز کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے ملک کولوٹنے والوں کا حساب کیا جائے گااجلاس میں یونین کونسل مرزا کے معززین اور علاقہ کی عوام نے کثیر تعداد میں امیدوار پنجاب اسمبلی حلقہ پی پی 1 ایم ایم اے محمد اقبال ملک کی حمایت کا اعلان کیا علاقہ کی عوام نے اس بات کا عزم کیا کہ وہ ایم ایم اے کی سیاست کو کامیاب کر کے مخالفین کا پردہ چاک کر دیں گے ۔

ضلع اٹک:برھان فیڈر اور گردو نواح میں لوڈ شیڈنگ کا نہ رکنے والا ظالمانہ غیر اعلانیہ سلسلہ جاری 
برھان فیڈر اور گردو نواح میں لوڈ شیڈنگ کا نہ رکنے والا ظالمانہ غیر اعلانیہ سلسلہ جاری ، غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ سولہ گھنٹے سے تجاوز کر گیا ۔شہری حبس اور گرمی کی شدت سے نڈھال ہیں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے متعدد علاقوں کو پانی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے جس کے سبب بچے اور عورتیں پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ،شہریوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے ظالمانہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ 

اٹک سٹی:پی ٹی آئی اقتدار میں آکر نوجوان نسل کو روزگار کے بہترین مواقع فراہم کرے گی ؛ میجر (ر) طاہر صادق
پی ٹی آئی اقتدار میں آکر نوجوان نسل کو روزگار کے بہترین مواقع فراہم کرے گی ،نوجوان ڈگریاں اُٹھا کر در بدر نہیں پھریں گے ۔ 2018کے الیکشن پاکستان کی ترقی ، بقاء ، خوشحالی استحکام ، بے روزگاری کے خاتمہ کا الیکشن ہے ،مسلم لیگ (ن) کو صرف گلیاں، سڑکیں بنانے کی فکر تھی جبکہ ملک کی غریب عوام کو اپنے پڑھے لکھے بچے کی روزگار کی تمنا ہے ۔ان خیالات کا اظہار امیدوار قومی اسمبلی پی ٹی آئی میجر طاہر صادق ، امیدوار صوبائی اسمبلی پی پی 1یاور بخار ی نے کونسلر شیخ نثار احمد کی طرف سے کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر شیخ غلام صمدانی، اقبال خان عرف بالی، کامران گجر ، شیخ منیر، شیخ طارق، پرویز خٹک اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔میجر طاہر صادق نے کہا کہ ہم نے عمران خان کے منشور میں ایسی تجویز کو ڈلوایا ہے کہ انشاء اللہ اقتدار حاصل کر کے لاکھوں نوجوانوں کوروزگار فراہم ہو گا پاک فوج کے خلاف زہر اگلنے والے ملک کے وفادار اور دوست نہیں ہو سکتے ،عدلیہ کے خلاف غلیظ الفاظ استعمال کرنے والے عدلیہ کی توہین کر رہے ہیں افسوس ناک بات یہ ہے کہ وہ توہین عدالت کے بھی مرتکب ہیں ان کا حساب تو اللہ تعالیٰ لے رہا ہے یاور بخاری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا ہر ورکر ہمارے لیے قابل احترام ہے آپکی ووٹ کی بدولت عمران خان اس ملک کے وزیر اعظم ہوں گے تو سمجھیں کہ آپ کے شہر کا ضلع کا ناظم میجر طاہر صادق اور یاور بخاری اور آپ ہوں گے یاور بخاری ہمارا پینل ایک تاریخہ پینل ثابت ہو گا نظامت کے دور میں میجر طاہر صادق نے اٹک کی عوام کی جو خدمت کی اُس کی مثال نہیں ملتی ۔

اٹک سٹی: پی ٹی آئی کی خواتین نے اپنے امیدواروں کو کامیاب بنانے کا عزم لے کر گھر گھر کارنر میٹنگ کا آغاز کر دیا 
پی ٹی آئی کی خواتین نے اپنے امیدواروں کو کامیاب بنانے کا عزم لے کر گھر گھر کارنر میٹنگ کا آغاز کر دیا ،انشاء اللہ عوام پی ٹی آئی کے امیدواروں کو کامیاب کرے گی ۔دونوں امیدواران میجر طاہر صادق اور یاور بخاری جو پی ٹی آئی کی پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں ‘ان کی کامیابی آپ کی کامیابی ہو گی ،ان خیالات کا اظہارحلقہ پی پی1سے امیدوار پی ٹی آئی یاور بخاری کی نمائندگی کرتے ہوئے مسز علی عون بخاری نے اٹک کے نواحی گاؤں جسیاں میں سماجی سیاسی شخصیت عمران کی رہائش گا ہ پر سینکڑوں خواتین کی موجودگی میں خطاب کرتے ہوئے کیا ہے اس موقع پر مسز سید یاور بخاری نمائندہ خواتین میجر طاہر صادق پی ٹی آئی خواتین ونگ کامل پور سیداں موجود تھیں مسز علی عون بخاری نے کہا کہ یہ موقع آپ کو اللہ تعالیٰ نے عطا کیا ہے کہ جن ظالموں سے جنہوں نے ہمارے ملک کی دولت لوٹی، مہنگائی کے طوفان برپا کیے بے روزگاروں کو روزگار فراہم نہ کیا اور ملک کی معیشت کا بیڑا غرق کیا ان سے نجات کا وقت آگیا انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے توسط سے میجر طاہر صادق اور سید یاور بخاری ایک پلیٹ فارم پر ہیں آپ کو چاہیے کہ بلے کے نشان پر مہر لگاکر ان دونوں کو کامیاب کرائیں۔

ضلع اٹک:مسلم لیگ (ن) میں مختلف شخصیات نے حمایت کر نے کا اعلان کر دیا
مسلم لیگ (ن) میں مختلف شخصیات کا حمایت کر نے کا اعلان ممبر آزاد کشمیر اسمبلی راجہ محمد صدیق ، سروانہ گاؤں سے ڈاکٹر خورشید خان ، واثق خان ، یونین کونسل مرزا کے سابق کونسلر خالد مسعود نے امیدوار قومی اسمبلی شیخ آفتاب احمد، امیدوار صوبائی اسمبلی شیخ سلیمان سرور کی غیر مشروط طور پر حمایت کر کے انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔سرفراز آرائیں آف بھنگی نے اپنی برادری دوستوں سمیت مسلم لیگ (ن) کی حمایت کا اعلان کر دیا اور کہا کہ ہم شیخ آفتاب احمد کے شانہ بشانہ انتخابی مہم چلائیں گے ،اس موقع پر ڈاکٹر اشرف بٹ ، طلال اشرف بٹ ، خاور ڈار، وقار ڈار، حاجی احسان خان، شیخ خالد مسعود، شیخ اظہر محمود، شیخ واجب علی بھی موجود تھے ۔شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ایک سمندر ہے اٹک کی عوام باشعور ہے ،انہوں نے ہرالیکشن میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو کامیاب کیا ۔شریف برادران نے ملک و قوم کی خدمت کی آنے والا الیکشن مسلم لیگ (ن) کی فتح کا ہو گا مسلم لیگ (ن) کی حمایت اور شامل ہونے والی شخصیات کو مایوس نہیں کر یں گے ۔

اٹک شہر سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر محمد اعجاز کی بیٹی کو آرمی چیف نے گولڈ میڈل دیا 
اٹک شہر سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر محمد اعجاز کی بیٹی کو آرمی چیف نے گولڈ میڈل دیا ، تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میڈیکل کالج کی جانب سے منعقدہ تقریب میں ممبر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر راجہ محمد صدیق ، راجہ زاہد حسین اور کشمیری برادری نے اٹک شہر سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر محمد اعجاز کی لخت جگر لیڈی ڈاکٹر تیمیہ اعجاز جس کا تعلق اٹک کی جرال برادری سے ہے کو اس کی بہترین کارکردگی پر آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے ہاتھوں سے گولڈ میڈل پہنایا اور اس کی تعلیم میں بہترین کارکردگی کی تعریف کی اس موقع پر کشمیری برادری نے بھی ڈاکٹر تیمیہ اعجاز کو مبارکباد پیش کی ہے ۔

اٹک سٹی: پاکستان عوامی تحریک ضلع اٹک نے آئندہ انتخابات میں ووٹ استعمال کرنے کا اختیار کمیٹی کے سپرد کر دیا 
پاکستان عوامی تحریک ضلع اٹک نے آئندہ انتخابات میں ووٹ استعمال کرنے کا اختیار کمیٹی کے سپرد کر دیا ۔کمیٹی جہاں مناسب سمجھے گی ،الیکشن میں حصہ لینے والے امید واروں کے حق میں ووٹ استعمال کرنے کا فیصلہ کرے گی،تفصیلات کے مطابق مرکزی نائب ناظم اعلٰی تحریک منہاج ا لقر آن لا ہورپر وفیسر رانا محمد ادریس کی زیر صدارت فتح جنگ مرکز میں عوامی تحریک ضلع اٹک کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں ضلعی صدر عبدلجبار دانش جنرل سیکر ٹری ملک ورا ثت علی ،جنڈ سے ارشد جلوال پنڈی گھیپ سے چو ہدری عبدلمجید ،ملک محمد علی ،مشتاق احمد ۔فتح جنگ سے امجد خان نقشبندی ،حضرو سے سعید اختر ،حاجی غلام مرتضیٰ قادری ،حسن ابدال سے ڈاکٹر محمد امیر اعوان، حاجی محمد رفیق ،اٹک سے ڈاکٹر محبوب احمد قادری سمیت دیگر عہدیداران شریک ہو ئے۔ دو گھنٹے تک جای رہنے والے اس مشاورتی اجلاس میں متفقہ طور پرحاجی عبدا لجبار دانش کی زیر سر پرستی ایک کمیٹی قائم کی گئی ۔جس میں تمام تحصیلات سے نما ئندہ عہدیداران کو شامل کیا گیا ہے۔ کمیٹی کو اختیار دیا گیا کہ وہ جس امیدوار کے حق میں فیصلہ کرے گی اسے ووٹ دیا جائے گا تاہم مقامی سطح پر پی پی حلقہ جات اور تحصیل کی تنظیمات کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا ۔اس مو قع پر بڑی تعداد میں عہدیداران مو جود تھے ۔ 

گاؤ ں جتیال:25 جولائی کو پاکستان کولوٹنے اور اس کو بچانے والوں کے درمیان اعلان جنگ ہے؛میجر طاہر صادق & قاضی احمد اکبر
امیدوار تحریک انصاف حلقہ این اے 55/56 ، پی پی 3 میجر طاہر صادق نے کہا ہے کہ 25 جولائی کو پاکستان کولوٹنے اور اس کو بچانے والوں کے درمیان اعلان جنگ ہے ،عوام عرصہ دراز سے باریاں لگانے والی مسلم لیگ ( ن ) اور پی پی پی جنہوں نے سوائے لوٹنے کے پاکستان کو کچھ نہیں دیا اب عوام نے ووٹ کی پرچی کے ذریعے ان دونوں جماعتوں کو مسترد کر کے عمران خان کی قیادت میں ایماندار قیادت لا کر وطن عزیز کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے امیدوار پنجاب اسمبلی تحریک انصاف حلقہ پی پی 2 قاضی احمد اکبر کی جانب سے جتیال میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس نے حلقہ این اے 55 اور پی پی 2 کی سیاست کا رخ تبدیل کر دیا ہے ورکرز کنونشن جو جلسہ عام کی صورتحال اختیار کر گیا تھا میں علاقہ بھر سے تحریک انصاف کے کارکنان اور معززین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی ، حلقہ این اے 55 کی سیاست میں سٹی صدر مسلم لیگ ( ن ) کونسلر بلدیہ شیخ غلام صمدانی نے اپنے گروپ اور دھڑے جس میں کونسلر بلدیہ نوید خٹک ، چیئرمین زکوۃ کمیٹی محمد شیراز ، ملک زبیر ، ملک یاسر ، محمد شبیر اور وحید خٹک نے اپنی برادری اور دوستوں سمیت جبکہ حلقہ این اے 56 پی پی 5 میں امیدوار تحریک انصاف حلقہ پی پی 5 ملک جمشید الطاف کے ہمراہ انہوں نے پنڈ سلطانی میں الیکشن آفس کا افتتاح کیا اس موقع پر پیر سعادت علی شاہ آف چورہ شریف اور دیگر معززین علاقہ بھی موجود تھے اسی گاؤں کے ماسٹر اقبال، رحیم داد، فیاض، اعظم، عرفان صاحب، محمد طارق چوہدری، نور الحق، زاہد اقبال اور احسان الحق برادری اور دوستوں نے کھنڈہ گروپ سے 50 سالہ رفاقت ختم کر دی ، اسی یونین کونسل میں دوسری تقریب میں علاقہ کی بااثر سیاسی شخصیات اور سب سے بڑے گروپ کے سربراہان کونسلر داؤد نقیبی ، کسان کونسلر حافظ مہر خان ، قاری غلام حیدر نے جمعیت علماء پاکستان سے 40 سالہ رفاقت ختم کر دی ، اسی حلقہ میں جنڈ شہر میں ملک فیروز،محمد سرفراز نے اپنے دوستوں اور برادری سمیت مسلم لیگ ( ن ) چھوڑ کر ، اسی حلقہ کی یونین کونسل رنگلی میں متحدہ اعوان گروپ رجسٹرڈ رنگلی ، حاجی زبیر، ملک عبدالمجیداور محمد اصغر نے مسلم لیگ ( ن ) چھوڑ کر ، اسی حلقہ کی یونین کونسل تھٹہ میں محمد ایوب نے اپنے دوستوں اور برداری سمیت مسلم لیگ ( ن ) سہیل کمڑیال گروپ چھوڑ کر ، اسی حلقہ کی یونین کونسل تھٹہ ، دومیل میں حاجی عبدلواحد ، محمد اصغر ، محمد احسان اور محمد صفدرنے اپنے دوستوں اور برادری سمیت مسلم لیگ ( ن ) چھوڑ کر ، اس حلقہ کی سب سے بڑی کامیابیوں میں یونین کونسل ناڑہ سے سابق ممبر ضلع کونسل حاجی نوازش علی خان کی اپنے دوستوں سمیت مسلم لیگ ( ن ) سے رفاقت ختم کرنا ہے اسی طرح دوسری کامیابی میں میجر طاہر صادق کے سگے بھانجے میجر شہریار خان کی دعوت پر ان کی رہائش گاہ ناڑہ میں بڑے جلسہ عام میں ان کے گروپ میں شمولیت اور میجر طاہر صادق کی انتخابی مہم کو بھرپور طریقہ سے چلانے کا عزم کیا گیا ، اسی حلقہ کی یونین کونسل سگھری میں معروف سیاسی و سماجی شخصیت ملک مشتاق اور جنرل کونسلر شیر خان نے مسلم لیگ ( ن ) چھوڑ کر میجر طاہر صادق کی قیادت میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے ان کی انتخابی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے عزم کا اظہار کیا ۔ 

اٹک سٹی: محمد نواز شریف کے خلاف پانامہ کا ڈرامہ امریکہ میں تیار ہوا؛ شیخ آفتاب احمد
امیدوار مسلم لیگ ( ن ) حلقہ این اے 55 شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف کے خلاف پانامہ کا ڈرامہ امریکہ میں تیار ہوا اور پاکستان میں پانامہ میں ذکر نہ ہونے کے باوجود محمد نواز شریف کو اقامہ کی بنیاد پر نا اہل قرار دینے کی بنیادی وجہ سی پیک کی تعمیر ہے قبل ازیں انہیں پاکستان کو دنیا کی چھٹی اور اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بنانے کی سزا دی گئی مسلم لیگ ( ن ) کے خلاف منظم سازش کے نتائج بھیانک ہوں گے جس سے پاکستان کی سلامتی کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے لہٰذا مسلم لیگ ( ن ) کو سیاست کے میدان سے آؤٹ کرنے کیلئے غیر جمہوری راستہ اختیار کرنے سے اجتناب کرنا ہو گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے محلہ نیو ٹاؤن میں سینئر صحافی کونسلر بلدیہ اٹک ملک جاوید اقبال کے زیر اہتمام منعقدہ بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا جلسہ عام سے امیدوار پنجاب اسمبلی حلقہ پی پی 1 شیخ سلمان سرور اور ضلعی صدر مسلم لیگ ( ن ) محمد سلیم شہزاد ، اذان ملک ، ملک جاوید اقبال نے خطاب کیا جبکہ اس موقع پر معروف سیاسی شخصیت شیخ حامد محمود ، وائس چیئرمین ملک طاہر اعوان ، مسلم لیگ ( ن ) کے عہدیداران ، کارکنان اور معززین علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی امیدوار قومی اسمبلی شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ محمد شریف کا بیعانہ پاکستان کی بقاء اور سلامتی کی ضمانت ہے انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب میں سوئی گیس ، بجلی ، تعلیم ، صحت ، روزگار اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کیلئے جو ترقیاتی کام کیے ہیں اس بناء پر وہ قومی اسمبلی کا انتخاب چھٹی مرتبہ سرخرو ہو کر لڑ رہے ہیں اس موقع پر جلسہ عام کے شرکاء نے شیخ آفتاب احمد اور امیدوار پنجاب اسمبلی شیخ سلمان سرور کو اپنی حمایت کی بھرپور یقین دھانی کرائی ۔ 

تحصیل حضرو:حلقہ پی پی 2 جو تحصیل حضرو اور حسن ابدال کے کچھ علاقہ پر مشتمل ہے ؛ رپورٹ
حلقہ پی پی 2 جو تحصیل حضرو اور حسن ابدال کے کچھ علاقہ پر مشتمل ہے ،ریٹرنگ آفیسر / سینئر سول جج ایڈمن عمر رشید کے پاس 9 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے تھے جن میں سے 2 نے اپنے کاغذات واپس لے لیے ہیں جن میں نوید زمرد خان ولد محمدزمرد خان ساکن خیابان تنویر چکلالہ سکیم نمبر 3 راولپنڈی ، قمر السلام میر حضرو شامل ہیں جبکہ دیگر 7 امیدواروں کو نشانات الاٹ کیے گئے ہیں جن میں ایم ایم اے پی کے امیدوار چنگیز خان ( کتاب ) ، مسلم لیگ ( ن ) کے سابق وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ ( شیر ) ، پی پی پی کے احمد خانزادہ ( تیر ) ، تحریک انصاف کے قاضی احمد اکبر خان ( بلا ) ، پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکرٹیک پارٹی شوکت حیات شینکہ ( تیشہ عدل ، Gavel ) ، تحریک لبیک پاکستان کے سید طاہر علی شاہ ولد سید سخاوت شاہ ساکن جتیال ( کرین ) اور آزاد امیدوار لیاقت محمود شاہ پور کالو کلاں ( بالٹی ) شامل ہیں ، 

اٹک سٹی: ووٹ کھیل تماشا نہیں بلکہ انتہائی قیمتی امانت ہے ‘ہمارے سارے مسائل کا حل ووٹ کے صحیح استعمال میں ہے؛ محمد اقبال ملک
ووٹ کھیل تماشا نہیں بلکہ انتہائی قیمتی امانت ہے ‘ہمارے سارے مسائل کا حل ووٹ کے صحیح استعمال میں ہے ،70 سال گزر گئے ووٹ کو اس کے حق دار تک نہ پہنچا سکے ۔اللہ کے فضل و کرم سے علماء، دینی اور سیاسی جماعتیں ایم ایم اے کے ایک پلیٹ فارم پر متفق اور متحد ہو چکی ہیں ان کا کتاب انتخابی نشان ہے عوام ایم ایم اے کے جھنڈے تلے آ جائیں ان شاء اللہ 25 جولائی کتاب اور ایم ایم اے کی کامیابی کا دن ہو گا عوام کرپٹ اور خود غرض امید واروں کو مسترد کر دیں گے ان خیالا ت کا اظہار امیدوار برائے صوبائی اسمبلی پی پی 1 محمد اقبال ملک کے مرکزی الیکشن آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے مقررین نے کیا تقریب سے ایم ایم اے ضلع اٹک کے سیکر ٹری جنرل اقبال خان ، ضلعی سرپرست ایم ایم اے مولانا شیر زمان ، امید وار قومی اسمبلی این اے 55 صاحب زادہ حافظ سعید احمد ، امیدوار برائے صوبائی اسمبلی پی پی 1 محمد اقبال ملک ، ضلعی صدر ایم ایم اے مولانا علامہ حافظ رفاقت علی حقانی، مولانا نیاز احمد اعوان ، شہزاد چشتی ، وحید احمد اورمولانا وحید اخترنے بھی خطاب کیا اس موقع پر ضلعی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی میاں محمد جنید ،الحاج الماس خان الخیر والے قاری یاسر ، مولانا نعیم اللہ ، سید ثناء اللہ بخاری ،شیخ اسرار احمد ، انجینئیر محمدمختا ر خٹک ، زبیر جنجوعہ اور حاجی محمد حسین بھی موجود تھے ۔ضلعی سیکرٹری جنرل ایم ایم اے اقبال خان نے خطاب کر تے ہوئے کہا ہمارے خلاف یہ پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے کہ ہم جیت نہیں سکتے ہم اور ہمارے نمائندے اپنی کار کردگی دکھائیں گے وہ پارلیمنٹ میں جا کر سونے والے نہیں انہیں مسائل کا ادراک ہے اور ان کا حل جانتے ہیں ووٹ ایک قومی اور ملی امانت ہے اس کا درست استعمال وقت کی ضرورت اور حالات کا تقاضا ہے ایم ایم اے نے صحیح معنوں میں قومی قیا دت کے اہل امید وار و ں کو انتخابی میدان میں اتارا ان میں سے کسی پر بھی کرپشن، لوٹ ماراور بد اخلاقی کا کوئی الزام پیش نہیں ہے یہ سب عام آدمی، جو قوم کا روشن مستقبل، بے لو ث اور خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں امیدوار برائے صوبائی اسمبلی پی پی 1 محمد اقبال ملک نے کہا کہ موروثی سیا ست کے خلاف انتخابات میں کھڑا ہوں پارٹی کا وفادار رہوں گا ایم ایم اے نے کرپٹ خود غرض اور اپنے مفادات کی خاطر قومی مفادات کا سودہ کرنے والوں کو ٹکٹ نہیں دیئے ہر الیکشن کے موقع پر پارٹیاں بدلنے سے ملک میں تبدیلی نہیں آتی نظام بدلنے سے تبدیلی آئے گی نوجوان اس ملک کا مستقبل ہیں انھیں اپنا ووٹ صحیح جگہ استعمال کر نا ہو گا دیانتدار ، اہل ، جرائتمند امید واروں کو ووٹ دے کرپشن زدہ اور روز روز پارٹیا ں بلنے والوں کو مسترد کر دے اقبال ملک نے کہا کہ وہ عام آدمی ہیں اور عام آدمی کے مسائل کو جانتے ہیں تعلیم روزگار اور صحت کے مسائل کو حل کریں گے کرپشن کا خاتمہ اور لوٹی گئی قومی دولت واپس لیں گے ہر یونین کونسل میں شاملات کی بیشمار زمین پڑی ہوئی ہے اسے قومی اور مفادعامہ کے لیے زیر استعمال لایا جائے گا ضلعی سرپرست ایم ایم اے مولانا شیر زمان اور ضلعی صدر حافظ رفاقت علی حقانی نے اپنے خطابات میں کہا کہ علماء ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں عوام کو چاہیے کہ وہ ان کا ساتھ دیں اور 25 جولائی کو کتاب کے نشان پر مہر لگا کر ایم ایم کے امید واروں کو کامیا ب بنائیں عوام کی نظریں ایم ایم اے پر لگی ہیں ان شاء اللہ 25 جولائی ایم ایم اے کی کامیابی کا دن ہو گا ۔

اٹک سٹی:ضلعی ایمرجنسی بورڈ کا ایک اہم اجلاس ڈی سی اٹک عمران قریشی کی صدارت میں ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا
ضلعی ایمرجنسی بورڈ کا ایک اہم اجلاس ڈی سی اٹک عمران قریشی کی صدارت میں ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا، اجلاس میں اے ڈی سی آر اکرام الحق،اے ڈی سی جی اٹک فاروق اکمل،اے سی اٹک مرضیہ سلیم،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبادت خان،سی ای او ایجوکیشن نثار احمد میو کے علاوہ دیگر افسران نے شرکت کی اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر 1122ڈاکٹر میا ں اشفاق نے اس موقع پر ہنگامی حالات سے نمٹنے اور سیلاب کے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن تیار ہے اور اس ضمن میں تما م انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ڈی سی اٹک عمران قریشی نے اس موقع پر اجلاس کے شرکاء کے ہمراہ ضلعی ایمرجنسی بورڈ کے اغراض ومقاصد کے متعلق تفصیلی بحث کی انہوں نے اس موقع پر ریسکیو 1122 کی کارکردگی کو بھی سراہا اور امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی انسانی جانوں کوبچانے کا یہ سلسلہ جاری رکھیں گے ۔ 

اٹک خورد:ڈی پی او حسن اسد علوی کا اچانک دورہ ، فرنٹ ڈیسک ، پکٹ انٹری ایگزٹ ، پکٹ ملاں منصور کے مختلف حصوں کا معائینہ کیا 
ڈی پی او حسن اسد علوی کا اچانک دورہ ، تھانہ اٹک خور د ڈی پی او نے فرنٹ ڈیسک ، پکٹ انٹری ایگزٹ ، پکٹ ملاں منصور کے مختلف حصوں کا معائینہ کیا ۔انہوں نے ایس ایچ او اٹک خورد اور پی ایس اے فرنٹ ڈیسک و انچارج پکٹ ہائے کو ضروری ہدایات جاری کیں اور کہا کہ عوام کی خدمت کو اپنا مقصد بنا لیں تھانے میں آنے والے کسی بھی شخص سے ہرگز بدتمیزی نہ کی جائے ،پکٹ انچارجز کو سختی سے ہدایات دیں کہ ہر آنے جانے والی گاڑی کو مکمل چیک کریں آمدہ الیکشن کے سلسلہ میں بمطابق ایس او پی چیکنگ کو جاری رکھا جائے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف حسب ضابطہ کاروائی کر کے انکی مکمل حوصلہ شکنی کی جائے ۔ 

تحصیل اٹک:مرزا گاؤں میں لاغر ، بیمار جانوروں کا گوشت فروخت ہونے لگا 
مرزا گاؤں میں لاغر ، بیمار جانوروں کا گوشت فروخت ہونے لگا ،مضر صحت گوشت کی فروخت بیماری کا باعث بننے کا اندیشہ قصاب وزن بھی کم تولنے لگے ۔اٹک کے نواحی گاؤں مرزا کے رہائشیوں نے لالہ قادر خان کی قیادت میں میڈیا نمائندوں کو بتایا ہے کہ مرزا گاؤں میں قصاب بیمار اور لاغر جانور لا کر ذبح کرتے ہیں اور گاؤں کے لوگوں کو مضر صحت گوشت فروخت کر رہے ہیں ،انہوں نے مزیدکہا کہ قصاب وزن بھی پورا نہیں کرتے بلکہ کم تولنا معمول بنا لیا ہے اگر مضر صحت گوشت کی فروخت نہ روکی گئی تو شہری بیماریوں کا شکار ہو سکتے ہیں لالہ قادر خان نے ضلعی انتظامیہ سے فی الفور نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ 

اٹک سٹی:ڈی پی او اٹک حسن اسد علوی نے ضلع بھر کا دورہ کیا
ڈی پی او اٹک حسن اسد علوی نے ضلع بھر کا دورہ کیا، ڈی ایس پیز او اور14 تھانوں کے ایس ایچ اوزکو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف جاری ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنائیں اور اس سلسلہ میں کسی بیرونی دباؤ یا سیاسی اثرات سے بالاتر ہو کر اقدامات عمل میں لائیں ۔نقص امن سے بچاؤ اور لاء اینڈ آرڈر کی صورت کو قابو میں رکھنے کے لیے جامع سیکورٹی پلان تشکیل دیا جائے سر عام اسلحہ کی نمائش ، ہوائی فائرنگ، لاوڈ سپیکر کے غلط استعمال کرنے والوں کے خلاف بمطابق قانونی سخت کاروائی کی جائے شر پسند اور تخریبی عناصر کسی رعائیت کے مستحق نہیں ہیں ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے اہم سیاسی شخصیات اور ان کی طرف سے منعقدہ جلسوں کی سیکورٹی کا مناسب انتظام کیا جائے دوران الیکشن امن و امان کا قیام ہرصورت ممکن بنایا جائے ، وہ جرائم کے خاتمہ اور جرائم میں کمی لانے کے لیے قابل عمل، موثر پالیسی وضع کریں ٹاپ 10اور ٹاپ 20اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے ان کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کئے جائیں منشیات فروشوں،جواء خانوں کے خلاف فوری مہم کا آغاز کیا جائے کرایہ داران کی تصدیق عمل میں لائی جائے ریکارڈ یافتہ ملزمان سے پوچھ گچھ کا عمل جاری رکھا جائے پولیس پیٹرولنگ اور ناکہ بندی پوائنٹس کو موثر بنایا جائے غیر شفاف اور کالے شیشوں والی گاڑیوں /غیر نمونہ نمبر پلیٹس والی موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس بھجوائی جائیں اہم سرکاری عمارتوں، حساس مقامات و تنصیبات کی سکیورٹی کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جائے پیٹرول پمپس، جیولری شاپس، منی چینجرز اور ایسے ادارے یا دوکانات جہاں روپے کا لین دین ہوتا ہے کے علاوہ حساس نوعیت کی عمارات،مقامات پر سکیورٹی کیمرہ جات اور سکیورٹی الارم لگوائیں اگر مالکان سکیورٹی کیمرہ جات نہ لگوائیں تو ان کے خلاف قانونی کاروائی کریں ا ور ان دوکانات، بنکس ہائے اور عمارات کو بند کروائیں تیزاب گردی کے مقدمات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کے ساتھ ساتھ تیزاب فروخت کرنے والوں کے خلاف بھی کاروائی کریں منشیات فروش، بدکاری کے اڈے اور جوئے خانے کے خلاف سخت سے سخت قانونی کاروائی کی جائے، ان کے خلاف کریک ڈاؤن کرکے گرفتاری عمل میں لاکر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اوراپنی نسل کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ اللہ پاک کی خوشنودی حاصل کی جائے جرم ہونے کی صورت میں مقدمہ کا اندارج فوری کریں کسی بھی شخص کوقانونی حراست کے بغیر ہرگز نہ رکھا جائے خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف قانونی کاروائی کے ساتھ ساتھ محکمانہ کاروائی بھی عمل میں لائی جائے گی ۔ 

اٹک خورد: پشاور سے سیر و تفریح کے لیے آئے ہوئے خاندان کا 22 سالہ نوجوان محمد اسد نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہو گیا 
پشاور سے سیر و تفریح کے لیے آئے ہوئے خاندان کا 22 سالہ نوجوان محمد اسد ولد سبیل خان دریائے سندھ میں اٹک خورد کے مقام پر نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہو گیا ،اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 اٹک کی غوطہ خور ٹیم فورا موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے نہایت تکنیکی مہارت سے 1 گھنٹے کی کوشش سے نعش دریا سے نکال لی اور نعش نکال کر ورثاء کے حوالے کر دی گئی ،ورثاء نعش پشاور لے گئے ہیں جہاں نماز جنازہ کے بعد مرحوم کو سپرد خاک کر دیا گیا ۔ 

گاؤں حمید:پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار حلقہ پی پی 2 احمد خانزادہ کا حمید گاؤں میں بڑا جلسہ 
پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار حلقہ پی پی 2 احمد خانزادہ کا حمید گاؤں میں بڑا جلسہ ، فضا ء احمد خانزادہ اور جئے بھٹو کے نعروں سے گونج اٹھی صرف حمید گاؤں ہی نہیں پوری یونین کونسل سے احمد خانزادہ کو تاریخی کامیابی دلا نے کا عہد چھچھ کے عوام کو کرپشن ، اقرباء پروری ، ظلم اور دوہری سیاست سے بچانے نکلا ہوں عوام اپنے حقوق کیلئے انتخابی نشان ’’ تیر ‘‘ پر مہر لگائیں صوبائی امیدوار کا جلسہ سے خطاب تفصیلات کے مطابق موضع حمید گاؤں کی سیاسی و سماجی شخصیت صدیق خان ، عبدالرحمن خان نمبردار نسیم خان اعوان ، حاجی آصف اجمل اعوان ، وسیم خان ، شعیب خان ، حاجی محاصل خان اور ان کے گروپ نے پی پی پی کے امیدوار صوبائی اسمبلی احمد خانزادہ کی حمایت میں ایک بڑے جلسہ کا انعقاد کیا جس میں حمید گاؤں بھر سے بڑی تعداد میں معززین اور عوام علاقہ نے شرکت کی احمد خانزادہ اور بلال خانزادہ جب جلسہ گاہ میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پہنچے تو گل پاشی اور نعروں سے ان کا استقبال کیا گیا جلسہ سے خطاب میں احمد خانزادہ اور بلال خانزادہ نے کہا کہ ہماری مقبولیت سے خائف ہو کر مخالفین یہ افواہیں پھیلاتے رہے کہ ہم الیکشن میں بیٹھ جائیں گے مگر غیور حلقہ عوام نے دیکھا کہ ہم اپنے پسے ہوئے غریب لوگوں کیلئے میدان میں موجود ہیں اور انشاء ﷲ جیت ہمارا مقدر ہوگی انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اوپر نیچے تیر پر مہر لگا کر سردار سلیم حیدر خان اور مجھے کامیاب بنائیں ہم انشاء اﷲ اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور چوروں ، ڈاکوؤں ، کمیشن خوروں ، بھتہ خوروں کو بھگا کر دم لیں گے جلسہ سے ضلعی نائب صدر نصیر جدون ، جنت گل اور دیگر نے بھی خطاب کیا مقررین نے صدیق خان ، ان کے ساتھیوں اور اہلیان حمید گاؤں کا احمد خانزادہ کی حمایت پر شکریہ ادا کیا ۔ 

حضروسٹی:پاکستان تحریک انصاف کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت اور تبدیلی کا جنون نے مخالفین کو حواس باختہ کردیا ہے ؛ عمران خان
ضلعی ترجمان تحریک انصاف عمران خان حضروی نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت اور تبدیلی کا جنون نے مخالفین کو حواس باختہ کردیا ہے پوری قوم 25جولا ئی کو بلے پر ٹھپہ لگا کر چوروں ڈاکوؤ ں کی ضمانتیں ضبط کرادینگے آنیوالا دور پاکستان تحریک انصاف کا ہوگامفرر ملزم اسحاق ڈار کو انٹر پول کے ذریعے وطن واپس لاکر قومی لوٹ کھسوٹ کا حساب لیا جائے قائد تحریک انصاف عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں پوری طر ح متحد اور عا م انتخابات کیلئے تیار ہیں یوتھ ونگ کے ٹائیگرز قائد تحریک انصاف عمران خان کا پیغام گھر گھر پہنچا رہے ہیں فتح پاکستان تحریک انصاف کا مقدر ہوگی ۔ 
























































No comments:

Post a Comment