Wednesday, May 10, 2017

Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from Hong Kong.

Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from Hong Kong.

ضلعی انتظامیہ اٹک نے رمضان المبارک کے سلسلے میں جامع منصوبہ جاری کردیا ہے جسکے مطابق عوام کو ہر قسم کی سہولیات مہیا کی جائیں گی
ضلعی انتظامیہ اٹک نے رمضان المبارک کے سلسلے میں جامع منصوبہ جاری کردیا ہے جس کے مطابق عوام الناس کو ہر قسم کی سہولیات مہیا کی جائیں گی ،ضلع بھر میں 6رمضان بازار لگائے جائیں گے اس سلسلے میں تمام متعلقہ افسران اپنا کردار ادا کریں گے ۔رمضان پلان میں بڑے سٹاک ہولڈرز کے نام بھی جاری کردیے گئے ہیں جن میں تحصیل اٹک میں ریاض کریانہ سٹور، ظفر کریانہ سٹور، حافظ کریانہ سٹور، انعام کریانہ سٹور، جلیل پراچہ سٹور، مدثر ٹریڈرز ، تحصیل حضرو میں حاجی ارشد، حاجی صفدر، ظہور احمد، تحصیل حسن ابدال میں سرفراز علی اعوان، آصف رشید ، خواجہ جنید اقبال، عامر اقبال، تحصیل فتح جنگ میں اعجاز کریانہ سٹور، قاضی حسن کریانہ سٹور، امیر گل کریانہ سٹور، کوہ نور کریانہ سٹور،حسن فیئر پرائس شاپ، عابد جمیل کریانہ سٹور، تحصیل پنڈ یگھیب میں حاجی محمد ریاض ، مشتاق حیدری، تصدق حسین ، حاجی اشرف ، تحصیل جنڈ میں حاجی ریاض جنرل سٹور، ھمالیہ جنرل سٹور، اعجاز جنرل سٹور، غلام شاہ جنرل سٹور قائم کیے گئے ہیں تحصیل اٹک میں ڈاکٹر فاروق اعظم کے کلینک کے قریب رمضان بازار قائم کیا گیا ہے تحصیل حضرو میں فوارہ چوک ، تحصیل حسن ابدال میں این ایچ اے بس سٹینڈ ، تحصیل فتح جنگ میں اٹک روڈ بلمقابل نواز شریف پارک، تحصیل پنڈی گھیب میں کمیٹی چوک، تحصیل جنڈ میں سبزی بازار میں رمضان بازار قائم کیے گئے ہیں اس کے علاوہ فیئر پرائس شاپس اور موبائل شاپس بھی قائم کی گئی ہیں جہاں سے رمضان المبارک کے سلسلے میں اشیائے خوردونوش خریدی جاسکتی ہیں اس کے علاوہ تمام رمضان بازاروں میں گرین چینل بھی قائم کیے گئے ہیں جو محکمہ زراعت کی نگرانی میں کام کریں گے رمضان بازاروں میں یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن بھی اپنا سٹال لگائے گی اس کے علاوہ ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک رمضان بازاروں میں گوشت کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے رمضان المبارک میں غریب گھرانوں کو مفت رمضان پیکج بھی دیا جائے گا تمام اسسٹنٹ کمشنر ز اور پرائس مجسٹریٹس رمضان بازاروں میں قیمتوں کی نگرانی کریں گے خوراک کے نمونہ جات کو بھی چیک کیا جائے گا تاکہ معیارکو یقینی بنایا جاسکے ضلع بھر میں رمضان بازاروں کی صفائی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو ہمہ وقت رمضان بازاروں میں صفائی کو یقینی بنائیں گی اس کے علاوہ مشترکہ چیکنگ ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں جو ضلع بھر کے رمضان بازاروں میں روزانہ کہ بنیاد پر اشیائے خوردونوش کی قیمتیں چیک کریں گی ضلع بھر کے رمضان بازاروں کی فول پروف سیکورٹی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے اس کے علاوہ ڈی ایس پی ٹریفک اور سیکرٹری ڈی آر ٹی اے ضلع بھر میں رمضان المبارک کے دوران ٹریفک کے انتظامات کریں گے ضلع بھر کے رمضان بازاروں میں شکایات سیل بھی قائم کیے گئے ہیں جو عوامی شکایات کا ازالہ کریں گے اے ڈی سی آر کو ضلع بھر کے رمضان بازاروں کا فوکل پرسن نامزد کیا گیا ہے جن کا فون نمبر 057-9316013،فیکس نمبر 057-9316022ہے جبکہ ای میل adnanahmad55@gmail.com ہے عوام کسی بھی شکایت کی صورت میں ان نمبروں پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

اٹک شہرکے نواحی گاؤں شیں باغ خوردکا رہا ئشی نوجوان چھ سال سے کینسر کے موذی مرض میں مبتلا ‘ مخیر حضرات سے امداد کی اپیل
اٹک شہرکے نواحی گاؤں شیں باغ خوردکا رہا ئشی نوجوان چھ سال سے کینسر کے موذی مرض میں مبتلا ‘چھ سال میں علاج معالجہ اور اس موذی مرض سے لڑتے ہو ئے اپنا مکان اور جمع پو نچی خرچ کر دی، اب کسمپرسی کے عالم میں کوڑی کو ڑی کو محتاج مخیر حضرات سے امداد کی اپیل گھر کا واحدکفیل ہو نے کے سبب گھر والے فا قو ں پر مجبور ہیں ‘تفصیلات کے مطابق اٹک کے نواحی گاؤں شیں باغ خوردکا رہا ئشی محلہ اکبر آباد کا 33سالہ تصور آمین ولد دلاور خان جوگزشتہ 6 سال سے کینسر کے موذی مرض میں مبتلا ہے ‘کا اپنا ذاتی مکان تھا جو علاج معالجے کے سبب مجبوری کی حالت میں فروخت کر نا پڑا اور جمع پو نچی ساری علاج پر خرچ کر ڈالی ،گھر کا واحد کفیل ہو نے کے سبب بوڑھا با پ اور بہن بھائی جن کی آمدن کا کو ئی ذریعہ نہیں ہے ‘فاقوں کا شکار ہیں علاج و معالجہ اور گھریلو ضروریات زندگی کے لئے انہیں انتہائی مشکلات کا سا منا کر نا پڑ رہا ہے ،کینسر کی آخری سٹیج پر زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا تصور آمین کے قریبی عزیز سماجی کارکن امیر افضل نے حکومت اور مخیر حضرا ت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کی مالی مدد کی جا ئے تاکہ وہ صحت مند ہو کر گھر کا واحد کفیل ہو نے کے سبب اپنے اہل خانہ کی کفا لت کر سکے ،انہو ں نے کہا ہے کہ امداد کر نے والے ان سے فون نمبر 0302-8993112 پر رابطہ کر سکتے ہیں ۔ 

اٹک سٹی:‘مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والی بعض شخصیات کے چہیتوں کی سفارش پر ڈرائیونگ لائسنس بننے لگے ‘ میرٹ غائب ہوگیا
حکو مت پنجاب اور پولیس کے اعلیٰ حکام کے احکامات ٹریفک پولیس اٹک نے بالا ئے طا ق رکھ دیئے ‘مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والی بعض شخصیات کے چہیتوں کی سفارش پر ڈرائیونگ لائسنس بننے لگے اورمستحق افراد میرٹ پر آنے کے با وجود دفتر کے باہر ذلیل و خوار ہونے پر مجبور افسران بالا نے آنکھوں پر سیاہ پٹی باندھ لی ،برانچوں کے اندر ملازمین غریب لوگوں کی کھال ادھیڑ کر پیسہ بنانے لگے اگر پیسے کا فارمولا استعمال نہ ہو تو کام کروانا مشکل ہوجا تا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی عوام دوست پالیسیوں کوہوا میں اڑا یا جا رہا ہے‘ کوئی سننے والا نہیں ۔تفصیلات کے مطابق ٹریفک آفس اٹک مسائل کی آماج گاہ بن گیاہے ملازمین اور افسران کی ملی بھگت سے میرٹ دھجیاں اڑا کر من پسند افراد کو نوازنا افسران نے وطیرہ بنا لیا رہی سہی کسر ٹریفک ملازمین ، جنڈ ، پنڈی گھیب، حسن ابدال، روڈ کے اوپر کھڑے ہو کر منتھلیاں اکھٹی کر کے افسران بالا کو دینے میں مصروف ہیں لائسنسنگ برانچ میں میرٹ میں آنے کے باوجود لوگوں کو فیل کر دیا جاتا ہے اور جن افراد کی سیاسی سفارش ہو یا ملازمین کے ساتھ پیسے کے معا ملات طے ہوئے اس کو پاس کر کے کام کر دیا جاتا ہے ٹریفک پولیس اٹک کے افسران و ملازمین کا فوری تبادلہ کیا جائے اور ایماندار افسران تعینات کیئے جائیں تاکہ لوگ سکھ کاسانس لے سکے اور لوگوں کو ٹریفک آفس میں ریلیف مل سکے عوامی سماجی حلقوں نے ارباب اختیار سے اصلاح و احوال کا مطالبہ کیا ہے ۔

اٹک سٹی:کراچی سے خیبر تک قوم کرپشن اور کرپٹ عناصر کیخلاف متحد ہوچکی ہے ‘کرپشن کیخلاف جدوجہد ہونی چاہیے؛ میجر طاہر صادق 
سابق ضلع ناظم میجر طاہر صادق نے کہاہے کہ 2017 ء میں احتساب نہ ہوا تو پھر کبھی نہیں ہوگا کچھ عناصر کرپشن کے خلاف چوکوں سے لیکر عدالتوں تک پھیلی قومی تحریک کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں شور شرابے اور غل غپاڑے کی گونج میں اس آواز کو دباناچاہتے ہیں لیکن اس بار انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا کیونکہ کراچی سے خیبر تک قوم کرپشن اور کرپٹ عناصر کے خلاف متحد ہوچکی ہے کرپشن کے خلاف جدوجہد کو سیاست کی نذر نہیں ہوناچاہیے ملک سے کرپشن کا خاتمہ انتہائی سنجیدہ اور قومی مسئلہ ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنڈ ، پنڈی گھیب، فتح جنگ اور دیگر مقامات پر اپنے دوروں کے دوران مختلف وفود سے بات چیت کر تے ہوئے کیا انہو ں نے کہاکہ قومی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ ملک بھر کے عوام کرپشن اور کرپٹ نظام کے خلاف چوکوں ، چوراہوں اور ملک کی اعلیٰ ترین عدالتوں تک متحد نظر آتے ہیں اور کرپشن کیخلاف شروع ہونے والی اس جدوجہد کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے بڑی سے بڑی قربانی دینے کو تیار ہیں اگر احتساب کی اس عوامی تحریک کو دبا دیا گیا اور کرپٹ عناصر اپنے مذموم عزائم میں کامیاب ہو گئے تو شاید اتنی بڑی عوامی تحریک دوبارہ منظم نہ ہوسکے اسی لیے کرپشن کے پروردہ عناصر اور سیاست کو دولت کا کھیل بنانے والے اس تحریک کو سبوتاژ کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگارہے ہیں اور عوام کو گمراہ کرنے کے لیے اسے سیاسی مفادات کا کھیل قرار دے رہے ہیں ہم کسی ایک فرد کا نہیں ، سب کے احتساب کا مطالبہ کر رہے ہیں قوم چاہتی ہے کہ جن لوگوں کے نام پانامہ لیکس آف شور کمپنیوں ، دبئی اور لندن لیکس اور قرضے ہڑپ کرنے والوں کی فہرست میں ہیں ، ان سب کا بے لاگ اور بے رحمانہ احتساب ہو اور ان کے پیٹ پھاڑ کر قوم کے لوٹے گئے اربوں کھربوں روپے واپس لیے جائیں انہوں نے کہاکہ ایک طرف شدید اور قیامت خیز گرمی میں عوام بدترین لوڈشیڈنگ کا شکار ہیں اور دوسری طرف قومی خزانہ لوٹنے والے ٹھنڈے ٹھار محلوں اور بنگلوں میں بیٹھے ہیں انہوں نے کہاکہ آج اگر عام آدمی تعلیم ، صحت ،روزگار اور چھت جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہے تو اس کے مجرم وہ لٹیرے حکمران ہیں جنہوں نے ستر سال سے اقتدار پر قبضہ کر رکھاہے ان لوگوں نے اپنے لیے ملک اور بیرون ملک شیش محل تیار کیے ہیں جبکہ غریب کی جھونپڑی میں بیٹھے معصوم بچوں کو کھانے کو کچھ ملتاہے نہ پینے کے لیے صاف پانی میسر ہے ۔ 

گاؤں جتیال:‘پاک فوج کی جانب سے نوٹیفیکیشن مسترد ہونا نواز شریف کی بددیانتی پر مہر ثابت ہوچکا ہے؛ قاضی احمد اکبر 
ضلعی صدر تحریک انصاف قاضی احمد اکبر خان نے کہاکہ ڈان لیکس ، جے آئی ٹی کے معاملے میں ست روی با عث تشویش ہیں ‘پاک فوج کی جانب سے نوٹیفیکیشن مسترد ہونا نواز شریف کی بددیانتی پر مہر ثابت ہوچکا ہے ،ڈان لیکس کے اہم محرکات کو بچانے کیلئے چھوٹی بکریوں کی قربا نی دی جارہی ہے ‘تحریک انصاف ڈا ن لیکس کے معاملے پر پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑ ی ہے ڈان لیکس پر حکومتی کمیشن معاملہ سلجھانے کیلئے نہیں بلکہ دبا نے کیلئے بنایا گیا ہے پانامہ شریف ریاستی اداروں کی تصادم کی سیاست کررہے ہیں ڈان لیکس، ماڈل ٹاؤن کمیشن کے حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل جنڈ ، فتح جنگ ،پنڈی گھیب، حسن ابدال اور دیگر علاقوں سے آئے ہوئے کارکنوں کے وفود سے بات چیت کر تے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ پانامہ شریف کی خواتین پر تنقید ناقابل قبول ہے تھوڑے سے دباؤ نے انہیں حواس باختہ کردیا ہے ترقیاتی کاموں کے اعلانات ہی نہیں بلکہ ان پر عملدرآمد بھی ہونا چاہیے الیکشن قریب ہیں کارکنان تیاری کریں ۔

اٹک سٹی:عوامی منتخب نمائندوں کی بے حسی ،محلہ چھوئی ایسٹ ، چھوئی ویسٹ اور Kبلاک سوجھنڈا باٹا اڈا میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر 
عوامی منتخب نمائندوں کی بے حسی ،محلہ چھوئی ایسٹ ، چھوئی ویسٹ اور Kبلاک سوجھنڈا باٹا اڈا میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر ‘صفائی کے ناقص انتظامات گندگی نالیا ں لوگ گندا پانی پینے پر مجبور، سروے کے دوران اہلیان علاقہ اپنے منتخب نمائندوں کے خلاف پھوٹ پڑے ، سروے کے دوران محلہ ماڑی موڑچھوئی ویسٹ، امین آباد،بجلی گھر ،گلی ڈاکٹر وسیم والی چھوئی ایسٹ کے رہائشیوں محمد سلمان بٹ ، شوکت علی ، شہزاد ، شعیب، بابا واجد، الیاس ، عدنان، عالم، محمد شفیق، امام حسین ، عطا ، ملک فرحت ، فیصل ، شیری ، بلال ودیگر نے بتایا کہ ہمارے مسائل کے بارے میں آج تک کسی نے توجہ نہ دی مسائل دن بدن بڑھتے جارہے ہیں ، ماڑی موڑ لنک روڈ ، بجلی گھر روڈ اورسوجھنڈا باٹا اڈا کے نزدیک بلال الیکٹرونکس کے سامنے جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہو ئے ہیں جس کی وجہ سے بدبو پھیل رہی ہے لوگو مختلف وبائی امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں نالیاں جگہ جگہ ٹوٹی ہو ئی ہیں جن سے لوگوں کے گھروں کا پانی سڑکوں میں جمع ہو جا تا ہے بعض جگہ نالیاں موجود نہیں ہے اور نہ ہی گلیاں پختہ کی گئی ہیں جس کی وجہ سے پانی گلیوں میں جگہ جگہ کھڑا ہو جا تا ہے بارش ہو جانے کی صورت میں ان گلیوں سے گزرنا محال ہو تا ہے سروے کے دوران لوگوں نے بتایا کہ ہمارے علاقے میں صفائی کو کوئی معقول انتظام نہیں ہے ٹی ایم اے کا عملہ اپنی مرضی سے صفائی کیلئے آتا ہے اور فرضی چکر لگا کر چلے جاتے ہیں ، صفائی کے ناقص انتظامات ہے ہر گلی میں گندگی کے ڈھیر لگے ہو ئے ہیں کئی کئی دن یہ اسی طرح پڑے رہتے ہیں لوگوں نے بتایا کہ ہمارے علاقے میں بچوں کے کھیلنے کیلئے کو ئی گراؤنڈ نہیں جس کی وجہ ہمارے بچے گلیوں میں کھیلنے پر مجبور ہیں ۔سروے ٹیم کو اہلیان علاقہ اُس خونی نا لہ کے کھلے مین ہولز کی طرف لے گئے جس سے کئی لوگ زخمی ہو گئے لوگوں نے بتایا کہ آبادی کے وسط میں خونی نالہ کی چوڑائی زیادہ ہو نے کی وجہ سے اہلیان محلہ سخت پریشان ہے نالہ تقریباً 12 فٹ چوڑا ہے پورا نالہ گندگی سے بھرا پڑا ہے آج تک نالے کی صفائی نہیں کی اہلیان علاقہ نے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ اس نالے کی صفائی کی جائے اور قاتل خونی مین ہولز بند کئے جائے ۔

اٹک سٹی:بارہویں جماعت کے امتحانات گورنمنٹ کالج برائے خواتین اٹک میں شدید گرمی کے باوجود طالبات گرم پانی پینے پرمجبور 
بارہویں جماعت کے امتحانات گورنمنٹ کالج برائے خواتین اٹک میں شدید گرمی کے باوجود طالبات گرم پانی پینے پرمجبور ‘والدین کا شدید احتجاج کالج انتظامیہ دور دراز سے پرچے دینے آنے والی طالبات کے لئے ٹھنڈے پانی کا فی الفور انتظام کیا جائے گورنمنٹ کالج برائے خواتین اٹک امتحانی سنٹر ہے جہاں بارہویں جماعت کی طالبات امتحانات دے رہی ہیں طالبات کے والدین نے میڈیا کو بتایا ہے کہ اس شدید گرمی میں طالبات کے لئے ٹھنڈے پانی کا کوئی انتظام نہیں ہے طالبات گرم پانی ہی پینے پر مجبور ہیں طالبات کے والدین نے کہا کہ بعض بچیاں شدید گرمی اور گرم پانی پینے کے سبب بیمار بھی ہوئی ہیں جنہیں طبی امداد دلوائی گئی ہے والدین نے کالج انتظامیہ سے فی الفور ٹھنڈے پانی کا انتظام کرنے کا پر زور مطالبہ کیا ہے ۔

ضلع اٹک:لیپ ٹاپ کی غیر منصفانہ تقسیم پر والدین کا شدید احتجاج
لیپ ٹاپ کی غیر منصفانہ تقسیم پر والدین کا شدید احتجاج ‘وزیر اعظم پاکستان،چیف جسٹس آف پاکستان ،وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف اور ڈائریکٹر کالجز راولپنڈی سے اس بارے سختی سے نوٹس لینے اور از خود نوٹس لینے کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب سکیم کے تحت ملک کے دیگر علاقوں کی طرح ضلع اٹک کے ڈگری کالج میں بھی ہونہار طلبہ ء وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے ،لیکن جن طلبہ ء و طالبات نے 2013-14میں 90فیصد سے زائد نمبر حاصل کیے ،ان ہونہار طلبہ ء طالبات کو یکسر طور پر نظر انداز کر دیا گیا جبکہ 2015-16کے ہونہار طلبہ ء طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کردیئے گئے ،2013-14میں جن بچوں نے ٹاپ پوزیشنیں حاصل کیں ان طلبہ ء طالبات کے والدین نے شدید غم و غصے کا اظہاراور احتجاج کرتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ لیپ ٹاپ کی غیر منصفانہ تقسیم سے نہ صرف ہمیں ذہنی ازیت سے دوچار ہو ناپڑا ہے بلکہ طلبہ ء طالبات کی حوصلہ شکنی بھی کی گئی ہے جو کہ سرا سر غلط ہے ہم اس کی بھر پور مذمت کرتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ اگر اس کے لیے ہمیں عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانا پڑا تو ہر گز ہر گز پیچھے نہیں ہٹیں گے، کیونکہ لیپ ٹاپ 2013-14میں اعلی نمبروں سے پاس ہونے والے طلبہ ء طالبات کا بنیادی حق ہے جسے ہر صورت حاصل کیا جائے گا انہوں نے وزیر اعظم پاکستان،چیف جسٹس آف پاکستان ،وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف اور ڈائریکٹر کالجز راولپنڈی سے اس بارے از خود نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیپ ٹاپس کی غیر منصفانہ تقسیم کرنے والوں کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے تا کہ حق دار طلبہ و طالبات کو انکا حق مل سکے۔

اٹک سٹی:ہم میڈیا کا دل کی اتھا گہرائیوں سے بے حد قدر اور احترام کرتے ہیں‘ میڈیا پاکستان کا چوتھا ستون ہے؛ ملک مشتاق اعوان
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی نائب صدر ملک مشتاق اعوان نے کہا ہے کہ ہم میڈیا کا دل کی اتھا گہرائیوں سے بے حد قدر اور احترام کرتے ہیں‘ میڈیا پاکستان کا چوتھا ستون ہے۔صحافت پاک اور شفاف کردار کی عکاسی کرتی ہے۔ میڈیا اور صحافی برادری معاشرے کی ترقی اور بقاء کیلئے بڑی اہمیت رکھتے ہیں۔ صحافی برادری کے افراد اپنا کردار احسن طریقے سے نبھاتے ہیں اور انہیں مزید بہتر طریقے سے نبھانا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے ضلعی نائب صدر ملک مشتاق اعوان نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا میں میرے بارے میں جو خبریں شائع کی گئیں ان میں کوئی صداقت نہیں ۔ میڈیا ہاؤس مجھے اپنے گھر کی طرح پیارا ہے اس میں موجود صحافی بھائی مجھے جان سے زیادہ عزیز ہیں۔ میرے کچھ نادان دوستوں نے اس کو سیاسی طور پر استعمال کیا ہے مجھے اس کا بے حد افسوس ہے۔ ہمارا دامن صاف و شفاف ہے۔ہم علاقے کے غریب عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہر وقت کوشاں ہیںَ۔ہم علاقے کی غریب اور نادار عوام کیلئے بے لوث خدمت کر رہے ہیں اور ہمیشہ کرتے رہیں گے۔ معاشرے کے بے سہارا اور پسے ہوئے افراد کی خدمت کرنا ہمارا اولین مشن ہے۔علاقے کی باشعور عوام سب دیکھ رہے ہیں اور خوب جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ صحافت میں پڑھے لکھے ، ایماندار ، مخلص اور نیک نیت سے کام کرنے والے افراد کی اشد ضرورت ہے۔لیکن بد قسمتی سے ہمارے معاشرہ میں چند قالی بھیڑیں اس مقدس فریضہ کو بدنام کر رہی ہیں اور اس کی آڑ میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں ۔انہوں نے کہا کہ صحافی برادری معاشرے کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم مثبت صحافت کرنے والوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ہم نے صحافیوں کے حقوق کیلئے ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کی ہے اور کرتے رہیں گے ۔صحافی برادری نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا ہے اور امید ہے کہ آئندہ بھی ہمارا ساتھ دے گی۔

اٹک سٹی:لوگوں کوسستااورفوری انصاف مہیاکرناہماری اوّلین ترجیحات میں شامل ہے ؛اٹک بار میں مقررین کا خطاب
بینچ وبارکاکام خلق خداکے لئے کام کرنااورآسانیاں پیداکرناہے ،لوگوں کوسستااورفوری انصاف مہیاکرناہماری اوّلین ترجیحات میں شامل ہے ،چیف جسٹس لاہورہائیکور ٹ سیّدمنصورعلی شاہ ایسے مثالی چیف جسٹس ہیں ‘ان سے پہلے نہ کوئی ایساچیف جسٹس آیااورنہ کوئی آئے گا، انہوں نے میری اٹک تعیناتی پر ماڈل کورٹ بنانے کاجوچیلنج مجھے دیاوہ اپنے جوڈیشل آفیسرزاوراٹک بارایسوسی ایشن کے تعاون سے پورا کیا،آج پنجاب کی عدلیہ میں جواٹک کومقام حاصل ہوا اُس میں ڈسٹرکٹ باراٹک کابہت بڑاعمل دخل ہے ،بینچ اوربارکی ایسی مثال قائم کریں گے جودیگراضلاع کے لئے مشعل راہ ثابت ہوں گی ،ان خیالات کااظہارڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن اٹک میں اٹک سے ٹرانسفر ہونے والی ججزکے اعزازمیں منعقدعشائیے سے سہیل ناصرڈسٹرکٹ اینڈسیشن راولپنڈی ،عاقل حسن چوہان ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج اٹک نے خطاب کرتے ہوئے کیا،تقریب سے سیّدعظمت علی بخاری چیئرمین ایگزیکٹوکمیٹی پنجاب بارکونسل لاہور،ملک اسراراحمدصدربارایسوسی 
ایشن ،سیّدفیصل پرویزبخاری جنرل سیکرٹری بارایسوسی ایشن اٹک نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر ایڈیشنل سیشن ججز راجہ جہانزیب اختر،کاشف قیوم،سینئرسول ججز شفقت شہبازراجہ ،عمررشید،شاہدحسین اعوان ،سول ججزعثمان مجید،محمداسلام چوہدری ،کرن جہانگیر،نوشین زرتاج ،محمدافضل ہنجرا بھی موجودتھے۔سہیل ناصرڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج راولپنڈی نے کہاکہ اٹک میں میری تیسری تعیناتی ہے ، جب اٹک آیااوراٹک سے گیاتواٹک میرے لئے کامیابی کی کنجی ثابت ہوا،انہوں نے کہاکہ انصاف اللہ تعالیٰ کی ذات کرتی ہے لیکن ہمیں فیصلے ایسے کرناچاہئے جس میں انصاف نظرآئے ،معاشرے کے اندرخوف میں جوفیصلے کئے جائیں تواُس سے انصاف مرجاتاہے ،ہمیں ہرحال میں انصاف دیناہوگاچاہے زمین پھٹے یاآسمان کیونکہ کبھی انسان کو خود بھی انصاف کی ضرورت پڑجاتی ہے ،ڈسٹرکٹ باراٹک کے وکل�أکومیں نے ہمیشہ عزت دی ہے اوراس کے بدلے انہوں نے ہمیشہ مجھے عزت واحترام سے نوازاجس پر میں ڈسٹرکٹ بار اٹک کو سلام پیش کرتا ہوں ،عاقل حسن چوہان ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج اٹک نے کہاکہ لوگوں کوسستااورفوری انصاف فراہم کرنے کے لئے ہماری پوری ٹیم تمام صلاحیتیں بروئے کارلاتے ہوئے اس عمل کوبہتری کی طرف لے جاکرجائے گی اورڈسٹرکٹ اٹک کوجوپنجاب میں مقام حاصل ہوا ہے اس کوبرقراررکھے گی،بینچ اوربارکی ایسی مثالیں قائم کریں گے جودیگراضلاع کے لئے مشعل راہ ہونگی ،ڈسٹرکٹ باراٹک کے صدرملک اسراراحمدایڈووکیٹ اوران کی ٹیم نے جوہمیں عزت بخشی ہے ہم ان کاشکریہ اداکرتے ہیں ،آخرمیں ڈسٹرکٹ باراٹک کے صدرملک اسرار احمداورسینئرممبران نے اٹک سے ٹرانسفرہونے والے ججز اورتعینات ہونے والے ججز میں پھولوں کے گلدستے اورتحائف بھی تقسیم کئے۔

اٹک سٹی:ضلعی انتظامیہ کیجانب سے رمضان المبارک کے لیے ضلع اٹک میں پرائس مجسٹریٹس مقرر کر دیے گئے ہیں
ضلعی انتظامیہ اٹک کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹفکیشن کے مطابق رمضان المبارک کے لیے ضلع اٹک میں پرائس مجسٹریٹس مقرر کر دیے گئے ہیں ۔نوٹفکیشن کے مطابق تحصیل اٹک میں اسسٹنٹ کمشنر اٹک فاطمہ بشیر ، راجہ حمید تحصیلدار ، غلام شبیر نائب تحصیلد ار ، تحصیل فتح جنگ میں اسسٹنٹ کمشنر نیلم سلطانہ خٹک ، خان بادشاہ چیف آفیسر ایم سی فتح جنگ ، سید تنویر احسن تحصیلدار ، ندیم گوہر نائب تحصیلدار ، راجہ حسن اختر نائب تحصیلدار ، تحصیل حسن ابدال میں چوہدری وقار احمد ، نائب تحصیلدار ، چوہدری رضوان علی تحصیلدار ، چوہدری نذر محمد نائب تحصیلدار ، تحصیل پنڈی گھیب میں محمد اشرف اسسٹنٹ کمشنر پنڈی گھیب ، محمد زبیر تحصیلدار ، میر زمان نائب تحصیلدار ، طاہر حسین شاہ، نائب تحصیلدار ، تحصیل جنڈ میں منصور احمد اسسٹنٹ کمشنر ، جاوید اختر تحصیلدار ، شہزاد محسن نائب تحصیلدار ، جمال خان نائب تحصیلدار ، تحصیل حضرو میں اویس تارڑ اسسٹنٹ کمشنر حضرو ، راجہ طاہر عزیز تحصیلدار ، منصور احمد نائب تحصیلدار شامل ہیں۔ 

اٹک سٹی:کامسیٹس یونیورسٹی کا پرانا کیمپس گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج اٹک کے حوالہ کیاجائے ؛ سروے رپورٹ
کامسیٹس یونیورسٹی کا پرانا کیمپس گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج اٹک کے حوالہ کیاجائے ،ایک سروے کے دوران مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے یہ مطالبہ کیا کہ کامسیٹس یونیورسٹی کو سابق ضلع ناظم میجر طاہر صادق نے اپنے دور نظامت میں اربوں روپے مالیت کی 
قیمتی 300کنال اراضی دی تھی جس پر اس یونیورسٹی کا نیا کیمپس تعمیر ہو چکا ہے ‘لہٰذا پرانا کیمپس جو کہ ضلعی حکومت کی بلڈنگ میں قائم ہے اس کو خالی کروا کے پوسٹ گریجویٹ کالج اٹک کے حوالہ کیا جائے تاکہ اس کالج میں ایم اے اور ایم ایس سی میں زیر تعلیم طلبہ کا مسئلہ حل ہو سکے۔

اٹک سٹی:پانامہ کیس کو ردی قرار دینے والے جے آئی ٹی کے فیصلے کا انتظا ر کریں؛ تیمور اسلم 
سابق سینئر نائب صدر تحریک انصاف شمالی پنجاب تیمور اسلم نے کہاہے کہ پانامہ کیس کو ردی قرار دینے والے جے آئی ٹی کے فیصلے کا انتظا ر کریں‘ پانامہ لیکس فیصلے کے بعد بہت سی آف شور کمپنی بے نقاب ہونگی ،پانامہ کیس کے مکمل فیصلے سے کرپشن اور کمیشن کی سیاست کا خاتمہ ہوگا ،قا ئد تحریک انصاف عمرا ن خان کی کاوشیش اور انتھک محنت سے قوم میں سیاسی شعور بیدار ہوا ہے ۔جے آئی ٹی کی غیر جانبدار شفاف تحقیقات سے پانامہ کیس کے مرکزی کرادرپانامہ شریف نااہل ہوجائیں گے ،قائد تحریک انصاف عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے عوامی رابطہ مہم کاآغاز کیا ہے جلد ہی اس کا دائر ہ کار بڑھایاجائے گا ۔ان خیالات کااظہارا نہوں نے تحریک انصاف کے کارکنوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ باریوں کی سیاست نے عوام مہنگائی دہشتگردی، بیروزگاری ناانصافی اور لوڈ شیڈنگ کے تحفے دئیے ہیں شعبدہ بازوں کی سیاست آئندہ عام انتخابات میں قصہ پارینہ بن جائیگی ۔

حضروسٹی:لوڈشیڈ نگ کے خاتمے کے دعوے صر ف اشتہارات تک محدود ہیں ؛ عمران حضروی
ضلعی ترجمان تحریک انصاف عمران خان حضروی نے کہا ہے کہ ملک میں لوڈشیڈنگ نے سابقہ ریکارڈ توڑ دئیے ہیں‘ شارٹ فال میں 8ہزار میگا واٹ اضافہ حکومتی پالیسی کی ناکامی کی واضح مثال ہے‘ لوڈشیڈ نگ کے خاتمے کے دعوے صر ف اشتہارات تک محدود ہیں ،قائد تحریک انصاف عمران خان کے حالیہ دورہ سندھ نے مخالفین کی نیندیں اڑا دی ہیں۔سندھ کی عوام ودیڑوں اور جاگیرداروں کی سیاست سے نجات چاہتے ہیں سپریم کورٹ کا جے آئی ٹی پر اپنا بنچ تشکیل دینے کا فیصلہ خوش آئند ہے فتح حق سچ کی ہوگی ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل حضرو میں عوام رابطہ مہم کے سلسلہ میں کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ عام انتخابات میں واضع اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے قائد تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں ملک میں یکساں نظام تعلیم قانون وانصاف وصحت کا نظام لائیں گئے پاکستان تحریک انصاف کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت نے مخالفین کو حواس باختہ کردیا ہے عام انتخابات میں واضع کامیابی تحریک انصاف کا مقدر ہے ۔

اٹک سٹی:وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف پاکستان کو ترقی کی جانب گامزن کر چکے ہیں ؛ شیخ آفتاب احمد 
وفاقی وزیر برائے پارلیمانی نامور شیخ آفتاب احمدنے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف پاکستان کو ترقی کی جانب گامزن کر چکے ہیں اور معاشی انقلاب برپا ہونے جارہا ہے سی پیک کا منصوبہ پاکستان کے اندر سنگ میل ثابت ہوگا اور ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی ہمارے مخالفین بلاوجہ ہم پر تنقید کر رہے ہیں اور خود اپنے دور میں ایک پروجیکٹ بھی شروع نہیں کیا15سال تک ہمارے سیاسی حریف برسر اقتدار رہے ہیں لیکن ایک بھی میگا پروجیکٹ بھی شروع نہیں کیا یہ بات انہوں نے فقیر آباد گاؤں میں اوور ہیڈ برج کا افتتاح کرتے ہوئے کہی جلسہ سے شیخ سلیمان سرور،آصف ملک،ناصر محمود شیخ نے بھی خطاب کیا وفاقی وزیر نے کہا کہ جب میڑو بس سروس شروع کی گئی تو قومی اسمبلی اور سینٹ میں اسکی مخالفت کی گئی جس پر میں نے وضاحت کی کہ یہ منصوبہ غریبوں کیلئے ہے اور آج وقت نے ثابت کیا کہ غریب لوگ میٹرو سے مستفید ہو رہے ہیں ہر اچھے کام کی مخالفت ہمارے مخالفین کا طرہ امتیاز ہے وہ کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے انہوں نے کہاکہ 12اکتوبر1999میں جو لوگ مسلم لیگ(ن) کو مشکل وقت میں چھوڑ کر مشرف سے جا ملے انہوں نے بھی مخض نعرے ہی لگائے اور قوم کیلئے کوئی کام نہیں کیاجبکہ میں نے4سالوں میں300دیہاتوں کو سوئی گیس دے دی ہے اور2018تک میرے حلقہ کا کوئی گاؤں ایسا نہیں ہوگا جو سوئی گیس سے مرحوم ہوگاہم بلاتفریق سب کو سوئی گیس فراہم کر رہے ہیں حلقہ59کی تین یونین کونسلوں اکھوڑی،بولیانوال اور گولڑہ کوسوئی گیس فراہم کر دی جائے گی انہوں نے کہا کہ بولیانوال روڈ تین کروڑ کی لاگت سے ہم نے مکمل کی ہے سکول کو ہائی کا درجہ دیا اور تمام حلقہ کی گلیاں پختہ ہو چکی ہیںآصف علی ملک نے کہاکہ ہمارے مخالفین مسلم لیگ(ن) میں رہے مشکل وقت آیا تو چھوڑ کر مشرف سے جاملے اور جب اس پر مشکل وقت آیا تو اسے چھوڑ کر تحریک انصاف کے ساتھ رابطے شروع کر دئیے انکی منزل اقتدار ہے۔














No comments:

Post a Comment