News from Hazro City, Chhachh Valley and District Attock, Updated from San Francisco, USA.
حضروسٹی:محکمہ ریونیو میں 10 پٹواریوں کے تبادلوں کے بعد کمپیوٹر سنٹر کے ستائے ہوئے ہزاروں افراد کی پریشانیوں میں اضافہ
محکمہ ریونیو میں 10 پٹواریوں کے تبادلوں کے بعد کمپیوٹر سنٹر کے ستائے ہوئے ہزاروں افراد کی پریشانیوں میں اضافہ ہوگیا ، پٹواریوں کی تعداد کم ہونے سے جہاں عوام کی مشکلات بڑھ گئیں ،وہاں پٹواریوں کو اضافی چارج دے کر ان کی مشکلات میں بھی اضافہ کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل حضرو کے حالیہ دنوں میں 10 پٹواریوں کو ضلع کی دوسری تحصیلوں میں تبدیل کر دیا گیا ،حالیہ فیصلے کے مطابق جو پٹواری جس تحصیل سے بھرتی ہوا تھا اس کو واپس اس ہی تحصیل میں ڈیوٹی دینے کو کہا گیا جسکی وجہ سے تبدیل ہونے والے پٹواریوں کی بھی مشکلات بڑھ گئیں ،تحصیل حضرو میں 33 پٹواری تعینات تھے ان میں سے 10 کا تبادلہ کر دیا گیا جبکہ کئی پٹواری چھٹی پر بھی گئے ہو ئے ہیں جسکی وجہ سے تحصیل حضرو کے عوام کو زمینی معاملات میں شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے جبکہ کمپیوٹر سینٹر میں بھی عوام کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے پٹواریوں کے تبادلے کے بعد باقی رہ جانے والے پٹواریوں کو اضافی چارج دے دیا گیا جسکہ وجہ سے ان پٹواریوں کو بھی کام کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے چھچھ کے عوامی حلقوں نے ڈی سی اٹک سے اپیل کی ہے کہ وہ تحصیل حضرو میں پٹواریوں کی خالی نشتوں کو پر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں اور تبدیل کیئے گئے پٹواریوں کو بھی تحصیل حضرو میں واپس تعینات کریں تاکہ عوام کی مشکلیں کم ہو سکیں۔
اٹک سٹی:ضلع اٹک کی عوام کو تفریح کے شاندار مواقع فراہم کرنے کے لیے سپورٹس گالا 2019ء کا انعقاد کیا جا رہا ہے
بلدیہ اٹک کی جانب سے ضلع اٹک کی عوام کو تفریح کے شاندار مواقع فراہم کرنے کے لیے سپورٹس گالا 2019ء کا انعقاد کیا جا رہا ہے، سپورٹس گالامیں ٹیبل ٹینس ، فٹ بال ، بیڈمنٹن ، والی بال ، کرکٹ ہارڈ بال ٹورنامنٹ ، ہاکی میچ ، گھوڑا ڈانس ، نیزہ بازی ، جانوروں کی نمائش ، کبڈی میچ ، پلے شوٹنگ ، میوزیکل چیئر ، ڈاگ شواور خواتین کے مابین مہندی ، سلائی کڑھائی اور میک اپ کے مقابلہ جات منعقد کروائے جائیں گے ان خیالات کا اظہار وائس چیئرمین و کنوینئر سپورٹس گالا ملک طاہر اعوان نے ضلع کونسل سٹیڈیم میں ہارڈبال کرکٹ کے فائنل میچ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر میچ کے مہمان خصوصی بلدیہ اٹک کے لیگل ایڈوائزر ملک ثاقب شازیب ایڈووکیٹ ، ممبر ضلع کونسل اٹک و چیئر مین یونین کونسل ملہوالی ملک ریاض الدین اعوان اور چیف آفیسر بلدیہ اٹک خلیل احمد نیئر اور چیئرمین اٹک پریس کلب رجسٹرڈ ندیم رضا خان بھی موجود تھے فائنل میچ العمران کرکٹ کلب اور یوتھ کرکٹ کلب کے مابین کھیلا گیاجو العمران کلب نے 13 رنز سے جیت لیا العمران کلب نے مقررہ اوور میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 204 رنز بنائے جس کے جواب میں یوتھ کلب 190 رنزبناسکی کنوینئر سپورٹس گالا ملک طاہر اعوان نے کہا کہ ضلع اٹک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بلدیہ اٹک کی جانب سے عوام کیلئے بہترین تفریحی تقریبات منعقد کی جارہی ہیں جو 23 اپریل سے شروع ہوں گی اور 28 اپریل تک جارہی رہیں گی سپورٹس گالا کی تقریبات میں عوام الناس کو عام دعوت دی جا رہی ہے وہ ضلع کونسل سٹیڈیم میں جاری تقریبات میں شرکت کر کے معیاری تفریح سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں سپورٹس گالا کی تقریبات میں نامور گھڑ سوار حصہ لے رہے ہیں جو نیزہ بازی میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے جبکہ لائیو سٹاک کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے جانوروں کی نمائش بھی منعقد کی جارہی ہے جہاں اچھی نسل کے خوبصورت جانوروں کو خصوصی انعامات بھی دیئے جائیں گے تقریب کے اختتام پر کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے ۔
اٹک سٹی:فوارہ چوک سے لے کر ستار چوک تک فٹ پاتھوں پر دکاندار وں نے ناجائزتجاوز کر کے راہگیروں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا
فوارہ چوک اٹک شہر سے لے کر ستار چوک کے دونوں اطراف کے فٹ پاتھوں پر دکاندار وں نے ناجائزتجاوز کر کے راہگیروں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے جبکہ میونسپل کمیٹی اٹک کا عملہ خوب خرگوش کے مزے لے رہا ہے ،اس کے علاوہ مینا بازار میں بھی دکانداروں نے گلیوں میں اپنے موٹر سائیکل کھڑ ے کر کے راستہ بہت تنگ اور دشوا ر کر دیا ہے ،رہی سہی کسر چھاپڑا فروشوں نے نکال دی ہے جنہوں نے خود ساختہ مینابازار میں نا جائز تجاوز کر کے خریداری کیلئے آنے والی خواتین کیلئے مزید مشکلات پید ا کردیں اٹک شہرکی عوام نے ڈی سی او عشر ت اللہ خان نیازی اور ڈی پی او سید ندیم شہزاد بخاری سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین عوامی مسئلہ کا فوری نوٹس لیں اور اصلاح احوال کے احکامات صادر فرما کر فٹ پاتھوں پر چلنے والوں اور مینابازار میں خریداری کی غرض سے آنے والی خواتین کی عصمت دری ہونے سے بچایا جائے ۔
اٹک شہر:مینا بازار میں تعمیراتی کام کے دوران تہہ خانہ کی کھدائی کرتے ہوئے مٹی کا تودہ گر گیا جس میں 65 سالہ محنت کش حق مراد دب گیا
اٹک شہرکے گنجان آباد تجارتی مرکز مینا بازار میں تعمیراتی کام کے دوران تہہ خانہ کی کھدائی کرتے ہوئے مٹی کا تودہ گر گیا جس میں 65 سالہ محنت کش حق مراد دب گیا، اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 ٹیمیں فوراً موقع پر پہنچ گئیں حادثہ میں مزدور کی ٹانگ ٹوٹ گئی تاہم مزدور کو مٹی سے بحفاظت نکالنے کے بعد طبی امداد دے کر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک منتقل کر دیا گیا ۔یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل اے اٹک محمد عاطف نے اٹک میں تجاوزات کا 60 فیصد خاتمہ کر دیا تھا رات 2 بجے تک وہ اکیلے گھوم کر تجاوزات کی نشاندہی کر کے اسے اپنی نگرانی میں دوسرے روز ختم کراتے تھے سیاسی بنیادوں پر تحریک انصاف کی طاقتور شخصیت نے ان کا تبادلہ کرا دیا اور ان کی جگہ خاتون اسسٹنٹ کمشنر تعینات ہوئی ہیں جنہیں تجاوزات اور کسی بھی مسائل سے کوئی سرو کار ہیں خاتون ہونے کے ناطے مردوں کی اکثر اوقات تذلیل بھی کرنا ان کے فرائض میں شامل ہے اسی وجہ سے سابق اے سی محمد عاطف کے دور میں ختم کی گئی تجاوزات دوبارہ قائم کر دی گئی ہیں بلکہ بعض تجارتی مراکز میں اس میں اضافہ بھی کر دیا گیا ہے اسی کے سبب ریسکیو 1122 کے عملہ کو اپنی گاڑیاں مینا بازار میں داخل کرنے میں انتہائی دقت اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور ریسکیو آپریشن میں انہیں شدید مشکلات پیش آئیں ۔
اٹک سٹی:ڈیری فارمرزآف پیپلز کالونی نے دودھ اور دہی کی قیمت میں یک دم 30 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان کردیا
ضلعی انتظامیہ اور پنجاب حکومت کی رٹ کو چیلنج کرتے ہوئے ڈیری فارمرزپیپلز کالونی نے دودھ اور دہی کی قیمت میں یک دم 30 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان کردیا، عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں دس ہزار جرمانے کا معائدہ کرلیا ۔اب پیپلز کالونی میں دودھ 70 کی بجائے 100روپے اور دہی 80 کی بجائے 110 روپے فروخت ہوگا،ضلعی حکومت کی ان منافع خوروں پر گرفت نہ ہونے کی وجہ سے عوام پریشان، سرکاری ریٹ پر عمل درآمد کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق اٹک سٹی کے ڈیری فارمزز کے دکانداروں کو دیکھتے ہوئے پیلز کالونی کے 7دکانداروں موسی خان، فیصل اقبال، ضیائالرحمن، اورنگزیب، واجد شاہ، شیراز اورمحمد فاضل نے ضلعی و پنجاب حکومت کی رٹ کو چیلنج کرتیہوئے آپس میں حلفاً معائدہ کیا کہ گائے کا دودھ 50 روپے کی بجائے 80روپے، بھینس کا دودھ 70 کی بجائے 100روپے اور دہی 80 کی بجائے 110روپے فروخت کریں گے اور حیرت کی بات یہ ہے کہ ان منافع خوروں نے اپنی عدالت لگا کر یہ بھی فیصلہ کیا کہ جو ان ریٹس پر دودھ دہی فروخت نہیں کرے گا اس معائدے کی خلاف ورزی پر اسے 10 ہزار جرمانہ ہو گا، تحریری حلف نامے میں تمام کے دستخط موجود ہیں،پیپلز کالونی کے رہائشیوں نے ڈی سی،اے سی اٹک اور حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ ریاست کی رٹ قائم کرتے ہوئے ان منافع خوروں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے اور اشیائے خوردونوش کی مقررہ ریٹ لسٹ سے زائد قیمتوں میں فروخت کرنے والوں کے خلاف فوری قانون سازی نیشنل ایکشن پلان کے تحت کاروائی کی جائے ۔
اٹک سٹی:ضلع کونسل اٹک کے اجلاس عام میں پنجاب کابینہ میں منظور کیے جانے والے نئے بلدیاتی نظام کے نفاذ کے خلاف تقسیم ہو گئے
ضلع کونسل اٹک کے اجلاس عام میں تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے ممبران ضلع کونسل وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے پنجاب کابینہ میں منظور کیے جانے والے نئے بلدیاتی نظام کے نفاذ کے خلاف تقسیم ہو گئے ، 95 ممبران ضلع کونسل کے ایوان میں تحریک انصاف کے نئے بلدیاتی انتخابات کے حق میں صرف یوسف خٹک نے بات کی تاہم ایوان میں دنگا فساد ہونے پر رائے شماری کے وقت تحریک انصاف کے بلدیاتی نظام جس کی منظوری پنجاب اسمبلی نے دی ہے کہ خلاف تحریک انصاف اور مسلم لیگ ( ن ) کے ممبران ضلع کونسل نے متفقہ قرار داد پاس کی ، اختلاف رائے میں بات بڑھنے پر ایک دوسرے پر پلیٹیں اور چائے کی بھری ہوئی پیالیاں الٹانے ، لات اور مکوں کے استعمال جس میں بیچ بچاؤ کی بھر پور کوشش کی گئی، ایوان مچھلی بازار کا منظر پیش کرنے لگا ، ضلع کونسل کے اجلاس کی تاریخ میں پہلی بار صدارت کرنے والی سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین کی بھانجی اور رکن قومی اسمبلی میجر طاہر صادق کی صاحبزادی چیئر پرسن ایمان طاہر سے اونچی آواز میں بات کرنے والے چیئرمین یونین کونسل ضلعی جنرل سیکرٹری تحریک انصاف یوسف خٹک پر تحریک انصاف کے ممبران ضلع کونسل چڑھ دوڑے ، ایک دوسرے کو دھمکیاں دینے پر ایوان میں ہونے والے شور و غل سے کان پڑی آواز سنائی نہیں دیتی تھی۔ حالات کی سنگینی دیکھ کر صدارت کرنے والی چیئر پرسن اور دیگر خواتین ہال سے نکل گئیں تاہم یوسف خٹک کے ہال سے چلے جانے پر اجلاس دوبارہ چیئر پرسن کی صدارت میں منعقد ہوا اور پنجاب کابینہ کی جانب سے منظور ہونے والے بلدیاتی نظام کے خلاف ضلع کونسل کی قرار داد تحریک انصاف اور مسلم لیگ ( ن ) کے ممبران میں متفقہ طور پر منظور کی ، یوسف خٹک جو اجلاس کے شروع میں ہی انتہائی غصہ کی حالت میں تھے نے مسلم لیگ ( ن ) کے ملک انصار احمد کے خطاب کے دوران بھی انہیں سخت الفاظ سے لتاڑا ، ضلع کونسل اٹک میں وائس چیئرمین کی دونوں سیٹیں خالی ہونے پر اجلاس کی صدارت چیئر پرسن ایمان طاہر نے کی اجلاس کے شروع میں اپوزیشن لیڈر ضلع کونسل اٹک ملک ریاض الدین اعوان کی جانب سے بلدیاتی اداروں کو آئینی مدت پوری کرنے کے حق میں قرارداد پیش کی گئی تحریک انصاف کے رکن ضلع کونسل یوسف خٹک نے قرارداد کی مخالفت کر دی چیئر پرسن ایمان طاہر کی قرارداد کے حق میں رولنگ کے بعدیوسف خٹک مزید سیخ پا ہو گئے۔ یوسف خٹک نے چیئر پرسن کی رولنگ سے اتفاق نہ کرتے ہوئے احتجاج جاری رکھا اور الزام لگایا کہ چیئر پرسن مسلم لیگ ( ن ) والوں سے ملی ہوئی ہیں یوسف خٹک کی اشتعال انگیزی پر ارکان مشتعل ہو گئے ممبران نے بینچوں پر پڑی پلیٹیں اور چائے کے کپ ایک دوسرے پر دے مارے حالات کی نزاکت کو بھابپتے ہوئے یوسف خٹک کو ممبران ہال سے باہر لے گئے چیئر پرسن کنوینئر ضلع کونسل اجلاس کی کاروائی چھوڑ کر اپنے چیمبر میں چلی گئیں اراکین ضلع کونسل کے اصرار پر اجلاس کی کاروائی دوبارہ شروع کردی گئی۔ اپوزیشن لیڈر ملک ریاض الدین اعوان نے ایوان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 2018 ء کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدواران کی حمایت کی تحریک انصاف کی حکومت جو انتخابات سے قبل بڑے بلند و بانگ دعوے کرتی تھی نے اب سابقہ حکومتوں کی طرح اقتدار میں آتے ہی سب سے پہلا وار بلدیاتی اداروں پر کیا ہے انہوں نے کہا کہ ضلع کونسل کا یہ ایوان حکومت پنجاب سے مطالبہ کرتا ہے کہ پنجاب میں بلدیا تی اداروں کو توڑنے کی بجائے ان کو اپنی آئینی مدت پوری کرنے کا موقع دے پنجاب میں بلدیاتی اداروں میں نت نئے تجربات نہ کیے جائیں اور موجودہ نظام کو ہی چلنے دیا جائے موجودہ ادارے سپریم کورٹ کے واضح احکامات کی روشنی میں معرض وجود میں آئے تھے اس لیے ایوان عدالت عظمیٰ سے مطالبہ کرتا ہے کہ اس قتل عام پر از خود نوٹس لیتے ہوئے اس کاروائی کو کالعدم قرار دے قرار داد پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ممبر ضلع کونسل و جنرل سیکرٹری تحریک انصاف نے کہا کہ ملک ریاض الدین اعوان عوام کو گمراہ کررہے ہیں حکومت کا ارادہ ہے کہ وہ ان اداروں میں اصلاحات لائے تاکہ اگراس روٹ لیول پر عوامی نمائندے مکمل بااختیارہوں اور وہ عوام کے مسائل بہتر طریقہ سے حل کرسکیں قرار داد پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے چیئر پرسن ایمان طاہر نے کہا کہ بلدیاتی ادارے بھی ملک کا حسن ہوتے ہیں تمام ترقی یافتہ ممالک کی ترقی کی بنیاد یہی ادارے ہیں پسماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی میں ان اداروں کا بہت بڑا حصہ ہے ہم سب تحریک انصاف کا حصہ ہیں ضلع اٹک کی عوام کا جہاں نقصان ہوگا ہم عوامی فلاح و بہبود کیلئے کھڑے ہوں گے پورے پنجاب میں ہمارا ضلع اولین ضلع ہے جس میں بلدیاتی اداروں کے احیاء کے بارے میں قرار داد پیش کی گئی ہے ہم حکومت کے خلاف نہیں ہیں ہم بلدیاتی اداروں کو مضبوط کرنے کے حق میں ہیں یہ ملک موجودہ حالات میں نئے الیکشن کا متحمل نہیں ہوسکتا ممبران ضلع کونسل کی جانب سے اپنے اپنے مخالفانہ خیالات کے اظہار میں ضلع کونسل اجلاس میں بعض ممبران نے آپس میں دست و گریباں ہونے کی کوشش کی تاہم ایوان کا اجلاس بری طرح مجروع ہونے پر کنوینئر ضلع کونسل اٹک ایمان طاہر اجلاس کی صدارت چھوڑ کر اپنے چیمبر میں چلی گئیں حالات کی نزاکت کے پیش نظر خواتین ممبر ضلع کونسل نے بھی اجلاس کو چھوڑ کر ملحقہ کمرے میں جانے میں ہی عافیت سمجھی حالات کے مزید خراب ہونے پر ممبر ضلع کونسل جمریز خان اور ملک غلام حسین کی جانب سے سنگین نتائج کی دھمکیا ں اور مارنے کی کوشش کرنے پر ممبر ضلع کونسل اٹک یوسف خٹک احتجاجاً ایوان سے واک آؤٹ کرگئے بعد ازاں حالات نارمل ہونے پر ملک ریاض الدین اعوان اور دیگر ممبرا ن ضلع کونسل کے کہنے پر چیئر پرسن ضلع کونسل اٹک ایمان طاہر نے دوبارہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اجلاس کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ملک ریاض الدین اعوان کی قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کرنے کے بعداجلاس ملتوی کردیا گیا اجلاس کے آغاز میں اپوزیشن لیڈر ملک ریاض الدین اعوان کی جانب سے قرارداد تعزیت کے ذریعہ ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ نیازی کے بھائی ، سابق ناظم اٹک رانا شوکت کے جواں سال بیٹے ، فتح جنگ سے تعلق رکھنے والے حاجی منظور کی اہلیہ ، چیئرمین یونین کونسل بسال کی خالہ اور سینئر صحافی حافظ عبدالحمید کی ہمشیرہ کی وفات پر فاتحہ خوانی کی گئی۔
اٹک سٹی: ضلع اٹک سے پاکستان انڈر 19-ٹیم میں بیسٹمین حیدر علی اور باؤ لر شیراز خان شیرو کامنتخب ہونا ضلع اٹک کیلئے بہت بڑا اعزاز ہے
ڈسٹرکٹ کرکٹ کوچ اخلاق احمد لاکی کی شب و روز انتھک محنت اور کوشش سے ضلع اٹک کو کر کٹ میں جو مقام حاصل ہوا ہے وہ قا بلِ تحسین ہے، ضلع اٹک سے پاکستان انڈر 19-قومی کرکٹ ٹیم میں سپر سٹار بیسٹمین حیدر علی اور سپر سٹار فاسٹ باؤ لر شیراز خان شیرو کی قومی انڈر 19-کرکٹ ٹیم کے دورہ سری لنکا کے لیے منتخب ہونا اخلاق احمد لاکی اور ضلع اٹک کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے ۔ان خیالات کا اظہار بانی یوتھ کرکٹ کلب رجسٹرڈ اٹک طاہر محمود مودی نے ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا انھوں نے مزید کہا کہ اخلا ق احمد لاکی ضلع اٹک کا قیمتی اثا ثہ ہے ان کی کوچنگ سے نوجوان ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آرہا ہے جس کی زندہ مثال سپر سٹار بیسٹمین حیدر علی اور سپر سٹار فاسٹ باؤ لر شیراز خان شیرو کا قومی انڈر 19-کر کٹ ٹیم میں منتخب ہونا ہے ۔
حاجی شاہ:حسین انٹرنیشنل ٹرسٹ کے زیر اہتمام الشفاء آئی ٹرسٹ ہسپتال کے تعاون سے موضع حاجی شاہ میں آئی کیمپ لگایا گیا
حسین انٹرنیشنل ٹرسٹ کے زیر اہتمام الشفاء آئی ٹرسٹ ہسپتال کے تعاون سے موضع حاجی شاہ میں آئی کیمپ لگایا گیا جس میں علاقہ کے سینکڑوں مر د خواتین اور بچوں کی آنکھوں کا معائنہ کیا گیا اور ادویات دی گئی ۔آپریشن کے قابل 25مریضوں کا الشفاء ہسپتال میں مفت آپریشن کیے جائیں گے اس پروگرام میں چیئرمین ٹرسٹ محمد یعقوب ساجد ، ڈسٹرکٹ آفیسر ملک بشیر احمد ، صدر ویلفیئر سوسائٹی منیر احمد نے خصوصی شرکت کی اور علاقہ کی عوام نے ٹرسٹ کے فلاحی پروگرام پر محمد یعقوب ساجد کو خراج تحسین پیش کیا ۔
اٹک سٹی:بلدیہ اٹک کے زیر اہتمام 23 اپریل تا 28 اپریل 6 روزہ سپورٹس گالا کیلئے 17 پروگراموں کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی
بلدیہ اٹک کے زیر اہتمام 23 اپریل تا 28 اپریل 6 روزہ سپورٹس گالا کیلئے 17 پروگراموں کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جن کی نگرانی چیئرمین بلدیہ ناصر محمود شیخ کریں گے جس میں مقابلہ جات قرات و نعت ، نیزہ بازی ڈے اینڈ نائٹ ، گھوڑا ڈانس ، میوزیکل چیئر ، ڈاگ شو ، خواتین کے درمیان مقابلہ جات مہندی لگانا ، سلائی کڑھائی وغیرہ ، خصوصی افراد کے درمیان کرکٹ ٹورنامنٹ ، ہاکی میچ ٹورنامنٹ ، کرکٹ ہارڈ بال ٹورنامنٹ ، پلے شوٹنگ ، کبڈی میچ ، والی بال ٹورنامنٹ ، فٹ بال ٹورنامنٹ ، ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ ، بیڈ منٹن ٹورنامنٹ ، مشاعرہ وغیرہ شامل ہیں یہ بات کنوینئر سپورٹس گالا وائس چیئرمین بلدیہ اٹک ملک طاہر اعوان نے ایک ملاقات کے دوران بتائی اس موقع پر اپوزیشن لیڈر ضلع کونسل اٹک ملک ریاض الدین اعوان ، چیف آفیسر بلدیہ اٹک خلیل احمد نیئر اعوان بھی موجود تھے انہوں نے بتایا کہ سب سے پہلا پروگرام ڈاگ شو 23 اپریل بروز منگل ضلع کونسل سٹیڈیم میں دن 2 بجے منعقد ہو گا جس کے فوکل پرسن ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک اٹک عاصم رفیق ہوں گے ، دوسرا پروگرام کلے بجن شوٹنگ اسی روز اسی مقام پر دن 3 بجے منعقد ہو گا جس کے فوکل پرسن چیئرمین یونین کونسل کھنڈہ ملک غلام حسین چیف آف چھجی مار اور چیئرمین یونین کونسل ناڑہ سردار واجد علی خان ہوں گے ، تیسرا پروگرام جانوروں کی نمائش اسی روز اسی مقام پر دن 3 بجے منعقد ہو گا جس کے فوکل پرسن سردار اسد علی خان ، کونسلر ملک سجاد سرور اور ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک اٹک عاصم رفیق ہوں گے ، چوتھا پروگرام نیزہ بازی ( ڈے اینڈ نائٹ ) اسی روز اسی مقام پر شام 4 بجے تا رات گئے منعقد ہو گا جس کے فوکل پرسن چیئرمین بلدیہ ناصر محمود شیخ ، وائس چیئرمین بلدیہ ملک طاہر اعوان ، ملک ازان طاہر ، ملک اسامہ طاہر ، شیخ محمد افضل ہوں گے ، پانچواں پروگرام گھوڑا ڈانس اسی روز اسی مقام پر شام ساڑھے 7 بجے منعقد ہو گا جس کے فوکل پرسن کونسلران حاجی سیف الرحمن اور شیخ عبدالوحید ہوں گے ، چھٹا پروگرام کرکٹ ہارڈ بال ٹورنامنٹ اسی مقام پر 24 اپریل تا 28 اپریل صبح 10 بجے منعقد ہو گا جس کے فوکل پرسن کونسلران شیخ محمد عارف اور میاں شاہنواز شانی بھائی ہوں گے ، ساتواں پروگرام ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ 24 اپریل تا 28 اپریل رات 8 بجے نیو سپورٹس کمپلیکس جمنیزیم میں منعقد ہو گا جس کے فوکل پرسن کونسلر شیخ نثار احمد ، چیف آفیسر خلیل احمد نیئر اعوان اور فیصل مقصود ہوں گے ، آٹھواں پروگرام بیڈ منٹن ٹورنامنٹ اسی روز اسی مقام پر رات 8 بجے 24 اپریل تا 28 اپریل منعقد ہو گا جس کے فوکل پرسن کونسلر شیخ نثار احمد ، چیف آفیسر خلیل احمد نیئر اعوان اور فیصل مقصود ہوں گے ، نواں پروگرام میوزیکل چیئر 24 اپریل کو رات 8 بجے اسی مقام پر منعقد ہو گا جس کے فوکل پرسن کونسلران حاجی محمد اسلم اعوان اور شیخ عبدالوحید ہوں گے ، دسواں پروگرام فٹبال ٹورنامنٹ 25 اپریل تا 28 اپریل ضلع کونسل سٹیڈیم میں دن 3 بجے منعقد ہو گا جس کے فوکل پرسن کونسلران شیخ ظہور الہٰی ، طارق ولیم اور حاجی محمد اسلم اعوان ہوں گے ، گیارواں پروگرام والی بال ٹورنامنٹ 25 اپریل تا 28 اپریل شام 5 بجے گرین بیلٹ نزد شیرانوالہ چوک پیپلز کالونی اٹک میں منعقد ہو گا جس کے فوکل پرسن کونسلران ملک جاوید اقبال ، ناصر محمود اعوان اور سابق نائب تحصیل ناظم شیخ محمود الہٰی ہوں گے ، بارواں پروگرام ہاکی ٹورنامنٹ 25 اپریل تا 28 اپریل دن 3 بجے آرٹلری سنٹر گراؤنڈ میں منعقد ہو گا جس کے فوکل پرسن کونسلران رانا افسر علی خان ، حاجی محمد اکرم خان شامل ہیں ، تیرواں پروگرام خصوصی افراد کے درمیان کرکٹ ٹورنامنٹ 25 اپریل تا 28 اپریل صبح 10 بجے کامسیٹس یونیورسٹی گراؤنڈ میں منعقد ہو گا جس کے فوکل پرسن زاہد حسین ، فیصل مقصود اور کونسلر طارق ولیم ہوں گے ، چودواں پروگرام مقابلہ جات قرآت و نعت ؐ 27 اپریل بروز ہفتہ صبح ساڑھے 9 بجے بلدیہ ہال میں منعقد ہو گا جس کے فوکل پرسن کونسلران ملک جاوید اختر ، سجاد احمد تنولی اور شہاب رفیق ملک ہوں گے ، پندرواں پروگرام کبڈی میچ 27 اپریل بروز ہفتہ شام 4 بجے ضلع کونسل سٹیڈیم میں منعقد ہو گا جس کے فوکل پرسن ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر محمد آصف شیخ اور کونسلر حاجی سیف الرحمن ہوں گے ، 16 واں پروگرام خواتین کے درمیان مقابلہ جات مہندی لگانا ، سلائی کڑھائی وغیرہ 28 اپریل بروز اتوار دن 11 بجے بلدیہ ہال منعقد ہو گا جس کے فوکل پرسن کونسلران بلدیہ اٹک میڈیم خالدہ رانا ، خالدہ پروین ، شازیہ بی بی اور امینہ نشاط جعفری ہوں گی ، 17 واں اور آخری پروگرام محفل مشاعرہ 28 اپریل دن 3 بجے بلدیہ ہال میں منعقد ہو گا جس کے فوکل پرسن کونسلران شہاب رفیق ملک ، ناصر خان جدون اور سجاد احمد تنولی ہوں گے ۔
اٹک شہر کے مختلف محلوں میں اہل علاقہ نے گھروں کی آڑ میں ناجائز تجاوزات کا بازار گرم کر رکھا ہے ؛رپورٹ
اٹک شہر کے مختلف محلوں میں اہل علاقہ نے گھروں کی آڑ میں ناجائز تجاوزات کا بازار گرم کر رکھا ہے، تفصیلات کے مطابق فاروق اعظم کالونی ، پیپلز کالونی ، خٹک کالونی ، ریحان اور محبوب ٹاؤن وغیرہ کے رہائشیوں نے اپنے اپنے مکانات کا ایک انچ بھی گلیوں میں نہیں چھوڑا البتہ گھروں کے سامنے چھ چھ فٹ کے ریمپ بنا کر گلیوں میں عوام کے گزرنے کا راستہ تنگ کر رکھا ہے جو گزرنے والوں کیلئے مشکلات کا سبب بن رہا ہے حکومتی ادارے بالخصوص ٹی ایم اے اٹک سے مطالبہ ہے کہ کسی قسم کی رعایت کے بغیر ریمپس ختم کر کے گلیوں اور روڈز کو باقاعدہ طور پہ اپنی درست حالت میں کشادہ کیا جائے ۔
اٹک شہرسے اغواء ہونے والے معروف ڈاکٹر،وکیل اور سماجی شخصیت ڈاکٹر انعام اللہ کو لا پتہ ہوئے 2 ہفتے ہوگئے
اٹک سے اغواء ہونے والے معروف ڈاکٹر،وکیل اور سماجی شخصیت ڈاکٹر انعام اللہ کو لا پتہ ہوئے 2 ہفتے ہوگئے ،95 سالہ ضعیف العمر والد بیٹے کی جدائی میں بستر سے لگ گیا انسانی حقوق کی تنظیموں وکلا اور سیاسی جماعتوں اور کشمیری برادری کی طرف سے پر امن احتجاج اور پریس کانفرنسوں کے باوجود ابھی تک ڈاکٹر انعام اللہ کے بوڑھے والد،بھائی اور بچوں کو کچھ علم نہیں کہ انہیں کہاں اور کس حال میں رکھا گیا ہے اور انہیں کس جرم میں لاپتہ کا گیا ۔ڈیفنس ہیومن رائٹس پاکستان کی چیئرپرسن محترمہ آمنہ مسعود جنجوعہ نے ان کی گمشدگی پر نہ صرف احتجاج کیا بلکہ حکومتی وزراء اقوام متحدہ اور انسانی حقوق اداروں کو بھی مطلع کیا ہے ،ڈاکٹر انعام اللہ کے بارے معلوم ہوا کہ وہ چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر ہیں اور اپنے کلینک پر آنے والے غریب بچوں کا علاج معالجہ بلکل مفت کرتے تھے ،غرباء کی مدد اور تعاون انہیں ورثے میں ملا ہے سیاسی سماجی شخصیات اور عوام علاقہ نے ڈاکٹر انعام اللہ کی فی الفور بازیابی کا پر زور مطالبہ کیا ہے۔
ضلع اٹک کے مختلف علاقوں میں گندم کی فصل تیز آندھی اور بارش سے تباہ ، کسان کی سال بھر کی محنت ضائع ہونے کا خدشہ
ضلع اٹک کے مختلف علاقوں میں گندم کی فصل تیز آندھی اور بارش سے تباہ ، کسان کی سال بھر کی محنت ضائع ہونے کا خدشہ ، کسان پریشانی سے دوچار ، تفصیلات کے مطابق ملک کے دیگر علاقوں کی طرح اٹک میں بھی ہونے والی بارش کے ساتھ تیز آندھی اور ژالہ باری کی وجہ سے کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا رہا ہے ،کسانوں کی سال بھر کی کمائی ضائع ہونے کا خطرہ ہے مختلف جہگوں پر گندم کی تیار فصلیں تیزآندھی اور بارش کی وجہ سے زمین پر گر گئیں ہیں کسانوں کا کہنا ہے کہ گندم کی فصل تیار ہے اور کاٹنے کے قریب ہے بارش اور تیز آندھی کی وجہ گر گئی ہے جس سے تباہ ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے ۔
حضروسٹی:برطانیہ کے شہر برمنگھم میں مقیم حاجی عنصر خان آف برہ زئی کے صاحبزادے عابد خان رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے
برطانیہ کے شہر برمنگھم میں مقیم کاروباری و سماجی شخصیت حاجی عنصر خان آف برہ زئی کے صاحبزادے عابد خان رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے ،شادی کی خوشی میں جی ٹی روڈ کے کنارے واقع شادی ہال میں دعوت ولیمہ کا اہتمام کیا گیا جس میں سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد ، سینیٹر ہدایت اللہ شاہ ، وزیر آزاد کشمیر راجہ محمد صدیق ، سابق ایم پی اے سردار محمد علی ، مسلم لیگ ( ن ) رہنما سجاد خان ، سابق تحصیل ناظم قاضی خالد محمود ، سابق امیدوار صوبائی اسمبلی چنگیز خان ، سابق ناظم حضرو حاجی شیراز خان ، ضلعی صدر مسلم لیگ ( ق ) صداقت علی خان برھان ، اپوزیشن لیڈر بلدیہ اٹک حاجی محمد اکرم خان ، سابق چیئرمین ضلعی بیت المال زیب عالم ، سابق ضلعی سربراہ اسٹیٹ لائف انشورنس ملک محمد ممریز ، طارق افضل خان حضرو ، اٹک و حضرو کے سینئر صحافیوں ندیم رضا خان ، حافظ عبدالحمید خان ، لالہ محمد صدیق ، ہشام خان اعوان ، حاجی طارق علی خان ، حفیظ میر ، انسپکٹر ایف آئی اے شینکہ خرم خان ، انسپکٹر موٹر وے پولیس ملک اسلام ، برمنگھم کی کاروباری و سماجی شخصیات سہیل راجہ ، وحید خان دورداد ، محمد نعیم جلالیہ سمیت معززین علاقہ اور سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور دولہا عابد خان ، ان کے بھائی ہنزلہ خان اور والد عنصر خان کو مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔
تحصیل حضرو:گاڑی کو اوورٹیک کرنے کے دوران جی ٹی روڈ ملاں منصور کے قریب ہائی ایس درخت سے ٹکرا گئی
گاڑی کو اوورٹیک کرنے کے دوران جی ٹی روڈ ملاں منصور کے قریب ہائی ایس درخت سے ٹکرا گئی ، حادثہ میں 2 خواتین سمیت 4 افراد شدید زخمی ، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق ہائی ایس دوسری گاڑی کو انتہائی تیز رفتاری سے اوورٹیک کرنے کے دوران بے قابو ہونے کے باعث درخت سے جا ٹکرائی ،حادثہ ڈرائیور کی غفلت لاپرواہی اور تیز رفتاری کے سبب پیش آیا ۔حادثہ میں زخمی ہونے والوں میں شہاب الدین ، ثناء ، باز پری اور ایسب خان شامل ہیں جن میں سے دونوں خواتین کی ٹانگیں ٹوٹ گئیں اور ایک مرد کا بازو ٹوٹ گیا جبکہ دوسرے مرد کے سر پر گہری چوٹ آئی ،اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کا عملہ فوراً موقع پر پہنچ گیا اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد انہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک منتقل کر دیا گیا ۔
حضروسٹی:وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک وقوم تعمیر وترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا؛قاضی احمد اکبر
ضلعی صدر تحریک انصاف صدر قاضی احمد اکبر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک وقوم تعمیر وترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا، سابقہ حکومتوں کی ناکامیوں کی وجہ سے آج ملک اندھیروں کی دلدل میں تھا جس کو عمران خان دن رات کی کوششوں سے جلد اندھیروں سے نکال کر روشنیوں کی جانب گامزن کرینگے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے عوام سے جو بھی وعدے کیے ہیں وہ پورے ہونگے ،الیکشن کے دوران حضرو کے عوام نے جو پیار محبت دیا ہے اس کو کبھی نہیں بھول سکتا حضرو کے بچے بچے کا خادم ہوں میرے دفتر اورڈیرے کے دروازے حلقہ عوام کیلئے ہمہ وقت کھلے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمیں بزرگوں نے یہی سکھایا ہے کہ سیاست میں غریب عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کا حل ہی ہمارا مشن ہے جس کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے تحریک انصاف کا ہر کارکن ہمارا قیمتی سرمایہ ہے نوجوان کارکنوں کو ساتھ لے کر تعمیر وترقی کے مشن میں اپنا کردار اد اکرینگے نوجوان ہمارا دست وبازو ہیں حلقہ میں ہر جگہ پارٹی سپاہیوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے اس وقت وزیر اعظم عمران خان دن رات کی محنت سے ملک وقوم کو اندھیروں سے نکالنے کیلئے کوشاں ہیں اور پاکستانی قوم بھی عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے عمران خان کے خلاف سازشیں کرنیوالے کبھی کامیاب نہیں ہونگے ۔
ضلع اٹک:فتح جنگ کوہاٹ روڈ،کھوڑ روڈ،راولپنڈی روڈ سنگل روڈ ہونے کی وجہ سے ٹریفک حادثات کی شرح خطر ناک حد تک بڑھ گئی
فتح جنگ کوہاٹ روڈ،کھوڑ روڈ،راولپنڈی روڈ سنگل روڈ ہونے کی وجہ سے ٹریفک حادثات کی شرح خطر ناک حد تک بڑھ گئی ،آئے روز ہونے والے ٹریفک حادثات کے باعث کئی ،گھرانوں کے چراغ گل ہو چکے ہیں جبکہ ٹریفک حادثات میں کئی افراد زندگی بھر کے لیے معذور بھی ہو چکے ہیں ۔بین الصوبائی شاہراہ پر واقع فتح جنگ شہر سے نکلنے والے نیشنل ہائی وے اور پنجاب ہائی وے کے روڈوں پرہونے والے ٹریفک کے بے تحاشہ حادثوں پرحکومت اور محکمہ کے ذمہ داروں نے کبھی توجہ دینا مناسب نہیں سمجھا۔کوہاٹ روڈ،کھوڑ روڈ اور راولپنڈی روڈ سنگل ہونے کے ساتھ ساتھ ٹوٹ پھوٹ کا بھی شکار ہے جو اہل علاقہ کے لیے تشویش کا باعث ہے ،عوامی حلقوں نے حکومت کے ذمہ داران سے مطالبہ کیا ہے کہ ان سڑکوں کو دورویہ کیا جائے اور اوور سپیڈ گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے۔
جی ٹی روڈ کامرہ کینٹ کے قریب بس اور ٹرک میں تصادم ، 4 افراد شدید زخمی ، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا
جی ٹی روڈ کامرہ کینٹ کے قریب بس اور ٹرک میں تصادم ، 4 افراد شدید زخمی ، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ، تفصیلات کے مطابق جی ٹی روڈ کامرہ کینٹ پر مسافر بس پشاور کی طرف جا رہی تھی کہ اچانک بس آگے جاتے ہوئے ٹرک سے جا ٹکرائی حادثہ ڈرائیور کو نیند کے غلبہ کی وجہ سے رونما ہوا جس کے نتیجہ میں 4 افراد شوکت علی ، دلاور خان ، غلام عباس اور شوکت شاہ شدید زخمی ہو گئے اطلاع ملنے پر ریسکیو 11 حضرو کا عملہ فوراً موقع پر پہنچ گیا اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد انہیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حضرو منتقل کر دیا گیا ۔
اٹک سٹی:رمضان بازاروں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا
رمضان بازاروں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی نے اجلاس کی صدارت کی،اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) اٹک شاہد عمران مارتھ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)اٹک چوہدری عبدالماجد ،ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز اور ضلعی افسران نے شر کت کی۔اجلاس میں شرکاء کو بتایا گیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ضلع بھر میں اس سال چھے رمضان بازار لگائے جائیں گے اور اس ضمن میں تمام انتظامات کو حکومت کی طرف سے جاری کردہ ضابطہء اخلاق کی روشنی میں حتمی شکل دی جارہی ہے۔ان رمضان بازاروں میں عوام الناس کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائیں گی اور تمام بازاروں کی موثر نگرانی کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی جائیں گی۔ڈی سی اٹک نے اس موقع پر تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ ضلع بھر میں رمضان بازاروں کی عوامی نقطہء نگاہ سے کامیابی یقینی بنائیں۔
اٹک سٹی:جمعیت علمائے اسلام ( ف ) ضلع اٹک کے انتخابات ، مفتی تاج الدین 5 سال کیلئے ضلعی امیر منتخب ہو گئے
جمعیت علمائے اسلام ( ف ) ضلع اٹک کے انتخابات ، مفتی تاج الدین کثرت رائے سے آئندہ 5 سال کیلئے ضلعی امیر اور مولانا سید بلال بادشاہ ضلعی جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے ۔اس حوالہ سے جمعیت علمائے اسلام ضلع اٹک کی جنرل کونسل کا ایک بھر پور اجلاس جس میں 150 سے زائد علمائے کرام نے شرکت کی ۔جامع مسجد بیت المکرم بہار کالونی اٹک میں منعقد ہوا اجلاس میں صوبائی ناظم انتخابات مولانا خلیل الرحمان درخواستی ، معاون ناظم انتخابات ڈاکٹر ضیاء الرحمن امازائی ، ضلعی ناظم انتخابات مولانا سید بادشاہ نے اجلاس کی کاروائی چلائی اجلاس میں صوبائی امیر جمعیت علمائے اسلام ڈاکٹر قاری عتیق الرحمن ، مولانا شیر زمان ، قاضی خالد محمود ، مفتی سید امیر زمان حقانی ، مولانا نعیم ، مولانا قمرالاسلام ، مولانا عبدالرشید ، مولانا عبدالطیف ، قاری اقبال ، سید زرغون شاہ ، ابراہیم فانی ، ملک شاہد ، مولانا شہاب الدین ، قاری ثناء اللہ ، مولانا عزیر احمد ، مولانا اسحاق ، راشد علی زئی ، مفتی سید الرحمن ، مولانا حامد نواز سمیت 150 سے زائد علمائے کرام شریک ہوئے ۔اجلاس میں کثرت رائے سے آئندہ 5 سال کیلئے مفتی تاج الدین کو امیر اور مولانا سید بلال بادشاہ کو جنرل سیکرٹری ضلع اٹک منتخب کر لیا گیا ،اس موقع پر صوبائی ناظم انتخابات مولانا خلیل الرحمان درخواستی نے کہا کہ یہ ایک جمہوری عمل ہے ،رکنیت سازی کے بعد تنظیم سازی ہو رہی ہے جمعیت علمائے اسلام واحد مذہبی اور سیاسی جماعت ہے جو ملک کے اندر اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے کوشاں ہے صوبائی امیر ڈاکٹر قاری عتیق الرحمن نے کہا کہ اس بار صوبہ پنجاب میں پہلے سے 3 گنا زیادہ رکنیت سازی ہوئی ہے کارکنان کو چاہیے کہ آپس میں اتفاق اور باہم یگانگت سے جمعیت کا پیغام گھر گھر پہنچاہیں انہوں نے مولانا محمد جان اور ڈاکٹر انعام اللہ کے جبری لا پتہ ہونے اور بعدازاں جیل میں ڈالنے پر شدید رد عمل کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر ایک ہفتہ کے اندر انہیں رہا نہ کیا گیا تو ضلعی سطح پر جے یو آئی شدید احتجاج پر مجبور ہو گی نو منتخب امیر مفتی تاج الدین نے کہا کہ مجھ پر جو اعتماد کیا گیا ہے اس پر پورا اتروں گا یونین کونسل سطح پر دفاتر بنائیں گے آنے والے بلدیاتی الیکشن میں منظم طریقہ سے میدان عمل میں نکلیں گے اور فتح جنگ و پنڈی گھیب میں تحصیل باڈی کے ساتھ یونین کونسل سطح پر بھی جماعت کو مضبوط کریں گے جمعیت طلبہ اسلام کی تنظیم کو بھی پورے ضلع میں متعارف کرا کر نچلی سطح تک یونٹ قائم کریں گے تاکہ نوجوان نسل میں بھی جمعیت کا پیغام پہنچ سکے آخر میں بہترین کارکردگی پر مولانا سید بادشاہ کو شیلڈ پیش کی گئی جبکہ ملک کی سلامتی ، خوشحالی اور مسلمانوں کی کامیابی کیلئے بھی دعا کرائی گئی ۔
اٹک سٹی:صدر کرکٹ ایسوسی ایشن ضلع اٹک ملک ظہیر احمد کے بیٹے ملک نجم ظہیر رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے
صدر کرکٹ ایسوسی ایشن ضلع اٹک ملک ظہیر احمد کے بیٹے ملک نجم ظہیر رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔ ان کی شادی ملک محمد یونس کی دختر نیک اختر سے بخیر و خوبی سر انجام پائی دعوت ولیمہ کی تقریب سیاسی اجتماع میں بدل گئی جس میں رکن قومی اسمبلی میجر طاہر صادق ، رکن پنجاب اسمبلی ملک جمشید الطاف ، وزیر بحالیات حکومت آزاد کشمیر راجہ محمد صدیق ، سابق رکن قومی اسمبلی محمد زین الہٰی ، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ٹو یاور بخاری ، رہنما میجر گروپ حاجی محمد اکرم خان ، سابق تحصیل ناظم حسن ابدال شفقت خان طاہر خیلی ، سابق امیدوار پنجاب اسمبلی بریگیڈیئر سردار عاصم نواز خان ، حاجی ملک افتخار احمد اعوان فقیر آباد ، ملک ہارون رمضان آف کانی ، ضلعی صدر تحریک انصاف قاضی احمد اکبر ، سابق نائب تحصیل ناظم ملک انصر سدریال ، نصرت ماجھیا ، سردار فرحت عباس پھتی خان ، ڈاکٹر ربنواز مہورہ ، چیئرمین یونین کونسل ملک غلام حسین ، ملک عزیز الرحمن ، سید جمشید افتخار شاہ ، ممبر گورننگ بورڈ پاکستان کرکٹ بورڈ شکیل احمد شیخ ، صبیح اظہر ، ہیڈ کوچ پی سی بی راولپنڈی ، سابق صدر آل پاکستان ملٹری ایمپلائز ایسوسی ایشن محمد ظفریاب خان ، صدر سویٹ اینڈ بیکرز ایسوسی ایشن میجر محمد اصغر ، چیئرمین ایمپلائز ایسوسی ایشن ملٹری اکاؤنٹس راولپنڈی شاہد ندیم بیگ ، سہیل جعفری ، اسلام آباد کے سینئر صحافی محسن رضا خان ، چیئرمین اٹک پریس کلب رجسٹرڈ ندیم رضا خان ، سینئر وائس چیئرمین شہزاد انجم بٹ ، وائس چیئرمین حافظ عبدالحمید خان ، بانی چیئرمین الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن لالہ محمد صدیق ، سینئر صحافی جاوید کشمیری ، سرپرست اعلیٰ سینٹرل یونین آف جنرنلسٹس پاکستان الحاج پرویز خان ، ملک فاروق فوکی ، رہنما میجر گروپ تنظیم اقبال پاشی ، رہنما میجر لورز آفتاب احمد قریشی ، شیخ عبدالتنویر ، عبدالوہاب ، چکوال ، جہلم ، راولپنڈی سے کرکٹ کے ایسوسی ایشن کے عہدیدران کی کثیر تعداد کے علاوہ ضلعی ترجمان تحریک انصاف عمران خان حضروی ، شیخ قیصر جمیل ، کونسلر بلدیہ حسن ابدال یاسر خان دلاور اور دیگر نے شرکت کی شادی بخیر و خوبی انجام پانے پر ملک ظہیر احمد اور پوری فیملی کو مبارکباد دی ۔
اٹک سٹی:جمعیت علماء پاکستان و متحدہ مجلس عمل ضلع اٹک کے سیکرٹری اطلاعات قاری محمد یاسر اعوان رشتہ ازدواج سے منسلک ہو گئے
جمعیت علماء پاکستان و متحدہ مجلس عمل ضلع اٹک کے سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹرقاری محمد یاسر اعوان رشتہ ازدواج سے منسلک ہو گئے ،ان کاسنت نکاح ممتاز عالم دین علامہ ابوطیب رفاقت علی حقانی بانی و مہتمم جامعہ حقانیہ ظاہرالعلوم اٹک کینٹ نے پڑھایا جبکہ ولیمہ کے موقع پر محفل میلاد مصطفیؐ کا انعقا دکیا گیا ۔خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ علامہ عبدالرشید چشتی نقیبی نے کہا کہ شادی کے موقع پر ذکر خدا و ذکر مصطفی ؐ کرنا سنت صحابہ اور مقبول عمل ہے ،دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے رسول اللہ ؐ کی تعلیمات اور اخلاق و کردار کو اپنایا جائے ،صدارتی خطبہ دیتے ہوئے استاذ العلماء مفتی ابوطیب رفاقت علی حقانی نے کہا کہ نکاح سنت نبوی ؐاور بے شمار معاشرتی مسائل کو حل کرنے والاعمل ہے ،شادی بیاہ پر ہونے والی غیر شرعی رسموں کی اجتماعی طور پر حوصلہ شکنی کی جائے ازدواجی زندگی کا آغاز غیر شرعی رسموں سے کرنا آئندہ زندگی کیلئے حصول برکت کا باعث نہیں بن سکتا ،ان مبارک موقعوں کی نسبت اللہ رسول کے ذکر کی طرف کرنے چاہئے مولوی محمد اسحاق ، فوجی صوفی محمد ارشاد ، ڈاکٹر ظفر اقبال ، قاری محمد یاسر اعوان ، حوالدار محمد سعید اعوان ، لیاقت رضوی ، عاطف اعوان ، وحید اعوان و جملہ خاندان نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔
اٹک سٹی:چین اور پاکستان کی دوستی کوہ ہمالیہ سے اونچی اور سمندوں کی گہرائی سے نیچی ہے ؛ٹسن راؤ(ٹیکنو)
چین اور پاکستان کی دوستی کوہ ہمالیہ سے اونچی اور سمندوں کی گہرائی سے نیچی ہے ،دوستی کا یہ سلسلہ سی پیک کی بدولت اب ایسے معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے کہ پاکستان دنیا کی تجارت کا مرکز بن جائے گا جس کا تمام تر کریڈٹ چائنہ کے سر ہے چائنہ میں پاکستانیوں کو بہت عزت دی جاتی ہے اور پاکستان میں ہمیں جس عزت اور قدر و منزلت سے دیکھا جاتا ہے وہ اسی لازوال دوستی کا مظہر ہے ۔ان خیالات کا اظہار چائنہ کی مشہور موبائل فون کمپنی ٹیکنو ( Tecno ) کے ریجنل سیلز منیجر نارتھ ٹسن راؤ نے اٹک میں ٹیکنو کے منظور شدہ ڈیلر اٹس فار یو موبائل سول بازار اٹک کی شاپ کے باہر لگائے گئے ایکٹیویٹی سٹال پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ٹیکنو کے مظور شدہ ڈیلر مالک اٹس فار یو موبائل شاپ شیخ ریحان محمود ، سر پرست اعلیٰ اٹک پریس کلب رجسٹرڈ حاجی محمد فیضیاب خان بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ اس ایکٹیو یٹی سٹال پر تعاون کرنے پر وہ ڈی پی او اٹک سید شہزاد ندیم بخاری ، ایس ایچ او تھانہ اٹک سٹی مہر محمد سلیم ، چیئرمین بلدیہ ناصر محمود شیخ ، وائس چیئرمین ملک طاہر اعوان اور صدر انجمن تاجران راشد الرحمان خان کے بہت مشکور ہیں کہ انہوں نے ٹیکنو موبائل فون کمپنی ٹیم کے ساتھ بہت تعاون کیا ہے انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کے تحت کاروباری فروغ کے جو مواقع حکومت پاکستان فراہم کر رہی ہے اس سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ایک کروڑ نوکریاں فراہم کرنے کی راہ ہموار کرنے میں مدد ملے گی ٹیکنو موبائل فون کمپنی پاکستان سمیت 70 سے زائد ممالک میں کاروبار کر رہی ہے اور پاکستان میں حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے انہیں بھر پور پذیرآئی فراہم کی جا رہی ہے جس وہ ان کے مشکور ہیں پاکستان کاروباری ، معاشی اور تجارتی لحاظ سے انتہائی موزوں ملک ہے اور یہاں کاروبار کے وسیع مواقع موجود ہیں انہوں نے اٹک کے عوام کے بارے میں کہا کہ یہ بہت زندہ دل اور محبت کرنے والے لوگ ہیں ٹیکنو موبائل فون کمپنی کی برینڈ ایمبیسیڈرز مس اقصاء اور مس عائشہ نے بتایا کہ وہ ملک بھر میں ایکٹیویٹی سٹال میں شریک ہوتی ہیں اٹک میں انہیں آ کر بہت اچھا لگا اٹک پولیس ، بلدیہ اور انجمن تاجران کا خصوصی تعاون حاصل ہے جس کے سبب انہیں کوئی پریشانی یا دقت کا سامنا نہیں کرنا پڑا ، ٹیکنو موبائل فون کمپنی کے ٹرینر نارتھ محسن حسن دایو نے بتایا کہ وہ بھی ایکٹیویٹی سٹال کے سلسلہ میں ملک بھر کا دورہ کرتے ہیں تاہم اٹک میں جس طرح اٹک پولیس ، بلدیہ اٹک اور انجمن تاجران نے خصوصی تعاون کیا ہے اس پر وہ ان تمام اداروں کے انتہائی مشکور ہیں اٹک میں موبائل فون کی سیل کے حوالہ سے انہیں حوصلہ افزاء رزلٹ ملا ہے ۔
No comments:
Post a Comment