Wednesday, April 10, 2019

Hazro City and District Attock Weekly News from www.HazroCity.com

Hazro City and District Attock Weekly News from www.HazroCity.com 



اٹک سٹی:3 خواتین نے کمبل بیچنے کے بہانے گھر میں گھس کر لاکھوں روپے کی رقم چوری کر لی ؛ چھ خواتین گرفتار
3 خواتین نے کمبل بیچنے کے بہانے گھر میں گھس کر لاکھوں روپے کی رقم چوری کر لی ، تعاقب پر ان کی مزید 3 ساتھیوں سمیت 6 خواتین کو پولیس نے گرفتار کر کے ان سے رقم برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا ، تفصیلات کے مطابق بسم اللہ ولد نور محمد ساکن نزد قیوم چوک دارالسلام کالونی نے ماڈل پولیس اسٹیشن اٹک سٹی میں ایف آئی آر درج کرائی ہے کہ وہ گھر موجود تھے کہ دروازے پر دستک ہوئی باہر 3 کمبل فروخت کرنے والی خواتین تھیں جو گھر میں داخل ہو گئیں اور گھر میں موجود ہمشیرہ اور والدہ اور گھر کی دیگر خواتین کے ساتھ بات چیت شروع کر دی انہیں کمرے میں بٹھایا گیا تو یہ تینوں جلدی جلدی واپس باہر جانے لگیں مجھے شک ہوا تو میں نے دوسرے کمرہ جہاں ساری خواتین بیٹھی تھیں اس میں پڑے بکس کو دیکھا تو اس کا کور کھلا تھا اور اس میں موجود رقم 2 لاکھ 10 ہزار غائب تھے میں نے اور گھر کی خواتین نے ان کا تعاقب کیا تو دیکھا کہ مزید 3 خواتین جن کے ساتھ ایک چھوٹا بچہ بھی تھا کھڑی تھیں ہمارے اور اہل محلہ کے شور پر انہیں روک لیا گیا پولیس کو اطلاع دی گئی تو تھانہ سے اے ایس آئی لیاقت خان نے لیڈی پولیس کے ذریعہ ان کی جامہ تلاشی لے کر ان کے چوری شدہ رقم برآمد کر کے انہیں گرفتار کر کے جیل بھجوا دیا گیا ۔ 

حضروسٹی:سود خوروں نے چھچھ کی غریب اور سادہ لوح عوام کو اپنے چنگل میں پھنسا کر اپنا غلام بنا رکھا ہے؛ خواجہ شکیل 
حضرو کی معروف سماجی شخصیت خواجہ شکیل اور حق گروپ تحصیل حضرو کے نائب صدر فہد میر نے کہا ہے کہ چھچھ میں سودکا کاروبار عروج پر ہے ، سود خوروں نے چھچھ کی غریب اور سادہ لوح عوام کو اپنے چنگل میں پھنسا کر ہمیشہ کیلئے اپنا غلام بنا رکھا ہے ،اس وقت حضرو میں سودیوں کی تعدا د میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور سود کے کاروبار نے ایک منظم شکل اختیار کر لی ہے ،انہوں نے کہا کہ سود کے کاروبار میں چھچھ کے کئی حاجی نماز ی شامل ہیں جو اپنے کارندوں کے ذریعے سادہ لوح عوام کو اپنے جال میں پھنسا کر ان سے زندگی بھر کی جمع پونجی چھیننے کے علاوہ انکے گھر بھی بیچوا کر ان کی چمڑی اتار رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ہم ایس ایچ او حاجی اعظم خان کوسودیوں کے خلاف ایکشن لینے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ جس طرح انہوں نے سودیوں کے خلاف ایکشن کا اعلان کیا ہے ،اب سود کے چنگل میں پھنسے ہوئے غریب سادہ لوح عوام کا چاہیے کہ جو لوگ ان ظالم سودیوں کے ہاتھوں لٹے جارہے ہیں انہیں بلا خوف وخطر آگے آنا چایئے اورانہیں سودیوں کے خلاف مقدمات درج کرانے چاہیے اس سنہری موقع سے سود کی لعنت کا شکار لوگ آگے آئیں ہم انشاء اللہ انہیں مکمل سپورٹ کرینگے اور ان کے خلاف ایکشن کر واکر دم لیں گے ،خواجہ شکیل نے مزید کہا کہ سودیوں کے خلاف ہم ایس ایچ او حضرو اعظم خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ 

ضلع اٹک کے معروف ٹورسٹ طارق شگوری شمالی علاقہ جات میں سیاحت کے فروغ کیلئے ہانگ کانگ پہنچ گئے 
پاکستان کے معروف ٹورسٹ طارق شگوری شمالی علاقہ جات میں سیاحت کے فروغ کے لیے ہانگ کانگ پہنچ گئے اپنے پہلے بین الاقوامی دورے کے موقع پر وہ ہانگ کانگ کے علاوہ چین اور قطر کا بھی وزٹ کریں گے جہاں وطن عزیز میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے پریذنٹیشن پیش کریں گے ۔تفصیلات کے مطابق اٹک سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیت بانی وچیئرمین شگور ی ٹریولز اینڈ ٹریکنگ کلب طارق شگوری نے شمالی علاقہ جات میں سیاحت کے فروغ اور سیاحوں کی سہولت کے لیے ایک منفرد ٹورسٹ میپ اردو اور انگلش میں مرتب کیا ہے ‘ہانگ کانگ میں مقیم ضلع اٹک کے دوستوں کی خصوصی دعوت پر ہانگ کانگ پہنچ گئے ہیں جہاں پران کا شاندار استقبال کیا گیا ۔دورہ ہانگ کانگ کے موقع پر وہ ہانگ کانگ ٹورزم بورڈ کی منیجمنٹ، پاکستانی قونصلیٹ کے عہدیداروں اور پاکستانی کیمونٹی کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے ۔ 

ضلع اٹک:موبائل کے ساتھ مصروف 23 سالہ نوجوان ٹرین کی ٹکر لگنے سے جاں بحق ، لاش ہسپتال منتقل 
موبائل کے ساتھ مصروف 23 سالہ نوجوان ٹرین کی ٹکر لگنے سے جاں بحق ، لاش ہسپتال منتقل ، تفصیلات کے مطابق 23 سالہ امجد ہزارہ روڈ پر موجود پھاٹک بند ہونے کے سبب موٹر سائیکل سائیڈ پر کھڑی کرنے کے بعد پھاٹک کھلنے کے انتظار میں کھڑا موبائل فون میں ہینڈز فری لگا کر مصروف ہو گیا اور اسے پتہ بھی نہ چلا کہ وہ ٹرین کے بالکل قریب ہو چکا ہے ،کانوں میں ہینڈز فری لگے ہونے کے سبب اسے ٹرین کے ہارن کی آواز تک نہ سنائی دی اور ٹرین نے اسے ٹکر ماری جو نوجوان کے سر میں لگی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کا عملہ فوراً موقع پر پہنچ گیا اور لاش تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حسن ابدال منتقل کر دی گئی ۔ 

ضلع اٹک:اسلام آباد ائیرپورٹ پر کارگو ٹرمینل کی بدانتظامی اور نااہلی کے باعث آئل ٹینکروں کی لائنیں لگ گئیں
اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کارگو ٹرمینل کی بدانتظامی اور نااہلی کے سبب کراچی اور چند کلومیٹر دور مورگاہ آئل ریفائنری راولپنڈی سے جہازوں میں استعمال ہونے والا تیل جی پی ون لانے والے آئل ٹینکروں کی لمبی لائنیں لگ گئیں ،چند ماہ قبل تعمیر ہونے والے انٹرنیشنل ائیرپورٹ اسلام آباد میں کارگو کے آئل ڈپو میں 24 گھنٹوں میں نامعلوم وجوہات کی بناء پرصرف 5 سے 6 آئل ٹینکر ان لوڈ کئے جارہے ہیں ۔30 مارچ کو کراچی سے کارگو ٹرمینل پر جہازوں کا تیل جی پی ون لوڈ کرکے انٹرنیشنل ائیرپورٹ اسلام آباد روانہ ہونے والے 200 سو زائد آئل ٹینکروں میں سے صرف چند آئل ٹینکر ان لوڈ کئے گئے ہیں ،10 روز میں جہاں کارگو ٹرمینل کے قریب سڑک پر کھلے آسمان تلے آئل ٹینکر اور اس پر موجود عملہ بے یارو مددگار کھڑا ہے جہاں پینے کے صاف پانی ، رفاحاجت ، نماز ، سو نے ، کھانے پینے اور ضروریات زندگی کی کوئی سہولت میسر نہ ہے جو ائیرپورٹ کی تعمیر ڈیزائن میں سنگین نتائج اور ناتجربہ کاری کو ظاہر کرتا ہے ‘کے علاوہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔آئل ٹینکر ڈرائیور اور عملہ نے بتایا کہ وہ بے سروسامانی کی حالت میں انتہائی مشکل صورتحال سے دوچار ہیں ،ان کا جیب خرچ بھی ختم ہو گیا ہے چند کلومیٹر دور مورگاہ آئل ریفائنری راولپنڈی سے آنے والے آئل ٹینکر ڈرائیور وں نے بتایا کہ انہیں 6 روز ہوگئے ہیں گاڑی کاکرایہ صرف 16 ہزار روپے ہے 5 ہزار روپے جیب خرچ ہے جو ختم ہو چکا ہے انتظامیہ کارگو ٹرمینل کراچی سے آنے والے آئل ٹینکروں کو ترجیح دے رہی ہے ان کا کوئی پرسان حال نہیں اس سلسلہ میں کارگو ٹرمینل انتظامیہ سے ان کا مؤقف معلوم کرنے کی کوشش کی گئی تاہم کسی ذمہ دار سے گیٹ پر موجود عملہ نے ملاقات کرانے سے انکار کر دیا ۔

ضلع اٹک کے گاؤں جبی میں بیلوں کی دوڑ میں بیل تماشائیوں پر چڑھ دوڑے 
تحصیل وضلع اٹک کے گاؤں جبی میں بیلوں کی دوڑ میں بیل تماشائیوں پر چڑھ دوڑے جس کے نتیجہ میں 5 افراد واجد، خالد، محمد صفدر، دلاور اور عزیز زخمی ہو گئے ،جلسہ میں ریسکیو 1122 اٹک کے عملہ کی موجودگی پر زخمیوں کو فوراً موقع پر ہی طبی امداد دی گئی ۔ 

اٹک سٹی: موبائل فون ایسوسی ایشن پی ٹی اے اور ایف بی آر کی ظالمانہ پالیسیوں کیخلاف دوکاندار سراپا احتجاج 
موبائل فون ایسوسی ایشن پی ٹی اے اور ایف بی آر کی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف سراپا احتجاج ، ضلع بھر کے موبائل دکاندار تاجروں نے احتجاجی ریلی نکالی جو جیا پلازہ سول بازار سے شروع ہوئی اور شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی کچہری چوک پہنچی ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور مظاہرین پی ٹی اے اور ایف بی آرکے خلاف نعرہ بازی کر رہے تھے موبائل ایسوسی ایشن کے عہدیداروں میاں عثمان صابر ، میان نعمان صابر ( عثمان موبائلز ) ، ارسلان خان ( سٹار موبائلز ) ، وقاص گجر ( گجر موبائلز ) ، شہباز بھائی ( شہبار موبائلز ) ، حسن شیخ ، ( واجد موبائلز ) ، عابد خان ( سلیم موبائلز ) ، دلاور خان ( دلاور موبائلز ) ، عزیز ( عزیز موبائل ) اور شیخ امجد ( اے آر موبائلز ) نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی اے اور اس کے چند افسران کی ملی بھگت سے بڑی کمپنیاں مناپلی قائم کرنے میں سرگرم ہیں اور متوسط طبقہ کے چھوٹے موبائل تاجروں کا معاشی قتل کر رہی ہیں ، تجارت ہر پاکستانی تاجر کا حق ہے ٹیکس لو اور تجارت کرنے دو یہ پاکستان کے 95 فیصد موبائل تاجروں کی آواز ہے پھر یہ تجارت 5 فیصد سے بھی کم تجارت کرنے والی کمپنیوں کے ہاتھ کیوں دی جا رہی ہے پی ٹی اے نے ڈربس سسٹم بڑی موبائل کمپنیوں کے 40 لاکھ ڈالرز سے لگایا تاکہ غیر قانونی فونز کی درآمد روکی جا سکے لیکن جب پی ٹی اے تمام ڈپلیکیٹ اور فیک فونز بند کر سکتی ہے تو اوریجنل فونز ٹیکس ادا کر کے کیوں نہیں لائے جا سکتے پی ٹی اے ڈربس سسٹم کے علاوہ اور بہت سے حیلے بہانے ٹائپ اپروول اور ٹیک کی مد میں لگا کر متوسط طبقہ کے تاجروں کا معاشی قتل کر رہی ہے جو ہمیں نامنظور ہے اگر ہمارے جائز مطالبات نہ مانے گئے تو پی ٹی اے آفس یا پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے سامنے تمام پاکستان کی موبائل کمپنیوں کے تاجر اکٹھے ہوں گے اور غیر معینہ مدت کے لئے دھرنہ دیں گے انہوں نے ظالمانہ ٹیکسوں کو عوام دشمنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ 30 لاکھ افراد اس کاروبار سے منسلک ہیں حکومت ایسے ظالمانہ نظام سے دکانداروں اور عوام کو لڑانا چاہتی ہے ظالمانہ ٹیکس لگاکر ہمارا معاشی قتل کیا جارہا ہے وزیر خزانہ اسد عمر کے اس اعلان سے امپورٹ کم ہو گئی ہے بڑے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈالا جائے ایسے اقدام سے غریبوں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں رکن پنجاب اسمبلی یاور بخاری ریلی کے شرکاء سے مذاکرات کیلئے موقع پر پہنچ گئے حکومت سے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کر دیا گیا ۔ 

اٹک سٹی:جشن بہاراں اٹک کی رنگا رنگ تقریبات میں پہلی بار خواتین، جیل کے قیدیوں اور خصوصی بچوں کو شامل کیا گیا 
جشن بہاراں اٹک کی رنگا رنگ تقریبات میں پہلی بار خواتین، جیل کے قیدیوں اور خصوصی بچوں کو شامل کیا گیا ۔اس حوالے سے خصوصی بچوں میں مختلف مقابلے منعقد کر ائے گئے جبکہ خواتین کے درمیان پہلی بار مہندی ، میک اپ ، سلائی، کڑھائی اور بنائی پر مقابلے کرا ئے گئے اسی طرح چیئر پرسن ایمان طاہر نے جس طرح خواتین کو جشن بہاراں مقابلوں میں شامل کیا اسی طرح خصوصی بچوں کو شامل کیا تو ساتھ ہی انہوں نے جشن بہاراں کی ان تقریبات کے موقع پر جیل کے قیدیوں کو بھی فراموش نہیں کیا اس حوالے سے جیل کے قیدیوں کے درمیا ن بھی مقابلے کرائے گئے اور ان مقابلوں کے آخری روز مہمانان خصوصی میں چیئر پرسن ایمان طاہر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید شہزاد ندیم بخاری شامل تھے جنہوں نے ان مقابلوں میں نما یاں پوزیشن ہولڈر قیدیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے جیل سپرنٹنڈنٹ اشتیاق گل نے میجر طاہر صادق اور ایمان طاہر کا شکریہ ادا کیا عوامی سماجی حلقوں میں بھی میجر طاہر صاد ق اور ایمان طاہر کے اس اقدام کی جس میں پہلی بار خواتین خصوصی بچوں اور جیل کے قیدیوں کو جشن بہاراں تقریبات میں یاد رکھا گیا سراہا ہے اور کہا ہے کہ میجر طاہر صادق ہی حقیقی طور پر ضلع بھر کے عوام کی نمائندگی کاحق رکھتے ہیں ۔ 

حضرو سے اٹک ویگن سروس نے سٹاپ ٹو سٹاپ کرایہ 20روپے کر دیا،لڑائی جھگڑے معمول بن گئے
حضرو سے اٹک ویگن سروس نے سٹاپ ٹو سٹاپ کرایہ 20روپے کر دیا،لڑائی جھگڑے معمول بن گئے،انتظامیہ آگاہی کے باوجود خاموش تماشائی بن گئی عوامی مشکلات بڑھ گئیں تفصیلات کے مطابق حضرو او اٹک کے درمیان چلنی والی ویگنیں جو سی این جی استعمال کرتی ہیں اور کرایہ پٹرول کا وصول کیا جا رہا ہے ہٹیاں سے بہادر خان تک تقریباََڈیڑھ سے 2کلو میٹر کا کرایہ بھی 20لیا جا رہا ہے موسیٰ پل سے حضرو تک بھی عوام سے 20روپے وصول کیے جاتے ہیں جبکہ اٹک حضرو کا کرایہ 40روپے کر دیا گیا جس کی وجہ سے سرکاری ملازمین اور عام دیہاڑی داروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اگر کرایوں کے حوالے سے کنڈیکٹروں سے بات جائے تو وہ بد تمیزی پر اتر آتے ہیں جس کی وجہ سے لڑائی جھگڑے معمول بن گئے جبکہ سیکرٹری آر ٹی اے سمیت دیگر انتظامیہ بھی خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے عوامی حلقوں نے ڈی سی اٹک سے اصلاح واحوال کا مطالبہ کیا ہے۔

ضلع اٹک:48 گھنٹے میں جبری طور پر لاپتہ کرنے کی تین وارداتوں کے سبب ضلع بھر میں خوف و ہراس پھیل گیا 
48 گھنٹے میں جبری طور پر لاپتہ کرنے کی تین وارداتوں کے سبب ضلع بھر میں خوف و ہراس پھیل گیا ، سیاہ وردی میں ملبوس مسلح 5 سے 6 افراد کی جانب سے الگ الگ اغواء کیے گئے ۔تینوں ڈاکٹر انعام اللہ ، تصور اقبال ولد محمد اعظم ساکن تربیٹھی اور ضلعی صدر اہلسنت و الجماعت مولانا افتخار احمد فاروقی جبری طور پر لا پتہ اور ان کا کوئی سراغ نہ مل سکا ، پولیس ، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش ، کسی بھی قسم کی داد رسی کرنے سے انکاری ، تینوں جبری لا پتہ ہونے والوں کو مسلح اہلکاروں نے زبردستی اپنی گاڑی میں ڈال کر اغواء کر لیا ، علاقہ میں شہری عدم تحفظ اور خوف و ہراس کا شکار ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق جبری طور پر لا پتہ کرنے کی پہلی واردات ماڈل پولیس اسٹیشن اٹک سٹی کے گنجان آباد رہائشی و تجارتی مرکز دارالسلام کالونی نزد جامعہ تفہیمات اسلامیہ کے قریب دن دیہاڑے پیش آئی جہاں اٹک کے معروف ڈاکٹر اور سماجی شخصیت ڈاکٹر انعام اللہ کو بھی پانچ چھ مسلح افراد نے اس وقت اغوا کر لیا جب وہ اپنے کلینک جارہے تھے ، دوسری واردات تھانہ صدر اٹک کے علاقہ مرزا گاؤں میں ریاض ہوٹل پر بیٹھے تصور اقبال ولد محمد اعظم ساکن تربیٹھی کو دن ایک بجے کے قریب 3 سفید رنگ کی کاریں آئیں اور ان میں سے 5/6 مسلح افراد باہر نکلے اور ساتھ بٹھا کر لے گئے رات گئے گھر واپس نہ آنے پر اہل خانہ پریشان ہوئے تو اس کے موبائل پر رابطہ کیا تو نمبر بند مل رہا تھا اس پر اس کے بھائی احسان احمد نے تلاش شروع کی تو مرزا میں ریاض ہوٹل سے پتہ کیا تو اس کے مالک نے بتایا کہ آپ کا بھائی میرے ہوٹل پر بیٹھا تھا کہ اسے وہاں سے مسلح افراد زبردستی اٹھا کر لے گئے ہیں پولیس تھانہ صدر اٹک نے رپٹ درج کر لی ہے ۔تیسری واردات تھانہ پنڈی گھیب کے علاقہ ملہووالی میں ضلعی صدر اہلسنت والجماعت مولانا افتخار احمد فاروقی کی والدہ بیوہ نور محمد نے تھانہ پنڈی گھیب کی چوکی ملہو والی میں تحریری درخواست دی ہے کہ ان کا بیٹا مولانا افتخار احمد فاروقی کسی کام کی غرض سے موٹر سائیکل پر پنڈی گھیب جا رہا تھا اور اس کا بھانجا محمد عثمان ولد محمد فاروق بھی ان کے ہمراہ تھا جب وہ یونین کونسل ملہو والی کے قریب پہنچے تو ان کے موبائل پر فون آ گیا وہ سننے کیلئے رکے تو اسی دوران پنڈی گھیب کی جانب سے سرکاری گاڑیاں آ کر رکیں اور ان کے ساتھ ایک پرائیویٹ کار بھی تھی جنہوں نے مولانا افتخار احمد فاروقی کو مخاطب ہو کر کہا کہ مولانا موٹر سائیکل سے اتریں جب وہ موٹر سائیکل سے اتریں جب وہ موٹر سائیکل سے اترے تو ان کو اپنی گاڑی میں بٹھا لیا اور گاڑیاں پنڈی گھیب کی طرف روانہ ہو گئیں ان کے بیٹے افتخار احمد فاروقی پر کوئی مقدمہ نہیں اور نہ ہی کسی منفی سرگرمیوں میں ملوث ہے میرے بیٹے کو بازیاب کرایا جائے 48 گھنٹوں میں دن دیہاڑے 3 افراد کی مسلح افراد کے ہاتھوں اغوا کی خبر سے شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھنے لگا ہے اور عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے ۔ 

اٹک سٹی:بغیر کسی الزام کے ماورائے عدالت اغوا کرنا انسانی حقوق کی بد ترین پامالی ہے؛ آمنہ مسعود جنجوعہ
چیئر پرسن آمنہ مسعود جنجوعہ نے کہا ہے کہ ایم بی بی ایس ڈاکٹر چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر انعام اللہ ڈیفنس ہیومن رائٹس اٹک کے نائب صدر سماجی شخصیت اور انسانیت کی خدمت کے لئے دن رات ایک کر کے کام کر ہے تھے ،انہیں یوں بغیر کسی الزام کے ماورائے عدالت اغوا کرنا انسانی حقوق کی بد ترین پامالی ،انسانی حقوق اور انصاف کو اغوا کرنے کے مترادف ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اٹک میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو میں کیا ہے ،انہوں نے بتایا کہ حکومتی اداروں وزرا اور انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والے اداروں کو اس حوالے سے صورتحال سے آگاہ کیا ہے جس پر رپورٹس طلب کر لی گئیں ہیں اور انکوائری کمیشن تشکیل دیا گیا ہے آمنہ مسعود نے مزید بتایا کہ کمیشن کی تشکیل اچھا قدم ہے مگر ایک ماہ میں جے آئی ٹی کی تشکیل ہو گی تو پھر انصاف کب ملے گا اس لئے حکومت کو اس پر فی الفور انکوائری کرا کر انسانی خدمت انجام دینے والے محب وطن ڈاکٹر انعام اللہ کو بازیاب کرائے ۔ 

اٹک سٹی:کسی پر تنقید کرنا میرا مزاج نہیں ہے‘ حقائق بیان کرکے حکمرانوں کی اصلاح کی کوشش کرتا ہوں ؛ شیخ آفتاب احمد
مرکزی رہنما مسلم لیگ ( ن ) سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ کسی پر تنقید کرنا میرا مزاج نہیں ہے میں حقائق بیان کرکے اس ملک کی غریب عوام کی ترجمانی کا حق ادا کرنے کے ساتھ حکمرانوں کی اصلاح کی کوشش کرتا ہوں ،اس وقت ملک سنگین معاشی بحران کا شکار ہے لیکن انتہائی افسوس کی بات ہے کہ حکمرانوں کو اس سے زیادہ فکر اس بات کی ہے کہ کسی طرح شریف خاندان اور زرداری خاندان کو پابند سلاسل کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ضلعی صدر مسلم لیگ ( ن ) محمد سلیم شہزاد ، ضلعی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر میاں راشد مشتاق ، سٹی صدر شیخ محمود الہٰی بھی موجود تھے شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ جمہوریت ہی اس ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے ضروری ہے لیکن شرط یہ ہے کہ وہ ملاوٹ شدہ نہ ہو آج ملاوٹ شدہ جمہوریت کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے بجلی ، گیس ، کھاد سمیت ہر چیز کے نرخ اتنے زیادہ ہو چکے ہیں کہ لوگوں میں قوت خرید ہی نہیں رہی پہلے محمد نواز شریف کو ایٹمی دھماکہ کرنے کی سزا دی اور اب سی پیک کے منصوبہ کا آغاز کرنے پر سزا دی جا رہی ہے حالانکہ یہ منصوبہ اس خطے میں معاشی انقلاب کی ضمانت ہے ملک زبانی جمع خرچ سے نہیں چلتے اس کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے جبکہ وزراء کی غیر سنجیدگی کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ جس ملک میں عوام تیزی سے بڑھتی مہنگائی کے ہاتھوں رو رہے ہوں وہاں وزراء بیان دیں کہ جلد ہی پان والے بھی ٹیکس دینے کے قابل ہوں گے ایسے بیان لوگوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے بڑھتی مہنگائی پر حکومت کا کوئی کنٹرول نہیں اور نہ ہی کوئی ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں تو ایسے حالات میں عوام کو جھوٹی تسلیاں دینا قابل افسوس ہے حکومت عوامی مسائل کے حل عملی اقدامات کرے اور اپنا ٹارگٹ درست سمت میں متعین کرے حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے ملک روز بروز پیچھے کی طرف جا رہا ہے اگر حکمرانوں نے عوامی مفاد فلاح و بہبود اور غریب عوام کو دو وقت کی روٹی مہیا کرنے ، بے روزگاری اور مہنگائی کنٹرول کرنے کی پالیسی نہ بنائی اور عوام کو ریلیف نہ دیا تو عوامی سمندر اس حکومت کو اس کی نااہلی کے سبب خس و خاش کی طرح بہا کر لے جائے گا ۔ 

اٹک سٹی:اپنے مطالبات کے حق میں نابینا افراد کا دوسرے روز بھی احتجاج جاری ، ریسکیو 15 آفس کے سامنے دھرنا 
اپنے مطالبات کے حق میں نابینا افراد کا دوسرے روز بھی احتجاج جاری ، ریسکیو 15 آفس اٹک کے سامنے دھرنا ، ہر قسم کی ٹریفک کیلئے روڈ بلاک ، نابینا افراد اور شہریوں میں ہاتھا پائی ، پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود ، مظاہرین کا مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان ، ڈپٹی کمشنرعشرت اللہ خان نیازی نے احتجاج کو بلاجواز اور غیر قانونی قرار دے دیا ۔ تفصیلات کے مطابق نابینا افراد نے محکمہ ہیلتھ میں نابینا افراد کو 3 سیٹوں میں سے 2 پر بھرتی کا مطالبہ کر رکھا ہے جس پر فوکل پرسن خصوصی افراد محمد نیا ز کی قیادت میں جاری احتجاج کے دوسرے روز ریسکیو 15 کے دفتر کے سامنے دھرنا دیئے ہوئے ہیں احتجاج کے باعث اٹک سے ملک کے مختلف علاقوں میں جانے والی ٹریفک مکمل طور پر بندکردی گئی ہے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کو جانے والا راستہ بند ہونے کے سبب مریضوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس بناء پر شہریوں کی نابینا افراد سے ہاتھا پائی بھی ہوئی جبکہ مظاہرین ضلعی انتظامیہ اور ضلعی حکومت کے خلاف نعرہ بازی بھی کرتے رہے ، سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر طالب حسین نے کہا کہ ہمیں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نابینا افراد کے ساتھ مذاکرات کیلئے بھیجا گیا ہے سپریم کورٹ کی ایس او پی کے مطابق مظاہرین کے مطالبات کو دیکھا جائے گا ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ خان نیاز ی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نابینا افراد کا احتجاج بلا جواز اور غیر قانونی ہے ہمارے پاس محکمہ ہیلتھ میں مخصوص افراد کی بھرتی کیلئے 3 سیٹوں پر 100 سے زائد درخواستیں آ چکیں ہیں سی او ہیلتھ اور اے ڈی سی جی کی نگرانی میں کمیٹی سفارشات مرتب کرے گی جس کے بعد فیصلہ کیاجائے گا کہ ان سیٹوں پر بھرتی کیلئے کون حقدار ہے ۔ 

اٹک سٹی:حکومت پنجاب کی ہدایت کی روشنی میں محکمہ خوراک ضلع اٹک نے گندم خریداری سکیم کا اعلان کر دیا 
حکومت پنجاب کی ہدایت کی روشنی میں محکمہ خوراک ضلع اٹک نے گندم خریداری سکیم کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق امسال گندم کی قیمت ایک ہزار 300 روپے فی من مقر ر کی گئی ہے اور ڈیلیوری چارجز بھی دئیے جائیں گے ،ضلع اٹک کیلئے اس سال گندم کا ٹارگٹ 2193 میٹرک ٹن ہے جس میں اٹک کیلئے 206 میٹر ک ٹن ، فقیر آباد 8 ، حسن ابدال 183 ، فتح جنگ 1047 ، پنڈی گھیب 60 اور کھنڈہ 689 میٹرک ٹن شامل ہیں ۔ضلع اٹک میں خریداری گندم کیلئے 6 مراکز قائم کیے گئے ہیں جن پر خریداری کیلئے درخواستیں 17 اپریل تک صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک جمع کروائی جا سکتی ہیں ،زمینداروں کی سہولت کیلئے مرکز خرید پر گرد اوری لسٹ اور باقی تمام سہولتیں میسر کر دی گئی ہیں کاشتکاروں کی شکایت کے فوری ازالہ کیلئے ضلعی سطح پر کمیٹی قائم کر دی گئی ہے مزید معلومات کیلئے 0579316182 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔ 

اٹک سٹی:جشن بہاراں فیسٹیول 2019ء کی رنگا رنگ تقریبات کے سلسلہ میں باڈی بلڈنگ مقابلوں کا انعقاد 
جشن بہاراں فیسٹیول 2019ء کی رنگا رنگ تقریبات کے سلسلہ میں باڈی بلڈنگ مقابلے نیو سپورٹس کمپلیکس جیل روڈمنعقد ہوئے جس میں ضلع اٹک کی تمام تحصیلوں سے باڈی بلڈرز نے بھر پور شرکت کی جب کہ اس پوررونق تقریب کے مہمان خصوصی پی ٹی آئی این اے 55 کے رکن قومی اسمبلی تحریک انصاف میجر طاہر صادق کے فرزندارجمندسابق ایم این اے محمد زین الہٰی تھے ،ان کے ہمراہ میجرلورزفورس کے سرپرست اعلیٰ حاجی محمد اکرم خان ، چےئرمین میجرلورزفورس شیخ تنویر ، ایڈمن سوشل میڈیا آفتاب احمد قریشی ، جنرل سیکرٹری میجرلورزفورس طاہرمحمود مودی ، ضلعی رہنما میجرلورزفورس عبدالوہاب خان ، تنویر خٹک ، اختر محمود ، خالد جمیل بجلی ، خالد محمود ، فوٹو گرافر میجرلورزفورس جواد احمد کیانی بھی ہمراہ تھے ۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد زین الہٰی نے کہا کہ صحت مند اناں سرگرمیاں ایک اچھے معاشرہ کی عکاسی کرتی ہے ،میجر طاہرصادق کے سابقہ دور حکومت میں کھیلوں اور کھلاڑیوں کو جوسہولیات میسر آئیں ضلع اٹک کی 50 سالہ تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی تقریب کے مہمان عزیز سرپرست اعلیٰ میجرلورزفورس حاجی محمد اکرم خان نے جشن بہاراں فیسٹیول باڈی بلڈنگ مقابلے شاندار انداز میں منعقد کروانے پر مسٹر پاکستان عاصم بٹ کی شاندار الفاظ میں تعریف کی اور کھیلوں اور کھلاڑیوں کیلئے تمام تر سہولیات اور ہمدردیاں و تعاون کا مکمل یقین دلایا ۔ 

ضلع اٹک:بریڈنگ سیزن کے دوران ضلع اٹک کی تمام تحصیلوں میں ہر قسم کے شکار پرمکمل پابندی ہے ؛ منظوراحمد
بریڈنگ سیزن کے دوران ضلع اٹک کی تمام تحصیلوں میں ہر قسم کے شکار پرمکمل پابندی ہے ،بٹیر کا شکار 15اپریل سے 15اگست تک مکمل بند ہے ،ڈسٹرکٹ وائلڈ لائف آفیسر منظور احمد،بٹیر کے شکار کے سیزن کے دوران لائسنس کے حامل شکاری زندہ بلاراسے شکار کر سکتے ہیں ،ٹیپ ریکارڈ یا کسی اور ڈیوائس سے بلارہ لگانا ممنوع ہے اور یہ غیر قانونی ہے ایسے طریقوں سے پرندوں کو دھوکہ دے کر شکار کرنے والوں سے کسی قسم کی رعائت نہیں برتی جائے گی ۔بلاراکا لائسنس حاصل کرنے والے شکاریوں کو متنبع کیا جاتا ہے کہ وہ صرف زندہ بلارہ سے ہی شکار کا شوق پورا کر سکتے ہیں ،غیر قانونی طریقوں سے شکار کرنے والے شکاریوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور انکا غیر قانونی سامان ضبط کر لیا جائے گا ،ڈسٹرکٹ وائلڈ لائف آفیسر نے بتایا کہ 2019میں گزشتہ تین ماہ کے دوران غیر قانونی شکار کرنے والے شکاریوں کو تین لاکھ سے زائد جرمانہ کیا جا چکا ہے۔

اٹک سٹی:ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا
ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی نے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں مختلف اشیاء خوردو نوش کی قیمتوں کا تعین کیا گیا ۔ اجلاس میں ایم پی اے سید یاور عباس بخاری،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)اٹک شاہد عمران مارتھ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر( جنرل) چوہدری عبد الماجد،ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز ، انجمن تاجران کے صدور اور ممبران نے شر کت کی۔ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے ڈی سی اٹک نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی اور عوامی مفاد میں اشیاء خوردو نوش کی قیمتوں میں استحکام ضروری ہے اور اس کے لیے اعلیٰ سطع پر اقدامات کیے جارہے ہیں۔انہوں نے شر کاء سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ مرکزی اور تمام تحصیل پرا ئس کمیٹیاں انتظامیہ کے ساتھ مل کر قیمتوں میں استحکا م کے لیے اقدامات کر یں۔انہوں نے ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنر ز اور پر ائس مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تحصیلوں کے ہنگامی دورے کریں اور قیمتیں کنٹرول کر نے کے لیے خصوصی اقدامات کر یں۔ 

اٹک سٹی:ضلعی ہیلتھ کونسل اٹک کا اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا
ضلعی ہیلتھ کونسل اٹک کا اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر اٹک عشر ت اللہ خان نیازی نے کی۔ اجلاس میں ایم پی اے اور چےئر مین پی اے سی سید یاور عباس بخاری ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)اٹک شاہد عمران مارتھ، یڈیشنل ڈپٹی کمشنر( جنرل) چوہدری عبد الماجد، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سہیل اعجاز کے علاوہ ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ صحت کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع بھر میں جاری صحت کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ محکمہ صحت کے افسران نے ڈپٹی کمشنر اٹک کو محکمے کے متعلق بر یفنگ دی۔ ڈی سی اٹک نے اس موقع پر کہا کہ صوبائی حکومت ضلع اٹک کو صحت کے شعبہ میں ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔اس کے علاوہ ضلع بھر کے ٹی ایچ کیوز اور مراکزصحت میں ڈاکٹرز کی کمی اور دیگر ضروریات کو پو را کر نے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسفندیا ر بخاری ڈسٹرکٹ ہسپتال اٹک میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی کمی کو بھی ہنگامی بنیادوں پر پورا کیا جا رہا ہے۔ ڈی سی نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ڈی ایچ کیو اور ضلع بھر کے ٹی ایچ کیوز اور مراکزصحت میںآنے والے مر یضوں کا خاص خیال رکھیں اور انہیں ہر ممکن طبی سہولت فراہم کی جائے۔ 

اٹک سٹی:ریونیو سے متعلق ایک اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا،ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی نے اجلاس کی 
ریونیو سے متعلق ایک اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا،ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی نے اجلاس کی ۔ صدارت کی۔اجلاس میں ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز اور ریونیو افسران نے شر کت کی،اجلاس میں ضلع بھر کے ریونیو معاملا ت کا جائزہ لیا گیا ۔ڈی سی اٹک نے اس موقع پر خطاب کر تے ہوئے کہا کہ محکمہ ریونیو کی یہ اہم ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو زیادہ سے سہولیات مہیا کرے اور اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات کر ے۔انہوں نے کہا کہ وہ ضلع بھر کے اراضی ریکارڈ سنٹرز کا دورہ کر رہے اور وہاں پر جاکر عوامی مسائل سن رہے ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ان سنٹرز پر آنے والے افراد کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور انہیں کسی بھی قسم کی شکایت کا مو قع نہ دیا جائے۔انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اراضی ریکارڈ سنٹرز کا دورہ کر یں اور اس سلسلے میں رپورٹ ڈی سی آفس ارسال کر یں ۔ 

اٹک سٹی:ڈسٹرکٹ ہسپتال کو دو ڈائلیسز مشینیں اور ایک ڈینٹل مشین حکومت پنجاب کی طرف سے حوالے کر دی گئیں 
ڈسٹرکٹ ہسپتال کو دو ڈائلیسز مشینیں اور ایک ڈینٹل مشین حکومت پنجاب کی طرف سے حوالے کر دی گئیں ،اس سلسلے میں باقاعدہ تقریب اسفند یار بخاری ڈسٹرکٹ ہسپتال اٹک میں ہوئی ممبر صوبائی اسمبلی اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ٹو کے چےئر مین یاور بخار ی اور ڈپٹی کمشنر عشر ت اللہ خان نیازی نے مشینیں ایم ایس ڈاکٹر کاشف حسین کے حوالے کیں اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سہیل اعجاز اعوان ،ڈاکٹر آصف نیازی اور دیگر افسران نے شرکت کی ممبر صوبائی اسمبلی اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ٹو کے چےئر مین یاور بخار ی اور ڈپٹی کمشنر عشر ت اللہ خان نیازی نے اس موقع پر کہا کہ ان مشینوں کی وجہ سے طبی سہولیا ت کی فراہمی میں مزید مدد ملے گی، ڈسٹرکٹ ہسپتال کی انتظامیہ نے ممبر صوبائی اسمبلی یاور بخاری کا شکر یہ ادا کیا جن کی کاوشوں کی وجہ سے ان مشینوں کا حصول ممکن ہوا۔ 

اٹک سٹی:جماعت اسلامی کے زیر اہتمام مہنگائی ، ظالمانہ ٹیکسوں اور معاشی پالیسیوں کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی، 
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی ہدایت پرجماعت اسلامی زون پی پی 1کے زیر اہتمام مہنگائی ، ظالمانہ ٹیکسوں اور ابتر معاشی پالیسیوں کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت ضلعی امیر سردار امجد علی خان،امیر زون خالد محمود،سابق امیدوار صوبائی اسمبلی محمد اقبال ملک،ممبر میونسپل کمیٹی شہاب رفیق ملک نے کی، ریلی کا آغاز جامع مسجد دارالسلام سے ہوا، ریلی مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی کامرہ روڈ پہنچی جہاں جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا، ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے، شرکاء نے تمام راستے حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی، شرکاء نے عمران خان کو مہنگائی خان اور ظالم خان قرار دے دیا، ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر سردار امجد علی خان،محمد اقبال ملک،شہاب رفیق ملک نے کہا کہ حکومت نے اپنے اقتدار کے 7ماہ کے اندر ہی عوام کی چیخیں نکلوا کر رکھ دی ہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7ماہ کے اندر تین دفعہ اضافہ کیا گیا، تبدیلی سرکار نے غریب سے جینے کا حق چھین لیا گیا ہے، پاکستان کے غریب عوام کی تقدیر کا فیصلہ آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے، عمران خان نے کشکول پکڑ کر اپنے دعووں کی نفی کی ہے اب ہم انتظار کریں گے کہ وزیراعظم کب خودکشی کرتے ہیں، غریب، کم تنخواہ دار، دیہاڑی دار اور کم آمدنی والا طبقہ مہنگائی کی چکی میں پس کر رہ گیا ہے، ملک میں حقیقی تبدیلی جماعت اسلامی لا سکتی ہے، جس جماعت کا لیڈر کرپٹ ہو اس کی ساری کابینہ لیڈر کے نقش قدم پر چلتی ہے، حکومت کو فوری طور پر ظالمانہ اور عوام دشمن پالیسیوں کو ترک کر کے عوام کو ریلیف دینا ہوگا، اس وقت ملک میں جعلی اور نام نہاد حکمران کسی کے ایجنڈے کی تکمیل پر عمل پیرا ہیں، حکومت نے اگر روش نہ بدلی تو احتجاج کا دائرہ یوسی سطح سے ہوتا ہوا گلی محلے تک پھیل جائے گا، اور کسی بھی خرابی کی ذمہ داری حکومت پر ہو گی، ریلی میں جماعت اسلامی کے کارکنان، طلباء اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ 

گاؤں برہ زئی:مساجد کی تعمیر پر رب کی خوشنودی حاصل ہوتی ہے ؛صوفی محمد نواز
حضرو شہر کے نواحی گاؤں برہ زئی میں جامع مسجد اہل بیعت اطہار کے سنگ بنیاد کی تقریب منعقد ہو ئی ،امریکہ سے آئے ہوئے برہ زئی گاؤں کے معروف بزرگ رہنماء صوفی محمد نواز اور انکے فرزندان حافظ محمد ارشد خان ،حافظ محمد اسد خان ،عظمت خان USAکی ذاتی کاوشوں سے جامع مسجد اہل بیعت اطہار کی تعمیر کا کام شروع کردیا گیا ،اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کا آغاز حافظ محمد ارشد خان نے تلاوت کلام پاک سے کیا ،نعت رسول مقبول ؐ معروف نعت خوان مولانا راشد محمود سیالوی ،مولاناراشد الخیری نے پیش کی،تقریب میں خصوصی شرکت سید فدا حسین الدو شریف کے صاحبزادے سید عطا حسین شاہ نے کی ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوفی محمد نواز نے کہا کہ میں محب اہل بیعت ہوں ،کچھ عرصہ قبل مجھے خواب میں مسجد کی تعمیر کا اشارہ ہوا تھا جسکی تعبیر کو حقیقت کا روپ بدلنے کیلئے میں نے اپنی مدد آپکے تحت مسجد کی تعمیر کا ارادہ کیا اور مسجد کا نام بھی جامع مسجد اہل بیعت اطہار رکھا ،میں سب پر یہ واضع کردینا چاہتا ہوں کہ میں محض رب کی رضا کیلئے مسجد تعمیر کررہا ہوں اور اس مسجد کا تعلق کسی بھی گروہ سے نہیں ہو گا بلکہ محب اہل بیعت کا صدقہ مسجد رب کی رضا کیلئے تعمیر کی جائے گی اور اس میں رب تعالیٰ کا قرآن پڑھایا جائیگا ،انہوں نے مزید کہا کہ جو شخص بھی مسجد کی تعمیر محض اللہ کی رضا کیلئے کرتا ہے ‘اللہ اسے جنت میں گھر عطا فرماتے ہیں ،تقریب سے مولانا خالد محمود نے بھی خطاب کیا ،اس موقع پر مقامی علماء اکرام جن میں مولانا عنصر رضوی ،مولانا نواز خان،مولانا راشد الخیری ،سابق امیدوار ناظم آفتاب احمد خان ،حافظ محمد حفیظ میر ،منیجر UBLنثار احمد اور کثیر تعداد میں اہلیان برہ زئی نے شرکت کی،آخر میں مہمانوں کیلئے لنگر کا وسیع اہتما م بھی کیا گیا تھا ۔

اٹک سٹی :چیئر پرسن ضلع کونسل اٹک محترمہ ایمان طاہر نے اٹک شہر کے نواحی گاؤں اڑانگ کا دورہ کیا 
چیئر پرسن ضلع کونسل اٹک محترمہ ایمان طاہر نے اٹک کے نواحی گاؤں اڑانگ کا دورہ کیا جہاں تین روز قبل کچے مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے چار بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق ہو گئے تھے انہوں نے غم زدہ خاندان سے دلی ہمدردی کر تے ہوئے کہا کہ یہ سانحہ بہت بڑا دکھ اور کرب دے کر گیا ہے اس پر ہم صبر ہی کر سکتے ہیں اللہ کی منشاء اور رضا قبول کرنی پڑتی ہے انہوں نے گھر کے سربراہ شہزادہ خان عرف بابا شادا اور خاندان کی دیگر خواتین سے مرحومین کی بخشش کے لیے فاتحہ خوانی کی اوراپنے دلی دکھ رنج اور غم کا اظہار کیا اس موقع پر ملک محمد عارف بھی موجود تھے ۔ 

اٹک سٹی:تعلیم کاروبار نہیں بلکہ خدمت اور عبادت ہے ،اسلام نے تعلیم حاصل کرنے پر سب سے زیادہ زور دیا ؛ہادیہ وسیم
تعلیم کاروبار نہیں بلکہ خدمت اور عبادت ہے ،اسلام نے تعلیم حاصل کرنے پر سب سے زیادہ زور دیا ، تعلیم سے دوری کے سبب مسلمان ترقی کی منازل سے دور ہیں ان خیالات کا اظہار پرنسپل دی لرننگ کیسٹل ڈے کیئر اینڈ مونٹیسوری سکول ہادیہ وسیم نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے بتایا کہ ان کا ادارہ اٹک میں پہلا اور واحد ادارہ ہے جہاں 3 ماہ سے اڑھائی سال تک کے بچوں کی مناسب دیکھ بھال کی جاتی ہے ملازم پیشہ خواتین اعتماد کے ساتھ اپنے بچوں کو ان کے ادارہ کے سپرد کر جاتی ہیں جبکہ ان کے ادارہ میں ماہر اور مستند ڈگری ہولڈر اساتذہ موجود ہیں جو بچوں کو عالمی معیار تعلیم کے مطابق سلیبس جو وہ امریکہ کے سب سے بڑے تعلیمی ادارہ سے حاصل کر کے اسے اپنے علاقائی رنگ میں ڈھالنے کے بعد بچوں کو تعلیم و تربیت دی جاتی ہے ان کے ادارہ میں بچوں کی تعلیم کے ساتھ کردار سازی کو بھی مد نظر رکھا جاتا ہے ان کے سکول میں تعلیم کو کاروبار کی بجائے عبادت سمجھا جاتا ہے اسی وجہ سے بعض غریب اور نادار بچوں سے نہ ہونے کے برابر فیس لی جاتی ہے تاکہ کوئی بچہ اپنی غربت کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہ سکے ان کے ادارہ میں تعداد کی بجائے معیار پر توجہ دی جاتی ہے اور سال میں 2 مرتبہ تقاریر مرتب کی جاتی ہیں جس میں بچوں سے کوئی اضافی رقم وصول نہیں کی جاتی غریب بچوں کے والدین سے 70 فیصد تک رعایت کی جاتی ہے بعض بچے صبح ساڑھے 7 سے شام 6 بجے کے بعد تک سکول میں رہتے ہیں جن کے کھانے پینے ، سونے جاگنے اور ہر طرح کی نگہداشت کا خصوصی خیال رکھا جاتا ہے سکول کے آغاز میں ہی سی سی ٹی وی کیمرے لگا دیئے گئے تھے تاکہ بچوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے حکومت کی جانب سے بعد میں ایس او پی آیا ا ن کا ادارہ راولپنڈی ڈویژن اور اسلام آباد کے بہترین اداروں میں سے ایک ہے جس کی شاخیں جلد ہی دیگر شہروں میں کھولی جائیں گی تاکہ تعلیم کا فروغ بہتر طریقہ سے ہو سکے ۔ 

اٹک سٹی:ٹی بی قابل علاج مرض ہے ‘جہاں حکومت کام نہیں کر سکتی وہاں فلاحی ادارے کام کرتے ہیں ؛ محمد اکرم مرزا
ٹی بی قابل علاج مرض ہے ‘جہاں حکومت کام نہیں کر سکتی وہاں فلاحی ادارے کام کرتے ہیں ،فلاحی ادارے حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں سوشل ویلفیئر ، این جی اوز کے لیے ایک ورکشاپ کا انعقاد کر رہا ہے تاکہ ان کو فنڈنگ کے طریقے بتائے جائیں اچھے کام کے لیے دن رات ایک کرنا پڑتا ہے۔ فلاحی کام کرنا بہت مشکل کام ہے فلاحی ادارے اپنے محدود وسائل سے کام کر رہے ہیں ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد اکرم مرزا نے ایم سی ہائی سکول میں ٹی بی ڈے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر جبران اشرف بٹ ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر ، سعدیہ تقی نے بھی خطاب کیا اس موقع پر ضلعی صدر ٹی بی ایسوسی ایشن ڈاکٹر محمد تقی ، ضلعی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر امانت خان ، پرنسپل ایم سی ہائی سکول محمد عارف ، نائب صدر ٹی بی ایسوسی ایشن راولپنڈی ڈویژن ملک محمد بشیر آف کوا ، عثمان تقی ، محمد شان ، سید سجاد شاہ بھی موجود تھے ڈاکٹر جبران اشرف بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی بی کی تشخیص کے لیے اب سید اسفند یار بخاری ڈسٹرکٹ ہسپتال میں جدید مشینری نصب ہو چکی ہے جو پندرہ ہزار کا ٹیسٹ فری میں کر کے دیتی ہے تقریب کے اختتام پر واک کا اہتمام کیا گیا تقریب کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ٹی بی سے آگاہی کے بارے میں تحریریں درج تھیں ۔ 

اٹک سٹی: کامسیٹس کو دیکھ کر خوشی محسوس ہوتی ہے ،ان کا لگایا ہوا ایک پودا اب تناآور درخت بن گیا ہے ؛ میجر طاہر صادق
رکن قومی اسمبلی میجر طاہر صادق نے کہا ہے کہ اٹک کی 115 سالہ تاریخ میں اس کی تعلیمی پسماندگی پر علاقہ سے سر کے خطاب یافتہ اور کھڑپینچوں ، وزراء سمیت مختلف ممبران اسمبلی نے توجہ نہیں دی تاہم انہوں نے اپنے مختصر دور نظامت میں 2 یونیورسٹیوں جن میں کامسیٹس اور ایجوکیشن یونیورسٹی شامل ہے کہ علاوہ 500 سے زائد تعلیمی اداروں کو اپ گریڈ کیا ، کامسیٹس یونیورسٹی کا قیام مختلف اداروں کے دفاتر کو خالی کرا کر چھوٹی سی بلڈنگ میں کیا گیا اور بعدازاں 300 کنال اراضی جس کی مارکیٹ ویلیو 3 ارب روپے سے زائد ہے یونیورسٹی کو ان شرائط پر دی کہ اٹک سے تعلق رکھنے والے طلباء طالبات کو رعائت دی جائے گی ان کے دور نظامت میں نصف اخراجات یونیورسٹی اور نصف ضلعی حکومت برداشت کرتی تھی تاہم بعدازاں اٹک کے شہریوں سے یہ سہولت چھین لی گئی آج 15 سال گزرنے کے بعد یونیورسٹی کامیابی کی جو منازل طے کر رہی ہے اسے دیکھ کر خوشی محسوس ہوتی ہے کیونکہ ان کا لگایا ہوا ایک پودا ہے جو اب تناآور درخت کی شکل اختیار کر گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد اٹک کیمپس کے 122 ویں کانوکیشن کے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ریکٹر کامسیٹس پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر ( تمغہ امتیاز ) اور ڈائریکٹر کامسیٹس اٹک ڈاکٹر محمد عبدالرحمان خان نے خطاب کیا مہمان خصوصی اور یونیورسٹی کے دیگر اعلیٰ حکام نے 742 فارغ التحصیل طلباء و طالبات میں میڈلز اور اسناد تقسیم کیں جن کا تعلق منیجمنٹ سائنسز،کمپیوٹر سائنسز،الیکٹریکل انجینئرنگ اور ریاضی کے شعبہ جات سے تھا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی میجر طاہر صادق نے اعلیٰ تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملکی ترقی میں تحقیق کے کردار کو اجاگرکیا جائے آئندہ بھی علاقہ میں تعلیم ، صحت اور زندگی کی بنیادی ضروریات کی فراہمی ان کی ترجیحات میں شامل ہے انہوں نے اپنے دور نظامت میں پاکستان بھر میں سب سے زیادہ 30 ہزار سے زائد افراد کو ملازمتیں فراہم کر کے انہیں باعزت روزگار فراہم کیا جو آج بھی مختلف محکموں میں اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں علاقہ میں تعلیم کے مزید فروغ کیلئے وہ اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ نہ صرف اٹک کے طلبہ و طالبات کیلئے دی گئی رعائت ختم کی گئی بلکہ حکومت کے بعض فیصلوں کے سبب ملک بھر سے اٹک کیمپس میں زیر تعلیم انتہائی غریب گھروں اور محنت کشوں کے بچے طلبہ و طالبات جو وظائف کے بل بوتے پر تعلیم حاصل کر رہے تھے ان کے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے راستے بند کر دیئے گئے ہیں وہ ملک بھر کے ان طلبہ و طالبات سمیت اٹک کے طلبہ و طالبات کے کوٹے کی بحالی کیلئے بھی ہر سطح پر آواز بلند کریں گے کیونکہ تعلیم ہی دنیا میں ترقی کی ضامن بن چکی ہے انہوں نے یونیورسٹی کے اعلیٰ میعار اور یہاں سے دی جانے والی تعلیم جس کی بدولت یہاں کے طلبہ و طالبات نہ صرف وطن عزیز بلکہ دنیا بھر میں اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں جو اس ادارے کی محنت کا نتیجہ ہے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریکٹر کامسیٹس پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر(تمغہ امتیاز) نے رکن قومی اسمبلی میجر طاہر صادق کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے اٹک جیسے پسماندہ علاقہ میں کامسیٹس یونیورسٹی کا نہ صرف قیام عمل میں لانے کیلئے سرکاری بلڈنگ فراہم کی بلکہ بعدازاں 300 کنال قیمتی اراضی جس پر آج یونیورسٹی قائم ہے دلائی جس کے سبب اٹک کیمپس میں نہ صرف اٹک بلکہ پاکستان بھر سے طلبہ و طالبات داخلہ کیلئے آتے ہیں اور 742 طلبہ و طالبات کا فارغ التحصیل ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے انہوں نے کامیاب ہونے والے طلباء و طالبات کیلئے نیک تمناوءں کا اظہار کیا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر کامسیٹس اٹک ڈاکٹر محمد عبدالرحمان خان نے کیمپس رپورٹ پیش کی اور کیمپس کی کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کیا اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کامسیٹس یونیورسٹی ریسرچ اور کمپیوٹر سائنس میں پاکستان میں پہلے نمبر پر اور اسے انسٹی ٹیوٹ سے یونیورسٹی کا درجہ دے دیا گیا ہے اور یہ اس وقت ایشیاء کی ٹاپ یونیورسٹیوں میں 190 نمبر پر ہے ہائیر ایجوکیشن کمیشن گرانٹس کی ریٹنگ میں بھی کامسیٹس یونیورسٹی پہلے نمبر پر ہے اٹک کیمپس کا یہ 19 واں کانوکیشن ہے جلد ہی اٹک کیمپس میں پی ایچ ڈی سمیت دیگر اعلیٰ مضامین شروع کیے جائیں گے اور ہم پی ایچ ڈی کی کلاسز شروع کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں جس کیلئے جلد ہی ایچ ای سی سے اجازت لی جائے گی اور اس سلسلہ میں مزید ہوسٹل اور بلڈنگ تعمیر کرنے کی ضرورت ہے اٹک کیمپس میں 90 فیصد طلبہ و طالبات مختلف وظائف کی بنیاد پر اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے تھے جن میں سے بعض کے وظائف بند ہونے کے سبب ان کی تعلیم ادھوری رہنے کا خدشہ ہے 17 پسماندہ اضلاع کے طلبہ و طالبات کیلئے یونیورسٹی کے پروگرام فری تھے تاہم بعض اداروں کے وظائف بند ہونے سے یہ طلبہ و طالبات تعلیم کا سلسلہ جاری نہیں رکھ سکیں گے اٹک کیمپس میں ہر طرح کی سرگرمیوں میں طلبہ و طالبات بھرپور طریقہ سے حصہ لیتے ہیں گزشتہ دنوں T-20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں اٹک کیمپس کی ٹیم نے نمایاں کامیابی حاصل کی اور اٹک کیمپس کا معیار تعلیم علاقہ بھر میں ایک شناخت رکھتا ہے یہاں سے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات عالمی تعلیمی اداروں میں بھی نمایاں پوزیشن حاصل کرتے ہیں اور یہاں کے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات کو دنیا بھر کی یونیورسٹیوں میں فوری داخلہ دیا جاتا ہے یہ بھی ہمارے معیار کی ضمانت ہے۔ 

اٹک سٹی:ضلع بھر میں اٹک پولیس کو فعال کر دیا ہے ‘عوام کیساتھ ہونیوالی زیادتی برادشت نہیں کرینگے؛ شہزاد ندیم بخاری
ڈی پی او اٹک سید شہزاد ندیم بخاری نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں اٹک پولیس کو فعال کر دیا ہے ‘عوام کیساتھ ہونیوالی زیادتی برادشت نہیں کرینگے ،اپنی تعیناتی کے2ماہ کے دوران ضلع اٹک میں جرائم میں نمایاں کمی آئی جو بھی وارداتیں ہوئی ہیں پولیس نے ان کو ٹریس کیا ہے ،محکمہ میں کالی بھیڑوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔اچھی کارکردگی دکھانے والے پولیس افسران انعامات دیئے جائیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب کی خصوصی ہدایت پر بلدیہ حضرو میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پراے ایس پی اظہر خان، ایس ایچ او حضرو حاجی اعظم،ایس ایچ او اٹک خورد صفدر خان،پی آر او طاہر محمود،چوکی انچارج سمیت چیئرمین ،وائس چیئرمین، کونسلران، معززین،چھچھ محافظ کمیٹی ومقامی تنظیموں کے عہدیداران سمیت دیگر موجود تھے ڈی پی او اٹک نے کہا کہ ضلع بھر میں پولیس کے جوان عوام کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں عوام جائز مسائل کے حل کیلئے پولیس کے پاس تشریف لائیں ان کا مسئلہ سن کر اس پر فوری ایکشن ہوگا جرائم پیشہ افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں عوام پولیس کا ساتھ دیں تو آدھے سے زیادہ جرائم خود بخود ختم ہو جائیں گے رات دیر تک خود گشت کر کے ضلع بھر میں امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے کوشاں ہوں پولیس ناکوں پر پولیس کے جوان 24گھنٹے عوام کے تحفظ کیلئے الرٹ کھڑی ہے سود خوروں کے خلاف عوام کے تعاون سے آپریشن جاری رکھیں گے پولیس افسران بھی اپنی کارکردگی بہترکریں میرے ساتھ وہی افسران اور ٹیم کام کر سکتی ہے جس میں عوام کا درد دل میں رکھتا ہوں ڈی پی او اٹک نے کھلی کچہری میں موقع پر عوام کے مسائل سنے اور احکامات جاری کرتے ہوئے جرائم پیشہ افراد نامعلوم ہونے والے قتل کے ملزمان کی جلد گرفتاری بھی پولیس کا ٹارگٹ دیا ڈی پی او اٹک نے کہا کہ جو پولیس افسران عوام کیلئے کام نہیں کرینگے تو وہ میری ٹیم کا حصہ نہیں ہے بلکہ ان کے خلاف محکمانہ کاروائی ہوگی پولیس کی ڈیوٹی ہے کہ معاشرے میں امن وامان کی فضا بر قرار رہے عوام کے ساتھ میرا ذاتی لگاؤ ہے پولیس افسران عوام کے ساتھ اپنا رویہ درست کر لیں اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف گھیرا تنگ کر کے خصوصی سیل بنائے گئے ہیں جن کی مدد سے پوری طرح ہر کیس پر انویسٹی گیشن کر کے ملزمان تک پہنچ کر عوام کا انصاف فراہم کر رہے ہیں عوام پولیس کیساتھ تعاون کریں پولیس عوام کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں علماء کرام،معززین،منتخب نمائندے پولیس کیساتھ مل کر جرائم پیشہ افراد کے خلاف ایک نیک مشن میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ معاشرے سے سود،منشیات،ڈکیتی،قتل وغارت سمیت دیگر جرائم سے عوام کو چھٹکارا مل سکے آخر میں مولانامحمود الحسن توحیدی نے دعا کروائی اور معززین اور شہریوں نے ڈی پی او اٹک کی حضرو میں کھلی کچہری کے قیام پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔ 

شکردرہ(اٹک):گائے کنویں میں گر گئی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کا عملہ موقع پر پہنچ گیا 
گائے کنویں میں گر گئی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کا عملہ موقع پر پہنچ گیا ، تفصیلات کے مطابق اٹک کے نواحی گاؤں شکر درہ کی ڈھوک مولوی محمد میں ایک گائے کھلے کنویں میں جا گری جس پر اہل علاقہ نے فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع کی ، اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور 3 گھنٹے کی مسلسل محنت کے بعد گائے کو بحفاظت گہرے کنویں سے نکال لیا گیا ۔ 

اٹک سٹی:اینٹی کار لیفٹنگ سیل اٹک کی کامیاب کاروائی ، کامرہ سے چوری ہونے والی گاڑی برآمد کر لی 
اینٹی کار لیفٹنگ سیل اٹک کی کامیاب کاروائی ، کامرہ سے چوری ہونے والی گاڑی بھارہ کہو سے برآمد کر کے مالک کے حوالہ کر دی ۔تفصیلات کے مطابق ڈی پی او اٹک سید شہزاد ندیم بخاری کی ہدایت پر ڈی ایس پی سی ائی ائے راجہ فیاض الحق کی سربراہی میں اینٹی کار لیفٹنگ سیل کی ٹیم نے جس میں انچارج اینٹی کار لیفٹنگ سیل اے ایس ائی عامر اقبال ، کانسٹیبل عامر اور ان کی ٹیم نے مقدمہ نمبر396مورخہ 29.12.2018 بجرم 381Aت پ تھانہ حضرو کے علاقہ کامرہ قطبہ سے چوری شدہ گاڑی نمبری LWE/8008از قسم ہنڈا برنگ سیاہ مالیتی 9,50,000روپے اسلام آباد بھارہ کہوہ سے برآمد کر کے اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد مالک مدعی محمد نعیم سکنہ اسلام آباد کو ان کی گاڑی انکے حوالے کر دی اس موقع پر محمد نعیم نے اٹک پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اٹک پولیس کے بے حد مشکور ہیں اور اٹک پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ 

اٹک سٹی:ڈاکٹر عبدالقدیر خان160(اے کیو خان) سکول سسٹم اٹک کیمپس میں تقسیم انعامات کی تقریب کا انعقاد
ڈاکٹر عبدالقدیر خان160(اے کیو خان) سکول سسٹم اٹک کیمپس میں تقسیم انعامات کی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نمبر 2 پنجاب یاور بخاری تھے جبکہ دیگر مہمانان گرامی میں کرنل سلطان محمود خان اور وائس چیئرمین بلدیہ اٹک ملک طاہر اعوان تھے تقریب میں بچوں نے ملی نغموں پرخوبصورت ٹیبلو ، مزاحیہ و علمی خاکے اور مختلف موضوعات پر پرمغز تقاریر پیش کیں 160 مہمانان خصوصی اور تمام ناظرین و سامعین نے بچوں کی کارکردگی کی دل کھول کر داد دی تقریب میں مختلف گریڈز کے بچوں کو تعلیمی سرگرمیوں میں اعلیٰ پوزیشنز حاصل کرنے پر انعامات سے نوازا گیا چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نمبر 2 پنجاب یاور بخاری نے اپنے صدارتی خطاب میں تمام اساتذہ اور سکول انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے سکول کواٹک اور اس کے گردو نواح کے عوام کیلئے ایک بیش قیمت اثاثہ قرار دیا اور یقین دلایا کہ وہ حکومت کے تعلیم کیلئے ترجیحی ایجنڈے کے مطابق اے کیو خان سکول کی تعلیمی کاوشوں کی بھرپور حمایت و مدد جاری رکھیں گے کرنل سلطان محمود خان نے اپنے خطاب میں بچوں کی کارکردگی کو اساتذہ اور سکول انتظامیہ کی انتھک محنت کا نتیجہ قرار دیا وائس چیئرمین بلدیہ ملک طاہر اعوان نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر اے کیو خان سکول سسٹم اٹک کیمپس کے ہونہار طالبعلم اپنے ادارے کے بانی اور محسن پاکستان کی طرح اپنی بہترین کارکردگی سے علاقے اور وطن کا نام بین الاقوامی سطح پر بھی روشن کریں گے پرنسپل مسز الطاف نے اپنے خطاب میں والدین اور شرکاء تقریب کو یقین دلایا کہ اس ادارے میں بچے محفوظ ہاتھوں میں پروان چڑھتے ہیں یہاں بچوں کو دین اور دنیا کے علوم سے بہرہ مند کرنے کے ساتھ ساتھ اچھا اور مفید انسان بننے کی تربیت دی جاتی ہے ۔ 

تحصیل حضرو:گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ہارون کا سالانہ نتیجہ 100% رہا
گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ہارون کا سالانہ نتیجہ 100% رہا ،تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ہارون تحصیل حضرو میں زیر تعلیم جماعت پنچم اور ہشتم کی تمام طالبات کامیاب ہوگی ۔پانچویں جماعت کی طلبہ سلوہ نے 500نمبر وں میں سے437نمبر حاصل کر کے اول پوزیشن حاصل کی ۔ جماعت ہشتم کی طلبہ اسماء نے 500نمبروں میں سے 421حاصل کر کے اول پوزیشن حاصل کی طالبات کے اس کامیابی پر سکول ہیڈ مسز اور استاتذہ کی محنت کا ثمر قرار دیا ۔ طالبات کے والدین نے شاندار رزلٹ ہونے پر ہیڈ مسز کو خراج تحسین پیش کیا ۔ 













                    















No comments:

Post a Comment