Friday, October 12, 2018

News from Hazro City, Chhachh Valley and District Attock, Updated from Hong Kong.

News from Hazro City, Chhachh Valley and District Attock, Updated from Hong Kong by Yasir Amin Hazrovi +852 53 686 786.



اٹک سٹی:کامسیٹس انتطامیہ کیجانب سے سکالرشپ کے تحت تعلیم حاصل کرنیوالے طلباء و طالبات کا کھانا، رہائش اور ٹرانسپورٹ بند کر دیا گیا

کامسیٹس انتطامیہ کی جانب سے سکالرشپ کے تحت تعلیم حاصل کرنے والے سینکڑوں طلباء و طالبات کا کھانا، رہائش اور ٹرانسپورٹ بند کر دیا گیا، طلباء و طالبات حقو ق مانگنے سڑکوں پر آگئے، احتجاجی مظاہرین نے تبدیلی سرکار کے سامنے تعلیم کے حصول کے لئے دست سوال رکھ دیا، امن عامہ کی صورتحال خراب ہونے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ کر طلباء وطالبات کو دھمکانے لگی، ممبر پنجاب اسمبلی سید یاور بخاری نے مطالبات کے حل کی یقین دہانی کرادی ، تفصیلات کے مطابق ملک کے دیگر شہروں سے حصول علم کے لئے آنے والے سینکڑوں طلباء و طالبات جو کامسیٹس یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے یہ کہہ کر فارغ کر دیا گیا کہ ویلفیئر بورڈ کی جانب سے فنڈ بند کردیا گیا ہے، یونیورسٹی آپکا بوجھ برداشت نہیں کر سکتی، جس سینکڑوں طلباء و طالبات نے ویلفیئر بورڈ اور یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف کامرہ اٹک روڈ پر احتجاج شرو ع کردیا، طلباء و طالبات اپنے حقوق کے لئے نعرہ بازہ کرتے رہے، احتجاج مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، امن عامہ کی صورتحال خراب ہوتے دیکھ کر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور طلبا ء و طالبات کو منتشر کرنے کے لئے ڈرانا اور دھمکانا شروع کر دیا جس پر احتجاجی مظاہرین اور مشتعل ہوگئے اور اپنے حقو ق کا مطالبہ کرنے لگے۔ طلباء و طالبات نے بتایا کہ ویلفئیر بورڈ کے تحت ہونے والے معاہدہ میں تمام اخراجات یونیورسٹی نے برداشت کرنے ہیں,معاہدہ مفت تعلیم دینے کا ہوا اب پیسے مانگے جارہے ہیں ۔طلبا ء و طالبات کا یہ بھی کہنا تھا کہ دو سالوں سے ہماری ڈگریاں یونیورسٹی انتظامیہ نہیں دے رہی اس سے فارغ طلبا و طالبات کا مستقبل تباہ ہونے کا خطرہ ہے ، ممبر پنجاب اسمبلی سید یاور بخاری کو ساری صورتحال سے آگاہ کیا گیاموقع پر پہنچے اوریونیورسٹی انتظامیہ کو اسسٹنٹ کمشنر آفس میں طلب کر لیا، اس موقع پر طلباء و طالبات کے نمائندے بھی موجود تھے، ممبر پنجاب اسمبلی سید یاور بخاری نے مذاکرات کے بعد میڈیا کو بتایا کہ کل صبح10بجے یونیورسٹی انتظامیہ سے مکمل بریفنگ کے بعد اگلا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، تاہم یونیورسٹی انتظامیہ کو کہہ دیا گیا ہے کہ وہ بچوں کو تعلیم میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں ، طلباء و طالبات علامتی احتجاج کے بعد منتشر تو ضرور ہوگئے ہیں لیکن کیا یونیورسٹی انتظامیہ اور سیاسی قیادت بچوں کو تعلیم کے حصول کے لئے ویلفیئر بورڈ کے ظالمانہ اقدام سے ان کو کس حد تک با ز رکھ سکیں گے اگر ایسا نہ ہوا تو احتجاج کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیل جائے گا ۔ 

اٹک سٹی:وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد بغیر پروٹوکول کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک اچانک پہنچ گئیں
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد بغیر پروٹوکول کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک اچانک پہنچ گئیں، رکن پنجاب اسمبلی یاور بخاری اور شیخ عمران کے ہمراہ وزیر صحت نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا ۔ سی او ہیلتھ عبدالجبار ، ایم ایس ڈاکٹر اعجاز نے دورہ کے موقع پر وزیر صحت کو بریفنگ دی ،انہوں نے مریضوں سے ہسپتال میں دستیاب سہولتوں کے بارے میں بھی پوچھا ، ڈی ایچ کیو ہسپتال اٹک میں صفائی اور دیگر انتظامات بھی دیکھے،ایم ایس اور سی ای و ہسپتال سے ہسپتال کی زمین اور نقشہ کی تفصیلا ت طلب کیا، دورہ مکمل کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ میرے دورے کا مقصد ہسپتالوں میں طبی سہولتوں کا جائزہ لینا ہے، پنجاب میں ہیلتھ کی سہولت عام عوام کے لیے فری مہیا کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، ہسپتالوں میں صحت کے ساتھ ساتھ صفائی کا بھی خیال رکھنا ضروری ہے، ہسپتال کے لیے اس سال کے بجٹ میں ماں اور بچے ہسپتال کے لیے الگ سے رکھے گئے ہیں، ماں اور بچے کے لیے ایک الگ ہسپتال تعمیر ہو گااٹک کے علاوہ بہاولنگرلیہ اور میانوالی ڈسٹرکٹ میں بھی یہ ہسپتال تعمیر ہوں گے،10ارب صرف صحت کارڈ کے لیے رکھے گئے ہیں،4 کروڑ غریب عوام صحت کارڈ کی سہولت سے فائدہ لے گے ، ڈاکٹر ہونے کے ناطے ڈاکٹرز کے مسائل سے بھی بخوبی واقف ہوں، وعدہ ہے کہ ڈاکٹروں کے حالات بھی ٹھیک کریں گے،ڈاکٹر پر کام کے دباؤ کا احساس ہے،کے پی میں شعبہ صحت میں اصلاحات کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے،ڈاکٹرز کا صرف نسخہ دینا کافی نہیں بلکہ مریضون کو محسوس ہونا چاہیئے کہ ڈاکٹر اس کی بات سن رہا ہے انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوام کو صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی ہرصورت میں یقینی بنائیں ، دن ہو یا رات عوام کی خدمات کے لئے کوشاں رہیں گے، آئی ایم ایف سے قرضوں کے حوالہ سے بتایا کہ ملک پر قرضوں کا بوجھ زیادہ ہونے کی وجہ سے حکومت کو مزید قرضے لینے پڑ رہے ہیں، گیس کی قیمتوں میں استحکام رکھا گیا ہے ، آئی ایم ایف سے قرضہ لینا اب ہماری مجبوری بن گیا ہے حکومت نے پوری کوشش کی کہ اپنے اخراجات کم سے کم کرکے اور قومی خزانے کو نقصان پہنچائے بغیر ملک اور قوم کے لئے کوئی مثبت اقدام کرسکے اس وقت سرکلر ڈیٹ بارہ ملین روپے تک پہنچ چکا ہے قرضہ لینے کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا جو کہ اچھی بات نہیں سابقہ حکومت نے قومی خزانے میں چند ارب چھوڑے تھے جبکہ 80 ارب کے چیک باؤنس ہوگئے جو پی ٹی آئی کی حکومت نے آکر ادا کیے گاڑیوں کو چلانے کے لئے سوئی گیس فراہم کی گئی جبکہ انڈسٹری کو گیس کی فراہمی مکمل طور پر بند کر دی جس سے صرف فیصل آباد کا بیس لاکھ مزدور بیروزگار ہوگیا اسی صورت حال کے پیش نظر ایکسپورٹ کم سے کم ہوگی اور امپورٹ میں خاطر خواہ اضافہ ہوا جس کا اثر ڈائریکٹ Forex پر پڑھا موجودہ حکومت کا اولین مشن ہے کہ انڈسٹری کو دوبارہ سے اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جائے ایکسپورٹ کو بڑھایا جائے اسی لیے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اب انڈسٹری کو ہفتے کے ساتوں دن گیس دی جائے گی پی ٹی آئی کی پوری ٹیم دن رات محنت کر رہی ہے تاکہ عوام کو بہترین صحت اورماحول مل سکے ہم جو پیسہ بھی اکھٹا کریں گے وہ عوام کو ہیں ملے گا ہم نے پرانی روایت کو ختم کرنا ہے نہ ہم نے ستر لاکھ کی دیوار کھڑی کرنی ہے جاتی امراء کی طرح نہ 56کمپنیاں بنانی ہیں نہ سات کیمپ چلانے ہیں اور نہ ہی اپنے من پسند لوگوں کو 15 لاکھ کی تنخواہوں پر نوکری دینی ہے ۔ 

اٹک سٹی:اساتذہ اور طلباء وطالبات اس قوم کا مستقبل ہیں جن سے ہمارے ملک پاکستان کی تر قی وابستہ ہے ؛عمران قریشی 
ڈپٹی کمشنر اٹک عمران قریشی نے کہا کہ اساتذہ اور طلباء وطالبات اس قوم کا مستقبل ہیں جن سے ہمارے ملک پاکستان کی تر قی وابستہ ہے اور جو اس ملک کی تقدیر بدلنے کی ہر ممکن صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ پائلٹ سکینڈری سکول اٹک میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تعلیمی اداروں کے سربراہوں، اساتذہ اور طلباء وطالبات میں تعریفی اسناد کی تقسیم کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی کیا۔ تقریب میں سی ای او ایجوکیشن اٹک طاہر کا شف، ڈی ایم او اٹک احسان اللہ، ڈی او سکینڈری راجہ امجد اقبال ،ڈی او ایلیمنٹری عمران قریشی ،ضلع بھرکے محکمہ تعلیم کے افسران اور تعلیمی اداروں کے سربراہوں، اساتذہ اور طلباء وطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر اٹک عمران قریشی نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں آنا اور بات کرنا ان کے لیے ہمیشہ اعزاز کی بات رہی ہے ۔آج کوئی بھی کامیاب انسان جس جگہ پر ہے تو یہ کامیابی اس کے اساتذہ کی مرہون منت ہے۔آج کے دور میں اساتذ ہ بہت کم سہولیا ت اور مشکل سٹیشنز پر پوری لگن اور محنت کے ساتھ کام کر رہے ہیں،جس کے لیے وہ انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر اٹک عمران قریشی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں اچھائی کے لیے ہماری پہلی ترجیع تعلیم ہو نی چاہیے،جس کے ذریعے ہم ہر برائی کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم معاشرتی اقدار کو اپنے نصاب کا حصہ بنائیں اور طلباء وطالبات کو اپنے عمل کے ذریعے اس راستے کی طرف راغب کریں جس میں ہم سب کی بھلائی پنہاں ہے۔ڈی سی اٹک نے کہا کہ اچھے نتائج کے لیے حکومت نے سکولوں کی مانیٹرنگ کے لیے موئثر نظام وضع کیا ہے جس کی وجہ سے بہتر ین نتائج سامنے آئے ہیں اور محنتی اساتذہ کی حوصلہ افزائی ہو ئی ہے اور اس حوصلہ افزائی کے نتیجے میں دیگر اساتذہ میں بھی محنت کرنے کا جذبہ پیداہوا۔ضلع اٹک کی تعلیمی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے ڈی سی اٹک عمران قریشی نے کہاکہ تعلیمی کارکردگی کے لحاظ سے ضلع اٹک کا شمار صوبہ پنجاب کے بہترین اضلاع میں ہوتا ہے اور یہاں کے اساتذہ محنتی اور اپنے پیشے کے ساتھ مخلص ہیں۔سی ای او ایجوکیشن طاہر کاشف نے خطبہ استقبالیہ میں تقریب کے مقاصد بیان کرتے ہو ئے کہا کہ اس تقریب میں ان تعلیمی اداروں کے سربراہوں ،اساتذہ اور طلباء وطالبات کو مدعو کیا گیا ہے جنہوں نے اعلیٰ تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ضلع اٹک کا نام روشن کیا ۔ڈپٹی کمشنر اٹک عمران قریشی نے ایسے اداروں کے سربراہوں،اساتذہ اور طلباء وطالبات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور ان میں تعریفی اسنادتقسیم کیں اور امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی ایسی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

حضروسٹی: علاقہ چھچھ میں مضر صحت اور نا قص دودھ کا کا روبار عروج پر ،پنجاب فوڈ اتھا رٹی نو ٹس لے 
چھچھ میں مضر صحت اور نا قص دودھ کا کا روبار عروج پر ،پنجاب فوڈ اتھا رٹی نو ٹس لے ‘نا قص دودھ میں برف ڈال کر عوام کی آنکھوں میں مر چی ڈالی جا رہی ہے ،سول سوسائٹی فور م کا اظہار تشویش تفصیلا ت کے مطابق چھچھ میں مضر صحت اور نا قص دودھ کے کا رو با ر پر سول سو سائٹی فورم کے چیئر مین منصبدار خان نمبر دار نے اظہارِ تشویش کر تے ہو ئے کہا کہ اس وقت چھچھ میں مضر صحت کیمیکل والے دودھ کا کا روبار عروج پر ہے سو نے پر سہا گہ نا قص دودھ میں برف ڈا ل کر عوام کی آنکھوں میں مرچی ڈا لی جا رہی ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے افسران اس کا نو ٹس لیں کیو نکہ ہی عوام کی صحت کا مسئلہ ہے مضر صحت کیمیکل والے دو دھ کی فروخت کا نو ٹس لینا ہو گا پنجاب فوڈ اتھا رٹی کے افسران ہر دکان اور مو ٹر سا ئیکل پر دودھ سپلا ئی کر نے والے کی جانچ پڑتال کریں اگر کسی کا ناقص دو دھ پا یاجا ئے تو کم از کم لاکھوں رو پے میں جر ما نہ کیا جا ئے اور اس کو کڑی سے کڑی سزا بھی دی جا ئے تا کہ ان ظالموں کی حوصلہ شکنی ہو حکو مت کو اس سلسلہ میں سخت سے سخت لا ئحہ عمل اپنا نا چا ہیے یہ ظالم ما فیا چند روپوں کی خا طر عوام کی زندگی سے کھیل رہے ہیں ۔ 

اٹک سٹی:خسرہ کی آگاہی کے حوالے سے ایک سیمینار پبلک ہیلتھ نرسنگ سکول اٹک میں منعقد ہوا 
خسرہ کی آگاہی کے حوالے سے ایک سیمینار پبلک ہیلتھ نرسنگ سکول اٹک میں منعقد ہوا جس کے مہمان خصوصی سی ای او ہیلتھ اٹک ڈاکٹر عبدالجبار تھے سیمینار میں ضلع بھر کے ڈی ڈی ایچ اوز اور دیگر متعلقہ افراد نے شر کت کی سیمینار سے خطاب کر تے ہوئے مقررین نے کہا کہ خسرہ کی آگاہی کے حوالے سے حکومت پاکستان اور حکومت پنجاب کی ہدایات پر مختلف سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی جو پندرہ اکتوبر سے ستائیس اکتوبر تک جاری رہیں گی جس میں ضلع اٹک کے2 لاکھ 98 ہزار بچوں کو جن کی عمریں چھ ماہ سے سات سال تک ہیں، کو خسرہ کے ٹیکے لگائے جائیں گے اور اس ضمن میں مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جوضلع بھر میں مختلف جگہ جا کر کیمپ قائم کر یں گی اور یہ اہم فریضہ سر انجام دیں گی اس کے علاوہ ضلع بھر کے تما م ہسپتالوں اور مراکز صحت میں بھی عوام اپنے بچوں کو خسرے کے ٹیکے لگوا سکتے ہیں مقررین نے کہا کہ یہ آگاہی مہم ملک بھر میں شروع کی جارہی ہے ضلع اٹک میں اس سلسلے میں بھر پور تیاریا ں کی گئی ہیں اور عوام الناس کی سہولت کے لیے ضلع بھرمیں آگاہی مہم چلائی جارہی ہے اس ضمن میں ضلع اٹک کے عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اس اہم مہم میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں تاکہ آنے والی نسل خطرناک بیماریوں سے محفوظ رہ سکے مزید معلومات کے لیے محکمہ صحت کی ہیلپ لائن 0800-99-000 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔ 

تحصیل حضرو:نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس افسران کی فوری کاروائی ، گمشدہ بٹوہ اور نقدی کی برآمدگی اور حوالگی 
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس افسران کی فوری کاروائی ، گمشدہ بٹوہ اور نقدی کی برآمدگی اور حوالگی ، تفصیلات کے مطابق روڈ یوزر بنام محمد اکرام نے موٹروے پولیس ہیلپ لائن پر کال کر کے نوٹ کروایا کہ لاہور کی جانب سفر کرتے ہوئے اس کا بٹوہ ہائی ایس وین میں رہ گیاہے اطلاع موصول ہوتے ہی متعلقہ ایریا کی تمام پٹرولنگ موبائلز کو چیکنگ کی بابت احکامات جاری کر دیئے گئے بیٹ 7 کے افسران سب انسپکٹر شاد ایاز اور سب انسپکٹر محمد اظہربھٹی نے دوران چیکنگ مذکورہ ہائی ایس وین کو روک لیا جس پر ڈرائیور نے تلاش کے بعد بتایا کہ مطلوبہ بٹوہ بمعہ نقدی کل مالیت 580010/- روپے گاڑی میں موجود ہے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس افسران نے مطلوبہ سامان کو تحویل میں لینے کے بعد محمد اکرام کے حوالے کر دیا جس نے موٹروے پولیس کے افسران کی فوری کاروائی کو سراہا ڈی آئی جی مموٹروے پولیس این فائیون نارتھ ذو ن محمد اشفاق خان نے افسران کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ افسران اسی طرح اپنی ڈیوٹی الرٹ اور احسن طریقے سے انجام دیتے رہیں تاکہ عوام کی بروقت مدد کو یقنی بنایاجاسکے ۔ 

اٹک سٹی:سرکار دو عالم حضرت محمد ﷺ کی سیرت بیان کرنا عظیم سعادت ہے ؛ طاہر محمود مودی 
سرکار دو عالم حضرت محمد ﷺ کی سیرت بیان کرنا عظیم سعادت ہے ‘سید بلال شاہ نے بنو سماء کی آواز میں پیارے نبی ؐ کی سیرت نعت کی صورت میں پیش کر کے جو اعزاز احاصل کیا ہے اٹک کی تاریخ میں وہ سنہری حروف سے لکھا جائے گا ان خیالات کا اظہار بانی یوتھ کرکٹ کلب اٹک طاہر محمود مودی ،نوید عمرایڈیشنل سیکرٹری یوتھ کرکٹ کلب اٹک نے مشہور و معروف بین الاقوامی نعت خوان سید بلال شاہ آف مرزا سے خصوصی گفتگو کے بعد اپنے مشترکہ تحریری بیان میں کیا انہو ں نے مزید کہا کہ سعید الرحمن آف ماڑی کنجور نے بھی اپنی سریلی اور پیارے آوازسے پیارے نبی ؐ کی شان میں نعت پیش کرکے جو پذیرائی حاصل کی ہے وہ ہماری آنے والی نسلو ں کیلئے مشعل راہ ہے نوید عمر نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع اٹک میں نئی نوجوان نسل کے اندر نعت خوانی کی صورت میں بے پناہ ٹیلنٹ موجودہے ضرورت اس امر کی ہے کہ اس ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو نکھارنے کیلئے نعت اکیڈمی بنائی جائے۔ 

تحصیل حضرو:پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کامرہ روڈ پر گوالوں کیخلاف کاروائی ‘مضر صحت دودھ لیجانے والی متعدد گاڑیوں کو روک کر چیک کیاگیا 
پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کامرہ روڈ پر گوالوں کے خلاف کاروائی ، غیر معیاری اور مضر صحت دودھ لے جانے والی متعدد گاڑیاں روک کر چیک کیا ، چیکنگ کے دوران زہریلے کیڑے نکلنے کے بعد دودھ کو تلف کر دیا گیا ، تفصیلات کے مطابق اٹک میں محکمہ فورڈ اتھارٹی نے علی الصبح کامرہ روڈ اور حاجی شاہ روڈ پر کاروائیاں کرتے ہوئے حضرو اور گردنواح سے آنے والے گوالوں کے دودھ کو چیک کیا جو مختلف گاڑیوں میں لاد کر شہر کی جانب آتے ہیں اور دودھ مختلف دکانداروں پر فروخت کرنے ساتھ ساتھ گھروں میں بھی سپلائی کرتے ہیں ۔دوران چیکنگ دودھ میں کیڑے پائے گئے اور ملاٹ کا بھی انکشاف ہوا جس پر محکمہ فوڈ اتھارٹی نے غیر معیاری اورکیڑوں بھرے دودھ کو تلف کر دیا جب کہ محکمہ فوڈ اتھارٹی انتظامیہ نے موقع پر تمام افراد کو انسانی صحت اور صاف ستھری خوراک کے متعلق ہدایت دی جس میں محکمہ فوڈ اتھارٹی اٹک سے روز مرہ کھانے کی اشیاء کی آگاہی حاصل کریں تاکہ مستقبل میں ان کے اور کے خاندان کی صحت محفوظ رہے ۔

اٹک شہرکے سینئر صحافی چیئرمین پرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا ہشام خان اعوان کی والدہ مکہ مکرمہ میں انتقال کر گئیں 
اٹک شہرکے سینئر صحافی چیئرمین پرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا ہشام خان اعوان اور حافظ محمد نعمان کی والدہ گرلز ہائی سکول بلاک K میں رہائش پذیر سابق پی سی او والے حاجی محمد سمیع کی اہلیہ حج کی سعادت کے دوران علیل ہونے کے سبب مکہ مکرمہ سعودی عرب کے ہسپتال میں انتقال کرگئیں ۔مرحومہ کی نماز جنازہ اور تدفین اسی مقدس سرزمین میں ہوگی ،حج کی سعادت میں حاجی سمیع ان کی اہلیہ اور بیٹی اکھٹے تھے ‘حج کی سعادت کے بعد پاکستان آنے سے قبل مرحومہ علیل ہوگئیں جنہیں وہاں ہسپتال میں داخل کردیا گیا اور ان کی دیکھ بھال حج ڈائریکٹوریٹ پاکستان کے عملہ نے کی وہ کئی روز ہسپتال میں علیل رہنے کے بعد انتقال کرگئیں ۔ 

اٹک سٹی: 14 اکتوبر کو اٹک میں قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کے ضمنی انتخاب کی تیاریاں اور انتخابی مہم آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں
14 اکتوبر کو اٹک میں قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کے ضمنی انتخاب کی تیاریاں اور انتخابی مہم آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں، ان دو حلقوں میں 6 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے جن میں 3 قومی اسمبلی اور 3 پنجاب اسمبلی میں ہیں اٹک کی تین تحصیلوں پنڈی گھیب ، جنڈ اور فتح جنگ پر مشتمل قومی اسمبلی کا حلق این اے 56 جبکہ اٹک کی 2 تحصیلوں حسن ابدال اور فتح جنگ پر مشتمل حلقہ پی پی 3 میں بھی انتخابی عمل اب اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے یہ دونوں نشستیں پاکستان میں ایک ضلع میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے اور پاکستان میں قومی اسمبلی کی 2 اور پنجاب اسمبلی کی ایک نشست پر بیک وقت کامیابی کا ریکارڈ قائم کرنے والے میجر طاہر صادق نے حلقہ این اے 55 سے حلف اٹھانے کے بعد خالی کی تھیں ان دونوں حلقوں میں کوئی آزاد امیدوار نہیں دونوں حلقوں میں مقابلہ تحریک انصاف ، مسلم لیگ ( ن ) اور تحریک لبیک پاکستان کے درمیان ہے عام انتخابات کے بعد سے اب تک وزیر اعظم عمران خان اور رکن قومی اسمبلی میجر طاہر صادق کے درمیان تعلقات میں کشیدگی میں دن بدن اضافہ ہوتا رہا وزیر اعظم عمران خان نے اپنی ہی جماعت کے مقبول ترین عوامی لیڈر میجر طاہر صادق کو سیاسی لحاظ سے دیوار سے لگانے کے منصوبے کے تحت ان کے ضلع اٹک میں سیاسی مخالفین ملک امین اسلم اور کامیابی کے بعد ان کی مخالفت کرنے والے رکن پنجاب اسمبلی یاور بخاری کے کزن اور وزیر اعظم کے انتہائی قریبی دوست زلفی بخاری کو وفاقی کابینہ میں دو بڑی خود مختار وزارتوں میں مشیر کے عہدے پر فائز کر دیا اسی طرح پنڈی گھیب سے کرنل ملک محمد انور خان کو پنجاب کی طاقتور وزارت ریوینو کا وزیر بنا کر میجر طاہر صادق کو تنہا کرنے کی کوشش کی بلکہ ان پر آخری وار یہ کیا کہ میجر طاہر صادق جنہوں نے دونوں نشستیں بھاری اکثریت سے جیتیں تھیں اصولی طور پر جس طرح سابق وزیر اعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک ، ڈیرہ اسماعیل خان میں گنڈہ پور برادران ، راولپنڈی میں شیخ رشید کے بھتیجے اور ٹیکسلا میں سرور خان کے بیٹے ، وزیر اعلیٰ کے پی کے محمود خان کے بھائی چوہدری شجاعت حسین کے بیٹے اور چوہدری پرویز الہٰی کے بیٹوں کو تحریک انصاف کے ٹکٹ دیئے گئے جبکہ اٹک میں یو ٹرن لیتے ہوئے ٹکٹ جاری کرتے وقت میجر طاہر صادق کی رائے لینا بھی گوارا نہیں کیا گیا اور دونوں ٹکٹیں ان کی مرضی کے خلاف دی گئیں قومی اسمبلی کی نشست پر تحریک انصاف نے حالیہ عام انتخابات میں مسلم لیگ ( ن ) کے پلیٹ فارم پر نہ صرف تحریک انصاف بلکہ خود وزیر اعظم عمران خان کی ذاتی زندگی بلکہ ان کی شادیوں کو جلسہ عام میں ہدف تنقید بنانے والے ملک خرم علی خان کو تحریک انصاف کا ٹکٹ دے کر میجر طاہر صادق کو یہ پیغام دیا گیا کہ ان سے وزیر اعظم عمران خان اور تحریک انصاف نالاں ہے ملک خرم علی خان 2001 ء میں تحصیل ناظم منتحب ہوئے اور مسلم لیگ ( ق ) میں شامل ہوئے 2008 ء کے عام انتخابات میں پی پی پی کے ٹکٹ پر رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہو کر 2011 ء میں پنجاب اسمبلی کی نشست سے مستعفی ہوکر تحریک انصاف میں شامل ہوئے اسی طرح 2013 ء کے عام انتخابات میں انہیں تحریک انصاف کا ٹکٹ نہیں ملا اور 2018 ء کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ( ن ) کے پلیٹ فارم سے انتخابی مہم میں حصہ لیا ، مسلم لیگ ( ن ) کے امیدوار ملک سہیل خان کمڑیال ، 2001 ء میں میجر طاہر صادق کے ساتھ نائب ضلع ناظم منتخب ہوئے بعدازاں ان کے ساتھ اختلافات کے بعد 2002 ء اور 2008 ء کا الیکشن مسلم لیگ ( ن ) کے ٹکٹ پر لڑا بعدازاں وہ تحریک انصاف میں شامل ہو گئے اور 2013 ء میں انہوں نے قومی اسمبلی کا الیکشن تحریک انصاف کے ٹکٹ پر لڑا 2018 ء کے عام انتخابات میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے تک ان کا تعلق تحریک انصاف سے تھا تاہم اس حلقہ سے مسلم لیگ ( ن ) کے رکن قومی اسمبلی کے اعتبار خان کھنڈہ سے ٹکٹ لے کر ملک سہیل خان کمڑیال کو دیا گیا اس طرح وہ مسلم لیگ ( ن ) میں شامل ہو گئے انہوں نے ایک لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کئے تحریک لبیک پاکستان کے صاحبزادہ پیر سید فیصل محمود شاہ چورہ شریف نے 2018 ء کے عام انتخابات میں 62 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کیے اب وہ ضمنی انتخاب میں اپنی کامیابی کیلئے پُر امید ہیں رکن قومی اسمبلی میجر طاہر صادق اس حلقہ میں تحریک انصاف کے امیدوار ملک خرم علی خان کی حمایت نہیں کر رہے ہیں ملک خرم علی خان کی حمایت کرنے والوں میں ہر بار اپنا نظریہ تبدیل کرنے والے چوہدری نثار علی خان کے قریبی عزیز ، ڈویژنل صدر پی پی پی سلیم حیدر خان ، اٹک میں تحریک انصاف کی حمایت کر رہے ہیں ان کا دعویٰ ہے کہ انہیں اس سلسلہ میں چیئرمین پی پی پی بلال زرداری کی حمایت حاصل ہے اسی طرح ملک خرم علی خان کی حمایت کرنے والے دیگر جاگیردار گروپوں میں کھنڈہ گروپ اور پنڈی گھیب کے نوابزادگان شامل ہیں امیدوار مسلم لیگ ( ن ) کے ملک سہیل خان کمڑیال کو در پردہ میجر طاہر صادق گروپ ، سدریال گروپ اور تحریک انصاف کے ناراض کارکنوں جوکہ ٹکٹ صوبائی وزیر مال کرنل انور کے بھائی ملک لیاقت علی خان کو دلانے کے خواہشمند تھے کی حمایت جزوی طور پر حاصل ہے اس ضمنی انتخابات میں تحریک لیبک کی انتخابی مہم میں کوئی جوش وخروش اور مقابلے کی فضا نظر نہیں آتی تحریک لبیک 25 جولائی کے عام انتخابات میں اپنے صوبائی امیدوار ملک امانت خان راول کی وجہ سے جس طرع سے حلقہ کی سیاست میں نمایاں نظر آئی تھی 14 اکتوبر کے ضمنی انتخابات میں خاموش تماشائی کی طرح نتائج کا انتظار کرتی نظر آتی ہیں حلقہ کی سیاست کی دلچسپ صورتحال یہ ہے کہ مشیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم ملک خرم علی خان کی حمایت کر رہے ہیں جبکہ یہاں ان کا کوئی ووٹ بینک نہیں حلقہ پی پی 3 جہاں 3 امیدواروں مسلم لیگ ( ن ) کے سردار افتخار احمد خان جو 2001 ء میں تحصیل ناظم منتخب ہوئے تھے اور 2008 ء اور 2013 ء میں انہوں نے پی پی کی حمایت کی اور 2018 ء کے عام انتخابات میں انہوں نے میجر طاہر صادق کی حمایت کی ضمنی انتخاب میں چوہدری نثار علی خان کے بہنوئی آصف علی ملک ایڈووکیٹ سپریم کورٹ جو عام انتخابات میں اس حلقہ سے مسلم لیگ ( ن ) کے امیدوار تھے انہیں ٹکٹ نہیں دیا گیا اور سردار افتخار احمد خان بھرپور طریقہ سے اپنی انتخابی مہم چلانے میں مصروف ہیں تحریک انصاف کے امیدوار محمد اکبر خان تنولی وزیر اعظم عمران خان کے وفادار ساتھیوں میں شامل ہیں اور انہیں اسی وفاداری پر وزیر اعظم عمران خان نے ٹکٹ دیا ان کی حمایت رکن قومی اسمبلی میجر طاہر صادق ، ان کے بیٹے سابق رکن قومی اسمبلی محمد زین الہٰی ، چیئر پرسن ضلع کونسل ایمان طاہر ، مشیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم ، چیئرمین بلدیہ حسن ابدال ظہیر احمد بھٹیانوالہ ، پی پی پی کے سلیم حیدر اور ریاض خان بالڑہ کر رہے ہیں اسی طرح تحریک لبیک پاکستان کے محمد مشتاق علی خان بھی اپنی انتخابی مہم چلا رہے ہیں کامیابی یا ناکامی کا فیصلہ 14 اکتوبر کی شام کو ہو جائے گا ۔ 

حضروسٹی:ضلع اٹک میں علمائے کرام نے جمعہ کے خطبات میں ناموس رسالت کے حوالے سے اپنے خطابات میں قراردادیں منظورکیں
عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کی اپیل پر اٹک میں علمائے کرام نے جمعہ کے خطبات میں ناموس رسالت کے حوالے سے اپنے خطابات میں موجودہ حکومت سے ختم نبوت کے قانون میں کسی قسم کی ترمیم مسترد کرتے ہوئے ختم نبوت کے قانون میں ردو بدل یا تبدیلی کے خلاف مساجد میں قرارد ادیں منظور کیں مرکزی مسجد اٹک میں مفتی مسعود احمد ،جامع مسجد لوہاراں مولانا شیر زمان، جامع مدینہ مسجد مولانا قاضی ارشد الحسینی ، جامع اشاعت الاسلام ، مولانا محمد سلیمان، ختم نبوت مسجد قاضی محمد اسعد الحسینی ،جامع مسجد ابو بکر صدیق، قاری طارق محمود، جامع رحمت کائنات، مفتی سید امیر زمان حقانی، جامع مسجد پائیلٹ سکول قاری عبدالوحید، جامعہ مسجد صدیقیہ قاری محمد اقبال، مسجد فاروق اعظم ڈھوک فتح قاری ثنا ء اللہ او ر قرب وجوار کی مساجد میں علمائے کرام اور خطباء حضرات نے جمعہ کے خطبات میں ختم نبوت کے حوالے سے مفضل خطابات کیے اور تاریخ اور قرآن و سنت کے آئینے میں گستاخان رسول کی سزا سزائے موت پر تاریخی حوالے دیے او ر حکومت کو متنبہ کیا کہ مسلمان سب کچھ برداشت کر سکتا ہے مگر آقائے نامدار حضر ت محمد مصطفی ؐ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کر سکتا کلمہ کے نام پر حاصل ہونے والے ملک میں ناموس رسالت کے قانون پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اگر حکومت نے چھیڑ چھاڑ بند نہ کی تو قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن اور عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کی کال پر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے علمائے کرام اور خطبا ء نے قرارد ادوں میں حکومت سے ناموس رسالت قانون میں ردو بدل نہ کرنے او ر اس حوالے سے علمائے کرام کواعتماد میں لینے کا مطالبہ کیا ۔ 

حضروسٹی:9اکتوبر 2018کو حضرو پوسٹ آفس میں عالمی پوسٹ ڈے منایا گیا 
9اکتوبر 2018کو حضرو پوسٹ آفس میں عالمی پوسٹ ڈے منایا گیا ،اس موقع پر ایک شاندار تقریب کا انعقاد پوسٹ ماسٹر محمد توفیق کی سربراہی میں کیا گیا جس میں گورنمنٹ کے نجی سکولوں کے طلباء کے علاوہ علاقہ کے معززین اور پوسٹ آفس کے سٹاف سید رضوان شاہ کلرک ،انور شاہ ،محمد سلیم پوسٹ مین ،محمد ارشد میل پین،محمد اویس خان علیزئی اور سیف الرحمن سیکورٹی گارڈ نے شرکت کی ،اس موقع پر پوسٹ ماسٹر محمد توفیق نے طلباء اور معززین شہر وعلاقہ کو تمام پوسٹل سروسز کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ کیا اور پوسٹل سروسز کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ، معززین علاقہ نے پوسٹ آفس حضرو کی کارکردگی کو سراہا اور پوسٹل سٹاف کا شکریہ ادا کیا ۔ 

حضرو شہر کی معروف سماجی شخصیت محمد خورشید کے فرزند ارجمند محمد ذیشان شہنائیوں کی گونج میں دولہا بن گئے 
حضرو شہر کی معروف سماجی شخصیت محمد خورشید کے فرزند ارجمند اور محمد کامران ،عاقب حسن ،حمزہ خورشید کے بھائی محمد ذیشان شہنائیوں کی گونج میں دولہا بن گئے ،ان کی شادی واہ کینٹ کی ایک معزز فیملی میں ہوئی ۔شادی کی پروقار تقریب کے موقع پر دعوت ولیمہ کا اہتمام ’’الشیخ جی شادی ہال ‘‘تین میلہ چوک اٹک میں کیا گیا ،دعوت ولیمہ کے موقع پر دولہا کے والد محمد خورشید اپنے بھائیوں محمد صدیق ،کے علاوہ اپنے دوست احباب عزیز وقارب کے ہمراہ گیٹ پر کھڑے ہوکر تمام معزز مہمانوں کو ویلکم کرتے رہے ،دعوت ولیمہ میں جنرل کونسلر بلدیہ حضرو حاجی احسان خان نمبردار ،لیگی رہنماء ڈاکٹر اشرف بٹ ،جاوید مجید خان ،سابقہ کونسلرخواجہ عبد الحمید ،سابق ناظم نسیم خان ،حاجی غلا م مصطفےٰ ،ڈاکٹر ساجد ،صدر میلاد کمیٹی حضرو ملک وقار ،حاجی محمد صفدر ،صدر سنی تحریک حضرو سید لیاقت علی شاہ ،پی ٹی آئی رہنماء نور خان ،محمد شفیق مغل ، نثار علی خان ،حفیظ میر ،شوکت آرائیں ،حاجی شیراز خان ،حاجی اقبال میر ،دولہا کے دوستوں عثما ن علی ،احتشام میر ،وقاص علی زئی ،عمران جونی ،چوہدری جواد ،مناسیف الرحمن ،تبریز خان ،وحید بابا ،مولانا ضیاء الرحمن فاروقیاور کثیر تعداد میں سماجی وسیاسی شخصیات اور معززین علاقہ نے شرکت کی دعوت ولیمہ کے موقع پر مہمانوں کی تواضع بہترین اور عمدہ کھانوں سے کی گئی ،شادی میں شریک تمام دوستوں اور عزیز واقرباء نے دولہا محمد ذیشان کو شادی کی مبارکباد پیش اور نیک خوہشات کا اظہار کیا ۔

حضروسٹی:محکمہ داخلہ حکومت پنجاب نے ضمنی انتخابات میں پر امن فضاء قائم رکھنے کے لیے اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد کر دی ہے 
محکمہ داخلہ حکومت پنجاب نے ضمنی انتخابات میں پر امن فضاء قائم رکھنے کے لیے ہر قسم کے اسلحے کو اٹھانے اور اس کی نمائش پر پابندی عائد کر دی ہے ۔اس پابندی میں لائسنس یافتہ اسلحہ بھی شامل ہے یہ پابندی قانون نافذ کر نے والے اداروں پر لاگو نہیں ہو گی اس کے علاوہ ہوائی فائرنگ،الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ضابطہء اخلاق کی خلاف ورزی ،دیہاتی علاقوں میں پولنگ اسٹیشن سے چار سو میٹراور زیادہ آبادی والے شہری علاقوں میں پولنگ اسٹیشن سے سو میٹرکی حدود میں ووٹر ز کی قطار کے علاوہ پانچ سے زیادہ افراد کے اجتماع ،پولنگ اسٹیشن کے قریب ہر قسم کی آتش بازی،کریکرزاور دیگر آتشیں مواد کے استعمال ،وال چاکنگ،لاؤڈ اسپیکرز کا غلط استعمال اور نفرت انگیز تقاریر اور جیت کی صورت میں ہر قسم کی ریلیز ،جلوس اور الیکشن دفاتر میں اکٹھا ہونے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کر دی گئی ہے پابندی کا یہ حکم فوری طور پر نافذالعمل ہو کر 17اکتوبر تک مؤثر رہے گا۔ 

اٹک سٹی:مسلم لیگ ( ن ) کی تنظیم نو کے سلسلہ میں مختلف عہدیداران کو پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا
مسلم لیگ ( ن ) کی تنظیم نو کے سلسلہ میں ضلعی سیکرٹریٹ مسلم لیگ ( ن ) میں سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد اور ضلعی صدر مسلم لیگ ( ن ) محمد سلیم شہزاد نے مسلم لیگ ( ن ) کیلئے گراں قدر خدمات سر انجام دینے والے کونسلر بلدیہ اٹک میاں شاہ نواز شانی کو تحصیل صدر اٹک کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ، اسی طرح کونسلر بلدیہ حضرو و نمبردارحاجی احسان خان کو سٹی صدر حضرو اور دلدارحسین کو سٹی جنرل سیکرٹری حضرو کے عہدے پر فائر کر دیا اس موقع پر ضلعی سیکرٹری اطلاعات میاں راشد مشتاق ، وائس چیئرمین ملک محمد نعیم، سٹی صدریوتھ شیخ عواد صفدر، سٹی صدریوتھ حضرو بلال حسین آرائیں، ملک عاقب عرف آیوں، شیخ حامد قدوس، شہزاد رضا، بلال شیخ و دیگربھی موجود تھے ۔ 

اٹک سٹی:وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب کے 36 اضلاع کی طرح ناجائز تجاوزات کیخلاف آپریشن کا آغاز اٹک میں کر دیا گیا 
وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب کے 36 اضلاع کی طرح ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز ضلعی صدر مقام اٹک میں کر دیا گیا ہے ،اس سلسلہ میں اسسٹنٹ کمشنر مہرین فہیم عباسی کی قیادت میں ٹیم جس میں اے سی ہیڈ کوارٹر محمد عاطف ، چیف آفیسر بلدیہ محمد امین شیخ ، تحصیلدار اٹک حسن اختر راجہ ، نائب تحصیلدار محمد ریحان ثاقب ، موٹر وہیکل ایگزیمنر مجاہد خان ، انسپکٹر ٹی ایم اے محمد فیاض خان فیضی ، عامر الیاس ، ٹی ایم اے کا عملہ ، اٹک پولیس اور ٹریفک پولیس کے اہل کاروں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی تجاوزات کے خلاف اے سی اٹک کی سربراہی میں ٹیم نے آپریشن کا آغاز فوارہ چوک سے کیا اور سول بازار ، مینا بازار ، ستار چوک ، اور فوارہ چوک میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کر کے سینکڑوں دکانوں کے سامنے عرصہ دراز سے موجود تجاوزات ختم کر کے لاکھوں روپے مالیت کا سامان تجاوزات کی صورت میں بلدیہ اٹک کے عملہ کے حوالہ کیا جو تاجروں کو جرمانہ ادا کر کے واپس کیا جائے گا اے سی مہرین فہیم عباسی نے اپنی سرپرستی میں پختہ تجاوزات کی ذمہ دار تاجر برادری کو سخت الفاظ میں تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ 2 دن کے اندر اندر بلڈنگ لائن کی حدود تک اپنے آپ کو محدود کر لیں نہیں تو بلا امتیاز و تفریق تجاوزات کے خاتمہ کے دوران کوئی عذر قبول نہیں کیا جائے گا اس دوران ان کی ہدایت پر بلدیہ اٹک کے عملہ نے فٹ پاتھ پر قابض تاجر برادری کا سامان ضبط کیا اور پختہ تجاوزات کو توڑتے ہوئے تمام فٹ پاتھ تجاوزات مافیا سے خالی کرائے اے اسی اٹک مہرین فہیم عباسی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ناجائز تجاوزات جہاں اٹک کی خوبصورتی کو داغ دار کر رہی ہے وہاں شہریوں اور بالخصوص خرید و فروخت کیلئے آنے والی خواتین اور بزرگ شہریوں کیلئے مشکلات کا سبب بن رہی ہے شہریوں کو چلنے پھرنے میں شدید دقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ناجائز تجاوزات کے سبب اٹک شہر میں ٹریفک جام روز کا معمول بن گیا ہے شہریوں کو مشکلات سے نکالنا پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے تجاوزات مافیا کے خلاف آپریشن بلا امتیاز و تفریق کیا جائے گا عوام کو سہولیات فراہم کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے جسے ہر صورت پورا کیا جائے گا ۔ 

























No comments:

Post a Comment