Monday, June 25, 2018

Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from Hong Kong.

Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from Hong Kong, S.A.R.





اٹک سٹی:عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کے دوسرے مرحلے میں جانچ پڑتال کیبعد اٹک سے 106 امیدواروں کے کاغذات منظور 
عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کے دوسرے مرحلے میں جانچ پڑتال کے بعد اٹک سے 106 امیدواروں کے کاغذات منظور جبکہ 4 کے کاغذات مسترد کر دیئے گئے ۔قومی اسمبلی کے دونوں حلقوں میں کسی امیدوار کے کاغذات مسترد نہیں ہوئے جبکہ پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں 4 امیدواروں کے کاغذات مسترد کر دیئے گئے ،اس طرح اٹک سے قومی اسمبلی کے 2 حلقوں میں 27 امیدواروں میں سے تمام کے کاغذات کسی پر اعتراض نہ کرنے کی صورت میں اور الیکشن کمیشن کی جانب سے سکروٹنی کے عمل میں مختلف اداروں سے کاغذات کلیئر ہونے پر منظور کر لیے گئے ۔پنجاب اسمبلی کے 5 حلقوں میں 83 امیدواروں میں سے 4کے کاغذات مسترد اور 79 کے منظور کر لیے گئے ،اس طرح قومی اور صوبائی اسمبلی کے 7 حلقوں میں 106 امیدواروں کے کاغذات منظور ہو گئے ہیں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر / ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سہیل اکرام اور الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام اٹک میں عام انتخابات کو شفاف بنانے کے اقدامات کے سلسلہ میں کاغذات نامزدگی کا دوسرا مرحلہ خوش اسلوبی سے طے پا گیا ۔جانچ پڑتال اور سکروٹنی کے عمل کے دوران اٹک کے حلقہ این اے 55اٹک 1 جو تحصیل اٹک ، حضرو اور حسن ابدال پر مشتمل ہے ‘میں ریٹرننگ آفیسر / ایڈیشنل سیشن جج محمد اشفاق رانا نے تحریک انصاف کے سابق ضلع ناظم میجر طاہر صادق ، سابق ایم این اے محمد زین الہٰی ، سابق وفاقی وزیر مسلم لیگ ( ن ) شیخ آفتاب احمد ، ایم ایم اے کے صاحبزادہ حافظ سعید احمد دریا شریف ، تحریک لبیک کے ڈاکٹر محمد نعیم اعوان حضرو ، پی پی پی کے سلیم حیدر ، کیمونسٹ پارٹی کے انجینئر جمیل احمد ملک ، ملک امین اسلم ، شیخ سلمان سرور ، تیمور اسلم ، سراج گل ، ذوالفقار حیات حسن ابدال ، آصف اقبال پنڈ تریڑ ، محمد حفیظ اللہ خان علوی اور ملک امیر افضل غورغشتی شامل ہیں ، اسی طرح حلقہ این اے 56 جو تحصیل فتح جنگ پنڈی گھیب اور جنڈ پر مشتمل ہے کے ریٹرننگ آفیسر / ایڈیشنل سیشن جج راجہ شاہد ضمیر نے تمام 12 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال اور سکروٹنی کے بعد منظور کر لیے جن میں تحریک انصاف کے میجر طاہر صادق ، ان کے داماد چوہدری وسیم گلزار ، مسلم لیگ (ن) کے ملک سہیل کمڑیال ، پی پی پی کے سلیم حیدر ، تحریک لبیک یا رسول اللہ ؐ کے پیر سید فیصل محمود شاہ گیلانی آف چورہ شریف ،پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے محرم خان ایڈووکیٹ ، ملک شیر علی خان سدریال ( سربراہ سدریال گروپ ) ، غلام اصغر ولد محمد اسلم ، ملک امانت خان راول ، سابق ایم این اے ملک اعتبار خان ، ان کے بھائی سابق ریٹائرڈ وفاقی سیکرٹری ملک شہریار خان اور ان کے بیٹے ملک فیصل یار خان شامل ہیں ، حلقہ پی پی 1 جو تحصیل اٹک پر مشتمل ہے کے ریٹرننگ آفیسر / سینئر سول جج ایڈمن شفقت شہباز راجہ نے 15 امیدواروں کے کاغذات جانچ پڑتال اور سکروٹنی کے بعد منظور کر لیے جن میں مسلم لیگ ( ن ) کے نامزد شیخ سلمان سرور ، تحریک انصاف کے نامزد سید یاور بخاری ، ایم ایم اے محمد اقبال ملک ، پی پی کے سردار عرفان جعفری ، آزاد امیدوار ان ملک حمید اکبر خان چیف آف شیں باغ ، بریگیڈیئر سردار عاصم نواز خان ، سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد ، ممبر آزاد کشمیر راجہ محمد صدیق ، تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے اعجاز حسین بخاری ، کونسلر بلدیہ شیخ محمد عارف ، ڈاکٹر ضیاء الرحمن نورانی ، محمد اقبال خان آف اکھوڑی ، نعمان خان ولد رانا نثار احمد ساکن تین میلہ موڑ اٹک ، عمر ارشد ولد ارشد خان ساکن ماڑی کنجور ، چوہدری عبدالوحید ساکن پلیڈر لائن شامل ہیں ، حلقہ پی پی 2 جو تحصیل حضرو اور حسن ابدال کے کچھ علاقہ پر مشتمل ہے ریٹرنگ آفیسر / سینئر سول جج ایڈمن عمر رشید نے جانچ پڑتال اور سکروٹنی کے بعد 9 امیدواران جن میں تحریک انصاف کے نامزد امیدوار چنگیز خان ، مسلم لیگ ( ن ) کے نامزد سابق وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ ، پی پی پی کے احمد خانزادہ ، آزاد امیدواران قاضی احمد اکبر ، لیاقت محمود شاہ پور کالو کلاں ، شوکت حیات شینکہ ، قمر السلام میر حضرو ، سید طاہر علی شاہ ولد سید سخاوت شاہ ساکن جتیال ، نوید زمرد خان ولد محمدزمرد خان ساکن خیابان تنویر چکلالہ سکیم نمبر 3 راولپنڈی کے کاغذات منظور کر لیے مسلم لیگ ( ن ) کے جہانگیر خانزادہ اور پی پی کے احمد خانزادہ دونوں امیدوار آپس میں کزن اور ایک ہی حویلی میں مختلف رہائش گاہوں میں رہائش پذیر ہیں ، حلقہ پی پی 3 جو حسن ابدال اور فتح جنگ پر مشتمل ہے کے ریٹرنگ آفیسر / سینئر سول جج ملک شاہد حسین اعوان نے 23 امیدواروں نے 27 کاغذات نامزدگی داخل کرائے جن میں سے پی پی سے تعلق رکھنے والے ناصر خان بنگو جن کے تجویز و تائید کنندگان کا تعلق حلقہ پی پی 4 سے تھا اس بناء پر ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے گئے اور باقی 22 امیدواروں کے کاغذات جانچ پڑتال اور سکروٹنی کے بعد منظور کر لیے گئے جن میں تحریک انصاف کے سابق ضلع ناظم میجر طاہر صادق ، ان کے بیٹے سابق ایم این اے محمد زین الہٰی ، مسلم لیگ ( ن ) کے سابق ایم پی اے محمد شاویز خان ، سابق ایم پی اے آصف علی ملک نے دو دو کاغذات ، جبکہ دیگر کاغذات جمع کرانے والوں میں سابق وزیر مملکت ملک امین اسلم ، پی پی پی کے سابق وزیر مملکت سلیم حیدر ، سابق ایم پی اے سردار محمد علی خان آف شاہراہ سعد اللہ ، سابق تحصیل ناظمین شفقت علی خان طاہر خیلی ، افتخار احمد خان المعروف مٹھو خان ، چیئرمین یونین کونسل سردار ممتاز حسین ماجھیا ، مسلم لیگ ( ن ) کے سابق ایم پی اے محمد شاویز خان کے بیٹے محمد شہریار خان ، تحریک لبیک کے سردار راحت علی خان ، جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے عمران علی خان شاہراہ سعد اللہ ،پی پی پی کے محمد ریاض خان بالڑہ ، ذوالفقار حیات ایڈووکیٹ اور محمد ارشد ٹانڈہ حسن ابدال ، بریگیڈیئر سردار عاصم نواز خان ، سردار فاران افضل خان آف باہتر ، مولانا تاج الدین ، عبداللہ خان ، ایاز خان ، محمد اکبر خان تنولی شامل ہیں ، حلقہ پی پی 4 جو تحصیل فتح جنگ اور پنڈی گھیب پر مشتمل ہے کے ریٹرننگ آفیسر / سول جج پنڈی گھیب طلال ارشد کے پاس 15 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جن میں سے سردار رضوان حیدر ولد سردار ظفر اقبال ساکن سرگ کے کاغذات مسترد کر دیئے گئے جبکہ باقی 14 امیدواروں جن میں تحریک انصاف کے سابق وزیر امداد باہمی کرنل ملک محمد انور خان اور ان کے کورنگ شیر علی اعوان ، مسلم لیگ (ن) کے سابق وزیر معدنیات چودھری شیر علی خان مہناس ، ان کے کورنگ سابق ایم پی اے ملک محمد اعظم خان گھیبہ جو ان کے برادر نسبتی بھی ہیں ، آزاد امیدوار ملک امانت خان راول ، ان کے کورنگ ان کے بھائی ملک نور محمد خان راول ، پنڈی گھیب کی معروف مذہبی اور روحانی شخصیت علامہ بشیر احمد چشتی کے بیٹے عطاء المصطفیٰ جمیل ، چیئرمین یونین کونسل ملک ریاست علی سدریال اور ان کے بھائی ملک شیر خان سدریال ( سربراہ سدریال گروپ ) ، ملک فیصل اقبال ولد خان محمد ساکن گاؤں مکووالا ، پی پی کے سابق وزیر مملکت سلیم حیدر اور ڈھلیاں گاؤں کے رہائشی معروف ٹرانسپورٹر پرانے جیالے حاجی محمد اختر ، تحریک لبیک یا رسول اللہ ؐ کے انجینئر محمد حفیظ اللہ جان ولد عبدالمجید ساکن کسراں اور محمد اختر ولد محمد خان ساکن غریب وال کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے ، حلقہ پی پی 5 جو تحصیل جنڈ پر مشتمل ہے کے ریٹرننگ آفیسر / سول جج سیف اللہ تارڑ نے جانچ پڑتال اور سکروٹنی کے بعد 21 امیدواروں میں سے 2 امیدواروں چیئرمین یونین کونسل ، ضلعی جنرل سیکرٹری تحریک انصاف محمد یوسف خٹک اور چیئرمین یونین کونسل خان وزیر خٹک کے کاغذات چیئرمین یونین کونسل کے عہدے سے استعفیٰ نہ دینے پر مسترد کر دیئے جبکہ بقایا 19 امیدواران جن میں سردار افتخار علی خان ، سید احسن محمود ، سید عاطف حسین شاہ گیلانی ، سردار شاہنواز خان کھنڈہ ، داؤد عالم ، تحریک انصاف کے وائس چیئرمین ضلع کونسل ملک جمشید الطاف ، ملک نوید حسین ، سابق ایم پی اے ملک ظفر اقبال گلیال ، ملک ہارون رمضان ، سردار ممتاز خان بسال ، قاری ابرار حسین ، ملک بہادر یار خان آف کھنڈہ ، سابق تحصیل ناظم سردار منظر امیر خان آف تھٹہ ، نیاز علی ملک ، خالد محمود خان ، خرم شہزاد خان ، ایم ایم اے کے ڈاکٹر رازق داد خان آف دومیل ، لیاقت علی ، سابق ایم پی اے پیر سید عباس محی الدین آف مکھڈ کے کاغذات منظور کر لیے ۔ 

اٹک سٹی: گاڑیوں کے سنٹر وکس نے کام کا آغاز کر دیا ‘ جن گاڑیوں کے پاس فٹنس سرٹیفیکیٹس ہونگیں ‘وہی روڈ پر چل سکیں گی؛رپورٹ
گاڑیوں کے سنٹر وکس نے باقاعدہ طور پر کام کا آغاز کر دیا ہے ،سنٹر انچارج اعزازخان نے اس موقع پر ایک خصو صی نشست میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس سنٹر میں پہلے مرحلے میں کمرشل گاڑیوں کی فٹنس چیک کی جائے گی ، جوتین مرحلوں سے گزرے گی جس کے بعد فٹنس سرٹیفیکیٹ جاری کیا جائے گا ۔فٹنس مکمل نہ ہو نے کی صورت میں گاڑی کو 14 دن کا وقت دیا جائے گا اور 14 دن کے اندر دوبارہ معائنہ کیا جائے گا جن گاڑیوں کو فٹنس سرٹیفیکیٹ حاصل ہو جائے گا صرف ان گاڑیوں کو روٹ پر چلنے کی اجازت ہو گی ،گاڑیوں کے معائنہ کایہ تما م نظام آن لائن ہو گا جس کا مکمل ریکارڈ سیکرٹری آر ٹی اے آفس میں بھی موجود ہو گا۔ ایچ ٹی وی گاڑیوں کے لیے معائنہ فیس 1305 روپے اور ایل ٹی وی کی معائنہ فیس 870 روپے ہو گی ،دوسری بار معائنہ مفت ہو گا جبکہ تیسری بار معمولی جرمانہ فی دن کے حساب سے وصول کیا جائے گا ،اگر گاڑی تیسرے معائنہ کے بعد بھی فٹنس ٹیسٹ پاس نہیں کر پاتی تو ایسی کمرشل گاڑی کا روٹ پرمٹ معطل کر دیا جائے گا اور اس کے خلاف سیکرٹری آر ٹی اے کو آگاہ کر دیا جائے گا ۔ایک بار آف روڈ ہونے والی گاڑی کمرشل مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہو سکتی ، سنٹر انچارج اعزازخان نے اس موقع پر کہا ہے کہ گاڑیوں کے معائنہ کا یہ نظام انتہائی جدید ہے جو اس وقت حکومت پنجاب کی کاوشوں سے صوبہ بھر میں کام کر رہا ہے ،اس نظام کی بدولت اب وہی گاڑیاں روڈ پر آسکیں گی جو اس معائنہ سنٹرسے فٹنس سرٹیفیکیٹ حاصل کریں گی ۔انہوں نے مزیدکہا کہ حکومت پنجاب کے اس اقدام کی بدولت مسافروں کو آسانی ہوگی اور وہ صرف ایسی گاڑیوں میں سفر کر سکیں گے جو مکمل طور پر موزوں ہو ں گی ،انہوں نے کہا کہ اس سنٹر کے بارے میں ٹرانسپوٹر ز کی آ گاہی کے لیے مہم بھی چلائی جائے گی تاکہ وہ جلد سے جلد اس سنٹر پر رابطہ کر کے اپنی کمرشل گاڑیاں کا معائنہ کروائیں اور فٹنس سرٹیفیکیٹ حاصل کر کے اپنی گاڑی روٹ پر ڈالیں ۔افتتاح کے بعد معائنہ سنٹر میں باقاعدہ طور پر گاڑیوں کا معائنہ شروع ہو گیا ہے، ٹرانسپورٹرز معائنہ سنٹر کے سرکاری نمبر 042-111-678-711 پر بکنگ کے لیے رابطہ کر سکتے ہیں ۔

تحصیل حضرو:موٹر وے پولیس کی ہیلمٹ بارے مہم ،سول سوسائٹی فورم کا زبر دست خراج تحسین 
موٹر وے پولیس کی ہیلمٹ بارے مہم ،سول سوسائٹی فورم کا زبر دست خراج تحسین ‘ہیلمٹ کی خلاف ورزی پر درجنوں موٹر سائیکل بند اور در جنوں کو جر مانے ،مہم کے بعد ٹریفک قوانین میں بہتری ، تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی موٹر وے و حید الرحمان کی ہدایت پر ڈی ایس پی عامر جمیل کی زیر نگرانی ایڈمن طارق خان ،آپریشن آفیسر یو نس خان ،روڈ آفیسر سردار فاروق ،سب انسپکٹر بلال،سب انسپکٹر شوکت،سب انسپکٹر عنائت نے بیٹ 3کامرہ میں ہیلمٹ بارے بارے خصوصی مہم کے دوران بغیر ہیلمٹ درجنوں کو جر مانے کیے ۔اس مہم کے بعد عمومی طور پر ٹریفک کی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور عوام میں ٹریفک قوانین کی پابندی کا شعوربیدار ہوا ہے ،اس بارے میں چیئر مین سول سوسائٹی فورم منصبدار خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس مہم پر موٹر وے پولیس کو بھر پور خراج تحسین پیش کرتے ہیں کیونکہ ہیلمٹ نہ پہننے کی وجہ سے کئی نو جوان قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ،جب سے موٹر وے پولیس نے ہیلمٹ بارے مہم شروع کی ہے حادثات میں قیمتی جانوں کے ضیاع میں کافی کمی آئی ہے ،لہٰذا ہم موٹر وے پولیس سے پر زور اپیل کرتے ہیں کہ عوامی مفاد کے پیش نظر اس مہم کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے ۔

گاؤں غورغشتی:تحصیل صدر مسلم لیگ ( ن ) حضرو عطاالرحمن کو پارٹی پالیسیوں کی خلاف ورزی پر تحصیل صدر حضرو کے عہدے سے فارغ 
تحصیل صدر مسلم لیگ ( ن ) حضرو عطاالرحمن کو پارٹی پالیسیوں کی خلاف ورزی پر تحصیل صدر حضرو کے عہدے سے فارغ اور ان کی بنیادی رکنیت بھی ختم کر دی گئی ،یہ بات ضلعی صدر مسلم لیگ ( ن ) محمد سلیم شہزاد نے مسلم لیگ ہاوس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ضلعی سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ ( ن ) ڈاکٹر میاں راشد مشتاق بھی موجود تھے ،ضلعی صدر محمد سلیم شہزاد نے کہا کہ مسلم لیگ ( ن ) میں ایسے عناصر کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے جو پارٹی پالیسی کے منافی کام کرے ،گزشتہ تین سالوں سے عطاالرحمن تحصیل صدر ہونے کے باوجود پارٹی پالیسیوں کے منافی کام کر رہے تھے اس سے قبل بھی خلاف ورزیوں پر ان کو ضلعی چیئرمین زکوۃ عشر کمیٹی کے عہدے سے بھی فارغ کیا جا چکا ہے ،مسلم لیگ ( ن ) کی ہائی کمان کے نوٹس پر ان کو تحصیل صدارت سے فارغ کر دیا گیا ہے اور ان کی بنیادی رکنیت بھی ختم کر دی گئی ہے ۔

ہانگ کانگ:عمران خان نے کرپشن کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچا کر کھلاڑیوں کے سر فخر سے بلند کر دیئے ہیں؛ منصف خان 
ہانگ کانگ میں مقیم معروف سماجی وکاروباری شخصیت منصف خان نمبرون آف تحصیل حضرو نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین جماعت بن چکی ہے ‘عوام کی نظریں تحریک انصاف کی قیادت پر لگی ہوئی ہیں ،چیئرمین عمران خان نے کرپشن کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچا کر کھلاڑیوں کے سر فخر سے بلند کر دیئے ہیں ۔چیئرمین اور پارلیمانی بورڈ الیکشن میں حصہ لینے والے امیدوران کے حوالے سے حلف نامہ اور شرائط پر نظر ثانی کریں ،اس پر نہ صرف قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواران کے تحفظات ہیں بلکہ کارکنان بھی شش و پنج کا شکار ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یاسرامین کیساتھ اپنی ایک ملاقات کے دوران چمساچوئی میں کیا ،انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں عوام کی جوق در جوق شمولیت اس بات کا بین ثبوت ہے کہ قوم چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو اپنا نجات دہندہ سمجھ رہے ہیں ،قوم نے ان سے بہت امیدیں وابستہ کر لی ہیں ‘آنے والا دور تحریک انصاف کا ہو گا ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن سے قبل حصہ لینے والے امیدواران سے لیے جانے والے حلف نامہ اور اس کی شرائط پر نظر ثانی کریں ‘تحریک انصاف میں شامل ہونے والے پارٹی منشور سے نہ صرف متفق ہیں بلکہ اس پر عمل پیرا ہونے کیلئے عملی طور پر تیار ہیں ۔ 

حضروسٹی: محکمہ صحت اور پنجاب ہیلتھ کیئر کی لا پرواہی ،چھچھ میں عطائیوں کارا ج ‘ہر گا ؤں میں عطائیوں کی کھلے عام با دشاہت 
محکمہ صحت اور پنجاب ہیلتھ کیئر کی لا پرواہی ،چھچھ میں عطائیوں کارا ج ، علاقہ بھر کے ہر گا ؤں میں عطائیوں کی کھلے عام با دشاہت ، سول سوسائٹی فورم کی ایکشن کی اپیل ‘تفصیلا ت کے مطابق سول سوسائٹی فورم کا اجلا س چیئر مین منصبدار خان نمبر دار کی صدارت میں منعقدہوا جس میں سمندر خان نمبر دار ، ندیم رضا خان ، حافظ نصرت علی خان ، محمد ارشد ، محمد نا صر ، سا جد ، حافظ صدیق ، اعجاز اکرم ، ریاست خان ، آصف محمود بھٹی ، چیئرمین یونین کونسل شمس آباد محمد سعیداعوان ، جنرل کونسلر حضرو سٹی حا جی احسان خان ، محمد صدیق اعوان پہتی کے علاوہ دیگر نے شرکت کی ۔اجلا س میں چھچھ بھر میں عطائیو ں کی من مانیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ چھچھ کے ہر گاؤں اور ہر علاقہ میں عطائی کھلے عام انسانی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں ‘محکمہ صحت اٹک کے مقامی افسران اور پنجاب ہیلتھ کیئر کا عملہ نجانے کن مجبوریوں کی وجہ سے خا مو ش ہے۔ یوں محسوس ہو تا ہے کہ چھچھ بھر میں عطائیوں کی بھر ما ر ہے ، ہو ل سیل کی دکا نوں پر عطائیوں کی لا ئنیں لگی ہو تی ہیں ‘جہاں غیر رجسٹرڈ ادویا ت کی کھلے عام فروخت جا ری ہے اگر محکمہ صحت کے افسران یا پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کا عملہ گا ؤں گا ؤں گھومنے کی بجا ئے صرف ہول سیل کی دکا نوں کے با ہر نگرانی کرے کہ کس طرح کھلے عام کا رٹن کے کا رٹن عطائی لیکر جا رہے ہو تے ہیں ‘اسی طرح کسی بھی گا ؤں میں جائیں چھو ٹے بچے سے بھی ڈاکٹر کا پو چھیں ہر گلی میں ایک عطائی ملے گا لیکن لا علم ہے تو صرف محکمہ صحت کے افسران یا پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کا عملہ ، ہما ری محکمہ صحت کے افسران اور پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے عملہ سے اپیل ہے کہ اس با بت نوٹس لیں تا کہ عطائیت کو کنٹرول کیا جا سکے ورنہ اس وقت حا لا ت انتہا ئی خطرناک ہیں ۔ 

اٹک سٹی: سابق ڈی پی او عبادت نثار کے تبادلہ کے سلسلہ میں پولیس لائن اٹک میں تقریب کا انعقاد کیا گیا
سابق ڈی پی او عبادت نثار کے تبادلہ کے سلسلہ میں پولیس لائن اٹک میں منعقدہ تقریب میں سابق ڈی پی او نے پولیس کے جوانوں کے ساتھ آخری کھانا کھایا اور اس تقریب میں تقریر کرتے ہوئے عبادت نثار آب دیدہ ہو گئے اور انہوں نے کہا کہ اٹک پولیس ہمیشہ مجھے یاد رہے گی اور آپ تمام افسران و ملازمان اپنا مقصد عوام کی خدمت کو بنا لیں جس نے غریب عوام کو خوش کیا اس نے سمجھو اپنی آخرت سنوار لی ،اس موقع پر ملازمین انتہائی افسردہ تھے کہ اٹک پولیس آج ایک نہایت نرم دل، ملنسار اور شفیق انسان سے محروم ہو گئی ہے ۔ان کا تبادلہ بطور ڈی پی او ضلع چنیوٹ ہوا جنکے جانے سے اٹک پولیس کا دل خون کے آنسو رونے لگا ،اس موقع پر خطاب کرنے والوں نے سابق ڈی پی او عبادت نثار کی اٹک پولیس اور عوام کیلئے کی جانے والی کاوشوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اٹک ضلع کا چارج سنبھالتے ہی عوام الناس کیلئے اپنے دروازے کھول دئیے ،انکی شکایات انکو روبرو بیٹھا کر سنتے اور انکا فوری ازالہ بھی کرواتے ۔اسی طرح اٹک پولیس کے اہلکاران کے مسائل کو بھی سنتے اور انکا فوری ازالہ کرواتے انہوں نے اٹک ضلع میں عوام کی سہولت کیلئے پولیس خدمت سنٹر بنایا جہاں پر عوام کو 12 سہولیات ایک ہی چھت کے نیچے ملتی ہیں ۔علاوہ ازیں یادگار شہداء کی تعمیر، ٹریفک پولیس ڈراؤنگ سکول کا قیام،پولیس لائن میں میس کی اپ گریشن، پولیس آفیشلز کیلئے مختلف متعدد سکولز میں ایگریمنٹس، پولیس فیملی گالا، پولیس شہداء فیملیز کی ویلفئیر، حاضر سروس ملازمان کی ویلفیئر اور ایسے انگنت پروجیکٹس جو ایک تاریخ رقم کرتے ہیں ۔ 

اٹک سٹی:ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے الیکشن قوانین کی خلاف ورزی پردو بڑی جماعتوں کے امیدواروں کو طلب کرلیا
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر سہیل اکرام نے امیدوار حلقہ این اے 55 کیمونسٹ پارٹی انجینئر جمیل احمد ملک کی تحریری درخواست پر اٹک میں پینافلیکس ، ہولڈنگ اور بل بورڈ جو الیکشن قوانین کی خلاف ورزی ہے پر دونوں بڑی جماعتوں کے امیدواروں کو طلب کیا جن کی جانب سے معروف قانون دان شیخ وقار عظیم صدیقی اور سردار توصیف خان پیش ہوئے جنہوں نے بتایا کہ یہ تمام خلاف ورزی امیدواروں نے نہیں بلکہ ان کے حمایت کرنے والوں نے کی ہے اس پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے انہیں یہ تمام ہٹانے کے احکامات دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اٹک کو بھی حکم دیا کہ وہ 25 جون تک کاروائی مکمل کر کے عدالت کے حکم پر عملدآمد کرائیں اور ان کا اطلاق ضلع بھر میں کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری رولز کی خلاف ورزی نہیں کرنے دیں گے ،عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں امیدوار کو نااہل کیا جا سکتا ہے مانیٹرنگ ٹیمیں اس طرح کی کارروائیوں پر کڑی نظر رکھیں ، انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار الیکشن کمیشن کے قوانین کی پابندی کریں ۔ 

اٹک سٹی:سنگی ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اٹک کے مقامی ہوٹل میں ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا 
سنگی ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اٹک کے مقامی ہوٹل میں ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد پائیدار ترقی کے مقاصد ( SDG ) کے حصول کیلئے صوبائی سطح پر اور بالخصوص ضلع اٹک کی سطح پر کیا اقتدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔اس ورکشاپ میں خصوصاً انصاف ، امن اور اداروں کی مضبوطی کے حوالے سے مشاورت کی گئی ،ورکشاپ میں پروگرام منیجر قمر زمان ، پروگرام آفیسر راحیلہ ، زونل پروجیکٹ کوآرڈنیٹر ضلع اٹک ظہور خٹک ، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اٹک ملک اسرار احمد ایڈووکیٹ ، وائس چیئرمین بلدیہ اٹک ملک طاہر اعوان ، چیئرمین ڈسٹرکٹ پریس کلب اٹک ملک عطاء محمد خان اعوان ، سینئر صحافی حافظ نصرت علی خان ، پریس سیکرٹری ملک کامران ، سردار بلال خان ایڈووکیٹ ، سردار حامد خان ایڈووکیٹ ، خواجہ سرا کومل کے علاوہ سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی ورکشاپ میں اس بات پر زور دیا کہ ہم کس طرح ضلع اٹک سطح پر ان مقاصد کو حاصل کر سکتے ہیں اور اس سلسلہ میں کیا کیا دشواریاں ہیں اور ان سے کیسے نمٹا جا سکتا ہے ورکشاپ میں شرکاء سے سفارشات لی گئیں تاکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اور مزید بہتری لانے کیلئے ایک چارٹر آف ڈیمانڈ مرتب کر کے صوبائی و قومی سطح پر پیش کیا جائے گا تاکہ اس پر قانون سازی کی جا سکے ۔ 

اٹک سٹی:ایس ایس پی حسن اسد علوی کو ڈی پی او اٹک کے عہدے پر تعینات کر دیا گیا 
ایس ایس پی حسن اسد علوی کو ڈی پی او اٹک کے عہدے پر تعینات کر دیا گیا ، حسن اسد علوی قبل ازیں اوکاڑہ میں ڈی پی او کے فرائض سر انجام دے رہے تھے ‘ان کو سابق ڈی پی او اٹک عبادت نثار کی جگہ تعینات کیا گیا ہے جنہیں ڈی پی او چینیوٹ تعینات کر دیا گیا ہے ، حسن اسد علوی جمعہ کے روز اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیں گے اور بعدازاں الیکشن کمیشن کی ہدایت پر اٹک میں ڈی ایس پی ، اے ایس پی اور ایس ایچ او سمیت دیگر پولیس افسران کے تبادلے بھی ہوں گے ۔ 

اٹک سٹی:زراعت کی ضلعی مشاورتی کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا 
زراعت کی ضلعی مشاورتی کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا ،اے ڈی سی ا یف اینڈ پی میر محمد نوازنے اجلاس کی صدارت کی ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومت پنجاب نے کسانوں اور زمینداروں کی فلاح وبہبود کے لیے کئی انقلابی اقدامات کیے ہیں جن کی وجہ سے ضلع اٹک نے زراعت کے شعبہ میں کا فی ترقی کی ہے اور ترقی کا یہ سفر اب بھی جاری ہے ،انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں زراعت کے شعبہ میں مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں۔ کاشتکاروں ، کسانوں اور زمینداروں کو زراعت کی ترقی کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی گئی ہے جس کی وجہ سے صوبہ بھرمیں زرعی انقلاب آیا ہے اور انقلاب کا یہ سفر جاری رہے گا اجلاس میں شرکاء کو ضلع اٹک میں زراعت کے شعبہ میں کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی ۔ 

تحصیل حضرو:بیٹ کامرہ میں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کے خلاف چلائی گئی مہم کے دوران لاکھوں روپے جرمانہ ‘ رپورٹ
ایس ایس پی موٹر وے پولیس نارتھ ون وحید الرحمن کی ہدایت پر ڈی ایس پی عامر جمیل ، ایڈمن آفیسر طارق خان ، آپریشنل آفیسر یونس خان ، روڈ آفیسر انسپکٹر سردار فاروق ، سب انسپکٹران بلال ، شوکت ، عنایت نے بیٹ کامرہ میں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کے خلاف چلائی گئی مہم کے دوران لاکھوں روپے جرمانہ اور درجنوں موٹر سائیکلوں کو بند کر دیا ۔دریں اثناء ایس ایس پی موٹر وے پولیس نارتھ ون وحید الرحمن کی ہدایت پر روزانہ کی بنیاد پر بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کاروائی کی جائے گی ۔ 

گاؤں دریا:پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے حکمرانوں اور عوام نے سادگی کو رواج دینا ہو گا؛ حافظ محمد سعید احمد 
پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے حکمرانوں اور عوام نے سادگی کو رواج دینا ہو گا، شاہانہ اور عیاشانہ کلچر عام کرنے سے معاشرہ تباہ و برباد ہو جائے گا ۔ایم ایم اے اقتدار میں آکر نظام مصطفی کو عملاً نافذ کرے گا جن مقاصد کی خاطر مملکت خدادادِ پاکستان حاصل کیا گیا ،70سال گزرگئے ابھی تک اسلام کا عادلانہ نظام نافذ نہیں ہو سکا ۔ان خیالات کا اظہار ایم ایم اے کے نامزد امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ NA-55اٹک 1صاحبزادہ حافظ سعید احمد آف دریا شریف کی طرف سے اپنے ڈیرے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ۔مقررین نے کیا صدارت ایم ایم اے ضلع اٹک کے صدر مولانا حافظ رفاقت علی حقانی نے کی جب کہ تقریب سے ایم ایم اے کے نامزد امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ NA-55اٹک 1صاحبزادہ حافظ سعید احمد ،امیدواران صوبائی اسمبلی PP-01محمد اقبال ملک ، PP-02مولانا قمر السلام اور PP-03حسن ابدال فتح جنگ مولانا مفتی تاج الدین ،مولانا قاری شیر افضل ،ڈاکٹر امجد حسین کاظمی ، ضلعی امیر جماعت اسلامی و چیئرمین یوسی شینکہ مولانا جابر علی خان ، ضلعی سیکرٹری جنرل ایم ایم اے اقبال خان ، جے یو پی کے نیاز حسین اعوان ، ایم ایم اے ڈپٹی سیکرٹری قاسم خان وردگ اور شہزاد احمد چشتی نے خطاب کیا ۔تقریب سے خطاب ہوئے حافظ سعید احمد امیدوار قومی اسمبلی NA-55نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر عوام کو اپنے نمائندوں کے انتخاب کا موقع مل رہا ہے 25جولائی ان شاء اللہ اسلام پسندوں کی جیت کا دن ہو گا ووٹ میں قوت و طاقت ہے عوام کا یہ حق ہے کہ وہ اپنے میں سے اہل دیانتدار اور جرأت مند قیادت کا انتخاب کرے نام نہاد کرپٹ عناصر کو ووٹ نہ دے کر مسترد کر دے عوام کو چاہیے کہ وہ سیکولر لادین عناصر اور دین بے ذاروں کو یکسر مستر د کر دے اور دیانتدار نمائندوں کا انتخاب کرے ایم ایم اے اقتدار میں آکر عدل و انصاف کا بول بالا ، تعلیم کو عام اور صحت مند معاشرہ قائم کرے گی لوٹ مار کرنے والوں کو مسترد کر دینا چاہیے ،امیدواران صوبائی اسمبلی PP-01محمد اقبال ملک ، PP-02مولانا قمر السلام اور PP-03حسن ابدال فتح جنگ مولانا مفتی تاج الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا اللہ کا یہ احسان ہے کہ دینی اور مذہبی و سیاسی جماعتیں نظام مصطفی کو عملاً نافذ کرنے کیلئے ایم ایم اے کے پلیٹ فارم پر متحد ہو چکی ہیں اس سے قبل عوام یہ کہتے تھے کہ علماء اور دینی جماعتیں اکٹھی اور متحد نہیں ہوتے اب ہم ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو چکے ہیں ہماری قیادت اور نمائندئے عوامی ہیں ہر وقت عوام کے دکھ درد ، غمی و خوشی میں اکٹھے ہوتے ہیں عوام جس وقت چاہیں مل سکتے ہیں ایم ایم اے کا انتخابی نشان کتاب ہے کتاب پر مہر لگا کر کامیاب بنائیں ہم اللہ کے نظام کی خاطر میدان میں نکلے ہیں ہمارا کوئی ذاتی مفاد نہیں ملک و قوم کو خوشحال اور عوام کو انصاف مہیا کریں گے ضلعی صدرمولانا رفاقت علی حقانی نے کہا کہ کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کیے گئے ملک میں ابھی تک نظام مصطفی نافذ نہیں ہو سکا مولانا الشاہ احمد نورانی کے قائم کردہ ایم ایم اے کے اتحاد کو ہم نے دوبارہ برقرار رکھنے کیلئے قائم کیا ہے ،ایم ایم اے کے مرکزی رہنما قاری شیر افضل نے کہا ہمارا مقابلہ لادین اور سیکولر عناصر سے ہے جو قرآن و سنت کے نظام کو عملاً نافذکرنا نہیں چاہتے عوامی سروے کے مطابق 95فیصد سے زائد عوام اسلامی قوانین کا عملاً نفاذ چاہتے ہیں ، 73کا آئین متفقہ آئین ہے ہم اُس کا عملاً نفاذ چاہتے ہیں مغربی عناصر امریکہ ، برطانیہ وطن عزیز پاکستان میں استحکام نہیں چاہتے وہ دینی قوتوں کو دیوار کے ساتھ لگانے پر تلے ہوئے ہیں عوام کو جاگنا ہو گا انہیں یاد رکھنا چاہیے ذوالفقار علی بھٹو نے مرزائیوں کو آئینی طور پر کافر قرار دے کر عظیم کارنامہ سر انجام دیا الیکشن کمیشن کو غیر جانبدارانہ انتخاب کا انعقاد یقینی بنانا ہو گا ۔ 

اٹک سٹی:اُمیدوار تحریک انصاف حلقہ این اے 55/56 میجر طاہر صادق کی فتوحات کا سلسلہ جاری 
اُمیدوار تحریک انصاف حلقہ این اے 55/56 میجر طاہر صادق کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے ،مسلم لیگ ( ن ) کے مختلف علاقوں سے عہدیداران اور کارکنان کی شمولیت جوق در جوق شامل ہیں ۔حلقہ این اے 55 میں بلدیہ اٹک کے سابق امیدوار کونسلر شکیل گجر اور رہنما آئی ایس ایف آفتاب احمد قریشی کی کاوشوں سے گلی شیخوں والی میں دیرینہ مسلم لیگی کارکن سید کاشف بادشاہ کی رہائش گاہ پر سید کاشف بادشاہ ، سید اقتدار بادشاہ ، شیخ محبوب الہٰی ، حمید خان ، طارق محمود وطن پراپرٹی ، عاشق حسین بھٹی ، حاجی رفاقت ، رہنما مسلم لیگ ( ن ) میجر خالد محمود کے بھتیجے شیخ شعیب ارشد ، سمیع اللہ ، نوید محبوب ، عاطف محبوب ، طارق خان ، جواد کیانی ، سمیر بادشاہ ، آصف بھٹی اور طارق خان (وطن پراپرٹی) برادری اور دوستوں سمیت مسلم لیگ ( ن ) چھوڑ کر میجر گروپ میں شمولیت اختیار کر لی۔ اسی طرح تحصیل حضرو کے گاؤں ملاح میں رہنما مسلم لیگ ( ن ) حاجی غفور خان ، تحصیل حضرو کے گاؤں گوندل میں قاضی وقا ص، قاضی بابر وسیم، واثق، قاضی فہیم نے دوستوں برادری سمیت مسلم لیگ ( ن ) چھوڑ کر بلدیہ اٹک کے حلقہ ڈھوک فتح میں ڈاکٹر ارشد فاروقی، سابق امیدوار کونسلر بلدیہ اٹک مسلم لیگ ( ن ) ملک افضال فاروقی ، ملک حافظ وقاص، حافظ عثمان، حافظ عمر، محمد فاروق ، حافظ محمد الیاس، محمد نثار حذیفہ نے دوستوں اور برادری سمیت مسلم لیگ ( ن ) چھوڑ کر میجر طاہر صادق کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ، اسی طرح حلقہ این اے 56 میں فتح جنگ کے گاؤں گکھڑ میں مسلم لیگ ( ن ) عبادت خان ، آصف ، بنارس، رزاق اقبال، سلیم لالہ اپنی برادری اور دوستوں سمیت ، گلی جاگیر میں رہنما مسلم لیگ ( ن ) حاجی الطاف،حاجی ظفر، مسکین اور جہانگیر اپنی برادری اور دوستوں سمیت مسلم لیگ ( ن ) چھوڑ کر میجر طاہر صادق کی قیادت میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر کے عام انتخابات میں ان کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا اعلان کیا ۔ 

گاؤں غورغشتی:عمران خان کے وزیر اعظم بننے کے بعد ان سے ملکر ضلع اٹک کی محرومیاں ختم کرینگے ؛ عطاء الرحمان خان 
عمران خان کے وزیر اعظم بننے کے بعد ان سے ملکر ضلع اٹک کی محرومیاں ختم کرینگے ،ان خیالات کا اظہار امیدوار حلقہ این اے 55/56 تحریک انصاف میجر طاہر صادق نے غورغشتی تحیصل حضرو میں تحصیل صدر مسلم لیگ(ن) حضرو سابق چیئرمین عشر زکوٰۃ کمیٹی ضلع اٹک عطاء الرحمن خان کی ان کے گروپ سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔عطاء الرحمن خان نے میجر طاہر صادق کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے ان کی کامیابی کیلئے ڈور ٹو ڈور مہم چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کیلئے بڑی قربانیاں دیں مگر تجربے سے ثابت ہوا کہ یہ مالشیؤں اور پالشیؤں کی جماعت ہے جہاں پر ورکر کی کوئی قدر نہیں، 8سال مسلسل مسلم لیگ ( ن ) کیلئے وہ کام کیا جو کوئی نہیں کر سکتا لیکن اس کے صلہ میں میرے ہی پر کاٹ دیئے گئے اور میرے گروپ کو بلدیات میں یونین کونسل کا ٹکٹ تک نہ دیا، اب وہ میجر طاہر صادق کی کامیابی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ۔میجر طاہر صادق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ منتخب ہو کر56ہزار سرکاری نوکریاں دیں گے ،انہوں نے حاجی سیف الرحمن خان، عطاء الرحمن خان اور انکے پورے گروپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بطور ضلع ناظم 28ہزار افراد کو سرکاری نوکریاں دی تھیں اب انشاء اللہ کامیابی کے بعد56ہزار افراد کو سرکاری نوکریاں دی جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ میری کامیابی اٹک کے عوام کی کامیابی ہوگی دونوں حلقوں سے الیکشن لڑنے کا مقصد ہی عمران خان کے ساتھ مل کر ضلع بھر کی محرومیاں ختم کرنا ہیں، میاں نواز شریف اقتدار جانے کے بعد پاک فوج اور ملک کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے، 2018کے الیکشن میں مودی کے یاروں اور غداروں کو مسترد کرکے عمران خان کو وزیر اعظم بنائے گی ۔ 

اٹک سٹی: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک حسن اسدعلوی نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کیبعد یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک حسن اسدعلوی نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد پولیس لائن اٹک میں یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی ،اٹک پولیس کے تازہ دم دستے نے ان کو سلامی پیش کی ۔ڈی پی او نے اس موقع پر کہا کہ اٹک کی عوام کی خدمت کرنا اور سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کرنا میری اولین ترجیح ہو گی، میرے دروازے ہر وقت اٹک کی عوام اور اٹک پولیس کے افسران و ملازمان کیلئے کھلے ہیں وہ کسی بھی وقت میرے دفتر تشریف لا سکتے ہیں میں ان سب کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کروں گاْ ۔ 

تحصیل حضرو:پیپلز پارٹی تحصیل حضرو کا عوامی قوت کا مظاہرہ کرنے کا اعلان ، چھچھ بھر میں بہت بڑی ریلی نکالی جائے گی 
پیپلز پارٹی تحصیل حضرو کا عوامی قوت کا مظاہرہ کرنے کا اعلان ، چھچھ بھر میں بہت بڑی ریلی نکالی جائے گی ۔تحصیل حضرو میں پی پی پی قوت کے طور پر سامنے آچکی ہے ،کارکن پارٹی کی کامیابی کیلئے دن رات ایک کریں ۔تحصیل حضرو پی پی 2 سے بھی کئی با اثر دھڑے پی پی پی میں شامل ہو چکے ہیں ،ان خیالات کا اظہار پی پی پی کے نامزد امیدوار حلقہ پی پی 2 احمد خانزادہ نے شادی خان میں پارٹی اجلاس کے دوران کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر حلقہ بھر سے اہم سپورٹرز اور جیالوں کی بڑی تعداد موجود تھی ،احمد خانزادہ نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں پی پی پی بلاول بھٹو کی قیادت میں ملک بھر سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔تحصیل حضرو میں پارٹی کی قوت میں اضافہ اور آگاہی کیلئے بہت جلد ایک ریلی نکالی جا رہی ہے ‘ریلی میں ثابت کریں گے کہ پی پی پی تحصیل حضرو میں بڑی قوت کے طور پر سامنے آئی ہے ۔احمد خانزادہ نے کہا کہ چھچھ کے حقوق حاصل کرنے کیلئے ملک کی بڑی جماعت میں شمولیت اختیار کی ،کامیابی کے بعد چھچھ کی عوام کے حقوق حاصل کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ڈویژنل صدر پی پی پی سردار سلیم حیدر خان کی قیادت میں آنے والے انتخابات میں ضلع اٹک سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے ثابت کریں گے کہ پی پی پی اٹک بھٹو شہید کے چاہنے والوں کا ضلع ہے ،پارٹی کارکن ابھی سے پارٹی کی کامیابی کیلئے اپنا کردار بھرپور طریقے سے شروع کریں ۔ 

پیپلز کالونی ‘ اٹک:والدہ کی عیادت کیلئے جانے والی خاتون کے گھر چوری کی واردات ‘ چور لاکھوں روپے مالیت کی اشیا لے اُڑے
والدہ کی عیادت کیلئے جانے والی خاتون کے گھر چوری کی واردات ‘چور لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات ، لیپ ٹاپ اور نقد رقم 30 ہزار روپے اور دیگر قیمتی سامان چرا کر لے گئے ۔تفصیلات کے مطابق لبنیٰ نے پولیس چوکی سٹی کے ذریعے تھانہ اٹک سٹی میں ایف آئی آر درج کرائی ہے کہ اس کا خاوند امریکہ میں مقیم ہے جبکہ وہ اپنے بچوں کے ہمراہ پیپلز کالونی میں رہائش پذیر ہے ۔وہ والدین کے گھر بمعہ بچوں کے گئی ہوئی تھی اور وہاں اپنی والدہ جن کی ٹانگ ٹوٹی ہوئی تھی کی تیمارداری کر رہی تھی ‘اسے محلے داروں نے بتایا کہ نامعلوم چور اس کے گھر سے 13 تولے طلائی زیورات ، لیپ ٹاپ ، 30 ہزار روپے نقد ، 2 موبائل فون ، ایک ٹیبلٹ ایپل چرا کر لے گئے ۔پولیس نے زیر دفعہ 380 ت پ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے ۔

اٹک سٹی:رکشہ ڈرائیور عوام کو مارنے کے بعد اب پولیس ملازمین کو بھی مارنے لگے ‘مقدمہ درج 
رکشہ ڈرائیور عوام کو مارنے کے بعد اب پولیس ملازمین کو بھی مارنے لگے ‘مقدمہ درج ، تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس کے سب انسپکٹر محمد پرویز نے تھانہ سٹی اٹک میں ایف آئی آر درج کرائی ہے کہ وہ کمیٹی چوک میں ڈیوٹی پر موجود تھا کہ ایک رکشہ نمبر AKU-1513 کمیٹی چوک نو پارکنگ میں رکا جسے عابد چلا رہا تھا ،رکشہ کھڑا کرنے پر کانسٹیبل مبشر محمود نے منع کیا تو رکشہ ڈرائیور نے کانسٹیبل کا گریبان پکڑ لیا اور اسے تھپڑ مارے ۔پولیس نے رکشہ ڈرائیور کے خلاف 353/186 ت پ کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔ 

حضروسٹی: عید کی چھٹیوں میں بھی پنجاب فوڈ اتھا رٹی کی کارروائیوں پر سول سوسائٹی فور م کا خراج تحسین 
عید کی چھٹیوں میں بھی پنجاب فوڈ اتھا رٹی کی کارروائیوں پر سول سوسائٹی فور م کا خراج تحسین ‘عوام کو بہتر خوارک کی فراہمی کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کا عملہ عید کی چھٹیوں میں بھی متحرک ،تفصیلا ت کے مطابق عید کی چھٹیوں میں بھی سو موار کے دن پنجاب فوڈ اتھا رٹی کا عملہ حضرو شہر میں متحرک رہا دکانوں اور بیکریوں کی چیکنگ ، سول سوسائٹی فورم کے چیئر مین منصبدار خان نمبر دار نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے عملہ کو خراج تحسین پیش کر تے ہو ئے کہاکہ سا را ملک عید کی چھٹیوں میں آرام کر رہاہے لیکن شا باش ہے ‘پنجاب فوڈ اتھا رٹی کے عملہ کو کہ عید کی چھٹیوں میں بھی عوام کو بہتر خورا ک کی فراہمی کیلئے متحرک رہے ہم ان کی کا رکر دگی کو خراج تحسین پیش کر تے ہیں ۔ 

اٹک سٹی:اٹک میں ابھر تی ہو ئی عو امی طا قت جما عت اسلا می کا ورکرز کنو نشن اٹک کی سیا ست کا رخ مو ڑ دے گا ؛محمد اقبال ملک 
متحدہ مجلس عمل کے امیدوار صوبائی اسمبلی محمد اقبال ملک نے اپنی رہائش گا ہ پر مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اٹک میں ابھر تی ہو ئی عو امی طا قت جما عت اسلا می کا ورکرز کنو نشن اٹک کی سیا ست کا رخ مو ڑ دے گا ،نوجو انوں کی کثیر تعد اد ریلی کی صو رت میں شر کت کر ے گی ۔ریلی کا آغازڈھوک فتح سے ہو گا جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی دارالسلام کالونی پہنچے گی ،جما عت ا سلا می کی محبت نو جو انو ں کے دلو ں میں بس چکی ہے ‘جسے کو ئی نہیں نکا ل سکتا ۔فا لج زدہ نظا م کو تر قی کی راہ پر گا مزن ور کر ز کنو نشن کا عنو ان ہو گا ،نو جو ان ہما را مستقبل ہیں ان کے لیے ہر یو نین کو نسل میں کھیل کے میدا ن بنا ئیں گے اور انکو حقیقی مقام دلو ائیں گے ،ایک شہر ی جو حق ہے‘ وہ تما م سہو لتیں فر اہم کر یں گے، وفود میں ڈھوک فتح ، مرزا، بوٹا ، سرگ سالار، شکردرہ کے نوجوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ اقبال ملک نے کہا کہ پی پی ون اٹک میں ایک طرف پیسہ ہے اور دوسری شرافت اور جماعت اسلامی کی سیاست ہمیشہ سے شرافت کی سیاست رہی ہے، پارٹیاں بدل بدل کر پرانے چہرے ایک دفعہ پھر سادہ لوح عوام کو بے وقوف بنانے کے لئے آپ کی دہلیز پر آ ئیں گے، انہوں نے کہا کہ ورکر ز کنونشن سے متحدہ مجلس عمل صو بہ پنجا ب کے صدر میا ں مقصود احمد ، امید وار قو می اسمبلی صا حب زا دہ حا فظ سعید احمد کا خصوصی خطاب آنے والے دنوں کے لئے کامیابی کا ضامن ہوگا ۔ 

ضلع اٹک: قیصردلاورجدون کی’’حسن ابدال کے صاحب کتاب‘‘شائع ہوکرمارکیٹ میںآگئی 
قیصردلاورجدون کی’’حسن ابدال کے صاحب کتاب‘‘شائع ہوکرمارکیٹ میںآگئی ،کتاب میں تحصیل حسن ابدال کی65صاحبِ کتاب شخصیات کاتعارف اوران کی تصنیفات شامل ہیں،کتاب اہلیان حسن ابدال کے لئے کسی تحفے سے کم نہیں اورآنے والے وقتوں میں اسے حسن ابدال کے لئے ایک اہم اور مستند ادبی دستاویز کادرجہ ملے گا،اہلِ علم ودانش کامصنف ومحقق قیصردلاورجدون کومبارکبادوزبردست خراج تحسین تفصیلات کے مطابق نوجوان شاعر، رائٹر و افسانہ نگارقیصردلاورجدون کی تحصیل حسن ابدال سے تعلق رکھنے والی صاحبِ کتاب شخصیات پر مشتمل تحقیق’’حسن ابدال کے صاحب کتاب‘‘منظرعام پرآگئی ہے جس میں تحصیل حسن ابدال سے تعلق رکھنے والی ایسی لکھاری شخصیات جن کی حال یاماضی میں کوئی تصنیف یاشعری مجموعہ کتابی شکل میں اشاعت پذیر ہوا ہو، کوشامل کیاگیاہے ان صاحبان علم وادب کی کھوج میں گزشتہ اڑھائی سالوں سے اپنی مدد آپ کے تحت سرگرداں حسن ابدال کے نوجوان لکھاری قیصردلاور جدون کی لگن اورتحقیق بھری جستجوبالآخرعید الفطرکے موقع پرشائع ہوگئی ہے ’’حسن ابدال کے صاحب کتاب‘‘ کے نام سے موسوم یہ تصنیف تحصیل حسن ابدال کی 65شخصیات پرمشتمل ہے جس میں مذکورہ شخصیات اوران کی تصانیف (بمع تصاویر)کاتفصیلی تعارف بھی شامل کیا گیاہے،مزیدبرآں اس کتاب میں 18 کی تعدادمیں صاحبِ کتاب رفتگاں کو بھی شامل کیاگیاہے کتاب کادیباچہ’’ تاریخ حسن ابدال‘‘کے مصنف پروفیسر منظورالحق صدیقی مرحوم کے صاحبزادے بریگیڈئیر (ر)احمدرضاصدیقی نے لکھاہے جبکہ اہل علم و دانش قیصردلاورجدون کی اس کاوش کواہل حسن ابدال کے لئے نادروتاریخی نسخہ قرار دے رہے ہیں جسے آنے والے وقتوں میں پروفیسر منظورالحق صدیقی مرحوم کی تاریخی دستاویز ’’تاریخ حسن ابدال‘‘کے بعد اہلیان حسن ابدال کے لئے دوسرا نایاب تحفہ اور سند سمجھا جائے گا ۔ 

اٹک سٹی: غلبہ دین ہماری اولین ترجیح ہے ،اللہ کے دین کو اس کی دھرتی پر نافذ کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ؛ میاں مقصود احمد
غلبہ دین ہماری اولین ترجیح ہے ،اللہ کے دین کو اس کی دھرتی پر نافذ کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ‘جماعت اسلامی کی جدوجہدفرد واحد کے لیے نہیں بلکہ اللہ کے دین کو غالب کرنے اوردشمن دین کو نیچا دکھانے کے لیے ہے باتیں کرنے اور سننے سے دین غالب نہیںآ سکتابلکہ اس کے لیے عملی میدان میں نکلنا نہایت ضروری ہے ۔ان خیالات کااظہار صدر متحدہ مجلس عمل اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے جماعت اسلامی پی پی ون اٹک کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکرز کنونشن سے ایم ایم اے کے نامزد امیدوار برائے این اے 55حافظ سعید احمد،امیدوار پی پی ون محمد اقبال ملک،صدر ایم ایم اے ضلع اٹک مولانا حافظ رفاقت علی حقانی،ضلعی سیکرٹری جنرل ایم ایم اے اقبال خان ،سردار امجد علی خان اور امیر زون پی پی ون خالد محمودنے بھی خطاب کیا میاں مقصود احمد نے کہا کہ آنے والا الیکشن ہر محب وطن پاکستانی کے لیے امتحان ہے کہ وہ دیانت دار اور پاک دامن کردار کے حامل لوگوں کوقیادت کے لیے منتخب کریں ہمارا رب ہمیں اپنا نائب بنانے کا موقع فراہم کر رہا ہے اس کے لیے اپنے آپ کو کھپانے کی ضرورت ہے ،غلبہ دین کے لیے نیک اعمال اور مضبوط ایمان ضروری ہے پاکستان کو حقیقی اسلامی ریاست بنائیں گے سابقہ حکمرانوں نے ملک میں قرآن وسنت کے نظام کو عملاًنافذ نہیں کیا بلکہ روڑے اٹکائے ملکی معیشت اورزراعت ،تعلیم اور صحت تمام شعبوں کو تباہ و برباد کر کے رکھ دیا غریب ،غریب سے غریب تر ہوتا جا رہا ہے چین،بنگلہ دیش اور شمالی کوریا ہم سے ترقی میں آگے نکل گئے ایم ایم اے نے عوامی قیادت کے لیے نوجوان،جراٗت مند،دیانت دار اور اہل امیدواروں کو ٹکٹ دیے ہیں مستقبل اسلام کا ہے25جولائی کو ایم ایم اے کی کامیابی کا سورج طلوع ہو گاہم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے معاشرے میں امن اور بھائی چارے کو رواج دیں گے جس سے معاشرہ مستحکم اور ترقی یافتہ بن جائے گا تفرقہ بازی کی بجائے اتحاد و اتفاق قائم ہو گا اللہ سے دوری اور امریکہ ہماری مجبوری والا معاملہ نہیں ہو گا ہم عوام الناس کا تعلق اللہ اورقرآن سے جوڑیں گے این اے 55سے امیدوار حافظ سعید احمد نے کہا کہ عوام ٹیکس دے کر بھی مصائب و مشکلات میں پھنسے ہوئے ہیں کوئی پرسان حال نہیں نظام کو بدلنے کی ضرورت ہے ہم ووٹ کے ذریعے نظام کو بدلنا چاہتے ہیں عوام ہمارا ساتھ دے پارٹیاں بدل کر بار بار حکومت کرنے والوں کو مسترد کرنا ہے پی پی ون سے امیدوار محمد اقبال ملک نے کہا کہ ہم موروثی سیاست کا خاتمہ کریں گے تھانہ کچہری میں رشوت کا خاتمہ ہو گا تعلیم کو عام کیا جائے گامحروم طبقہ کو اس کا حق دلوائیں گے صحت اور صفائی کے مسائل کو حل کریں گے ظالم کی بجائے مظلوم کا ساتھ دیا جائے گاپینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے انتظامات کیے جائیں گے۔

اٹک سٹی:جنگلات کے تحفظ میں ہماری اور آنے والی ہماری اور آنے والی نسلوں کی بقاء مضمر ہے؛ضلع کونسل ہال میں سیمینار کا انعقاد
جنگلات کے تحفظ میں ہماری اور آنے والی ہماری اور آنے والی نسلوں کی بقاء مضمر ہے ،پاکستان میں جنگلات کی شرح 1.9، دنیا کے دیگر ممالک مقابلے میں خطرناک حد تک کم ہے ،شجرکاری مہم سے ہم پاکستان میں جنگلات کی شرح کو نہ صرف بڑھا سکتے ہیں بلکہ گلوبل وارمنگ اور ماحولیاتی آلودگی کے سبب پیدا ہونے والے موذی امراض سے بڑی حد تک بچ سکتے ہیں ۔دنیا میں سب سے زیادہ درخت بوٹان میں ہیں ‘اس ملک کا 75 فیصد ، برونائی 70 فیصد ، انڈیا 24 فیصد ، کیوبا 19 فیصد رقبہ جنگلات پر مشتمل ہے جبکہ پاکستان میں جنگلات کی شرح خطرناک حد تک کم ہے ، افغانستان بھی ہم سے آگے ہے ۔ان خیالات کا اظہار ’’ درخت لگاؤ ملک بچاؤ سر سبز پاکستان ‘‘ کے آرگنائزر معروف اینکر عمران خان نے ضلع کونسل حال میں عوام میں شجرکاری مہم کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کیلئے ایک سیمینار کے دوران میڈیا نمائندگان کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا سیمینار کا اہتمام چوہدری وسیم گلزار اور چیئرپرسن ضلع کونسل اٹک ایمان طاہر نے کیا اس موقع پر فوکل پرسن محمد بلال ، صدر انجمن تاجران راشد الرحمن خان ، چیئرمین اٹک پریس کلب رجسٹرڈ ندیم رضا خان ، سینئر وائس چیئرمین شہزاد انجم بٹ ، جنرل سیکرٹری سید قمر الدین شاہ ، جوائنٹ سیکرٹری شیخ بابر قیوم ، چیئرمین ڈسٹرکٹ پریس کلب اٹک ملک عطاء محمد خان اعوان ، وائس چیئرمین عمران علی سیفی ، سرپرست اعلیٰ سینٹرل یونین آف جنرنلسٹس حاجی پرویز خان ، چیئرمین ڈویژنل یونین آف جنرنلسٹس ملک ارشد جعفری ، سعید ارشد خان ، محمد اعجاز کے علاوہ کامسیٹس یونیورسٹی اور اٹک ڈگری کالج کے طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی عمران خان نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں قومی فریضہ سمجھتے ہوئے پاکستان میں جنگلات کے کٹاؤ کے سد باب کیلئے اقدامات اٹھانے ہوں گے بہت جلد جنگلات کے تحفظ کیلئے ٹاس فورس قائم کی جائے گی جو ملک میں بچے گچھے جنگلات کے تحفظ کیساتھ ساتھ نئے جنگلات اگانے کیلئے کام کرے گی جنوبی پنجاب کے تقریباً تمام اضلاع میں جنگلات کے تحفظ کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کرنے کیلئے ہم سیمینار کر چکے ہیں ضلع اٹک کے بعد چکوال میں بھی سیمینار منعقد کیا جائے گا ۔ 

اٹک سٹی:ضلع بھر میں دو قومی حلقوں اور پانچ صوبائی حلقوں میں ٹکٹ میرٹ پر اور مشاورت سے جاری کیے گئے ہیں؛ محمد سلیم شہزاد
ضلعی صدر مسلم لیگ ( ن ) محمد سلیم شہزاد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ( ن ) ضلع اٹک سے کلین سویپ کرے گی ،ضلع اٹک کے دو قومی حلقوں اور پانچ صوبائی حلقوں میں ٹکٹ میرٹ پر اور مشاورت سے جاری کیے گئے ہیں ۔حلقہ این اے 55 سے شیخ آفتاب احمد ، این اے 56 سے ملک سہیل خان کمڑیال جبکہ صوبائی حلقوں حلقہ پی پی 1 سے محمد سلمان سرور ، پی پی 2 سے جہانگیر خانزادہ ، پی پی 3 آصف علی ملک ایڈووکیٹ ، پی پی 4 شیر علی خان اور پی پی 5 ملک بہادر خان کو مرکزی صدر مسلم لیگ ( ن ) محمد شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے ٹکٹ جاری کر دیئے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ماڈل ٹاؤن میں ضلع اٹک میں ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے منعقدہ میٹنگ کے بعد اٹک واپسی پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،محمد سلیم شہزاد نے کہا کہ پارٹی قیادت کی طرف سے مجھے ضلع اٹک میں مسلم لیگ ( ن ) کا وارث قرار دینا میرے لیے اعزاز کی بات ہے ۔ضلع بھر سے درجنوں دھڑوں کی مسلم لیگ ( ن ) میں شمولیت ہماری کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ،انشاء اللہ 25 جولائی کا سورج مسلم لیگ ( ن ) کی فتح کی نوید لے کر طلوع ہو گا ۔ 

اٹک سٹی: مغل اعظم شادی ہال اور ٹیولپ مارکی کے مالک شیخ عامر مجید کی ہمشیرہ وفات پاگئیں 
مغل اعظم شادی ہال اور ٹیولپ مارکی کے مالک شیخ عامر مجید کی ہمشیرہ اور سرپرست اعلیٰ اٹک پریس کلب رجسٹرڈ حاجی محمد فیضیاب خان کی خالہ زاد بہن کی نماز جنازہ مسجد دارالسلام کالونی میں ادا کر دی گئی ،مرحومہ گزشتہ کئی سالوں سے سرطان کے مرض میں مبتلا تھیں ۔نماز جنازہ میں ممبر آزاد کشمیر اسمبلی راجہ محمد صدیق ، امیدوار پنجاب اسمبلی ایم ایم اے محمد اقبال ملک کے علاوہ سیاسی ، سماجی ، صحافی برادری کیساتھ ساتھ ہر مکتبہ فکر کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور لواحقین سے گہرے دکھ و رنج کا اظہار کیا ۔دارالسلام کالونی میں شیخ عامر مجید کی رہائش گاہ پر ان تعزیت کرنے والوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ 

حضروسٹی: سکول کے بچوں کیساتھ پریڈ چھوڑ کر لطائف اور شاعری سننے کے بجائے ان کیساتھ درخت لگانے کی ایکٹیوٹی رکھوائیں؛رپورٹ
درخت بارشوں کے حصول کا سب سے بڑا قدرتی ذریعہ ہیں، درخت کیسے لگائیں ، آپ استاد ہیں بچوں کی اچھی کارکردگی پر ان سے درخت لگوائیں 10 سے 50 روپے تک پودا مل جائے گا ،بچے کو اس درخت سے جذباتی و روحانی لگاؤ بھی ہوگا اور ایک درخت لگانے والا شہری تیار ہو جائے گا ، سکول کے بچوں کے ساتھ پریڈ چھوڑ کر لطائف اور شاعری سننے کی بجائے ان کے ساتھ درخت لگانے کی ایکٹیوٹی رکھوائیں ‘ان کے ساتھ خود مٹی میں بیٹھ کر کام کریں بچوں کا آپ کے ساتھ محبت و اعتماد کا رشتہ بھی بڑھے گا اور درخت بھی لگ جائیں گے ، سکول پرائیویٹ ہے یا جگہ نہیں ہے تو گملے رکھوائیں ، آپ ڈاکٹر ہیں مریض کو نسخے میں لازمی ایک درخت لگانے کا کہیں اسے قائل کریں کہ اس درخت کے لگانے سے اس کی بیماری بھی کنٹرول ہو سکتی ہے یہ اسے سمجھانا آپ کا کام ہے اور آپ یہ کر سکتے ہیں اور غلط بھی نہیں ہے ، آپ انجینئر ہیں ، ڈرافٹس مین ہیں ، جو بھی ماڈل ، نقشہ بنائیں ، جس بھی فیلڈ میں کام کریں وہاں درختوں کے لئے جگہ مختص کریں ، فیکٹری میں ہیں تو ماحولیاتی آلودگی کا دھیان رکھیں ، آپ ہاوس وائف ہیں اپنی بیٹی کی پیدائش پر نیم ، ٹاہلی وغیرہ کے درخت لگائیں ، 25 سال بعد گھر کی لکڑی سے بنا فرنیچر اسے شادی پر گفٹ کر دیں ، بیٹا پیدا ہو تو اتنے ہی عرصے بعد اس کے لئے گھر بناتے ہوئے اپنے ہی درختوں کی قیمتی لکڑی کے دروازے کھڑکیاں بنائیں ، روز کی گھر میں جمع ہو جانے والی آم ، آڑو ، جامن وغیرہ کی گٹھلیاں تھیلہ میں اکٹھی کریں ، صاحب کو بائیک نکالنے کا کہہ کر بیٹی یا بیٹے کو تھیلہ پکڑائیں اور ان سے کہیں سات آٹھ کلو میٹر کے ایریا میں ان کو دس دس میٹر کے فاصلے پر روڈ سائیڈ پر پھینکتے آئیں ، آپ سٹوڈنٹ ہیں ، کہیں گھومنے پھرنے جائیں تو جہاں ہزاروں روپیہ خرچ کرنے کے لئے لے کر جاتے ہیں وہیں 500 روپے تک کے پودے لے کر چلے جایا کریں اور دریاوں کے کنارے انہیں لگا آئیں ، سکول ، کالج ، یونیورسٹی میں کوئی ایکٹیوٹی رکھنی ہے تو ایک ایکٹیوٹی درخت لگانے کی بھی رکھیں ، درخت لگانے کی بہترین جگہ دریا ، نہریں اور سڑکوں کے کنارے ہیں ان جگہوں پر نیم ، کیکر ، شیشم اور شہتوت کے درخت بغیر دیکھ بھال کئے بھی لگ جاتے ہیں ، پھل دار درخت گھروں میں لگائیں یا سکول کالجز ہسپتال وغیرہ کو گفٹ کریں اور خود لگا کر آئیں، اہم ترین نوٹ آہستہ آہستہ شاپر کا استعمال کم کرتے جائیں پرانے وقتوں کی طرح کپڑے کے تھیلوں کے استعمال پر آئیں جو اب ہر ڈیزائن میں ملتے ہیں بازار جاتے ہوئے تھیلا گھر سے لے کر جائیں شاپر درخت اگنے میں بھی رکاوٹ ہے اور ماحول کو خراب کرتا ہے ۔ 

اٹک سٹی:وارڈ کے الیکشن سے لے کر 6 مرتبہ اسمبلی کے ایوانوں تک اللہ کی مدد اور حلقہ کی عوام کے تعاون سے پہنچے ؛ شیخ آفتاب احمد
اُمیدوار مسلم لیگ ( ن ) قومی اسمبلی حلقہ این اے 55 شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ ہماری سیاست کا محور حلقہ کی عوام ہیں ،وارڈ کے الیکشن سے لے کر 6 مرتبہ اسمبلی کے ایوانوں تک اللہ کی مدد اور حلقہ کی عوام کے تعاون سے پہنچے ہیں ،اپنی سیاسی تاریخ میں ہمیشہ اپنی ذات کی نفی کر کے عوام کی خدمت کو ترجیح دی ہے ہمارا 5 سالہ دور جس کو دھرنوں اور سازشوں نے گھیرے رکھا مگر اس کے باوجود حلقہ میں اربوں روپے کے ریکارڈ تر ترقیاتی کام ہماری خدمات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ہم نے اٹک شہر جیسے پسماندہ شہر کو حقیقی معنوں میں روڈ ماڈل بنایا قطب بانڈی سے لے کر ملاں منصور اور تحصیل اٹک کے کونے کونے میں سوئی گیس مکمل کر دی 256 سے زائد دیہاتوں میں ہمارے کام خود بول رہے ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اٹک شہر میں اپنی آبائی وارڈ سے الیکشن کمپئین کے سلسلہ میں منعقد ہ تقریب کے موقع پر بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب کا اہتمام شفیق قریشی نے کیا اس موقع پر ضلعی صدر مسلم لیگ ( ن ) محمد سلیم شہزاد ، وائس چیئرمین بلدیہ اٹک ملک طاہر اعوان ، مبارس خان علی زئی ایڈووکیٹ ، شیخ حامد محمود ، وائس پریذیڈنٹ کنٹونمنٹ بورڈ اٹک کینٹ ملک شاہنواز اعوان ، تحصیل اٹک اور حضرو کے چیئرمین یونین کونسل خالق زمان خالقی ، کامل حیات ، یاسر خان جلالیا ، حاجی نسیم خان ، چن شیر افسر کے علاوہ مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما رانا سہیل ، ملک اکمل شفیق ، کاکا بیگ ، جمیل خان ، بلدیہ کونسلرز شیخ ظہور الہٰی ، شیخ غلام صمدانی ، شیخ عارف ، میاں شاہنواز ، شیخ پرویز ، شیخ شاہد تابانی ، شیخ صدام ، منا ماسٹر ، اذان اعوان ، شیخ اجمل کے علاوہ شہریوں اور گردونواح کی کثیر تعداد موجود تھی ، تقریب سے ملک طاہر اعوان ، محمد سلیم شہزاد ، شفیق قریشی ، مبارس خان علی زئی نے بھی خطاب کیا امیدوار پنجاب اسمبلی شیخ سلمان سرور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں بہت خوش ہوں اسی وارڈ سے میرے والد شیخ آفتاب احمد اور میرے چچا شیخ شاہد محمود شیدی نے اپنی سیاست کا آغاز کرتے ہوئے تاریخی فیصلے کیے تھے موجودہ مسائل سے ملک کو صرف مسلم لیگ ( ن ) کی قیادت محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف ہی نکال سکتے ہیں 25 جولائی کو شیر پر مہر لگا کر مسلم لیگ ( ن ) کو دوبارہ اقتدار میں لانے کیلئے عوام ہمارا ساتھ دیں ۔ 





















No comments:

Post a Comment