News from Hazro City, Chhachh Valley and District Attock, Updated from Hong Kong.
اٹک سٹی:گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج اٹک میں چھ ماہ کے کنٹریکٹ پر بھرتی ہونے والے 22 سی ٹی آئی لیکچرار بغیر وجہ بتائے فارغ
گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج اٹک میں چھ ماہ کے کنٹریکٹ پر بھرتی ہونے والے 22 سی ٹی آئی لیکچرار بغیر وجہ بتائے فارغ ‘تفصیلات کے مطابق گزشتہ دو ہفتے قبل محکمہ گورنمنٹ کالجز کی طرف سے پنجاب بھر کے کالجوں میں اساتذہ کی کمی پوری کرنے کے لئے سی ٹی آئی لیکچرار بھرتی کے لئے باقاعدہ اخبار اشتہارات شائع ہوئے درخوست گزاروں کی بطور لیکچرر تعیناتی مکمل کوائف میرٹ پر پورا اترنے اور انٹرویو کے بعد لائی گئی ،اس ضمن میں مذکورہ کالج میں 22 سی ٹی آئی لیکچرار بھرتی ہوئے اور چھ سات دن باقاعدہ پڑھانے کے بعد ان لیکچرار کو زبانی حکم کے ذریعے کالج میں آنے اور پڑھانے سے منع کردیا ہے ۔ان لیکچرار نے میڈیا کو بتایا کی ہمیں باقاعدہ چھ ماہ کے کنٹریکٹ کا لیٹر دیا گیا اور اب پڑھانے سے روک دیا ہے ،اس حوالے سے ڈائیرکٹر کالجز نے اپنے موقف میں کہا کہ ان کی تعیناتی اور اشتہار شائع کرنے میں غلط فہمی ہو گئی تھی جس بنا پر وقتی طور پر ان لیکچرار پڑھانے سے روک دیا ہے ۔
اٹک سٹی:آئین پاکستان تمام مذاہب کے ماننے والوں کے ساتھ برابری کے سلوک کی اجازت دیتا ہے ؛ سید اعجاز حسین بخاری
آئین پاکستان تمام مذاہب کے ماننے والوں کے ساتھ برابری کے سلوک کی اجازت دیتا ہے ،مسیحی برادری کے ساتھ نا انصافی نہیں ہونے دیں گے اقلیت اور اکثریت کے حقوق برابر ہیں ۔تاریخی مسیحی قبرستان المعروف (گورا قبرستان ) کے داخلی راستے میں ناجائز تعمیرات کو افہام و تفہیم سے ختم کروایا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار سابق ممبر صوبائی اسمبلی پی ٹی آئی سید اعجاز حسین بخاری نے یو پی چرچ کے پادری جاوید جانسن پیٹر کی جانب سے دی جانے والی دعوت کے موقع پر جس میں موجود مسیحی برادری کے پاسٹر جیکسن ، پاسٹر ڈیوڈ ، پاسٹر خرم ، ڈیکن(DEACON)ظہیر شہزاد ، معروف سیاسی و سماجی کارکن شیریں اسلم ، دانش شہنشاہ ،ایوب مٹو، صداقت ، مورس کے علاوہ مسیحی برادری کی کثیر تعداد موجود تھی، سید اعجاز حسین بخاری نے کہا کہ وہ ایک مختصر ودفد کے ساتھ سٹیشن کمانڈر اٹک کینٹ سے ملاقات کر کے اس مسلے کو حل کروائیں گے انہوں نے کہا کہ وہ کرسچن کمیونٹی کے ساتھ ہیں اور جہاں بھی آپ کے جائز حقوق کی بات ہو گی وہ بھر پور طریقے سے آپ کا ساتھ دیں گے اس موقع پرموجود پادری جاوید جانسن نے سید اعجاز حسین بخاری کا چرچ میں آمد پر شکریہ ادا کیا (گورا قبرستان )کے داخلی دروازے کے سامنے غیر قانونی تعمیرات کے سلسلے میں پُر امن احتجاج کرنا تھا مگر ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی اور اسسٹنٹ کمشنر اٹک عاطف خان کی درخواست پر احتجاج کو موخر کر دیا کیونکہ ہم قانون کو احترام کرتے ہیں اور اس ملک کے شہری ہیں اور یہ ملک بڑی قربانیوں سے حاصل کیا ہے ۔
ضلع اٹک:تحریک لبیک کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاون جاری ، تحریک لبیک کے ضلع بھر سے درجنوں کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا
تحریک لبیک کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاون جاری ، تحریک لبیک کے ضلع بھر سے درجنوں کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا ۔گرفتارہونے والوں میں مرکزی رہنما سابق امیدوار قومی اسمبلی اور تحریک لبیک پاکستان کی رجسٹریشن کروانے والے حفیظ اللہ علوی بھی شامل ہے ،پولیس نے تحریک لبیک پاکستان سے تعلق نہ ہونے کے باوجود مرکزی رہنما اے ٹی آئی ڈاکٹر ضیاء الرحمن نورانی کو بھی گرفتار کر لیا جبکہ تحریک لبیک کے کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، تحصیل پنڈی گھیب میں غریب وال چوک پر تحریک لبیک کے کارکنان کا احتجاج جاری، علامہ خادم رضوی کے آبائی گاؤں سے آنے والے قافلے کو ڈھوک اعوان پر پولیس نے روک رکھا ہے ،پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود ہے مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کے سبب ڈی ایس پی حفیظ احمد اولکھ سمیت 4 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے پولیس فورس کی قیادت ڈی پی او حسن اسدعلوی کر رہے تھے زخمی ڈی ایس پی سمیت تینوں پولیس اہلکاروں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا پنڈی گھیب میں علامہ خادم حسین رضوی کے آبائی گاؤں نکہ کلاں اور گردونواح میں پولیس کا گھر گھر سرچ آپریشن میں درجنوں کارکنان کو گرفتار کر لیا گیا ۔پنڈی گھیب میں احتجاج کرنے والوں کی قیادت علامہ خادم حسین رضوی کے بھائی امیر حسین کر رہے ہیں جن کی قیادت میں 100 سے زائد ورکرز نے پنڈی گھیب روڈ کو بلاک کیا پولیس نے ان پر شیلنگ کی تو انہوں نے ان پر پتھراؤ کیا جس سے ڈی ایس پی حفیظ احمد اولکھ سمیت 4 اہلکار زخمی ہوئے اس پر پولیس نے 5 افراد کو گرفتار کیا جن میں علامہ خادم حسین رضوی کے بھائی امیر حسین ، حافظ غلام رسول ساکن گلیال ، نور محمد ولد گل محمد ، منظور حسین ولد خان بہادر ، حافظ نیاز ولد نور محمد جبکہ تحصیل جنڈ سے 6 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں قاری محمد رمضان ولد غلام شبیر ، محمد اسحاق ولد زمرد خان سکنائے گلیال ، محرم خان ولد مدد خان ساکن رنگلی ، قاری محمد شفاء ولد شیر جنگ ساکن محلہ اسٹیشن جنڈ ، مولانا عبدالعزیز ولد اللہ داد ، محمد صدیق ولد محمد اشرف سکنائے چھپڑی ، تحصیل اٹک سے گرفتار ہونے والوں میں ڈاکٹر ضیاء الرحمن نورانی ، سابق امیدو ار قومی اسمبلی حفیظ اللہ علوی ولد عبدالمجید ساکن پیپلز کالونی ، تحصیل پنڈی گھیب سے گرفتار ہونے والوں میں پیر فقیر معین شہزاد چشتی ، ایم محمد ابو ذر ساکن کھوڑ ، تحصیل فتح جنگ سے 2 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں گدی نشین دربار سائیں حاضر حضور ، حاجی سجاد اور خطیب مسجد فتح جنگ علامہ محمد عرفان قادری ، جبکہ تحصیل حضرو سے 3 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں حارث شاہ ولد سخاوت شاہ ، سید جائیداد علی شاہ ولد سجاد علی شاہ سکنائے جتیال ، تحصیل امیر تحریک لبیک پاکستان اٹک عمران صدیق ولد عبدالرحمن ساکن مانسر ، تھانہ صدر اٹک میں 2 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں خطیب مسجد الہدیٰ مراقبہ حال شیں باغ ، قاری عظمت اللہ ولد غلام سرور ساکن مندرہ کلاں ڈیرہ اسماعیل خان ، خطیب جامع مسجد نور قلندریہ فقیر آباد ، مولانا عارف ولد رحیم ساکن مانسر ، تھانہ حضرو سے گرفتار ہونے والوں میں مہدی شاہ زمان ولد پہلوان خان ساکن بارہ زئی شامل ہیں ۔
اٹک سٹی:ڈی جی آئی پی ڈبلیو ایم ،حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی اٹک کی تنظیم نو کر دی گئی ہے
ڈی جی آئی پی ڈبلیو ایم ،حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی اٹک کی تنظیم نو کر دی گئی ہے جس کے مطابق ڈپٹی کمشنر اس کے کنوینئر ہوں گے دیگر ممبران میں ڈی پی او ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( ریونیو ) ، ا یڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( جنرل ) ، ضلع بھر کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز ، ڈی ایچ او ، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائف سٹاک ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ، ایکسٹرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت ، ڈی ایف سی ، ڈی او آئی پی ڈبلیو ایم ، تمام سیکٹریزمارکیٹ کمیٹی ، ضلعی آفیسر اطلاعات ، اسپیشل برانچ کا نمائندہ ، ریجنل منیجر یو ٹلٹی سٹور ، نائب صدر چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز ، تمام تحصیلوں کے انجمن تاجران کے صدور اور جنر ل سیکٹریز ، صدر میٹ اینڈ بیف ایسوسی ایشن ، صدر ہوٹل اینڈ بیکرزایسو سی ایشن ، صدر نان بائی ایسو سی ایشن ، فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایسو سی ایشن حاجی محمد اکرام ، پریس رپورٹران ندیم رضا خان ، سید قمرالدین ، صارفین کے نمائندوں میں تاج گل خان ، محمد ندیم ، کونسلر ظفر اقبال ، سردار طارق محمود ، ملک نوید حسین ، کیپٹن ( ر ) فقیر خان خٹک ، میڈم جعفری ، حبدار شاہ ، ملک عدنان اور اسد عباس شاہ شامل ہیں اس ضمن میں باقاعدہ احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں ۔
اٹک سٹی:اے سی اٹک محمد عاطف نے کھلی کچہری میں کی جانے والی شکایات کا نزلہ غریب ریڑھی بان پر گرا کر اسے جیل بھجوا دیا
اے سی اٹک محمد عاطف نے کھلی کچہری میں کی جانے والی شکایات کا نزلہ غریب ریڑھی بان پر گرا کر اسے جیل بھجوا دیا، تفصیلات کے مطابق اے سی اٹک محمد عاطف نے تھانہ سٹی اٹک میں ایف آئی آر درج کرائی کہ کامسیٹس یونیورسٹی کے قریب ریڑھی بان محمد عاشق ولد فضل کریم اعوان سکنہ نیوٹاؤن جو گراں فروشی کر رہا تھا اور اس کے پاس ریٹ لسٹ بھی نہیں تھی ‘کے خلاف پرائس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرا کے جیل بھجوا دیا ،تفتیش سب انسپکٹر محمد افضل کر رہے ہیں ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ مشیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کی کھلی کچہری میں ان کے خلاف عوامی شکایات کے رد عمل میں ان کا رویہ اٹک کے شہریوں کے ساتھ انتہائی جارحانہ ، تضحیک اور تذلیل آمیز ہو گیا ہے ۔
اٹک سٹی:ماں باپ کی عظمت اسلام نے اتنی بلند کی کہ انہیں اُف تک کہنے کو گناہ کبیرہ قرار دے دیا ؛علامہ مفتی منصور رضا قادری
ماں باپ کی عظمت اسلام نے اتنی بلند کی کہ انہیں اُف تک کہنے کو گناہ کبیرہ قرار دے دیا ،یہ آقائے دوجہاں ﷺکی خاص عنایات میں سے ہے کہ اسلام نے ماں کے قدموں تلے جنت رکھ دی ، ادب ماں کا اور حکم باپ کا جاری کر دیا گیا ماں باپ کے نافرمان کیلئے جنت کے دروازے ہمیشہ کیلئے بند کر دیئے جاتے ہیں ۔انبیاء کرام کو بھی ماں کی دعاؤں کا محتاج رکھا گیا ہے ،ان خیالات کا اظہار معروف عالم دین علامہ مفتی منصور رضا قادری نے ممبر پنجاب بار کونسل سید عظمت علی بخاری ایڈووکیٹ سپریم کورٹ ، سید فرخ عنایت بخاری ایڈووکیٹ ، سید شفقت علی شاہ کی والدہ محترمہ کی محفل چہلم میں بیان کرتے ہوئے کیا ۔اس روحانی محفل کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا اور معروف نعت خوانوں نے ہدیہ نعت پیش کی محفل چہلم میں جسٹس لاہور ہائی کورٹ صداقت علی خان اور سابق صدر لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن شیخ احسن الدین اور سیاسی رہنما حاجی محمد اکرم خان ، سید محمد ایوب بخاری ایڈووکیٹ سپریم کورٹ ، سید زاہد حسین بخاری ایڈووکیٹ سپریم کورٹ چیئرمین نعت کونسل ڈاکٹر عرفان قادری ، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملک اسرار احمد ، جنرل سیکرٹری سید فیصل پرویز بخاری کے علاوہ علاقہ بھر سے وکلاء ، معززین علاقہ اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔
اٹک سٹی:ملک امین اسلم کی ڈپٹی کمشنر آفس میں پہلی کھلی کچہری ، ضلع بھر کے وفاقی اور صوبائی محکموں کے سربراہان سمیت شہریوں کی شرکت
مشیر وزیر اعظم برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کی ڈپٹی کمشنر آفس کے سبزہ زار میں پہلی کھلی کچہری ، ضلع بھر کے وفاقی اور صوبائی محکموں کے سربراہان سمیت شہریوں کی شرکت ،شہری تحریک انصا ف کی سرپرستی میں قبضہ مافیا کی مذموم کاروائیوں سمیت مختلف سرکاری محکموں کے خلاف پھٹ پڑے ، کھلی کچہری سے خطاب میں ملک امین اسلم نے اٹک کے تمام موجودہ مسائل کا ذمہ دار تحریک انصاف کے ممبران اسمبلی کو قرار دے دیا ، کھلی کچہری بدنظمی کا شکار ہو گئی ،کھلی کچہری میں پولیس ، سوئی گیس ، محکمہ مال، اے سی اٹک ،محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم کے خلاف شہری پھٹ پڑے ، کھلی کچہری بدنظمی ، ہلڑ بازی ، منظور نظر افراد کو مائیک دے کے ان کی بات سننے اور مخالفین کو بات کرنے کی اجازت نہیں دی گئی جس کے سبب کھلی کچہری کے دوران سے ہی لوگ مایوس ہو کر واپس جانا شرو ع ہوگئے ،ضلع بھر سے آئے ہوئے لوگوں نے زبانی اور تحریری درخواستوں کے ڈھیر لگادئیے،ملک امین اسلم نے بعض درخواستوں پر موقع پر مسائل کے حل کے حوالہ سے ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ خان نیازی اور دیگر محکموں کے افسران کو احکامات جاری کئے ۔
ہانگ کانگ:وزیر اعظم عمران خان کے کامیاب دورہ ملائیشیاسے دو طر فہ تعلقات کی سنہری دور میں داخل ہوچکے ہیں ؛ منصف خان
ہانگ کانگ میں مقیم معروف سماجی وکاروباری شخصیت منصف خان آف ابابکرگاؤں (حضرو) نے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے کامیاب دورہ ملائیشیاسے دو طر فہ تعلقات کی سنہری دور میں داخل ہوچکے ہیں ،وزیر اعظم عمران خان کا پاکستان کو دنیا بھر میں ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے کا خواب ضرور شرمندہ تعبیر ہوگا ۔پاکستان اغیار کی جنگ لڑ کر اپنے ملک کے امن کو مکمل طور پر تباہ کیا جسکا ناقابل تلافی نقصان پاکستان اٹھارہاہے ،اپوزیشن جماعتیں پوائنٹ سکورنگ سیاست کی بجائے ملکی مفادات کیلئے حکومت کاساتھ دیں اور مسائل حل کرنے میں اپنا کردار اداکریں ۔اپنے بیا ن میں منصنف خان نمبرون نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف نئے بلدیاتی نظا م سے عوام اور حکمرانوں کے درمیان فاصلوں کوختم کرناویژن ہے ،بااختیا ر عوام ہی پاکستان کے مسائل حل کرتے ہوئے ملک کو ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن کریگی ۔
ہانگ کانگ:پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک میں کھڑ اکر نا وزیر اعظم عمران خان کا ویژن ہے ؛ ساجد محمود
ہانگ کانگ میں مقیم گاؤں غورغشتی کی معروف سماجی شخصیت ساجد محمود نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف عوام کی توقعات کے عین مطابق اپنے ویژن پر عمل پیرا ہے ،پاکستان کو بہترین اقتصادی اور معاشی پالیسو ں دنیا بھر سے پاکستان پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا گیاہے۔ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک میں کھڑ اکر نا وزیر اعظم عمران خان کا ویژن ہے ،شیلٹر ہاؤس سکیم سے غریب اور بے سہارا لوگو ں کو گھر جیسی نعمت سے آراستہ کرنے سے مدینہ کی فلاحی ریاست کی جانب اپنے قدم گامز ن کردئیے ہیں ۔اپنے بیان میں ساجد محمود نے مزید کہاکہ پاکستا ن تحریک انصاف عوام کی خدمت کی پالیسوں پر یقین رکھتی ہے ،نئے بلدیاتی نظام سے پی ٹی آئی عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل کریگی۔
اٹک سٹی:تحریک انصاف کی حکومت اپنی نا تجربہ کاری کی بدولت وطن عزیز کو تباہی کے دہانے پر لے آئی ہے ؛ ملک سہیل خان کمڑیال
نومنتخب رکن قومی اسمبلی مسلم لیگ ( ن ) ملک سہیل خان کمڑیال نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت اپنی نا تجربہ کاری کی بدولت وطن عزیز کو تباہی کے دہانے پر لے آئی ہے ،یوٹرن پر بجائے ندامت کا اظہار کرنے کے اس کی تعریف کرنے والے عمران خان وزیراعظم بننے کے باوجود اپنے آپ کو ڈی چوک دھرنا سے باہر نہیں لا سکے اور خدشہ ہے کہ ایک دن وہ یہ بھی بیان جاری نہ کردیں کہ جھوٹ نہ بولنے والا لیڈر نہیں ہوتا ،انہوں نے مزیدکہا کہ ان کا حلقہ انتخاب مکمل طور پر پسماندہ ہے اور بیروزگاری سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں گے ،علاقہ کی تعمیر و ترقی کیلئے وہ اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے تحریک انصاف کی حکومت کے 100 دن میں سوائے جھوٹ کے اور کچھ نہیں اور موجودہ حکومت قطعی طور پر عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہے ۔
اٹک سٹی:طاہر صادق نے ڈسٹرکٹ جیل میں 2 اسیران کی سزا مکمل ہونے کیبعد انکی سزا کا جرمانہ اپنی جیب سے ادا کر کے رہائی دلوادی
رکن قومی اسمبلی میجر طاہر صادق نے ڈسٹرکٹ جیل میں اسیر 2 اسیران زاہد محمود ولد ذوالفقار حسین اور لیاقت ولد رکن دین کی سزا مکمل ہونے کے بعد ان کی سزا کا جرمانہ اپنی جیب سے ادا کر کے ان کو رہائی دلوادی۔اس موقع پر ان کے ہمراہ سپر ٹنڈنٹ اٹک جیل اشتیاق گل ، جمریز خان اور ایم ڈی مغل اعظم و ٹیولپ مارکی شیخ عامر مجید ، ندیم جعفر خان ، چیئرمین اٹک پریس کلب رجسٹرڈ ندیم رضا خان ، سینئر صحافی طاہر نقاش ، صوفی فیصل بٹ کے علاوہ دیگر عہدیداران بھی موجود تھے ،ایم ڈی مغل اعظم شیخ عامر مجید کی طرف سے اسیران کو قرآن مجید اور جائے نمازیں بھی دی گئیں ۔رکن قومی اسمبلی میجر طاہر صادق نے اسیران کو اپنی بقیہ زندگی حکم خداوندی کے تحت بسر کر نے کی تلقین کی ،بعد ازاں رہا ہونے والے دونوں قیدیوں جنہیں عدالت سے منشیات کی دفعہ 9-C میں ساڑھے 4 سال سزا دی گئی تھی ‘سزاپوری ہونے پر غربت کے سبب جرمانہ جو مبلغ 40 ہزار روپے تھا ادا نہ کرنے کی وجہ سے قید کی سزا کاٹ رہے تھے ۔رکن قومی اسمبلی میجر طاہر صادق نے رہائی کے بعد دونوں کو اپنی گاڑی میں بس اڈہ تک پہنچایا اور کرایہ کی ادائیگی کرکے انہیں پنڈی گھیب کی مسافر ویگن میں سوار کرانے کے علاوہ انہیں جیب خرچ بھی دے کر رخصت کیا ۔
اٹک سٹی:ضلع اٹک میں انٹر تحصیل ضلعی سطح پر والی بال مقا بلوں کا انعقاد ‘گورنمنٹ ایم سی سکول اٹک میں منعقد ہوا
ضلع اٹک میں انٹر تحصیل ضلعی سطح پر والی بال مقا بلوں کا انعقاد ‘گورنمنٹ ایم سی سکول اٹک میں منعقد ہواجس میں تحصیل حضرو ، اٹک ، فتح جنگ ، جنڈ اور پنڈی گھیب نے حصہ لیا تحصیل جنڈ اور حضرو کے مابین فائنل میچ کھیلا گیا جو تحصیل جنڈ نے ایک بھرپور مقابلہ کے بعد جیت لیا، میچ کے مہان خصوصی گورنمنٹ ایم سی سکول اٹک کے ہیڈ ما سٹر محمد عارف تھے آخر میں کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے ۔
تحصیل حضرو:جی ٹی روڈ پر گوندل کے قریب کار اور ٹریکٹر ٹرالی میں حادثہ ، متعدد افراد زخمی
جی ٹی روڈ پر گوندل کے قریب کار اور ٹریکٹر ٹرالی میں حادثہ ، متعدد افراد زخمی ، خواتین بھی شامل ، تمام افراد کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا دونوں گاڑیاں پشاور کی جانب جا رہی تھیں ۔
اٹک سٹی:ضلعی صدر مسلم لیگ ( ن ) محمد سلیم شہزاد کی خوش دامن کی نماز جنازہ مرکزی عید گاہ شکردرہ میں ادا کی گئی
ضلعی صدر مسلم لیگ ( ن ) محمد سلیم شہزاد کی خوش دامن ، صدر مینا بازار ایسوسی ایشن ساجد وحید ، لکی جنرل سٹور کے مالک منیر احمد اور جمیل خان کی والدہ کی نماز جنازہ مرکزی عید گاہ شکردرہ میں ادا کی گئی ۔نماز جنازہ میں سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد ، رکن پنجاب اسمبلی سردار افتخار احمد خان ، چیئرمین بلدیہ ناصر محمود شیخ ، وائس چیئرمین ملک طاہر اعوان ، سابق امیدوار پنجاب اسمبلی ملک حمید اکبر خان ، رہنما میجر گروپ حاجی محمد اکرم خان ، پرنسپل گورنمنٹ پائلٹ سکول شیخ آصف محمود صدیقی ، ضلعی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر میاں راشد مشتاق ، وائس چیئرمین شاہراہ سعد اللہ ، یونین کونسل سردار جاوید اقبال خان ، سردار امتیاز احمد تاجہ بارا ، سابق ممبر ضلع کونسل حاجی محمد اسلم منڈی والے ، نگران اعلیٰ مرکزی سیرت کمیٹی رجسٹرڈ اٹک الحاج محمد الیاس ، سالار اعلیٰ ملک شیر افضل خان ، ڈپٹی سیکرٹری صبغت اللہ بابر ، چیئرمین اٹک پریس کلب رجسٹرڈ ندیم رضا خان کے علاوہ مختلف سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے سربراہان ، اعلیٰ سول و فوجی حکام ، مختلف سیاسی جماعتوں کے ضلعی اور دیگر تنظیموں کے عہدیداران ، چیئرمین ، وائس چیئرمین یونین کونسل ، کونسلران ، سول سوسائٹی اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی مرحومہ کو ان کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔
اٹک سٹی:ڈی پی او حسن اسد علوی کی ہدایت پر منشیا ت اور اسلحہ کیخلاف چلائی گئی مہم کے دوران مختلف تھانوں نے متعدد افراد کو گرفتار کر لیاگیا
ڈی پی او حسن اسد علوی کی ہدایت پر منشیا ت اور اسلحہ کے خلاف چلائی گئی مہم کے دوران مختلف تھانوں نے متعدد افراد کو گرفتار کر لیاگیا ،سب انسپکٹر تھانہ سٹی اٹک احتشام الحق نے عملہ کے ہمراہ دوران گشت موٹر سائیکل پر سوار 2 نوجوانوں کو اراضی سنٹر کے قریب روک کر چیک کیا تو ان کے پاس سے 10 کپی شراب برآمد کر کے ملزمان کے خلاف 3/4 حد امتناع منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ،دوسری کاروائی میں سب انسپکٹر چوکی کامرہ تھانہ صدر اٹک عامر حسین نے عملہ کے ہمراہ دوران گشت ایک شخص سے530 گرام چرس برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا ، تیسری کاروائی میں اے ایس آئی تھانہ صدر حسن ابدال سید تسکین عباس نے مخبر کی اطلاع پر پتھر گڑھ روڈ قندھاری پور چوک کے قریب ایک شخص سے پسٹل 30 بورمعہ 3 گولیاں برآمد کر کے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ۔
ضلع اٹک:وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی گودروارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال آمد
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی گودروارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال آمد ،انہوں نے بھارت سے آئے سکھ یاتریوں کو پنجہ صاحب میں خوش آمدید کہا ۔انہوں نے گوردوارہ سری پنجہ صاحب کا دورہ کیا اور سکھ یاتریوں کے لیے فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ بھی لیا ،پنجہ صاحب آمد پر یاتریوں نے وفاقی وزیر شیخ رشید کو خوش آمدید کہا اور پھولوں کے ہار پہنائے۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پنجہ صاحب پر پولیس کے چاق وچوبند دستوں کی ڈیوٹی کو سراہا ،انہوں نے ریلوے اسٹیشن کا دورہ بھی کیا اور وہاں مسافروں کے لیے ناقص انتظامات ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور حسن ابدال میں تجاوزات کی صورتحال پر بھی آپریشن کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے 4 روز میں تجاوزات کے خاتمہ کی رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کیے ۔انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حسن ابدال اور نارووال ریلوے اسٹیشن کو جدید بنایا جا رہا ہے ،حسن ابدال ریلوے اسٹیشن پر 25 کروڑ روپے اور نارووال ریلوے اسٹیشن پر 40 کروڑ روپے کی خطیر رقم سے ان دونوں کو خوبصورت اور جدید بنایا جا رہاہے ۔انہوں نے ریلوے پشاور ڈویژن کی کارکردگی پر عدم اعتماد کرتے ہوئے فوری طور پر ریلوے اسٹیشن حسن ابدال کو پشاور ڈویژن کی بجائے راولپنڈی ریلوے ڈویژن کے زیر اہتمام کرنے کے احکامات جاری کیے جس کے تحت یکم دسمبر سے یہ راولپنڈی ڈویژن کے زیر انتظام ہو جائے گا اور یہاں کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کیے جائیں گے انہوں نے سکھ یاتریوں کو ریلوے کے بارے میں مشکلات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان شکایات کا ازالہ کر کے انہیں دور کیا جائے گا ریلوے کی مزید کوچیں منگوائی جا رہی ہیں تاکہ بھارت جانے والے سکھ یاتریوں کو سفر میں آسانی ہو ۔
حضروسٹی:محکمہ داخلہ حکومت پنجاب نے دفعہ 14 کے تحت پانچ یا پانچ سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی عائد کر دی ہے
محکمہ داخلہ حکومت پنجاب نے دفعہ 14 کے تحت پانچ یا پانچ سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی عائد کر دی ہے مگر یہ پابندی نماز جنازہ ، باجماعت نمازوں ، مساجد میں کیے جانے والے اجتماعات ، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں پر لاگو نہیں ہو گی ۔اس حکم کے تحت ریلیز ، جلسوں ، جلوسوں ، دھرنوں اور مظاہروں وغیرہ کے انعقاد ، ہر قسم کی اسلحہ کی نمائش ، بغیر اجازت لاؤڈ سپیکر کے استعمال ماسوائے اذان ، درود شریف ، خطبہ اور اشتعال انگیز تقاریر پر مکمل پابندی ہو گی پابندی کا یہ حکم فوری طور پر نافذالعمل ہو کر یکم دسمبر تک مؤثر رہے گا ۔
تحصیل حضرو:دامان چوک میں موٹرسائیکل سوار کم عمر لڑکے نے بزرگ شخص کو ٹکر مار کر جان بحق کردیا اور خود بھی زخموں کی تاب لاکر چل بسا
تحصیل حضروکے دامان چوک میں موٹرسائیکل سوار لڑکوں نے دامان گاؤں کے تعلق رکھنے والے بزرگ اشرف جو دامان چوک میں پیدل جا رہا تھا کو تیز رفتار موٹرسائیکل سے ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں 16 سالہ حماد اور بزرگ اشرف جاں بحق ہو گئے
گاؤں غورغشتی:چور لاکھو ں روپے کی گائے چوری کرکے لے گیا
چور لاکھو ں روپے کی گائے چوری کرکے لے گیا ،سیف الرحمٰن ولد محمد اسلم قوم پٹھان سکنہ محلہ شیخ بانڈہ غورغشتی تحصیل حضرو نے تحریری درخواست دی کہ زمینداری کرتا ہوں اور مال مویشی رکھے ہوئے ہیں سائل نے روزانہ کی بنیاد پر اپنے جانور کمرہ کے اندر باندھنے کا بندوبست کیا ہوا ہے مورخہ 31.10.18 کو رات کے وقت ڈیرے پر جانور باندھ کر گھر چلا گیا صبح واپس آیا تو دو عدد گائے موجود نہ تھیں میں نے اپنے بھائی ماجد کو بلایا اور گائے کی تلاش شروع کردی جو آج تک تلاش کرتا رہا ہوں جو نہ ملی ہیں نامعلوم چوروں نے میری دو عدد گائے چوری کرکے زیادتی کی ہے جسکی تحریری درخواست پر اے ایس آئی احسان الحق چوکی غورغشتی نے مقدمہ درج کر کے تفتیش مقدمہ شروع کر دی ہے۔اس موقع پر تفتیشی افسران نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے تمام محکمانہ وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ملزم/ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کریں گے اور مال مسروقہ برآمد کیا جائے گا۔سابقہ ریکارڈ یافتگان کو شامل تفتیش کیا جائے گا اور جدید طریقہ تفتیش سے ملزمان کو پابند سلال کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی تا کہ ایسے عناصر کا قلع قمع کر کے عوام کے تحفظ کو یقینی بنائے جائے۔
اٹک سٹی:اللہ تعالیٰ نے حضور پاکﷺکی عظمت خود بیان کی ہے ،ربیع الاول نبی پاکﷺکی ولادت کا مہینہ ہے ؛ مولانا سید حفظ الرحمان
اللہ تعالیٰ نے حضور پاکﷺکی شان اور عظمت خود بیان کی ہے ،ماہ ربیع الاول نبی پاکﷺکی ولادت و سعادت کا مہینہ ہے ۔پوری کائنات کو اس مہینے کی خوشی ہے انسانی تاریخ کی سب سے بڑی خوشی ہے ،ان خیالات کا اظہار مولانا سید حفظ الرحمن شاہ نے جامع مسجد لوہاراں میں سیرت تاجدار ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔ کانفرنس سے حضرت مولانا شیر زمان نے بھی خطاب کیا ،مولانا حفظ الرحمن شاہ نے کہا ہے کہ ہمیں نبی پاکﷺؐ کی سیرت پر عمل کرنا چاہیے جو اُن کی تعلیمات پر زندگی گزارنے سے دنیا و آخرت میں کامیابی ہے اللہ تعالیٰ نے خود رسول اللہﷺ کی شان عظمت بیان کی ماہ ربیع الاول میں آپﷺکی ولادت و سعادت ہوئی اور اسی ماہ آپﷺنے دنیا سے پردہ فرمایا ،سیرت منانے کے ساتھ ساتھ سیرت اپنانے کی بھی ضرورت ہے ۔حضور ؐ صحابہ کرام اور اہل بیعت ہمارے ایمان کا حصہ ہے ہمیں چاہیے کہ ہم نبی پاک ؐ کے بتائے ہو ئے راستے پر چلیں ،نبی کریم ﷺ کی تعلیمات و سیرت سے ہمیں محبت ، بھائی چارے اخوت اور عفودرگزر کا درس ملتا ہے ۔کسی بھی مسلمان کا ایمان رسالت ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوئے بغیر مکمل نہیں ہوسکتا ۔
کامرہ کینٹ: تحریک انصاف شمالی پنجاب میں ضلعی سطح پر تنظیمیں فعال ہیں ،حکومت کی 100دن کی کارکردگی متاثر کن ہے؛ قاضی احمد اکبر
ضلعی صدر تحریک انصاف قاضی احمد اکبر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف شمالی پنجاب میں ضلعی سطح پر تنظیمیں فعال اور متحرک ہیں ،حکومت کی 100دن کی کارکردگی متاثر کن ہے جسکی تفصیلات حکومتی سطح پر ایک دوروز میں سامنے آجائیں گی ،ضلعی ترجمان عمران خان پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں ‘ان کا استعفیٰ موصول ہوا نہ صرف ان کے استعفیٰ کو نامنظور کرتا ہوں بلکہ ان کے تما م تحفظات کو دور کرکے استعفیٰ کو پھاڑ دیا ہے ،وہ ہمارے ساتھی تھے اور پہلے کی طرح آئندہ بھی ہمارے ساتھ کام کرتے رہیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی 100دن کی کارکردگی متاثر کن ہے ،ہم نے قوم کو ایک نئی سمت دی معاشی اور معاشرتی میدان میں کامیابیاں حاصل کیں ۔سابقہ حکومتوں نے 60سالوں میں حاصل نہ کیا جو ہم نے 100دنوں میں حاصل کرلیا تحریک انصاف ضلع اٹک ودیگر اضلاع کی تنظیمیں مکمل طور پر فعال ہیں ،تنظیمیں تحلیل ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ پارٹی نئے عہدیدران کیلئے درخواستیں وصول کر رہی ہیں لہذا پی ٹی آئی کے نظریاتی اور عوامی خدمت سے سرشار کارکنان اپنی درخواستیں جمع کروائیں ۔
حضروسٹی:خادم رضوی کی ریلی کو روکنے کی آڑ لیکر JUIکے کارکنوں کو بھی گرفتار کیا جارہا ہے،شدید مذمت کرتے ہیں؛ قاری عتیق الرحمان
جے یو آئی پنجاب گرفتاریوں اور چھاپوں کی پرزور مذمت کرتی ہے اور اسے حکومت کی قادیانیت نوازی اور شدید بوکھلاہٹ سے تعبیر کرتی ہے ،خادم رضوی کی ریلی کو روکنے کی آڑ لیکر جے یو آئی کے کارکنوں کو بھی گرفتار کیا جارہا ہے، ہم کارکنان جمعیت خادم رضوی کی گرفتاری اور انکے گھروں میں چھاپے مارنے کی پرزور اور شدید مذمت کرتے ہیں ،ان خیالات کا اظہار صوبائی امیر جے یو آئی ڈاکٹر قاری عتیق الرحمان صوبائی جنرل سیکرٹری مفتی سید مظہر شاہ اسعد ی اور سیکرٹری اطلا عات صوبہ پنجاب محمد اقبال اعوان نے ایک مشترکہ مذمتی بیان میں کیا ۔جے یو آئی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات اقبال اعوان کے مطابق میانوالی سے مولانافیاض امیر جے یو آئی تحصیل عیسیٰ خیل کو گھر سے پولیس اٹھا کرلے گئی ہے ،پولیس کا کہنا ہے کہ آپ نے ختم نبوتﷺکے دھرنے میں شرکت کیوں کی ہے ،اسلام آباد سے سوشل میڈیا کے جمعیت کے متحرک ساتھی احمد نوران شاہ سمیت متعدد جمعیت کے ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے اور ان کا تعلق خادم رضوی سے جوڑا جارہا ہے ۔اسلام آباد اور میانوالی کے علاوہ بعض اور جگہوں سے بھی کارکنان کو گرفتار کرنے اور حراساں کرنے کی اطلاعات ہیں ،جے یو آئی پنجاب گرفتاریوں اور چھاپوں کی پرزور مذمت کرتی ہے اور اسے حکومت کی شدید قادیانیت نوازی وبوکھلاہٹ سے تعبیر کرتی ہے اور اس عزم کا اظہار کرتی ہے کہ ان شاء اللہ حکومت کے ان اوچھے ہتھکنڈوں سے تحفظ ناموس رسالتﷺکی تحریک رکنے والی نہیں ہے ،ان رہنماؤں نے کہا ہے کہ قادیانیت ، نواز حکومتی ٹولے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا علماء کرام حق بات کہنے اور ناموس رسالتﷺسمیت اسلامی شعائر کے تحفظ کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔
اٹک سٹی:پوری دنیا کی طرح اٹک میں بھی معذوروں کے عالمی دن 3 دسمبر کو بھر پور طریقہ سے منایا جائے گا ؛ رپورٹ
پوری دنیا کی طرح اٹک میں بھی معذوروں کے عالمی دن 3 دسمبر کو بھر پور طریقہ سے منایا جائے گا ،یہ بات معذور افراد کے فوکل پرسن محمد عدیل ،محمد نیاز،محمد سہیل اور راجہ زاہد حسین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتائی ۔انہوں نے کہا کہ اس عالمی دن کے حوالہ سے 3 دسمبر کو معذور افراد کی ریلی کا آغاز بلدیہ اٹک سے صبح 9 بجے ہو گا اور اسی دن ساڑھے 10 بجے ایم سی بوائز ہائی سکول میں سیمینار منعقد ہو گا جس میں تحصیل اٹک کے سپیشل ایجوکیشن سنٹر کے بچے شرکت کریں گے ۔اس تقریب کا انعقاد حسین انٹر نیشنل ٹرسٹ اور النور ویلفیئر سوسائٹی نابینا افراد کر رہی ہیں تقریب کے مہمانان خصوصی میں چیئرپرسن ضلع کونسل اٹک ایمان طاہر ،رکن پنجاب اسمبلی ملک جمشید الطاف آف کھنڈہ اور ضلعی صدر تحریک انصاف قاضی احمد اکبر ہوں گے ۔
No comments:
Post a Comment