News from Hazro City, Chhachh Valley and District Attock, Updated from Hong Kong.
اٹک سٹی:دیگر اضلاع کی طرح اٹک میں ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی نے بجلی چوروں کیخلاف ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں؛رپورٹ
وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر دیگر اضلاع کی طرح اٹک میں ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی نے بجلی چوروں کے خلاف ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، تحصیل سطح پر ان ٹیموں کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر کر رہے ہیں جبکہ متعلقہ ایس ڈی او آئیسکو بھی اپنے عملہ اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے عملے کے ہمراہ سر گرم عمل ہیں ۔اس سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں اور ایس ڈی او آئیسکواٹک سٹی شیخ صفدر نے عملہ کے ہمراہ گھر گھر جا کر بجلی چوری کے سلسلہ میں چیکنگ میں مصروف ہیں ،ٹیم نے تھانہ صدر اٹک اور تھانہ اٹک سٹی کے علاقہ میں درجنوں تجارتی مراکز اور رہائشی گھروں کو چیک کیا ٹیم نے نواحی گاؤں شکردرہ کا بھی دورہ کر کے گھر گھر چیکنگ کی اس موقع پر شکردرہ گاؤں کے رہائشیوں نے وزیر اعظم کے اس اقدام کے بجلی چوروں کو پکڑا جا رہا ہے سراہا ہے اور شکردرہ کے رہائشیوں نے اس ٹیم کے ہمراہ آئی ہوئی میڈیا ٹیم سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شکردرہ گاؤں میں لائن مین محمد سلیمان خان بہت ایمانداری سے اپنے فرائض منصبی سر انجام دیتے ہیں بجلی کی کسی بھی قسم کی خرابی کی صورت میں گرمی سردی اور دن رات کی پرواہ کیے بغیر وہ فوراً پہنچ کر خوش اسلوبی سے کسی قسم کا معاوضہ اور رقم لیے بغیر خرابی دور کر دیتے ہیں ۔
اٹک سٹی:جنرل بس اسٹینڈ پر ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 30 سالہ پرانے تجاوزات کو مسمار کر دیاگیا
جنرل بس اسٹینڈ پر ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 30 سالہ پرانے تجاوزات کو اے سی اٹک محمد عاطف نے اپنی نگرانی میں مسمار کرا دیا ، فٹ پاتھ خالی کرا کر ان کے سامنے تقریباً 5 کنال سے زائد جگہ جس پر تاجروں نے پختہ تجاوزات تعمیر کر رکھی تھیں ‘کو ہیوی مشینری منگوا کر اپنی نگرانی میں مسمار کرایا ، جنرل بس اسٹینڈ بلدیہ اٹک کے زیر انتطام کام کر رہا ہے اور بلدیہ یہاں سے دکانات اور لاری اڈا فیس کی مد میں کروڑوں روپے وصول کرتی ہے تاہم ناجائز تجاوزات کے آپریشن میں بلدیہ اٹک ضلعی انتظامیہ کے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہیں کر رہی بلکہ الٹا رکاوٹیں ڈالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں ۔اس موقع پر سر پرست اعلیٰ سینٹرل یونین آف جنرنلسٹس حاجی پرویز خان سے بات چیت کرتے ہوئے اے سی محمد عاطف نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ نیازی کی ہدایت پر تجاوزات کے خلاف مرحلہ وار آپریشن جاری ہے جنرل بس اسٹینڈ پر صفائی اور دیگر انتظامات کی ذمہ داری بلدیہ اٹک پر عائد ہوتی ہے تاہم شہریوں اور اداروں کی جانب سے اس سلسلہ میں کافی شکایات ہیں جس پر بلدیہ اٹک کے حکام کو اس سلسلہ میں مثبت پیش رفت کرنے کی ضرورت ہے آپریشن بلا امتیاز اور کسی دباؤ کے بغیر جاری رہے گا اٹک شہر میں 3 فٹ کی تجاوزات پر سرخ لکیر لگانا بلدیہ اٹک کی ذمہ داری ہے جو انہیں فوری طور پر پوری کرنی چاہیے ۔
اٹک سٹی:چائنہ چوک بروٹھہ کالونی روڈ پر تیز رفتاری کے باعث کار حادثہ
چائنہ چوک بروٹھہ کالونی روڈ پر تیز رفتاری کے باعث کار حادثہ ، تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر کی حدود چائنہ چوک بروٹھہ کالونی روڈ پر تیز رفتاری کے باعث کار روڈ پر 3 سے 4 دفعہ رول ہو کر کھیتوں میں جا گری جس کے نتیجہ میں 18 سالہ جنید اور 17 سالہ رضوان شدید زخمی ہو گئے ۔اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 اٹک کی ایمبولینس فوراً موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک منتقل کر دیا ،ریسکیو ذرائع کے مطابق جنید کو سر پر گہری چوٹ آئی اور اس کا ماتھا کٹ گیا جبکہ رضوان کا بازو ٹوٹ گیا ۔
اٹک سٹی:ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی نے ضلع اٹک میں جاری پبلک ہیلتھ کی سکیموں کا دورہ کیا
ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی نے ضلع اٹک میں جاری پبلک ہیلتھ کی سکیموں کا دورہ کیا ،ان کے ہمراہ اس موقع پر محکمہ پبلک ہیلتھ کے افسران بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر اٹک نے اس موقع پر متعلقہ افسرا ن کو ہدایت کی کہ وہ ان سکیموں کو جلد از جلد مکمل کریں تا کہ ان ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت پنجاب نے کئی ترقیاتی سکیموں کا آغاز کیا ہے اور ان سکیموں کی وجہ سے عوام کا مجموعی معیا ر زندگی بلند ہوا ہے ، یہ سکیمیں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی ۔ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی نے محکمہ پبلک ہیلتھ کے افسران کو ہدایت کی کہ ضلع اٹک میں جاری پبلک ہیلتھ کی سکیموں کے اعلیٰ معیار پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔
اٹک سٹی: بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے مورخہ 12 نومبر کو امتحان دہم ( ضمنی ) 2018ء کے نتائج کا اعلان کردیا
بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ، راولپنڈی نے پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمین (PBCC) کی طرف سے مقررکردہ شیڈول کے مطابق مورخہ 12 نومبر کو امتحان دہم ( ضمنی ) 2018ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہے ۔چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی ڈاکٹر محمد تنویر ظفر کے مطابق 10 ہزار 666 امیدواران نے داخلہ بھجوایا جن میں سے 10 ہزار 9 امیدواران شامل امتحان ہوئے ،ان میں سے 3 ہزار 229 امیدواران کامیاب ہوئے اس طرح کامیابی کا تناسب 32.27 فیصد رہا ، 6 ہزار 729 امیدوران مذکورہ امتحان میں فیل ہوئے جبکہ 241 امیدواران غیر حاضر رہے ۔مذکورہ امتحان میں 3 ہزار 251 طالبات اور 6 ہزار 758 طلباء شامل امتحان ہوئے جبکہ 24 ریگولر امیدواران اور 9 ہزار 985 پرائیویٹ امیدواران مذکورہ امتحان میں شامل ہوئے نتائج بورڈ کی ویب سائٹ www.biserawalpindi.edu.pk پر ملاحظہ کئے جاسکتے ہیں طلباء و طالبات اپنانتیجہ 800296 پر sms کے ذریعہ بھی معلوم کرسکتے ہیں رزلٹ کے حوالہ سے کسی بھی قسم کی دشواری کی صورت میں کنٹرولر امتحانات کے ٹیلی فون نمبر 051-5450917 اور 051-5450918 یا دہم برانچ واقع بورڈ کمپلیکس نزد اٹک آئل ریفائنری ، مورگاہ راولپنڈی سے رابطہ کرسکتے ہیں ۔
حضروسٹی:مولانا سمیع الحق ؒ کے بہیمانہ انداز میں قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ؛مہتمم ‘جامعہ قاسمیہ انوارالقرآن نرتوپہ
مولانا سمیع الحق ؒ کے بہیمانہ انداز میں قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ‘حکومت سے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں۔ہم دکھ ،غم اور افسوس کی اس گھڑی میں مولانا سمیع الحق کے خاندان،رفقاء اور طلباء کے ساتھ ہیں،وہ علمائے حقانیہ کے سرخیل تھے۔امت کے تمام مکاتب فکر میں احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے،ان کی شہادت دینی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگی ۔ان خیالات کا اظہار جامعہ قاسمیہ انوارالقران نرتوپہ حضرو کے مہتمم مولاناعبدالخالق نے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ مولانا سمیع الحق ؒ کی دینی ،سیاسی اور مذہبی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مولانا کی شہادت تمام علمائے کرام کے لیے ایک پیغام ہے کہ وہ اپنے تمام اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے اجتماعیت کا ثبوت دیں،علمائے دیوبند نے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں مگر مولانا سمیع الحق ؒ کی بہیمانہ انداز میں شہادت نے ہمارے اعصاب شل کر دئے ہیں‘ہم متاثرہ خاندان کے ساتھ ہیں۔حضرت عثمانؓ کو بھی اسی بے دردی سے ظالموں نے شہید کیاتھا۔مولانا کی شہادت نے حضرت عثمان ؓ کی یاد تازہ کر دی ہے،اب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ قاتلوں کو گرفتار کرے۔بعد میں ملک پاکستان کی سلامتی اور مولانا سمیع الق شہید کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔اس موقع پر مولانا محمد زبیر شاہ ڈھیروی ،قاری محمد الیاس او ر جامعہ کے دیگر اساتذہ اور طلباء کی کثیر تعداد شریک تھی۔
ضلع اٹک سے تعلق رکھنے والے ایئر فورس کے ملازم کی کار کو کبیر والہ تھانہ سرائے سادھو کے قریب حادثہ ‘2 افراد جاں بحق ایک شدید زخمی
ضلع اٹک سے تعلق رکھنے والے ایئر فورس کے ملازم کی کار کو کبیر والہ تھانہ سرائے سادھو کے قریب حادثہ ‘2 افراد جاں بحق ایک شدید زخمی ، تفصیلات کے مطابق اٹک سے تعلق رکھنے والے پاکستان ایئر فورس کے سینئر ٹیگ جنید رضا اپنی ہمشیرہ اور قریبی عزیز امتیاز کے ہمراہ اٹک آ رہے تھے کہ کار کا ٹائر برسٹ ہونے سے کار بے قابو ہو کر ٹرالر سے جا ٹکرائی جس سے کار کو شدید نقصان پہنچا اور مکمل طور پر تباہ ہو گئی جس کے نتیجہ میں ایئر فورس کے ملازم جنید رضا اور ان کی بہن موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں جبکہ قریب عزیز امتیاز کو شدید زخمی حالت میں ریسکیو 1122 کے عملہ نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کبیر والہ پہنچایا جہاں ان کی حالت بھی تشویشناک ہے مرحوم جنید رضا جونیئر آڈیٹر ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس اٹک کے بھائی تھے جن کی نماز جنازہ آج 12 نومبر بروز پیر صبح 10 بجے ڈھوک شرفاء قبرستان میں ادا کی جائے گی ۔
اٹک سٹی:ربیع الاول کا چاند نظر آتے ہی ملک بھر کی طرح اٹک میں بھی جشن آمد رسول کو منانے کے لئے تیاریاں زور و شور سے جاری
ربیع الاول کا چاند نظر آتے ہی ملک بھر کی طرح اٹک میں بھی جشن آمد رسول کو شایان شان طریقے سے منانے کے لئے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، ربیع الاول کے آغاز سے ہی ریلیوں،جلوسوں اور سجاوٹ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ۔ان سینکڑوں عاشقان رسولﷺان پروگرامات میں جوش و خروش سے شرکت کر رہے ہیں، ہر طرف درود و سلام کی صدائیں بلند ہورہی ہیں،عاشق رسول اپنے نبی کی ولادت کو جس شایان شان طریقے سے مناتے ہیں اس کی نظیر پوری دنیا میں نہیں ملتی 12 ربیع الاول کو پوری تاجر برادری بھرپور طریقے سے جشن عید میلاد النبی منائے گی ۔گھروں کاروباری مراکز کو برقی قمقوں اور جھنڈیوں سے سجایا جائے گا اس کے علاوہ مرکزی میلاد کمیٹی کے زیر اہتمام پورا ماہ ربیع الاول میں میلاد پاک کا اہتمام کیا جائے گا جس میں نامور نعت خواں گلہائے عقیدت پیش کریں گے ۔
تھانہ حضرو کی حدود گاؤں شینکہ میں 70 سالہ محمد اصغر کے گھر نامعلوم افراد کی فائرنگ
تھانہ حضرو کی حدود گاؤں شینکہ میں 70 سالہ محمد اصغر کے گھر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجہ میں محمد اصغر اور اس کا بیٹا محمد جاوید شدید زخمی ہو گئے ، اطلاع ملنے ریسکیو1122حضرو کی ٹیم فوراً موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حضرو منتقل کر دیا جہاں سے زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ریسکیو 1122 کی ایمبولینس میں راولپنڈی ریفر کر دیا گیا ،زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے باپ محمد اصغر راستے میں ہی دم توڑ گیا ۔
اٹک سٹی:بجلی کے شارٹ سرکٹ سے ایس ڈی او آئیسکو محلہ بجلی گھر کے قریب مدرسہ افغان مہاجرین میں آگ بھڑک اٹھی
بجلی کے شارٹ سرکٹ سے ایس ڈی او آئیسکو اٹک سٹی محلہ بجلی گھر کے قریب مدرسہ افغان مہاجرین میں آگ بھڑک اٹھی جس سے لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ، ریسکیو 1122کا عملہ موقع پر پہنچ گیا جنہوں نے آگ پر قابو پانے کے لئے گاڑیاں طلب کیں جنہوں نے آگ پر قابو پایا آگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔
اٹک سٹی:سیشن کورٹ عدالت میں آگ بھڑک اٹھی ، ریسکیو 1122 کے عملہ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا
سیشن کورٹ عدالت میں آگ بھڑک اٹھی ، ریسکیو 1122 کے عملہ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا ، تفصیلات کے مطابق رضیہ سلطانہ سکول کے سامنے واقع سیشن کورٹ اٹک کے ریکارڈ روم میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی ۔اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 اٹک کی فائر ٹیم فوراً موقع پر پہنچ گئی اور بہترین حکمت عملی سے آدھے گھنٹے کے آپریشن کے بعد آگ پر قابو پا لیا ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی سے قیمتی ریکارڈ کو جلنے سے بچا لیا گیا ریکارڈ روم میں گیس سلنڈر بھی موجود تھا جو بہت بڑی تباہی کا باعث بن سکتا تھا پر ریسکیو 1122 اٹک کے عملہ نے فوراً کارروائی کرتے ہوئے ریکارڈ جلنے سے بچا لیا ۔
اٹک سٹی:جشن میلاد النبیﷺکی آمد کے سلسلہ میں 9 نومبر تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام مشعل بردار ریلی نکالی گئی
جشن میلاد النبیﷺکی آمد کے سلسلہ میں 30 صفر المظفر 9 نومبر بروز جمعۃ المبارک تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام مشعل بردار ریلی نکالی گئی ، ریلی اٹک کے تاریخی فوارہ چوک سے شروع ہوئی ریلی میں شرکاء تمام راستے درود و سلام ، نعتیں اور آقاؐ کی شان میں نعرے لگاتے رہے جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتی ہوئی مدنی چوک ، منصب چوک ، گیڈر چوک ، ستار چوک ، سول بازار ، صرافہ بازار اور کمیٹی چوک سے ہوتی ہوئی فوارہ چوک پر اختتام پذیر ہوئی ۔ریلی کی قیادت ضلعی صدر پاکستان عوامی تحریک عبدالجبار دانش ، تحصیل صدر و سابق امیدوار قومی اسمبلی ڈاکٹر محبوب احمد قادری ، نگران اعلیٰ ڈسٹرکٹ مرکزی سیرت کمیٹی ( رجسٹرڈ ) اٹک الحاج محمد الیاس ، صدر حاجی محمد الماس ، نائب نگران اعلیٰ راشد الرحمن خان ، جنرل سیکرٹری سیرت کمیٹی ندیم رضا خان ، صوفی فیصل بٹ ، الحاج پرویز خان ، مشائخ عظام،علماء کرام معززین شہر اور سیرت کمیٹی کے عہدیداران،ممبرا ن نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔
ضلع اٹک:سکھوں کے روحانی پیشوا باباگورونانک کے جنم دن کی 3 روزہ تقریبات کے سلسلہ میں گوردوارہ سری پنجہ میں اہم اجلاس منعقد ہوا
سکھوں کے روحانی پیشوا باباگورونانک کے جنم دن کی 3 روزہ تقریبات کے سلسلہ میں گوردوارہ سری پنجہ صاب حسن ابدال میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی پی او اٹک سمیت دیگر ضلعی سربراہان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے شرکت کی ۔اجلاس میں جنم دن کی تقریبات میں مختلف امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی اور طے پایا کہ یاتریوں کی آمد پر تمام تر سہولیات مہیا کی جائیں گی پولیس اور دیگر ادارے اپنی ڈیوٹیاں احسن طریقہ سے سرانجام دیں گے اور ان تقریبات میں ہر ممکن سہولت پہنچانے کی کوشش کی جائے گی ڈی پی او اٹک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنم دن کی تقریبات میں پولیس نے امن و امان اور سکیورٹی کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے ہیں بھارت سے بڑی تعداد میں آنے والے سکھ یاتریوں کو بحفاظت پنجہ صاحب پہنچایا جائے گا اور ان تقریبات کے دوران پنجہ صاحب کے اطراف میں بیرئیر لگا کر کسی بھی ٹریفک اور عام آدمی کا داخلہ بند ہوگا بابا گرونانک جنم دن کے پروگرام کے تینوں روز آئیسکو حسن ابدال ، بلدیہ حسن ابدال ، تحصیل انتظامیہ ، قانون نافذ کرنے والے ادارے ، ریسکیو 1122 ، محکمہ صحت ، محکمہ متروکہ وقف املاک اور دیگر سرکاری ادارے اس موقع پر اپنی ڈیوٹیاں احسن طریقہ سے سر انجام دیں گے اور کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر حسن ابدال طارق عثمان ، سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ، ڈی ایس پی ٹریفک ، انچارج محکمہ متروکہ وقف املاک سری پنجہ صاحب حسن ابدال ، ڈی ایس پی حسن ابدال ملک تنویر ، ایس ایچ او حسن ابدال حامد کاظمی ، چیف افیسر بلدیہ حسن ابدال محبوب ، سپرٹنڈنٹ واپڈا نعیم چشتی ، چیف سیکورٹی آفیسر ڈی پی او آفس نعیم خان ، اسٹیشن ماسٹر ریلوے اسٹیشن حسن ابدال ، اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔
اٹک سٹی: ریونیو کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا
ریونیو کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا ،ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی نے اجلاس کی صدارت کی ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوسلیم خالد،ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز اور ریونیو سٹاف نے شرکت کی ۔اجلاس میں ضلع بھر کے ریونیو معامالات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی نے اس موقع پر خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ریونیو کے معاملا ت میں عوام کو ہر ممکن حد تک سہولیات فراہم کی جائیں تمام اراضی ریکارڈ سنٹرز اور ان کا سٹاف عوام سے ہر ممکن تعاون کریں انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت اس حکومت کی اولین ترجیع ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کہ جائے گی ڈپٹی کمشنر اٹک نے کہا کہ وہ بہت جلد ضلع بھر کے اراضی ریکارڈ سنٹرز کا دورہ کریں گے اور وہاں پر عوام کو دی جانے والی سہولیات کابھی تفصیلی جائزہ لیں گے اجلاس میں محکمہ مال کے سٹاف نے ڈپٹی کمشنر اٹک کو متعلقہ معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی نے ریونیو سٹاف کو کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔
ضلع اٹک:آپریشن آفیسرملک اسلام نے موٹروے وحسن ابدال پولیس کی نفری کے ہمراہ بس اسٹینڈ حسن ابدال کو تجاوزات سے پاک کر دیا
عدالت عظمیٰ کی ہدایت پر تجاوزات کے خلاف آئی جی موٹر وے پولیس کی زیر نگرانی ملک بھر میں چلائی گئی مہم کے دوران آپریشن آفیسر موٹروے پولیس حسن ابدال انسپکٹر ملک اسلام نے موٹروے پولیس اور تھانہ حسن ابدال پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جنرل بس اسٹینڈ حسن ابدال سے تجاوزات کا مکمل خاتمہ کرا کر اسے تجاوزات سے پاک کر دیا ان کے اس اقدام پر شہریوں نے سپریم کورٹ اور آئی جی موٹر وے پولیس کو خراج تحسین پیش کیا ہے بعدازاں آپریشن آفیسر موٹروے پولیس حسن ابدال انسپکٹر ملک اسلام نے چیئرمین بلدیہ حسن ابدال ظہیر احمد بھٹیانوالہ سے ملاقات کی اور انہیں ریڑھی بانوں کے مسائل سے آگاہ کیا جس پر چیئرمین بلدیہ حسن ابدال نے کمال شفقت کرتے ہوئے ریڑھی بانوں کو متبادل جگہ فراہم کر دی اور بلدیہ کی جانب سے انہیں پرانا ٹانگہ اسیڈ ریڑھیاں لگانے کے لیے جگہ فراہم کر دی جگہ کی صفائی بلدیہ کے عملہ نے کی اور اس کے بعد وہاں ریڑیاں کھڑی کر دی گئیں ایس ایچ او تھانہ سٹی حسن ابدال سب انسپکٹر حامد کاظمی کی ہدایت پرجنرل بس اسٹینڈ میں چوری کی وارداتوں کے پیش نظر آئندہ پولیس کے 2 اہلکار جنرل بس اسٹینڈ پر روزانہ ڈیوٹی دیا کریں گے یہ اہلکار نہ صرف ڈیوٹی سر انجام دیں گے بلکہ اڈہ کی حدود سے باہر کسی گاڑی کو پارک نہیں ہونے دیں گے اس حوالہ سے ایس ایچ او تھانہ سٹی حسن ابدال حامد کاظمی نے جنرل بس اسٹینڈ پر جگہ جگہ پینافلیکس لگا کر لوگوں کو آگاہ بھی کردیا گیا ہے آئندہ کوئی بھی شخص لاری اڈہ کی حدود میں تجاوزات قائم کرنے کی کوشش کرئے گا تو اس کے خلاف سخت قانونی کاورائی عمل میں لائی جائے گی یاد رہے کہ یہاں کئی سالوں سے تجاوزات مافیا قابض تھااور آخر کار موٹروے پولیس نے بہت سخت محنت اور حکمت عملی کے بعد اس جگہ کو خالی کروادیا ہے شہریوں نے موٹروے پولیس کی اس کاوش کو بہت سرہا ہے ۔
اٹک سٹی:جماعت اسلامی معاشرے میں پھیلے ظلم کی جگہ اللہ کے دین کے عادلانہ نظام کو قائم کرنا چاہتی ہے ؛ڈاکٹر طارق سلیم
جماعت اسلامی معاشرے میں پھیلے ظلم کی جگہ اللہ کے دین کے عادلانہ نظام کو قائم کرنا چاہتی ہے اور اس مقصد کے حصول کی خاطر شبانہ روز مصروف عمل ہے ،انتخابات کی ہار جیت عارضی اور غیر حقیقی ہے ،ملک پر مسلط جعلی قیادت کی بجائے حقیقی اور دیانتدار قیادت کو لانا چاہتے ہیں صرف ایک دو افراد یا پارٹیز کے خلاف مخصوص احتساب کی بجائے حقیقی اور بلاتفریق احتساب کی بات کرتے ہیں جماعت اسلامی ہی پاکستان کی وہ واحد دینی وسیاسی پارٹی ہے جو اپنے قیام سے تا امروز اپنے ذمہ داران کا انتخاب باقاعدہ اور شفاف پارٹی الیکشن کے ذریعے کرتی چلی آ رہی ہے صوبائی اورضلعی قیادت کے ملک بھر میں کامیابی کے ساتھ انتخابات مکمل ہوئے اور جماعت اسلامی کے ارکان نے اس میں بھرپور حصہ لیا لیکن کوئی زندہ باد یا مردہ باد کے نعرے نہیں لگے پارٹی میں کوئی لابنگ یا گروپنگ نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم نے نومنتخب امیرضلع اٹک اقبال خان کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا قبل ازیں نومنتخب امیرضلع اقبال خان نے آئندہ دوسالہ سیشن نومبر 2018تااکتوبر2020کے لیے ضلعی امارت کا حلف اٹھایا تقریب سے نومنتخب امیر ضلع اقبال خان سابق امیر ضلع وچیر مین یونین کونسل شینکہ مولانا جابرعلی خان ،نائب امیر ضلع ناصر اقبال خان اور ضلعی جنرل سیکرٹری میاں محمد جنید اور بزرگ راہنما محمد بشیر چغتائی نے بھی خطاب کیا اس موقع پر سابق امیر ضلع راولپنڈی شمس الرحمان سواتی ،وائس چیرمین بلدیہ اٹک ملک طاہر محمود اعوان ، امیرزون پی پی 1خالد محمود، جنرل کونسلر ایم سی اٹک شہاب رفیق ملک کے علاوہ معززین علاقہ کی بڑی تعدادبھی موجود تھی امیرپنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ حکومت کے لیے ہمارے سامنے کتاب اللہ اور سنت رسول ؐ اورخلفائے راشدین کا مبارک دور بطور رول ماڈل موجود ہے الحمدللہ جماعت اسلامی کے کسی کارکن یا قیادت میں سے کسی کا نام پانامہ پیپرز یا نیب میں موجود نہیں ہے البتہ دیانتداری کے دعوے دار پی ٹی آئی کے 36اور دیگر جماعتوں کے 35افراد کے نام نیب کی فہرست میں موجود ہیں ہم بلاتخصیص سب کا احتساب چاہتے ہیں کارکنان پوری جرأت اور حوصلے کے ساتھ میدان میں موجودہیں اللہ سے مضبوط تعلق ، حب رسولؐ اور عوام الناس کی خدمت جماعت اسلامی کے کارکنان کی پہچان ہے نو منتخب امیر ضلع اقبال خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا جماعت اسلامی کی قیادت دیانتدار اور باصلاحیت اور دین متین کی ہدایت کی روشنی میں شورائیت پر یقین رکھتی ہے جماعت اسلامی کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں یہ اتحاد واتفاق کا درس دیتی ہے نفرتیں اور کدورتوں کے خاتمے کے لیے کوشاں ہے الحمدللہ پورے ملک میں جماعت اسلامی کا کوئی دوسرا گروپ یا دھڑاموجود نہیں جبکہ مفاداتی سیاست کی بدولت دوسری جماعتوں کے کئی گروپس موجود ہیں جو آپس میں باہم دست وگریباں رہتے ہیں ۔
اٹک سٹی:سب انسپکٹر جواد ملک نے اعلیٰ کارکردگی کی بنیاد پر گزشتہ ماہ میں تھانہ اٹک سٹی کی حدود میں اول پوزیشن حاصل کر لی
انچارج ٹریفک پولیس اٹک سب انسپکٹر جواد ملک نے اعلیٰ کارکردگی کی بنیاد پر گزشتہ ماہ میں تھانہ اٹک سٹی کی حدود میں اول پوزیشن حاصل کر لی ،انہوں نے بلا تفریق تمام گاڑیوں کو نہ صرف جرمانہ کیا بلکہ ٹریفک قوانین کے حوالہ سے شہریوں ، مسافروں ، ڈرائیوروں کو آگاہ کر کے ٹریفک کے معاملات بتائے ،سب سے زیادہ چالان اور اعلیٰ کارکردگی کی وجہ سے وہ اول پوزیشن پر رہے ۔انہوں نے 455 چالان کر کے ایک لاکھ 62 ہزار 700 روپے جن میں 123 کاریں ، 58 ویگن ، 9 رکشہ ، 28 ٹرک / ٹریلروں ، 49 پک اپ سوزوکی ، 2 ٹریکٹروں اور 184 موٹر سائیکل شامل ہیں ۔
جی ٹی روڈ حاجی شاہ کے قریب ٹریفک حادثہ میں موٹر سائیکل پر سوار علی اصغر تیز رفتار ہائی ایس کی ٹکر سے موقع پر جاں بحق
جی ٹی روڈ حاجی شاہ کے قریب ٹریفک حادثہ میں موٹر سائیکل پر سوار علی اصغر راولپنڈی سے پشاور جانے والی تیز رفتار ہائی ایس کی ٹکر سے موقع پر جاں بحق ‘حادثہ کے نتیجہ میں اس کا بیٹا نصیر شدید زخمی ہوگیا ۔ریسکیو 1122 کی ٹیم نے فوری طور پر جاں بحق اور زخمی ہونے والے دونوں کو تحصیل ہیڈ کواٹر حضرو منتقل کر دیا ،ہائی ایس کا ڈرائیور جائے حادثہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ۔
اٹک سٹی:ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی نے جنرل بس سٹینڈ اٹک کا اچانک دورہ کیا
ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی نے جنرل بس سٹینڈ اٹک کا اچانک دورہ کیا ،ان کے ہمراہ اس موقع پر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ڈپٹی کمشنر اٹک نے جنرل بس سٹینڈ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور مجموعی انتظامات پر عدم اطمینان اور برہمی کا اظہار کیا ،انہوں نے اس موقع پرمتعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کی جائیں اور اس کے علاوہ صفائی اور دیگر معاملات کو بہتر بنانے کی طرف خاص توجہ دی جائے ۔ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی نے اس موقع پر حکم دیا کہ جنرل بس سٹینڈ کے مجموعی حالات تین دن کے اندر مکمل طور پر درست کیے جائیں‘بہ صورت دیگرذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
اٹک سٹی:ڈپٹی کمشنر عشرت اللہ خان نیازی نے ڈسٹرکٹ ہسپتال کا دورہ کیا ،اس موقع پر ان کے ہمراہ محکمہ صحت کے افسران بھی موجود تھے
ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی نے ڈسٹرکٹ ہسپتال کا دورہ کیا ،اس موقع پر ان کے ہمراہ محکمہ صحت کے افسران بھی موجود تھے ۔ڈی سی اٹک نے اس موقع ہر ہسپتال کے مختلف وارڈز اور شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا ،انہوں نے اس موقع پر مریضوں سے ملاقات بھی کی اور انہیں دی جانے والی طبی سہولیات کے حوالے سے تفصیل دریافت کی ۔ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی نے ڈسٹرکٹ ہسپتال کے تمام سٹاف کو سخت ہدایات جاری کر تے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں مریضوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے ،بہ صورت دیگرذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔بعد ازاں ہسپتال کے حکام نے مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیا ت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ڈی سی اٹک نے ہسپتال کے انتظامی اور دیگر امور مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔
اٹک سٹی:ناموس رسالت ؐاور دینی مدارس کی حفاظت اپنی جانوں پر کھیل کر کریں گے ،حضور ﷺکی محبت سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں ؛JUI
ناموس رسالت ؐاور دینی مدارس کی حفاظت اپنی جانوں پر کھیل کر کریں گے ،حضور ﷺکی محبت سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں ۔دینی مدارس کے خلاف کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے مولانا سمیع الحق کی شہادت کا واقعہ بیرونی قوتوں کی کارستانی ہے ،مولانا سمیع الحق بہت خوبیوں کے مالک ، رواداری ، بھائی چارے، اخوت، یکجہتی اور اسلامی شعائر کا کھل کر دفاع کرنے والی شخصیت تھے ،حکومت کو فی الفور اُن کے قاتلوں کو گرفتار کر کے گہری اور گھناؤنی سازش کو بے نقاب کرنا چاہیے آسیہ مسیح رہائی مغربی ممالک کے دباؤ کا نتیجہ ہے جو حکمران اس میں ملوث ہیں وہ کبھی بھی سرخرو نہیں ہو سکتے ،کلمہ کے نام پر حاصل کیے گئے ملک میں عاشقان رسول کو سزائے موت اور گستاخان رسول کو کھلی چھٹی پوری قوم اور عاشقان رسول کبھی بھی قبول نہیں کریں گے ان خیالات کا اظہار مرکزی رہنما وفاق المدارس مولانا قاضی عبدالرشید ، سرپرست اعلیٰ خانقاہ مدنی مولانا قاضی محمد ارشد الحسینی ، ضلعی امیر جے یو آئی مولانا شیر زمان ، سرپرست قاضی خالد محمود، مولانا محمد عبداللہ ، مولانا قاضی عبدالرحیم، مولانا محمد نعیم، مفتی تاج الدین اور دیگر نے جامعہ علوم شرعیہ جامع مسجد لوہاراں اٹک شہر میں تحفظ دینی مدارس و ناموس رسالت ؐ کنونشن سے خطاب میں کیا اس موقع پر ضلع بھر سے سینکڑوں علمائے کرام اور عاشقان رسول موجود تھے مقررین نے کہا کہ مولانا سمیع الحق کی شہادت کا واقعہ علمائے کرام کو دین کی اشاعت سے روک نہیں سکتا ہر دور میں علمائے کرام نے حق بات کہی ہے اس سے قبل بھی سینکڑوں علمائے کرام شہید کر دیے گئے مگر دینی مدارس ، ناموس رسالت اور اسلامی شعائر پر آنچ نہیں آنے دی اُن کی شہادت بہت بڑا افسو س ناک واقعہ ہے مگر اس سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہو ں گے علمائے کرام نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مولانا سمیع الحق کے قاتلوں کو گرفتارکر کے اصل سازش بے نقاب کی جائے کنونشن میں مولانا کے قاتلوں کی گرفتاری اور آسیہ مسیح کی رہائی کی مذمت کی قرارد ادیں پا س کی گئیں ۔
ضلع اٹک:پٹرولنگ پولیس چیک پوسٹ اکھوڑی کی بہترین کارکردگی
پٹرولنگ پولیس چیک پوسٹ اکھوڑی کی بہترین کارکردگی ‘سینکڑوں بغیر کاغذات موٹر سائیکلوں کے خلاف کاروائی ، شراب سمیت کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف کاروائی اور مسافروں کی معاونت ،تفصیلات کے مطابق ماہ اکتوبر میں پٹرو لنگ پولیس اکھوڑی نے ایس ایس پی راولپنڈی ریجن شجاعت علی رانا کے احکامات ضلع انچارج اٹک انسپکٹر اقبال کاظمی کی ہدایت پر زیر نگرانی انچارج پوسٹ سب انسپکٹر راشد اقبال کاروائی کرتے ہوئے بغیر کاغذات کے 650موٹر سائیکل بند کیے ۔گاڑیوں میں ناقص سیلنڈر کی تنصیب پر تین مقدمے درج کیے اسی طرح دوران کاروائی دس لیٹر شراب بر آمد کی عملہ نے 66لوگوں کی سفری مدد کی اور کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے پانچ کم سن ڈرائیور وں کے خلاف کاروائی کی جبکہ سو لہ ٹریکٹر ٹرالیوں پر حادثات سے بچنے کے لیے اسٹکرز لگائے اہلیان علاقہ نے پٹرولنگ پولیس اکھوڑی چیک پوسٹ کے عملہ کی کارکردگی کو سراہا ہے ۔
اٹک سٹی:شیخ الحدیث مولانا سمیع الحق کی شہادت بہت بڑا سانحہ ہے ،ملک و اُمت مسلمہ ایک عظیم مذہبی رہنماء سے محروم ہوگئی ؛ محمد ہاشم خان
شیخ الحدیث مولانا سمیع الحق کی شہادت بہت بڑا سانحہ ہے ،ملک و اُمت مسلمہ ایک عظیم مذہبی رہنماء سے محروم ہوگئی ۔مولانا سمیع الحق کی مذہبی و سیاسی خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی،اِن خیالات کا اِظہار مسلم لیگ(ن) کے رہنماء محمد ہاشم خان نے صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اِس موقع پر حاجی ولایت علی ،رضوان وسیم ،ارشاد علی ،ملک عارف ،اسد علی اور دیگر بھی موجود تھے ۔اُنہوں نے کہا کہ مولانا سمیع الحق ایک محب وطن عالم دین اور زیرک سیاستدان تھے جنہوں نے اپنی تمام عمر وطن عزیز کے لئے مذہبی و سیاسی خدمات میں گزار ی انہوں نے ہر فورم پر پاکستان اور اِسلام کی سربلندی کے لئے صدا بلند کی۔محمد ہاشم خان نے کہا کہ مولانا سمیع الحق ایک نرم مزاج ،امن پسند اور معتدل ہر دل عزیز شخصیت ،مذہبی رہنماء اور سیاستدان تھے جو ہر موقع پردینی و دنیاوی معاملات کو اپنی خداداد صلاحیتوں اور تدبر کے باعث انتہائی شائستگی سے حل کرنے کے ماہر تھے ،مولانا سمیع الحق کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاء صدیوں میں پُر ہوگا۔
ضلع اٹک: حسن ابدال میں زیر زمین پرانی اور بوسیدہ تاریں،ناکارہ سسٹم کے باعث اِنٹرنیٹ کی ناقص سروس سے صارفین پریشان
حسن ابدال میں زیر زمین پرانی اور بوسیدہ تاریں،ناکارہ سسٹم کے باعث اِنٹرنیٹ کی ناقص سروس سے صارفین پریشان ‘صارفین کی جانب سے سروس ناقص سروس اور خرابی کی شکایات کے انبار ،ٹیلی فون ایکسچینج کی باربار یاترہ ‘عملہ ٹس سے مس نہیں ہورہا ہے ۔ متعلقہ عملہ کی عدم توجہ لوگ سروس ختم کرانے لگے۔انٹرنیٹ کی ناقص سروس کی خود کار طریقہ سے شکایات درج کرانے پر خرابی دور کئے بغیر ہی شکایات خود سے ہی ختم کردی جاتی ہے جبکہ صارفین سروس کی درستگی کے انتظار میں رہتے ہیں رابطہ کرنے پر معلوم ہوتا ہے کہ سروس کی خرابی کی شکایات تو ٹھیک کردی گئی ہیں ۔تفصیلات کے مطابق حسن ابدال اور گردونواح میں زیرزمین پرانی اور بوسیدہ تاروں کے باعث پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کی جانب سے فراہم کردہ براڈبینڈ اِنٹرنیٹ کی اِنتہائی ناقص اور خراب سروس نے صارفین کو اِنتہائی پریشانی میں مبتلا کررکھا ہے ۔صارفین کی جانب سے ہر ماہ بھاری بھرکم بلوں کی ادائیگیوں کے باوجود سروس کا معیار دن بدن گرتا جارہاہے ،براڈ بینڈ اِنٹرنیٹ سروس باربار منقطع ہونا ، سست رفتاری کا مسلہ اور سروس کی خرابی روزانہ کا معمول بن چکے ہیں ۔ صارفین کی جانب سے متعلقہ ایکسچینج میں براڈ بینڈ اِنٹر نیٹ کی اِنتہائی ناقص اور غیر معیاری سروس سے متعلق روزانہ شکایات کے انبار لگے ہوتے ہیں اور صارفین کی جانب سے خود کار طریقہ کار سے بھی روزانہ درجنوں شکایات درج کرائی جاتی ہیں جن میں سے اکثر صارفین کے براڈ بینڈ اِنٹرنیٹ کی ناقص سروس سے متعلق درج کرائی جانے والی شکایات مسائل برقرار رہنے کے باوجود خود سے ہی ختم کردی جاتی ہیں ۔ صارفین کی جانب سے بار بار شکایات درج کرانے اور متعلقہ ایکسچینج میں یاترہ کے باجود اسسٹنٹ بزنس منیجر اور متعلقہ عملہ ٹس سے مس نہیں ہوتا ،متعلقہ عملہ کی جانب سے عدم دلچسپی ، عدم توجہ،بھاری بھرکم بلوں اور آئے روز نے بڑھتے ہوئے نرخوں کے باعث ملنے والی اِنتہائی ناقص اور خراب سروس کی فراہمی پر صارفین نے براڈ بینڈ اِنٹرنیٹ اور ٹیلی فون سروس ختم کرانا شروع کردئیے۔
حسن ابدال میں چند مقامات اور کچھ مخصوص نمبروں کے علاوہ براڈ بینڈ اِنٹرنیٹ اور ٹیلی فون کی سروس میں کہیں خرابی نہیں ،اِکا دکا شکایات ضرور ہوتی ہیں جنہیں بروقت درست کردیا جاتا ہے ۔اسسٹنٹ بزنس منیجر لاریب زرخان ۔تفصیلات کے مطابق حسن ابدال اور گردونواح میں براڈ بینڈ اِنٹرنیٹ کی اِنتہایے ناقص سروس کے حوالے سے ٹیلی فون ایکسچینج حسن ابدال کے اسسٹنٹ بزنس منیجر لاریب زرخان سے موقف جاننے کے لئے اُن نے نمبر 2521000پر رابطہ کیا گیا تو اُنہوں نے کہا کہ براڈ بینڈ اِنٹرنیٹ کی سروس بالکل ٹھیک کام کررہی ہے حسن ابدال میں چند مقامات اور کچھ مخصوص نمبروں کے علاوہ کہیں کوئی خرابی یا مسلہ نہیں ۔زیرزمین پرانی اور بوسیدہ تاروں کی وجہ سے پیدا ہونے والے والے نقائص ختم کرنے کے لئے کام جاری ہے اور ہماری ٹیمیں مختلف جگہوں پر کام کررہی ہیں ۔ صارفین کی جانب سے براڈ بینڈ اِنٹرنیٹ اور ٹیلی فون سروس ختم کرانے کی ایک وجہ کیبل اور دیگر ذرائع سے کم قیمت پر اِنٹرنیٹ سروس کی دستیابی بھی ہے ۔صارفینکی جانب سے اگر ہماری سروس ختم کرائی جارہی ہیں تو دوسری جانب نئے کنکشن بھی لگ رہے ہیں ۔صارفین کی جانب سے خود کار طریقہ کار کے تحت کرائی جانے والے شکایات باقاعدہ ایک سسٹم کے تحت ہم تک پہنچتی ہیں اور ہمارے اختیار میں نہیں کہ ہم خود سے کسی شکایت کو ختم کردیں۔
حسن ابدال ،زیرزمین پرانی اور بوسیدہ تاروں میں موجود نقائص ختم کرنے کے لئے شروع کیا جانے والا کام تاحال مکمل نہ ہوسکا۔براڈ بینڈ اِنٹرنیٹ کی ناقص سروس کی شکایات کے انبار پر محرم الحرام سے پہلے کام شروع کیا گیا جو وقفہ وقفہ اور سست روی سے جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق حسن ابدال اور گردونواح میں براڈ بینڈ اِنٹرنیٹ کی اِنتہائی ناقص اور غیر معیاری سروس پر صارفین کی بڑی تعداد کی جانب سے شکایات کے انبار لگنے پر متعلقہ حکام کے کانوں پر جوں رینگی تو اُنہوں نے متعلقہ سامان اور عملہ کو محرم الحرام سے قبل ٹیلی فون ایکسچینج حسن ابدال بھجوایاجس کے کئی روز بعد ٹیلی فون ایکسچینج میں واقع زیرزمین تاروں میں موجود نقائص کو دور کرنے کے لئے کام شروع کیا گیا جو تاحال مکمل نہیں ہوسکااور وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔
اٹک سٹی:پی ایس سی کامرہ میں ملازم ملک عطاء اللہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے
پی ایس سی کامرہ میں ملازم ملک عطاء اللہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے ،ان کے دعوت ولیمہ میں ملک اسد نیازی ، شکیل عباس ، صحافی محمد کامران عباس ، یاسر خان ، ثناء اللہ خان سمیت عزیز و اقارب اور دوست احباب نے شرکت کی اور ان کی شادی بخیر و خوبی انجام پانے پر مبارکباد دی ہے ۔
ضلع اٹک:تھانہ انجرأ کی حدود میں غیر قانونی طور پر مقیم افغانی گرفتار ‘فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج
تھانہ انجرأ کی حدود میں غیر قانونی طور پر مقیم افغانی گرفتار ‘فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ، تفصیلات کے مطابق تھانہ انجرأ پولیس چوکی لکڑمار کے عملہ نے دوران گشت مخبر کی اطلاع پر عبداللہ چوک کے قریب چھاپہ مارتے ہوئے غیر قانونی طور پر مقیم افغانی محمد وکیل ولد سلمان زئی قوم افغانی ساکن پکتیا ضلع گردیس افغانستان کو گرفتار کر لیا ،پوچھ گچ پر کوئی دستاویزی ثبوت پیش نہ کر سکا ۔پولیس نے 13/14 فارن ایکٹ کے تحت گرفتار کرتے ہوئے گرفتار کر لیا ۔
No comments:
Post a Comment