Tuesday, November 6, 2018

News from Hazro City, Chhachh Valley and District Attock, Updated from Hong Kong.

News from Hazro City, Chhachh Valley and District Attock, Updated from Hong Kong.



اٹک سٹی:عاصیہ مسیح کی بریت کے خلاف اٹک کے تاریخی فوارہ چوک میں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت ؐ کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ منعقد ہوا 
عاصیہ مسیح کی بریت کے خلاف اٹک کے تاریخی فوارہ چوک میں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت ؐ کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ منعقد ہوا جو بعدازاں بڑے جلسہ عام کی صورت اختیار کر گیا جس میں اٹک کی دینی جماعتو ں جماعت اسلامی ، جے یو آئی ، اہلسنت و الجماعت ، شبان ختم نبوتؐ اور دیگر کے عہدیداروں ، کارکنان ، تاجران ، شہریوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی احتجاجی مظاہرہ زیر سرپرستی امیر عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت اٹک مولاناابراھیم ثاقب الحسینی منعقد ہوا جس سے ڈسٹرکٹ خطیب مفتی مسعود احمد ، سرپرست اعلیٰ بزم معاذ قاضی ارشد الحسینی ، خطیب مسجد اقصیٰ مفتی عبید اللہ ، جمعیت علماء اسلام کے امیر مولا نا شیر زمان ، مولانا امیر زمان ، رہنما اہلسنت والجماعت مولانا ریاض ، ضلعی ذمہ داران شبان ختم نبوت مفتی محمد عمر، مولانا حذیفہ وصیف ، جماعت اسلامی کے رہنما محمد اقبال ملک ، شہاب رفیق ملک ، خالد محمود ، جامع مسجد دارالسلام کالونی مولانا نعیم اللہ ، خطیب جامع مسجد شیڈ مولانا عبدالستار ، مفتی عبدالواحد ، مفتی ندیم قریشی اور دیگر نے خطاب کیا عاصیہ مسیح کی رہائی کے خلاف جے یو آئی ( ف ) کی ریلی مسجد لوہاراں سے ، جماعت اسلامی کی ریلی کچہری چوک سے فوارہ چوک پہنچی ، مختلف مساجد سے ریلیاں بڑی تعداد میں علماء کی قیادت میں فوارہ چوک پہنچیں ریلیوں کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور جھنڈے اٹھا رکھے تھے کارکنان نے اعلیٰ عدلیہ اور حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عاصیہ مسیح معلونہ کو دوبارہ گرفتار کر کے کیس کا از سر نو جائزہ لے کر دوبارہ سماعت نام ای سی ایل میں ڈالا جائے اور سزائے موت کا حکم سنایا جائے ، سپریم کورٹ کا فیصلہ مسلمانوں کے جذبات کی ترجمانی نہیں کرتا ، موجودہ حکومت ہوش کے ناخن لے ، وزیراعظم عمران خان کی تقریر نے جلتی پر تیل کا کام کیا ، سیشن جج اور ہائی کورٹ کے جج کی جانب سے عاصیہ کو سزائے موت دینے کا خیر مقدم کرتے ہیں ، مقررین نے مئلہ کے حل کا فوری مطالبہ کیا اگر مألہ جوں کا توں رہا دوبارہ سڑکوں پر ہوں گے نبیؐ کی حرمت پر جان قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے اس موقع پر اٹک پولیس کی بھاری نفری کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے موجود تھی پولیس کو ملک بھر کی صورتحال اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے پیش نظر الرٹ کر دیا گیا ہے حساس مقامات پر پولیس کی نفری بڑھا دی گئی ہے مذہبی اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے شہریوں کو پرامن رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کیلئے پولیس نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مل کر لائحہ عمل ترتیب دے دیا ہے ۔ 

اٹک سٹی:ریلوے پارک کے قریب فٹ پاتھ توڑنے کے دوران گیس لیکج سے دھماکہ ، آ گ نے 2 نجی بینکوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا
ریلوے پارک اٹک کے قریب فٹ پاتھ توڑنے کے دوران گیس لیکج سے دھماکہ ، آ گ نے 2 نجی بینکوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 ، فائر بریگیڈ، سوئی گیس اور واپڈا کا عملہ موقع پر پہنچ گیا ،فٹ پاتھ توڑنے والے 2 مزدور آگ کی لپیٹ میں آکر زخمی ، تفصیلات کے مطابق ریلوے پارک اٹک کے سامنے احمد پلازہ میں 2 نجی بینکوں کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ناجائز تجاوزات کے نوٹس پر فٹ پاتھ توڑنے کا کہا گیا جس پر بینک انتظامیہ نے اپنی مدد آپ کے تحت فٹ پاتھ توڑنے کیلئے مزدور لائے جو ڈرل مشین کے ذریعے فٹ پاتھ توڑ رہے تھے اسی دوران ڈرل مشین سوئی گیس کے پائپ میں چلی گئی جس کے باعث زور دار دھماکہ ہوا اور آگ بھڑک اٹھی فوری طور پر ریسکیو 1122 اورفائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور آگ پر قابو پا لیا گیا آگ لگنے کے نتیجہ میں 2 مزدور زخمی ہو گئے جہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ناجائز تجاو زات کی نگرانی کرنے والے اسسٹنٹ کمشنر محمد عاطف پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے واقعہ کے ذمہ داروں کے خلا ف فور ی کاروائی کا حکم دے دیا ریسکیو ایمر جنسی آفیسر ڈاکٹر میاں محمد اشفاق احمد نے میڈیا کو بتایا کہ واقعہ نجی بینکوں کی مبینہ غفلت کا نتیجہ ہے جنہوں نے پرائیویٹ مزدوروں سے فٹ پاتھ توڑنے کا کام لے رکھا تھا بلڈنگ مالکان کی جانب سے واقعہ کی درخواست تھانہ سٹی میں درج کرانے کے لئے مشاورت کر لی گئی ہے ۔ 

حضروسٹی: حضرت مولانا سمیع الحق شہیدکا کردار ملکی تاریخ میں ایک درخشاں ستارے کے مانند ہے؛ مختلف اکابرین کا اظہارِ خیال 
حضرت مولانا سمیع الحق شہیدکا کردار ملکی تاریخ میں ایک درخشاں ستارے کے مانند ہے، حکومت ان کے قاتلوں کو عبرتناک انجام تک پہنچائے ،انہوں نے اپنی ساری زندگی اعلائے کلمۃ اللہ کے لیے وقف کیے رکھی ‘ہمارے لیے ان کی جدوجہد مشعل راہ ہے۔ان خیالات کااظہار جے یو آئی (ف) پنجاب کے امیر ڈاکٹر قاری عتیق الرحمن ،مولانا تاج محمد خان،ترجمان پنجاب محمداقبال اعوان،ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پنجاب چوہدری عبدالجبار ،قاری محمد ابراہیم ،ڈاکٹر ضیاء الرحمن امازئی ،مولانا سعید الرحمن سرور،مفتی زاہد شاہ ،مفتی مسرت اقبال، نے حضرت مولانا سمیع الحق شہید ؒ کی المناک شہادت پرمولانا انوارالحق مولانا حامد الحق حقانی،مولانا سید یوسف شاہ اور دیگر لواحقین سے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی بیان میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ مولانا سمیع الحق شہید ؒ کی دینی ،ملی اور سیاسی خدمات قابل قدر ہیں ان کی شخصیت قائدانہ صلاحیتوں سے مالامال تھی، انہوں نے اپنی ساری زندگی اعلائے کلمۃ اللہ کے لیے وقف کیے رکھی ہمارے لیے ان کی جدوجہد مشعل راہ ہے۔جے یو آئی (ف) کے صوبائی قائدین نے مولانا سمیع الحق شہیدؒ کی وفات کو ایک عظیم نقصان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک جرات مند اور ہر دلعزیز رہنما تھے۔ ان کی خدمات اور محبت ہمیشہ دلوں میں بسی رہے گی۔ حکومت ان کے قاتلوں کو عبرتناک انجام تک پہنچائے۔راہ حق کے مظلوم شہیدمولانا سمیع الحق شہیدرحمتہ اللہ علیہ کا خون حکومت پر قرض ہے۔ حکومت نے اب تک کسی عالم دین کے قاتل کو تختہ دار پر نہیں لٹکایا جس کی وجہ سے قاتلوں کے حوصلے بلند ہوتے جارہے ہیں۔اس دکھ درد کی مشکل گھڑی میں جمعیت علماء اسلام (ف) مولانا سمیع الحق شہید ؒ کے خانوادے اور جامعہ حقانیہ سے پوری پوری ہمدردی رکھتی ہے۔جمعیت علماء اسلام (ف) کے صوبائی قائدین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حضرت مولاناسمیع الحق شہید ؒ کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے اور انہیں عبرتناک سزا دی جائے۔ 

ضلع اٹک کی مذہبی اورسیاسی شخصیات کا مولانا سمیع الحق کی شہادت پر تعزیتی پیغامات ،مولانا کی دین کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائے گی ۔تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی میجر طاہر صادق ، پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء ملک حاکمین خان ، ممبر صوبائی اسمبلی جہانگیرخانزادہ ، ایم این اے ملک سہیل خان ، ضلعی صدر جے یو آئی مولانا شیر زمان، مفتی سید امیر زمان ، شیخ الحدیث مولانا یوسف شاہ ، مولانا ظہور الحق ، مولانا امتیاز خان ، صاحبزادہ خافظ سعید احمد ، علامہ رفاقت حقانی ، شیخ احسن الدین ایڈوکیٹ ، وائس چیئرمین بلدیہ اٹک ملک طاہر اعوان، حاجی محمد اکرم خان تحصیل صدر اٹک مسلم لیگ (ن) میاں شاہ نواز شانی نے اپنے الگ الگ تعزیتی بیانات میں کہا ہے کہ مولا نا سمیع الحق کی شہادت کا سانحہ نہایت افسوسناک واقعہ ہے جس پر پوری قوم غم و دکھ میں مبتلا ہے مو لا نا کی شہادت پاکستان میں امن وا مان کو سپوتاز کرنے کی گھناؤنی سازش ہے انہوں نے ہمیشہ اپنی زندگی میں امن کیلئے جدوجہد کی ہے جس پر ہم ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر اس سانحہ کی تحقیقات کرکے قاتلوں کو منظر عام پر لا یا جائے ۔ 

ہانگ کانگ:مولا نا سمیع الحق کی شہادت کا سانحہ نہایت افسوسناک واقعہ ہے ؛ منصف خان آف ابابکر
معروف سماجی وکاروباری شخصیت منصف خان آف گاؤں ابابکر مقیم ہانگ کانگ نے کہا ہے کہ مولا نا سمیع الحق کی شہادت کا سانحہ نہایت افسوسناک واقعہ ہے جس پر پوری قوم غم و دکھ میں مبتلا ہے ،مو لا نا کی شہادت پاکستان میں امن وا مان کو سپوتاز کرنے کی گھناؤنی سازش ہے ۔انہوں نے ہمیشہ اپنی زندگی میں امن کیلئے جدوجہد کی ہے جس پر ہم ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر اس سانحہ کی تحقیقات کرکے قاتلوں کو منظر عام پر لا یا جائے ۔ 

اٹک سٹی:نامعلوم چور دن دیہاڑے بیوہ بزرگ عورت سے نقد رقم اور پنشن بک چھین کر فرار ہو گئے
تھانہ اٹک سٹی سے چند قدم کے فاصلہ پر چوری کی وارداتیں معمول بن گئیں ‘نامعلوم چور دن دیہاڑے بیوہ بزرگ عورت سے نقد رقم اور پنشن بک چھین کر فرار ہو گئے ‘نا معلوم چوروں کے خلاف مقدمہ درج ،تفصیلات کے مطابق سرگ سالار کی رہائشی بزرگ خاتون کرم جان بی بی جو بینک سے اپنی پنشن 7 ہزار روپے نکلوا کر اپنے گھر جا رہی تھی کہ اچانک 2 نامعلوم چور آئے ، بزرگ بیوہ خاتون سے نقد رقم اور پنشن بک چین کر فرار ہو گئے ۔بزرگ خاتون نے بتایا کہ میں بیوہ عورت ہوں اپنے شوہر کی پنشن سے بڑی مشکل سے گزر بسر کر رہی ہوں جو وہ بھی نامعلوم چور میرے ہاتھ سے چھین کر فرار ہو گئے ہیں ، شہری حدود میں سٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتیں پولیس کیلئے سوالیہ نشان بن کر رہ گئیں ،تھانہ سٹی سے چند قدم کے فاصلہ پر چوری کی وارداتوں پر شہریوں نے تشویش کااظہار کیا ہے پولیس نے نامعلوم چوروں کے خلاف مقدمہ در ج کر لیا ہے ۔ 

اٹک سٹی:پولیو کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا 
پولیو کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) اٹک سلیم خالد نے صدارت کی اجلاس میں محکمہ صحت ،تعلیم اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔اجلاس میں اے ڈی سی ریونیو اٹک کوآمدہ پولیو مہم کے سلسلے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ،یہ مہم 12 سے 16 نومبر تک جار ی رہے گی جس میں 2 لاکھ 82 ہزار 850 بچوں کو پولیو کے قطرے پلا ئے جائیں گے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اس مہم میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے اس سلسلے میں ضلع بھرمیں بھر پور انتظامات کےئے جا رہے ہیں پولیو مہم میں863 ٹیمیں حصہ لیں گی ضلع بھر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر پولیو ٹیمیں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی اس کے علاوہ رومنگ ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں جو گھرگھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی قطرے پلانے والی تمام ٹیموں کو فول پروف سیکورٹی مہیا کی جائے گی انہوں نے اس موقع پرضلع کے عوام سے اپیل کی کہ وہ محکمہ صحت اٹک کے ساتھ اس مہم میں بھرپور تعاون کریں ۔ 

اٹک سٹی:آسیہ مسیح کی بریت کیخلاف تحریک لبیک یا رسول اللہ کی کال پر ہڑتال ، شہر بھر میں ریلیاں ، اٹک کامرہ روڈ پر احتجاجی کیمپ لگا دیا گیا ، آسیہ مسیح کی بریت کیخلاف تحریک لبیک یا رسول اللہ کی کال پر ہڑتال ، شہر بھر میں ریلیاں ، اٹک کامرہ روڈ پر احتجاجی کیمپ لگا دیا گیا ،تفصیلات کے مطابق آسیہ مسیح ملعونہ کی رہائی کے خلاف اٹک میں ہو کا عالم رہا دھرنے کے دوسرے روز بھی مختلف دینی و سیاسی جماعتوں کے کارکنان دھرنا میں شریک ہوئے اور وقفہ وقفہ سے اعلانات کیے جا رہے ہیں کہ آسیہ ملعونہ کو پھانسی دی جائے گستاخ رسول ؐ کی ایک سزا سر تن سے جدا سر تن سے جدا کے نعرے بھی لگائے جا رہے تھے کارکنان نے نماز ظہر ، نماز عصر ، نماز مغرب اور نماز عشاء روڈ پر ادا کی احتجاجی کیمپ کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی دھرنا ڈی پی او آفس سے چند فرلانگ پر پولیس کے خدمت سنٹر کے قریب جاری ہے اس موقع پر اٹک پولیس کا عملہ غائب ہو گیا ہے قائدین کی جانب سے دھرنا چیف جسٹس کے استعفیٰ تک جاری رکھنے کا اعلان اور آسیہ ملعونہ کو سر عام پھانسی دینے کا اعلان کیا ہے پشاور راولپنڈی ملانے والی شاہراہ پر ٹریفک کا ازدھام بن گیا اور شہر میں جزوی ہڑتال رہی ، سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی دن بند رہے سرکاری دفاتر میں اہلکاروں کی عدم حاضری سے سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اکثر سرکاری ملازمین ڈیوٹی پر جانے کی بجائے دھرنے میں شامل ہو گئے ۔ 

گاؤں غورغشتی:تحصیل اور ضلعی سطح کے ادبی مقابلوں میں غورغشتی ہائیر سیکنڈری سکول کے طلباء نے میدان مار لیا
تحصیل اور ضلعی سطح کے ادبی مقابلوں میں غورغشتی ہائیر سیکنڈری سکول نے میدان مار لیا،ادب کی تمام اصناف اور مقابلہ جات میں پہلی ، دوسری اور تیسری پوزیشن اسی سکول کے حصہ میں آئی۔تحصیل حضرو میں ہونے والے ادبی مقابلوں میں نعت،اردو تقریر،انگلش تقریرمیں پہلی اور ملی نغمہ میں دوسری پوزیشن حاصل کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوالیا۔سکول کے طالب علم تیمور خان نے نعت خوانی میں پہلی،حسن علی نے اردو تقریر میں پہلی،محمد اسحاق نے انگلش تقریر میں پہلی اور حفیظ احمد نے ملی نغمہ میں دوسری جب کہ ضلعی سطح پہ حماد خالد نے نعت خوانی میں تیسری پوزیشن حاصل کی اور اسی سکول کے طالب علم محمد بلال نے مضمون نویسی میں تحصیل کے بعد ضلع میں بھی ٹاپ کیا اور اپنے سکول و اساتذہ کا نام روشن کیا،علمی و ادبی حلقوں نے سکول کے پرنسپل محمد تاج اور بزم ادب سوسائٹی کو خصوصی مبارک باد دی اور آئندہ بھی ایسی ہی کارکردگی کے لیے دعا کی۔

حضروسٹی:نا با لغ اور نو عمر رکشہ ڈرائیوروں نے حضرو شہر میں انت مچارکھی ہے ،حضرو شہر میں ہر وقت شدید ٹریفک جام معمول 
نا با لغ اور نو عمر رکشہ ڈرائیوروں نے حضرو شہر میں انت مچارکھی ہے ،حضرو شہر میں ہر وقت شدید ٹریفک جام معمول ،عوام کا پیدل چلنا محال ، ٹریفک پو لیس کی عدم دلچسپی ، تفصیلا ت کے مطابق سول سو سائٹی فورم کے اجلا س جس میں سمندر خان نمبر دار ،ندیم رضا خان ،حافظ نصرت علی خان ،محمد ارشد ،محمد نا صر ،سا جد ،حافظ صدیق ،اعجاز اکرم ،ریاست خان ،آصف محمود بھٹی ،محمد سعیداعوان چیئر مین یونین کونسل شمس آبا د ،حا جی احسان خان جنر ل کو نسلر حضرو سٹی ،محمد صدیق اعوان جنرل کو نسلر پہتی کے علاوہ دیگر نے شر کت کی اجلاس میں حضرو شہر میں شدید ٹریفک جام پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ۔ سوسائٹی فورم کے چیئر مین نے اس صو رتحال پر اظہار خیال کر تے ہو ئے کہا کہ اس سا ری صو رتحال کی بنیا دی وجہ نا با لغ اور نو عمر رکشہ ڈرائیور ہیں جن کو ٹریفک قوانین کی الف ب کا بھی علم نہیں اسی وجہ سے ہر وقت ٹریفک جام رہتا ہے اور آئے روز حا دثات بھی ہو تے ہیں اس سلسلہ میں ٹریفک پو لیس کی عدم دلچسپی بھی قا بل تشویش ہے ٹریفک جام کی وجہ سے عوام شدید اذیت میں مبتلا ہیں اعلیٰ افسران سے گزارش ہے کہ عوام کو اس اذیت ناک صورتحال سے بچا یا جا ئے ۔ 

اٹک سٹی:انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا 
انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) اٹک سلیم خالدنے اجلاس کی صدارت کی ۔اجلاس میں سی ای او ایجوکشن، ضلع بھر کے ڈی ڈی ایچ اوز اوردیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ڈسٹرکٹ انٹومولجسٹ ثاقب حفیظ نے اجلاس کو انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے بریفنگ دی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی آر اٹک نے کہا کہ اب ڈینگی سیزن کا اختتام کے دن ہیں اور اس سیزن میں تمام سرکاری اداروں نے بھر پور کر دار ادا کیا جس کی وجہ سے ڈینگی جیسے موذی مرض کو کنٹرول کر نے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے تاہم ضلعی اور تحصیل انتظامیہ، سرکا ری اداروں اور بالخصوص محکمہ صحت کو چاہیے کہ وہ ڈنیگی کے مکمل خاتمے کے لیے ان دنوں میں بھی اپنا بھر پور کر دار ادا کرے اور اس کے ساتھ اس مہم میں دیگر محکموں کی بھی بھرپور معاونت کرے انہوں نے کہاکہ ڈینگی سے متعلق تمام محکموں کی کارکردگی جا نچنے کے لیے تیسری پارٹی کے ذریعے بھی نگرانی کی جارہی ہے اور ا ن کی کارکردگی کے متعلق اعلیٰ حکا م کو بھی رپورٹ ارسال کی جارہی ہے اس موقع پر انہوں نے تمام ضلعی محکموں کو اپنی کارکردگی ان آخری ہفتوں میں مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں نے اپنی کار کر دگی کے حوالے سے بریفنگ دی اور انسداد ڈینگی مہم کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیاانہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے سرکاری دفاتر اور اپنے علاقوں میں ڈنیگی سے بچاؤ کے متعلق ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کریں اور عوام میں شعور بھی بیدار کریں انہوں نے اس موقع پر ضلع اٹک کی عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے ارد گرد کا ماحول صاف اور خشک رکھیں تاکہ وہ اس خطرناک بیماری سے محفوظ رہ سکیں ۔ 

ضلع اٹک:تھانہ اٹک خوردکے پہاڑوں میں 5سالہ مال مقدمہ منشیات کو تلف کر دیا گیا 
تھانہ اٹک خوردکے پہاڑوں میں 5سالہ مال مقدمہ منشیات کو تلف کر دیا گیا ،تفصیلات کے مطابق سینئر سول جج اٹک طاہر محمود کی زیر نگرانی منشیات کو تلف کیاگیا ۔تلف ہونے والی منشیات میں چرس و گردہ،افیون ، ہیروئن ، پوست چورہ اور شراب کی بوتلیں شامل ہیں ،منشیات میں 7 من 10 کلو 773 گرام خالص چرس و گردہ کو تلف کیا گیا ، 10 کلو 885 گرام افیون ، 31 کلو 119 گرام ہیروئن ، 14 کلو پوست چورے کے علاوہ 16 بوتل شراب و کپی بھی تلف کر دی گئیں ،اس موقع پر تھانہ اٹک خورد ایس ایچ او تھانہ اور دیگر عملہ بھی موجود تھے ۔ 

ضلع اٹک:ٹرین سے اترنے کے دوران ٹرین چلنے کے سبب 2 خواتین شدید زخمی 
ٹرین سے اترنے کے دوران ٹرین چلنے کے سبب 2 خواتین شدید زخمی ، تفصیلات کے مطابق راولپنڈی سے ملتان جانے والی مہر ایکسپریس ریلوے اسٹیشن بسال پر پہنچی تو اس دوران 2 خواتین جو ٹرین میں سوار تھیں اتر رہیں تھیں کہ ٹرین چل پڑی جس کے سبب دونوں خواتین کی ٹانگیں ٹرین کے نیچے آ کر ٹوٹ گئیں جنہیں اپنی مدد آپ کے تحت قریبی ہسپتال میں پہنچایا گیا جہاں ایک خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئی جبکہ دوسری کو شدید زخمی حالت میں راولپنڈی ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے ۔ 

اٹک سٹی:مولانا سمیع الحق کی وفات اہل اسلام کا بہت بڑ انقصا ن ہے ‘حکومت قاتلوں کو تلاش کر کے ذمہ داری پوری کرے؛ جے یو آئی اٹک
مولانا سمیع الحق کی وفات اہل اسلام کا بہت بڑ انقصا ن ہے ‘حکومت مولانا کے قاتلوں کو تلاش کر کے اپنی ذمہ داری پوری کرے ،لاکھوں لوگوں نے جس عقید ت اور والہانہ لگاؤ کے ساتھ ان کی نماز جنازہ میں شرکت کی ‘اس سے ثابت ہو گیا کہ علمائے کرام عوام کے دلوں پر حکومت کرتے تھے ۔ان خیالات کا اظہار ضلعی امیر جے یو آئی مولانا شیر زمان ، سرپرست مولانا ظہور الحق ، مولانا محمد امتیاز خان ، قاضی خالد محمود ، قاری چن محمد ، مولانا عبدالخالق ، مفتی سید امیر زمان حقانی ، قاری محمد اقبال ، حافظ ہارون الرشید ، قاسم خان وردگ ، مولانا عبدالطیف اور دیگر نے اپنے تعزیتی بیانات میں کیا ہے ۔علمائے کرام نے کہا کہ مولانا سمیع الحق ایک مفسر قرآن ، شیخ الحدیث ، فقیہ ، مورخ ، ادیب ، خطیب ، سیاسی رہنما ، امام المجاہدین اور ہزاروں علمائے کرام کے استاد تھے ‘ان کی کمی اور خلاء پورا نہیں ہو سکتا ،ان کی شہادت پر جس طرح علمائے کرام اور طلباء نے امن کا دامن پکڑے رکھا حکومت کو چاہیے کہ اس صبرو تحمل اور برداشت کو مد نظر رکھتے ہوئے مولانا کے قاتلوں کو گرفتار کر کے اصل سازش بے نقاب کی جائے ۔ 

اٹک شہرسے تعلق رکھنے والے اسلام آباد کے ارب پتی بزنس مین شیخ ثاقب عرف مٹھوموٹر سائیکل حادثہ میں جاں بحق ہو گئے 
اٹک شہرسے تعلق رکھنے والے اسلام آباد کے ارب پتی بزنس مین شیخ ثاقب عرف مٹھو اپنے 50 لاکھ روپے مالیتی 2000 سی سی موٹر سائیکل سے اسلام آباد میں حادثہ میں جاں بحق ہو گئے ،مرحوم کی نماز جنازہ آج 6 نومبر بروز منگل دن 2 بجے مرکزی عید گاہ میں ادا کی جائے گی مرحوم اٹک کے سینئر قانون دان شیخ وقار احمد صدیقی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کے برادر نسبتی ، رہنما میجر گروپ سابق امیدوار کونسلر بلدیہ شیخ بلال عرف بالی اور شیخ سرمد شہزاد عرف ببلی کے بھائی تھے ۔ 

ضلع اٹک:کے پی کے سے پنجاب منشیات کی بھاری مقدار سمگل کرنے کی کوشش کو ناکام ، کار سے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد 
کے پی کے سے پنجاب منشیات کی بھاری مقدار سمگل کرنے کی کوشش کو ناکام ، کار سے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد ‘مقدمہ درج ، تفصیلات کے مطابق اے ایس آئی تھانہ سٹی حسن ابدال نے جی ٹی روڈ لاری اڈا حسن ابدال پر ایک مہران کار جو سڑک کے کنارے کھڑی تھی ،بعد ازاں اس پشاور سے تعلق رکھنے والے ڈرائیور کی حرکات مشکوک جانتے ہوئے تلاشی لی تو اس کی بائیں ٹانگ سے ٹیپ میں لپٹی ہوئی گردہ نما چرس کل وزنی 5 کلو برآمد ہوئی جس پر ملزم کے خلاف 9/c منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے عدالت سے ملزم کا ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے ۔ 

ضلع اٹک سے تبدیل ہو کر پنجاب کے مختلف علاقوں میں تعینات ہونیوالے 3 ڈی ایس پیز کے اعزازمیں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا،
اٹک سے تبدیل ہو کر پنجاب کے مختلف علاقوں میں تعینات ہونے والے 3 ڈی ایس پیز کے اعزازمیں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، ڈی پی او حسن اسد علوی تقریب کے مہمان خصوصی تھے آئی جی پنجاب کے حکم پر ضلع اٹک سے ٹرانسفر ہونے والے 3 ایس ڈی پی اوز جن میں ڈی ایس پی سرکل جنڈ عابد حسین ظفر ، ڈی ایس پی فتح جنگ اعظم محمود اور ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر ساجد محمود شامل ہیں ‘کے لئے الوداعی تقریب کا انعقاد ڈی پی او آفس کے کانفرنس روم میں کیا گیا۔ تقریب میں ضلع بھر سے ایس ایچ اوز نے بھی شرکت کی ڈی پی او نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے جس نے کسی پریشر کی پرواہ نہ کرتے ہوئے عوام کی خدمت کی اور ان کی گراں قدر خدمات پر خراج تحسین پیش کیا انہوں نے آئندہ بھی اسی محنت اور لگن کے ساتھ کام کرنے کی تاکید کی ان کا کہنا ہے کہ مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے جس نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، ادارے کے اصولوں اور میرے اعتماد کے مطابق کسی پریشر کی پرواہ نہ کرتے ہوئے عوام کی خدمت کی اور بے کسوں کی داد رسی کی اور انہی اصولوں کے مطابق کام کو جاری و ساری رکھا جائے،اٹک پولیس ان تمام کمزور عناصر کی آواز ہے جو کسی با اثر ظالم کے ظلم کیخلاف تھانوں کا رخ کرتے ہیں،اللہ تعالیٰ ہمیں اسی عزم کے ساتھ کام کرنے کی توفیق عنائیت فرمائے، تبادلہ پانے والے ڈی ایس پیز نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیس ہم ڈی پی او حسن اسد علوی کے شکر گزار ہیں جنہوں نے دوران ڈیوٹی ہماری حوصلہ افزائی کی، قدم قدم پر ہماری رہنمائی کی، اٹک میں تعیناتی کے دوران جو تجربات ہوئے اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملک اور قوم کی خدمت کرتے رہیں گے، مجرم جتنا بھی طاقت ور ہو اس کی سر کوبی کے لئے ہم اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے کے لئے تیار ہیں، حسن اسد علوی جیسے افسران ملک کے لئے انتہائی ضروری ہیں، ڈی پی او حسن اسد علوی صرف ڈی پی او نہیں ہیں بلکہ خود ایک ادارہ ہیں جہاں سے پولیس ڈیپارٹمنٹ کا ہر فرد کو سیکھنے کا موقع مل رہا ہے ۔ 

اٹک سٹی:آپ ﷺکی دنیا میں تشریف آوری کے ساتھ ہی کفر و ظلمت کے بادل چھٹ گئے ؛آل پاکستان محفل نعت سے مقررین کا خطاب
محسن انسانیت تمام عالمین کیلئے رحمت بن کر جلوہ گر ہوئے ،آپ ﷺکی دنیا میں تشریف آوری کے ساتھ ہی کفر و ظلمت کے بادل چھٹ گئے ‘کسریٰ کے محل پر زلزلہ آیا ، 14 کنگرے گر گئے ، ایران کا آتش کدہ جو ایک ہزار سال سے شعلہ زن تھا وہ بجھ گیا ، دریائے ساوہ خشک ہو گیا ، کعبہ کو وجد آیا اور بت سر کے بل گر پڑے حضرت شیخ عبدالحق محدث دہلوی فرماتے ہیں کہ بے شک سرور عالمؐ کی شب ولادت شب قدر سے بھی افضل ہے کیونکہ شب ولادت سرکار مدینہ کے اس دنیا میں جلوہ گر ہونے کی رات ہے جبکہ لیلۃ القدر آپ کو عطاء کردہ شب ہے جو رات ظہور ذات سرور کائنات ؐ کی وجہ سے مشرف ہو وہ اس رات سے زیادہ شرف و عزت والی ہے جو ملائکہ کے نزول کے کی بناء پر مشرف ہے آپ ؐ کی ولادت کا دن مسلمانوں کی عیدوں کی بھی عید ہے ان خیالات کا اظہار اسد سویٹ اینڈ بیکرز H بلاک اٹک شہر کے زیر اہتمام آل پاکستان سالانہ محفل نعت کشمیر چوک / گیڈر چوک احاطہ سوزوکی سٹینڈ اٹک شہر میں مولانا مفتی جمال الدین قادری بغدادی قلندری نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا نقابت کے فرائض عابد حسین خیال آف لاہور نے ادا کیے ۔سالانہ محفل نعت میں عالمی شہر ت یافتہ حافظ محمد طاہر قادری آف کراچی نے اپنے منفرد انداز میں محفل نعت کو چار چاند لگا دیئے محفل میں موجود ہزاروں شرکاء نے کھڑے ہو کر اور جھومتے ہوئے والہانہ انداز میں ان کی نعتوں کا جواب نعتیں پڑھتے ہوئے دیا ہزاروں شرکاء نے انتہائی عقیدت اور احترام سے محفل نعت ؐ میں نعت خوانی کیلئے آنے والے اور دیگر معروف نعت خوانوں جنہوں نے گلہائے عقیدت بحضور سرور کائنات ؐ پیش کیے ان پر لاکھوں روپے نچاور کر دیئے محفل نعت کے مہمانان خصوصی میں صاحبزادہ سید عطاء اللہ شاہ گیلانی آستانہ عالیہ ڈھیر شریف اور صاحبزادہ حافظ وحید احمد آستانہ عالیہ دریا شریف ، زیر صدارت حضرت علامہ مولانا پیر عبدالرزاق شاہ آستانہ عالیہ کوٹ گلہ شریف منعقد ہوئی یہ محفل رانا برادران کے والد رانا حاجی عبدالطیف مرحوم اور والدہ مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے منعقد کی گئی تلاوت قرآن حکیم کی سعادت قاری خادم بلال مجددی نے حاصل کی دیگر معروف نعت خوانوں ظہیر عباس فریدی قادری ، سعید الرحمن ، شاویز عمر ، عاصم ایوب قادری نے بار گاہ رسالت ؐ میں ہدیہ نعت پیش کر کے شرکائے محفل سے خوب داد وصول کی یہ بابرکت اور روحانی محفل زیر نگرانی حافظ لعل محمد فاروقی منعقد کی گئی بانی محفل نعت رانا غلام صفدر ، استاذ محمد افضل ، رانا غلام سرور ، رانا امجد علی عطاری اور رانا محمد انور نے محفل نعت کو چار چاند لگانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی قادری ساؤنڈ سسٹم خصوصی طور پر منگوایا گیا تھا اور پورے پنڈال کو شامیانے اور قناعتوں سے ڈھانپ کر لائٹ کا ایسا انتظام کیا گیا تھا کہ پورا پنڈال جگ مگ کر رہا تھا تقریب میں استاذ العلماء ابو طیب رفاقت علی حقانی ، ضلعی جنرل سیکرٹری جے یو پی اٹک علامہ نیاز حسین اعوان ، سیکرٹری اطلاعات قاری محمد یاسر اعوان ، مرکزی جنرل سیکرٹری انجمن طلباء اسلام پاکستان ڈاکٹر ضیاء الرحمن نورانی ، چیئرمین اٹک پریس کلب رجسٹرڈ ندیم رضا خان ، صوفی فیصل بٹ ، ملک فرحت علی خان ، حافظ نصرت علی خان ، چیئرمین نعت کونسل ڈاکٹر الحاج عرفان قادری ، سابق مرکزی صدر نوجوانان اسلام شہزاد احمد چشتی کے علاوہ علاقہ بھر کے علماء کرام ، مشائخ عظام ، معززین علاقہ اور شمع رسالت ؐ کے پروانوں کی کثیر تعداد موجود تھی محفل کے شرکاء کیلئے لنگر کابھی انتظام کیا گیا تھا برق روڈ اور گیڈر چوک ، کشمیر چوک مکمل طور پر بند کر دیا گیا تھا اٹک پولیس کی بھاری نفری اس موقع پر تعینات تھی ۔ 

اٹک خورد:کے پی کے سے پنجاب لاکھوں روپے مالیت کی 1100 گرام چرس گردہ سمگل کرنے کی کوشش ناکام 
ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکاٹکس کنٹرول ضلع اٹک کے عملہ نے کے پی کے سے پنجاب لاکھوں روپے مالیت کی 1100 گرام چرس گردہ سمگل کرنے کی کوشش ناکام ، بین الاقوامی ڈرگ مافیا کے رکن کو گرفتار کر کے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکاٹکس کنڑول پنجاب کی ہدایت پر انسپکٹر ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکاٹکس کنٹرول ارشد اقبال اور طاہر محمود نے کانسٹیبلان سجاد ، عبید اور حسنین کے ہمراہ کے پی کے سے آنے والی مسافر گاڑی میں سوار مسافر سکنہ پشاور سے دوران چیکنگ 1100 گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس گردہ برآمد کر لی جس قیمت عالمی منڈی میں لاکھوں روپے بتائی جاتی ہے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔

اٹک سٹی: مسیحی قبرستان وملحق جگہ ناجائز تجاوزات کی وجہ سے مسیحی برادری اٹک کے لیے مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے؛ تحریری درخواست
اٹک شہرکی مسیحی برادری نے چیف جسٹس ، وفاقی ، اقلیتی صوبائی و قومی وزراء اور وزیر مملکت برائے داخلہ کو دی جانے والی تحریر ی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ اٹک کینٹ کی حدود میں گورا قبرستان واقع ہے جو کہ پاکستان بننے سے پہلے انگریزوں کے زیر استعمال تھااور اب مقامی مسیحیوں کے زیراستعمال ہے ناجائز تجاوزات کی وجہ سے مسیحی برادری اٹک کے لیے مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے اس کے مین گیٹ کے سامنے ناجائز تجاوزات میں مارکیٹ تعمیر ہوئی ہے جس سے قبرستان جانے کا داخلی راستہ بند ہو گیا ہے اور قبرستان مذکورہ بالا کے پارکنگ ایریا میں ٹریکٹر اڈہ بھی قائم ہے اور جانب جنوب اس کی مین دیوار کے ساتھ ایک کوڑا دان ہے جس میں اس ایریا کے تمام لوگ اپنے گھروں کی غلاظت پھینکتے ہیں ، جب بھی کوئی میت تدفین کے لیے مسیحی برادری قبرستان لے کرجاتی ہے تو اس غلاظت سے میت او ر جنازہ کے شرکاء کو مجبوراً گزرنا پڑتا ہے اس ناجائز تجاوزات میں ایک پانی کی ٹینکی بھی تعمیر ہوئی ہے جس کے نیچے نئے اور پرانے بلڈنگ میٹریل کی فروخت ہوتی ہے اور یہاں پرسرکاری زمین پر ناجائز طور پر پانی بھی فروخت کرنے کا کاروبا ر عرصہ دراز سے قبضہ مافیا نے قائم کر رکھا ہے قبرستان مذکورہ بالا کی دیوار پر جانب شمال مارکیٹ تعمیر کی گئی ہے جوکہ قبرستان کی زمین پر قبضہ کرکے تعمیر کی گئی ہے جس میں ایک رہائشی پلازہ بھی ہے جس کے گٹر کے پائپ قبرستان کے اندرونی حصہ میں ہیں اس کے علاوہ قبرستان نشہ آور افراد کی آماجگاہ بن چکا ہے جہاں شہر بھر کے نشہ آور افرادآکر نشہ کرتے ہیں گورا قبرستان اٹک جو کہ قدیم مسیحی قبرستان ہے جس میں جنگ عظیم کے شہدا کی قبریں بھی ہیں یہ قبرستان ابھی بھی تدفین کے لیے استعمال ہوتا ہے ان تمام حالات کے بارے میں متعلقہ حکام کو بار ہا تحریر ی اور زبانی طور پر آگاہ کیا جا چکا ہے لیکن ہمارا کوئی پر سان حال نہیں ، اس سے زیادہ افسوس ناک بات یہ ہے کہ مسیحی قبرستان کا تقدس مسلسل پامال ہونے کے ساتھ ساتھ، قبرستان میں موجود قبروں پر جو مقدس آیات تحریر ہیں اور صلیب کا نشان جو کہ قبروں پرکندہ ہے اُن کی بھی بے حرمتی ہو رہی ہے ۔مسیحی عقیدے کے مطابق جنازہ کی پاک رسم کا ایک حصہ قبرستان میں ادا کیا جاتا ہے جس میں خواتین بھی شریک ہوتی ہیں مارکیٹ میں موجود کاروباری اور ان کے گاہک تماشائی بن کر کھڑے ہو جاتے ہیں جن کا بولنا جنازہ کی رسم میں خلل کا باعث بن جاتا ہے جو کہ مسیحی برادری کے لئے انتہائی تکلیف دہ ہے ۔مسیحی برادری اٹک ، چیف جسٹس آف پاکستان، وزیر اعظم ، وزیر داخلہ ، وفاقی و صوبائی اقلیتی وزراء ، سے اپیل کرتی ہے کہ قبرستان میں تمام ناجائز تجاوزات کو ختم کرنے کے لیے متعلقہ حکام کو حکم صادر فرمایا جائے تاکہ سپریم کورٹ آ ف پاکستان کے حکم کی مکمل طور پرتعمیل ہو سکے ۔ یہ تجاوزات متعلقہ انتظامیہ جان بوجھ کر اور اپنے ذاتی مفادات کی وجہ سے ختم کرنے سے گریزاں ہے قبرستان میں ناجائز تجاوزات کو متعلقہ حکام کی جانب سے ختم نہ کرنا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے، ہماری منت اور فریاد کوسن کر اس پریشان کن مسئلہ کو ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کے احکامات صادر فرمائے جائیں تاکہ مسیحی لوگوں کے مذہبی جذبات مجروح نہ ہو اور انصاف کابول بالا ہو ۔ 

اٹک سٹی:ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرریسکیو1122اٹک کی ماہ اکتوبرکی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرریسکیو1122اٹک کی ماہ اکتوبرکی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی، ریسکیو 1122اٹک کے کنٹرول روم میں کل 24629 کالز موصول ہوئیں جن میں 995 ایمرجنسی کالز پر فوری کاروائی کی گئی، ایمرجنسی کالز میں 145 روڈ ٹریفک حادثات کے واقعات سامنے آئے، 717میڈیکل ایمرجنسی، 7 آگ لگنے کے واقعات پیش آئے،جرائم واقعات اور 113 مختلف ایمرجنسی کی کالز شامل ہیں، 437 مریضوں کو راولپنڈی کی گورنمنٹ ہسپتالوں میں بروقت منتقل کیا گیا، اکتوبر 2005 کے زلزلے میں شہید ہونے والے افراد کے لیے فاتحہ خوانی تقریب منعقد ہوئی، مختلف آفات کے عالمی دنوں کے موقع پر واک کا اہتمام کیا گیا، اس کے علاوہ تعلیمی اداروں میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے آگاہی مہم میں طلبا ء و طالبات کو قیمتی لیکچر دئیے گئے، پبلک مقامات پر عام شہریوں کو ریسکیو 1122کی سروس سے متعلق آگاہی دی گئی، سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مشقیں کرائی گئیں جن ضلعی انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی ۔ 

گاؤں تاجک:اسسٹنٹ کمشنر حضرو عدنان فرید آفریدی کا رنگو ہسپتال کا دورہ 
اسسٹنٹ کمشنر حضرو عدنان فرید آفریدی کا رنگو ہسپتال کا دورہ ،تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر حضرو عدنان فرید آفریدی نے رورل ہیلتھ سنٹر رنگو کا دورہ کیا جہاں انہوں نے انتظامات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ مریضوں سے بھی ملاقاتیں کیں اور سہولیات کے بارے میں ان سے تبادلہ خیا ل کیا ،اس موقع پر مریضوں نے بتایا کہ ہم نے زندگی میں پہلی بار کسی آفیسر کو عوام کا مسیحا ، عوام کا دکھ درد سمجھنے والا اور عوام کے بارے میں مضطرب پا یا ہے ۔اللہ پاک کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ تحصیل حضرو میں آپ جیسا فرشتہ سیرت آفیسر تعینات ہوا ہے جو محنتی اور متحرک آفیسر ہیں دفتر میں کم اور فیلڈ میں زیادہ نظر آتے ہیں ۔ 

اٹک شہر کے گنجان آباد علاقہ امام باڑہ روڈ پر کپڑے کی دکان میں آگ لگ گئی ‘لاکھوں روپے کا کپڑا جل کر خاکستر 
اٹک شہر کے گنجان آباد علاقہ امام باڑہ روڈ پر کپڑے کی دکان میں آگ لگ گئی ‘لاکھوں روپے کا کپڑا جل کر خاکستر ، تفصیلات کے مطابق مکہ کلاتھ ڈپو کے باہر سڑک کے اوپر سے گزرتی ہوئی تاروں کیساتھ ٹرک ٹکرانے کے باعث بجلی کی تاریں ٹوٹ گئیں اور آگ بھڑک اٹھی جس کے سبب آگ نے کپڑے کی دکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور فائربریگیڈ کی 2 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے مسلسل 3 گھٹنوں کے آپریشن سے دکان میں لگی آگ پر قابو پا لیا آگ لگنے کے لاکھوں کا کپڑا جل کر خاکستر ہو گیا بعدازاں ریسکیو 1122 کے عملہ اور شہریوں نے مل کر آگ کی لپیٹ سے بچ جانے والا سامان دکان سے نکالنا شروع کر دیا واقع کی اطلاع ملنے پر ضلعی صدر مسلم لیگ ( ن ) محمد سلیم شہزاد ، صدر انجمن تاجران راشد الرحمن خان ، صدر مرکزی سیرت کمیٹی اٹک محمد الماس بھی پہنچ گئے ۔

اٹک سٹی:ضلعی تعلیمی جائزہ کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس اٹک میں منعقد ہوا ،ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی نے صدارت کی 
ضلعی تعلیمی جائزہ کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس اٹک میں منعقد ہوا ،ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی نے صدارت کی ۔اجلاس میں اے ڈی سی جی اٹک طارق خان نیازی،سی ای او ایجوکیشن طاہر کاشف،ڈی ایم او احسان اللہ اور ضلع بھر کے محکمہ تعلیم کے افسران نے شرکت کی ،اجلاس میں ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں جاری ترقیاتی سکیموں پر تفصیلی بحث کی گئی اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر ان سکیموں کو مکمل کریں تاکہ طلباء وطالبات اس کا فائدہ اٹھا سکیں اجلاس میں ضلع بھر کے سکولوں اور افسران کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا کارکردگی سے متعلق سی ای او ایجوکیشن طاہر کاشف اور ڈی ایم او احسان اللہ نے ڈپٹی کمشنر اٹک کو تفصیلی بریفنگ دی اس موقع پر اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے ڈی سی اٹک عشرت اللہ خان نیازی نے کہا کہ پنجاب حکومت کی اولین ترجیع تمام طبقوں کو بلا تفریق معیاری تعلیم کی فراہمی ہے جس کے لیے ضروری ہے کہ محکمہ تعلیم اپنا بھر پور کردار ادا کرے اور اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات کیے جائیں اعلیٰ نتائج کے حصول کے لیے ضروری ہے کہ محکمہ تعلیم کا ہر استاد اور ہر افسر مکمل دیانتداری کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دے اور اس سلسلہ میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے انہوں نے کہا کہ تعلیمی ترقی کے ذریعے ہی ہم اپنے معاشرے میں مثبت اقدامات کر سکتے ہیں ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی محکمہ تعلیم کو اپنی مجموعی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔ 

اٹک سٹی:ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس اٹک میں منعقد ہوا،ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی نے صدارت کی
ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس اٹک میں منعقد ہوا،ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی نے صدارت کی۔ اجلاس میں ڈی پی او اٹک حسن اسد علوی اور میجر رانا شہزاد کے علاوہ ضلع بھر کے متعلقہ افسران اور ضلعی امن کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی اجلاس میں ضلع کے مجموعی حالات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس ضمن میں تفصیلی بحث بھی کی گئی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اٹک عشرت اللہ خان نیازی نے کہا کہ اسلام ہمیں امن کا سبق سکھاتا ہے یہ ایک مکمل دین ہے اور اس میں تمام فرقوں اور مذاہب کا احترام کیا گیا ہے اس لیے دین اسلام کی روشنی میں ضروری ہے کہ ہم موجودہ حالات میں مکمل امن اور آشتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اتحادو یگانگت کے ساتھ موجودہ حالات کو قابو میں لائیں یہ ہی اسلامی بھائی چارے کی اصل روح ہے اور اس ضمن میں کسی کو بھی امن و امان خراب کرنے کی ہرگز اجازت نہ دیں اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او اٹک حسن اسد علوی نے کہا کہ مجموعی طور پر ضلع کے حالات مکمل کنٹرول میں ہیں انہوں نے اس موقع پر تمام مکاتب فکر کے علماء سے مکمل تعاون کی اپیل کی اور کہا کہ وہ اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے عوام سے پر امن رہنے کی اپیل کریں تاکہ ضلع بھر میں مکمل امن و امان کی فضا ء قائم رہ سکے ۔

اٹک پولیس بغیر کسی دباؤ کے جرائم کے خاتمہ کیلئے ضلع بھر میں متحرک ہے ‘جرائم کے خاتمہ کیلئے میڈیا ہماری رہنمائی کرے؛ ضیغم عباس 
اٹک پولیس بغیر کسی دباؤ کے جرائم کے خاتمہ کیلئے ضلع بھر میں متحرک ہے ‘جرائم کے خاتمہ کیلئے میڈیا ہماری رہنمائی کرے‘ میڈیا معاشرے میں کان اور آنکھ کی حیثیت رکھتا ہے ۔اٹک میڈیا کے دوستوں نے پولیس سے ہمیشہ تعاون کیا ہے کوئی بھی شہری اپنی شکایت یا درخواست فرنٹ ڈیسک پر لائے، ہر شہری کی داد رسی پولیس کے فرائض میں شامل ہے بہت جلد بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکلوں اور ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف کاروائی شروع کر رہے ہیں ان خیالات کا اظہار ڈی ایس پی صدر سرکل ضیغم عباس نے اپنے دفتر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ہے انہوں نے کہا کہ پولیس میں سفارش اور رشوت کا کلچر دم توڑ رہا ہے بہت جلد اپنی کمزوریوں پر پولیس قابو پا لے گی ایک بات واضح ہے کہ نہ ہمارے اوپر کسی قسم کا کوئی پریشر ہے اور نہ ہی کوئی پولیس پر سفارش کے ذریعے دباؤ ڈال سکتا ہے تھانہ سٹی اٹک اور صدر تھانہ کی کارکردگی بہت بہتر جا رہی ہے آئی ٹی سپیشلسٹ جہانزیب خان بھی جرائم کے خاتمہ میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پولیس کو بھر پور مدد فراہم کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمارے دروازے عوام کیلئے کھلے ہیں کہ کوئی بھی شکایت یا درخواست تھانہ میں بنے فرنٹ ڈیسک پر موجود تفتیشی آفیسر کو پیش کریں ہر شہری کی داد رسی اور انصاف کے حصول کیلئے شہریوں کی مدد پولیس کے فرائض میں شامل ہے ۔








































No comments:

Post a Comment