Sunday, May 27, 2018

Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from Hazro (Attock).

Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from Hazro (Attock).




اٹک سٹی:رمضان المبارک میں مہنگا ئی کا جن بے قا بو پھل اور سبزیاں عوام کی پہنچ سے باہر ہوگیا؛سول سوسائٹی فورم

رمضان المبارک میں مہنگا ئی کا جن بے قا بو پھل اور سبزیاں عوام کی پہنچ سے باہر ‘تحصیل انتظامیہ دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے مارکیٹ میں نکلے ‘سول سوسائٹی فورم کامطالبہ ۔تفصیلات کے مطابق مہنگائی کی صورتحال پر سول سوسائٹی فورم کا اجلا س منصب دار خان نمبر دار کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں سمندر خان ، ندیم رضا خان ، حافظ نصرت علی خان ، محمد ارشد ، محمد نا صر ، سا جد ، حافظ صدیق ، اعجاز اکرم ، ریاست خان ، آصف محمود بھٹی کے علاوہ دیگرنے شر کت کی اجلا س میں اس با ت پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ رمضان المبارک کا آغاز ہو تے ہی مہنگا ئی کا جن بے قا بو ہو گیا ہے ۔پھل اور سبزیاں عوام کی پہنچ سے با ہر ہیں اور انتظامیہ اس صو رتحال کو کنٹرول کر نے میں بری طرح نا کام ہو گئی ہے ‘سول سوسائٹی فورم نے تحصیل انتظامیہ سے مطالبہ کر تے ہوئے کہا کہ افسران دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے مارکیٹ میں خود نکلیں اور پو رے شہر میں اشیاء کی قیمتیں خود چیک کر یں تاکہ ان کو اصل صورتحال کا ادراک ہو ورنہ اہلکار افسران کو جعلی رپورٹس دیتے ہیں کہ سب اچھا ہے جبکہ صورتحال اس کے بالکل بر عکس ہے اور عام آدمی بیچارہ مہنگائی کے ہا تھوں پس کر رہ گیا ہے تحصیل انتظامیہ اس صورتحال کا نوٹس لے ۔ 

موضع ہرو: دریا کے کنارے قمار بازی میں مصروف قمار بازوں پر پولیس کا چھاپہ ، 2 قمار بازوں نے دریا میں چھلانگ لگا دی ‘ جان بحق 
دریا کے کنارے قمار بازی میں مصروف قمار بازوں پر پولیس کا چھاپہ ، 2 قمار بازوں نے گرفتاری سے بچنے کیلئے دریا میں چھلانگ لگا دی ‘دونوں قمار باز گہرے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ، دیگر قمار باز فرار ہونے میں کامیاب ، تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر اٹک پولیس کے علاقہ میں نالہ ہرو کے کنارے قمار بازی میں مصروف قمار بازوں کی شکایت پر پولیس نے چھاپہ مارا تو اس نے قمار بازوں کو رنگے ہاتھوں پکڑنے کی کوشش کی ،دیگر قمار باز گہری کھائیوں کے ذریعے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ 2 قمار باز جن میں ایک سرکاری ادارے کا حاضر سروس عرفان اور دوسرا ایف سی کا ریٹائرڈ کریم جو اٹک میں گاڑی چلاتا ہے ‘نے نالہ ہرو میں چھلانگ لگا دی ۔پانی گہرا ہونے کے سبب دونوں پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے ،کریم انور کی لاش اسفند شہید ڈسٹرکٹ ہسپتال اٹک لائی گئی جہاں اس کے بیٹے نے درخواست کی کہ وہ پوسٹ مارٹم نہیں کرانا چاہتے ،اس پر پولیس نے ضابطہ کی کاروائی مکمل کر کے لاش ورثاء کے حوالے کر دی جبکہ عرفان کی لاش سی ایم ایچ اٹک منتقل کر دی گئی۔ دونوں ڈوب کر جاں بحق ہونے والوں کو ان کے آبائی گاؤں میں نماز جنازہ کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا ۔ 

اٹک سٹی:سابق ڈپٹی کمشنر اٹک رانااکبر حیات کے تبادلے کے موقع پر ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا 
سابق ڈپٹی کمشنر اٹک رانااکبر حیات کے تبادلے کے موقع پر ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا ،تقریب سول ریسٹ ہاؤس اٹک میں منعقد ہوئی ۔تقریب میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اٹک سہیل اکرام ، موجودہ ڈی سی اٹک اکرام الحق ، ڈی پی او اٹک عبادت نثار ، ضلعی عدلیہ کے ججز ، ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز اور افسران کی کثیر تعداد نے شرکت کی ،تقریب میں شرکاء نے سابق ڈپٹی کمشنر اٹک رانااکبر حیات کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ضلع اٹک کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دیں ہیں جن کی مثال ملنا مشکل ہے اس کے علاوہ رانا اکبر حیات نے عوامی مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کروائے اور تمام عرصہ افسران اور عوام کیساتھ انتہائی خوش اخلاقی سے پیش آئے مقررین نے کہا کہ سابق ڈپٹی کمشنر اٹک رانااکبر حیات کا نام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا سابق ڈپٹی کمشنر اٹک رانااکبر حیات نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع اٹک میں ان کا بطور ڈپٹی کمشنر قیام انتہائی یادگار رہا ہے اس ضلع میں انہیں عوام اور افسران سے بے پناہ پیار اور عزت ملی اس کے علاوہ تمام محکموں کے افسران کیساتھ ان کا رابطہ رہا اور سرکاری کام کی انجام دہی میں انہیں کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا سابق ڈپٹی کمشنر رانا اکبر حیات نے کہا کہ اٹک ایک خوبصورت ضلع ہے اور اس کی عوام بھی انتہائی ملنسار ہے اور یہاں ایک سرکاری افسر کی حیثیت سے وقت گزارنا تاریخی اہمیت کا حامل ہے انہوں نے کہا کہ اٹک کی عوام اور افسران کی طرف سے انہیں جو پیار ملا ہے اسے وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے آخر میں سابق ڈپٹی کمشنر اٹک رانااکبر حیات کو تحائف بھی پیش کیے گئے ۔ 

اٹک سٹی:مسلم لیگ ( ن ) کو ووٹ دینا ہے اور عہد کرو کہ ووٹ کو بے عزت نہیں ہونے دو گے ؛ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف 
سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ( ن ) کو ووٹ دینا ہے اور عہد کرو کہ ووٹ کو بے عزت نہیں ہونے دو گے ‘ میں عوام کی خدمت کر رہاتھا،میری ذات کا عمل دخل نہیں، غلط فیصلے الٹ جائیں گے ،ترقی کا دور پھر شروع ہوگا ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید ملت لیاقت علی ہاکی سٹیڈیم ( لالہ زار گراؤنڈ ) میں مسلم لیگ ( ن ) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،ورکرز کنونشن سے مریم نواز اور وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے بھی خطاب کیا، اسٹیج سیکرٹری کے فرائض چیئرمین بلدیہ اٹک ناصر محمود شیخ نے ادا کیے ۔اسٹیج پر وفاقی وزیر دانیال عزیز ، ممبران قومی اسمبلی کیپٹن محمد صفدر ، ملک اعتبار خان ، صوبائی وزراء جہانگیر خانزادہ ، چوہدری شیر علی منہاس ، ممبر آزاد کشمیر اسمبلی راجہ محمد صدیق ، ممبران پنجاب اسمبلی محمد شاویز خان ، مالکان کھنڈہ کے وفادار ملک ظفر اقبال گلیال ، ضلعی سینئر نائب صدر محمد سلیم شہزاد ، سربراہ سدریال گروپ ملک شیرعلی خان سدریال ، امیدواران پنجاب اسمبلی شیخ سلمان سرور ، ملک ریاست علی سدریال ، آصف علی ملک ، وائس چیئرمین بلدیہ اٹک ملک طاہر اعوان ، رہنما مسلم لیگ ( ن ) ڈاکٹر اشرف بٹ ، طلال بٹ ، شیخ اجمل محمود ، چیف ایگزیکٹو آفیسر مہریہ ٹاؤن اٹک ملک جاوید اختر موجود تھے جبکہ جلسہ گاہ میں ضلع بھر سے آئے ہوئے مسلم لیگ ( ن ) ، یوتھ ونگ ، ایم ایس ایف اور خواتین ونگ کی عہدیداران اور کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ اس موقع پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہوئے تھے ،اٹک میں مسلم لیگ( ن ) کا ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے محمد نواز شریف نے کہا کہ دن رات نوجوانوں کے مستقبل کے لیے کام کررہا تھا،یکایک ایک دن محمد نواز شریف کو فارغ کردیا گیا، 2013 ء میں لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی،کہاں گئی اب لوڈ شیڈنگ ،ہم بجلی لائے،بجلی سستی بھی کریں گے ، انہوں نے تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا جاکر دیکھو تم نے خیبر پختونخوا کے لوگوں کو دھوکہ دیا، تم نے صوبے کو آثار قدیمہ بنادیا ،تم جھوٹے ہو ، منافق ہو ، سابق وزیر اعظم نے کہا کہ کہتے تھے کہ محمد نواز شریف کو نکالیں گے تو یہ زیرو ہوجائے گا لیکن آج نواز شریف لوگوں کو ووٹ کو عزت دینے کی بات کر رہا ہے آپ نے نواز شریف کو نکال ر پاکستان کی ترقی کا پہیہ روک دیا ہے نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ میرا اور اٹک کا جیل کا رشتہ ہے ، جمہوری حکومت پر شب خون مار کر سابق آمر پرویز مشرف نے انہیں 14 ماہ تک اٹک قلعہ کے عقوبت خانے کے علاوہ کراچی جیل میں بد ترین سلوک کر کے قید کیا انہیں اٹک قلعہ سے کراچی لے کر جانے کیلئے کامرہ ایئرپورٹ پر جہاز میں سوار کراتے وقت سیٹ پر ان کے ہاتھ پیچھے سے ہتھکڑیوں کیساتھ باندھ کر غیر انسانی سلوک کیا گیا آج بھی ان کیساتھ جو سلوک کیا جا رہا ہے وہ سب کے سامنے ہے انہوں نے پاکستان کی ترقی کیلئے جو کچھ کیا وہ عوام کے سامنے ہے جب کہ ان لوگوں کو جاکر کوئی نہیں پوچھتا جو بیس بیس گھنٹے لوڈشیڈنگ کرکے چلے گئے ، ان کی صفر بٹا صفر کارکردگی رہی انہوں نے نواز شریف کا اٹک میں خطاب ، ان نوجوانوں کے لئے نواز شریف دن رات کام کررہا تھا ، محمد نواز شریف نے عوام کے نعروں کا جواب انگریزی میں کہا کہ I understandکی صورت میں دیا you love me and i love u to عوام کا دیکھو دیکھو کون آیا شیر آیا آیا کے نعرے اور یکا یک مجھے ہٹا دیاگیا ، میں ان مستقبل کے معماروں کے لئے کام کر رہاتھا لیکن اچانک ایک دن نوازشریف کو فارغ کر دیا جاتا ہے یہ نہیں دیکھاجاتا کہ نواز شریف نے 4سالوں میں کیا کیا ہے 2013کو یاد کروکہ اٹک میں بجلی آتی تھی ، لوگوں نے کہا نہیں کتنے کتنے گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی بولو کہاں گئی لوڈ شیڈنگ ، کہاں گم ہوگئی لوڈ شیڈنگ ، کہاں بھاگ گئی لود شیڈنگ بجلی واپس لانا ہی نہیں بلکہ بجلی کو سستا کرنا بھی نواز شریف کا مشن ہے اٹک کو دیکھو سڑکوں سے بھرا جا رہا ہے ، اٹک پنجاب کا بہترین ضلع بن رہا ہے نواز شریف نے عوام سے پوچھا کہ کے پی کے اٹک سے کتنا دور ہے وہ کہتے تھے نیاکے پی کے بنائیں گے وہ اٹک آکر دیکھیں، کتنا فرق ہے دونوں میں تم نے کے پی کے کے لوگوں کو دھوکہ دیا ہے ، ان سے ظلم کیا ہے ، زیادتی کی ہے آج پرانا اور قدیم کے پی کے اسی طرح نظر آتاہے تم اس کو آثار قدیمہ بنا رہے ہو ، لوگو ں کو دھوکہ دیتے ہو، جھوٹ بولتے ہومنافقت کرتے ہوتمھارے پول کھل گئے ہیں کے پی کے کے اندرپاکستان مسلم لیگ ( ن ) اور نواز شریف آج سر خرو ہیں انشاء اللہ وہ کہتے تھے کہ نواز شریف کو وزرت عظمیٰ سے نکالیں گے تو یہ بالکل زیروہو جائیگاوہ کہتے تھے نوازشریف کو زندگی بھر کے لئے نااہل کریں گے تو یہ صفر ہوجائے گااگر نواز شریف نے زیرو ہونا تھا تو یہ نوجوان ، دوست بھائی ووٹ کوعزت دو کی باتیں کر رہے ہیں بجلی کے شعبۂ میں پاکستان کو خودکفیل کرنے کے بعد اب اسے سستی کرنے کی جانب بڑھ رہے تھے اٹک کو جو کے پی کے کا پڑوسی ضلع ہے پسماندگی سے نکال کر ترقی کی شاہراہ پر ڈال دیا ہے یہاں ہر جگہ موٹر وے بن رہے ہیں اور اٹک چاروں طرف سے سٹرکوں کے جال میں گھرا ہوا ہے صوبائی وزیر چوہدری شیر علی کے حوالہ سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بتایا کہ ہکلہ سے سی پیک بن رہا ہے جو ڈیرہ اسماعیل خان ژوب سے ہوتی ہوئی کوئٹہ تک جائے گی جنہوں نے اسلام آباد سے کوئٹہ جانا ہوگا وہ اس راستہ سے جائیں گے ہزارہ موٹر وے بھی تعمیر ہو چکی جس سے یہ علاقہ ترقی کی جانب گامزن ہو گیا یہ موٹروے مانسہرہ تک اور بعدازاں چائنہ پاکستان کے بارڈ ر تک جائے گی محمد نواز شریف نے میزبان جلسہ وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد کا ہاتھ پکڑ کر کہا کہ ان سے میرا پکا رشتہ ہے ، میرا آ پ کا جیل کا رشتہ ہے نواز شریف کو اٹک کے قلعہ میں بند کر دیا ،14مہینوں تک اٹک اور کراچی کی جیلوں میں بند کر دیا گیا ، ہتھکڑیا پہنائی گئیں ، منتخب وزیر اعظم کو جہاز کی سیٹ کے ساتھ باندھ دیا ایک منتخب وزیر اعظم کے ساتھ یہ سلوک کرتے ہواور مجھے ہائی جیکر بنا دیا اور آج کیا سلوک کرتے ہوایک پائی کی کرپشن کا الزام نہیں ہے کوئی خرد برد کا الزام نہیں ہے ، کیا الزام ہے نواز شریف نے اپنے بیٹے سے تنخواہ وصول نہیں کی نواز شریف نے عوام سے پوچھا کہ آپ لوگ اس الزام کو تسلیم کرتے ہو، آپ کا دل قبول کرتا ہے ، ان کو کوئی نہیں پوچھتا جو 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کرکے چلے گئے ان کو کوئی نہیں پوچھتا کہ ان کی کارکردگی صفر بٹہ صفر ہے ، موٹر وے بنائی، بجلی لے کر آئے ، کراچی کا امن بحال کیا ، بھتہ خوری، اغوء برائے تاوا ن کو ختم کیا دہشت گردی کو نواز شریف نے ختم کیا 2013میں دہشت گردی کے کتنے واقعات ہوتے تھے ، 2018ء 2013سے بہتر ہو گیا ہے نواز شریف نے عوام سے سوال کیا کہ نواز شریف کی نااہلی آپ کو قبول ہے جس پر عوام نے کہا کہ ہمیں منظور نہیں ہے، مسلم لیگ ( ن ) کو 2018میں اتنا ووٹ دینا ہے اور دل سے عہد کرنا ہے کہ پاکستان میں آئندہ ووٹ کو بے عزت نہ کرو گے ، ووٹ کی بے توقیری نہیں ہونے دینگے ، ہم ووٹ کی خود بھی عزت کرینگے اور دوسروں سے بھی کروائیں گے نواز شریف نے عوام سے نعرے لگوائے کہ ووٹ کو عزت دو جس پر عوام نے بھی ان بھر پور ساتھ دیا ، یہاں عوام نعرہ لگاتی ہے آج میں نعرہ لگاؤں گااور یہ افطار پارٹی جو ہے یہیں کرینگے ، آپ بھی یہاں افطار کریں گے اور اگر مجھے شیخ آفتاب احمد ساتھ نہ لے گئے تو میں یہاں افطار کروں گا آپ کے ساتھ ، نواز شریف نے شیخ آفتاب احمد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ دو چار پکوڑے منگوا لیں ،شیخ آفتاب احمد یہ بتائیں افطاری کہاں ہے اس کے بعد پورے پنڈال سے نعرے لگوائے گئے شیخ آفتاب احمد کے بیٹے شیخ سلمان سرورکے بارے میں کہا کہ یہ فرزند ارجمند ہے اور اس کے ساتھ ہمارا تعاون ہمیشہ رہے گا، نواز شریف نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آئندہ آؤں یا نہ آؤں آپ نے مسلم لیگ ( ن ) کو ووٹ دینا ہے یہ سب فیصلے الٹ جائیں گے ، پھر ایک ترقی کا دور پاکستان میں شروع ہو گا ۔ 

ضلع اٹک:ڈپٹی کمشنر اٹک اکرام الحق نے حضرو اور حسن ابدال کے سستے رمضان بازاروں کا دورہ کیا 
ڈپٹی کمشنر اٹک اکرام الحق نے حضرو اور حسن ابدال کے سستے رمضان بازاروں کا دورہ کیا ،ان کے ہمراہ اس موقع پر متعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز بھی موجود تھے ۔ڈی سی اٹک نے اس موقع پر اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کا جائزہ لیا اورمختلف سٹالو ں پر جا کر وہاں موجود اشیاء کی کوالٹی بھی چیک کی ،انہوں نے اس موقع پر وہاں موجود افسران کو ہدایت جاری کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پررمضان بازاروں کا دورہ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ خوردونوش کی قیمتوں کو مکمل کنٹرول میں رکھا جائے ۔ 

اٹک شہر میں مسلم لیگ ( ن ) کا جلسہ بر ی طر ح نا کا م ہوگیا ؛راہنما‘انصا ف سٹو ڈنٹس فیڈ ر یشن میجر فو ر س 
اٹک شہر میں مسلم لیگ ( ن ) کا جلسہ بر ی طر ح نا کا م ہوگیا ۔ان خیا لا ت کا اظہا ر انصا ف سٹو ڈنٹس فیڈ ر یشن میجر فو ر س کے مر کز ی رہنما عبد الو ہا ب خا ن ، شیخ عبدالتنویر ، وقا ص فہد ، فر حا ن رحیم ، اسامہ بن حیات اوروقاص احمد اعوان بلاک K نے ہنگا می پر یس کا نفر یس سے خطا ب کر تے ہوئے کہا،انہو ں نے کہا کہ ہم میجر طاہر صادق کے ٹائیگرز اور دختر اٹک ایمان طاہر کے بھائی عید الفطر کے بعد لالہ زار سٹیڈیم میں چیئر پرسن ضلع اٹک ایمان طاہر کی قیادت میں آئی ایس ایف میجر فور س کا کنونشن منعقد کر کے اٹک کے مسلم لیگ ( ن ) کی نام نہاد جلسی کا منہ توڑ جواب دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ( ن ) کے جلسہ میں 15 سے 20 ہز ار لو گو ں کو جمع کر نے کا دعو ی محض جھو ٹ ثا بت ہو ا ‘پینافلیکسوں میں جلسے کا ذکر کرنے والوں نے ناکام جلسہ کو ورکرز کنونشن کانام دے کر اپنی عزت بچانے کی ناکام کوشش کی جس کی بنیا دی وجہ عو ا م کا نا اہل نو از شر یف اور ناکام مسلم لیگ ( ن ) نفر ت کا منہ بو لتا ثبو ت ہے ۔نا اہل نواز شریف اور ان کی ٹیم اپنے انجام آنے والے دور میں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان ہونگے ،میجر طاہر صادق اٹک کی سیاست کے ہیرو ہیں منفی پر و پیگنڈ ے میجر طاہر صادق کی محبت کو عوام کے دلوں سے نہیں نکا ل سکتے ۔میجر گروپ کی شمولیت کے بعد اٹک میں تحریک انصاف نا قابل تسخیر جماعت بن چکی ہے این اے 55 اور این اے 56 سے بلے کے نشان سے میجر طاہر صادق ہی امیدوار ہوں گے اور میجر طاہر صادق کی کامیابی اٹک میں روکے ہوئے ترقی کے دور کو دوبارہ شروع کر ے گی ا ٹک کی عو ام کیا پو رے پا کستا ن کی عو ام مسلم لیگ ( ن ) کی پا لیسوں سے عا جز آ چکے ہیں ضلع اٹک میجر طا ہر صادق کے چا ہنے والو ں کاگڑھ ہے ضلع اٹک کی عوا م اپنے قائد سے جتنی محبت کر تی ہے اس کی زند ہ مثال عمرا ن خان کے جلسہ اٹک سے ثا بت ہو گیا کہ لالہ زار سٹیڈیم میں تل دھرنے کی جگہ تک نہ تھی عوام کا سمند ر گرؤ انڈ کے اندر سے کہیں زیادہ باہر بھی موجود تھا ۔ 

حضروسٹی:تر بیلہ موڑ پر نالے کی بندش کی وجہ سے اہلیان محمدیہ کالونی اورتربیلہ موڑ کے دکاندار ذہنی کوفت کا شکار 
تر بیلہ موڑ پر نالے کی بندش کی وجہ سے اہلیان محمدیہ کالونی اورتربیلہ موڑ کے دکاندار ذہنی کوفت کا شکار ‘بلدیہ حضرو کے اہلکار تربیلہ موڑ پر صفائی کرنا گناہ کبیرہ سمجھنے لگے ، نالے کا گندہ پانی اور کچرا روڈوں پر بکھرا پڑے رہنے سے راہ گیروں کی بھی مشکلات میں اضافہ ‘تفصیلات کے مطابق تر بیلہ موڑ کے دکا ندار وں اور محمدیہ کالونی کے باسیوں نے سروے کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ لاکھوں روپے ٹیکسز کی مدد میں وصول کرنے والی ٹی ایم او حضرو کی نا اہلی کی وجہ سے تر بیلہ موڑ کا نالہ گزشتہ کئی عرصہ سے بند پڑا ہواہے ۔نالہ کی بندش کی وجہ سے تر بیلہ موڑ کے دکانداروں کو شدید مشکلات پیش آرہی ہیں ،صفائی کے ناقص نظام اور نالوں کی عرصہ دراز سے بندش کے باعث بی ایس ایم پلازہ برانڈ شو مارٹ کے ایم ڈی راشد محمود کی زیر صدارت تر بیلہ موڑ کے دکا نداروں کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں محمد سلیم ، غازی لالہ ، عبد القیوم ، محمد عثمان ، محمد اسحق ، اکبر علی ، بلال احمد ، مقصود خان ، منصف ، زاہد محمود و دیگر نے شر کت کی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تر بیلہ موڑ نالے کی صفائی کیلئے جتنے اخراجات بھی آئیں گے ‘ہم اپنی مدد آپ کے تحت خود برداشت کریں گے تاہم ٹی ایم او افسران اس ضمن میں ہماری مدد کرے ، جو دکاندار بھی نالے کی بندش میں رکاوٹ کا باعث بن رہے ہیں انہیں مجبور کرے اور ان کی دکانوں کے آگے سے تھڑیاں تڑوائے تاکہ نالے کی مکمل طور پر صفائی کی جاسکے انہوں نے کہا کہ بلدیہ حضرو کے اہلکار کئی کئی ماہ تک تربیلہ موڑ پر صفائی کیلئے نہیں آتے جس کی وجہ سے روڈکی دونوں سائیڈوں والے نالے کچھ عرصہ بعد بند ہو جاتے ہیں اور نالے کا گندہ پانی روڈ پر ہر وقت کھڑا رہنے سے عوام کو شدید مشکلات کیساتھ ساتھ کئی وبائی امراض کے پھیلنے کا خدشہ بھی ہے ہر سال تر بیلہ موڑ کے د کانداروں سے بلدیہ حضرو لاکھوں روپے ٹیکس وصول کر تی ہے لیکن تر بیلہ موڑ کے د کا نداروں کی فلاح و بہبود اور صفائی پر ایک پائی بھی خرچ کر نا گناہ کبیرہ سمجھتی ہے صفائی ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف رکھنا ہم سب کا فرض ہے ۔ 

اٹک سٹی:حسین انٹر نیشنل ٹرسٹ سے گزشتہ 11سالوں میں غریب گھرانوں کی امداد کے طور پر ہر سال رمضان فوڈ پیکج یا جاتا ہے؛ رپورٹ
حسین انٹر نیشنل ٹرسٹ سے گزشتہ 11سالوں میں غریب گھرانوں کی امداد کے طور پر ہر سال رمضان فوڈ پیکج یا جاتا ہے‘ اس سال بھی ٹرسٹ کے زیر انتظام ایک تقریب منعقد ہوئی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹرسٹ کے ڈسٹرکٹ ویلفیئر ملک بشیر احمد نے بتایا کہ ٹرسٹ کسی فردادارے یا کوئی حکومت سے کوئی امدا نہیں لیتی بلکہ ٹرسٹ کے فلاحی پروگرام ٹرسٹ کے چیئرمین محمدیعقوب ساجد صاحب اپنی ذاتی وسائل سے چلاتے ہیں ،انہوں نے بتایا کہ ٹرسٹ ہر سال رمضان المبارک میں پانچ سو غریب خاندانوں کو رمضان فوڈ پیکج کے ذریعے امداد دیتی ہے تاکہ غریب لوگ بھی رمضان المبارک میں آسودگی سے روزہ رکھ سکیں ،اس کے علاوہ ٹرسٹ میڈیکل کیمپس کے ذریعے غریب لوگوں کے علاج معالجہ میں مدد دی جاتی ہے ‘غریب بچیوں کو جہیز فنڈ معذوروں کو ویل چیئر دی جاتی ہیں سرکاری سکولوں میں بچوں کو سپورٹس یونیفارم دیئے جاتے ہیں ٹرسٹ کے زیر انتظام گزشتہ 11 سال سے ٹیلرنگ تربیتی سنٹر چلایا جا رہا ہے جس میں غریب بچیوں کی ٹیلرنگ کی تربیت دی جاتی ہے تاکہ وہ ہنر مند بن کر معاشرہ کی مفید شہری بن سکیں انہوں نے حاضرین سے درخواست دی کہ وہ رمضان کے بابرکت مہینے میں محمد یعقوب ساجد صاحب کو بھی اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں اور ان کے خاندا ن کے صحت تندرستی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کیا کریں تقریب میں 200فوڈ پیکج کئے گئے تقریب کے بہترین نظام کرنے پر ملک بشیر احمد نے رضا کار محمدیونس صاحب اور عبد الرحمن کی کاوشوں کو سراہا اور آئندہ تین سو غریب مستحق خاندانوں کو فوڈ پیکج محمد یعقو ب ساجد صاحب اگلے ہفتے خودحاجی شاہ میں تقسیم کریں گے ۔ 

تحصیل حضرو:گاؤں خورہ خیل کے رہائشی دو نوجوان شاہ میر اور ظفر دریا میں نہاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے 
دریائے سندھ کے سنگم پر واقع تحصیل حضرو کے گاؤں خورہ خیل کے رہائشی آرمی پبلک سکول مانسر میں دسویں جماعت کے طالب علم 16 سالہ دو نوجوان شاہ میر ولد اللہ دتہ اور ظفر ولد عنصر ساکن خورہ خیل دریا میں نہاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے ،ریسکیو 1122 نے شاہ میر کی لاش دریا سے نکال لی جبکہ ظفر کی لاش کی تلاش جاری ہے ۔دونوں طالب علموں کے ڈوب کر جاں بحق ہونے سے علاقہ کی فضاء سوگوار ہے ‘یہ امر قابل ذکر ہے کہ ضلع ہری پور ، ضلع صوابی اور اٹک کے درمیان بہنے والے دریائے سندھ اور غازی بروٹھہ نہر سمیت دیگر ندی نالوں میں ہر سال 100 سے زائد افراد ڈوب کر جاں بحق ہو جاتے ہیں ،دفعہ 144 کے باوجود یہ سلسلہ اور خونی کھیل جاری ہے جس پر انتظامیہ کو سخت ایکشن لینے کی ضرورت ہے لیکن عوام کو بھی چاہیے کہ وہ اس خونی کھیل میں حصہ نہ لیں۔ 

اٹک سٹی: عوام الناس کی آگاہی کے لئے ضلع بھر کی پولنگ اسٹیشن کی غیر حتمی لسٹیں سیشن کورٹ کیمپس میں آویزاں کر دی گئیں ہیں 
الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق عوام الناس کی آگاہی کے لئے ضلع بھر کی پولنگ اسٹیشن کی غیر حتمی لسٹیں سیشن کورٹ کیمپس میں آویزاں کر دی گئیں ہیں ،فہرست پر عوام کی جانب سے کسی قسم کے اعتراضات ہونے کی صورت میں نوٹس ہذا کے اجراء سے 21دن کے اندر اعتراضات دفتر، فاضل ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ، سیشن کورٹ کیمپس میں جمع کرائے جاسکیں گے جس کے بعد شیڈول کے مطابق حتمی فہرست جاری کی جائے گی ، ان خیالات کا اظہار ریٹرننگ آفیسر اے این55اٹک ون ایڈیشنل اینڈ سیشن جج اشفاق احمد رانا نے الیکشن سیل این اے 55میں صحافیوں کو تفصیلات بتاتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سینئر سول جج شفقت شہباز راجہ، سینئر سول جج عمر رشید ، سینئر سول جج راجہ شاہد ضمیر اور محکمہ تعلیم کے افسران بھی موجود تھے اشفاق احمد رانا نے بتایا کہ اے این 55اٹک ون میں غیر حتمی فہرست کے مطابق کل ووٹر ز کی تعدادپانچ لاکھ چونسٹھ ہزار بیس ہے جن میں مرد ووٹرز کی تعداد تین لاکھ گیار ہ ہزاردو جبکہ خواتین ووٹرزکی تعداد دو لاکھ باسٹھ ہزار نوسو اٹھارہ ہے ، 491پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن میں پولنگ بوتھس کی تعداد1681ہے ، مردانہ پونگ سٹیشن 177جبکہ زنانہ پولنگ سٹیشن 165ہین جبکہ149پولنگ سٹیشن کو کمبائنڈ رکھا گیا ہے، اشفاق احمد رانا نے بتایا کہ پورے حلقے کے دورے کر کے پولنگ سٹیشن کو چیک کیا گیا ہے جس میں تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جار ہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ریٹرننگ آفیسر کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جو گاڑیاں مہیا کی گئی ہیں وہ انتہائی ناکارہ ہیں ان کو بدلنے کی ضرورت ہے ۔

اٹک سٹی:قائد تحریک انصاف عمران خان نے قوم سے کیا ہوا ایک وعدہ پورا کردیا ہے ؛ عاصم نواز خان 
تحریک انصاف کے امیدوار حلقہ پی پی 1 بریگیڈیئر عاصم نواز خان نے قومی اسمبلی میں فاٹا انضمام اصلاحات بل کی منظور ی کو ایک تاریخ ساز فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ قائد تحریک انصاف عمران خان نے قوم سے کیا ایک وعدہ پورا کردیا ہے ۔قائد تحریک انصاف عمران خان 22 سے عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں ،محمد نواز شریف کے احتساب کے بعد علی بابا اور چالیس چوروں کا احتساب پوری قوم کی آواز ہے ،پوری قوم قائد تحریک انصاف عمران خان کے ایجنڈے کی تکمیل اور نئے پاکستان کیلئے آئندہ انتخابات میں بلے کے نشان پر مہر لگا ئیں گے ،تحریک انصاف عام انتخابات میں دو تہائی اکثریت سے کامیاب ہوگی ۔ 

حضروسٹی:قائد تحریک انصاف عمران خان اور انکے کھلاڑی آئندہ عام انتخابات کیلئے پوری طر ح تیار ہیں ؛ عمران حضروی 
ضلعی ترجمان تحریک انصاف عمران خان حضروی نے کہا ہے کہ قائد تحریک انصاف عمران خان اور انکے کھلاڑی آئندہ عام انتخابات کیلئے پوری طر ح تیار ہیں ،ووٹ کو عزت کے دعوے داروں کے 35 سالہ طویل دور حکومت میں غریب عوام کا بھر کس نکا ل دیا ہے ۔نا اہل حکومت کی پنجاب میں 10 سالہ اور وفاق میں 5 سالہ کارکردگی اخباری اشتہارات تک محدود جبکہ عملی میدان میں صفر ہے ‘ملک کو بحرانوں سے دوچار کرنے والوں کو آئندہ عام انتخابات میں کلین بولڈ کر دیں گے ۔ 

گاؤں شادیخان: بابائے چھچھ خانزادہ تاج محمد خان کے خوابوں کی تکمیل اور خدمت کیلئے سیاسی میدان میں نکلا ہوں؛ احمد خانزادہ
پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 2 احمد خانزادہ نے کہا ہے کہ بابائے چھچھ خانزادہ تاج محمد خان کے خوابوں کی تکمیل اور خدمت کیلئے سیاسی میدان میں نکلا ہوں ، عوام مجھے کامیاب بنائیں وعدہ کرتا ہوں حضرو کو سب سے مثالی تحصیل اور اٹک کو پورے پنجاب میں سب سے بہترین ضلع بناؤں گا ، عید کے بعد بلاول بھٹو زرداری چھچھ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے جس میں اپنے دس نکاتی ایجنڈے کا اعلان کروں گا اور بتاؤں گا کہ چھچھ کو کس طرح مسائل سے نکال کر ترقی یافتہ بنانا ہے ۔پارٹی عہدیداران اورورکرز گاؤں گاؤں میں میری کامیابی کیلئے کردار ادا کریں تاکہ تحصیل حضرو کے عوام کی محرومیوں ، کرپشن ، دھونس دھاندلی اور اقرباء پروری کا خاتمہ ہو سکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے شادی خان میں اپنے ڈیرہ پر پی پی پی کے عہدیداران ، سپورٹرز اور کارکنان کے اعزاز میں دیئے گئے بڑے افطار ڈنر سے خطاب کے دوران کیا ۔اس موقع پر نصیر جدون نے اعلان کیا کہ حضرو کے سیاسی کارکن ساجد میر فوجی نے احمد تاج خانزادہ کی حمایت کا اعلان کیا ہے جس پر انہوں نے احمد خانزادہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ، بلال خانزادہ ، صدر پی پی پی ضلع صوابی و امیدوار قومی اسمبلی نعیم خان ، صدر پی پی پی ضلع اٹک اشعر خان ، نائب صدر نصیر جدون ، تحصیل صدر ملک اقبال ، جنت گل ، لالہ الیاس خان خگوانی ، ابراہیم خان بہبودی ، شفقت محمود جتیال اور چھچھ کے ہر گاؤں سے نمائندہ افراد موجود اس موقع پر موجود تھے ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اشعر حیات خان نے کہا کہ چھچھ میں جب بھی خدمت اور عظمت کی سیاست کا ذکر آتا ہے بابائے چھچھ خانزادہ تاج محمد خان کا نام سب سے پہلے آتا ہے ، آج ان کے پوتے احمد تاج خانزادہ اور بلال خانزادہ عملی طور پر سیاسی میدان میں عوام کے حقوق اور خدمت کیلئے نکلے ہیں اس لئے پی پی 2 کے عوام ان کو کامیاب بنائیں کہ ان کی کامیابی غریب اور متوسط طبقے کی کامیابی ہے ، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کو چیئرمین بلاول بھٹو عید کے بعد چھچھ آئیں گے تو ان کا تاریخی استقبال کریں گے ۔ 

اٹک سٹی:ندیم اسلم چوہدری نے 28 مئی بروز سوموار کو ہونیوالے انگلش کے پیپر کیلئے موئژ اقدامات کرنے کی ہدایا ت جاری کر دیں 
کمشنر /چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ، راولپنڈی ندیم اسلم چوہدری نے امتحان انٹرمیڈیٹ سالانہ 2018کے مورخہ 28 مئی بروز سوموار کو ہونے والے انگلش کے پیپر کے لئے سخت اور موئژ اقدامات کرنے کی ہدایا ت جاری کیں ،امتحانی امور کے نگر ان پروفیسر غلام محمد جھگڑ کے مطابق تمام امتحانی مراکز کی نگرانی سخت کر دی گئی ہے۔ تمام امتحانی مراکز میں چیئرمین سکواڈ ، سپیشل سکواڈ ، بور ڈ کی طرف سے نامز د کردہ انسپکٹرز کے علاوہ خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو تقریبآ ہر امتحانی مراکز کا دورہ کریں گی اس سلسلہ میں کوئی کوتاہی برادشت نہیں کی جائے گی تمام امتحانی مراکز کی نگرانی بذریعہ CCTVکیمروں کی جارہی ہے جو کہ مرکزی کنٹرول روم واقع بورڈ آفس مورگاہ سے مانیٹر کی جارہی ہے تمام ادارہ جات کے سربراہا ن صبح 7:50پر اپنی حاضری یقینی بنائیں ۔پرچہ شروع ہونے سے قبل ریذیڈنٹ انسپکٹر، سپرنٹنڈنٹ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور دو طلبہ کی موجودگی میں سوالیہ پرچہ جات کھولیں سوالیہ پرچہ جات کے لفا فے پر ان کے دستخط بھی کروائیں اور سپرنٹنڈنٹ صبح 8:25اور شام 1:25پر کیمرے کے سامنے عکس بندی بھی کروائے پرچہ شروع ہونے سے قبل ریذیڈنٹ انسپکٹر تمام امتحانی عملہ اور امیدواران سے موبائل فون اپنی تحویل میں لے لے دوران امتحان موبائل فون کے استعمال پر مکمل پابندی ہے اگر کسی نے اس کی خلاف ورزی کی تو اس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تعلیمی ایکشن پلان پر سختی سے عملدرآمد کیا جارہا ہے تعلیمی ایکشن پلان پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف حکومت پنجاب کے احکاما ت کے تحت پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی اور FIR اندراج عمل میں لایا جائے گا بوٹی مافیا سے سختی سے نمٹا جائے گا میں خو د سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر تنویر ظفر ، کنٹرولر امتحانات سرپرائز دورے کریں گے تمام Vigilance کمیٹیاں بھی فعال انداز میں اپنی ڈیوٹی بطریق احسن سرانجام دے رہی ہیں اور وہ فیلڈ میں موجود رہیں گی کسی بھی امتحانی مرکز کی شکایت کی صورت میں فوری طور پر اس امتحانی مرکز میں پہنچیں گی تا کہ شکایت کا ازالہ ہو سکے تمام امتحانی مراکز کی سیکورٹی تسلی بخش ہے امتحانی مراکز کے باہر سیکورٹی گارڈ کے علاوہ پولیس بھی تعینات ہے ۔ 

اٹک سٹی:فاٹا کا کے پی کے میں انضمام پارلیمنٹ کا سنہرا کارنامہ ہے ؛ اراکین ‘جماعت اسلامی اٹک 
فاٹا کا کے پی کے میں انضمام پارلیمنٹ کا سنہرا کارنامہ ہے ‘امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی کاوشیں بالآخر نتیجہ خیرز ثابت ہوئیں ۔رمضان میں پاکستان معرض و جود میں آیا اور رمضان میں ہی فاٹا کے عوام کی انگریز کے نافذ کردہ ظالمانہ ایف سی آر قوانین سے جان چھوٹ گئی ،ہم فاٹا کے عوام کو دل کی اتھا گہرائیوں سے ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی ضلع اٹک و چیئر مین یونین کونسل شینکہ مولانا جابر علی خان ، ضلعی جنرل سیکرٹری حافظ میاں محمد جنید ،نائب امرائے ضلع سردار امجد علی خان ،ایم ایم اے ضلع اٹک کے سیکرٹری جنرل و امید وار جماعت اسلامی این اے 55اقبا ل خان اور امیدوار جماعت اسلامی پی پی ون محمد اقبال ملک نے اپنے مشترکہ تہنیتی بیان میں کیا۔ جماعت اسلامی کے راہنماؤں نے کہا کہ فاٹا انضہام احسن اور اچھا قدم ہے انگریز دور سے فاٹا عوام ایس سی آر کے کالے قوانین کا شکار تھے یہ جمہوریت بنیادی انسانی حقوق او ر پاکستان کی فتح ہے انہوں نے کہ کہ کے پی کے میں فاٹا انضمام اور ایف سی آر کے کالے قوانین کے خاتمے کے لیے جدوجہد کا آغاز سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد نے کیا بعد میں سید منور حسن اور سینیٹر سراج الحق نے اپنی کاوشیں جاری رکھیں جو با لآخر نتیجہ خیز ثابت ہوئیں فاٹا کے عوام نے سکھ کا سانس لیا یہ بڑی کامیابی ہے ۔ 

اٹک سٹی: بلدیہ اٹک کے اجلاس میں عوامی فلاح و بہبود کے مختلف منصوبوں کی منظوری دی گئی 
بلدیہ اٹک کے اجلاس میں عوامی فلاح و بہبود کے مختلف منصوبوں کی منظوری دی گئی ،بلدیہ اٹک کا ماہانہ اجلاس عام وائس چےئرمین ملک طاہر اعوان کی صدارت میں منعقد ہوا ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خاتون کونسلر خالدہ رانا نے کہا کہ میرے علاقے کے پارک میں3لاکھ روپے پودوں کیلئے منظور ہوئے تھے لیکن ایک سال گزرنے کے باوجود پودوں کاکام ابھی تک مکمل نہیں ہوا ہے ،میرے گھر کے ساتھ پارک میں گندگی کے شاپر پھینک جاتے ہیں جس سے گندگی کا ڈھیر لگ جاتا ہے ،صفائی کا نظام ناقص ہے ، کونسلر ملک جاوید اختر نے کہا کہ میرے حلقے کیلئے ساڑھے9لاکھ روپے منظور ہو ئے تھے جس کے بارے آپ سے پوچھا جائے تو آپ کہتے ہیں کہ کچھ کام ہو گئے ہیں اور کچھ کام باقی ہیں ،3سے4ماہ پہلے تک تحصیل حسن ابدال کا ٹھیکیدار نہ آیا ،دوسرے ٹھیکیدار نے آکر دوسری گلی ڈالی جس میں ہم موجود نہ تھے ، یوتھ کونسلر نوید خٹک کی کنوینئر سے کسی بات پر آپس میں گر ما گرمی بھی ہوئی ، جنرل کونسلر ملک محمد اسلم اعوان نے کہا کہ علاقے کے عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں ہمیں ایک دن بھی پانی کی ٹینکی دستیاب نہیں ہوتی کونسلر ناصر اعوان نے شکایت کی کہ ہمارے علاقے میں سٹریٹ لائٹس نہیں ہیں جبکہ دوسری وارڈوں میں سٹریٹ لائٹس موجود ہیں میرے ساتھ یہ سوتیلا سلوک کیوں کیا جارہا ہے؟کونسلرشیخ محمد عارف نے کہا کہ کونسلرز حضرات اپنے ذاتی مسائل اجلاس میں زیر بحث نہ لایا کریں اگر گھر میں مل بیٹھ کر حل کریں تو اچھی بات ہو گی اجلاس میں مذبحہ خانہ کی فیس کیلئے سب سے زیادہ بولی مسمی طاہر محمود ولد مقصود الہٰی سکنہ ڈھوک فتح اٹک نے14لاکھ 50ہزار روپے دی ،مشتہری فیس کی نیلامی میں بھی3افراد نے حصہ لیا سب سے زیادہ بولی 30لاکھ75ہزار روپے مسمی ضابط خان ولد میر اکبر خان سکنہ شادی خان تحصیل حضرو ضلع اٹک نے دی اپوزیشن لیڈر جنرل کونسلر شیخ نثار احمد سمیت دیگر کونسلروں نے بھی مختلف تجاویز پیش کیں ۔ 

اٹک سٹی:عام انتخابات 2018 ء میں اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز اے آر اوز نے خلوص نیت سے ذمہ داریاں ادا کرنے کا حلف اٹھالیا
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اٹک میں عام انتخابات 2018 ء میں قومی اسمبلی کے 2 اور پنجاب اسمبلی کے 5 حلقو ں کے اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز اے آر اوز نے بغیر کسی دباؤ اور کسی جھکاؤ کے خلوص نیت سے ذمہ داریاں ادا کرنے کا حلف اٹھایا ،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج / ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر سہیل اکرام نے انتخابی عمل کو منصفانہ ، آزادانہ اور شفاف بنانے کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن کی ہدایات کی روشنی میں ملک بھر کے 136 اضلاع کی طرح اٹک میں بھی انتخابی عمل میں حصہ لینے والے افسران سے حلف لینے کے تیسرے مرحلے میں سیشن کورٹ اٹک میں ضلع بھر کے اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز ( اے آر اوز ) سے ان کے عہدوں کا حلف لیا اس موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر عبدالرشید ، سپرٹنڈنٹ سیشن کورٹ اٹک حاجی محمد سعید خان اور ریٹرنگ آفیسرز بھی موجود تھے حلف لینے کی تقریب کے بعد انتخابی عمل کا تیسرا مرحلہ باخیر و خوبی پایا تکمیل تک پہنچ گیا اے آر اوز نے الیکشن کمیشن کے قوانین کے تحت حلف اٹھایا الیکشن کمیشن کی ہدایت پر پاکستان کے 136 اضلاع کی طرح اٹک میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اٹک سہیل اکرام کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر مقرر کیا ہے جبکہ اٹک سے قومی اسمبلی کی 2 اور پنجاب اسمبلی کی 5 نشستوں کیلئے مقرر کیے گئے ریٹرننگ افسران میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ، اشفاق احمد رانا ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجہ شاہد ضمیر ، سینئر سول جج ایڈمن شفقت شہباز راجہ ، سینئر سول جج جوڈیشل ملک شاہد حسین اعوان ، سینئر سول جج گارڈین عمررشید ، سول جج سیف اللہ تارڑ ، سول جج طلال ارشد قبل ازیں بطور آروز حلف اٹھا چکے ہیں جبکہ اے آر اوز کی حیثیت سے حلف اٹھانے والوں میں این اے 55 اٹک 1 سے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اٹک ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سکینڈری ایجوکیشن ، این اے 56 اٹک 2 سے اسسٹنٹ کمشنر پنڈی گھیب منور لنگریال ، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر مرکز دومیل جنڈ ، پی پی اٹک 1 سے اے آر اوز میں اسسٹنٹ کمشنر اٹک مرضیہ سلیم ، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر بولیانوال اٹک ، پی پی 2 اٹک 2 سے تحصیلدار حضرو راجہ طاہر ، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر مرکز حضرو ، پی پی 3 اٹک 3 سے تحصیلدار حسن ابدال وحید صادق ، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر فتح جنگ ، پی پی 4 اٹک 4 سے اسسٹنٹ کمشنر فتح جنگ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن پنڈی گھیب ، پی پی 5 اٹک 5 سے اسسٹنٹ کمشنر جنڈ اور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر بسال جنڈ شامل ہیں ۔ 

اٹک سٹی:زراعت کی ضلعی مشاورتی کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا جس میں اے ڈی سی جی اٹک فاروق اکمل نے اجلاس کی 
زراعت کی ضلعی مشاورتی کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا جس میں اے ڈی سی جی اٹک فاروق اکمل نے اجلاس کی صدارت کی اور اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومت پنجاب نے کسانوں اور زمینداروں کی فلاح وبہبود کیلئے کئی انقلابی اقدامات کیے ہیں جن کی وجہ سے ضلع اٹک نے زراعت کے شعبۂ میں کا فی ترقی کی ہے اور ترقی کا یہ سفر اب بھی جاری ہے ۔اس موقع انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں صوبہ بھر میں زراعت کے شعبۂ میں مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں کاشتکاروں ، کسانوں اور زمینداروں کو زراعت کی ترقی کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کی گئی ہے جس کی وجہ سے صوبہ بھرمیں زرعی انقلاب آیا ہے اور انقلاب کا یہ سفر جاری رہے گا اجلاس میں شرکاء کو ضلع اٹک میں زراعت کے شعبۂ میں کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی ۔ 

حضروسٹی:رمضان المبارک میں اشیاء خوردونوش مہنگی ہونے کی وجہ سے عوام کی پہنچ سے دورہو گئیں 
رمضان المبارک میں اشیاء خوردونوش مہنگی ہونے کی وجہ سے عوام کی پہنچ سے دورہو گئیں ، دودھ اور دہی زائد قیمت پر فروخت ہونے لگا ۔ تفصیلات کے مطابق موسم گرما کی شدت اور رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی مہنگائی میں اضافہ ہو گیا ہے جس میں دودھ اور دہی بھی شامل ہیں ۔ 

اٹک سٹی:ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبادت نثار نے اپنے آفس میں افسران و ملازمان کے او آر کا انعقاد کیا 
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبادت نثار نے اپنے آفس میں افسران و ملازمان کے او آر کا انعقاد کیا جس میں ضلع بھر سے پولیس اہلکاران پیش ہوئے اچھی کارکردگی دکھانے والے اہلکاران کے شو کاز نوٹس فائل کرتے ہوئے انہیں اور محنت سے عوام الناس کی خدمت کرنے کی تلقین کرنے کے ساتھ ساتھ ڈی پی او نے جن اہلکاران کی کارکردگی اچھی نہ تھی یا جنکی شکایات موصول ہو رہی تھیں انکی تنبیہ کی اور کہا کہ آئندہ کسی بھی قسم کی شکایت آنے پر انکے خلاف محکمانہ کاروائی کی جائے گی اس موقع پر ڈی پی او نے کہا کہ پولیس عوام الناس کیلئے اندھیرے میں روشنی کی مانند ہے جس سے عوام کو بہت توقعات وابستہ ہوتی ہیں لہذا پولیس اہلکاران اپنی ڈیوٹی فرض سمجھ کر ادا کریں تا کہ عوام الناس کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے ۔ 

اٹک سٹی:بسال روڈ ڈھوک گاما کاایک اور زخمی چل بسا ، 18 سالہ عبیدکوشدید زخمی حالت میں راولپنڈی ریفر کردیا گیا تھا
بسال روڈ ڈھوک گاما کاایک اور زخمی چل بسا ، 18 سالہ عبیدکوشدید زخمی حالت میں راولپنڈی ریفر کردیا گیا تھا ، خودکش حملہ میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد چارہوگئی ، 3مئی کو خودکش حملہ آور نے سرکاری بس کو نشانہ بنایا تھا ۔خودکش دھماکہ میں جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کا دوسرا فرد ہے چند روز پہلے عبید کا چچا نزاکت زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ۔ 

ضلع اٹک:پولیس کی ماہ مقدس میں کاروائی ، رمضان المبارک میں سر عام حقہ شیشہ پینے والے 8 نوجوانوں کو دھر لیا گیا ‘مقدمہ درج 
تھانہ جنڈ پولیس کی نئی مارکیٹ میں کاروائی ، رمضان المبارک میں سر عام حقہ شیشہ پینے والے 8 نوجوانوں کو دھر لیا گیا ‘مقدمہ درج ، تفصیلات کے مطابق اے ایس آئی تھانہ جنڈ خضر حیات عملہ کے ہمراہ سرکاری گاڑی پر گشت پر تھے کہ انہیں اطلاع ملی کہ چند بد قماش قسم کے لڑکے اکھٹے ہو کر نئی مارکیٹ میں چیف چوک جنڈ میں کھلے عام بذریعہ حقہ چلم ، شیشہ فیور پی رہے ہیں جس کی بدبو پوری مارکیٹ میں پھیل گئی ہے اور روزہ داران سخت نالاں ہیں علاوہ ازیں یہ کھلی مارکیٹ میں حقہ پینے کے ساتھ پیپسی اور پکوڑے بھی کھا رہے تھے جس پر پولیس نے انہیں رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ گرفتار ہونے والوں میں ندیم قیصر ، شاہد محمود ، محمد شہزاد ، ارسلان انجم ، محمد خیام ، احسن علی ، عاطف حسین اور ذیشان شامل ہیں‘ رمضان المبارک میں شائراسلام کی توہین کر رہے تھے ۔ملزمان کے خلاف پولیس نے زیر دفعہ 3/4 حد امتناع منشیات 269,272,273 ت پ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ۔ 

















No comments:

Post a Comment