Thursday, February 9, 2017

Weekly News from Hazro City, Chhachh Valley and District Attock, (Punjab) Pakistan. Updated from Tsuen Wan.

Weekly News from Hazro City, Chhachh Valley and District Attock, (Punjab) Pakistan. Updated from Tsuen Wan.


ضلع بھر میں محکمہ صحت کے عملے کی ملی بھگت ‘جعلی لائسنسوں پر میڈیکل سٹور چلنے لگے، انتظامیہ بے بس ہوکر رہ گئی
محکمہ صحت کے عملے کی ملی بھگت ‘جعلی لائسنسوں پر میڈیکل سٹور چلنے لگے ،تفصیلات کے مطابق حضرو ، جنڈ ، پنڈی گھیب ، فتح جنگ ، حسن ابدال ، کھوڑ ، کامرہ کینٹ اورگردونواح میں محکمہ صحت کے افسران کی ملی بھگت سے جعلی اور دوردراز کے کوالیفائیڈ پرسن کے لائسنس کرائے پر لے کرمڈل پاس عطائیوں نے میڈیکل سٹور کھول لئے ،چیک اینڈبیلنس نہ ہونے کی وجہ سے خود ہی ڈاکٹر بن گئے ،ان مڈل پاس عطائی ڈاکٹروں نے عوام کی زندگیوں سے کھیلنا معمول بنا لیا جسکی وجہ سے لوگ دل گردے پھیپڑوں اورہیپاٹائٹس بی اور سی جیسے مہلک امراض کاشکار ہونے لگے ،جنسی دونمبرادویات کی فروخت سے یہ عطائی ڈاکٹرخود تو دن دگنی رات چگنی ترقی کر رہے ہیں لیکن عوام کو موت کے منہ میں دھکیل رہے ہیں۔ ایک سروے کے مطابق جب کسی مستند ڈاکٹر کی پرچی لے کر کوئی مریض ان پڑھ سٹور مالکان کے پاس آتے ہیں تو سمجھ نہ آنے کی وجہ اپنے پاس سے متبادل دوائیاں تھما دیتے ہیں جسکی وجہ سے مریض تندرست ہونے کے بجائے مزید بیماریوں میں گھر جاتا ہے ‘ان عطائیوں کی غلط انجکشن لگانے کی وجہ سے کئی لوگ بیماریوں میں مبتلا ہوچکے ہیں،اب تو کسی دوسرے کے لائسنس پرسٹورکھولنے والے عطائی ڈاکٹرتعویز دھاگہ اور مکمل چیک اپ بھی خودہی کرتے نظرآتے ہیں، محکمہ صحت نے توانہیں کھلی چھٹی دے رکھی ہے جو مرضی کریں چاہے انسانی جانوں سے ہی کیوں نہ کھیلیں ‘انتظامیہ نہیں پوچھے گی ،عوامی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ایک طرف توپنجاب حکومت جعلی ادویات کے خلاف مہم پر کروڑوں روپے خرچ کرہی ہے ،دوسری جانب حکومت ان کی بلیک میلنگ میں آنے کی بجائے قانون پر عمل کرائے اوران قیمتی انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے ۔ 

اٹک شہر میں ایل ٹی وی ڈرائیونگ لا ئسنس کا ٹیسٹ ایک ماہ بعد ہو نے کے سبب ضلع بھر کے ہزاروں افراد شدید مشکلات کا شکار 
محکمہ ٹریفک پولیس پنجاب کے اعلیٰ افسر کے حکم نا مے کے تحت پنجاب کے دیگر اضلاع کی طرح اٹک میں بھی ایل ٹی وی ڈرائیونگ لا ئسنس کا ٹیسٹ ایک ماہ بعد ہو نے کے سبب ضلع اٹک کے ہزاروں افراد شدید مشکلات کا شکار ہیں قبل ازیں ہر ہفتے ہونے والے ٹیسٹ میں تقریباً 250سے 300افراد شریک ہو تے تھے جن میں سے اکثر فیل ہو نے کے سبب اگلے ہفتے پھر ٹیسٹ میں شامل ہو جا تا تھا اٹک جو رقبے کے لحاظ سے175کلو میٹر سے زائد طویل رقبے پر پھیلا ہوا ضلع ہے جس میں بعض مقامات سے ضلعی صدر مقام پر پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے آنے کا کرایہ ایک ہزار رو پے سے زائد بنتا ہے اور کئی گھنٹے کا طویل سفر طے کر نا پڑتا ہے اس بڑے ضلع میں جہاں بے روز گاری ، مہنگائی عرو ج پر ہے شہری ڈرائیونگ لا ئسنس جیسی بنیادی ضرو ر ت کے لئے مہینوں انتظا ر کر نے پر مجبور ہیں چھ تحصیلوں پر مشتمل ضلع اٹک جہاں سے قومی اسمبلی کی تین میں سے دو اور پا نچ میں سے چار نشستوں پر حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے وفاقی اور صوبائی وزرا ء کی تعداد چار ہو نے کے با وجود شہری اپنے مسائل کے حل کے لئے در بدر کی ٹھو کریں کھا نے پر مجبور ہیں وزراء کا کام صرف پولیس پروٹو کول اور ہو ٹر بجا تی گاڑیوں میں گھو منے پھر نے کے سوا کچھ نہیں شہریوں نے وزیراعلیٰ ، چیف سیکر ٹری ، سیکر ٹری محکمہ داخلہ حکومت پنجاب ، آئی جی پنجاب، صوبائی محتسب ، اپو زیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ، چیئر پرسن ضلع کونسل اٹک سمیت دیگر ارباب اختیار سے مطا لبہ کیا ہے کہ ڈرائیونگ لا ئسنس جیسی بنیا دی ضرور ت کے لئے بڑھتی ہو ئی آبادی کو مد نظر رکھ کر روزانہ ڈرائیونگ لا ئسنس بنا نے کی بجا ئے ایک ماہ بعد لائسنس بنا نے جیسے عوام دشمن فیصلے کو کا لعدم قرا ر دے کر پرا نے ہفتہ وار ٹیسٹ کو بحال کیا جا ئے اور ڈرائیونگ ٹیسٹ میں جدید تقاضوں کو مد نظر رکھ کر اہل افراد کو ڈرائیونگ لا ئسنس جاری کیئے جا ئیں تاکہ سڑکوں پر ہو نے والے آئے روز کے حادثات میں کمی آسکے ۔

اٹک سٹی: گورنمنٹ کی جانب سے بزرگ پنشنرزکو اے ٹی ایم کارڈ ز کی سہولت دینا اُن کے لیے پریشانی کا باعث بن گیا
ضعیف العمری اور نظر کی کمزوری حکومت چلی بوڑھے پنشنر کو اے ٹی ایم کارڈ دینے اولڈ ایج بینیفٹ سکیم کے تحت پنشن لینے والے بوڑھے افراد کو ATMکارڈ دینے کا فیصلہ 85%سے زائد افراد ضعیف العمر ، ان پڑھ اور محنت کش طبقہ سے تعلق رکھنے کی بناء پر اے ٹی ایم کارڈ اُن کے لیے پریشانی کا باعث بن گیا بوڑھے پنشنرز کو یہ کارڈ استعمال کرنا آتا ہی نہیں اگر کسی دوسرے سے استعمال کرائیں تو پیسے چوری ہونے کا خدشہ ہے ان خیالات کاا ظہار اولڈ ایج بینیفٹ سکیم کے تحت پنشن لینے والے بوڑھے پنشنر جان بی بی بیوہ زیڑھی گل نکہ افغاناں اور دیگر بوڑھے پنشنرز نے میڈیا سے گفتگو میں پنشن سے متعلق مشکلات اور مسائل سے آگاہ کر تے ہو ئے کیا ان پنشنرز نے کہا کہ بمشکل پنشن 5000روپے بنتی ہے اور جمہوری حکومت اے ٹی ایم کارڈ دے کر ہم سے یہ معمولی پنشن بھی چھیننا چاہتی ہے کیونکہ پنشنر ز کی اکثریت بیوہ خواتین پر مشتمل ہے جو دیہات کی رہنے والی ہیں وہ کیا جانیں کہ اے ٹی ایم کارڈ کیا بلا ہے اور اسے کیسے استعمال کیا جانا ہے بوڑھے پنشنرز نے اولڈ ایج بینیفٹ کے اعلیٰ حکام سے اصلاح و احوال کا مطالبہ کیا ہے ۔

حضروسٹی:عمرفراز خان ، سرفراز خان اخوندخیل،فراز خان کے والد اور صرافہ بازار حضرو کی رونق محترم حاجی نجب خان وفات پا گئے
فراز خان کینیڈا،عمرفراز خان اور سرفراز خان اخوندخیل سپین کے والد اور صرافہ بازار حضرو کی رونق محترم حاجی نجب خان کلمہ طیبہ کا ورد کرتے کرتے اللہ کو پیارے ہو گئے ،مرحوم ایک ملنسار ،مخلص ،ایماندار ،نمازی اور انسانیت کا درد رکھنے والے سچے اور کھرے انسان تھے ،ان کی نمازجنازہ حضرو (بن گئی ) والے جنازہ گاہ میں ادا کی گئی ،نمازجنازہ میں علاقہ چھچھ کے تمام مکاتب فکر کے علماء اکرام ،منتخب چیئر مینز ،وجنر ل کونسلر ز اہم سیاسی وسماجی شخصیات جن میں مولانا محمد نعیم ،خالد خان ،رئیس ڈار،محمود خان ، PTIتحصیل حضرو کے رہنماؤں ممتاز خان ،جاوید اقبال ،نور خان ،ملک نسیم ،شیر بہادر خان ،حاجی شیراز خان ،ملک آفتاب خان سروانہ ،حفیظ میر سمیت حضرو کی تاجر برادری ،جیولرز حضرات اور معززین علاقہ نے کثیر تعدا د میں شرکت کی ،انگلینڈ سے محمد رفیق جدون ،سلیم صابری ،تیمور شہزاد ،جہانزیب نثار ،امریکہ سے ناصر امین، زاہد خان ،شیک خان ،دبئی عرب امارات سے انجم علی زئی ،احسان قریشی ،اعجا زحسن ،ہانگ کانگ سے یاسرامین ،پی ٹی آئی کے ضلعی صدر قاضی احمد اکبر ،حاجی اشفاق خان تحصیل صدر ،حاجی شعیب اور دیگر دوست احباب نے فراز خان ،احمد افراز اور سرفراز خان اخوندخیل سے دلی تعزیت کا ظہار کرتے ہوئے مرحوم کیلئے دعائے 
مغفرت اورلواحقین کیلئے صبر وجمیل کی دعا کی ہے ۔ 

اٹک سٹی:ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے دورہ کے موقع پرصحت وصفائی کی سہولتیں مخدوش اور نا گفتہ بہ صورتحال نظر آئی؛ ایمان وسیم 
ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک کے دورہ کے موقع پر مریضوں اور اُن کے لواحقین نے پینے کے پانی کی عدم دستیابی اسپیشلسٹ ڈاکٹرز کی عدم موجودگی نوزائیدہ بچوں کے لیے وینٹی لیٹر مشین کے آپریٹر کا نہ ہونا اور ضروری ادویات کی فراہمی کے علاوہ ڈاکٹرز کی ڈیوٹی سے غیر حاضری کی وجہ سے او پی ڈی میں لمبی لائنیں دیکھنے میں آئیں ‘صحت وصفائی کی سہولتیں مخدوش اور نا گفتہ بہ صورتحال سامنے آئی ان حقائق کے باوجود ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو کا بیان کے جس میں ہسپتال کو پنجاب کا بہترین ہسپتال قرار دیا نہ صرف مضحکہ خیز بلکہ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے ۔ان خیالات کاا ظہار چیئرپرسن ضلع کونسل محترمہ ایمان طاہر نے ایک ملاقات کے دوران کیا ،انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں دورہ کے دوران مریضوں نے شکایات کے انبار لگا دیے وارڈز میں صحت و صفائی نہ ہونے کے برابر تھی جبکہ ایک ایک بستر پر دو دو مریض لٹائے گئے تھے مریضوں نے بتایا کہ ہسپتال میں پینے کا صاف پانی بھی نہیں مل رہا اور دوائی بھی باہر سے ملتی ہے ایمان طاہر نے کہا کہ محکمہ صحت اٹک کی ہیلتھ اتھارٹی پرانی تاریخوں میں سفارشی لوگ بھرتی کر کے اہل اور مستحق لوگوں کا معاشی قتل عام کر رہی ہے جبکہ عوام کی جانب سے کی گئیں جائز اور حقائق پر مبنی شکایات کے ازالے کی بجائے ہسپتال کے معیار کو مثالی قرار دے کر دکھی انسانیت کا مذاق اُڑایا جارہا ہے ہمارے پاس ہسپتال کے دورہ کے دوران مریضوں کی طرف سے اپنے شدید تحفظات اور روزمرہ پیش آنے والی مشکلات کے حوالے سے تمام وڈیوز ریکارڈنگ بھی موجود ہے جنہیں بوقت ضرورت ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے گا تاکہ اُس اخباری بیان میں کیے گئے جھوٹے دعووں کی قلعی کھل سکے ایمان طاہر نے کہا کہ عوام کا نمائندہ ہونے کے ناطے میں یہ بات سمجھتی ہوں کہ میرے فرائض منصبی میں یہ بات شامل ہے کہ جہاں کہیں بھی مفاد عامہ کی بات ہو میں ہر اُس جگہ پہنچ کر اٹک کی عوام کے حقوق کے لیے آواز اُٹھاؤں اور انشاء اللہ میں میجر طاہر صادق کے نقش قدم پر چلتے ہو ئے یہ فریضہ سر انجام دیتی رہوں گی۔

ہانگ کانگ: ساجد ریان آف غورغشتی دورہِ برطانیہ مکمل کر کے کولون واپس پہنچ آئے 
ہانگ کانگ میں مقیم گاؤں غورغشتی کی سوشل میڈیا پر معروف نوجوان شخصیت ساجد ریان برطانیہ کا دورہ مکمل کرنے کے بعد کولون واپس پہنچ گئے۔ دورہِ برطانیہ کے موقع پر انہوں نے پی ٹی آئی کے عہدیداران ومتحرک اراکین اور ضلع اٹک بالخصوص گاؤں غورغشتی سے تعلق رکھنے والے دوست احباب کے ساتھ ملاقاتیں کیں ۔تفصیلات کے مطابق لندن پہنچنے پر محمد الیاس، گل محمد ، وحید اقبال اور جاوید احمد نے ویلکم کیا جہاں چند دن قیام کے دوران لندن کے تاریخی مقامات کی سیر کی۔بعدازاں برمنگھم وِزٹ کے دوران شفاقت علی، شاہد اقبال، شیراز خان، حامد افسر، مِنا چوہدری، جاوید الرحمان، حافظ اسماعیل، سلطان افسر ، محمد شکیل ، محمد صادق، شفقت زمان ، عامر خان، محمد فیاض ودیگر اہلیان غورغشتی نے ملاقاتیں کیں۔دریں اثنا بریڈفورڈ(لٹل پاکستان) پہنچنے پر پی ٹی آئی کے عہدیداران نے بھرپور استقبال کیا۔ ساجد علی، الطاف محمد، بابرافسر ،فیاض محمد خان ودیگر اہلیان غورغشتی مقیم بریڈفورڈ نے فرداََ فرداََ ملاقاتیں کیں۔دورہِ لیڈز کے موقع پر محمدادریس ، جہانزیب خان، آصف خان حضروی، محمد ادریس ، جہانزیب خان ، ناصر خان شرجیل اور طفیل خان ممبر ودیگر پی ٹی آئی کے متحرک اراکین نے ساجد ریان کے اعزاز میں شاندار عشائیہ دیا ۔دورہ برطانیہ کے اختتام پر ساجد ریان نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پی ٹی آئی برطانیہ میں پاکستان کی سب سے زیاد ہ متحرک سیاسی جماعت ہے جس میں ہر ماہ سینکڑوں کی تعداد میں ممبران کا اضافہ ہو رہا ہے جوکہ وہاں کے عہدیداران کی شب وروز محنت کانتیجہ ہے۔گفتگو کے آخر میں ساجد ریان نے تمام دوست احباب کا شکریہ اداکیا جنہوں نے ملاقاتیں کیں اور اپنی محبت کااظہار کیا۔

اٹک سٹی:سی این جی بندش عوا م کی جیب پر بو جھ بن گئی ،ٹرانسپورٹروں نے از خود کرائے بڑھا لئے، محکمہ ٹرانسپورٹ بے بس ہو گیا
سی این جی بندش عوا م کی جیب پر بو جھ بن گئی ،تمام روٹ کے ٹرانسپورٹروں نے از خود کرائے بڑھا لئے، محکمہ ٹرانسپورٹ بے بس ہو گیا، اعلی احکام نوٹس لے کر کرایوں میں کمی کرانے کے عملی اقدامات کریں عوامی مطالبہ ‘تفصیلات کے مطابق ضلع اٹک میں تمام روٹس پر چلنے والے ٹرانسپورٹروں نے اندھیر نگری مچا رکھی ہے ۔اٹک حضرو، اٹک فتح جنگ، اٹک پنڈی گھیب، اٹک جنڈ، اٹک بسال،جنڈ راولپنڈی، اٹک راولپنڈی، اٹک پشاور، اٹک تھٹہ سمیت دیگر روٹس پر جان بوجھ کر سی این جی کی بندش کا بہانہ ڈال کر کرایوں میں من مانا اضافہ کر دیا ہے جو کہ غریب عوام کے ساتھ سخت زیادتی کا موجب ہے ‘ٹرانسپورٹروں کے خلاف کاروائی کا ذمہ دار محکمہ کرنے سے ہمیشہ کتراتا ہے اور کاروائی نہیں کر تا جس کی سزا غریب عوام بھگت رہے ہیں، چیئر پرسن ضلع کونسل اٹک ایمان طاہر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لے کر کاروائی کریں محکمہ میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف بھی کاروائی کرتی ہے۔

گاؤں شاہڈھیر:کالم نگار و سماجی شخصیت حافظ محمد عزیر کے ماموں عالم دین مولانا عبدالرشید کے انتقال پر مختلف شخصیات کا اظہارِ افسوس 
کالم نگار و سماجی شخصیت حافظ محمد عزیر کے ماموں نوجوان عالم دین مولانا عبدالرشید کے انتقال پر ممتاز علمائے کرام اور سیاسی و سماجی شخصیات نے پانڈک گاؤں آکر مرحوم کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور بخشش کی دعا کی ،تعزیت کا اظہار کرنے والوں میں صوبائی امیر جے یو آئی قاری عتیق الرحمن ،قاری شیر افضل خان ، مولانا یوسف شاہ، شیخ الحدیث مولانا ظہور الحق، مولانا عبدالخالق ،مولانا ہارون الرشید ، مولاناعذیر احمد الحسینی ،مولانا حسین احمدالحسینی ، مفتی سید امیر زمان حقانی، مولانا ادریس احمد، مولانا شبیر احمد، مولانا عبدالغفار ، مولانا انس، قاسم خان وردگ، ڈاکٹر مسعود اختر، خالد محمودو دیگر شامل ہیں ۔

حضرو سٹی؛جاوید اسحا ق اورپروفیسر خرم شہزاد شادی کے حسین بندھن میں منسلک ہو گئے 
حضرو شہر کی معروف سیاسی وسماجی شخصیت نواب اسحاق المعروف پھاپا خاکا کے فرزند ارجمند اور نوجوان سماجی وکاروباری شخصیت شاہد اسحاق ،زاہد اقبال اور شرجیل خان کے بھائی جاوید اسحا ق اور پروفیسر خرم شہزاد شادی کے حسین بندھن میں بندھ گئے ،شادی کی پروقار تقریبات کا سلسلہ کئی روز تک جاری رہا ،دعوت ولیمہ ہائی سکول نمبر2حضرو میں دی گئی جسمیں خادم چھچھ چنگیز خان ،میر انٹر پرائیزز کے ایم ڈی مسعود میر ،ایس ایچ او عابد خان ،زاہد میر انسپکٹر ایف آئی اے خرم خان ، خان بھائی ،محمود ،نادر خان ،ڈاکٹر فیاض ،نامزد چیئر مین حضرو سٹی رئیس ڈار ،جنر ل کونسلر زحضرو سٹی شیراز خان ،حاجی احسان خان ، ملک مناف ،نزاکت خان ،نزاکت حسین ،ملک مقصود ،اورنگزیب خان ،سعید الرحمن ،سکھراج مسیح ،احتشام بیگ ،ڈاکٹر اشرف بٹ ،امجد خان ،بالی خان ،ملک نسیم ،چیئر مین یوسی خگوانی زیدی خان ،خواجہ عبد المجید خان ،حاجی اقبال میر،عبید الرحمن ،صحافی حفیظ میر ،ماسٹر علی اصغر ،ملک وقار صدر میلاد کمیٹی حضرو ،صاحبزادہ محمد اکرام الحق ،مولانا محمد نعیم ،مولانا محمد عزیر ،اعظم خان ایڈوکیٹ ،مومن ڈار ،عادل ڈار ،طارق منی چینجر اقبال خان شاہڈھیر ،الیاس خان سابق کونسلر سمیت کثیر تعداد میں اہلیان حضرو ،دوست واحباب اور چھچھ کی معروف سماجی وسیاسی شخصیات نے شرکت کی دعوت ولیمہ کے موقع پر مہمانوں کی تواضع بہترین کھانوں سے کی گئی ،تمام احباب نے دولہا صاحبان کو زندگی کے نئے سفر کے آغاز پر دلی مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

اٹک سٹی:19فروری کو ضلع اٹک کی عوام عمران خان کا تاریخی استقبال کرکے ثابت کر یں گے کہ اٹک کی عوام تبدیلی چاہتی ہے؛ طاہر صادق
سابق ضلع ناظم میجر طاہر صادق نے کہا ہے کہ 19فروری کو ضلع اٹک کی عوام چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا تاریخی استقبال اور لالہ زار اسٹیڈیم میں تاریخی شرکت کر کے ثابت کر یں گے کہ اٹک کی عوام تبدیلی چاہتی ہے ‘کامیاب جلسہ تبدیلی کی نوید لے کر آئے گا ،آنے والے جنرل الیکشن میں پی ٹی آئی اور میجر گروپ ضلع بھر سے کرپشن زدہ حکومت کے نمائندوں کو جھنڈی دکھائیں گے، میجر گروپ اور پی ٹی آئی دونوں اس جلسہ کی کامیابی کے لیے کوشاں ہیں مگر میری خواہش ہے کہ اس جلسہ کو میجر طاہر کے چاہنے والے زیادہ تعداد میں شرکت کر کے تاریخی اور یاد گار بنا دیں، اللہ کے فضل و کرم سے 19فروری کو عوام کے جم غفیر اور ٹھاٹھیں مارتے سمندر کے سامنے لالہ زار اسٹیڈیم کی وسعتیں کم پڑ جائیں گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے فقیر آباد میں سابق ناظم ملک افتخار احمد ، یونین کونسل مرزا میں سید جمشید افتخار شاہ اور ملک فیاست خان جبکہ اٹک شہر میں اپنی رہائش گاہ پر سٹی صدر و کونسلر بلدیہ حاجی محمد اکرم خان کے زیر اہتما م مسلم لیگ (ق) اور میجر گروپ کے عہدیداروں ورکرز اور حامیوں سے خطاب میں کیا ان اجتماعات میں سینکڑوں کی تعداد میں شامل ہونے والوں میں افرادنے ہاتھ اُٹھا کر 19فروری کے جلسے کو کامیاب بنانے کے لیے میجر طاہر صادق کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ان اجتماعات سے ملک افتخار احمد ، سید جمشید افتخار شاہ، ملک فیاست خان، حاجی محمد اکرم خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا قبل ازیں میجر طاہر صادق نے جبی ، اکھوڑی، باہتر،جھنگ کی یونین کونسلز میں ملک ممتاز علی خان، سید زاہد حسین شاہ اور سردارعامر خان کے زیر اہتمام منعقدہ اجتماعات میں 19فروری کے جلسہ میں شرکت کے حوالے سے عوام سے خطاب کیا اور اس جلسہ کی کامیابی کے لیے گلی اور محلے تک کارکنوں کو دن رات ایک کر کے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانے کی تاکید کی یاد رہے کہ میجر طاہر صادق عمران خان کے اٹک میں جلسہ کی کامیابی کے لیے ضلع بھر کے طوفانی دورے کر رہے ہیں وہ اس جلسہ کو یاد گار اور تاریخی بنانے کی مہم پر ہیں ۔

اٹک سٹی:ضلع میں ترقیاتی سکیموں کا جال بچھادیا گیا ہے جن کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں ؛ رانا اکبر حیات
ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات نے کہا کہ ضلع میں ترقیاتی سکیموں کا جال بچھادیا گیا ہے جن کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ یہ ترقیاتی کام مستقبل میں بھی جاری رہیں گے تاکہ عوام ان سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہوسکیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع اٹک میں جاری ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں اے ڈی سی جی آفاق وزیر ، اے ڈی سی ایف اینڈ پی طارق رحیم کے علاوہ ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز ، سی ای اوز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی انہوں نے بتایا کہ ضلع بھرمیں صوبائی اے ڈی پی پروگرام کے تحت صوبائی بلڈنگز کی 35سکیمیں جاری ہیں جن پر 1221.820ملین روپے لاگت آئے گی اس کے علاوہ سڑکوں کی بحالی اور مرمت کی بارہ سکیمیں جاری ہیں جن پر 4496.446ملین لاگت آئے گی۔ فزیکل ہیلتھ کے تحت اٹھارہ سکیمیں جاری ہیں جن پر 1343.444ملین روپے لاگت آئے گی لوکل گورنمنٹ و کمیونٹی ڈولپمنٹ کے تحت جاری دو سکیموں پف 114.524ملین روپے لاگت آئے گی جبکہ ایجوکیشن کی ایک سکیم پر 11.415ملین روپے لاگت کا تخمینہ ہے اس کے علاوہ دیگر سکیموں میں صحت اورتعلیم بھی شامل ہیں، خادم اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے پنجاب دیہی روڈ پروگرام کی سکیمیں بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں اس پروگرام کے تحت ضلع بھر میں سڑکوں کا جال بچھا دیا گیا ہے وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے جاری ترقیاتی سکیموں کے مطابقNA-57 میں 235سکیمیں جاری ہیں جن پر 559.739ملین روپے لاگی آئے ہیں، NA-58میں 347سکیمیں جاری ہیں جن پر400.151ملین روپے، NA-59کی 189سکیموں پر417.087ملین روپے لاگت آئے گی، وزیر اعلیٰ ترقیاتی پیکج کے تحت سات سکیمیں جاری ہیں جن پر 43.017روپے لاگت آئے گی ضلعی ترقیاتی پروگرام کے تحت 27سکیمیں مکمل کرلی گئی ہیں جن پر 125ملین روپے لاگت آئی ہے، کمیونٹی ڈولپمنٹ پروگرام کے تحت 40 سکیمیں مکمل کر لی گئی ہیں جن پر 171.388ملین روپے لاگت آئی ہے، کمیونٹی پروگرام 2016-17کے تحت بارہ سکیمیں جاری ہیں جن پر 154.301ملین روپے لاگت آئی ہے،پنجاب ایجوکیشن سیکٹر ریفارمز پروگرام کے تحت 228سکیمیں جاری ہیں جن پر 408ملین روپے لاگت آئی ہے،ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ نے کہا کہ تمام سکیموں کو بروقت مکمل کرلیا جائے گا، اس کے علاوہ کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کریں ، ڈپٹی کمشنر اٹک نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ضلع اٹک کے ترقیاتی کاموں کے لیے خطیر رقوم مہیا کی ہیں جو عوامی ترقی و فلاح و بہبود کے لیے خرچ کی جارہی ہی انہوں نے تمام متعلقہ افسرا ن کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تحصیلوں کی منتخب سیاسی قیادت کے ساتھ ان ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل کے لیے رابطے میں رہیں اور اعلیٰ افسران کو روزانہ کی بنیاد پر ان ترقیاتی سکیموں کے متعلق رپورٹ فراہم کریں۔

اٹک سٹی: حکومت پنجاب دور دراز علاقوں کے عوام کو صحت کی بنیاد ی سہولیات کی فراہمی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے ؛ شیخ آفتاب احمد
حکومت پنجاب دور دراز علاقوں کے عوام کو صحت کی بنیاد ی سہولیات کی فراہمی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے تاکہ ان علاقوں کے عوام کو صحت کی تمام تر سہولیات بہم پہنچائی جائیں،موجودہ حکومت عوام کو صحت و دیگر سہولیات فراہم کرنے کے لئے بڑے منصوبوں پر کام کر رہی ہے ،ان خیالات کا اظہاروفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے حکومت پنجاب کی جانب صحت کے بارے میں دی جانے والی سہولیات پر بات چیت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب دیگر اضلاع کی طرح اٹک میں بھی عوام کے صحت کی بہتر سہولیات فراہم کر رہی ہے ہمارا اولین مقصد عوام کے مسائل حل کرنا ہے انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں،عوام کو صحت کی بنیاد ی سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومت پنجاب خطیر بجٹ مختص کررہی ہے تاکہ صوبہ بھر کے عوام کو صحت کے حوالے سے درپیش مشکلات دور کی جاسکیں،انہوں نے انہوں نے بتایا کہ اضلاع میں حکومتی ہسپتالوں میں ادویات اور دیگر سہولیات وافر مقدار میں موجود ہیں ان اداروں میں سپیشلسٹ ڈاکٹر ز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جارہا ہے، انہوں نے عوام کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقے میں موجود سرکاری ہسپتالوں سے رجوع کریں اور اگر انہیں کسی قسم کی دشواری پیش آئے تو متعلقہ علاقے ہیلتھ ایڈوائزری کمیٹی کو آگاہ کریں تاکہ ان کی مشکلات اور مسائل بروقت حل کیے جاسکیں۔ 

اٹک سٹی: ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا ؛ فتح عالم (ڈی ایس پی ٹریفک ‘ اٹک)
ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا ، ناجائز تجاوزات اٹک شہر میں جا بجا چنگ چی رکشوں کے غیر قانونی اڈوں کا خاتمہ ، نو عمر بچوں کا رکشہ ، موٹر سائیکل ، کار چلانا ، بغیر ہیلمٹ اور بغیر نمبر پلیٹ کے موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا ، ان خیالات کا اظہار ڈی ایس پی ٹریفک اٹک فتح عالم نے اپنے دفتر صدر بازار اٹک کینٹ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر چیئرمین اٹک پریس کلب رجسٹرڈ ندیم رضا خان ، ممبران مجلس عاملہ لالہ محمد صدیق ، حافظ نصرت علی خان ، ملک محمد اعظم ، ملک اسد ، رضوان عالم اعوان ، سعید آفریدی ، محمد فاروق خان ، بانی چیئرمین ڈسٹرکٹ پریس کلب حکیم محمد اسلم اعوان ، سرپرست اعلیٰ سینٹرل یونین آف جرنلسٹس حاجی پرویز خان ، ولید خان ، جاوید کشمیری ، راشد علی اور دیگر صحافیوں کی کثیر تعداد موجود تھی ، ڈی ایس پی ٹریفک فتح عالم نے کہا کہ دنیا بھر میں پیدل چلنے والوں کا حق پہلے تسلیم کیا جاتا ہے جبکہ پاکستان میں اس کا اُلٹ پیدل چلنے والا ٹریفک سے اپنی جان بچانے کیلئے سڑک سے خوفزدہ ہو کر گزرتا ہے ، انہوں نے چارج سمنبھالنے کے بعد اپنے قلیل سٹاف کے باوجود ٹریفک کے معاملات کو درست کرنے کی بہت حد تک کوشش کی ہے ، تجاوزات ختم کر دی جائیں تو ٹریفک کے آدھے معاملات ختم ہو جائیں گے ۔ 

لندن :نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے،سجاد خان 
سابق تحصیل ناظم وسینئر رہنماء مسلم لیگ (ن ) راولپنڈی سجاد خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے ،سی پیک منصوبے کی تکمیل کے بعد پاکستانی معیشت عروج حاصل کریگی ،مسلم لیگ (ن ) کی حکومت صرف دعوے نہیں بلکہ عملی کاموں پر یقین رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ (لندن ) میں معروف صحافی وکالم نگار سلیم صابری کی طرف سے دئے گئے عشائیہ کے بعد اپنی گفتگو کے دوران کیا۔اس موقع پر سا بق امیدوار صوبائی اسمبلی فضل الرحمن خان وردگ آف ویسہ ،ذیشان خان USA،ڈاکٹر عدیل خان ،ہارون خان اور دیگر دوست احباب بھی موجود تھے ،سجاد خان نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن ) کی حکومت ملک کو خوشحالی کی جانب گامزن کر رہی ہے ،میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف ملک کے 70فیصد عوام کے پسندیدہ لیڈر ہیں ۔انہوں نے میزبان سلیم صابری کی انگلینڈ میں پاکستانی کمیونٹی کیلئے اُنکی خدمات کو بھی سراہا اور ان کا شکریہ ادا کر تے ہوئے انہیں اپنے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ،اس موقع پر میزبان سلیم صابری نے بھی اپنے معزز مہمانوں کی خوب تواضع کی اور انہیں اپنا قیمتی وقت دینے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ۔

حضروسٹی: طفیل خان ممبر ،بابو پرویز اور حافظ محمد فیاض کی والدہ محترمہ حضرو میں سپرد خاک
پاکستان تحریک انصاف برطانیہ (بریڈ فورڈ ) کے رہنماء وسپورٹرز سابق کونسلر بلدیہ حضرو طفیل خان ممبر ،پاکستان تحریک انصاف حضرو سٹی کے صدر بابو پرویز اور حافظ محمد فیاض کی والدہ محترمہ کو گزشتہ روز حضرو کے آبائی قبرستان میں سپرد خا ک کر دیا گیا ،ان کی نماز جنازہ جناح سٹیڈیم حضرو میں ادا کی گئی جسمیں قاضی خالد محمود سابق تحصیل ناظم اٹک ، پاسبان صحابہ برطانیہ کے چیئر مین محمد عمر توحیدی ،پی ٹی آئی کے ضلعی صدر قاضی احمد اکبر ،ملک لیاقت (برہ زئی ) پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان عمران خان حضروی ،تحصیل صدر حضرو حاجی اشفاق خان ،نائب صدر حاجی شعیب حمیدی ،جنر ل سیکر ٹری جاوید اقبال ،نور خان ،جاوید مجید خان ،ڈی ایس پی حاجی شفیق خان ،نصیر جدون ،جمیل اختر ،ڈاکٹر اشرف بٹ ،شیر بہادر خان ،خالد خان ،نامزد چیئر مین بلدیہ حضرو رئیس ڈار ،حاجی شیراز خان ،صحافی حفیظ میر ،طارق خان ،یاسر شکور ،عادل ڈار المعروف پلو سیٹھ ،ملک سیف الرحمن ،طارق جاوید ،ملک نسیم ،بخشیش الہی سمیت ہزاروں کی تعداد میں اہلیان چھچھ واہلیان حضرو نے شرکت کی ،طفیل خان ممبر،بابو پرویز اور حافظ محمد فیاض سے تعزیت کر نے والوں میں انگلینڈ سیایم سلیم صابری ،سجاد خان ایس اے کارپٹس ،ملک لیاقت UK،محمد عمر توحیدی ،جہانزیب نثار ،فراز خان کینیڈا ،انجم علی زئی ودیگر نے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔

گاؤں شینکہ :جہانگیر خانزادہ چھچھ کی سیاست کا درخشندہ ستارہ ہے؛دمساز خان 
گاؤں شینکہ کی معروف سیاسی وسماجی شخصیت دمساز خان نے کہا ہے کہ جہانگیر خانزادہ چھچھ کی سیاست کا درخشندہ ستارہ ہے ،جہانگیر خانزادہ جیسے با اخلاق ،ملنسار ،ہنس مکھ نوجوان لیڈر پر جتنا بھی فخر کیا جائے کم ہے ،جہانگیر خانزادہ نے اپنے والد شہید کر نل (ر ) شجاع خانزادہ کی عوامی خدمت پر مبنی سیاست کو جس طرح آگے لیکر چل رہے ہیں اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اپنے والد گرامی کی طرح ایم پی اے کی سیٹ پر ہیٹرک مکمل کرینگے اور انہی کی طرح چھچھ کے ہر دیہات میں عوامی مسائل کو احسن انداز میں حل کر کے اپنا امیج عوام میں برقرار رکھیں گے انہوں نے مزید کہا کہ شینکہ جیسے پسماندہ دیہات میں نکاسی آب ،خستہ حال سڑکوں کی پختگی ،اور دیگر مسائل کے حل کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب سے خصوصی گرانٹ منظور کروا کر اپنا وعدہ جلد پورا کرینگے ،دمساز خان نے مزید کہا کہ ہم وفادار لوگ ہیں اور وفادار لوگوں کو پسند کرتے ہیں جو ہمیں بے رخی سے ایک بار ملتا ہے ہم اس کے قریب تک نہیں جاتے ہم دوستوں کے دوست ہیں۔ 

اٹک سٹی:حکومت پنجاب اور ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ اڈوں پر بنیادی سہولتوں کی عدم دستیابی کا نوٹس لے لیا گیا
حکومت پنجاب اور ڈپٹی کمشنر اٹک کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اٹک کی جانب سے تما م ٹرانسپورٹ اڈوں پر بنیادی سہولتوں کی عدم دستیابی کا نوٹس لے لیا گیا میونسپل کمیٹیوں کے چیف افسران اور اڈا مالکان کو سہولتوں کی فوری فراہمی کے نوٹس جاری کر دیے گئے ، سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سید نذارت علی نے حکومتی احکامات پر عمل در آمد کے لیے ضلع بھر کی چھ میونسپل کمیٹیوں کے چیف آفیسرز اور ٹرانسپورٹر یونین کے عہدیداران کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں کو ہر ممکن سہولیات پہنچانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اٹک کوئی دقیقہ فروگزاشات نہیں کر ے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا او ر ان سے آہنی شکنجے سے نمٹا جائے گا اجلاس میں موٹر ویکل ایگزامنیر مجاہد خان بھی موجود تھے سید نذارت علی نے تمام بس اڈوں پر بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کا نوٹس لیتے ہوئے میونسپل کمیٹی کے چیف افسران کو سہولیات کی فوری فراہمی کے نوٹس جاری کیے ، ضلع اٹک میں C کلاس اور D کلاس بس اڈوں میں حکومت کے ایس او پی کے مطابق سہولیات کی فراہمی متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے جن میں خواتین اور مردوں کی الگ الگ انتظار گاہیں، خواتین اور مردوں کے الگ الگ بیت الخلاء، پینے کے صاف پانی، چار دیواری اور عوامی مفاد میں دیگر سیکورٹی انتظامات جیسی بنیادی سہولتوں کی فراہمی لازمی ہے ، انہوں نے میونسپل کمیٹی کی حدود میں واقع بس اڈوں پر پینے کے صاف پانی، خواتین و حضرات کے لیے الگ الگ واش روم اور انتظارگاہوں، کوڑے دان، باؤنڈری وال اور دیگر سیکیورٹی انتظامات کی عدم دستیابی کا سخت نوٹس لیا اور ضلع اٹک کی 6میونسپل کمیٹیوں کے چیف افسران کو ہدایت جاری کی کہ 10دن کے اندر مذکورہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں بصورت دیگر ان کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی. واضح رہے کہ سہولتوں کی عدم دستیابی میں خصوصاً واش روم نہ ہونے کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اٹک سٹی:کشمیر پاکستان کی لائف لائن ہے کیونکہ ہمارے سارے دریا کشمیر سے آرہے ہیں ؛ جماعت اسلامی اٹک 
کشمیر پاکستان کی لائف لائن ہے کیونکہ ہمارے سارے دریا کشمیر سے آرہے ہیں ،بھارتی وزیر اعظم مودی نے کشمیر کے اندر ریاستی جبر و تشدد کی انتہا کر دی ہے اور پاکستان کے پانی کو بھی بند کر نے کی دھمکیاں دے رہا ہے اس لیے پاکستان کی سالمیت تحفظ اور بقاء کے لیے ضروری ہے کہ کشمیر بھارت کے تسلط سے آزاد ہو ، ان خیالات کا اظہارامیر جماعت اسلامی ضلع اٹک مولانا جابر علی خان نے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ28 سال قبل محترم قاضی حسین احمد مرحوم نے 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کا اعلان کیا تھا اور 28سال سے اس دن پورے ملک کے اندر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا جاتا ہے ،انہوں نے کہا کہ کشمیر پر بھارت کا نہ کوئی تایخی حق ہے اور نہ کوئی جغرافیائی حق ہے،کشمیر پر ہر طرح سے پاکستان کا حق ہے اور یہ زیادہ عرصے تک بھارت کے تسلط میں نہیں رہ سکتا ،کشمیر پاکستان کا نا مکمل ایجنڈا ہے اور آزادی کشمیر سے یہ ایجنڈا مکمل ہو کر رہے گا،بھارت اقوام متحدہ کے اندر خود اس مسئلے کو لے کر گیا تھا، اقوام متحدہ نے اپنی قرار داد کے ذریعے کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دیا تھا اور رائے شماری کا فیصلہ کیا تھا،کشمیر کے مسئلے پر بھارت اور پاکستان دونوں فریق ہیں اور بھارت کو پتا ہے کہ اگر کشمیریوں کو رائے شماری کا حق دے دیا گیا تو کشمیر پاکستان کا حصہ بن جائے گا،اسی لیے کشمیریوں کو ان کا حقِ خود ارادیت نہیں دیا جا رہا ۔

اٹک سٹی:کشمیریوں کو 70سال سے ان کے بنیادی حق سے محروم رکھا گیا ہے ‘حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے؛ اراکین جے یو آئی
کشمیریوں کو 70سال سے ان کے بنیادی حق سے محروم رکھا گیا ہے ‘حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے‘ بھارت کشمیر یوں پر بدترین ظلم ڈھا رہا ہے بستی کی بستی جلا دی جارتی ہیں ،کرفیو لگا کر قتل عام کیا جا تا ہے ،نوجوانوں کو عقوبت خانوں میں ڈالا جاتا ہے لیکن کشمیریوں کے اندر جذبہ حریت، جذبہ جہاد اور شوقِ شہادت ختم نہیں ہو سکا ، ان خیالات کا اظہار ضلعی امیر جے یو آئی مولانا امیر زمان نے جے یو آئی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستانی حکمران کشمیریوں کے ساتھ مخلص نہیں ہیں اور ریاست پاکستان اپنی ذمہ داری ادا نہیں کر رہی فوج کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیر کی آزادی میں اپنا کردار ادا کرے کشمیریوں نے افغان جہاد سے نئی روح حاصل کی تھی اور افغان جہاد کے بعد ہی کشمیریوں کی تحریک آزادی نے نیا رخ اختیار کیا تھا آج یہ اٹل حقیقت ہے کہ کشمیریوں کو اگر آزادی ملے گی تو جنگ اور تلوار کے نتیجے میں ہی ملے گی عالمی سطح پر سفارتکاری اور سیاسی جدو جہد اپنی جگہ بہت ضروری ہے لیکن اصل فیصلہ میدانِ جنگ میں ہی ہو گا اللہ کی طاقت اور قرآن کی طاقت سب سے بڑی طاقت ہے اور اس میں لکھا ہے کہ جہاد بہت بڑی طاقت ہے جذبہ جہاد اور شوقِ شہادت کو دنیا کی کوئی طاقت اور ٹیکنالوجی شکست نہیں دے سکتی ۔

گاؤں شمس آباد:چھ ہزار لوگوں کو جیلوں میں ڈال دیا جائے تو بیس کروڑ عوام کو فائدہ ہو گا؛ملک امین اسلم 
مرکزی رہنما تحریک انصاف ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ چھ ہزار لوگوں کو جیلوں میں ڈال دیا جائے تو بیس کروڑ عوام کو فائدہ ہو گا ،ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے ایک ملاقات کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ نیت کے سیٹی سکین کا مطالبہ کرنے والوں کو عدالت کے سامنے کھڑے کرپشن کے ہاتھی کا الٹراساؤنڈبھی کرانا ہوگا ، اب کرپٹ سسٹم اور سٹیٹس کوجانا ہوگا،وزیر اعظم اور انکے بچوں کی جانب سے ایک دوسرے کو 52کروڑکے تحفوں کی خبروں سے شکوک و شبہات جنم لے رہے ہیں ،لگتا ہے دال میں کچھ کالا ہے میں یہی چاہتا ہوں کہ دال ایک طرف ہو کالاکالا ایک طرف ،اب کرپٹ پارٹیاں عوام کو سبز باغ دکھا کر مزید گمراہ نہیں کرسکیں گی، کرپٹ ٹولے کے وکلاء کی آئے روز تبدیلیاں انکے مستقبل کا پتہ دے رہی ہیں،اگر عدالت کا فیصلہ عوام کے خلاف بھی آئے تو اس عدالت کے بعد دو اور عدالتیں ہیں ایک اللہ کی عدالت اور ایک عوام کی عدالت جہاں اس کرپٹ ٹولے کو کوئی مہنگاترین وکیل بھی نہیں بچاسکے گا،کرپٹ اشرافیہ کی کشتی اب ڈوبنے والی ہے ، پاکستان کا ہر شہری کرپشن کے خلاف تحریک انصاف کے ساتھ ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ نہ صرف وزیر اعظم اور انکے خاندان کا احتساب ہو بلکہ جنہوں نے قوم کو لوٹا ہے ان سب کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے ،وزیر اعظم نے تین بار عوام کے سامنے خود کو احتساب کیلئے پیش کرنے کی بات کی ہے اگر وہ اپنی بات میں سچے ہیں تو انکو ثابت کرنا پڑیگا کہ انکا دامن صاف ہے،انہوں نے کہا کہ میں پوچھتا ہوں کہ قوم غریب ہورہی ہے تووزیر اعظم کیسے مالدار ہورہے ہیں کراچی کا سٹیل ملز خسارے میں ہے تو آپکی ملز کیسے منافع کمارہی ہیں جب آپ خود کہتے ہیں کہ انیس سو اسی میں میرے کارخانے چھ کروڑ خسارے میں تھے تو چند سال بعد جب آپ حکومت میں آگئے توآپ کے کاروبار نے کیسے دن دگنی رات چگنی ترقی کی ہے،اگر آپ کہتے ہیں کہ آپ کے پاس الہ دین کا چراغ ہے تو میں چاہتا ہوں کہ اس الہ دین کے چراغ کی حقیقت قوم کے سامنے لائی جائے جسکی وجہ سے آپ کی پراپرٹی اور بنک بیلنس میں اضافہ ہوا ہے۔

حضروسٹی: کائنات میں سب سے پہلے محفل میلاد مصطفی ﷺاللہ تعالیٰ نے سجائی اور اپنے حبیب ؐ کا میلاد بیان کیا؛مفتی محمد سہیل رضا امجدی
پاکستان کے معروف مذہبی سکالر اور Qtvکے مبلغ مفتی محمد سہیل رضا امجدی نے کہا ہے کہ کائنات میں سب سے پہلے محفل میلاد مصطفی ﷺاللہ تعالیٰ نے سجائی اور کائنات کی سب سے اعلیٰ مخلوق انبیاء اکرام کے سامنے اپنے حبیب ؐ کا میلاد بیان کیا ،میلاد منانا قرآن سے ثابت ہے اور محفل میلاد منانے سے رب تعالیٰ کی خوشنودی حاصل ہوتی ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیو مرکزی میلادکمیٹی حضرو کے زیر اہتمام مسجد قصاباں حضرو میں منعقدہ 67ویں سالانہ میلاد مصطفےٰ ﷺ کانفرنس سے سے خطاب کرتے ہو ئے کیا، انہوں نے کہا کہ میلاد مصطفی منانے کا مقصد یہ ہے کہ ہم اپنے پیارے آقا مولیٰ حضرت محمد مصطفیٰ ؐ کے بتائے ہو ئے نورانی طریقوں پر چلیں اور آپ ؐ کی کامل اتباع میں اپنی زندگی بسر کریں میلاد مصطفیٰ کانفرنس سے حافظ ناصر خان ،سید لیاقت شاہ ودیگر نے بھی خطاب کیا ،محفل کی صدارت صاحبزادہ حافظ محمد اکرام الحق نے کی اس موقع پر سید عنائیت علی شاہ ،قاری اظہر محمود اظہری ،صدر میلاد کمیٹی حضرو ملک وقار ،مولانامحمد مشاق گولڑوی ،مولانا محمد طفیل چشتی ،مولانا حافظ بابر خان ،حاجی صفدر خان ،حاجی عارف خان چیئر مین چھچھ محافظ کمیٹی ،ماسٹر علی اصغر خان ،یوسف خان جنر ل سیکر ٹری میلاد کمیٹی حضرو ،محمد شفیق ،محمد عرفان القادری سمیت علماء اکرام ومشائخ عظام کی کثیر تعدا د نے شرکت کی ،محفل کے اختتام پر محمد نسیم حضروی نے سلام پڑھا اور اختتامی دعا مفتی سہیل رضا امجدی نے کرائی جس میں انہوں نے ملک پاکستان کی سلامتی واستحکام ،اور تمام امت مسلمہ کے اتفاق واتحاد ،کشمیر ،فلسطین ،برما ،شام اور دیگر اسلامی ممالک میں ہونے والے مظالم کا زکر کرتے ہوئے رب کے حضور دعا فرمائی کہ اللہ تعالیٰ دنیا میں جہاں کہیں بھی مسلمان ظلم کی چکی پس رہے ہیں انہیں یہود ی ونصاریٰ کے مظالم سے نجات عطا فر ماآخر میں صاحبزادہ پیر علاؤ الدین صدیقی ؒ کے درجات بلندی کیلئے بھی خصوصی دعا فرمائی ۔ 

گاؤں مومن پور:چیئر مین یونین کونسل جلالیہ یاسر خان نے عوام کی نمائندگی کا حق ادا کر دیا
چیئر مین یونین کونسل جلالیہ یاسر خان نے عوام کی نمائندگی کا حق ادا کر دیا ،مومن پور کی عوام سے ایک سال کیے گئے تینوں وعدے پورے کر دکھائے ،عوام کے دیرینہ مسائل حل کر نے پرچیئر مین یونین کونسل یاسر خان اور وفاقی وزیرشیخ آفتاب احمد کے دلی مشکور ہیں ان خیالات کا اظہار چوہدری ممتاز خان ،عبد الودود قریشی ،حاجی اقبال خان جنر ل کونسلر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ یاسر خان کے اخلاق ،محبت ،خلوص اور انسانی ہمدردی دیکھ کر رشک آتا ہے ،انہوں نے کہا کہ یاسر خان جیسے نوجوان ہی علاقے کی تقدیر بدلتے ہیں ،جس طر ح انہوں نے عوامی رابطہ مہم ،ترقیاتی کاموں کی نگرانی اور حلقے کی عوام کی خدمت کیلئے 24گھنٹے اپنے گھر کے دروازے کھلے رکھتے ہیں اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ایک عظیم باپ کے عظیم بیٹے ہیں ہمیں اپنے لاڈلے چیئر مین پر فخر ہے اور ہم ان سے یہ توقع کر سکتے ہیں کہ وہ آئندہ بھی عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کر نے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کا ر لائیں گے ۔

اٹک سٹی:وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں ؛ چوہدری شیر علی 
صوبائی وزیر معدنیا ت و چیئرمین ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹی اٹک چوہدری شیر علی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں اور اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں ، انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی سی آفس اٹک میں ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹی اٹک کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ، اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات، ڈی پی او اٹک زاہد نواز مروت ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ طارق رحیم حیدری ، اسسٹنٹ کمشنر ہیومن ریسورس و کوآرڈنیشن اٹک سید نذارت علی کے ،علاوہ ضلع بھر کے اسٹنٹ کمشنرز ، سی ای اوز اور دیگر محکموں کے متعلقہ افسران نے شرکت کی،ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹی اٹک کو اب تک 54شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 20 حل کردی گئی ہیں ، عدالت کے سامنے 12شکایات زیر سماعت ہیں، 21حل طلب ہیں جبکہ 21اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہیں ، اجلاس میں تمام شکایات کا بغور جائزہ لیا گیا اور اس سلسلے میں تمام شکایات کنندہ سے تفصیلی بحث بھی کی گئی اور اس امر کی یقین دھانی کروائی گئی کہ تمام شکایات کو جلد از جلد حل کرلیا جائے گا، وزیر معدنیات چوہدری شیر علی نے اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے صوبائی سطح پر پنجاب اوورسیز کمشن قائم کیا گیا ہے جس کے تحت صوبہ بھر میں ضلعی سطح پر ڈسٹرکٹ اوورسیز کمشن قائم کیے گئے ہیں، اوورسیز کمشن کی نگرانی خود وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کررہے ہیں اور کمشن کو ملنے والی شکایات کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جارہا ہے، شکایات کے ازالے کے لیے تمام ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صوبائی اور وفاقی محکموں کے ساتھ رابطہ کرکے ترجیحی بنیادوں پر شکایا ت کا ازالہ کریں، انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کے مسائل حل کرنا حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے اس سلسلے میں حکومت اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔






















No comments:

Post a Comment